Author: عابد خان

  • شریف خاندان کی سزا کیخلاف درخواست،  بینچ کے سربراہ کا کیس کی سماعت سے انکار

    شریف خاندان کی سزا کیخلاف درخواست، بینچ کے سربراہ کا کیس کی سماعت سے انکار

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف درخواست پر بینچ کے سربراہ نے کیس کی سماعت سے انکار کردیا ، جس کے بعد بینچ ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

    دوران سماعت بینچ کے سربراہ جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کہا ذاتی وجوہات پربینچ میں شامل نہیں ہونا چاہتا۔

    جس کے بعد لاہورہائی کورٹ کا تین رکنی بینچ ابتدائی سماعت کے بعد ٹوٹ گیا، بینچ کے دیگرارکان میں جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس مجاہد مستقیم شامل ہیں۔

    جسٹس شمس محمود مرزا کے انکار کے بعد نیا بینچ تشکیل دینے کے لئے درخواست چیف جسٹس ہائی کورٹ کو بھجوادی گئی ہے۔

    یاد رہے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف درخواست ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص کو اس قانون کے تحت سزا دی گئی جو ختم ہو چکا ہے ، نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو دی جانے والی سزائیں آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت شفاف ٹرائل کے بنیادی حق سے متصادم ہے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو دی گئی سزا غیر قانونی ہے، عدالت متروک شدہ نیب قانون کے تحت دی جانے والی سزائیں کالعدم قرار دے۔


    مزید پڑھیں : نوازشریف اور مریم نوازکی سزاکے خلاف درخواست پرسماعت کیلئے لارجربنچ کی سفارش


    یاد رہے گذشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ نے ایوان فیلڈ میں سزا یافتہ نوازشریف اور مریم نوازکی سزا کے خلاف درخواست پر سماعت کیلئے لارجربنچ کی سفارش کی تھی۔

    عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ درخواست میں اہم اور قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں، جن کی تشریح ضروری ہے، اس لیے لارجر بنچ بنایا جانا ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز 13 جولائی کو جب لندن سے وطن واپس لوٹے تو دونوں کو لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے ہی گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

  • تحریک انصاف کے نومنتخب رکن اسمبلی ندیم عباس کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    تحریک انصاف کے نومنتخب رکن اسمبلی ندیم عباس کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    لاہور: انسداددہشت گردی کی عدالت نے تحریک انصاف نومنتخب رکن اسمبلی ندیم عباس بارا اور دیگر گرفتار ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکاروں پر مبینہ تشدد اور ہوائی فائرنگ کےکیس میں از خود گرفتاری دینے والے تحریک انصاف کے پی پی 161 سے منتخب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی و دیگر ملزمان کو تین روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    پولیس کی جانب سے عدالت میں فرانزک رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق ملزمان کے پاس سے کوئی اسلحہ، ڈنڈا اور دیگر سامان برآمد نہیں ہوا۔ ملزمان کے وکلاء کی جانب سے عدالت میں دلائل دیے گئے جس کے بعد معزز جج نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ندیم عباس سمیت دیگر گرفتار افراد کو  14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بیھجا۔

    مزید پڑھیں: پولیس پر مبینہ تشدد، پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے ازخود گرفتاری دے دی

    عدالت میں پیشی کے وقت تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر  نومنتخب رکن اسمبلی کی گرفتاری کے خلاف نعرے درج تھے۔

    واضح رہے کہ 28 جولائی کو  اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ تحریک انصاف کے نو منتخب رکن اسمبلی اپنے حلقے میں جیت کا جشن منارہے تھے کہ وہاں پہنچ کر ایس ایچ و ہنجروال نے پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان کو آتش بازی کرنے سے روکا۔ انہوں نے جیسے ہی شرکاء کو روکنے کی کوشش کی تو اسی دوران نامعلوم افراد نے اُن پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او اور پولیس کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اُن کی وردیاں بھی پھاڑ دی گئیں تھیں۔

    یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے نومنتخب رکن اسمبلی انتقال کرگئے

    چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پولیس افسر پر ہونے والے تشدد کا نوٹس لے کر آئی جی پنجاب کو ہر صورت ملزم کی گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا۔

    بعد ازاں تحریک انصاف کے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ پولیس پر تشدد اُن کی ہدایت پر کیا گیا البتہ ندیم عباس نے اپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو قانون کے سامنے پیش کیا اور ازخود گرفتاری دی۔

  • مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا، عابد شیرعلی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا، عابد شیرعلی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    اسلام آباد: لاہور ہائی کورٹ نے این اے 108 میں مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیرعلی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی.

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا،  عابد شیر علی کی گنتی کی درخواست مسترد ہوگئی.

    لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد این اے 108 سے پی ٹی آئی کے امیدوار فرخ حبیب کامیاب قرار پائے.

    یاد رہے کہ لیگی رہنما نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کو فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفیکشن روکنے کا حکم دیا۔


    این اے 108: عابد شیرعلی کا ہار ماننے سے انکار، دوبارہ گنتی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست


    عابد شیر علی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کی رات پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے وقت باہر نکال دیا گیا اور مخالف امیدوار کو جتوانے کے لئے جعلی فارم 45 بنائے گئے۔

    عابد شیر علی نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے اور عدالتی فیصلے تک فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا بھی حکم دے، جسے منظور کیا گیا۔

    البتہ لاہور ہائی کورٹ نے این اے 108 میں عابد شیرعلی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

  • ووٹوں کی گنتی‘ عدالت نے فردوس عاشق اعوان کی درخواست مسترد کردی

    ووٹوں کی گنتی‘ عدالت نے فردوس عاشق اعوان کی درخواست مسترد کردی

    لاہور: عدالتِ عالیہ نے این اے 72سیالکوٹ سے تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے دائر کردہ درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی، درخواست تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کی جانب سے مسلم لیگ رہنما چودھری ارمغان کی فتح کے خلاف دائر کی گئی تھی۔

    این اے 72 سیالکوٹ سے تحریک انصاف کی ناکام امیدوار فردوس عاشق اعوان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھاکہ این اے 72 سیالکوٹ میں مسلم لیگ کے چودھری ارمغان ایک لاکھ 29 ہزار 41 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ درخواست گزار نے 91 ہزار 392 ووٹ حاصل کئے۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ حلقے میں 7 ہزار 15 ووٹ مسترد ہوئے جبکہ حلقے میں فارم 45 کی کاپیاں بھی پولنگ ایجنٹس کو نہیں دی گئیں۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ورکرز نے پولنگ اسٹیشنز کے اندر داخل ہو کر زبردستی ووٹ اپنے امیدوار کو ڈلوائے جس کے سبب ریٹرننگ افسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی لیکن اسے مسترد کر دیا گیا۔

    استدعا ہے کہ عدالت حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کا حکم دے اور گنتی کا عمل مکمل ہونے تک مخالف امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی روکنے کا حکم دے، عدالت نے دائر کردہ درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

  • احتساب عدالت نے شہبازشریف کے داماد کواشتہاری قراردے دیا

    احتساب عدالت نے شہبازشریف کے داماد کواشتہاری قراردے دیا

    لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے داماد عمران علی کو احتساب عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد علی عمران کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عمران علی کوپنجاب پاورکمپنی اسکینڈل میں بارہا طلب کیا لیکن وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

    وارث علی نے احتساب عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران علی یوسف بیرون ملک فرار ہوچکا ہے۔ نیب پراسیکیوٹرنے بتایا کہ چیئرمین نیب نےعمران علی یوسف کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) لاہورنے احتساب عدالت میں علی عمران کو اشہتاری قرار دینے کی درخواست دی تھی۔

    خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد عمران علی کو پہلے بھی متعدد بار طلب کیا گیا تاہم وہ ملک سے فرار ہوگئے۔

    عمران علی پرملزم اکرام نوید سے 13 کروڑ سے زائد رقم غیرقانونی طور پروصول کرنے کا الزام ہے۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے عمران علی کو ملک میں واپس لانے کے لیے نیب وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی لکھ چکا ہے۔

    پنجاب کمپنیزاسکینڈل: نیب نے شہباز شریف کو پھر طلب کرلیا

    واضح رہے کہ پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو رواں ماہ 20 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

  • نوازشریف کی سزا کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل

    نوازشریف کی سزا کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل

    لاہور : نیب کے قانون اور نواز شریف کی سزا کالعدم قرار دینے کے معاملہ پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دے دیا، سماعت 8 اگست کو شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے نیب کے قانون اور نواز شریف کی سزا کالعدم قرار دینے کے معاملے پر سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دے دیا ہے۔

    فل بنچ کی سربراہی جسٹس شمس محمود مرزا کریں گے، بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس مجاہد مستقیم شامل ہیں۔

    فل بنچ 8 اگست کو کیس کی سماعت کرے گا۔

    درخواست لائرز فاؤنڈیشن کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد نیب کا قانون غیر موثر ہو چکا ہے۔ نیب قانون کے تحت نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو دی جانے والی سزا غیر آئینی ہے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی کہ عدالت نیب قانون اور شریف خاندان کو دی جانے والی سزا کالعدم قرار دے۔

    یاد رہے چند روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے ایوان فیلڈ میں سزا یافتہ نوازشریف اور مریم نوازکی سزا کے خلاف درخواست پر سماعت کیلئے لارجربنچ کی سفارش کی تھی۔

    عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ درخواست میں اہم اور قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں، جن کی تشریح ضروری ہے، اس لیے لارجر بنچ بنایا جانا ضروری ہے۔

    عدالت نے درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوادیں تھیں۔

    یاد رہے کہ 13 جولائی کو نوازشریف اور مریم نواز کو لندن سے لاہورپہنچتے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا ، جس کے بعد دونوں کو خصوصی طیارے پر نیو اسلام آباد ایئر پورٹ لایا گیا، جہاں سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو مجموعی طورپر گیارہ سال اور مریم نواز کو آٹھ سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی تھی اور ساتھ ہی مجرموں پر احتساب عدالت کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

  • ندیم بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس تشدد کیس، آئی جی پنجاب کو خود تحقیقات کرنے کا حکم

    ندیم بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس تشدد کیس، آئی جی پنجاب کو خود تحقیقات کرنے کا حکم

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس پر تشدد کے واقعہ پر چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو خود تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے نومنتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس پر تشدد کے واقعہ پر ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو خود تحقیقات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب دیانتدار آدمی ہیں، مکمل تفتیش کریں گے اور رپورٹ دیں گے، عدالت اپنا ازخود نوٹس واپس لیتی ہے۔

    سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ واقعہ میں ملوث زیادہ تر ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں اور وہ ریمانڈ پر ہیں۔

    ملزم ندیم بارا کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فائرنگ کا واقعہ کسی اور جگہ پیش آیا لیکن پولیس نے ملزمان گرفتار کرلئے، متعلقہ ایس پی نے ذاتی رنجش پر ندیم بارا اور ساتھیوں کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا۔

    چیف جسٹس نے قرار دیا کہ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، حقائق سامنے آ جائیں گے۔

    یاد رہے کہ چیف جسٹس نے ہنجروال میں فائرنگ اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کے واقعہ کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے تحریکِ انصاف کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

    ملزمان کے خلاف تھانہ ہنجروال میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

    واضح رہے کہ ندیم عباس بارا جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں،  پی ٹی آئی کے نومنتخب ایم پی اے پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • چیف جسٹس کا چین میں پھنسے پاکستانیوں کو 2 دن میں واپس لانے کا حکم

    چیف جسٹس کا چین میں پھنسے پاکستانیوں کو 2 دن میں واپس لانے کا حکم

    لاہور : چیف جسٹس نے چین میں پھنسے پاکستانیوں کو دو دن میں واپس لانے کا حکم دے دیا اور شاہین ایئر لائن کے مالک احسان صہبائی منگل کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے چین میں پھنسے پاکستانیوں سے متعلق ازخودنوٹس کی سماعت کی۔

    شاہین ایئر کے ریجنل ڈائریکٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چین کے شہر گوانگ زو میں سعودی ایئر لائنز کے سوا تمام فلائٹس معطل کر دی گئی تھیں، شاہین ائیر لائن کی فلائٹ کیلئے تین بجے کی چیک بک دی گئی ہے۔

    چیف جسٹس نے شاہین ایئر لائنز کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

    ریجنل ڈائریکٹر شاہین ایئر نے کہا کہ لاہور سے گوانگ زو کیلئے صرف شاہین ایئر لائنز کی فلائٹس جاتی ہیں، جسٹس اعجازالاحسن نے قرار دیا کہ اسلام آباد سے گوانگ زو روزانہ چائینہ ائیر لائنز کی فلائٹ جاتی ہے، شاہین ایئر لائن نے پیسے بچانے ہیں تو علیحدہ بات ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کوئی بھی جہاز جو غیر محفوظ ہو، مسافروں کو لینے کیلئے نہیں بھیجنا، سول ایوی ایشن کی منظوری کے بعد جہاز بھیجا جائے اور ساتھ شاہین ایئر کے ابریز صاحب بھی جائیں گے۔

    چیف جسٹس نے سول ایوی ایشن کو شاہین ایئر کے جہاز کی اڑان کی حالت سے متعلق رپورٹ ڈیڑھ گھنٹے میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے شاہین ایئر لائن کے مالک احسان صہبائی کو منگل کے روز طلب کرتے ہوئے پیر سے پہلے تمام مسافروں کو واپس لانے کا حکم دے دیا۔

    یاد رہے کہ شاہین ائیرلائنز کی بدانتظامی کی وجہ سے دوسوسے زائد پاکستانی چین میں پھنس گئے ہیں،نجی ایئرلائنز نے انتیس جولائی کو گانگزو سے وطن واپسی کی فلائٹ اچانک منسوخ کردی تھی۔

    گذشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نےچین میں پھنسے سینکڑوں پاکستانیوں کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے سربراہوں سے جواب طلب کر لیا  تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس، سیشن جج راؤ عبدالجبار خان خصوصی عدالت کے رجسٹرار مقرر

    پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس، سیشن جج راؤ عبدالجبار خان خصوصی عدالت کے رجسٹرار مقرر

    لاہور : سیشن جج راؤ عبدالجبار خان کو سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کے لیے قائم خصوصی عدالت کا رجسٹرار مقرر کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کے لیے سیشن جج راو عبدالجبار خان کو خصوصی عدالت کا رجسٹرار مقرر کر دیا گیا ہے۔

    وفاقی وزارت قانون و انصاف نے وزیر اعظم پاکستان کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا۔

    سیشن جج راو عبدالجبار خان لاہور ہائیکورٹ میں ڈی جی ڈائریکٹوریٹ ڈسٹرکٹ جوڈیشری تعینات ہیں۔

    چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد یاور علی سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت کیلئے قائم خصوصی عدالت کے سربراہ ہیں۔

    سیشن جج راو عبدالجبار خان خصوصی عدالت کی کارروائی کے دوران رجسٹرار کے فرائض سرانجام دیں گے۔

     


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان کو وزیراعظم بننے سے پہلے وی آئی پی پروٹوکول دینے کے خلاف درخواست دائر

    عمران خان کو وزیراعظم بننے سے پہلے وی آئی پی پروٹوکول دینے کے خلاف درخواست دائر

    لاہور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو وزیراعظم بننے سے پہلے وی آئی پی پروٹوکول دینے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی، جس میں کہا گیا ہے وزیراعظم بننے سے پہلے وی آئی پی پروٹوکول استعمال کرنا غیر قانونی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو وزیراعظم بننے سے پہلے وی آئی پی پروٹوکول دینے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔

    درخواست لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمشن آف پاکستان اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعظم بننے سے پہلے وی آئی پی پروٹوکول استعمال کرنا غیر قانونی ہے، عمران خان وزیراعظم بننے سے پہلے ہی سرکاری مراعات اور پروٹوکول کا استعمال کر رہے ہیں۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت وفاقی حکومت کو عمران خان سے وی آئی پی پروٹوکول واپس لینے کے احکامات جاری کرے۔

    یاد رہے دو روز قبل پی ٹی آئی چیئرمین نے پشاور میں خیبر پختونخوا کے اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا میں 11 اگست کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف لوں گا۔‘

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جاری کردہ پارٹی پوزیشن کے مطابق وفاق میں تحریک انصاف 116نشستوں کے ساتھ سب سے پہلے نمبر پر ن لیگ 64 اور پی پی 43 نشستوں کے تیسرے نمبر پر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں