Author: عدنان طارق

  • 1600 روپے والے تازہ پنیر کی قیمت 1000 روپے فی کلو

    1600 روپے والے تازہ پنیر کی قیمت 1000 روپے فی کلو

    پشاور نمک منڈی کی 95 سالہ قدیمی دودھ دہی کی دکان پر جدید انداز میں تازہ پنیر تیار کیا جاتا ہے، ماہ مبارک میں پنیر کو کم قیمت فروخت کرنا اس دکان کی پرانی روایت ہے۔

    ماہ صیام میں پشاور کے روزہ دار افطار کے لیے پروٹین سے بھرا پنیر شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں، رمضان کی خصوصی آفر کی وجہ سے خریدار بھی دل کھول کر پنیر گھر لے جاتے ہیں۔

    مارکیٹ میں فی کلو پنیر کی قیمت 1500 سے 1600 روپے تک ہے، مگر یہاں روزہ داروں کو ایک ہزار روپے فی کلو پنیر فروخت کیا جاتا ہے۔ مزے دار تازہ پنیر بنانے کے لیے دودھ میں لسی کو ایک خاص مقدار میں شامل کر کے مختلف مراحل سے گزارا جاتا ہے، تیار ہونے پر اسے ریشم کے کپڑے میں فریز میں رکھ دیا جاتا ہے۔

    ماہ رمضان میں روزے دار پنیر سے مختلف ڈشیں تیار کرتے ہیں، جن میں پالک پنیر، گرما گرم پنیر پکوڑے سمیت دیگر مزیدار پکوان شامل ہیں۔


    تندور کی یہ روٹی کتنے روپے میں ملتی ہے؟ ویڈیو رپورٹ


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • پولیس اہلکاروں پر حملے، کے پی حکومت نے ہائبرڈ سیکیورٹی ماڈل تیار کر لیا

    پولیس اہلکاروں پر حملے، کے پی حکومت نے ہائبرڈ سیکیورٹی ماڈل تیار کر لیا

    پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت نے پولیس اہلکاروں پر حملے روکنے کے لیے نئی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

    سرکاری دستاویز کے مطابق کے پی حکومت نے پولیس اہلکاروں کو محفوظ بنانے کے لیے ایک ہائبرڈ سیکیورٹی ماڈل تیار کر لیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں صوبے کے 2 اضلاع میں اس ماڈل کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ ہائبرڈ سیکیورٹی ماڈل صوبے کے 6 اضلاع میں متعارف کرایا جائے گا، جن میں بونیر، اپر چترال، مہمند، خیبر، سوات اور لکی مروت شامل ہیں، تاہم پہلے مرحلے پر یہ ہائبرڈ ماڈل بونیر اور اپر چترال میں نافذ کیا جا رہا ہے۔

    دستاویز کے مطابق دو اضلاع میں ہائبرڈ سیکیورٹی ماڈل پر 567 ملین روپے خرچ ہوں گے، اس ماڈل کے تحت پولیس کے لیے جدید آلات و دیگر چیزیں خریدی جائیں گی۔


    خیبرپختونخوا میں تھانوں اور چوکیوں پر حملہ کرنے والا دہشت گرد ہلاک


    سرکاری دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کے پی پولیس کے پاس دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے وسائل کی شدید کمی ہے۔

    آئی جی کے پی پولیس ذوالفقار حمید نے پیر کو بتایا تھا کہ تھانوں اور چوکیوں پر حملہ کرنے والے ایک دہشت گرد کمانڈر کاشف شکر خیل کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جو کہ کرک میں کلیم اللہ گروپ سے تعلق رکھتا تھا، پولیس نے لکی مروت اور کرک کی سرحد پر ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا۔ اس دوران پولیس اہلکار نظار علی اسنائپر کی گولی کا نشانہ بنے۔

  • پشاور میں تھانہ ارمڑ کی حدود میں دھماکا، مفتی منیر شاکر جاں‌ بحق

    پشاور میں تھانہ ارمڑ کی حدود میں دھماکا، مفتی منیر شاکر جاں‌ بحق

    پشاور میں تھانہ ارمڑ کی حدود میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں مفتی منیر شاکر جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور دھماکے میں زخمی ہونے والے چاروں افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دھماکے کے نتیجے میں مفتی منیر شاکر بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا مبینہ طور پر دیسی ساختہ بم کا تھا۔

    پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع س شواہد اکٹھے کررہا ہے۔

    بعدازاں سی سی پی او قاسم علی خان نے کہا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، مفتی منیر شاکر دھماکے کا اصل ہدف تھے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی مشترکہ طور پر تفتیش کررہی ہیں۔

  • تندور کی یہ روٹی کتنے روپے میں ملتی ہے؟ ویڈیو رپورٹ

    تندور کی یہ روٹی کتنے روپے میں ملتی ہے؟ ویڈیو رپورٹ

    پشاور کے شہری نے ماہ مقدس میں اپنے گھر کے ایک حصے کو عارضی تندور میں بدل دیا ہے. پشاور کے علاقے سعید آباد میں مجیب الرحمان نامی شہری ہر سال رمضان میں تندور لگاتے ہیں، اور یہاں سستی روٹیاں فروخت ہوتی ہیں یا پھر مفت میں مل جاتی ہیں۔

    اس تندور پر روزانہ ساڑھے چار ہزار روٹیاں تیار ہوتی ہیں، ایک سو 160 گرام روٹی صرف 10 روپے میں ملتی ہے، جب کہ روزانہ ایک ہزار روٹی مفت تقسیم ہوتی ہے۔

    یہ تندور ہر روز 3 بجے شروع ہوتا ہے اور افطاری تک روٹیاں تیار ہوتی رہتی ہیں، جسے لینے کے لیے مختلف علاقوں سے لوگ آتے ہیں۔ مجیب الرحمان گزشتہ 4 سال سے رمضان میں یہ تندور لگاتے ہیں، اس کام میں ان کے بھائی، بچے اور گھر کے دیگر افراد بھی بڑھ چڑھ کر شامل ہوتے ہیں۔


    یہ بے نام قبریں کس کی ہیں؟ دل دہلا دینے والی کہانی


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • پاپ کورن کی 150 سال پرانی بھٹّی پاکستان میں کہاں ہے؟ ویڈیو رپورٹ

    پاپ کورن کی 150 سال پرانی بھٹّی پاکستان میں کہاں ہے؟ ویڈیو رپورٹ

    یہ ڈیڑھ صدی کا قصہ ہے، 150 سال پہلے بننے والی یہ بھٹّی تین نسلوں کے لیے گھر چلانے کا ذریعہ ہے۔

    پشاور اندرون شہر تاریخی دروازے کوہاٹی گیٹ کے قریب ڈیڑھ سو سال پہلے پاپ کورن کے لیے بنائی گئی بھٹّی آج بھی بھڑکتی ہے۔ نہ پاپ کورن بننا رکا نہ ہی اس کے خریدار کم ہوئے۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • نئی نویلی دلہن  کو شادی کے 22 دن بعد ہی  قتل کر دیا گیا

    نئی نویلی دلہن کو شادی کے 22 دن بعد ہی قتل کر دیا گیا

    پشاور: تہکال میں نئی نویلی دلہن کو شادی کے 22 دن بعد ہی قتل کر دیا گیا، پولیس نے بیوی کے مبینہ قتل کے الزام میں شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے تہکال میں 22 سالہ لڑکی کو شادی کے 22 دن بعد قتل کردیا گیا ، پولیس نے بتایا کہ 22سالہ ثناکی شادی 22 دن پہلے ہوئی تھی اور :ثنا کے شوہر نے واقعہ کو خودکشی کا رنگ دیا۔

    پولیس نے کہا کہ بیوی کےمبینہ قتل کےالزام میں شوہر کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، مقتولہ کے والد کی درخواست پر شوہر بلال حیدر کو گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر سارے شواہد شوہر بلال جاوید کے خلاف جارہے ہیں تاہم مقتولہ کےگلےپرنشان پائے گئے میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے۔

    دوران تفتیش ملزم بلال حیدر نے بتایا کہ اس کی بیوی نے خودکشی کی، وہ گھر پہنچا تو بیوی پہلے سے مری ہوئی تھی۔

    حکام کے مطابق ملزم کی یہ دوسری بیوی ہےجولیڈی ہیلتھ ورکرہے، دونوں کی 3 سال سےدوستی تھی، تاہم تفتیشی ٹیم کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔

  • ڈپٹی کمشنر کرم پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کی شناخت ہوگئی

    ڈپٹی کمشنر کرم پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کی شناخت ہوگئی

    پشاور: ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کی شناخت ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈی سی کرم جاوید اللہ محسود پر فائرنگ کرنے والوں کی بھی شناخت کرلی گئی ہے، حملے میں نامزد 5 ملزمان سمیت دیگر سہولت کاروں کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی جی خیبرپختونخوا اتوار کو کوہاٹ میں اعلیٰ سطح اجلاس کریں گے جس میں آر پی او کوہاٹ، ڈی پی او کرم ودیگر اعلیٰ افسران شریک ہوں گے۔

    سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا بھی کوہاٹ جائیں گے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ ملوث افراد کو مقدمہ اندراج کے بعد فوری گرفتار کیا جائے گا اور انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔

    یہ پڑھیں: لوئر کرم : ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر فائرنگ، ڈپٹی کمشنرجاوید اللہ محسود زخمی

    واضح رہے کہ آج صبح لوئرکرم کے علاقے بگن میں ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر شرپسندوں نے فائرنگ کردی ، فائرنگ سے ڈپٹی کمشنرجاوید اللہ محسود زخمی ہوگئے۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود تحصیل لوئر علیزئی اسپتال منتقل کردیا ہے تاہم فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ فریقین نے نہیں کی نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی، تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے

    چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کرم کی حالات خطرے سے باہر ہے، جاوید محسود بگن جا رہے تھے، ڈپٹی کمشنر کرم پر فائرنگ انتہائی افسوسناک ہے۔

    وزیراعلیٰ نے بھی گن کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر کرم پر شرپسندوں کی فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کرم کو 3 گولیاں لگیں تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • کرم میں قافلے پر حملہ، تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی

    کرم میں قافلے پر حملہ، تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی

    کرم میں قافلے پر حملے سے متعلق تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرم میں افسوسناک واقعہ صبح 10 بجکر 35 منٹ کے قریب پیش آیا، دوائیوں، اشیائے خوردونوش پر مشتمل سامان کا پہلا قافلہ روانہ ہونا تھا۔

    تحقیقات رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قافلہ روانہ ہونے سے قبل مذاکراتی ٹیم سڑک کھلوانے کے لیے بات چیت کررہی تھی، مسلح شرپسندوں نے ڈپٹی کمشنر اور سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی۔

    رپورٹ کے مطابق حملے میں ڈپٹی کمشنر سمیت ایک پولیس اور ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوا، واقعہ میں ملوث کرداروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے مل کر رپورٹ مرتب کی اور اس حوالے سے صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آج صبح لوئرکرم کے علاقے بگن میں ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر شرپسندوں نے فائرنگ کردی ، فائرنگ سے ڈپٹی کمشنرجاوید اللہ محسود زخمی ہوگئے۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود تحصیل لوئر علیزئی اسپتال منتقل کردیا ہے تاہم فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ فریقین نے نہیں کی نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی، تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے

    چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کرم کی حالات خطرے سے باہر ہے، جاوید محسود بگن جا رہے تھے، ڈپٹی کمشنر کرم پر فائرنگ انتہائی افسوسناک ہے۔

    وزیراعلیٰ نے بھی گن کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر کرم پر شرپسندوں کی فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کرم کو 3 گولیاں لگیں تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • پشاور واقعہ: طالب علم کا والد کے نام لکھا گیا خط سامنے آگیا

    پشاور واقعہ: طالب علم کا والد کے نام لکھا گیا خط سامنے آگیا

    پشاور میں اسلامیہ کالج کے ساتویں سمسٹر کے طالب علم نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور اسلامیہ کالج میں ساتویں سمسٹر کے طالب علم ضیا الدین کی لاش اسپتال میں پنکھے کے ساتھ لٹکی ہوئی برآمد ہوئی۔

    مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے طالب علم نے والد کے نام خط بھی لکھا۔

    ضیا الدین کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ نیو ایئر نائٹٓ پر کھانا پکایا اور خوب گپ شپ لگائی مگر معلوم نہیں تھا کہ اگلے دن ان کا دوست بچھڑ جائے گا۔

    طالب علم نے والد کے نام پشتو میں لکھے گئے خط میں کہا کہ ’وہ ایسی کیفیت میں ہے کہ بیان نہیں کرسکتا اور مزید ایسے معاشرے میں زندگی نہیں گزار سکتا، نہیں پتہ یہ اقدام اٹھا رہا ہوں۔

    پولیس نے واقعے کے بعد ضیا الدین کے دوستوں کے بیانات قلمبند کردلیے، ہوسٹل میں متوفی کے سامان کی چھان بین سمیت کرائم سین اور انویسٹی گیشن ٹیموں نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • پہاڑی وادیوں اور تند و تیز دریاؤں میں 1122 نے سال 2024 کیسے گزارا؟

    پہاڑی وادیوں اور تند و تیز دریاؤں میں 1122 نے سال 2024 کیسے گزارا؟

    پشاور: خیبرپختونخوا ایمرجنسی ریسکیو 1122 نے 2024 میں صوبے بھر میں 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد سروسز دیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا ریسکیو 1122 کے جاں باز سال 2024 میں بھی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں پیش پیش رہے، ریسکیو خیبرپختونخوا کے فلڈ آپریشنل جوانوں نے کہیں پہاڑی وادیوں میں لوگوں کو مدد فراہم کی تو کہیں منہ زور دریاؤں کی بے رحم موجوں میں جان کی بازی لگا کر ڈولنے والوں کو ریسکیو کیا۔

    خیبرپختونخوا ایمرجنسی ریسکیو 1122 نے 2024 صوبے بھر میں دو لاکھ 30 ہزار سے زائد سروسز فراہم کیں، جن میں 50 ہزار سے زائد مریضوں کو ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ 21 ہزار ٹریفک حادثات اور 4 ہزار سے زائد آگ لگنے کے واقعات پر ریسکیو ٹیموں نے فرائض کی ادائیگی میں حصہ لیا۔

    ترجمان بلال فیضی کے مطابق سال 2024 میں ریسکیو خیبرپختونخوا کے 110 اسٹیشنز سے صوبے بھر کے مختلف اضلاع میں نہ صرف ایمرجنسی سروسز فراہم کی گئیں، بلکہ صوبے کے سیاحتی مقامات پر بھی ریسکیو کے فائر فائٹرز کی ٹیموں نے اپنی پیش وارانہ خدمات انجام دیں۔