Author: افضل خان

  • ہوٹلوں پر بیٹھے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کا سرگرم لٹیرا فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا

    ہوٹلوں پر بیٹھے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کا سرگرم لٹیرا فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا

    کراچی: شہر قائد میں ہوٹلوں پر بیٹھے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کا سرگرم لٹیرا سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چائے خانوں پر بیٹھے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ڈکیت گینگ کے سرگرم رکن گل زمان کو نارتھ ناظم آباد پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا۔

    ایس ایس پی معروف عثمان کے مطابق نارتھ ناظم آباد پولیس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ڈکیت گروہ کے ایک مرکزی رکن کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی بنیادوں پر گرفتار کر لیا گیا۔

    ملزم گل زمان عرف بہادر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مختلف ہوٹلوں پر بیٹھے لوگوں سے موبائل فون اور کیش چھینتا تھا، گل زمان ایک درجن سے زائد وارداتیں کر چکا ہے، اس کا ایک ساتھی آصف عرف قبا رضویہ کے علاقے میں واردات کر تے ہو ئے پکڑا گیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق گل زمان بورڈ آفس، فائیو اسٹار، ناظم آباد، چاؤلہ مارکیٹ، ناگن چورنگی اور حیدری پر ہوٹلوں میں وارداتیں کرتا تھا، گل زمان نے 15 اپریل کو اپنے ساتھیوں آصف عرف قبا اور ذیشان افغانی کے ساتھ مل کر بلاک اے نارتھ ناظم آباد بائیکو پیٹرول پمپ کے پاس ’25 گھنٹے‘ نامی ہوٹل پر 6 موبائل فون چھینے تھے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

    گل زمان نے بتایا کہ وہ ہفتے میں 40/45 موبائل فون چھینتے ہیں جو کہ جمع کر کے حسین علی نامی شخص کے ذریعے افغانستان بھیجے جاتے ہیں، ملزم سے دوران گرفتاری چھینے گئے موبائل فون، ایک پستول اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    گل زمان کے خلاف تھانہ نارتھ ناظم آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس سے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری اور برآمدگی کے لیے مزید تفتیش اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • کراچی :  موبائل مارکیٹ میں انوکھی چوری، چور نے موبائل ٹیپ سے اپنے جسم پر چپکا لئے

    کراچی : موبائل مارکیٹ میں انوکھی چوری، چور نے موبائل ٹیپ سے اپنے جسم پر چپکا لئے

    کراچی : صدر کی موبائل مارکیٹ میں انوکھی چوری کی واردات ہوئی ، چور نے چوری شدہ موبائل چور نے اپنے جسم کے ساتھ ٹیپ سے چپکالئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر کی موبائل مارکیٹ میں انوکھی چوری کی واردارت ہوئی ، چور دس گھنٹے موبائل مارکیٹ میں چھپا رہا اور دکان کے تالے کاٹ کر موبائل چوری کیے۔

    پولیس نے بتایا کہ چوری شدہ موبائل چور نے اپنے جسم کے ساتھ ٹیپ سے چپکا لئے اور صبح مارکیٹ کھلنے کے بعد باہر نکلنے لگا تو چوکیدار کو شک ہوگیا، چور کی تلاشی کے دوران اس کے جسم سے اٹھارہ موبائل برآمد کرلئے گئے۔

    ملزم لیاقت کے خلاف پریڈی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے تین روز قبل اسی مارکیٹ سے آئی فون چوری کیا تھا۔

    دکانداروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا ،ملزم تیسری دن ہی ضمانت پر آکر پھر چوری کرنے آگیا۔

  • سندھ پولیس کی عید کے موقع پر اپنے شہداء کو یاد رکھنے کی روایت برقرار

    سندھ پولیس کی عید کے موقع پر اپنے شہداء کو یاد رکھنے کی روایت برقرار

    کراچی: سندھ پولیس نے عید کے موقع پر اپنے شہداء کو یاد رکھنے کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے حکم پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن ایسٹ طارق مستوئی شہید کے گھرگئے، سندھ پولیس کی جانب سے شہید اقبال کے اہل خانہ کو ایک کروڑ گرانٹ کا چیک بھی دے دیا گیا۔

     گلستان جوہر میں اے ایس آئی اقبال کے گھر ایس ایس پی طارق مستوئی نے انویسٹیگیشن شرقی نے شہید کے ورثاء سے ملاقات کی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن شرقی نے شہید اقبال کے بیٹے کو پھولوں کا گلدستہ اور عیدی بھی دی۔

    اس موقعے پر ایس ایس پی طارق الاہی مستوئی نے کہا کہ آئی جی سندھ کی طرف سے اہلخانہ کو ایک کروڑ روپے روپے کا چیک دیا ہے، اپنے شہداء کے ساتھ ہیں، انکی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

    ایس ایس پی طارق مستوئی نے مزید بتایا کہ شہید اے ایس آئی اقبال کو کچھ مہینے قبل لائینز ایریا میں شہید  ہوے تھے۔

  • واٹس ایپ گروپس کے ذریعے قربانی کے سستے جانور لینے والے ہوشیار

    واٹس ایپ گروپس کے ذریعے قربانی کے سستے جانور لینے والے ہوشیار

    کراچی: واٹس ایپ اور فیس بک گروپس کے ذریعے قربانی کے سستے جانور لینے والے ہوشیار ہو جائیں، ایف آئی اے نے نوسرباز گروہ سے خبردار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں قربانی کے سستے اور پرکشش جانور ہوم ڈیلیوری کے جھانسے کے ساتھ فروخت کرنے والے نوسر باز سرگرم ہو گئے ہیں۔

    ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت سے عوام کو خبردار کر دیا، ادارے کا کہنا ہے کہ فیس بک اور واٹس اپ گروپ پر قربانی کے جانوروں کی فروخت پر عوام محتاط رہیں۔

    اس سلسلے میں ایف آئی اے نے نوسر باز گروہوں سے خبردار کرنے کی ایک مہم شروع کر دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ جعل ساز سوشل میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی پرکشش قیمت دکھاتے ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق سستے جانور کے حصول میں شہری رقم ایزی پیسہ کرتے ہیں، جانور ہوم ڈیلوری کے چارجز علیحدہ وصول کیے جاتے ہیں، جعل ساز ایڈوانس رقم لے کر بکنگ کے جانور کی پکچر واٹس اپ کر دیتے ہیں، تاہم اس کے بعد وہ ہر قسم کا رابطہ منقطع کر دیتے ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آگاہی کا مقصد آن لائن فراڈ کو روکنا اور عوام میں شعور بیدار کرنا ہے، اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوسرباز کیسے دھوکا دیتے ہیں۔

  • پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کے واقعات، دہشت گردی کا خطرہ تو نہیں؟ اعلیٰ حکام نے سر جوڑ لیے

    پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کے واقعات، دہشت گردی کا خطرہ تو نہیں؟ اعلیٰ حکام نے سر جوڑ لیے

    کراچی: شہر قائد میں پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کے واقعات کے تناظر میں دہشت گردی کا خطرہ تو نہیں؟ اعلیٰ حکام نے سر جوڑ لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کے واقعات کی تحقیقات کا دائرہ مزید پھیلا دیا گیا، حالیہ واقعات دہشت گردی کا خطرہ تو نہیں؟ اس اہم پہلو پر اعلیٰ حکام نے سر جوڑ لیے ہیں۔

    ضلعی پولیس کے ساتھ تحقیقات میں اب اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو بھی شامل کر لیا گیا ہے، ایس آئی یو نے کراچی میں پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی وارداتوں پر کام تیز کر دیا، اور حالیہ وارداتوں کی تفصیل جمع کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

    ایک ماہ کے دوران 4 وارداتوں میں پولیس اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ سمیت مختلف اقسام کے 8 ہتھیار چھینے گئے، جن میں ایک ایس ایم جی بھی شامل ہے۔

    ذرائع کے مطابق واردات کا نشانہ بننے والے اہلکاروں سے بھی کئی گھنٹوں تک سخت سوالات کیے گئے، فارن سیکیورٹی سیل کے ایک اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے، تاہم اس سلسلے میں تفتیش کئی روز بعد بھی مکمل نہیں ہو سکی۔

    یاد رہے کہ ہتھیار چھیننے کی وارداتوں میں 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا جا چکا ہے، 30 مئی کو سکھن تھانے کی حدود میں فارن سیکیورٹی سیل کے اہلکار سے ایس ایم جی چھینی گئی تھی، واردات کی مزاحمت پر ملزمان نے پولیس اہلکار عبدالمجید کو پستول کے بٹ مار کر زخمی کیا۔

    10 جون کو سہراب گوٹھ میں دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر کے اسلحہ چھینا گیا، بعد میں مرکزی ملزم شرابو پولیس مقابلے میں مارا گیا، اس واردات میں ڈاکوؤں نے شہید ہیڈ کانسٹیبل رحمت اللہ اور اس کے ساتھی ہیڈ کانسٹیبل عبدالحکیم سے نائن ایم ایم پستول چھینے تھے۔

    شرافی گوٹھ تھانے کے اہلکاروں اور ان کے پرائیویٹ ساتھی سے بھی 4 پستول چھینے گئے تھے، پولیس اہلکار اپنے ساتھی کے ہمراہ مانسہرہ کالونی فیچر موڑ کے قریب چائے کے ہوٹل پر بیٹھے تھے کہ واردات ہوئی، خیال رہے کہ پولیس اہلکاروں کی شہادت سمیت اسلحہ چھیننے کی وارداتوں کے مقدمات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج ہیں۔

  • کراچی: سپر ہائی وے سے ملنے والی خاتون کی لاش کی میڈیکل رپورٹ میں اہم انکشاف

    کراچی: سپر ہائی وے سے ملنے والی خاتون کی لاش کی میڈیکل رپورٹ میں اہم انکشاف

    کراچی: سپر ہائی وے سے ملنے والی خاتون کی لاش کی میڈیکل رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی ہے جس میں اہم انکشاف ہوا۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سپر ہائی وے سے ملنے والی خاتون کی عمر 30 سے 32 سال ہے لاش مختلف ٹکڑوں میں ہے، خاتون کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی لیکن میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد سے دونوں بازو اور ریڑھ  کی ہڈی کو شدید نقصان پہنچا ہے، پولیس نے کیمیکل ایگزامینیشن  اور ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ڈی این اے رپورٹ کے بعد خاتون کی شناخت میں مدد مل سکےگی۔

  • کراچی پولیس کے موٹو پتلو رشوت لینے لگے، ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی پولیس کے موٹو پتلو رشوت لینے لگے، ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کی پولیس کی رشوت ستانیوں کی کہانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، تاہم اب موٹو پتلو کے نام سے مشہور دو اہل کاروں کی رشوت ستانی کا بھی چرچا ہونے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس، تھانہ لیاقت آباد کے دو اہل کاروں کی رشوت لینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، یہ اہل کار موٹو پتلو کے نام سے مشہور ہیں، ویڈیو سامنے آنے پر ایس ایس پی نے ایکشن بھی لے لیا۔

    ویڈیو میں ایک موٹے اور ایک پتلے پولیس اہل کار کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد کی مارکیٹ میں رشوت لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    لیاقت آباد کے ریڑھی بانوں نے شکایت کی ہے کہ یہ دو اہل کار روزانہ کی بنیاد پر رشوت لینے آتے ہیں اور کوئی ریڑھی والا رشوت نہ دے تو سخت ناروا سلوک کیا جاتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ پولیس حکام کو اس معاملے کی تحقیقات کروانی چاہیے۔

    گزشتہ روز 14 جون کو ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے ویڈیو میں نظر آنے والے دونوں اہل کاروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انھیں معطل کر کے کوارٹر گارڈ کر دیا۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے واقعے کی مکمل انکوائری اے ایس پی لیاقت آباد ڈویژن کے سپرد کر دی ہے، انکوائری مکمل ہونے پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • نادرن بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو ٹکر مار دی

    نادرن بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو ٹکر مار دی

    کراچی: شہر قائد میں نادرن بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو ٹکر مار دی، جس سے خاتون جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نادرن بائی پاس، اورنگی کٹ کے قریب ایک افسوس ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں ماں جاں بحق اور ان کا جواں سال بیٹا زخمی ہو گیا ہے۔

    جاں‌ بحق خاتون کی شناخت 55 سالہ عائشہ زوجہ عبدالوہاب کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ زخمی نوجوان کی شناخت 20 سالہ سہیل ولد عبد الوہاب کے نام سے ہوئی۔

    خاتون اور ان کا بیٹا موٹر سائیکل پر سوار تھے، مبینہ طور پر تیز رفتاری سے آتی گاڑی نے دونوں کو کچل دیا، جاں بحق خاتون اور زخمی کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر منگھوپیر تھانے کی پولیس پہنچ گئی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے، تاہم اس کی گرفتاری کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • کراچی میں‌ "شعلے گینگ” سرگرم، فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکار شہید کردیے

    کراچی میں‌ "شعلے گینگ” سرگرم، فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکار شہید کردیے

     کراچی میں شعلے ڈکیت گروپ سرگرم ہوگیا ہے جس نے سہراب گوٹھ کے علاقے میں فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی  کے علاقے سہراب گوٹھ الاصف اسکوائر کے عقب میں واقع انڈس پلازہ کے قریب شعلے ڈکیت گینگ نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں رحمت اللہ اور عبدالحکیم کو شہید کر دیا اور فرار ہوگئے۔

    شہید پولیس اہلکاروں کے 2 نائن ایم ایم پستول بھی غائب ہیں، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمان فرار ہوتے وقت شہید پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

    پولیس کو جائے وقوع سے ملزمان کا ایک نائن ایم ایم پستول اور 30 بور گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہید پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلدازجلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

    مذکورہ واقعے کا مقدمہ سراب گوٹھ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ جو سرکار کی مدعیت میں اے ایس آئی ناصر اقبال چیمہ کی جانب سے درج کرایا گیا۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

     پولیس کی جانب سے شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اہلکاروں کے قتل میں شعلے ڈکیت گینگ کے کارندے ملوث ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی شہادت شعلے ڈکیت گینگ سے مقابلہ کرتے ہوئے ہوئی۔ شعلے ڈکیت گینگ کے 2 کارندے 6 ماہ قبل بھی پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔

  • کراچی کے شہری سمندری طوفان سے بے خوف، دفعہ 144 کی پابندی ہوا میں اڑا دی

    کراچی کے شہری سمندری طوفان سے بے خوف، دفعہ 144 کی پابندی ہوا میں اڑا دی

    کراچی: شہر قائد کی ساحلی پٹی پر تفریحی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں، شہریوں نے سمندری طوفان بیپر جوائے سے بے خبر، بے خوف ہو کر دفعہ 144 کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیپر جوائے کے باعث کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، تاہم کراچی کے شہریوں نے اس پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ہے، اور پولیس بھی عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

    کراچی کی ساحلی پٹی کی طرف جانے والے راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند نہیں کیا گیا، ماڑی پور ہاکس بے، کلفٹن سی ویو کی ساحلی پٹی پر شہریوں کی بڑی تعداد فیملیوں کے ہمراہ پہنچ گئی ہے۔

    ماڑی پور پولیس نے ہاکس بے جانے والے شہریوں کو روکا لیکن شہری پولیس کو خاطر میں نہیں لائے، اور ہاکس بے اور سی ویو کے مقام پر شہری بچوں کے ہمراہ سمندر میں نہاتے ہوئے نظر آئے۔

    کراچی کی ساحلی پٹی پر تفریحی سرگرمیاں جاری ہیں، شہری سمندری طوفان سے بے خبر بے خوف دکھائی دیتے ہیں، واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے دفعہ 144 کے تحت سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے، دفعہ 144 کے تحت کشتی رانی اور ماہی گیری پر بھی پابندی ہے۔