Author: افضل خان

  • چائے کے ہوٹل پر ڈاکوؤں کو کس طرح ڈرا کر بھگایا؟ ہوٹل مالک کا بیان (ویڈیوز)

    چائے کے ہوٹل پر ڈاکوؤں کو کس طرح ڈرا کر بھگایا؟ ہوٹل مالک کا بیان (ویڈیوز)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں چائے کے ایک ہوٹل پر ڈاکوؤں کی واردات اس وقت ناکام ہو گئی تھی جب ہوٹل مالک نے بروقت اسلحہ نکال کر فائر کر کے انھیں ڈرا کر بھگا دیا تھا، پولیس نے ایک ڈاکو کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 24 فروری 2024 کی صبح کوئٹہ انبی ہوٹل، بلاک 6 گلشن اقبال میں تین نامعلوم ڈاکو واردات کے لیے آئے تھے، تاہم ہوٹل مالک دولت شاہ آغا نے اطراف میں نظر رکھتے ہوئے ان کو بروقت دیکھ لیا، ملزمان نے لوٹ مار کے لیے اسلحہ نکالا تو ہوٹل مالک نے بھی جلدی سے اپنا لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کرتے ہوئے ان کو فرار کرنے پر مجبور کر دیا۔

    یہ واقعہ گلشن اقبال پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آ گئی تھیں جن میں ہوٹل مالک کی بہادری کو دیکھا جا سکتا ہے، اسی دن علاقہ گشت پر مامور پولیس نے ملزمان کو مشتبہ حالت میں دیکھ کر روکنے کا اشارہ کیا تھا، ایک ملزم آصف کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جب کہ دو ساتھی موقع سے فرار ہو گٸے تھے۔ ہوٹل کے مالک کی طرف سے دلیرانہ کارروائی کی وجہ سے کسی کو کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا تھا۔

    ضلع شرقی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے غیر قانونی اسلحہ مع ایمونیشن برآمد کیا گیا تھا، ملزم کے خلاف 131/24 غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ایک ویڈیو میں ہوٹل مالک دولت شاہ آغا نے بتایا کہ صبح وہ ہوٹل پر بیٹھا تھا، ایک دوست بھی آیا تھا، جب اس نے ڈاکوؤں کو دیکھا، دولت آغا نے بتایا کہ جب اس ںے فائر کیا تو ڈاکوؤں نے خدا کا واسطہ دے کر گولی نہ مارنے کا کہا، جس پر میں نے انھیں فوراً چلے جانے کو کہا۔

  • کراچی : ’سفید کرولا گینگ‘ کی دن دہاڑے واردات، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : ’سفید کرولا گینگ‘ کی دن دہاڑے واردات، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : شہر قائد میں درجنوں گھروں میں وارداتیں کرنے والے ڈاکوؤں کا گروہ ’وائٹ کرولا گینگ‘ ایک بار پھر سرگرم ہوکر خوف کی علامت بنتا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمرے کی ادائیگی کے بعد گھر پہنچنے والے خاندان کو کار سوار ملزمان نے گلی میں ہی لوٹ لیا اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے افضل خان کے مطابق گلشن اقبال میں بیرون ملک سے آنے والے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والا سفید کرولا کار گینگ دہشت کی علامت بن گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہو منے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلی میں کھڑی سرخ رنگ کی کار سے سامان کو نکال کر گھر میں لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران خاندان کے دیگر افراد جو سلور رنگ کی دوسری کار میں سوار تھے وہ بھی گھر پہنچتے ہیں۔

    اسی اثناء میں ان کے تعاقب میں آنے والی سفید رنگ کی کار بھی آکر رکتی ہے اور اس میں سے مسلح ڈاکو انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ سلور کار میں سوار افراد سے لوٹ مار کرتے ہیں بلکہ کار سے 2 بیگ بھی نکال کر اپنی سفید کار میں ڈال کر فرار ہو جاتے ہیں۔

    واردات کے دوران ڈاکوؤں کا ساتھی جو گاڑی چلا رہا تھا انتہائی مہارت کے ساتھ گاڑی کا رخ موڑ کر مخالف سمت کی جانب کرلیتا ہے جس کے بعد اس کے دیگر 3 ساتھی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوجاتے ہیں۔

  • کراچی میں اتحادی جماعتوں کا احتجاج : شارع فیصل پر بدترین ٹریفک جام ، شہری رُل گئے

    کراچی میں اتحادی جماعتوں کا احتجاج : شارع فیصل پر بدترین ٹریفک جام ، شہری رُل گئے

    کراچی: جی ڈی اے اور اتحادی جماعتوں کے احتجاج کے باعث کراچی کی مصروف شارع فیصل پر بدترین ٹریفک جام سے مسافر رل گئے,ہیوی ٹریفک، بسیں بھی پھنسی ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جی ڈی اے اور اتحادی جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر شارع فیصل پر مختلف مقامات پر پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کردی۔

    کراچی میں مصروف شارع فیصل کے دونوں ٹریک ٹریفک کیلئے بند ہے، کہیں احتجاجی دھرنے اور کہیں پولیس کی رکاوٹوں کے باعث نرسری تا کارسازپر شدید ٹریفک جام ہے۔

    شارع فیصل پر کارساز سے ایف ٹی سی تک گاڑیوں کی قطاریں لگ ہوئی ہیں جبکہ ہیوی ٹریفک، بسیں بھی پھنسی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو منزل تک پہنچنے میں دشواری ہے۔

    شارع فیصل پرٹریفک جام میں پھنسے شہری گاڑیاں سائیڈپرکھڑی کرکےپیدل روانہ ہوگئے، شارع فیصل پر کارساز کے قریب جمعیت علمائے اسلام ف کا بڑا احتجاجی دھرنا جاری ہے۔

    خیال رہے نتظامیہ نے سندھ اسمبلی میں نو منتخب ارکان کی تقریب حلف برداری کے باعث سکیورٹی انتظامات سخت کر رکھے ہیں اور علاقے میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے باعث کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں۔

  • کراچی : گلستان جوہر بھٹائی آباد میں یو سی چیئرمین کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی : گلستان جوہر بھٹائی آباد میں یو سی چیئرمین کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی : گلستان جوہر بھٹائی آباد میں یو سی چیئرمین کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مدعی مقدمے نے بتایا کہ سنجرانی نے مقتول صابر مگسی کو گولی ماری۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں یوسی چیئرمین کے قتل کا مقدمہ مقتول کے کزن کی مدعیت میں ملیر کینٹ تھانے میں درج کرلیا گیا۔

    مدعی مقدمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے چچا کا علاقے میں کیبل نیٹ ورک کا کام ہے، چچا کا بیٹا اپنے 3 ساتھیوں کے ساتھ کیبل کی خرابی درست کرنے گیا تھا۔

    مقتول کے کزن کا کہنا تھا کہ مخالف سنجرانی گروپ کے 14 سے 15 افراد جمع ہوگئے اور کام سے روکا میں نے واقعہ کی اطلاع اپنے کزن یوسی چیئرمین صابر مگسی کو دی تو مقتول صابر مگسی نے کہا کہ محلے کی بات ہے آپ لوگ لڑائی جھگڑا مت کرنا۔

    مدعی مقدمہ نے مزید کہا کہ میں اپنے دیگر 2 لوگوں کے ساتھ وہاں پہنچا تو سنجرانی گروپ نے ہم پر حملہ کردیا، سنجرانی گروپ نے 222رائفل،پستول اور لوہے کے سرئے سے ہم پرحملہ کیا۔

    مقتول صابر مگسی وہاں پہنچا تو اس نے سنجرانی گروپ سے کہا کہ ہمیں زخمیوں کو اسپتال لے جانے دومشتاق سنجرانی نے مقتول صابر مگسی کو بھی گولی ماردی، میں صابر مگسی کو اسپتال لے گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔

    یاد رہے گذشتہ روز کراچی : بچوں کی لڑائی پر ہونے والے جھگڑے میں فائرنگ سے یوسی چیئرمین جاں بحق ہوگیا تھا، مقتول صابر مگسی گلستان جوہر یو سی 9 کا منتخب چئیرمین تھا۔

    مقتول صابر مگسی 2 بچوں کا باپ تھا اور پراپرٹی کا کاروبار کرتا تھا جبکہ اس کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا۔

  • بھارتی فلم سے طریقہ سیکھ کر ابان کو قتل کیا، ملزم

    بھارتی فلم سے طریقہ سیکھ کر ابان کو قتل کیا، ملزم

    کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں 7 سالہ بچے ابان کے قاتل نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فلم دیکھ کر سیکھا کہ قتل کیسے کرتے ہیں۔

    دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ میں نے کچن سے چھری اٹھا کر جیب میں رکھی اور ابان کو لے کر گھر سے نکل گیا اور سنسان جگہ پر  لے جاکر ابان کو پیچھے پکڑا اور قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق قاتل صفیان نے بھارتی فلموں اور ڈراموں سے متاثر ہوکر قتل کی واردات کی، پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے مزید تفتیش کیلئے ماہر نفسیات کی بھی مدد لیں گے اور کیس کو آگے بڑھائیں گے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں 7 سالہ بچے ابان کو اس کے 15 سالہ کزن نے ہی قتل کیا تھا، پولیس نے ملزم سفیان کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے، ملزم نے قتل کے بعد چھری دھوکر کچن میں رکھ دی تھی۔

  • بلاول بھٹو آج کراچی میں انتخابی ریلی نکالیں گے

    بلاول بھٹو آج کراچی میں انتخابی ریلی نکالیں گے

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی ریلی کا آغاز 1 بجے بلاول ہاؤس سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ریلی شیریں جناح کالونی، کیماڑی اور ٹاور سے ہوتی ہوئی لی مارکیٹ پہنچے گی یہاں سے ریلی چاکیواڑہ، شیرشاہ، سائٹ اور پاک کالونی سے ہوتی ہوئی پرانا گولیمار جائے گی۔

    بلاول بھٹو کی قیادت میں ریلی نشتر روڈ، لسبیلہ، گلبہار سے ہوتی ہوئی رضویہ چورنگی پہنچے گی جس کے بعد ریلی ناظم آباد پٹرول پمپ، لیاقت آباد 10 نمبر  کے راستے سے حسن اسکوائر جائے گی۔

    پیپلز پارٹی کی یہ ریلی یونیورسٹی روڈ سے ہوتے ہوئے صفورا اور ملیر کینٹ جائے گی اور وہاں سے ملیر کالابورڈ سے ہوتے ہوئے داؤد چورنگی پر ریلی کا اختتام ہوگا۔

    اس ریلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شرکا سے مختلف مقامات پر خطاب کریں گے۔

  • جاگیرانی گینگ کے حمیر جاگیرانی نے سرینڈر کر دیا

    جاگیرانی گینگ کے حمیر جاگیرانی نے سرینڈر کر دیا

    کراچی: سیکیورٹی اداروں کے محاصرے کے دوران جاگیرانی گینگ کے حمیر جاگیرانی نے سرینڈر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس کی جانب سے اندرون سندھ کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا، دوران محاصرہ جاگیرانی گینگ کے حمیر جاگیرانی نے سرینڈر کر دیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق جاگیرانی گینگ کے خلاف کندھ کوٹ کے علاقے کچا بھنڈی کا محاصرہ کیا گیا تھا، سرنڈر کرنے والا ملزم حمیر جاگیرانی اغوا اور قتل کی وارداتوں میں ملوث اور پولیس کو متعدد ایف آئی آرز میں مطلوب تھا۔

    سیکیورٹی اداروں کو کچے میں ڈاکوؤں کی نقل و حرکت محدود رکھنے کے لیے گشت اور اسنیپ چیکنگ بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے، ترجمان رینجرز کے مطابق ونگ کمانڈر، ایس ایس پی اور ڈی سی کشمور نے حساس پولنگ اسٹیشنز کا بھی دورہ کیا۔

  • کسٹمز کا حاضر سروس افسراغوا برائے تاوان گینگ کا مرکزی کردار نکلا

    کسٹمز کا حاضر سروس افسراغوا برائے تاوان گینگ کا مرکزی کردار نکلا

    کراچی: اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے کسٹمز کے حاضر سروس افسر  کو اغوا برائے تاوان کیس میں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے کراچی سے نوجوان کے اغوا میں ملوث کسٹم افسر سمیت تین ملزمان گرفتار کرلیا ہے۔

    ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے مطابق ملزمان نے مغوی کےاہل خانہ سے کرپٹو کرنسی کی شکل میں پچاس ہزار ڈالر تاوان مانگا تھا۔

    ایس ایس پی ظفر صدیق چھانگا نے کہا کہ گرفتار اغواکاروں میں راشد، زبیر اور عبدالفتح شامل ہیں، ملزم عبدالفتح کلکٹریٹ آف کسٹم خضدار میں انسپکٹر ہے۔

    ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق ملزمان نے بریگیڈ تھانےکی حدود سے وجاہت ندیم کو اغوا کیا تھا، ملزمان سرکاری نمبر پلیٹ لگی کار میں اغواکے لیے آئے تھے۔

  • کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر میٹرک کا طالب علم قتل

    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر میٹرک کا طالب علم قتل

    کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز نے میٹرک کےطالب علم کی جان لےلی۔

    تفصیلات کے مطاق ماچکو مواچھ گوٹھ میں ڈاکوؤں نےموبائل نہ دینے پر مزمل کو گولی مار دی، لواحقین نے حب ریور  روڈ پر لاش رکھ کراحتجاج کیا۔

    واقعہ مواچھ گوٹھ میں پیش آیا جہاں بسمہ اللہ کالونی کا نوجوان مزمل ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا گیا۔ مشتعل افراد نے حب ریور روڈ پر لاش رکھ کر دھرنا دے دیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کیماڑی پولیس ان کے علاقے میں امن و امان کے قیام میں ناکام ہو گئی ہے، اسٹریٹ کرمنلز بلاخوف علاقے میں گھومتے نظر آتے ہیں اور پولیس کوئی کارروائی نہیں کرتی۔

    پولیس نے مزمل کے ورثاء کو قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کروائی ہے جب کہ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔

    حب ریور روڈ پر احتجاج کے باعث کراچی سے حب آنے جانے والی مال بردار گاڑیاں بھی کئی گھنٹوں تک پھنسی رہیں۔

  • لکڑی خریدنے نکلے تاجر کو پولیس اہلکاروں نے لیاری ایکسپریس وے پر لے جا کر لوٹ لیا

    لکڑی خریدنے نکلے تاجر کو پولیس اہلکاروں نے لیاری ایکسپریس وے پر لے جا کر لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں پولیس اہلکار ڈاکو بن گئے، ایک تاجر کو پکڑ کر لیاری ایکسپریس وے پر لے جا کر ان سے 2 لاکھ سے زائد کی رقم لوٹ لی۔

    تفصیلات کے مطابق لکڑی خریدنے نکلے تاجر کو پولیس اہلکاروں نے لیاری ایکسپریس وے پر لے جا کر لوٹ لیا، اور ان سے دو لاکھ سے زائد روپے چھین لیے، واقعے کا مقدمہ تھانہ نیپئر میں درج کر لیا گیا ہے۔

    تاجر حسان نفیس کی مدعیت میں درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ وہ لیاقت آباد سے موٹر سائیکل پر لکڑی خریدنے ٹمبر مارکیٹ آ رہے تھے کہ لیاری میں جمیلہ اسٹریٹ پر 2 پولیس اہلکاروں نے انھیں روک لیا۔

    انھوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل کے کاغذات نہ ہونے پر ایک اہلکار ان کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ گیا اور دوسرے اہلکار نے ان کے ملازم کو اپنی موٹر سائیکل پر بٹھا لیا، اور پھر لیاری ایکسپریس وے لے جا کر اہلکاروں نے ان کی جیب سے ایک لاکھ 70 ہزار روپے اور ملازم کی جیب سے 63 ہزار روپے نکال لیے۔

    تاجر کے مطابق جب پولیس اہلکاروں سے پیسے واپس مانگے گئے تو انھوں نے اسلحہ دکھا کر تاجر کو دھمکی دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کی نشان دہی ابھی نہیں ہوئی ہے، تاہم اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔