Author: افضل خان

  • کراچی میں موٹر سائیکل سوار  کی راہ چلتی خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت

    کراچی میں موٹر سائیکل سوار کی راہ چلتی خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت

    کراچی : شہر قائد میں موٹرسائیکل پر سوار کی راہ چلتی خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے کا واقعہ پیش آیا، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں راہ چلتی خاتون کے ساتھ نازیباحرکت کرنے کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا۔

    پہلے کراچی ایسٹ میں اور اب ضلع وسطی میں بھی راہ چلتی خاتون کو ہراساں کیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ کراچی کے علاقے سمن آباد بلاک 17 میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار شہری راہ چلتی خاتون کو جنسی طور پر حراساں کر کے فرار ہو گیا۔

    موٹرسائیکل پر سوارشخص کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، ایک گھر پر لگے کیمرے میں موٹرسائیکل سوار شخص کا چہرہ واضح ہے اور موٹرسائیکل سوار کو نازیباحرکت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فٹیج کی مدد سے شہری کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاتون کون ہے اس بات کا بھی تعین نہیں ہوسکا ہے اور واقعے کے حوالے سے کسی متاثرہ خاتون نے پولیس سے رابطہ بھی نہیں کیا تاہم اطراف کے علاقوں میں دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کررہے ہیں۔

    حکام نے کہا ہے کہ اس واقعے کے بارے میں اہل محلہ سے بھی معلومات حاصل کی ہیں تاہم اب تک واقعہ کا کوئی بھی عینی شاہد سامنے نہیں آسکا۔

    دوسری جانب چند روز قبل بھی گلستان جوہر میں ایسا ہی ایک اور واقعہ پیش ایا تھا، پولیس نے ملزم کے خاکے جاری کیے لیکن ملزم قانون کے کٹہرے میں اب تک نہیں لایا جا سکا۔

  • ایس ایس جی سی افسر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم سمیت تین افراد گرفتار

    ایس ایس جی سی افسر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم سمیت تین افراد گرفتار

    ایس ایس جی سی کے چیف میڈیکل افسر کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، پولیس نے ملزم سرمد صدیقی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فیروزآباد انویسٹی گیشن پولیس نے ایس ایس جی سی کے چیف میڈیکل افسر رحم علی شاہ کو قتل کرنے کے الزام میں ملزم سرمد صدیقی سمیت 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی کے چیف میڈیکل افسررحم علی شاہ کے قتل میں ملزم مرکزی کردار کی حیثیت رکھتا ہے۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ گرفتار ہونے والا سرمد صدیقی عادی مجرم ہے جو پہلے بھی جیل جا چکا ہے، پکڑے جاونے والے ملزمان میں جمعہ خان اور اشفاق مری بھی شامل ہیں۔

    انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے اب تک خاتون سمیت 10 ملزمان کی گرفتار عمل میں لائی جاچکی ہے۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق الٰہی نے کہا کہ رحم علی شاہ کو ہنی ٹریپ کرکے قتل کیا گیا تھا، مقتول کی شناخت 6 جولائی کو سہراب گوٹھ سرد خانے میں ہوئی تھی۔

  • کراچی: سول اسپتال نیورولوجی او پی ڈی سے لاکھوں روپے کی مشینری چوری

    کراچی: سول اسپتال نیورولوجی او پی ڈی سے لاکھوں روپے کی مشینری چوری

    کراچی : سندھ کے سب سے بڑے سول اسپتال کراچی کے نیورولوجی او پی ڈی سے لاکھوں روپے کی مشینری چوری ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے سب سے بڑے سول اسپتال کراچی میں سیکورٹی کی ناقص صورتحال ہے، سول اسپتال نیورولوجی او پی ڈی سے لاکھوں روپے کی مشینری چوری ہوگئی۔

    چوروں نے او پی ڈی میں توڑ پھوڑ بھی کی لیکن سرکاری و پرائیویٹ گارڈزلاعلم رہے۔

    دو روز سرکاری چھٹی کی وجہ سے سول اسپتال کی او پی ڈی بند تھی ، آج او پی ڈی کھلنے پر سامان غائب ہونے پر انتظامیہ نے سیکیورٹی کو طلب کرلیا۔

    سول اسپتال کی اوپی ڈی کے احاطے میں چوری کے معاملے پر ایم ایس نے بتایا کہ ہیروئن کے عادی افراد نیورولوجی ڈپارٹمنٹ کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوئے، منشیات کے عادی شخص نے ڈپارٹمنٹ سے ایک پرانا پنکھا چرایا۔

    ایم ایس کا کہنا تھا کہ اسپتال کے اندر ایک پولیس کی چوکی بھی قائم ہے، چوری ہونے والے سامان میں غیر استعمال شدہ پنکھا ہے تاہم نیورولوجی ڈپارٹمنٹ سے پنکھا چوری کی اطلاع متعلقہ پولیس تھانے کو کردی ہے۔

    دو روز سرکاری چھٹی کے بعد سول اسپتال کی او پی ڈی میں آنے والے مریض شدید پریشان ہے۔

  • کراچی میں کارخانے کی چھت گر گئی، 14 افراد زخمی

    کراچی میں کارخانے کی چھت گر گئی، 14 افراد زخمی

    کراچی کے علاقے کورنگی پی ایم ٹی کالونی میں کارخانے کی چھت گر گئی ملبے سے 14 افراد زخمی حالت نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کورنگی پی ایم ٹی کالونی میں بیکری مصنوعات بنانے والے دو منزلہ کارخانے کی بالائی چھت گر گئی جس کے باعث عمارت میں موجود تمام افراد ملبے تلے دب گئے اور زخمیوں کی چیخ وپکار مچ گئی۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر پہنچے اور ابتدائی اطلاعات تک 14 افراد کو ملبے سے زخمی حالت میں نکال کر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بتایا جاتا ہے کہ بیکری میں عملے کی تعداد زیادہ ہوتی ہے تاہم جمعہ اور ہفتہ کو محرم الحرام اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کے باعث آج عملہ معمول کی تعداد سے بہت کم تھا۔

  • ایم پی اے اسلم ابڑو کی گاڑی پر فائرنگ، بھائی اور ان کا بیٹا جاں بحق

    ایم پی اے اسلم ابڑو کی گاڑی پر فائرنگ، بھائی اور ان کا بیٹا جاں بحق

    کراچی: رکن صوبائی اسمبلی اسلم ابڑو کی گاڑی پر فائرنگ سے ان کے بھائی اکرم ابڑو اور ان کا بیٹا جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں ایم پی اے اسلم ابڑو کی گاڑی پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کی، جس سے گاڑی میں موجود ان کے بھائی وکیل اکرم ابڑو اور ان کا بیٹا شہریار ابڑو جاں بحق ہو گئے۔

    ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کے مطابق گاڑی میں موجود 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں، الہٰی بخش نامی ملازم واقعے میں محفوظ رہا، ملزمان نے تعاقب کر کے گاڑی کو نشانہ بنایا، پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے بڑے ہتھیار اور نائن ایم ایم کے خول ملے ہیں، مزید تحقیقات کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کر لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات لیے جائیں گے، پولیس حکام متاثرہ فیملی سے بھی رابطے میں ہیں، ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ نے بتایا کہ بظاہر ملزمان ایک سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، اور انھوں نے گاڑی پر تقریباً 25 کے قریب فائر کیے۔

    پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی کی نوعیت کا لگتا ہے، اسلم ابڑو کا تعلق جیک آباد سے ہے جہاں ان کی خاندانی دشمنی بھی چل رہی ہے، تاہم پولیس حکام واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں، اور علاقے کے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی چیک کیے جا رہے ہیں۔

  • کراچی میں بچے کو بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگ گیا

    کراچی میں بچے کو بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگ گیا

    کراچی کے علاقے گارڈن شو مارکیٹ کے قریب بارش کے دوران بچے کو بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن شو مارکیٹ کے قریب گزشتہ روز یہ واقعہ پیش آیا جہاں بچے کو بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگا تو اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو بچا لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے فیملی حیدرآباد سے کراچی آئی ہوئی تھی اور انہوں نے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی کے لیے رجوع نہیں کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق فیملی واپس حیدرآباد روانہ ہوچکی ہے، عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور تنصیبات سے دور رہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال بوٹ بیسن تھانے کےعلاقے کلفٹن شاہ رسول کالونی میں بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے 4 سالہ کمسن بچی جاں بحق ہو گئی تھی۔

    بچی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کی شناخت تانیہ دختر محمد اسلم کے نام سے کی گئی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ متوفیہ بچی رات ساڑھے دس بجے کے قریب گھر سے باہر ہی نکلی تھی کہ گھر کے باہر بجلی کے پول کو ہاتھ لگانے کی وجہ سے اسے کرنٹ لگ گیا اور وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی۔

  • کاؤنٹر ٹیررازم کی موبائل پر حملے کا مقدمہ تحریک طالبان کے خلاف درج

    کاؤنٹر ٹیررازم کی موبائل پر حملے کا مقدمہ تحریک طالبان کے خلاف درج

    کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی موبائل پر حملے کا مقدمہ تحریک طالبان کے خلاف درج کرلیا گیا، مقدمہ سرکاری مدعیت میں انسداد دہشتگردی اور ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کے خلاف کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی موبائل پر حملے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں انسداد دہشتگردی اور ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا جس میں کئی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مقدمے میں جان سے مارنے کی نیت سے حملہ کرنے کی دفعہ شامل کی گئی ہے، اس کے ساتھ سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچانے اور جلانے کی ذیلی دفعہ بھی مقدمے میں شامل ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کی ٹیم سندھ بلوچستان کے سرحدی علاقے حب میں کارروائی کے لیے گئی تھی، ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں کی اطلاع موصول ہوئی تھی، ناردرن بائی پاس مائی گاڑی پہنچنے پر بارود سے بھری موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی۔

    متن کے مطابق سی ٹی ڈی کا 12 رکنی اسکواڈ 2 پولیس موبائلوں میں سوارتھا، پولیس موبائل بم پروف ہونے کی وجہ سے اہلکار محفوظ رہے۔

    حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم تحریک طالبان کے خلاف آپریشن تیز کردیا۔

  • دبئی سے کراچی آنے والا نوجوان کے قتل میں اے وی ایل سی اہلکار کے ملوث ہونے کا شواہد مل گئے

    دبئی سے کراچی آنے والا نوجوان کے قتل میں اے وی ایل سی اہلکار کے ملوث ہونے کا شواہد مل گئے

    کراچی: منگھوپیر چنگی موڑکے قریب دبئی سے کراچی آنے والا نوجوان کے قتل میں اے وی ایل سی اہلکار کے ملوث ہونے کا شواہدمل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر چنگی موڑ کے قریب پولیس اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر اے وی ایل سی اہلکار کے ملوث ہونے کا شواہد مل گئے۔

    پولیس ذرائع نے بتایا کہ اے وی ایل سی ٹیم منگھو پیر کی حدود میں اسنپ چیکنگ کررہی تھی، چوری کی موٹر سائیکلوں کی اسمگلنگ اسی راستے سے کی جاتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے اندھیرے میں رکنےکااشارہ کیاموٹر سائیکل سوار ہاشم اور شہزاد نہیں رکے، فائرنگ کرکے اہلکاروں نے موبائل میں کپڑے بدلے اور وقوع سے فرار ہوئے تاہم واقعے میں ملوث اہکاروں کی تلاش جاری ہے۔

    دوسری جانب منگھوپیر چنگی موڑ کے قریب پولیس اہلکار کی فائرنگ نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    نامعلوم پولیس موبائل میں موجوداہلکاروں کیخلاف مقتول کےبھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت منگوپیر تھانے میں درج کیا، نامعلوم پولیس موبائل میں موجوداہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • کراچی میں ایس ایس جی سی کا چیف میڈیکل افسر مبینہ اغوا کے بعد قتل

    کراچی میں ایس ایس جی سی کا چیف میڈیکل افسر مبینہ اغوا کے بعد قتل

    کراچی : سوئی سدرن گیس کمپنی کے چیف میڈیکل آفیسر کومبینہ طور پر اغواء کے بعد قتل کردیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون سمیت 8 سے 10 افراد کے واقعے میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کے چیف میڈیکل افیسر کے مبینہ اغواء اور قتل کے معاملے پر فیروز اباد انوسٹی گیشن پولیس نے کیس پر کام شروع کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رحم علی شاہ کی لاش سول اسپتال کس نے پہنچائی؟ پولیس تعین اب تک نہیں کرسکی.

    حکام نے کہا کہ سول اسپتال انتظامیہ نے لاش کی شناخت نہ ہونے پر 7 جولائی کو ایدھی سرد خانے میں جمع کروائی اور 9 جولائی کو ڈاکٹر رحم علی کے ورثاء نے لاش کو ایدھی سرد خانے میں شناخت کیا۔

    پولیس نے بتاہا کہ لواحقین نے7 جولائی کو ڈاکٹررحم علی کےاغواکا مقدمہ درج کرایا، اغواکامقدمہ بیٹے نے درج کرایا اور بتایا کہ آخری بار دوست سے اپنے فون پر رابطہ کیا تھا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر رحم علی شاہ کی گاڑی سرجانی ٹاؤن کے علاقے سے ملی، مقتول چند روز سے کاروبار کے معاملے میں مختلف لوگوں سے رابطے میں تھے، رحم علی شاہ جمعرات کی رات کاروباری میٹنگ کیلئے طارق روڈ پہنچے تھے اور میٹنگ میں خطرے کو بھانپ کر دوست کو اپنی لوکیشن اور حالات سے آگاہ کیا۔

    میٹنگ کے دوران ناخوشگوار واقعے کے بعد رحم علی شاہ کا موبائل بند اور وہ لاپتہ ہوگئے تاہم پولیس نے کال ریکارڈ کی مدد سے ایک خاتون سمیت 7 افراد کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اب تک کی تفتیش میں خاتون سمیت 8 سے 10 افراد کے اس واقعے میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔

  • ویڈیو: ڈاکو نے موٹر سائیکل سوار نجی کمپنی کے ملازم سے رقم سے بھری تھیلی چھین لی

    ویڈیو: ڈاکو نے موٹر سائیکل سوار نجی کمپنی کے ملازم سے رقم سے بھری تھیلی چھین لی

    کراچی: ملیرسٹی میں ڈاکو نے موٹر سائیکل سوار نجی کمپنی کے ملازم سے مبینہ طور پر رقم سے بھری تھیلی چھین کر فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیرسٹی میں ڈاکو نجی کمپنی کے ملازم سے مبینہ طور پر 24 لاکھ 65 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے نجی کمپنی کے ملازم سے پیٹرول پمپ پر موٹرسائیکل سے تھیلا چھینا اور فرار ہوگئے۔

    نجی کمپنی کے ملازم نے پولیس کو بیان میں کہا کہ ریکوری کی رقم بینک میں جمع کرانے جارہا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ واردات گزشتہ روز پیش آئی، ابتدائی رپورٹ ملیر سٹی تھانے میں جمع کرادی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش اور مزید تفتیش جاری ہے۔