Author: عدنان طارق

  • پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    اسلام آباد : پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.0 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی، جس کا مرکز پاک افغان سرحد کے قریب کوہ ہندو کش ریجن تھا، زلزلہ تقریباً 10سیکنڈ تک جاری رہا، شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔

     زلزلہ رات 12 بج کر 17منٹ پر آیا اور لوگ گھبراہٹ کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات پر آگئے۔

    رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، چکوال سوات، پشاور، ملاکنڈ، مانسہرہ، ہنگو و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اس کے علاوہ سوات، مردان، نوشہرہ، بنوں، بونیر، کوہاٹ، چارسدہ میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اٹک، تلہ گنگ، کلرکہار اور چوآسیدن شاہ، گوجرانوالہ،جھنگ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    جنوبی وزیرستان، لوئردیر، پارا چنار، آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    افغانستان، بھارت اور تاجکستان میں بھی زلزلہ

    زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے علاوہ افغانستان، بھارت اور تاجکستان میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

    اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے میڈیا کو بتایا کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ اس وقت عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے کہ کہیں کوئی عمارت زلزلے سے متاثر نہ ہوئی ہو۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اب تک پنجاب بھر میں زلزلے سے کوئی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، پنجاب بھر میں پی ڈی ایم اے کے ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز24/7 الرٹ ہیں،

    دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن1129پر دیں۔

    زلزلے کے دوران کیا کریں؟

    سب سے پہلے پُرسکون رہیں کیونکہ گھبراہٹ سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں
    محفوظ جگہ پر چلے جائیں۔

    اگر آپ گھر میں ہیں تو میز یا مضبوط فرنیچر کے نیچے چھپ جائیں، دیوار کے ساتھ بیٹھ جائیں لیکن کھڑکیوں، شیشے یا بھاری چیزوں سے دور رہیں، لفٹ کا استعمال ہرگز نہ کریں۔

    اگر آپ باہر ہیں تو عمارتوں، بجلی کی تاروں اور درختوں سے دور کھلے میدان میں چلے جائیں۔

    اگر گاڑی میں ہیں تو گاڑی روک دیں لیکن پل، اوورہیڈز یا عمارتوں سے دور کھڑی کریں، گاڑی کے اندر ہی رہیں جب تک زلزلہ ختم نہ ہو جائے۔

  • خیبرپختونخوا حکومت کے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا

    خیبرپختونخوا حکومت کے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے کریش ہونے والے ہیلی کاپٹر کا لاپتہ بلیک باکس مل گیا۔

    سرکاری حکام کے مطابق بلیک باکس جائےحادثہ سے تقریباً  100میٹر کے فاصلے پرپڑا تھا جسے تلاش کر لیا گیا۔ پولیس نے بلیک باکس متعلقہ حکام کےحوالےکر دیا ہے۔

    باجوڑ کے لیے امدادی سامان لے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا تھا اور حادثے میں دو پائلٹس سمیت عملے کے پانچ اہلکار شہید ہوگئے تھے.

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبے بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔

    خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرکریش ہونے کی رپورٹ جاری کردی گئی ، جس میں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر 10 بجکر30 منٹ پر باجوڑ کے لئے روانہ ہوا، 12 بجے کے قریب ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ 4 بجے ہیلی کاپٹر کو ٹریس کیا گیا جو مہمند میں کریش ہوا، جس جگہ ہیلی کاپٹرکریش ہوا وہ تقریباً 8 ہزار میٹر بلندی پر ہے ، جائے وقوعہ کے آس پاس کوئی آبادی نہیں ہے۔

    سرکاری حکام نے بتایاکہ حادثہ خراب موسم اور دھند کے باعث پیش آیا کیونکہ حادثہ جس جگہ پر ہوا وہاں بارش نہیں ہورہی تھی، وہاں اونچا پہاڑبادلوں اور دھند میں ڈوبا ہوا تھا اور ہیلی کاپڑ کا ملبہ خشک نالے میں گرا۔

  • خیبرپختونخو احکومت کا لاپتہ ہونے والا  ہیلی کاپٹر کریش گرگیا ،  5 افراد شہید

    خیبرپختونخو احکومت کا لاپتہ ہونے والا ہیلی کاپٹر کریش گرگیا ، 5 افراد شہید

    پشاور : خیبرپختونخو احکومت کا لاپتہ ہونے والا ہیلی کاپٹر کریش کرگیا ، جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخو احکومت کے لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے کی تصدیق کردی گئی۔

    سرکاری حکام نے بتایا کہ چینگئ بانڈہ کے قریب سوکئی میں سرکاری ہیلی کاپٹر کریش ہوگیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوگئے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ سرکاری ہیلی کاپٹر  ایم آئی17 ریسکیوٹیم اور امدادی سامان لیکر باجوڑ جا رہا تھا۔

    یاد رہے خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر مہمند کے علاقے میں ریسکیو آپریشن میں مصروف تھا کہ جب خراب موسم کے باعث اس کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا ، جس کے بعد لاپتہ ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے فوری اقدامات شروع کئے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : خراب موسم:خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا

    دوسری جانب ترجمان کے پی حکومت فراز مغل کی جانب سے کہا گیا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سرکاری عمارتوں میں شیلٹر قائم کئے جارہےہیں.

    فراز مغل کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کو محفوظ سرکاری عمارتوں میں منتقل کیاجارہاہے اور اسپتالوں ،ڈاکٹرز اور عملے کی نفری کو ہائی الرٹ کردیاگیا ہے۔

    خیال رہے وزیراعلیٰ نے امدادی سرگرمیوں کے لئے ہیلی کاپٹر مختص کیا تھا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، دوائیں اور دیگر ضروری سامان بھی پہنچایاجا رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، وہ خود امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے، ریسکیو ودیگر متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں تاہم ناخوشگوار واقعے پرپی ڈی ایم اے کنٹرول روم 1700 پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔

  • پشاور : فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 3 افراد جاں بحق

    پشاور : فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 3 افراد جاں بحق

    پشاور : مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جاں بحق ہونے والوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پشاور کے علاقے ورسک روڈ درمنگی میں گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک پولیس افسر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    واردات کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان  نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کی، گاڑی میں موجود تینوں افراد نے موقع پر ہی جان دے دی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردی گئیں۔

    جاں بحق ہونے والوں میں سب انسپکٹر علی حسین بھی شامل ہے، جو مچنی گیٹ پولیس اسٹیشن کا تفتیشی افسر بھی تھا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں پولیس کے مطابق ملنے والے گولیوں کے خولوں سے پتہ چلتا ہے کہ ملزمان نے فائرنگ کیلیے کلاشنکوف اور پستول استعمال کی، ابتدائی تفتیش میں فائرنگ کی وجوہات تاحال سامنے نہ آسکیں۔

  • بارودی مواد سونگھنے والے پولیس کے دو ہیروز کی ریٹائرمنٹ

    بارودی مواد سونگھنے والے پولیس کے دو ہیروز کی ریٹائرمنٹ

    پشاور : خیبر پختونخوا پولیس کے بارودی مواد سونگھنے والے دو سراغ رساں کتے اپنی ملازمت کے 8 سال پورے کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے۔

    یہ سنِفر ڈاگز ’ڈیپ اور کین‘پولیس کے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز میں شامل ہوتے تھے، پولیس کا مؤثر ہتھیار کہلانے والے ڈیٹکیٹو ڈاگز کی مزید آپریشنز میں خدمات حاصل نہیں کی جائیں گی۔ ،

    اے آر وائی نیوز پشاور کی رپورٹ کے مطابق ان دونوں سراغ رساں کتوں ’ڈیپ اور کین‘ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سال 2016 میں پیدا ہونے والے یہ کتے 8 سال تک ’کے نائن یونٹ‘ کا حصہ رہے۔،

    اس حوالے سے کے نائن یونٹ کے ڈائریکٹر عدیل ابدال نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اس وقت پولیس کے پاس مجموعی طور پر 39 کتے ہیں، ریٹائر ہونے والے ان کتوں کی طبعی عمر تقریباً 10 سال ہے اور 8سال کے بعد ان کی سونگھنے کی صلاحیت متاثر ہونا شروع ہوجاتی ہے اس لیے انہیں 8 سال بعد ریٹائر کردیا جاتا ہے۔

    بارودی مواد کی کھوج لگانے کے ماہر ڈیپ اور کین نے سال2021 میں ڈی آئی خان میں 5 اور سال 2022 میں پشاور میں 2 کلو ایل ڈیز بموں کا سراغ لگایا۔

    اس کے علاوہ سیاسی سرگرمیوں اور وی آئی پی موومنٹ اور حساس مقامات کی تلاشی میں بھی ان دونوں کتوں نے کامیابی سے اپنی خدمات انجام دیں۔

    ریٹائرمنٹ کے بعد ان دونوں ہیروز کو پشاور پولیس کے ’کے نائن یونٹ‘ میں ہی رکھا جائے گا جہاں ان کو تمام تر مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

  • پشاور : گھر میں خوفناک آتشزدگی، دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

    پشاور : گھر میں خوفناک آتشزدگی، دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

    پشاور کے علاقے کوچی بازارمارکیٹ کے ساتھ گھر میں اچانک آگ لگ گئی، آتشزدگی کی زد میں آکر 2 خواتین سمیت 4افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں ،اسپتال انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی سے دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو عملے نے جائے وقوعہ پر فوری پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی، دو افراد  نے موقع پر جان دے دی جبکہ دو نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والے دیگر 2 افراد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ بجھانے کے عمل کے دوران 2 ریسکیو اہلکاروں کی حالت بھی غیر ہوگئی تھی
    جن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گھر میں لگی آگ پر قابو پاکر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : سلنڈر پھٹنے سے وین میں آتشزدگی، دو طالبات جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے احمد پور شرقیہ کے علاقے لیاقت پور میں سلنڈر پھٹنے سے وین میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں زخمی ہونے والی طالبہ اسپتال میں دم توڑ گئی جس کے بعد جاں بحق طالبات کی تعداد 2 ہوگئی۔

    جاں بحق ہونے والی اجالا نامی طالبہ برن یونٹ ملتان میں زیر علاج تھی اور چک 2 عباسیہ کی رہائشی تھی، حادثے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    کالج وین میں گیس سلنڈر آتشزدگی واقعے کے بعد 3 نجی کالجز کے پرنسپلز سمیت کالج ایڈمن، وین مالک، ڈرائیور سمیت 8 افراد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • پشاور کے قصہ خوانی بازار میں مہنگائی کے قصے سنائے جانے لگے

    پشاور کے قصہ خوانی بازار میں مہنگائی کے قصے سنائے جانے لگے

    پشاور کے قصہ خوانی بازار میں بھی مہنگائی کے قصے سنائے جانے لگے ہیں۔

    پشاور کے قصہ خوانی بازار میں تاجروں نے بتایا ہے کہ بجٹ ان کے کاروبار پر کتنا اثر ڈالتا ہے۔

    قصہ خوانی بازار کے صدر شیخ عبدالرزاق نے کہا کہ قصہ خوانی بازار کے حالات بہت خراب ہوچکے ہیں کاروبار تباہ ہوچکا ہے، یہاں لوگ شہر سے آکر یہاں بیٹھتے تھے اور قہوہ پی کر گپ شپ لگاتے تھے اور اپنا بجٹ بناتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کے پاس وقت ہی نہیں ہے جو یہاں کا رخ کریں، چالیس سے یہاں ہوں حکومت نے کبھی بھی عوام کے لیے بجٹ نہیں بنایا۔

    ایک اور تاجر نے کہا کہ چاول، دال، چینی بہت مہنگی ہوگئی ہے اب تنخواہ پر گزارہ نہیں ہوتا ہے۔ آمدن ہے نہیں بجٹ زیادہ ہوگیا ہے، خواتین کو پیسے دیں تو وہ اور پیسوں کا تقاضہ کرتی ہیں اب کہاں سے لائیں۔

    قصہ خوانی کے ایک دکاندار شیخ سجاد حسین نے کہا کہ بجٹ میں حکومت نے تاجروں کے لیے کچھ نہیں رکھا، حکمرانوں کی عیاشیاں اپنی جگہ موجود ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکس در ٹیکس لگاتے ہیں ہمارے پاس سیلز مینوں کو تنخواہ دینے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں، یوٹیلٹی بلز پورے نہیں ہورہے، بجلی کا بل آپ اٹھا کر دیکھیں تو قیمت 3 ہزار ہوتی ہے لیکن بل ٹیکسوں کی وجہ سے 20 ہزار کا ہوتا ہے۔

    تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی اور ٹیکسز کم کیے جائین۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ بھی مویشی منڈی پہنچ گئے، قیمت سن کر ہوش اڑ جائیں گے (ویڈیو رپورٹ)

    ڈونلڈ ٹرمپ بھی مویشی منڈی پہنچ گئے، قیمت سن کر ہوش اڑ جائیں گے (ویڈیو رپورٹ)

    نیلی آنکھیں اور سفید رنگت روپ ایسا کہ جو دیکھے اس کا دل آ جائے ہم بات کر رہے ہیں ڈونلڈ ٹرمپ بھینسے کی جو پشاور مویشی منڈی لایا گیا ہے۔

    عیدالاضحیٰ کی آمد میں صرف دو روز باقی ہیں اور مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش بڑھنے لگا ہے۔ مختلف مویشی منڈیوں میں کئی مشہور شخصیات کے نام والے جانور لائے گئے ہیں، جنہیں لوگ ذوق وشوق سے دیکھنے کے لیے بھی آ رہے ہیں۔

    پشاور کی مویشی منڈی میں ڈونلڈ ٹرمپ پہنچ گیا ہے۔ تاہم یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نہیں بلکہ نیلی آنکھوں اور سفید رنگت والا خوبصورت بھینسا ہے کہ جو ایک بار اس کو دیکھتا ہے تو پھر دیکھتا ہی رہ جاتا ہے۔

    مذکورہ منڈی میں شیرو، ببلو، پانڈا جیسے دلچسپ ناموں والے جانور بھی موجود ہیں لیکن سب کی توجہ کا مرکز ڈونلڈ ٹرمپ ہے۔

    دودھ کی طرح سفید رنگت اور نیلی آنکھیں۔ اس منفرد رنگ وروپ کی وجہ سے اس کے مالک نے اس کا نام ہی نیلی آنکھوں والے گورے چٹے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پر رکھ دیا ہے۔

    دو دانت والے صحت مند بھینسے کا نام جب سے ڈونلڈ ٹرمپ رکھا گیا ہے تب سے نخرے اور بھی نرالے ہو گئے ہیں اور ناز برداریاں بھی بڑھ گئی ہیں۔ من پسند کھانوں نے اس کے روپ کو مزید نکھار دیا ہے۔

    تاہم ڈونلڈ ٹرمپ ہر کسی کی قوت خرید میں نہیں ہے۔ شہرت ملتے جانور کے مالک نے اس کی بھی منہ مانگی قیمت وصول کرنا شروع کر دی ہے اور 25 لاکھ سے کم میں فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

     

    مویشی منڈی میں آنے والے خریدار  ٹرمپ کا نام سنتے ہی  اسے دیکھنے پہنچ جاتے ہیں اور ویڈیو اور تصاویر بھی بناتے ہیں بھاری قمیت اور بھاری نام والے اس جانور کو کون خریدے گا مالک کو ہے اب تک انتظار۔

    https://urdu.arynews.tv/eid-ul-adha-jf-17-thunder-meraj-f-16-names-of-cattles/

  • نوشہرہ: جی ٹی روڈ کی حدود میں ایکسائز موبائل اسکواڈ پر فائرنگ 3 اہلکار جاں بحق

    نوشہرہ: جی ٹی روڈ کی حدود میں ایکسائز موبائل اسکواڈ پر فائرنگ 3 اہلکار جاں بحق

    خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں جی ٹی روڈ کی حدود میں ملزمان نے ایکسائز موبائل اسکواڈ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ایکسائز موبائل اسکواڈ پر فائرنگ کا واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شپ 2 بجے پیش آیا جس میں ابتدائی طور پر دو اہلکار کانسٹیبل افتخار اور کانسٹیبل مجاہد جاں بحق ہوئے۔

    فائرنگ میں ڈرائیور شبیر خان بھی زخمی ہوا تھا جو بعد میں جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔

    جاں بحق دو اہلکاروں سمیت ڈرائیور کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں آئی جی خیبر پختونخوا، سی سی پی او قاسم خان سمیت ایکسائز حکام نے شرکت کی۔

    نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی۔

  • پشاور میں بینک آف پنجاب کی کیش وین سے ڈاکوؤں نے بڑی رقم لوٹ لی

    پشاور میں بینک آف پنجاب کی کیش وین سے ڈاکوؤں نے بڑی رقم لوٹ لی

    پشاور: ڈاکوؤں نے جی ٹی روڈ پشاور پر بینک آف پنجاب کی کیش وین کو روک کر لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے ہشنگری میں بینک آف پنجاب کی کیش وین کو لوٹ لیا گیا ہے، بینک کی برانچ سے کیش کی گاڑی جب روانہ ہوئی تو جی ٹی روڈ پر 3 مسلح ڈاکوؤں نے اسے روک لیا اور اس میں سے کیش نکال کر کیری ڈبے میں منتقل کر دیا۔

    ایس ایس پی آپریشنز نے انکشاف کیا ہے کہ کیش سپلائی والی گاڑی نے ایس او پی پر عمل نہیں کیا، اور ابتدائی طور پر 3 کروڑ روپے سے زائد کی رقم لوٹی گئی ہے، مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئی ہیں، ملزمان کی تعداد 4 تھی، 2 موٹر سائیکلوں پر آئے تھے۔


    کےپی میں پولیسنگ بلوچستان جتنی مشکل، تنخواہیں بڑھائی جائیں، آئی جی کا وزیراعلیٰ کو خط


    ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک کی گاڑی میں مزید کیش بھی موجود ہے، اور بینک کا عملہ آ کر انھیں گنے گا تب درست طور پر اندازہ ہوگا کہ کتنی رقم لوٹی گئی ہے۔

    نشتر آباد پر بینک آف پنجاب کی مین برانچ سے بینک کی کیش گاڑی مختلف برانچوں کو رقم پہنچا رہی تھی۔