Author: عابد خان

  • عدالت نے راحت فتح علی کے اکاؤنٹس بحال کردیے

    عدالت نے راحت فتح علی کے اکاؤنٹس بحال کردیے

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے پر  ایف بی آر کو حکم امتناعی جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایک روز قبل نامور پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کو ٹیکس دہندہ قرار دیتے ہوئے اُن کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے تھے۔

    ایف بی آر حکام نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ راحت فتح علی خان نے درست ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروائے، گلوکار 33 لاکھ 48 ہزار روپے کے ٹیکس دہندہ ہیں۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے قانون کے تحت پاکستانی گلوکار کے بینک اکاؤنٹ سے پانچ لاکھ روپے حاصل کر کے بینک اکاؤنٹس کو فی الفور منجمد کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔


    پڑھیں: راحت فتح کے اکاؤنٹس منجمد، ایک لاکھ 5 ہزارروپے کی ریکوری، ایف بی آر حکام


    اس تمام تر صورتحال کے بعد راحت فتح علی خان نے لاہور ہائی کورٹ میں ایف بی آر کے اقدام کے خلاف درخواست دائر کروائی جس کی سماعت جسٹس شاہد جمیل نے کی ۔

     راحت فتح علی خان کے وکیل نے دلائل دیے کہ  پاکستانی گلوکار باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں جس کا تمام تر ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کو تیار ہیں، فیڈرل بورڈ نے ٹیکس دہندہ قرار دیتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے اکاؤنٹس منجمد کیے۔

    وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا ایف بی آر نے راحت فتح علی خان پر خفیہ بینک اکاؤنٹ رکھنے کا الزام بھی عائد کیا جو سراسر جھوٹ ہے کیونکہ میرے مؤکل کی کوئی خفیہ پیسے کی لین دین نہیں اور نہ ہی کوئی اس طرح کا بینک اکاؤنٹ موجود ہے۔

    پاکستانی گلوکار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف بی آر نے اکاؤنٹ منجمد کر کے  قانون اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی لہذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

    عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایف بی آر سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لاہور: دوسری شادی کرنے والے شوہر کو 6 ماہ کی قید

    لاہور: دوسری شادی کرنے والے شوہر کو 6 ماہ کی قید

    لاہور: بیوی سے چھپ کر دوسری شادی کرنے والے شخص کو عدالت نے 6 ماہ قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت میں عائشہ خلیل نامی خاتون نے درخواست دائر کی کہ اُن کے شوہر شہزاد ثاقب نے کسی دوسری خاتون سے بغیر اجازت شادی کرلی ہے۔

    خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ اُن کے خاوند نے چھپ کر دوسری عورت کے ساتھ شادی کی جو ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے کیونکہ قانونی طور پر پہلی بیوی کی اجازت حاصل کرنا لازم ہے۔

    عائشہ خلیل نے عدالت سے استدعا کی کہ دوسری شادی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں لہذا عدالت اُن فیصلوں کی روشنی میں خاوند کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔

    سماعت کے دوران شوہر نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو بتایا کہ دوسری شادی کے لیے شرعی طور پر بیوی سے اجازت کی ضرورت نہیں کیونکہ ہر مرد کو اسلام نے چار شادیاں کرنے کا اختیار دے رکھا ہے۔

    عدالت نے خاوند شہزاد ثاقب کا مؤقف سننے کے بعد مقدمے کا فیصلہ خاتون کے حق میں سنایا اور شوہر پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے اُسے 6 ماہ کی قید پر جیل بھیج دیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ‘ عدالت میں چیلنج

    پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ‘ عدالت میں چیلنج

    لاہور: وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا‘ درخواسر گزار کا کہنا ہے کہ حکومت پہلے ہی غیر قانونی ٹیکس وصول کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز بدھ لاہور ہائی کورت میں اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں پٹرولیم مصنوعات کو غیر قانونی قرا ر دیا گیا ہے۔

    عدالت میں دائر کردہ درخواستمیں کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے عوام پر پیٹرولیم بم گرا دیا گیا ہے ‘ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے غیر قانونی طور پر اضافہ کیا ۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا*

    درخواست گزار کے مطابق حکومت پہلے ہی پیٹرولیم امصنوعات پر غیر قانونی طور پر اضافی سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور سیلز ٹیکس بڑھانے سے قبل وفاقی کابینہ سے منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی ۔

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافہ کو کالعدم قرار دے۔

    حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرکے عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ کردیا، مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئے شہری اب پیٹرول مزید مہنگا خریدنے پر مجبور ہوگئے۔

    آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے، پیٹرول کی قیمت میں2روپے 49 پیسےفی لیٹراضافہ اور ڈیزل کی قیمت میں5روپے 19 پیسےفی لیٹراضافہ کیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فیملی کورٹ کی جج بشری خالد کی میرا کےکیس کی سماعت سے معذرت

    فیملی کورٹ کی جج بشری خالد کی میرا کےکیس کی سماعت سے معذرت

    لاہور : اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کا فیصلہ ایک بار پھر لٹک گیا، فیملی کورٹ کی جج بشری خالد نے میرا کےکیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی فیملی کورٹ کی جج بشری خالد نے ذاتی وجوہات کی بناء پر اداکارہ میرا کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل سیشن جج لاہور کو واپس بھجوا دی، سیشن جج لاہور نے اداکارہ میرا کے وکیل کو یکم نومبر کر طللب کر لیا ہے۔

    میرا کے وکیل کا کہنا تھا کہ اداکارہ میرا تقریبا نو سال سے انصاف کے لئے عدالتوں کے چکر لگا رہی ہیں مگر ایک بار پھر کیس لٹک گیا، اداکارہ میرا تمام سکیورٹی خدشات کے باوجود عدالت میں پیش ہو رہی تھیں۔

    گذشتہ روز اداکارہ میرا اپنے وکیل کے ہمراہ آخری بار جج بشری خالد کے پاس کیس کی سماعت کے لئے پیش ہوئیں، میرا کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس کی عتیق الرحمان کے ساتھ شادی نہیں ہوئی، نکاح کا دعوی جھوٹا ہے۔


    مزید پڑھیں : اداکارہ میرا کو شادی سے روکا جائے‘ عتیق الرحمن کی درخواست


    مؤقف میں کہا گیا تھا کہ عتیق الرحمان نے اسے بلیک میل کرنے کے لیے جعلی نکاح نامہ بنوایا جبکہ متعلقہ یونین کونسل نے بھی اسے بوگس قرار دیا ہے، جس کے بعد ثابت ہو چکا ہے کہ اس کی شادی نہیں ہوئی۔

    داکارہ میرا کے وکیل نے استدعا کی تھی کہ عدالت جعلی نکاح نامے کو کالعدم قرار دے اور عتیق الرحمان کو میرا کا خاوند قرار دینے سے روکے ‘ درخواست میں مزید کہا گیا تھاکہ کہ جعلی نکاح نامہ بنانے پر عتیق الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

    عدالت کے روبرو میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمن کی جانب سے عدالت میں متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے میرا کو شادی سے روکنے کی استدعا کی گئی تھی، تاہم عدالت نے میرا کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • لاہورہائیکورٹ میں ترک خاندانوں کی جبری ملک بدری کیس کی سماعت

    لاہورہائیکورٹ میں ترک خاندانوں کی جبری ملک بدری کیس کی سماعت

    لاہور : ترک خاندانوں کی جبری ملک بدری کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے تیرہ اور چودہ اکتوبر کو بیرون ملک جانے والے مسافروں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ترک خاندانوں کی جبری ملک بدری کے خلاف درخواست پر کیس کی سماعت کی۔

    درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ترکی میں سیاسی عدم استحکام کے باعث پاکستان میں مقیم طیب اردگان کے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود پاکستان میں رہائشں پذیر ترک خاندانوں کو جبری طور پر پاکستان بدر کیا جا رہا ہے، وزارت داخلہ کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے کہا گیا کہ ترک خاندان کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے حساس اداروں کو خط لکھا ہے۔

    سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بادی النظر میں عدالت کی حکم عدولی نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ ملک میں موجود نہیں جس کی وجہ سے ترک شہریوں کی فہرست عدالت میں پیش کرنے کے لئے مہلت دی جائے۔

    عدالتی حکم پر سول ایوی ایشن حکام نے ترکی سے آنے والی پروازوں کے ڈیٹا عدالت میں پیش کر دیا، عدالت نے تاحکم ثانی ترک شہریوں اور اساتذہ کو ہراساں کرنے سے روکنے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے لاپتہ ترکوں کو بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کرنے اور پاکستان میں رہائش پذیر ترک خاندانوں کی فہرست عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ تیرہ اکتوبر اور چودہ اکتوبر کو بیرون ملک جانے والے مسافروں کی تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت سات نومبر تک ملتوی کر دی۔

  • اداکارہ میرا کو شادی سے روکا جائے‘ عتیق الرحمن کی درخواست

    اداکارہ میرا کو شادی سے روکا جائے‘ عتیق الرحمن کی درخواست

    لاہور: اداکارہ میرا کو شادی سے روکنے کے لئےدرخواست دائرکردی گئی‘ فیملی عدالت نے اداکارہ میرا تکذیب نکاح کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز بدھ لاہور کی فیملی عدالت کی جج بشری خالد نے کیس کی سماعت کی ‘ عدالت نے آج تکذیبِ نکاح کیس میں اپنا فیصلہ سنانا تھا تاہم عتیق الرحمن کی جانب سے درخواست آنے پر عدالت نے فیصلہ موخر کردیاہے۔

    میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمن کی جانب سے عدالت میں متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے میرا کو شادی سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے‘ عدالت نے فریقین کو وکلاء کو بحث کے لیے طلب کرلیا ہے۔

    اداکارہ میرا تکذیب نکاح کیس ‘ فیصلہ محفوظ*

    اداکار ہ میرا کی جانب سے دائر دعوے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کی عتیق الرحمان کے ساتھ شادی نہیں ہوئی ‘ نکاح کا دعویٰ جھوٹا ہے ۔

    میرانے یہ بھی کہا تھا کہ عتیق الرحمان نے نے ا نہیں بلیک میل کرنے کے لیے جعلی نکاح نامہ بنوایا جبکہ متعلقہ ہونین کونسل نے بھی اسے بوگس قرار دیا ہے جس کے بعد ثابت ہو چکا ہے کہ اس کی شادی نہیں ہوئی۔

    اداکارہ میرا کے وکیل نے استدعا کی تھی کہ عدالت جعلی نکاح نامے کو کالعدم قرار دے اور عتیق الرحمان کو میرا کا خاوند قرار دینے سے روکے ‘ درخواست میں مزید کہا گیا تھاکہ کہ جعلی نکاح نامہ بنانے پر عتیق الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

    عدالتی سماعت کے بعد اداکارہ میرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے شادی کے فیصلے کو عدالتی فیصلے تک موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا رشتہ والدین نے طے کرناہے ۔ جوڑے اللہ کی مرضی سے بنتے ہیں‘ ہمیں اسی ذات پر توکل کرنا چاہئیے ۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • محمد عرفان نےای سی ایل سےنام نکالنےکےلیےعدالت میں درخواست دائرکردی

    محمد عرفان نےای سی ایل سےنام نکالنےکےلیےعدالت میں درخواست دائرکردی

    لاہور: کرکٹرمحمد عرفان نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کےطویل القامت فاسٹ باؤلرمحمد عرفان نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    محمد عرفان کی جانب سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ، ایف آئی اے سمیت دیگرکو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا، حالانکہ انہوں نے کبھی ملکی مفاد اور نیک نامی کے خلاف کوئی کام کیا نہ ہی کبھی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث رہےمگر اس کے باوجود انہیں چھ ماہ تک معطل رکھا گیا۔

    محمد عرفان کا کہنا ہے کہ اب معطلی ختم ہو چکی ہے اور وہ قائداعظم ٹرافی بھی کھیل رہے ہیں، الزامات سے بری ہونے کے باوجود ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا۔

    انہوں نے درخواست میں کہا ہے کہ وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں مگر نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے وہ باہر نہیں جا سکتے، لہذا عدالت وفاقی حکومت کو ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے احکامات جاری کرے۔


    اسپاٹ فکسنگ کیس: پی سی بی نے محمد عرفان کو معطل کردیا


    یاد رہے کہ رواں سال 14 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں فاسٹ باؤلر محمد عرفان کو معطل کیا تھا، فاسٹ باؤلر نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے بکیز سے رابطوں کا اعتراف کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جہانگیر ترین کے خلاف 19 کروڑ روپے کا ٹیکس نوٹس بحال

    جہانگیر ترین کے خلاف 19 کروڑ روپے کا ٹیکس نوٹس بحال

    لاہور: ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے خلاف 19 کروڑ 91 لاکھ کا زرعی ٹیکس بحال کر دیا۔

    جسٹس شاہد کریم اور جسٹس شاید وحید ہر مشتمل دو رکنی بنچ نے بورڈ آف ریونیو کی اپیل کی سماعت کی۔

    بورڈ آف ریونیو نے موقف اختیار کیا کہ جہانگیر ترین نے اپنی اصل زرعی آمدن چھپائی جس ہر بورڈ آف ریونیو نے آمدن کا تخمینہ لگا کر انھیں 19 کروڑ 91 لاکھ کے زرعی ٹیکس کا نوٹس بھجوایا مگر ٹیکس ایپلیٹ ٹریبونل نے یہ نوٹس غیر قانونی قرار دے دیا جس پر بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ہائی کورٹ میں استدعا کی گئی کہ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

    جہانگیرترین کے وکیل نے ہائی کورٹ میں اپنے دلائل میں کہا کہ زرعی آمدن چھپانے کا الزام غلط ہے جہانگیرترین کی جس زمین پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے وہ ان کی ذاتی نہیں بلکہ اس پر صرف کاشت کاری کرتے ہیں اور قانون کے مطابق بورڈ آف ریونیو صرف زمین کے مالکان پرٹیکس عائد کر سکتا ہے، بطور کاشت کار جہانگیر ترین نے قانون کے مطابق تمام ٹیکس ادا کیا لہذا اپیل خارج کی جائے۔

    عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بورڈ آف ریونیو کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے اپیلیٹ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا اور بورڈ آف ریونیو کا ٹیکس نوٹس بحال کر دیا۔

  • کالا باغ ڈیم: نواز شریف‘ وزرائے اعلیٰ‘ دیگر کو توہینِ عدالت کے نوٹس جاری

    کالا باغ ڈیم: نواز شریف‘ وزرائے اعلیٰ‘ دیگر کو توہینِ عدالت کے نوٹس جاری

    لاہور: ہائی کورٹ نے کالا باغ ڈیم نہ بنانے پر میاں نواز شریف سمیت چاروں صوبائی وزرائے اعلی ٰکے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ‘ درخواست میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ‘ میاں شہباز شریف ‘ قائم علی شاہ ‘ پرویز خٹک اور عبدالمالک بلوچ سمیت دیگر کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست گزار ‘ اے کے ڈوگر نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے 2012 میں حکم دیا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی روشنی میں کالا باغ ڈیم
    بنایا جائے تاہم عدالتی حکم کو پانچ سال گزرنے کے باوجود اس پر عمل نہیں کیا گیا ۔

    درخواست گزار کے مطابق حکم پر عمل نہ کیا جانا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ‘ عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر میاں نواز شریف سمیت فریقین کے خلاف توہین ِعدالت کی کارروائی کی جائے۔

    حکومت کالا باغ ڈیم بنانا چاہتی ہے تو معاملہ سی سی آئی میں لائے،رضا ربانی

    عدالت کے روبرو پیش کردہ درخواست میں اے کےڈوگر کا کہنا تھا کہ اس ملک میں پانی و توانائی کے بحران کے حل کے لیے کالا باغ ڈیم ناگزیر ہے‘ جبکہ حکومتیں ماضی میں کالا باغ ڈیم کو سیاسی مصلحت کے تحت نظر انداز کرتی آئی ہیں ۔

    عدالت سے استدعا کی گئی کہ ہائی کورٹ فریقین کے خلاف توہین ِعدالت کی کارروائی کرے اور ڈیم بنانے کے حکم پر فوری عمل درآمد کا حکم دے‘ عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد سابق نا اہل وزیراعظم میاں نواز شریف سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 دسمبر کو جواب طلب کرلیا۔

    گزشتہ سال سینیٹ کے 44 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا تھا کہ ’’تین صوبوں کی اسمبلیوں نے کالا باغ ڈیم سے متعلق
    مخالفت میں قرار داد پاس کی ہے تاہم اگر حکومت کالا باغ ڈیم بنانا چاہتی ہے تو معاملہ سی سی آئی (مشترکہ مفادات کونسل)میں لے جائے اور اس معاملے پر بیان بازی سے گریز کرے۔

    ا س سے قبل بیرسٹر ظفر اللہ کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کردہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ کالا باغ ڈیم کی جلد تعمیر کے لئے ملک گیر سطح پر ریفرنڈم کرانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ‘ حکومتی وکیل کے پیش نہ ہونے پر عدالت برہم

    ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ‘ حکومتی وکیل کے پیش نہ ہونے پر عدالت برہم

    لاہور: ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کے عدالتی حکم کے خلاف حکومتی اپیل کی سماعت چوبیس اکتوبرتک ملتوی کردی‘ حکومت پنجاب کے وکیل خواجہ حارث آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو اپیل عدم پیروی خارج کر دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعرات لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ ‘ جسٹس شہباز علی رضوی اور جسٹس قاضی محمد امین نےدرخواستوں پر سماعت کی ۔

    باقرنجفی رپورٹ سے فرقہ واریت پھیلنے کا خدشہ ہے، رانا ثناء اللہ

    حکومتِ پنجاب کے وکیل خواجہ حارث احتساب عدالت میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہو سکے ‘ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ حارث سپریم کورٹ اور احتساب عدالت میں مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکتے ۔

    عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہاں فل بنچ بیٹھا ہے مگر حکومتی وکیل ٹرائل عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں ‘ انہیں اس عدالت میں پیش ہونے کی کوئی پروا نہیں آئندہ سماعت پر خواجہ حارث پیش نہ ہوئے تو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب حکومتی وکیل کے طور پر پیش ہوں ۔

    معزز عدالت نے یہ بھی کہا کہ حکومتی وکیل کو عدالت کے روبرو پیش کرنا عدلیہ کی ذمہ داری نہیں‘ اگر آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب حکومت کی طرف سے دلائل نہیں دے گے تو اپیل عدم پیروی پر خارج کر دی جائے گی ۔

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت چوبیس اکتوبر تک ملتوی کر دی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔