Author: افضل خان

  • فوٹیج: لٹیرے امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے

    فوٹیج: لٹیرے امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں لٹیرے ایک امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

    بلدیہ ٹاؤن 24 مارکیٹ کے قریب مسجد کے امام سے ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی، فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مسجد کے امام گھر کے باہر بیٹھے موبائل فون استعمال کر رہے ہیں۔

    ایسے میں موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ڈکیٹ آئے اور اسلحے کے زور پر امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے، مسجد کے امام سے یہ واردات آج صبح 11 بج کر 45 منٹ پر ہوئی۔

    ویڈیو اور تصویر میں واردات میں ملوث ملزمان کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

    اسما کا قتل؟ اہل خانہ کا تشدد ہونے کا الزام، پولیس کا پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شواہد نہ ملنے کا دعویٰ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کورنگی میں سعود آباد میں موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر ایک خاندان کو بھی لوٹ لیا تھا۔ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 لٹیروں نے گھر کے باہر میاں بیوی کو یرغمال بنایا۔

    ایک لٹیرے نے مرد سے موبائل فون اور دیگر سامان لوٹا، دوسرے نے خاتون کے ہاتھ سے چوڑیاں اور انگوٹھی اتروا لی، لٹیرے موٹر سائیکل سوار خاندان کا تعاقب کرتے ہوئے ان کے گھر تک پہنچے تھے۔

  • خلع کا دعویٰ کیا ہے، شوہر اور اپنے ہی بیٹوں کے ہاتھوں لہولہان خاتون کی حالت خراب

    خلع کا دعویٰ کیا ہے، شوہر اور اپنے ہی بیٹوں کے ہاتھوں لہولہان خاتون کی حالت خراب

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ثنا نامی ایک خاتون کو اس کے شوہر اور بیٹوں نے مل کر بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے پرفیوم چوک میں ثنا نامی ایک خاتون کو علیحدگی پر اس کے شوہر اور اپنے ہی بیٹوں نے لہولہان کر دیا۔

    زخمی خاتون ثنا نے بتایا ’’2 ماہ ہو گئے میری اپنے شوہر عدنان سے علیحدگی ہو گئی ہے، میں نے خلع کا دعویٰ دائر کیا ہے اور میں اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ الگ رہتی ہوں۔‘‘

    ثنا کا کہنا تھا کہ شوہر اور بڑے بچے ان پر گھر واپسی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، انھوں نے بتایا ’’پرسوں شوہر عدنان اور بچوں نے اچانک میرے گھر آ کر مجھے ہاتھ پیر باندھ کر مارا پیٹا، میرا گلا گھونٹا، شوہر نے مجھے چین سے مارا جس سے سر اور چہرے پر چوٹیں آئیں۔‘‘

    اسما کا قتل؟ اہل خانہ کا تشدد ہونے کا الزام، پولیس کا پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شواہد نہ ملنے کا دعویٰ

    خاتون کا کہنا ہے کہ ان پر تشدد کرنے میں شوہر اور بیٹوں کے لیے علاوہ ساس بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ ثنا کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی مرہم پٹی کی گئی اور سی ٹی اسکین کیا گیا، سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کی حالت بہت خراب دکھائی دے رہی تھی۔

    زخمی خاتون ثنا نے اپنے شوہر عدنان کے خلاف شارع فیصل تھانے میں تحریری درخواست دے دی ہے، پولیس نے تصدیق کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے میڈیکولیگل رپورٹ کی روشنی میں مقدمہ درج ہوگا۔

    پولیس کا مؤقف ہے کہ میڈیکل لیٹر لینے کے بعد تاحال خاتون مقدمے کے اندراج کے لیے نہیں آئی، مقدمے کے اندراج کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

  • اسما کا قتل؟ اہل خانہ کا تشدد ہونے کا الزام، پولیس کا پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شواہد نہ ملنے کا دعویٰ

    اسما کا قتل؟ اہل خانہ کا تشدد ہونے کا الزام، پولیس کا پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شواہد نہ ملنے کا دعویٰ

    کراچی: سپر ہائی وے، فقیرہ گوٹھ میں اسما نامی خاتون کی ہلاکت کا کیس معمہ بن گیا ہے، اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ شوہر نے اسما کو تشدد کر کے قتل کیا ہے، جب کہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

    تفصیلات کے مطابق 15 دسمبر کو فقیرہ گوٹھ میں گھر سے 7 ماہ کے بچے کی ماں اسما کی لاش ملی تھی، اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ اسما کو تشدد کر کے قتل کیا گیا ہے۔

    اسما کے بھائی نے بتایا کہ 15 دسمبر کی صبح کو بہن نے فون کر کے بتایا تھا کہ شوہر اس پر تشدد کر رہا ہے، شام میں دوبارہ بہن کی کال آئی تو اس دوران اس کے شوہر نے موبائل فون چھین کر بند کر دیا، والد گھر پر نہیں تھے اس لیے میں بہن کو لینے نہیں گیا۔

    بیان میں بھائی نے کہا کہ رات میں پھر بہنوئی کی کال آئی کہ تمھاری بہن وینٹی لیٹر پر ہے، جب وہ اسپتال پہنچے تو دیکھا کہ اسما مردہ حالت میں پڑی تھی۔

    اسما کی بہن نے بتایا ’’میری بہن کا شوہر اس پر اکثر تشدد کرتا تھا، دو سال قبل بہن کی شادی ہوئی ہے، میری بہن کو قتل کیا گیا ہے۔‘‘ بھائی نے مطالبہ کیا کہ اس کی بہن کے قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

    اسما کے بھائی نے دعویٰ کیا ’’میری بہن کی لاش 3 دن سے سرد خانے میں رکھی ہے، اور پولیس کارروائی کرنے میں ٹال مٹول کر رہی ہے، جب کہ پولیس نے کہا ہے ’’اہل خانہ کو لیٹر دیا جا رہا تھا لیکن انھوں نے وصول کرنے سے انکار کر دیا۔‘‘ دوسری طرف سائٹ سپر ہائی وے پولیس تمام واقعے سے لاعلم ہے، اسما کے اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔

    پولیس نے کہا ہے کہ 174 کی کارروائی کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زہر دینے یا تشدد کیے جانے کے شواہد نہیں ملے ہیں، چوں کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے الزامات ثابت نہیں ہوتے اس لیے مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

  • کراچی: پولیس مقابلے میں ملزم کی ہلاکت کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی: پولیس مقابلے میں ملزم کی ہلاکت کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی: جمشید کوارٹرز میں پولیس مقابلے میں ملزم کی ہلاکت کی فوٹیج سامنے آگئی، پولیس نے پیچھا کرنے کے بعد ملزم پر گولی چلادی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جمشید کوارٹرز میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو کی شناخت منیر کے نام سے ہوئی ہے اس مقابلے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

    فوٹیج میں پردہ پارک کے قریب پولیس اہلکاروں کو ملزم کاتعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے، موٹر سائیکل سوار ملزم پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر اسلحہ پھینک دیتا ہے، پولیس اہلکاروں نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بجائے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں منیر جاں بحق ہوگیا۔

    فوٹیج میں ملزم منیر کو اہلکاروں کے سامنے ہاتھ جوڑتے بھی دیکھا جاسکتا ہے، دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ملزم منیر عادی جرائم پیشہ تھا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزم موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھا، مارے گئے ملزم منیر پر 3 تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ملزم کے ساتھیوں مظفر چانڈیو اور نادر علی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

  • کراچی : گلستان جوہر میں  لڑکی کا قتل، اہم انکشافات سامنے آگئے

    کراچی : گلستان جوہر میں لڑکی کا قتل، اہم انکشافات سامنے آگئے

    کراچی: گلستان جوہر حسین ہزارہ گوٹھ میں لڑکی کے قتل کی ابتدائی تحقیقات میں انکشافات سامنے آگئے، تحقیقات میں معلوم ہوا مقتولہ مدعی مقدمہ شاہد کی سگی بیٹی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہرحسین ہزارہ گوٹھ میں لڑکی کے قتل اور بچی کے زخمی ہونے کے واقعے میں پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں انکشافات سامنے آگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق دعا کو سرپرگولی ماری گئی، اہلخانہ واقعے کے بعد مسلسل متضاد بیانات دیتے رہے، تحقیقات میں معلوم ہوا مقتولہ مدعی مقدمہ شاہد کی سگی بیٹی نہیں ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جس گھر میں واقعہ ہواوہ بڑا نہیں صرف 2 کمرے ہیں، اہلخانہ کو معلوم نہیں کہ گولی کس نےچلائی؟

    تحقیقات کے مطابق دعا کو گود لیا گیا ہے یا کہیں سے اٹھایاگیاحقیقی ورثاکی تلاش شروع کردی، مدعی مقدمہ کے 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں اور واقعے کے وقت مدعی مقدمہ شاہد کا چھوٹا بیٹا گھرمیں موجود تھا۔

    پولیس کے مطابق دعا کی موت کے بعد جائے وقوعہ کو دھو دیا گیا، جس سے معاملہ مزید مشکوک ہوا اور جائے وقوعہ سے کوئی خول بھی نہیں ملا تاہم جلد معمہ حل کرلیں گے۔

    دوسری جانب گلستان جوہر حسین ہزارہ گوٹھ میں لڑکی کے قتل اور بچی کے زخمی ہونے کا واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

    مدعی نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان نےگھرمیں مبینہ طورپرفائرنگ کی، دعااورانوشہ کوگولی لگنےکی اطلاع ملی تواسپتال پہنچا۔

  • شہری سے ہزاروں ڈالر لوٹنے کی سی سی ٹی وی اے آر وائی نیوز پر

    شہری سے ہزاروں ڈالر لوٹنے کی سی سی ٹی وی اے آر وائی نیوز پر

    کراچی: شہر قائد کی مصروف شاہراہ پر دن دہاڑے پولیس وردی پہنے ڈاکوؤں نے ایک شہری سے لوٹ مار کی اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے واٹر پمپ کے قریب سپر اسٹور کے سامنے 3 روز قبل شہری تجمل حسین کو ڈاکوؤں نے لوٹا تھا، شارع پاکستان پر ہزاروں ڈالر لوٹنے کی اس واردات کی سی سی ٹی وی سامنے آ گئی ہے۔

    شہری تجمل حسین منی چینجر سے ڈالر لے کر نکلا تھا، کہ پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے اسے روک لیا، فوٹیج میں ڈاکوؤں کو شہری کو روکتے اور بات چیت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    سی سی ٹی وی میں ملزمان کو رقم چھینتے اور گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ شہری بھاگتی کار کے پیچھے دوڑنے لگتا ہے۔

    شہری تجمل حسین سے لوٹ مار کا مقدمہ گلبرک تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

  • کراچی: ڈکیت شہری سے گن پوائنٹ پر 10 کلو قیمہ چھین کر فرار

    کراچی: ڈکیت شہری سے گن پوائنٹ پر 10 کلو قیمہ چھین کر فرار

    شہر قائد میں بے لگا ڈاکو نے انوکھی واردات کر ڈالی شہری سے گن پوائنٹ پر 10 کلو گولا کباب کا قیمہ چھین کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس حکام کے جرائم میں کمی کے دعوؤں کے باوجود مسلح ڈکیتوں کی واردات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران ایک بائیک رائیڈ کو موت کے گھاٹ اتار دیا تاہم آج انوکھی واردات کر ڈالی۔

    رپورٹ کے مطابق لیاقت آباد میں ہونے والی یہ انوکھی واردات گزشتہ روز ہوئی، موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر شہری سے 10 کلو قیمہ چھینا اور فرار ہو گئے۔

    شہری کا کہنا ہے کہ ملزمان میرے پاس آئے تو میں نے سمجھا موبائل اور نقدی چھینیں گے لیکن موٹر سائیکل سوار ڈکیت مجھ سے 10کلو قیمہ چھین کر فرار ہوگئے۔

  • ویڈیو: سول اسپتال کے آئی ٹی انچارج تین گولیاں لگنے کے بعد قریبی عمارت تک کیسے پہنچے؟

    ویڈیو: سول اسپتال کے آئی ٹی انچارج تین گولیاں لگنے کے بعد قریبی عمارت تک کیسے پہنچے؟

    کراچی: سول اسپتال کے آئی ٹی انچارج زہاد احمد تین گولیاں لگنے کے بعد بھی قریبی عمارت تک کیسے پہنچے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ان کی ہمت پر دیکھنے والے حیران رہ گئے۔

    بدھ کی شام کو ملیر کینٹ میمن کوآپریٹو سوسائٹی کے قریب سول اسپتال کے آئی ٹی انچارج زہاد احمد پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا، فائرنگ کے بعد وہ کیسے قریبی عمارت تک پہنچے تھے، اس سلسلے میں سی سی ٹی پولیس نے حاصل کر لی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زہاد احمد شدید زخمی حالت میں خود گاڑی چلاتے رہے، انھوں نے کمال ہمت کا مظاہرہ کیا اور قریبی عمارت کے سیکیورٹی گارڈز تک پہنچے، اور گاڑی سے اتر کر سیکیورٹی گارڈز کو کچھ دیر اپنی حالت کا بتاتے رہے۔

    فوٹیج میں زہاد کے جسم پر 3 گولیاں لگنے کے واضح نشان موجود ہیں، وہ سیکیورٹی گارڈز کے پاس پہنچنے کے بعد انھیں واقعے سے متعلق بتا کر بے ہوش ہو کر گر پڑے، جس پر سیکیورٹی گارڈز اور قریب موجود لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔

    36 کروڑ کی کینسر ادویات چوری اسکینڈل بے نقاب کرنے والے اسپتال ملازم پر جان لیوا حملہ، زہاد احمد شدید زخمی

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سول اسپتال میں کروڑوں روپے خورد برد کرنے کا اسکینڈل منظر عام پر لانے پر زہاد احمد کو دھمکیاں مل رہی تھیں، ان پر قاتلانہ حملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

  • 36 کروڑ کی کینسر ادویات چوری اسکینڈل بے نقاب کرنے والے اسپتال ملازم پر جان لیوا حملہ، زہاد احمد شدید زخمی

    36 کروڑ کی کینسر ادویات چوری اسکینڈل بے نقاب کرنے والے اسپتال ملازم پر جان لیوا حملہ، زہاد احمد شدید زخمی

    کراچی: سول اسپتال کراچی میں 36 کروڑ کی کینسر ادویات چوری کا اسکینڈل بے نقاب کرنے والے آئی ٹی انچارج پر جان لیوا حملہ ہوا ہے، جس سے زہاد احمد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملیر کینٹ میمن کوآپریٹو سوسائٹی کے قریب فائرنگ سے سول اسپتال کے آئی ٹی انچارج زہاد احمد شدید زخمی ہو گئے ہیں، واقعے کی ایف آئی آر اقدام قتل کی دفعات کے تحت ملیر کینٹ تھانے میں درج کر لیا گیا۔

    مقدمہ زخمی کے بھائی سعد احمد کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں مدعی مقدمہ نے کہا ’’میرا بھائی دفتر سے اپنے دوسرے دوست ڈاکٹر سنجے کے ساتھ ڈیوٹی ختم کر کے گھر کی جانب آ رہے تھے، انھوں نے ماڈل کالونی میں اپنے ساتھی ڈاکٹر سنجے کو اتار دیا اور جناح ایونیو سے ہوتے ہوئے میمن کو آپریٹو سوسائٹی کے مین گیٹ پر پہنچے۔‘‘

    مدعی کے مطابق اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد آئے اور جان سے مارنے کی نیت سے ان پر فائرنگ کر دی۔

    کراچی: راشد منہاس روڈ پر ڈمپر نے پیپلز ریڈ بس کو ٹکر مار دی

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 گولیاں زہاد احمد کو لگی ہیں، جب گولیاں لگیں تو زہاد احمد نے زخمی حالت میں بھی گاڑی چلاتے ہوئے صائمہ ریزیڈنسی کے قریب روکی، زخمی کو پہلے قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے اسے آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شام پیش آیا تھا، زخمی زیاد احمد اسکیم 33 کے رہائشی ہیں۔ ادھر اسپتال انتظامیہ نے انکشاف کیا ہے کہ زہاد احمد نے 36 کروڑ کینسر ادویات چوری اسکینڈل بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، اور ان کو اسکینڈل میں ملوث افراد کی طرف سے متعدد بار دھمکیاں موصول ہو چکی تھیں۔

  • کراچی : مسلم لیگ ن کے سابق یوسی چیئرمین کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

    کراچی : مسلم لیگ ن کے سابق یوسی چیئرمین کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

    کراچی : مسلم لیگ ن کے سابق یوسی چیئرمین کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کاشاخسانہ لگتا ہے۔

    تفصیلات کے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 7 کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی شناخت  65سالہ امان اللہ آفریدی کے نام سے ہوئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول کا تعلق ن لیگ سے اور یو سی 5 عابد آباد سے بلدیاتی الیکشن میں امیدوار تھا۔

    مقتول کو فجر کی نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد سے نکلتے ہوئے نشانہ بنایا گیا تاہم لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اےآر وائی نیوز نے حاصل کرلی ، فوٹیج میں ملزم کو امان اللہ پرفائرنگ کرتےدیکھاجاسکتاہے، پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول ملے ہیں۔

    کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلئے ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کاشاخسانہ لگتاہے، تاہم مقتول کے بیٹے نے بتایا کہ ہماری کسی کےساتھ کوئی دشمنی نہیں۔