Author: عدنان طارق

  • رکشے میں بیٹھی خاتون پر نوجوان نے تیزاب پھینک دیا، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    رکشے میں بیٹھی خاتون پر نوجوان نے تیزاب پھینک دیا، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    پشاور: خیبر پختون خوا کے مرکزی شہر پشاور میں آبدرہ روڈ پر رکشہ سوار خواتین پر تیزاب پھینکنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں تیزاب گردی کا ایک دل خراش واقعہ پیش آیا ہے، آبدرہ روڈ پر 2 موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے رکشے میں سوار ایک خاتون پر تیزاب پھینک دیا، جس سے کئی خواتین جھلس گئیں۔

    نقاب پوش 2 موٹر سائیکل سوار لڑکے رکشے کا پیچھا کر رہے تھے، آبدرہ روڈ پہنچتے ہی پیچھے بیٹھے لڑکے نے رکشہ سوار خواتین پر تیزاب پھینک دیا، فوٹیج میں ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تفتیشی پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی ہے، متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی، جس کے مطابق 28 سالہ خاتون اور 15 سالہ لڑکی سمیت 4 افراد پر تیزاب پھینکا گیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے بتایا کہ سابقہ شوہر انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا تھا، تیزاب سابقہ شوہر نے ہم پر پھینکا۔


  • پشاور میں فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد قتل

    پشاور میں فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد قتل

    پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں نامعلوم مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو قتل کر دیا۔

    مبینہ جائیداد کے تنازع پر ملزمان نے گھر کے اندر چار بچوں اور چار خواتین سمیت 9 افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ خاندانی دشمنوں نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

    ابتدائی طور پر 8 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے تھے جبکہ ایک زخمی کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جو دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشیں پورٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کی تھیں۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن صاحبزادہ سجاد نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلیے ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

    صاحبزادہ سجاد نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیش آگے بڑھے گی۔

  • محکمہ اوقاف نے شاہ رخ خان کے بچپن کا درخت کاٹ دیا

    محکمہ اوقاف نے شاہ رخ خان کے بچپن کا درخت کاٹ دیا

    پشاور: محکمہ اوقاف نے شاہ رخ خان کے بچپن کا درخت کاٹ دیا، صوبائی وزیرمذہبی امورنے نوٹس لے کر انکوائری کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے گنجان آباد علاقے قصہ خوانی بازار میں 300 سال پرانے تناور پیپل کے پیڑ کو کاٹ دیا گیا۔

    تاریخی شاہ ولی قتال کے اہل علاقہ نے بتایا کہ ان کے آباو اجداد نے اس تاریخی درخت کا بیچ بویا تھا جبکہ بالی ووڈ اداکار شاہ رخ کی بچپن کی یادیں بھی پیپل کے اس پیڑ سے وابستہ رہیں ہیں۔

    اہل محلہ کا کہنا ہے کہ بالی ووڈکنگ کاگھرقصہ خوانی بازارکی اس گلی میں تھا، شاہ رخ خان پیپل کےاس درخت کے نیچے کھیلتے تھے۔

    اہلیان علاقہ قدیمی درخت کٹائی کے معاملہ پر اہل محلہ اور بازار کے تاجروں نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    محمکہ اوقاف کے حکام کے مطابق موسمی وجوہات کی بناپردرخت کاٹاگیا، مزکورہ درخت کاٹنے کے لیے محمکہ جنگلات این او سی لے رکھی تھی تاہم وزیر برائے اوقات مزہبی امور نے واقعہ کی چھان بین کے لیے انکوارئی فیصلہ کیا ہے۔

  • لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات کی خوردبرد میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

    لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات کی خوردبرد میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

    پشاور: خیبرپختونخوا کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال کو جاری کردہ سرکاری ادویات کی غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کی سرکاری ادویات فروخت کرنے کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے ادویات کے فروخت میں ملوث لیڈی ریڈنگ اسپتال کے تین ملازمین سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات کی خوردبرد میں ملوث تھے، ملزمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کو جاری کی گئی سرکاری ادویات فروخت کرتے تھے۔

    حکام کا مزید بتانا ہے کہ ملزمان کی نشاندہی پر پشاور کے مختلف نجی اسپتالوں میں چھاپے مارے گئے، اس دروان  2 میڈکل اسٹور کے گودام سے بھاری مقدار میں سرکاری دوائیں برآمد کرلی گئی ہیں۔

  • چینی انجینئرز کی گاڑی پر حملہ کرنے والے دہشت گرد گرفتار ہو گئے

    چینی انجینئرز کی گاڑی پر حملہ کرنے والے دہشت گرد گرفتار ہو گئے

    پشاور: چینی انجینئرز کی گاڑی پر حملہ کرنے والے 4 دہشت گرد گرفتار ہو گئے۔

    بشام واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، سی ٹی ڈی نے خود کش حملے میں ملوث چار دہشت گرد گرفتار کر لیے، چینی انجینئرز کی گاڑی پر خود کش حملہ 26 مارچ کو ہوا تھا۔

    گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے، جنھوں نے اعتراف جرم کر لیا ہے، حملے میں ملوث نیٹ ورک کے دیگر دہشت گردوں کی شناخت بھی کر لی گئی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق حملے کے پیچھے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کی کوشش جاری ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 26 مارچ کو خیبر پختونخوا میں شانگلہ کے علاقے بشام میں گاڑی پر ہونے والے خود کش حملے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بارود سے بھری ایک گاڑی چینی انجینئرز کی گاڑی سے ٹکرائی گئی تھی۔ گاڑی میں سوار چینی انجینئرز اسلام آباد سے داسو کیمپ کوہستان جا رہے تھے۔ دھماکے کے بعد کوسٹر روڈ سے نیچے جا گری تھی۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی تھی۔ سی ٹی ڈی اس کیس میں 12 سے زائد مبینہ دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار کر چکی ہے۔

  • سیشن جج کے اغوا کا مقدمہ درج، گاڑی بازیاب

    سیشن جج کے اغوا کا مقدمہ درج، گاڑی بازیاب

     سیشن جج وزیرستان شاکر اللہ مروت کے اغوا ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جب کہ مغوی کی گاڑی بازیاب کرا لی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز سیشن جج وزیرستان شاکر اللہ مروت کو ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سنگم پر واقع گرہ محبت اڈہ کے مقام سے اغوا کیا تھا جن کے اغوا کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشتگردی نے درج کر لیا ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ جج کے مبینہ اغوا کیس سے متعلق خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس میں سی ٹی ڈی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق مغوی جج کی گاڑی کو برآمد کر لیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں۔

    جج کی بازیابی کے لیے سی ٹی ڈی میں الگ ٹیم تحقیقات کر رہی ہے جب کہ ڈی آئی خان ریجن کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے ساتھ کئی مشتبہ افراد سے تفتیش بھی جاری ہے۔

  • چینی قافلے پر خودکش حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج

    چینی قافلے پر خودکش حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج

    بشام قراقرم ہائی وے لاہور نالہ کے مقام پر دہشت گردی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چینی قافلے پر خودکش حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ پولیس مراسلے کی بنیاد پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہوا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق اسلام آباد سے آنے والی چینی گاڑیوں کو لاہور نالہ کے مقام پر نشانہ بنایا گیا، مین شاہراہ پر خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی کو قافلے سے ٹکرایا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شانگلہ کے علاقے بشام میں بس پر خودکش حملے میں 5 چینی شہریوں سمیت کوہستان سے تعلق رکھنے والا ان کا ایک پاکستانی ڈرائیور جان کی بازی ہار گیا تھا اوراس حادثے کا شکار ہونے والوں کی میتیں اسلام آباد منتقل کر دی گئی تھیں جہاں سے انہیں چین روانہ کیا جائے گا۔

    ڈی آئی جی مالاکنڈ کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، گاڑی پر حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

  • شانگلہ دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    شانگلہ دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    شانگلہ میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی۔

    گزشتہ روز ہونے والے شانگلہ دھماکے کی پہلی سی سی ٹی وی فوٹیج قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حاصل کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چینی انجینئرز کی گاڑی گزر رہی تھی، اور اچانک سامنے سے آنے والی گاڑی اس سے ٹکرا گئی، دونوں گاڑیوں کے ٹکراتے ہی زوردار دھماکا ہو گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر ایک کانوائے گزر رہا تھا، اس میں موجود پچھلی والی بس میں ڈی وی آر لگی ہوئی تھی جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ فوٹیج حاصل کی ہے۔

    چینی انجینئرز کی گاڑی کو کوہستان کی طرف جانا تھا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بائیں جانب ایک گاڑی موجود ہے، جو اچانک بس سے ٹکرا گئی تھی اور اتنا خوف ناک دھماکا ہوا کہ گاڑی اڑ کر دوسری طرف موجود کھائی میں گری۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شانگلہ کے قریب داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے اہلکاروں پر حملہ ہوا تھا، پاکستان میں چینی سفارت خانے کے بیان کے مطابق داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ عملے کو لے جانے والی بس کو نشانہ بنایا گیا اور حملے میں 5 چینی شہری اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔

  • پشاور دھماکا، ہلاک و زخمی دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی

    پشاور دھماکا، ہلاک و زخمی دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی

    پشاور بورڈ بازار میں آج صبح ہونے والے دھماکے میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا تینوں دہشتگرد تھے اور پولیس کے مطابق ان کی شناخت ہوگئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج پشاور کے علاقے بورڈ بازار کے قریب موٹر سائیکل میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوا تھا۔ پولیس اور سی ٹی ڈی حکام نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور اس دھماکے کی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کر لی ہے۔

    پولیس کے مطابق دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے دہشتگرد ہیں جن کی شناخت ہوگئی ہے اور ان کا تعلق پشاور سے ہی ہے جو سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔ فرانزک ٹیم نے موٹر سائیکل کے پارٹس تحویل میں لے لیے ہیں جب کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے موبائل کے ڈیٹا پر کام جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل کے پارٹس اور نمبر پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ سی ٹی ڈی زخمی دہشت گرد کا بیان قلمبند کرے گی۔

    پشاور میں بارودی مواد منتقل کرتے ہوئے دھماکا، 2 ملزمان ہلاک، ایک زخمی

    پولیس نے بتایا  کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج پر تفتیش کی جا رہی ہے اور ان ہی فوٹیجز سے پتہ چلا ہے کہ موٹر سائیکل بورڈ بازار سے ناصر باغ روڈ کی طرف لائی گئی تھی۔

  • پشاور میں بارودی مواد منتقل کرتے ہوئے دھماکا، 2 ملزمان ہلاک، ایک زخمی

    پشاور میں بارودی مواد منتقل کرتے ہوئے دھماکا، 2 ملزمان ہلاک، ایک زخمی

    پشاور بورڈ بازار کے قریب موٹر سائیکل میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی  نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے بورڈ بازار کے قریب موٹر سائیکل میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا جب کہ جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد جمع کرنا شروع کر دیے گئے ہیں۔

    واقعے کے حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف آفتاب عباسی کا کہنا ہے کہ یہ دھمماکا مبینہ طور پر خودکش ہے۔ اس دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا۔ تین ملزمان یہ بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا۔

    ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ اس دھماکے میں ایک ملزم زخمی بھی ہوا ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہے، فرانزک ٹیم نے موٹر سائیکل کے پارٹس تحویل میں لے لیے ہیں، ملزمان کا ٹارگٹ کیا تھا تفتیش کر رہے ہیں۔