Author: افضل خان

  • کراچی: شادی میں ہوائی فائرنگ کرنیوالا ملزم گرفتار

    کراچی: شادی میں ہوائی فائرنگ کرنیوالا ملزم گرفتار

    کراچی: اتحاد ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شادی میں ہوائی فائرنگ کرنیوالے ملزم کو  گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق 29 جون کو عابدآباد بلاک سی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنیوالے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کی شناخت شمشیر علی کے نام سے ہوئی ہے۔

    ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے کہا کہ گرفتار ملزم شمشیر علی سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے، شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، ملزم کی ہوائی سے ایک بچہ جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا تھا۔

    ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ کرلیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کاشف سندھی کے منشیات کے اڈے پر ٹارگٹڈ آپریشن، فرنٹ مین گرفتار

    کاشف سندھی کے منشیات کے اڈے پر ٹارگٹڈ آپریشن، فرنٹ مین گرفتار

    کراچی: گینگ وار کمانڈر کاشف سندھی کے منشیات کے اڈے پر ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران اس کے فرنٹ مین کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رات گئے ضلع کیماڑی پولیس نے پرانا گولیمار میں گینگ وار کمانڈر کاشف عرف سندھی کے منشیات کے اڈے پر ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔

    ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق آپریشن میں کاشف سندھی کا فرنٹ مین آصف ولد فقیر محمد بھاری مقدار میں منشیات و اسلحہ سمیت پکڑا گیا، گرفتار ملزم قتل، اقدام قتل، منشیات فروشی و گینگ وار سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

    ملزم آصف کے قبضے سے 6 عدد پستول، 30 راونڈز، 2 کلو چرس پیکٹ، کرسٹل اور چرس کی درجنوں پڑیاں، ترازو، پسٹل کے تین عدد بیلٹ اور 20 ہزار روپے کیش برآمد ہوا۔

    بڑا ڈکیت گینگ آپریٹ کرنے والا فہیم شوٹر زخمی حالت میں گرفتار

    یہ کارروائی انچارج اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل سب انسپکٹر راجہ خالد محمود اور ایس ایچ او پاک کالونی انسپکٹر چوہدری جاوید اختر نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کی۔

    گرفتار ملزم کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی نکال لیا گیا ہے، ملزم پر پاک کالونی تھانے میں 3 جب کہ شرافی گوٹھ تھانے میں ایک مقدمہ درج ہے۔ پاک کالونی تھانے میں ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • کپڑے کی اسمگلنگ، 25 ہزار کلو وزنی کھیپ پکڑی گئی

    کپڑے کی اسمگلنگ، 25 ہزار کلو وزنی کھیپ پکڑی گئی

    کراچی: کسٹمز حکام نے کراچی میں کپڑے کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، اور 25 ہزار کلو وزنی کھیپ پکڑ لی۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ چیک پوسٹ پر ایک کارروائی میں بلوچستان سے کراچی میں داخل ہونے والے ٹرالر سے اسمگل شدہ کپڑے کی بڑی کھیپ پکڑ لی ہے۔

    ترجمان کسٹمز نے بتایا کہ ضبط شدہ کپڑا 25 ہزار کلو وزنی ہے اور ٹرالر سمیت اس کی مالیت 7 کروڑ روپے ہے، ملزمان نیلامی کے جعلی دستاویزات کے ذریعے کپڑا اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    ویڈیوز: سائٹ ایریا میٹروول میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا

    ترجمان کے مطابق اسمگل ہونے والے کپڑے کو کسٹم نے اپنی تحویل میں لے کر ضبط کر لیا ہے، اور کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • ویڈیوز: سائٹ ایریا میٹروول میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا

    ویڈیوز: سائٹ ایریا میٹروول میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا، میٹروول میں شادی کی ایک تقریب میں شدید ہوائی فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا۔

    تفصیلات کے مطابق شادیوں میں فائرنگ ممنوع ہونے کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں، میٹروول اور اس سے متصل فرنٹیئر کالونی میں تقریباً پر شادی میں شدید ہوائی فائرنگ معمول ہے، تاہم پولیس کی جانب سے اس کی روک تھام کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔

    حال ہی میں میٹروول کے علاقے میں ایک شادی کی تقریب کے دوران لڑکوں نے زبردست ہوائی فائرنگ کی، جس کی ویڈیوز بھی سامنے آ گئی ہیں۔

    ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد افراد چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے دن میں فائرنگ کر رہے ہیں، فائرنگ کے دوران اطراف کے چند گھروں کی دیواروں پر بھی گولیاں لگیں، سیمنٹ کی چھتوں میں بھی گولیاں لگنے سے سوراخ ہوئے۔ دن دہاڑے شدید ہوائی فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    ویڈیوز سامنے آنے کے بعد بھی تاحال پولیس نے کسی کو گرفتار نہیں کیا، بلکہ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی ہے، جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے، تصدیق ہو جانے پر مقدمہ درج کریں گے۔

  • سمندر پر تفریح کیلیے جانیوالے خاندان کی کوسٹر الٹ گئی، 7 افراد جاں بحق

    سمندر پر تفریح کیلیے جانیوالے خاندان کی کوسٹر الٹ گئی، 7 افراد جاں بحق

    ساحل سمندر ہاکس بے پر تفریح کے لیے جانیوالے خاندان کی کوسٹر کو خوفناک حادثہ پیش آیا خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والا خاندان کوسٹر میں سوار ہوکر تفریح کے لیے ہاکس بے جا رہا تھا کہ ماڑی پور نیو ٹرک اسٹینڈ کے قریب کوسٹر الٹنے کے نتیجے میں تین بجے موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ چار افراد اسپتال لے جاتے ہوئے چل بسے۔ حادثے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ادارے اور مقامی افراد جمع ہوگئے اور الٹنے والی کوسٹر میں پھنسے زخمیوں اور لاشوں کو نکال کر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تیز رفتار کوسٹر گلی سے نکلنے والے ٹرالر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی تھی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹرالر چھوڑ کر فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس کے مطابق کوسٹرمیں 40 سے 45 افراد سوار تھے اور متاثرہ خاندان عزیز آباد کراچی کا رہائشی تھا۔

    جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے اور تین خواتین شامل ہے۔ بچوں کی شناخت 6 سالہ سکینہ، 4 سالہ زینت، 10 سالہ کنزہ اور 14 سالہ قدیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    مرنے والی خواتین میں 40 سالہ صغریٰ اور 45 سالہ سعدیہ شامل ہیں جب کہ ایک خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ جاں بحق خاندان عزیز آباد کراچی کا رہائشی تھا۔

    سول اسپتال میں 15 زخمیوں کو لے جایا گیا ہے جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    حادثے کے حوالے سے عینی شاہد نے بتایا کہ ٹرالر سے ٹکر کے بعد تیز رفتار کوسٹر فٹ پاتھ سے ٹکرائی جب کہ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہاکس بے روڈ پر ٹرک کھڑے ہوتے ہیں لیکن ٹریفک پولیس ایکشن نہیں لیتی۔

    دوسری جانب حادثے کے حوالے سے ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ ہاکس تمام روٹس پر غیر معمولی نفری تعینات ہے۔ حادثے کے بعد ایس ایچ اوز کو تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کی ہے جب کہ تیز رفتاری پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

  • کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق نوجوان کا دوست کرمنل ریکارڈ یافتہ نکلا

    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق نوجوان کا دوست کرمنل ریکارڈ یافتہ نکلا

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ روز ڈکیتی مزاحمت جاں بحق نوجوان نعمان کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول نعمان کا دوست کرمنل ریکارڈ یافتہ ہے، نہتے شہریوں کی جانب سے ڈاکوؤں کا تعاقب کرنا مشکوک ہے۔

    تھانہ گلستان جوہر میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ بیٹے کے دوست نے بتایا کہ نعمان کو گولی لگی ہے، وہ اپنے دوست کے ساتھ اس کی بائیک پر سوار تھا۔

    والد نے بتایا کہ بیٹے کے دوست کا کہنا تھا کہ دو ڈاکوؤں نے سائیڈ دیا جس کے بعد ہم نے ان کا تعاقب کرنا شروع کردیا، تعاقب کا علم ہوتے ہی ڈاکو نے انہیں روکنا چاہا نہ رکنے پر فائرنگ کردی۔

    مدعی کا دعویٰ ہے کہ میرے بیٹے کو موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق افراد کی تعداد 80 ہوگئی ہے، گزشتہ دنوں بھی کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کو قتل کردیا گیا تھا۔

  • پولیس اہلکاروں کی شراب خانے سے رشوت وصولی کی ویڈیو سامنے آ گئی

    پولیس اہلکاروں کی شراب خانے سے رشوت وصولی کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: زمان ٹاؤن کے پولیس اہلکاروں کی شراب خانے سے رشوت وصولی کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    کورنگی ڈسٹرکٹ میں گشت پر مامور پولیس اہلکار پتھاریداروں کے ساتھ ساتھ شراب خانوں سے بھی بیٹ وصول کرنے لگے، زمان ٹاؤن تھانے کے اہلکاروں کی ویڈیو اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکار ناصر جمپ کے قریب شراب خانے سے رشوت وصول کر رہے ہیں، موٹر سائیکل سوار 2 پولیس اہلکاروں کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس اہلکاروں نے ہاتھ کے اشارے سے شراب خانے پر موجود شخص کو بلایا، آنے والا شخص پولیس اہلکار کو رشوت دے کر واپس چلا گیا، جب کہ پولیس اہلکار رشوت پینٹ کی جیب میں ڈال کر روانہ ہو گئے۔

    جہانگیر روڈ پر دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی

    ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان میمن نے اے آر وائی نیوز کی خبر اور وائرل ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے رشوت طلب کرنے پر زمان ٹاؤن تھانے کے 2 پولیس اہلکار اویس اور بلاول کو معطل کر دیا ہے۔

    ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق اس معاملے کی انکوائری ڈی ایس پی کمپلین سیل کو دے دی گئی ہے۔

  • جہانگیر روڈ پر دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی

    جہانگیر روڈ پر دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: مسلح لٹیروں کی دیدہ دلیری سے کی جانے والی وارداتوں میں کوئی کمی نہیں آ سکی، دودھ کی ایک اور دکان میں لوٹ مار کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    کراچی میں راہگیروں اور مختلف کاروباری افراد کے ساتھ ساتھ دودھ کی دکانوں میں بھی لوٹ مار کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، 2 مسلح لٹیروں نے 18 جون کو جہانگیر روڈ پر دودھ کی ایک دکان میں لوٹ مار کی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی ہے۔

    فوٹیج میں دونوں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، جو اسلحے کے زور پر دکان سے ہزاروں روپے کی نقدی اور موبائل فونز لے اڑے۔ لٹیروں نے دکان پر آئے خریدار اور ڈبل روٹی سپلائر سے بھی لوٹ مار کی۔

    متاثرہ دکاندار اعظم نے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں نے اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا، آئے روز لوٹ مار معمول بن چکی ہے، کوئی روکنے والا نہیں ہے۔

  • ڈولفن فورس کراچی میں بھی بنانا چاہتے ہیں لیکن وسائل نہیں: آئی جی سندھ

    ڈولفن فورس کراچی میں بھی بنانا چاہتے ہیں لیکن وسائل نہیں: آئی جی سندھ

    کراچی: آئی جی سندھ نے کراچی میں ڈولفن فورس بنانے اور نادرن بائی پاس کے ایک اہم حصے پر باڑ لگانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ڈولفن فورس کے سلسلے میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’لاہور طرز کی ڈولفن فورس کراچی میں بھی بنانا چاہتے ہیں لیکن فی الحال ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں۔‘‘

    انھوں نے کہا ایک کیمٹی بنائی گئی ہے جو لاہور طرز کی موٹر سائیکل فورس بنانے کے حوالے سے تجاویز دے گی، کراچی میں کام کرنے والی شاہین فورس کو بھی مزید وسائل دے کر بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    آئی جی سندھ مزید کہا کہ ہم نادرن بائی پاس پر37 عشاریہ 4 کلومیٹر کے راستے کو باڑ لگا کر ریگولیٹ کرنا چاہتے ہیں، نادرن بائی پاس پر 11 مقامات پر کچے پکے راستے موجود ہیں۔ انھوں نے کہا نادرن بائی پاس کے تمام داخلی خارجی راستوں پر سرویلنس کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے، اور ذیلی راستوں پر بھی اسمارٹ کیمرے لگیں گے۔

    غلام نبی میمن نے بتایا کہ گلشن معمار میں سی ٹی ڈی افسر اور دیگر افراد کی چھالیہ اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر تحیقات کے لیے کمیٹی بنا دی ہے، جس میں ایک ڈی آئی جی اور 2 ایس پیز بھی شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اچھے برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں چند برے لوگوں کے ایک برے کام کی وجہ سے ساری سی ٹی ڈی کو برا نہیں کہہ سکتے۔

  • لیاری گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی گروپ کے 3 مطلوب ملزمان گرفتار

    لیاری گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی گروپ کے 3 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز اور پولیس نے لیاری گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے پرانی سبزی منڈی پیرالہٰی بخش کالونی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

     ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں عثمان شاہ عرف عثمان رکشے والا، عبداللہ اور نثار عرف کاشان  شامل ہیں، گرفتار ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ اور آوان بم برآمد کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان مناگھا نچی اور صادق عرف سلو کی ہدایت پر بھتہ وصولی اور دیگر جرائم کا نیٹ ورک چلا رہے تھے، ملزمان بھتہ وصولی، منشیات فروشی، فائرنگ، اسلحہ ڈمپنگ اور دیگر متعدد جرائم میں ملوث ہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان نے دسمبر 2020 میں گتہ فیکٹری کے مالکان سے 50 لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا، بھتہ نہ دینے پر ملزما ن نے فیکٹری پر فائرنگ کی بعد میں فیکٹری مالک سے 20 لاکھ بھتہ وصول کیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ جنوری 2021 میں بلڈر کے آفس میں بھتہ نہ دینے پر فائر نگ کی اور 70 لاکھ وصول کئے، ملزمان نے ایک ہوٹل والے کو ڈرا دھمکا کر 5 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا، ملزمان مختلف تاجروں سے ماہانہ بھتہ وصول کر کے احمد علی مگسی کو بیرون ملک بھجوا رہے تھے، گرفتار ملزما ن نے  بھاری مقدار میں اسلحہ ڈمپ کرنے اور کمانڈر کے کارندوں کو فراہم کرنے کا بھی انکشاف کیا۔