Author: افضل خان

  • باپ نے   بیٹی اور اس کے دوست کو قتل کرڈالا

    باپ نے بیٹی اور اس کے دوست کو قتل کرڈالا

    کراچی : ملیر رفاع عام سوسائٹی میں باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی اور اس کے دوست کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر رفع عام سوسائٹی میں واقع گھرمیں نوجوان لڑکی اور لڑکے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

    ریسکیوحکام نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ گھر کی بالائی منزل پر پیش آیا۔

    پولیس نے واقعے کو غیرت کے نام پر قتل کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے لڑکی کے والد اظہر کو قتل کے شبے میں اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

    مزید پڑھیں : نام نہاد غیرت کے نام پر ایک اور لڑکا لڑکی قتل

    پولیس کا کہنا تھا کہ لڑکا لڑکی سے ملنے اس کے گھر آیا تھا کہ باپ نے دیکھ لیا، جس کے بعد لڑکی کے والد نے دونوں کوقتل کردیا۔

    پولیس نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے تھانہ میراخیل کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں لڑکا اور لڑکی کو قتل کردیا گیا تھا۔

    بنوں کے ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ لڑکا اور لڑکی پسند کی شادی کرنا چاہتے تھے، دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا۔

  • کراچی میں  ڈمپر نے رکشے سے اترنے والی خاتون کو روند ڈالا

    کراچی میں ڈمپر نے رکشے سے اترنے والی خاتون کو روند ڈالا

    کراچی : سہراب گوٹھ میں ڈمپر نے رکشے سے اترنے والی خاتون کو روند ڈالا اور واقعے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئے دن بڑھتے ٹریفک حادثات کے باعث شہریوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے۔

    تین حادثات میں دو خواتین سمیت تین افراد جان کی بازی ہارگئے، ٹریفک حادثات سپر ہائی وے اور ماڑی پور دعا ہوٹل کے قریب پیش آئے۔

    کراچی سہراب گوٹھ پنجاب اڈا کے قریب ڈمپر نے رکشے سے اترنے والی خاتون کو روند ڈالا، مقتولہ کی شناخت شاہدہ کے نام سے ہوئی تاہم واقعے کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہوگیا ، پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے لیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ مبینہ طورپرڈمپر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اور حادثے کے بعد ٹریفک کانظام متاثر بھی متاثررہا۔

    دوسری جانب ماڑی پور روڈ پر رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب تیز رفتارگاڑی نے خاتون کو ٹکر ماردی، سڑک عبور کرتی خاتون موقع پرہی دم توڑ گئی تاہم لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    تیسرے واقعے میں گلشن معمارموڑکے قریب تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے علاقہ سہراب گوٹھ اور سپر ہائی پر ڈمپر کی ٹکر سے خاتون کے جاں بحق ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ملوث ڈرائیور کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، شہر قائد میں ہیوی ٹریفک حادثات بے قابو ہوگئے ہیں۔

    خیال رہے کراچی میں بے ہنگم ٹریفک کا نظام اور ڈرائیوروں کی غفلت نے سڑکوں پر سفر شہریوں کے لئے موت کا سفر بنادیا ہے۔

    یکم جنوری سے اب تک ڈکیتی مزاحمت، ہوائی فائرنگ اور ٹریفک حادثات میں 40 سے زائد اموات ہوئی جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

  • وائٹ کرولا گینگ کی پولیس کے حلیے میں واردات، تاجر سے گاڑی اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

    وائٹ کرولا گینگ کی پولیس کے حلیے میں واردات، تاجر سے گاڑی اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

    کراچی: جمالی پل کے قریب وائٹ کرولا گینگ کے ملزمان نے پولیس کے حلیے میں ایک تاجر  سے گاڑی اور لاکھوں روپے لوٹ لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جمالی پل کے قریب تین روز قبل تاجرکے شارٹ ٹرم اغوا اور لوٹ مار کا واقعہ پیش آیا، سچل پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    تاجرنے پولیس کو بیان میں بتایا کہ ملزمان اسکی گاڑی اور چار لاکھ پندرہ ہزار روپے بھی لے گئے، جمالی پل اترتے ہی سفید کرولا نے پولیس لائٹس کے ذریعے راستہ مانگا، ملزمان نے پولیس کیپ اور جیکٹ بھی پہن رکھی تھی۔

     

    تاجر نے پولیس کو بتایا کہ راستہ دینے پر ملزمان نے گاڑی کو بلاک کردیا، چار ملزمان نے مجھے زبردستی اپنی گاڑی میں ڈال دیا، ہاتھ پاؤں اور آنکھوں پر پٹی باندھ کر تشدد کیا۔

    تاجر کا کہنا تھا کہ ان میں سے ایک ملزم میری گاڑی لیکر چلاگیا، ملزمان مختلف علاقوں میں گھماتے اور گاڑی میں لگے ٹریکر کا پوچھتے رہے جس کے بعد مجھے ناردرن بائی پاس پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-organized-crime-unveild/

  • شہری کو پولیس موبائل میں گھر سے کس نے اغوا کیا؟ مبینہ اغوا کی فوٹیج سامنے آ گئی

    شہری کو پولیس موبائل میں گھر سے کس نے اغوا کیا؟ مبینہ اغوا کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر بلاک 2 سے پولیس موبائل میں عدیل شیخ نامی شہری کے مبینہ اغوا کے کیس میں ورثا نے گلستان جوہر تھانے میں درخواست دے دی ہے۔

    مبینہ اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عدیل شیخ کو گھر سے اٹھا کر لے جایا جا رہا ہے۔

    درخواست گزار نے کہا ’’میرے بھائی کو 13 جنوری کو اس کے گھر سے غیر قانونی حراست میں لیا گیا، سادہ لباس اہلکار 2 پولیس موبائل اور ایک سفید کار میں آئے تھے، دونوں پولیس موبائل بغیر نمبر پلیٹ کی تھیں، جن پر کسی تھانے کا نام درج نہیں تھا۔‘‘

    عدیل شیخ اغوا

    درخواست گزار کے مطابق غیر قانونی چھاپا مارنے والے افراد ان کے بھائی کو نامعلوم مقام پر لے گئے، بھائی، میں اور میری فیملی کسی غیر قانونی کام میں شامل نہیں رہے۔

    گلستان جوہر پولیس کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے، تھانے کا کہنا ہے کہ شیخ محمد علی نے اپنے بھائی عدیل شیخ کے مبینہ اغوا کے حوالے سے درخواست کوریئر کمپنی کے ذریعے بھیجی ہے۔

    تھانے کے مطابق درخواست موصول ہونے کے بعد گزشتہ روز پولیس نے درخواست گزار سے رابطہ کر کے قانونی کارروائی کے لیے تھانے طلب کیا، درخواست گزار نے آج اپنے وکیل کے ہمراہ گلستان جوہر تھانے آ کر قانونی کارروائی کا کہا تھا، لیکن تاحال درخواست گزار کا انتظار کر رہے ہیں۔

  • کراچی، ٹرک نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

    کراچی، ٹرک نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

    کراچی: لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا، افسوسناک حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ مشتعل افراد کی جانب سے ٹرک کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی، پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کراچی کے علاقے گل بائی پر ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ماں اور ایک سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

    خاتون کی شناخت شبانہ کے نام سے ہوئی جس کی عمر 45 برس تھی، خاتون کی گود میں ایک سالہ بچہ زوہان بھی تھا جو موقع پر انتقال کر گیا موٹرسائیکل پر سوار خاتون کا شوہر واقعے میں زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

    تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی، 5 افراد جاں بحق

    پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور موقعے سے فرار ہو گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر کو تحویل میں لے لیا تھا۔

  • نکاح کے بعد رخصتی سے قبل لڑکی کے دل دہلا دینے والے قتل کی ایف آئی آر سامنے آ گئی

    نکاح کے بعد رخصتی سے قبل لڑکی کے دل دہلا دینے والے قتل کی ایف آئی آر سامنے آ گئی

    کراچی: نکاح کے بعد رخصتی سے قبل لڑکی کے دل دہلا دینے والے قتل کی ایف آئی آر سامنے آ گئی۔

    گزشتہ روز کراچی کے علاقے کیماڑی، گلشن سکندرآباد میں گھر سے نوبیاہتا لڑکی کی خون میں لت پت لاش ملی تھی، مقتولہ 18 سالہ خدیجہ کو نامعلوم افراد نے تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا تھا۔

    جیکسن پولیس نے لڑکی کے قتل کا مقدمہ اس کے والد امام بخش کی مدعیت میں درج کر لیا ہے، جس میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں، ایف آئی آر میں والد نے کہا کہ ’’مجھے اطلاع ملی کہ میری بیٹی خدیجہ کو کسی نے گھر کے اندرقتل کر دیا ہے، جب میں گھر میں پہنچا تو میری بیٹی کی لاش بیڈ روم میں خون میں لت پت حالت میں پڑی تھی۔‘‘

    ایف آئی آر کے مطابق والد کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے نامعلوم وجوہ پر میری بیٹی کو قتل کیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    لٹیروں کی حجام کی دکان میں لوٹ مار کی واردات، فوٹیج وائرل

    ادھر پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے، ورثا لاش لے کر آبائی علاقے ڈسٹرکٹ وہاڑی پنجاب روانہ ہو گئے ہیں۔

    کم عمری کی شادی کا نتیجہ، عدالت نے لڑکے کو جیل بھجوا دیا

    مقتولہ کے والد امام بخش نے بتایا کہ ان کی بیٹی خدیجہ کا کچھ عرصہ قبل نکاح ہوا تھا، اور رخصتی ہونا باقی تھی، جس وقت واقعہ پیش آیا گھر میں بیٹی کے علاوہ کوئی دوسرا گھر کا فرد موجود نہیں تھا۔

  • لٹیروں کی حجام کی دکان میں لوٹ مار کی واردات، فوٹیج وائرل

    لٹیروں کی حجام کی دکان میں لوٹ مار کی واردات، فوٹیج وائرل

    کراچی: شہر قائد میں میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہو چکا ہے، ایک اور واردات میں لٹیروں نے بے خوفی سے حجام کی دکان لوٹ لی ہے۔

    کراچی کے علاقے محمود آباد گيٹ کے قریب دو لٹیروں نے حجام کی ایک دکان لوٹ لی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، وائرل ہونے والی اس فوٹیج میں لٹیروں کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

    فوٹیج کے مطابق شلوار قمیض میں ملبوس 2 لڑکے دکان میں داخل ہوئے، ایک نے دکان میں داخل ہوتے ہی شہریوں پر اسلحہ تان لیا، جب کہ دوسرا ساتھی دکان میں موجود افراد سے لوٹ مار کرتا رہا۔

    لٹیروں نے دکان دار اور بال بنوانے کے لیے آنے والوں کو چند منٹوں میں لوٹ لیا، مسلح ڈاکو شہریوں سے موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہوئے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیروں کو واضح طور پر شناخت کیا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود تاحال یہ لٹیرے پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں اس طرح کی لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، پستول کے زور پر کوئی بھی شخص کہیں بھی نقدی اور موبائل سے محروم ہو سکتا ہے، لٹیرے راہ چلتی خواتین اور موٹر سائیکل پر موجود فیملیز کو بھی نہیں چھوڑتے، ان سے بھی زیورات تک اتروا کر لے جاتے ہیں۔

  • کراچی سے اغوا تین نوجوانوں کی زنجیروں سے بندھی ویڈیو اہلخانہ کو موصول

    کراچی سے اغوا تین نوجوانوں کی زنجیروں سے بندھی ویڈیو اہلخانہ کو موصول

    کراچی کے 3 نوجوان کچے کے ڈاکوؤں کے جھانسے میں آکر اغوا ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں نے کراچی کے 2 کزن سمیت 3 نوجوان کو اغوا کرلیا، ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر اغواء ہونے والے نوجوانوں کی زنجیروں میں بندھی ویڈیو اہلخانہ کو بھیج دی۔

    دو کزن سمیت 3 نوجوانوں کے اغواء کا مقدمہ  کراچی کے تھانہ رضویہ سوسائٹی میں درج کرلیا گیا ہے، مغوی نوجوان وحید آباد گلبہار کے رہائشی ہیں اور آن لائن صوفہ کارپٹ کلیننگ کا کام کرتے ہیں۔

    مقدمے کے متن کے مطابق مغوی نوجوانوں کے چچا نے مقدمہ درج کرایا، ان کا کہنا ہے کہ ڈاکو رہائی کے عوض 20 لاکھ روپے فی کس تاوان مانگ رہے ہیں۔

    نوجوانوں کے چچا نے پولیس کو بتایا کہ تینوں نوجوان 2 جنوری کی شب کراچی سے بذریعہ بس گھوٹکی روانہ ہوئے تھے، مبینہ طور پر ڈاکؤوں کی جانب سے بھیجی گئی ویڈیو میں مغوی نوجوانوں کی جانب سے آزاد کرانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے 3 نوجوانوں کے اغواء کا نوٹس لے لیا ہے، گورنر سندھ نے آئی جی سندھ سے رابطہ کرکے مغوی نوجوان کی بازیابی کی ہدایت کی ہے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ اطلاعات ہیں اغواء کاروں نے  مغوی نوجوانوں کی بازیابی کے لئے لاکھوں روپے تاوان طلب کیا ہے، اغوا کاروں کا فوری سراغ لگا کر نوجوانوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

  • رائیڈر گینگ کی دن دہاڑے واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    رائیڈر گینگ کی دن دہاڑے واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے عزیز آباد میں رائیڈر گینگ سرگرم ہو گیا ہے، جس نے بیک وقت کئی وارداتیں کی ہیں۔

    رائیڈر گینگ کی جانب سے عزیز آباد میں موبائل فون چھیننے کی واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں اسٹریٹ کرمنلز کو واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    لٹیرے نے پولیس کو جھانسہ دینے کے لیے آن لائن بائیک سروس کا ہیلمٹ پہن رکھا تھا، جسے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے، اسٹریٹ کریمنلز کا گینگ رائیڈرز والی ہیلمٹ پہن کر وارداتیں کر رہا ہے۔

    لٹیرے کے دوسرے ساتھی کو الگ موٹر سائیکل پر دیکھا جا سکتا ہے، اس گینگ نے عزیز آباد میں ایک اور واردات بھی کی، جس میں اس نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری سے ساڑھے 3 لاکھ روپے چھینے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق یہ 9 رکنی گینگ ہے، جس میں نوجوان لڑکے شامل ہیں، جو موٹر سائیکلوں پر وارداتیں کرتے ہیں، اور واردات کے دوران یہ رائیڈرز جیسا حلیہ اختیار کرتے ہوئے ہیلمٹ یا اپر پہنتے ہیں، اور کراچی کے مختلف علاقوں میں چھینا جھپٹی کی وارداتیں کرتے ہیں۔

  • پیٹرول پمپ پر لٹیروں کی ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی

    پیٹرول پمپ پر لٹیروں کی ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں سپر ہائی وے، چاکر ہوٹل کے قریب پیٹرول پمپ پر ہونے والی ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    یہ واقعہ 5 جنوری کی رات پیش آیا تھا، جس کا مقدمہ درج کیا جا چکا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واردات میں لٹیرے 2 سے 3 لاکھ روپے نقدی اور سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ لے کر فرار ہوئے تھے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک موٹر سائیکل پر 3 لٹیروں کو دیکھا جا سکتا ہے، ایک ڈاکو نے ٹہلنے کے انداز میں جا کر کونے میں کرسی پر بیٹھے سیکیورٹی گارڈ کو قابو کیا اور اس سے اسلحہ چھینا، ڈاکو نے اس پر تشدد بھی کیا۔

    لٹیرے پیٹرول پمپ کے ملازم اور سیکیورٹی گارڈ کو تشدد کے بعد ایک کمرے میں لے گئے تھے، اور رقم لوٹنے کے بعد بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لٹیروں کی تلاش جاری ہے، ڈکیتی کا مقدمہ درج ہو چکا ہے، جلد ہی ملزمان کو تلاش کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے ساتھ ساتھ پیٹرول پمپوں پر بھی تواتر کے ساتھ ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں، پولیس انھیں روکنے میں پوری طرح ناکام ہے۔