Author: عابد خان

  • زرتاج گل نے اپنی سزا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

    زرتاج گل نے اپنی سزا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

    لاہور : تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے اپنی سزا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی، جس میں اے ٹی سی فیصل آباد کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواست کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے 9 مئی کیس میں سنائی گئی سزا کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

    زرتاج گل نے اپنے وکیل بیرسٹر علی ظفر کے توسط سے اپیل دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت فیصل آباد کی سنائی گئی سزا قانون کے مطابق نہیں۔

    درخواست میں کہا گیا کہ زرتاج گل کو مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا تھا بلکہ بعد میں سپلیمنٹری چالان میں نام شامل کیا گیا۔

    اپیل میں مؤقف اپنایا گیا کہ زرتاج گل موقع پر موجود نہیں تھیں اور نہ ہی ان کی موجودگی کے شواہد پیش کیے گئے، جبکہ مرکزی گواہوں نے بھی ان کی موجودگی اور میٹنگ میں شرکت سے متعلق تردید کی۔

    9 مئی کیسز : عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اے ٹی سی فیصل آباد کافیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

    واضح رہے کہ فیصل آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 31 جولائی کو 9 مئی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ، فیصلے میں پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    اے ٹی سی فیصل آباد نے 9 مئی کیس میں 108 ملزموں کو سزا سنائی جبکہ 77 ملزمان کو بری کر دیا تھا۔

  • سلیمان شہباز  کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

    سلیمان شہباز کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم شہبازشریف کے بیٹے سلیمان شہباز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا آرڈر کالعدم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

    وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ پولیس نے ٹرائل کورٹ میں جواب جمع نہ کرایا مگرعدالت نےمقدمہ درج کرنےکا حکم دےدیا ، ٹرائل کورٹ نےسنےبغیر یکطرفہ مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

    وکیل مدعی کا کہنا تھا کہ میں نے کمپنی کی طرف سے 17 لیپ ٹاپ فروخت کیے، مجھےکمپنی نے جو دو چیک دیے وہ باؤنس ہوئے، جس کے بعد کمپنی نے مدعی سے لیپ ٹاپ نہیں خریدے۔

    وکیل کا موقف میں کہا کہ کمپنی کےملازم محمد رضا نے ذاتی حیثیت میں 11لیپ ٹاپ خریدے ، محمد رضا کیخلاف دو چیک چوری کرنے کا مقدمہ درج ہے، مدعی نےحقائق چھپا کر ماتحت عدالت سےاندراج مقدمہ کا آرڈر حاصل کیا۔

    لاہورہائیکورٹ نے سلیمان شہباز کیخلاف مقدمہ درج کرنےکاآرڈر کالعدم قرار دے دیا اور مدعی کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

  • پی ٹی آئی  رہنما شبلی فراز کے وارنٹ گرفتاری جاری، بانی پی ٹی آئی بھی طلب

    پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کے وارنٹ گرفتاری جاری، بانی پی ٹی آئی بھی طلب

    لاہور : کینٹ کچہری لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور بانی پی ٹی آئی کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینٹ کچہری لاہور نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی رہائش گاہ کے باہر اسلام آباد پولیس پر مبینہ حملے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

    کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ سہیل رفیق نے کی، عدالت نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شبلی فراز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 30 جولائی کو طلب کر لیا اور سمن نوٹس اڈیالہ جیل حکام کے نام جاری کر دیے۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے ایک اور سینئر رہنما گرفتار

    عدالت نے واضح کیا کہ ملزمان کی عدالت میں حاضری ضروری ہے بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔

    یاد رہے کہ تھانہ ریس کورس پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں پرمقدمہ درج کر رکھا ہے ، جس میں الزام ہے کہ انہوں نے اسلام آباد پولیس پر حملے میں کردار ادا کیا۔

    گذشتہ روز پولیس نے رہنما پاکستان تحریک انصاف محمد راجہ بشارت کو گرفتار کرلیا تھا، وہ راولپنڈی الیکشن ٹریبیونل میں این اے 55 کے کیس کی تاریخ پر آئے تھے۔

    بعد ازاں ضمانتی دستاویز کی تصدیق کے بعد راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی رہنما چھوڑ دیا تھا۔

  • پی ٹی آئی رہنماؤں کو مجموعی طور پر کتنے سال کی سزا ہوئی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

    پی ٹی آئی رہنماؤں کو مجموعی طور پر کتنے سال کی سزا ہوئی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کو دی گئی سزا کی تفصیلات سامنے آگئیں، ہر مجرم کو مجموعی طور پر 37 سال قید بامشقت کی کی سزا دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شیرپاو پل جلاو گھیراو کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور دیگر ملزمان کو دی گئی سزا کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔

    عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز چوہدری ، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمودالرشید سمیت 8 مجرموں کو مجموعی طور پر 37 37 سال سزا سنائی۔۔

    عدالت نے تمام مجرموں کو قید بامشقت کی سزا سنائی اور ہر مجرم کو دو دو لاکھ جرمانہ کی بھی سزا سنائی گئی۔

    مزید پڑھیں : یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا

    عدالت نے انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت دس سال قید جبکہ بغاوت کی دفعہ کے تحت بھی دس سال قید کی سزا سنائی۔

    اس کے علاوہ عدالت نے دیگر دفعات کے تحت پانچ ، تین اور دو دو سال کی بھی مختلف سزائیں سنائیں۔

    عدالتی حکم کے مطابق مجرموں کو تمام سزائیں ایک ساتھ کاٹنی ہوں گی اور جرمانہ کی عدم ادائیگی پر مجرموں کو مزید قید کاٹنی ہوگی۔

  • یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا

    یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا

    لاہور: اے ٹی سی نے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیرپاؤ پل کیس کا فیصلہ سنایا جس میں شاہ محمود قریشی، حمزہ عظیم سمیت دیگر پانچ ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    عدالت نے یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    علی حسن، افضال عظیم پاہٹ، عمر سرفراز، خالد قیوم، ریاض حسین کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    یہ پڑھیں: 9 مئی کیس: پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سمیت 32 پی ٹی آئی کارکنوں کو سزا سنا دی گئی

    اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی عدالت سرگودھا میں 9 مئی میانوالی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا تھا۔

    اے ٹی سی کے جج محمد نعیم شیخ نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    عدالت نے احمد خان بھچر سمیت 32 کارکنوں کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی تھی۔

     9 مئی واقعات پر اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر سمیت پی ٹی آئی کارکنوں پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

  • انسداددہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو بری کردیا

    انسداددہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو بری کردیا

    لاہور: انسداددہشت گردی عدالت نے شیرپاؤ پل کیس کا فیصلہ سنا دیا، انسداددہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو بری کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیر پاؤ پل کیس میں انسداددہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کردیا ہے۔

    اے ٹی سی نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیرپاؤ پل کیس کا فیصلہ سنایا، عدالت نے حمزہ عظیم سمیت 5 ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا ہے۔

    شاہ محمود قریشی دل میں تکلیف کے باعث جیل سے پی آئی سی منتقل

    تاہم انسداد دہشت گردی عدالت نے یاسمین راشد، میاں محمودالرشید اور اعجازچوہدری کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی ہے۔

    اس کے علاوہ علی حسن، افضال عظیم پاہٹ، عمر سرفراز، خالد قیوم اور ریاض حسین کو بھی 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/raja-basharat-surrendered-in-court-in-both-cases/

  • ریسٹورنٹس کتنے بجے بند ہوں گے؟ بڑا حکم آگیا

    ریسٹورنٹس کتنے بجے بند ہوں گے؟ بڑا حکم آگیا

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے رات 12 بجے کے بعد ریسٹورنٹس کھولنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاو کیلئے درخواستوں پر سماعت کی۔

    عدالت نے ریسٹورنٹس کی جانب سے وقت کی پابندی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وقت کی پابندی نہ کرنے والے ریسٹورنٹس کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریسٹورنٹ رات بارہ بجے بند ہوں گے اور خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے، ماحولیاتی تبدیلی اہم معاملہ ہے اس پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

    عدالتی کمیشن کے رکن نے بتایا کہ پنجاب کے 760 کالجز میں شجر کاری ہوگی، جس پر عدالت نےقرار دیا کہ نہر پر عدالت کی اجازت کے بغیر کوئی درخت نہیں کٹے گا، عدالت درخت کاٹنے والوں کیخلاف کاروائی کے بارے میں حکم جاری کرے گی۔

    حکومت کی آمدنی بڑھانے کے نسخے 

    عدالت نے ہدایت کی کہ ہرن مینار کے قریب دھواں چھوڑنے والے بھٹے کو فوری بھاری جرمانہ کریں ۔ شیخوپورہ میں تمام بھٹہ مالکان کو آگاہ کر دیں کہ خلاف ورزی ہوئی تو بھٹہ گرا دیا جائیگا۔

    بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پر مزید سماعت 28 جولائی تک ملتوی کردی۔

  • بانی پی ٹی آئی کے خلاف شہباز شریف کے 10 ارب ہرجانہ کیس میں اہم پیش رفت

    بانی پی ٹی آئی کے خلاف شہباز شریف کے 10 ارب ہرجانہ کیس میں اہم پیش رفت

    وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف 8 سال سے جاری 10 ارب ہرجانہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 10 ارب ہرجانہ کیس میں لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی وزیراعظم کی درخواست منظور کرتے ہوئے لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی اجازت دے دی ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے لیگل نوٹس کو دعوے کے ساتھ ریکارڈ کا حصہ بنانے کی عدالت سے استدعا کر رکھی تھی۔ ان پر جرح کے دوران عمران خان کے وکیل حسین چوٹیا نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نے بانی پی ٹی آئی کو لیگل نوٹس نہیں بھجوائے اور لیگل نوٹس بھجوائے بغیر دعویٰ قابل سماعت نہیں ہے۔

    اس کیس کا آغاز 2017 میں اس وقت ہوا تھا، جب اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ان پر پاناما لیکس پر 10 ارب روپے رشوت کی پیشکش کا الزام لگانے پر 10 ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

    شہباز شریف نے اس حوالے سے اس وقت اپنے وکیل کے ذریعہ عمران خان کو لیگل نوٹس بھی بھیجا تھا۔ اس لیگل نوٹس میں بانی پی ٹی آئی کے بیان کو سراسر جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے اس بیان سے مجھے اور میرے خاندان کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا اور ساکھ بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

    بعد ازاں عدالت نے مذکورہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے کئی بار عمران خان کو کئی بار نوٹس بھی جاری کیے تھے۔

    یادرہے کہ عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ پاناما لیکس پر انہیں خاموش رہنے کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے مشترکہ دوست نے 10 ارب روپے دینے کی پیشکش کی تھی۔

  • لاہور میں شہریوں کو کچلنے والے کم سن ڈرائیور کا جسمانی ریمانڈ منظور

    لاہور میں شہریوں کو کچلنے والے کم سن ڈرائیور کا جسمانی ریمانڈ منظور

    لاہور کی عدالت نے گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص کے جاں بحق اور دو افراد کے زخمی ہونے کے کیس میں کم عمرڈرائیور کا چارروزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

    لاہور پولیس نے کم عمر ڈرائیورحاشر کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا تو پولیس نے بتایا وقوعہ کی  تفتیش مکمل کرنی ہے، ملزم کی عمر کا تعین اور ذہنی معائنہ کروانا ہے لہذا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا ملزم کم عمر ہے جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جا سکتا۔ وکلا کے دلائل کے بعد عدالت نے ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کم عمر کار ڈرائیور حاشر نے موٹر سائیکل سوار بھائیوں کو کچل دیا تھا، ایک بھائی امین جاں بحق، دوسرا زخمی ہو گیا، عمران نامی شہری بھی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوا۔ پولیس نے چودہ سالہ حاشر کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حاشر کی عمر کا تعین کرنے کیلئے اسکول سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا، کم سن ڈرائیور حاشر باربار اپنے بیانات بدل رہا ہے۔

    میڈیسن کمپنی کے سیلز منیجر خرم کو بھی مقدمےمیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق کمپنی نے گاڑی نجی بینک کےنام پر نکلوا رکھی ہے جب کہ کم سن ڈرائیور حاشر کے والد عمر ملک کا سراغ لگا لیا ہے۔ کم عمر ڈرائیور کے والد کو بھی مقدمے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

  • بچوں سمیت 3 افراد کو زخمی کرنے والے پالتو افریقی شیر سے متعلق عدالت کا بڑا حکم

    بچوں سمیت 3 افراد کو زخمی کرنے والے پالتو افریقی شیر سے متعلق عدالت کا بڑا حکم

    لاہور کی مقامی عدالت نے فیملی پر حملہ کر کے دو بچوں سمیت 3 افراد کو زخمی کرنے والے پالتو افریقی شیر سے متعلق بڑا حکم جاری کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع ایک فارم ہاؤس میں پالتو شیر نے ایک فیملی پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے تھے، بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    واقعہ کے بعد فارم ہاؤس کو مکمل خالی کرا لیا گیا تھا اور پولیس نے شیر کے مالک سمیت تین افراد کو گرفتار کر کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا تھا۔

    آج لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے وائلڈ لائف کی درخواست پر اس کیس کی سماعت کی اور عدالت نے شیر کو فوری طور پر سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

    سماعت کے موقع پر وائلڈ لائف انسپکٹر نے عدالت میں چالان پیش کیا۔ اس میں عدالت کو بتایا گیا کہ تین جولائی کی رات کو ملزم سے شیر کو وائلڈ لائف نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ ملزم نے غیر قانونی طور پر افریقی شیر کو پالا ہوا تھا جس نے حملہ کر کے بچوں اور خاتون کو زخمی کیا ۔

    وائلڈ لائف حکام نے استدعا کی کہ شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم دیا جائے عدالت نے تمام ریکارڈ دیکھنے کے بعد حکم دیا کہ شیر کو محفوظ طریقے سے سفاری پارک منتقل کر دیا جائے۔

    عدالت کے فیصلے کے بعد وائلڈ لائف کے عملے نے شیر کو سفاری پارک منتقل کر دیا۔

    https://urdu.arynews.tv/lahore-lion-citizens-attacks-video-viral/