Author: افضل خان

  • اسکول سے بچی اغوا، پولیس ٹیم نے چند گھنٹوں میں کیسے بازیاب کرایا؟

    اسکول سے بچی اغوا، پولیس ٹیم نے چند گھنٹوں میں کیسے بازیاب کرایا؟

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں ایک خاتون نے اسکول سے بچی اٹھا لی، پولیس کو اطلاع ملنے کے چند گھنٹوں بعد ہی ٹیم نے اغوا کار خاتون کو دھر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیماڑی کے علاقے میں ایک اسکول سے ساڑھے 4 سالہ بچی اغوا ہو گئی، تفتیشی ٹیم تھانہ جیکسن کی کامیاب کارروائی میں بچی کو چند گھنٹوں میں بازیاب کرا لیا گیا اور اغوا کار خاتون گرفتار ہو گئی۔

    ایس ایس پی انوسٹیگیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی توحید رحمٰن میمن کے مطابق جیکسن تھانے میں گزشتہ شب ساڑھے چار سالہ بچی دختر محمد وقاص کے اغوا کا پرچہ درج کروایا گیا، بچی کو اسکول سے کوئی نامعلوم خاتون لے کر چلی گئی تھی۔

    مقدمے کے اندراج کے بعد تھانہ جیکسن کے تقتیش کے یونٹ نے ایس آئی او جیکسن، انسپکٹر غزالہ کی سربراہی میں تکنیکی بنیادوں پر فی الفور کام شروع کیا اور اندراجِ مقدمہ کے کچھ ہی گھنٹوں میں بچی کا سراغ لگا کر ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ثمینہ زوجہ کامران نے بچی کے والدین کو تاوان کے لیے کال کی تھی، پولیس نے کال ٹریس کی اور لیاری کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بچی بازیاب کی اور ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ اغوا کار نے 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق بازیاب بچی کو والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • کراچی میں گھر سے چین، برطانیہ سمیت پانچ بڑے ممالک کی ادویات کی فروخت کا انکشاف

    کراچی میں گھر سے چین، برطانیہ سمیت پانچ بڑے ممالک کی ادویات کی فروخت کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد میں ایک گھر سے چین اور برطانیہ سمیت 5 بڑے ممالک کی ادویات کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے گارڈن ایسٹ میں ایک مشترکہ کارروائی میں ایک گھر سے کثیر تعداد میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کی ہیں۔

    یہ کارروائی اسٹیٹ بینک سرکل اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے کی گئی، جس میں ایک ملزم فہد کو گرفتار کیا گیا ہے، معلوم ہوا ہے کہ برآمد شدہ ادویات فرانس، آئرلینڈ، ترکی، چین، برطانیہ کی دوا ساز کمپنیوں کی تیار کردہ ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم اپنے گھر سے مذکورہ ادویات کی فروخت میں مصروف تھا، پکڑی گئی ادویات امراض قلب، کینسر، ذیابطیس اور دیگر امراض میں استعمال کی جاتی ہیں، جب کہ برآمد شدہ ادویات کی مالیت 70 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    ابتدائی تفتیش میں ملزم نے کھیپیوں کی جانب سے ادویات مہیا کرنے کا انکشاف کیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جب کہ اس کیس میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • ویڈیو: تیز رفتار ویگو کی دوسری گاڑی کو ہولناک ٹکر، ڈرائیو اور مالک گرفتار

    ویڈیو: تیز رفتار ویگو کی دوسری گاڑی کو ہولناک ٹکر، ڈرائیو اور مالک گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں کلفٹن بلاک 2 سیمنٹ ٹاور کے قریب تیز رفتار ویگو گاڑی کی ٹکر سے کار سوار شخص جاں بحق اور ان کی بیٹی شدید زخمی ہو گئی تھی، پولیس نے ڈرائیور اور گاڑی کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ پولیس کا کہنا ہے کہ بوٹ بیسن میں گزشتہ روز پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور شبیر اور گاڑی کے مالک سجاد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو گیا۔

    واقعے کا مقدمہ حادثے میں جاں بحق شخص کیپٹن جمشید ملک کی اہلیہ نازیہ ناہید کی مدعیت میں بوٹ بیسن تھانے میں درج کیا گیا ہے، حادثے میں جمشید ملک کی 15 سالہ بیٹی فاطمہ ملک شدید زخمی ہوئی تھی، جس کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔

    مقدمے کے متن کے مطابق یہ واقعہ تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا، مدعی مقدمہ نے کہا میرے شوہر اپنی بیٹی فاطمہ ملک کو فیز 8 میں اسکول سے لے کر آ رہے تھے، کہ دوسری گاڑی نے آ کر ٹکر مار دی، حادثے میں کیپٹن جمشید ملک شدید زخمی ہوئے جو نجی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے، جب کہ میری بیٹی شدید زخمی ہے اور نجی اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

    ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کراچی کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے حادثے کے بعد چند منٹ کے اندر ہی موقع پر پہنچ کر ویگو گاڑی پر سوار دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔

    حادثے کی ذمہ دار ویگو گاڑی پولیس کی تحویل میں

    موقع سے ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار سوار زخمی شخص اسی روڈ پر یو ٹرن لے رہا تھا، جس پر دوسری جانب سے ایک سفید ویگو گاڑی تیز رفتاری سے چلی آ رہی تھی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شبیر سمیع ولد عبدالسمیع اور سجاد ولد ریاض کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جب کہ ملزمان کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔

  • بونیرسے فرارہوکر کراچی آنے والا بچہ  پولیس کو مل گیا

    بونیرسے فرارہوکر کراچی آنے والا بچہ پولیس کو مل گیا

    کراچی : بونیر سے فرار ہوکر کراچی آنے والا بچہ قائدآباد پولیس کو مل گیا، بچے کا تعلق ضلع بونیر سے ہے اور والدین کا انتقال ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائدآباد پولیس کو بونیرسے فرارہوکرکراچی آنےوالابچہ مل گیا، جس کے بعد پولیس نے کراچی میں بچے کو والد کے حوالے کردیا۔

    پولیس نے بتایا کہ 12 سالہ حسنین 2 روز سے مشتبہ رکشہ ڈرائیور کے ساتھ گھوم رہا تھا، اس کا تعلق ضلع بونیر سے ہے اور والدین کا انتقال ہو گیا ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ بچے نے بتایا ماموں کے ساتھ رہتا تھا جو تشدد کرتے تھے ، تشدد سے تنگ آکر 8 روز قبل ٹرین سے کراچی آیا۔

    پولیس نے مزید کہا کہ بچے کے والد حیات ہیں، ان سے فوری رابطہ کیا وہ لانڈھی کےرہائشی ہیں، والد کےمطابق بیٹا مدرسے سے بھاگ کر فیوچر کالونی گیا تھا۔

  • خاتون کو سر عام چھری کے 15 سے زائد وار کر کے قتل کرنے والا ملزم گرفتار

    خاتون کو سر عام چھری کے 15 سے زائد وار کر کے قتل کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے مانسہرہ کالونی میں ایک خاتون کو سر عام چھری کے وار کر کے قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے مانسہرہ کالونی میں قبرستان کے نزدیک 36 سالہ زہرہ کو سر عام چھری کے وار کر کے قتل کرنے والے ملزم محمد ابراہیم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    قتل کا یہ واقعہ 26 اپریل کو صبح کے وقت پیش آیا تھا، جب خاتون زہرہ کام پر جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی، قتل کا مقدمہ شرافی گوٹھ پولیس اسٹیشن میں درج ہوا تھا، ایف آئی آر کے مطابق ملزم ابراہیم نے خاتون پر چھری کے 15 سے 18 وار کیے تھے۔

    ملزم ابراہیم واقعے کے روز ہی سے مفرور ہو گیا تھا، ایس ایس پی طارق الہٰی مستوئی کے مطابق انویسٹیگیشن پولیس کے ساتھ مل کر تیکنیکی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    مقدمے کے مطابق مقتولہ خاتون ملزم ابراہیم کی سابقہ بیوی تھی، جس نے انھیں 6 سال قبل طلاق دے دی تھی، اور ابھی ایک سال قبل خاتون نے فیکٹری مزدور محمد صدیق سے شادی کی تھی۔

    ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث افغان ڈکیت گروہ کے 5 ملزمان گرفتار

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے ذاتی رنجش پر سابقہ بیوی کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم کو عدالت میں پیش کر کے مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

  • فوٹیج: ڈاکو نے اسلحہ کے زور پر ہوٹل میں بیٹھے شہریوں کو لوٹ لیا

    فوٹیج: ڈاکو نے اسلحہ کے زور پر ہوٹل میں بیٹھے شہریوں کو لوٹ لیا

    کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4کے بھولو ہوٹل میں ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4 کے ہوٹل میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو نے اسلحہ کے زور پر ہوٹل میں بیٹھے متعدد شہریوں کو لوٹا، واردات کے دوران  ڈاکو کا دوسرا ساتھی ہوٹل کے باہر کھڑا رہا، واردات سے قبل ملزمان ہوٹل کے باہر کھڑے ہو کر جائزہ لیتے رہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ڈاکو نے ہوٹل کے کیش کاونٹر پر بیٹھے افراد سے لوٹ مار نہیں کی، پولیس حکام کے مطابق تاحال ہوٹل انتظامیہ اورلوٹ مار کے شکار شہریوں میں سے کسی نے قانونی کارروائی کیلئے رابطہ نہیں کیا۔

  • ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث افغان ڈکیت گروہ کے 5 ملزمان گرفتار

    ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث افغان ڈکیت گروہ کے 5 ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز اورپولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان ڈکیت گروہ کے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اورپولیس نے سہراب گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان ڈکیت گروہ کے پانچ ملزمان گرفتار کرلئے، ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ وایمونیشن برآمد ہوا۔

      ترجمان رینجرز کے مطابق پکڑے جانے والے ملزمان میں رضوان، حکیم عرف نواب عرف چیچو، طالب، آصف عرف وسیم عرف منا اور محمد عجب خان شامل ہیں، ملزمان سہراب گوٹھ، گلشن اقبال ، گلبرگ، لیاقت آباد اور اطراف کے علاقوں میں لوٹ مار کرنے اور شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں،

    ترجمان کے مطابق ملزم رضوان اور حکیم نواب عرف چیچو نے چاند رات کو بلاک 21 ایف بی ایریا گلبرگ سے دو شہریوں کو گن پوائنٹ پر نقدی اور موٹرسائیکل چھینے کا اعتراف کیا جبکہ ملزم آصف عرف وسیم عرف منا نے ساتھیوں کے ہمراہ عائشہ منزل کے قریب شہری فیضان اسلم کو دوران ڈکیتی فائرنگ کر کے زخمی کرنے کا اعتراف کیا۔

     ترجمان رینجرز نے کہا کہ ملزمان نے تین ہٹی پر چائے کے ہوٹل سے اسلحے کے زور پر شہریوں سے موبائل فونز اور نقدی لوٹنے کا بھی اعتراف کیا، ملزمان کے خلاف متعدد تھانوں میں ایف آئی آر درج ہیں، گرفتار ملزمان کو اسلحہ سمیت قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • پولیس کی گولی سے زخمی ہونے والے ملزم کی شناخت ڈکیتی فوٹیج سے ہو گئی (ویڈیو)

    پولیس کی گولی سے زخمی ہونے والے ملزم کی شناخت ڈکیتی فوٹیج سے ہو گئی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کھارادار میں پولیس کی گولی سے زخمی ہونے والے ملزم کی شناخت ڈکیتی فوٹیج سے ہو گئی۔

    کراچی کے علاقے کھارادر میں پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو ایک دکان میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کر لیا گیا۔

    گرفتار ملزم کی شناخت نعیم اللہ کے نام سے ہوئی ہے، ملزم ساؤتھ زون میں متعدد دکانوں میں ڈکیتی وارداتوں میں ملوث اور عادی جرائم پیشہ ہے، ملزم کو ایک دکان میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بھی شناخت کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نعیم اللہ نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزم کا سابق کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے، اور اس کے خلاف پریڈی اور سولجر بازار تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔

    گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں، ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

  • ملکی تاریخ کی بیرون ملک اسمگل کی جانے والی میتھ آئس کی بڑی کھیپ پکڑگئی

    ملکی تاریخ کی بیرون ملک اسمگل کی جانے والی میتھ آئس کی بڑی کھیپ پکڑگئی

    کراچی : ملکی تاریخ کی بیرون ملک اسمگل کی جانے والی میتھ آئس کی بڑی کھیپ پکڑگئی، میتھ ایمفیٹا مائن 5 کنٹینرز کی چھت اور دروازوں میں چھپائی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے ملکی تاریخ کی بیرون ملک اسمگل کی جانے والی میتھ آئس کی سب سے بڑی کھیپ پکڑلی۔

    ترجمان اے این ایف نے کہا 224 کلو آئس، افغانستان سے سوپ سٹونز کی ایکسپورٹ کی آڑ میں، بیلجیئم اسمگل کی جا رہی تھی، منشیات براستہ طورخم، افغانستان سے اپنی منتقی منزل بیلجئم سمگل کرنے کے لئے پہلے کراچی اسمگل کی گئی۔

    ترجمان نے کہا کہ میتھ ایمفیٹامائن 5 کنٹینیرز کی چھت اور دروازوں میں انتہائی محارت سے چھپائی گئی تھی۔

    اے این ایف نے کراچی پورٹ پر سمگلنگ میں استعمال ہونے والے تمام کنٹینرز کو تحویل میں لے لیا، کنٹینر بھجوانے والے 3 ملزمان جن میں سے 2 کا تعلق افغانستان سے ہے، کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان طورخم بارڈر سے افغانستان فرار کی کوشش کررہے تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اے این ایف منشیات کی اسمگلنگ کے انسداد اور دنیا کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔

  • کراچی: کچی شراب پینے سے 2 افراد ہلاک، 2 کی حالت تشویشناک

    کراچی: کچی شراب پینے سے 2 افراد ہلاک، 2 کی حالت تشویشناک

    کراچی: شہر قائد کے ڈالمیا بشیر گوٹھ میں میں سستے نشے کے ہاتھوں 2 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے جبکہ 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈالمیا بشیر گوٹھ میں کچی شراب پینے سے 2 افراد ہلاک اور 2 کی حالت تشویشناک ہے، ان چاروں افراد نے جمعہ کو کسی دوسرے علاقے میں کچی شراب پی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کچی شراب پی پر گھر آنے کے بعد چاروں افراد کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال پہنچایا گیا جہاں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ افراد نے شراب کہاں سے خریدی؟ اور کہاں شراب نوشی کی عزیز بھٹی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی۔