Author: عدنان طارق

  • پشاور ہائی کورٹ بار میں فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    پشاور ہائی کورٹ بار میں فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ہائی کورٹ کے بار روم میں لطیف آفریدی پر فائرنگ کے بعد کمرے میں بھاگ دوڑ دیکھی جاسکتی ہے جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزم کو بار میں موجود پولیس اہلکار نے باہر نکالا۔

    ملزم گیٹ کے راستے پستول اندر لے کرآیا اسے چیک نہیں کیا گیا جس پر مین گیٹ پر تعینات عملے کو معطل کرکے کوارٹر گارڈ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ معروف قانون دان عبدالطیف آفریدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے، عدالت کے احاطے میں ان پر فائرنگ کی گئی، اناسی سالہ سینئر وکیل کو زخمی حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    سابق صدرسپریم کورٹ بارکےصاحبزادے دانش آفریدی ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ حملہ آور کےساتھ ہماری خاندانی دشمنی چلی آرہی ہے،عدالت سے انصاف کی توقع ہے۔

     

    سی سی پی او نے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا

    سی سی پی او نے ایس ایس پی آپریشن کو واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا، ہائیکورٹ میں اسلحہ لے جانے اور سیکیورٹی لیپس کے حوالے سے تفتیش ہوگی۔

    یاد رہے کہ عینی شاہدین کا بتانا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ میں سیکیورٹی سخت ہوتی ہے اور واک تھرو گیٹ بھی لگے ہوئے ہیں تاہم ملزم اپنے پاس موجود لا کالج کا کارڈ دکھا کر ہائیکورٹ کے احاطے اور پھر بار روم میں داخل ہوا اور وہاں فائرنگ کردی۔

     

  • جاوید لطیف، مریم اورنگزیب پر مذہبی منافرت پھیلانے کے مقدمات درج

    جاوید لطیف، مریم اورنگزیب پر مذہبی منافرت پھیلانے کے مقدمات درج

    مسلم لیگ ن کے وفاقی وزرا جاوید لطیف، مریم اورنگزیب سمیت دیگر پر مذہبی منافرت پھیلانے کے الزامات میں پشاور میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور کے تھانہ رحمان بابا میں پی ٹی آئی کارکن کی مدعیت میں درج مقدمات میں 14 ستمبر کو سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر پریس کانفرنس کا حوالہ دیا گیا ہے۔

    مقدمے کے مدعی کا کہنا ہے کہ سرکاری ٹی وی پر بدنیتی پرمبنی پروگرام سوچی سمجھی سازش اور منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، جس میں سیاق وسباق سے ہٹ کر عمران خان کی تقاریر کے کلپس کانٹ چھانٹ کر چلائے گئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں بھی وفاقی وزیر جاوید لطیف پر دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    وفاقی وزیر جاوید لطیف پر دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

    ن لیگی رہنما کے خلاف مقدمہ امام مسجد ارشاد الرحمٰن کی مدعیت میں تھانہ گرین ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف غلط بیانی کرکے اشتعال دلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

  • چارسدہ سے ہزاروں کیوسک سیلابی ریلا گزرنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    چارسدہ سے ہزاروں کیوسک سیلابی ریلا گزرنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    چارسدہ سے 95 ہزار کیوسک سیلابی ریلا گزرنے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ ایری گیشن کا کہنا ہے کہ چارسدہ کے خیالی برج پر پانی کا بہاؤ اور اخراج ایک لاکھ کیوسک ہے جبکہ برج پر اس وقت 95 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے کا پانی کھیتوں اور نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا۔

    محکمہ ایری گیشن کے مطابق تیز بہاؤسے نقصانات کم کر نے کے لیے پانی کا بہاؤ دریائے جندی کی طرف موڑا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق دریائے جندی کے قریب رہائش پذیر مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

    ایری گیشن حکام کا کہنا ہے کہ عبدالولی خان اسپورٹس کمپلیکس میں ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا جبکہ چارسدہ تا پشاور جی ٹی روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں پاک آرمی کی ٹیمیں بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما کو 23 سوالوں پر مشتمل سوال نامہ  تھما دیا

    ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما کو 23 سوالوں پر مشتمل سوال نامہ تھما دیا

    پشاور : ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما شاہ فرمان کو 23 سوالوں پر مشتمل سوال نامہ تھما دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق گورنر شاہ فرمان ایف آئی اے میں پیش ہوئے۔

    ذرائع ایف آئی اے نے بتایا کہ سابق گورنر کے پی شاہ فرمان کو 23 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ دے دیا گیا ہے۔

    جس میں شاہ فرمان سے ذریعہ آمدن کےساتھ تمام بینک اکاوئنٹ کی تفصیلات طلب کی گئیں ہیں۔

    سوالنامے میں کہا گیا کہ نجی بینک کے اکاوئنٹ کو پارٹی نے الیکشن کمیشن میں مسترد کیا، آپ اسے اپنا اکاؤنٹ تسلیم کرتے ہیں، اکاوئنٹ کھولنے کا مقصد کیا تھا۔

    سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ کیا آپ نے اس اکاوئنٹ کو الیکشن کمیشن میں ظاہر کیا تھا؟ اکاؤنٹ کون چلاتا اور چیک پر کون دستخط کرتا تھا؟

    ایف آئی اے کی جانب سے شاہ فرمان سے ٹیکس گوشوارں کے حوالے سے تفصیلات بھی 22 اگست تک طلب کی گئی ہیں۔

    خیال رہے ایف آئی اے کی 3رکنی تحقیقاتی ٹیم ممنوعہ فنڈنگ کیس کی انکوئری کر رہی ہے ، ایف ائی اے نےپی ٹی آئی خیبرپختونخواکے 4 رہنماؤں کو18اگست کوطلب کیا تھا۔

    ذرائع نے بتایا کہ سابق قومی اسپیکراسدقیصراورسابق گورنر شاہ فرمان ، پی ٹی آئی صوبائی فنانس سیکریٹری محمدعمران اور فنانس کمیٹی رکن محسن داؤد کو بلایا گیا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق نجی بینکوں میں 2 اکاؤنٹس سےمتعلق وضاحت کیلئے رہنماؤں کوطلب کیاگیا ، دونوں اکاؤنٹس سے 28لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی تھی۔

  • میٹرک کے سالانہ امتحانات 2022 کے پیپرز لیک کرنے والے  11 ملزمان گرفتار

    میٹرک کے سالانہ امتحانات 2022 کے پیپرز لیک کرنے والے 11 ملزمان گرفتار

    پشاور : ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2022 کے پیپرز لیک کرنے والے گیارہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ایبٹ آباد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے گیارہ ملزمان گرفتار کرلئے۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان میٹرک کے سالانہ امتحانات 2022 کے پیپرز لیک کرنے میں ملوث ہیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں اسکول مالکان، اساتذہ اور طلباء شامل ہیں، ملزمان بدعنوانی اور دھوکہ دہی سے ادارے سے امتحانی پرچوں کے اسکرین شاٹس حاصل کرتے تھے اور واٹس ایپ کے ذریعے پیپرز کو لیک کرتے تھے۔

    ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مقامی عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔

  • پشاور: دو ہفتوں میں 3 کمسن بچیوں سے زیادتی،2 قتل کردی گئیں

    پشاور: دو ہفتوں میں 3 کمسن بچیوں سے زیادتی،2 قتل کردی گئیں

    صوبائی دارالحکومت پشاور میں جنسی بھیڑئیے آزاد، دو ہفتوں میں تین بچیوں کو اپنی ہوس کا نشانے بناڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے صدر میں دو ہفتے کے دوران تین بچیوں سے زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوئے، دلخراش پہلو یہ ہے کہ نامعلوم جنسی درندوں نے ان میں سے دو بچیوں کو اپنی جنسی خواہش کا نشانے بنانے کے بعد قتل کردیا۔

    دو روز قبل کالی باڑی صدر کے علاقے میں حیا نامی بچی کو قتل کرکے لاش پھینک دی گئی، چودہ روز کے دوران اسی علاقے میں بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے بعد یہ دوسرا واقعہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: خاتون بیچ سڑک پر ہراسانی کا شکار

    اس سے قبل چار جولائی کو گیارہ سالہ ماہ نور کو ریلوے کوارٹرز میں انسانی درندوں نے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا دو ہفتے قبل قتل ہونے والی ماہ نور کے قاتلوں کا تا حال سراغ نہ لگایا جا سکا۔

    دو ہفتے گزر جانے کے بعد بھی پولیس قاتلوں کو پکڑنے میں ناکام ہے، ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف عباسی کے مطابق دونوں کیسز میں اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیمز بنائی گئی ہیں جلد ملزمان گرفتار کرلیے جائیں گے۔

  • پشاور پولیس نے تھیلیسیمیا کے مریض بچے کی دیرینہ خواہش پوری کردی، ویڈیو دیکھیں

    پشاور پولیس نے تھیلیسیمیا کے مریض بچے کی دیرینہ خواہش پوری کردی، ویڈیو دیکھیں

    پشاور پولیس نے چار سدہ کے غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے تھیلیسیمیا کے مریض 14 سالہ بچے شعیب اختر کی دیرینہ خواہش پوری کردی۔

    پشاور پولیس کے ایس ایس پی آپریشن لیفٹیننٹ کمانڈر (ر) کاشف آفتاب عباسی نے چارسدہ کے ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ تھیلیسیمیا کے مریض بچے شعیب اختر کی بڑی خواہش پوری کرتے اس کو ملاقات کے لیے اپنے دفتر میں بلا لیا، ملاقات کے دوران شعیب اختر نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔

    ایس ایس پی آپریشن کاشف آفتاب عباسی نے پولیس یونیفارم پہنے شعیب کے ساتھ وقت گزارا اس کے ساتھ گفتگو کی جس کے بعد سٹی پیٹرول فورس کی گاڑی نے شعیب کو مکمل پروٹوکول کے ساتھ پولیس لائن گیٹ تک رخصت کیا جہاں پولیس فورس کے جوانوں نے ننھے پولیس افسر شعیب کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔

    ملاقات کے دوران شعیب اختر نے کہا میں اس سے پہلے بھی کئی اعلی شخصیات سے مل چکا ہوں تاہم کافی عرصے سے خواہش تھی کہ میں آپ سے ملاقات کروں اور میری یہ دیرینہ خواہش آج پوری ہوگئی ہے، اس موقع پر دونوں نے ایک دوسرے کو پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے۔

    واضح رہے کہ تھیلیسیما کے مریض 14 سالہ شعیب اختر کا تعلق چارسدہ کے ایک غریب گھرانے سے ہے اور وہ تیسری جماعت کا طالبعلم ہے، شعیب نے ایس ایس پی آپریشن سے ملنے کی خواہش سوشل میڈیا پر کی تھی جس پر ایس ایس پی آپریشن کاشف آفتاب عباسی نے اسے پولیس لائن پشاور میں اپنے دفتر میں بلا کر ملاقات کی۔

  • کرکٹر اور ڈی ایس پی، شاہین آفریدی کے لئے بڑا اعزاز

    کرکٹر اور ڈی ایس پی، شاہین آفریدی کے لئے بڑا اعزاز

    پشاور: قومی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی خیبرپختونخوا کے خیر سگالی سفیر مقرر کردئیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک سعد شہید پولیس لائن میں پاکستانی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے شاہین شاہ آفریدی کو اعزازی ڈی ایس پی رینک کے بیجز لگائے۔

    تقریب میں آئی جی کے پی پولیس معظم جاہ انصاری اور دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ کرکٹر فخر زمان بھی تقریب میں موجود تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: کھلاڑی دورہ سری لنکا کے لئے تیار ہیں، کپتان بابراعظم

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹر نے کہا کہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ میں کے پی پولیس کا گڈول برانڈ ایمبسڈر ہوں، ہم صرف فیلڈ پر نظر آتے ہیں اور ہمیں سپر اسٹار کہا جاتا ہے، اصل سپراسٹار پولیس ہے، پولیس کی قربانی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

    شاہین آفریدی نے پولیس وردی میں پہلی سلامی اپنے والد کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد بھی پچیس سال تک پولیس فورس کا حصہ رہے، ہمارے گھر پر دو بار بم دھماکے ہوئے، ایک بار ابو زخمی بھی ہوئے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کافی مشکل ڈیوٹی ہے جو ہمارے جوان سرانجام دے رہے ہیں، انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب پاکستانی پلیئرز آپ کے ساتھ ہیں۔

     

  • پشاور: منشیات فروشی پر حاضر سروس ایس ایچ او بیٹے سمیت گرفتار

    پشاور: منشیات فروشی پر حاضر سروس ایس ایچ او بیٹے سمیت گرفتار

    پشاور: خیبر پختون خوا میں منشیات فروشی پر ایک حاضر سروس ایس ایچ او کو ان کے کانسٹیبل بیٹے سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں گلبہار پولیس نے ایک کارروائی میں خیبر پولیس کے حاضر سروس ایس ایچ او اور کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا۔

    ایس ایس پی کاشف آفتاب نے بتایا کہ ملزمان باپ اور بیٹا منشیات فروش ہیں، کارروائی کے دوران ان سے 13 کلو سے زائد ہیروئن برآمد کی گئی۔

    ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ایس ایچ او اور کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا ہے، اور ان کے خلاف منشیات فروشی کا مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق گرفتار ایس ایچ او ضلع خیبر کے تھانہ ملاگوری میں تعینات تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی تھانہ آغا میر جانی پولیس نے اپنے ہی کانسٹیبل کو گرفتار کیا تھا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل ہیروئن سپلائی کرتا تھا، جسے معطل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • خودکش دھماکے میں‌ ملوث‌ حملہ آور گروپ کا اندازہ ہے، آئی جی خیبرپختونخوا

    خودکش دھماکے میں‌ ملوث‌ حملہ آور گروپ کا اندازہ ہے، آئی جی خیبرپختونخوا

    آئی جی کے پی معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ قصہ خوانی بازار کی مسجد میں خودکش دھماکے میں ملوث حملہ آور گروپ کا اندازہ ہے ۔

    آئی جی کے پی معظم جاہ انصاری نے قصہ خوانی بازار میں جامع مسجد میں خودکش دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور دھماکے کے تفصیلات معلوم کیں۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی معظم جاہ انصاری کا کہنا تھا کہ خودکش حملے میں ملوث حملہ آور گروپ کا اندازہ ہے، سی ٹی ڈی اس حوالے سے تفتیش کررہی ہے۔

    آئی جی نے کہا کہ نماز کے دوران لوگوں کو شہید کیے جانا افسوسناک واقعہ ہے، فروری مارچ میں کوئی تھریٹ نہیں تھا، تفتیش کے لیے پورے علاقے کی سی سی ٹی وی دیکھی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب تک کی تفیتیش کے مطابق دہشتگرد نے کالے رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی، دہشتگرد ایک اور پیدل تھا، پولیس موقع پر موجود تھی۔

    آئی جی معظم جاہ نے کہا کہ دہشتگرد نے مسجد سے پچیس گز کے فاصلے پر پہلے پولیس کو نشانہ بنایا پھر مسجد میں گھس کر تیسری صف میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    آئی جی نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خودکش بمبار کے پاس 5 سے6 کلو دھماکا خیز مواد تھا۔

    واضح رہے کہ قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں خودکش دھماکے میں 56 افراد شہید اور 190 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں دھماکا، 56 افراد شہید

    دھماکا اس وقت ہوا جب مسجد میں نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی۔

    خودکش بمبار نے پہلے مسجد کے باہر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی بعد ازاں مسجد میں داخل ہوکر خود کو تیسری صف میں اڑالیا۔

    جاں بحق افراد میں بچے بھی شامل ہیں جب کہ خودکش حملہ آور کے مسجد میں داخل ہونے سے پہلے پولیس سے ٹکراؤ میں ہونیوالی فائرنگ میں ایک اہلکار موقع پر شہید جبکہ دوسرا اسپتال میں دم توڑ گیا۔