Author: عابد خان

  • پی ٹی آٸی ایکٹوسٹ صنم جاوید کو بڑا ریلیف مل گیا

    پی ٹی آٸی ایکٹوسٹ صنم جاوید کو بڑا ریلیف مل گیا

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت پی ٹی آٸی ایکٹوسٹ صنم جاوید کی پولیس پر حملے کے مقدمے بھی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت پی ٹی آٸی ایکٹوسٹ صنم جاوید کی پولیس پر حملے کے مقدمے بھی ضمانت کی درخواست منظور کرلی

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آٸی ایکٹوسٹ صنم جاوید کی زمان پارک کے باہر پولیس پر حملے کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا حکم دے دیا۔

    صنم جاوید کے وکیل نے درخواست ضمانت پر دلائل مکمل کئے جبکہ پراسیکیوشن نے مقدمہ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔

    وکیل کے مطابق صنم جاوید کو ایک کے بعد دوسرے مقدمہ میں گرفتار کر لیا جاتا ہےاور بار بار نئے مقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے۔

    وکیل نے استدعا کی کہ صنم جاوید کی ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کیا جائے، صنم جاوید کو تھانہ ریس کورس کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔

  • پرویز الہٰی، مونس الہٰی کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ کا ریفرنس دائر

    پرویز الہٰی، مونس الہٰی کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ کا ریفرنس دائر

    لاہور: چوہدری پرویز الہٰی، مونس الہٰی و دیگر کے خلاف گجرات منصوبوں میں کک بیکس کی تحقیقات مکمل ہو گئیں، نیب نے ان کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ کا ریفرنس دائر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے گجرات منصوبوں میں کک بیکس پر ایک ارب 23 کروڑ کا ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کر دیا، جس میں پرویز الہٰی اور ان کے بیٹے مونس الہٰی مرکزی ملزم نامزد کیے گئے ہیں۔ نیب نے ریفرنس میں استدعا کی ہے کہ احتساب عدالت ٹرائل کر کے ملزمان کو سزا دے۔

    نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور دیگر ملزمان قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں قصور وار پائے گئے ہیں، پرویز الہٰی نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کیا اور رشوت وصول کی۔

    ریفرنس کے مطابق پرویز الہٰی اور ان کے بیٹے نے گجرات کے لیے غیر قانونی طور پر 116 اسکیمیں منظور کرائیں، دونوں نے من پسند ٹھیکے داروں کو کنٹریکٹ دلوا کر رشوت وصول کی، رشوت اور کک بیکس کی مد میں ملزمان نے مل کر 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا مالی فائدہ لیا۔

    ریفرنس کے مطابق پرویز الہٰی نے سب سے زیادہ 74 کروڑ 45 لاکھ روپے کک بیکس کی مد میں وصول کیے، مونس الہٰی کا اکاؤنٹنٹ کک بیکس کی رقم ان کی فیملی کے اکاؤنٹس میں جمع کراتا رہا، مونس نے 10 لاکھ 61 ہزار یورو اپنے غیر ملکی بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے۔

    ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی کی وزارت اعلیٰ کے دوران ان کی فیملی نے 304 ملین سے زائد رقم ذاتی اکاؤنٹس میں جمع کرائی۔

  • مارکیٹیں کب بند ہوں گی؟ اہم خبر آگئی

    مارکیٹیں کب بند ہوں گی؟ اہم خبر آگئی

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے تجارتی سرگرمیاں کو رات دس بجے بند کرانے کا حکم دے دیا اور سی سی پی او لاہور کو حکم پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیلئے موثر اقدامات نہ کرنے کیخلاف درخواستوں پر تحریری حکم جاری کردیا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ تمام تجارتی سرگرمیاں رات دس بجے بند کر دی جاٸیں اور سی سی پی اس حوالے سے عدالتی حکم پر عمل درآمد کرواٸیں۔

    عدالت نے قرار دیا کہ تجارتی سرگرمیوں کے اوقات کار کے بارے میں حکومت نوٹیفکیشن جاری کرے۔

    عدالت نے ہفتے میں دو دن ورک فرام ہوم کا نوٹیفکیشن کے اجرا کی بھی ہدایت کی، تحریری حکم میں عدالت نے ڈی جی ماحولیات سے آلودگی کی وجہ سے ڈی سیل ہونے والے انڈسٹری یونٹس کو دوبارہ سیل کرنے کا حکم دے دیا اور ساتھ ہی ڈی سیل کرنے والے محکمہ ماحولیات کے افسروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی۔

    عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر فیکٹریوں کو سیل کرنے کی رپورٹ پیش کی جائے اور ہدایت کی کہ گرین بیلٹ پر پارکنگ کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائے اور گرین بیلٹ کو نقصان پہنچانے والے فارم ہاؤس کو گرا دیئے جائیں۔

    لاہور ہائی کورٹ میں اسموگ کے تدارک کیلئے درخواستوں پر مزید سماعت 4 دسمبر کو ہوگی۔

  • مریم اورنگزیب کو  گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

    مریم اورنگزیب کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

    لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کو 9 دسمبر تک گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کو 9 دسمبر تک گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو وارنٹ کی تکمیل کرانے کی ہدایت کر دی ، انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

    یاد رہے ہفتے کے روز عدم پیشی پرمریم اورنگزیب کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئےتھے، مریم اورنگزیب سمیت دیگر کے خلاف اشتعال انگیز گفتگو کا مقدمہ درج ہے۔

    پولیس کی جانب درج مقدمے میں جاوید لطیف سمیت دیگر ملزم بھی نامزد ہیں۔

  • نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے درخواست  دائر

    نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے درخواست دائر

    لاہور :لاہور ہائیکورٹ میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عہدے کی میعاد مکمل ہونے پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے پٹیشن دائر کردی گئی۔

    پٹیشن مقسط سلیم ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی ، جس میں نگراں وزیراعظم، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

    پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نگراں وزیراعظم کو عام انتخابات کرانے کے لئے 3ماہ کی مدت کے لئے وزیراعظم بنایا گیا، نگراں وزیراعظم آئین کے تحت 90روز میں انتخابات نہیں کروا سکے۔

    دائر پٹیشن میں کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے مطابق عہدے کی میعاد15 نومبر کوختم ہو چکی ہے ، میعاد مکمل ہونے کے باوجود عہدے پر برقرار رہنا غیر آئینی اقدام ہے۔

    پٹیشن میں کہا ہے کہ نگراں حکومت کو اعلیٰ عدالت توسیع دینے کا اختیار رکھتی ہے، الیکشن کمیشن یا کوئی آئینی ادارہ توسیع دے سکتا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان سےرجوع کیا گیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا، استدعا ہے کہ عدالت نگراں وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کرے۔

  • کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت :  ملزم افنان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت : ملزم افنان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    لاہور: انسداد دہشت گردی نے ڈیفنس میں چھ افراد کی ہلاکت کیس کے ملزم کو مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈیفنس میں 6افراد کی ہلاکت کے کیس کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے سماعت کی۔

    پولیس نے ملزم کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پیش کیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا فوٹو گرامیٹک ٹسٹ کروانا ہے اس کے علاوہ پولی گرافک ٹسٹ بھی ہونا ہے جو ملزم کے بیان کے سچ جھوٹ کو چیک کرے ۔ ملزم کی عمر سترہ سال غلط بتاٸی جا رہی ہے لہذا اس کی عمر کے تعین کے لیے بھی ٹسٹ ہونا ہے۔

    تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم افنان نے ہلاک ہونے والے افراد سے تلخ کلامی بھی کی تھی۔ ملزم نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی میں بیٹھی خواتین سے چھیڑ چھاڑ کی جس کی وجہ سے تلخ کلامی ہوٸی ۔ ملزم جس رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا اس کا تعین ہونا ضروری ہے لہذا جسمانی ریمانڈ دیا جاٸے۔

    ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوٸے کہا کہ دہشت گردی کی دفعات غلط شامل کی گٸی ہیں لہذا عدالت جسمانی ریمانڈ نہ دے۔

    عدالت نے دلاٸل کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانذ میں پانچ روز کی توسیع کر دی ۔ عدالت نے آٸندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کر لی۔

  • مونس الٰہی کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے

    مونس الٰہی کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے

    لاہور : وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)‌ نے مونس الٰہی کی 6 جائیدادیں اور 8 مختلف بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)‌ نے مونس الٰہی کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے، مونس الٰہی کے لاہور میں 8 مختلف بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔

    مونس الٰہی کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 48 کروڑ 76 لاکھ سےزائدرقم آئی جبکہ ایف آ ئی اے کی جانب سےمونس الٰہی کی 6 جائیدادیں بھی منجمد کی گئی ہیں۔

    ایف آئی اے نے عدالتی احکامات پر مونس الٰہی کے خلاف کارروائی کی اور مونس الٰہی کی قصورمیں 5 ،راولپنڈی میں ایک جائیدادمنجمد کردی۔

    عدالت نے مونس الٰہی کےاثاثے اور اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا تھا ، ایف آئی اے کے مطابق جائیدادیں منی لانڈرنگ سے بنائی گئی ہیں۔

    یاد رہے لاہور کی اسپیشل سینٹرل کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ان کے تمام اثاثے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا تھا کہ مونس الہٰی اپنی اسپین والی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے۔ لندن میں ان کی رہائش گاہ پر وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ ابھی آنی ہے تاہم اب تک پیش کردہ رپورٹ سے مطمئن ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ مونس الہٰی جان بوجھ کر گرفتار سے چھپ رہے ہیں۔

  • تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم : طلبا کے لئے بڑی خبر آگئی

    تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم : طلبا کے لئے بڑی خبر آگئی

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ کے باعث جنوری کے آخر تک ہفتے کے روز تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کیلئے درخواستوں کا تحریری حکم جاری کردیا ، جسٹس شاہد کریم نے تین صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری کیا۔

    جس میں اسموگ کے باعث جنوری کے آخر تک ہفتے کے روز تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری سکولز اور ڈپٹی کمشنر کو اسکولز ، کالجز اور یونیورسٹیز بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

    حکم نامے میں قرار دیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت ہفتے کے دو روز ورک فورم ہوم کرنے کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے،نوٹیفکیشن میں جم بند کرنے کا لفظ معطل کیا جاتا ہے اسے مزید لاگو نہیں کیا جاسکتا کیونکہ جم صرف کورونا کی وجہ سے بند کیے گٸے تھے۔

    عدالت نے آلودگی پھیلانے کی وجہ سے سیل ہونے کے باوجود چلنے والے صنعتی یونٹس کے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

    تحریری حکم میں عدالت نے حکم دیا کہ اس کے ذمہ دار افسران کی بھی فہرست پیش کی جاٸے جن کے خلاف کاررواٸی کی جاٸے گی۔

  • خدیجہ شاہ کی نظر بندی  لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

    خدیجہ شاہ کی نظر بندی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

    لاہور : پی ٹی آئی ایکٹویسٹ خدیجہ شاہ کی نظر بندی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج‌‌‌‌‌‌‌ کردی گئی ، جس میں استدعا کی ہے کہ خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی ایکٹویسٹ خدیجہ شاہ کی نظر بندی کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، خدیجہ شاہ کے شوہر نے نظربندی کیخلاف سمیر کھوسہ کےتوسط سےدرخواست دائر کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خدیجہ شاہ کو ایم پی او تھری کے تحت نظر بند کر دیا گیا، ان کو ایک سے زیادہ مقدمات میں ملوث کیا گیا، ایک مقدمے میں ضمانت ہوتی ہے تو دوسرے میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اب ضمانت ہونے پر نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

    یاد رہے ڈپٹی کمشنر لاہور نے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے خدشات کے تحت تحریک انصاف کی کارکن خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کیا جاتا ہے، خدیجہ شاہ کو ایس پی کینٹ اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی سفارش پر نظر بند کیا گیا۔

  • کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت :  کم عمر ملزم افنان 5  روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت : کم عمر ملزم افنان 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈیفنس میں ٹریفک حادثے کے دوران چھ افراد کی ہلاکت کے ملزم افنان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ٹریفک حادثے کے دوران 6 افراد کی ہلاکت کیس کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عںہر گل خان نے سماعت کی.

    کم عمرڈرائیورافنان شفقت کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا ، پولیس نے ملزم افنان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم نے 6افراد کو گاڑی کے نیچے کچل کر ہلاک کر دیا ہے، مقدمے میں دھشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ ملزم افنان کا ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنا ہوا۔

    تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ واقعہ میں چھ افراد جاں بحق ہوٸے اس کی تفتیش ضروری ہے لہذا جسمانی ریمانڈ دیا جائے جبکہ ملزم کی وکیل نے بتایا کہ افنان کی عمر سترہ سال ہے بارویں جماعت کا طالب علم ہے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ چھ افراد کی جان گئی اس کا دکھ ہے مگر یہ قتل نہیں حادثہ ہے ، مقدمہ میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات غلط لگائی گئیں ۔کم عمر ملزم کا جسمانی ریمانڈ نہ دیا جائے۔

    عدالت نے کم عمر ڈرائیور افنان شفقت کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوٸے 23 نومبر کو ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ چھ افراد کی جان گئی ہے، تفتیش ضروری ہے۔