Author: افضل خان

  • 100 سے زائد وارداتوں میں شہریوں سے موبائل اور نقدی چھیننے والے 2 لٹیرے گرفتار

    100 سے زائد وارداتوں میں شہریوں سے موبائل اور نقدی چھیننے والے 2 لٹیرے گرفتار

    کراچی: پولیس اور رینجرز نے اورنگی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کے دوران عادی مجرم کو  گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں میں پولیس اور رینجرز نے  مشترکہ کارروائی کے دوران ڈکیتی اور منشیات قروشی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان ریجرز کا کہنا ہے کہ ملزم امیر زیب، فرحان منشیات فروشی، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان سے اسلحہ وایمونیشن اور 2 چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں برآمد کرلی۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزمان شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوجاتے تھے، ملزم فرحان عادی مجرم ہے اور متعدد بار جیل جا چکا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزمان نے 100 سے زائد وارداتوں میں 300 موبائل، 3 لاکھ نقدی لوٹنےکا اعتراف کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • ٹی ٹی پی کے لیے سوشل میڈیا پر فنڈز جمع کرنے والا ملزم غلام نبی گرفتار

    ٹی ٹی پی کے لیے سوشل میڈیا پر فنڈز جمع کرنے والا ملزم غلام نبی گرفتار

    کراچی: تحریک طالبان پاکستان کے لیے سوشل میڈیا پر فنڈز جمع کرنے والے ملزم غلام نبی کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری، ریڑھی گوٹھ میں ایک کارروائی کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کا سرگرم کارکن گرفتار کر لیا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے افراد کی تلاش کے دوران ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی، ملزم غلام نبی نے سوشل میڈیا کے ذریعے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے لیے فنڈز جمع کرنے کا انکشاف کیا۔

    ملزم کے قبضے سے چندے کی رسیدیں اور رقم بھی برآمد ہوئی ہے، ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اسے دہشت گردی کی تربیت کے لیے افغانستان جانا تھا۔

    ادھر گزشتہ روز ساہیوال میں‌ بھی مال منڈی چوک سے کالعدم تحریک طالبان کا ایک عہدے دار گرفتار کیا گیا تھا، سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد محمد صدیق خان کھلے عام لٹریچر تقسیم کر رہا تھا، ملزم سے افغان جہاد کے 3 کتابچے، 3 ممنوعہ کتابیں، اور عالمی جہاد کا داعی برآمد ہوئے۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ مبینہ دہشت گرد کا تعلق موضع خیروخیل پکہ تحصیل غزنی خیل ضلع لکی مروت سے ہے، برآمد مواد میں حکومتی نظام و آئین کے خلاف نفرت انگیز، مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر شامل ہے، تھانہ سی ٹی ڈی نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

  • بجٹ میں سندھ پولیس کے لئے 12 ارب اضافی رکھنے کی تجویز

    بجٹ میں سندھ پولیس کے لئے 12 ارب اضافی رکھنے کی تجویز

    کراچی:سندھ پولیس نے نئے مالی سال کے بجٹ کے لئے تجاویز پیش کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے وفاقی بجٹ 24-2023 میں سندھ پولیس کے لئے 12 ارب اضافی رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔

    پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سندھ پولیس نے سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور انویسٹی گیشن کیلئے اضافی بجٹ کی تجاویز  پیش کیں، آر آر ایف اور سی ایم یو کیلئے اضافی فنڈ ز رکھے گئے ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ سکھر اور حیدرآباد میں سی ٹی ڈی کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 1 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، اس کے علاوہ سیلاب اور برساتوں میں تباہ ہونے والی پولیس لائنز کی تعمیر کیلئے بھی بجٹ رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

    حکام کے مطابق پولیس لائنز اور پولیس فیملی کوارٹرز کے لئے 6 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، کچےکے پولیس کے لیے بھی اضافی بجٹ کی تجاویز دی ہیں۔

    سندھ پولیس نے جدید اسلحہ کی خریداری کیلئے بجٹ مختص کرنے کی بھی تجویز دی، افسران و اہلکاروں کے ہیلتھ الاؤنس بڑھانے کی تجاویز بھی پیش کی گئی۔

    پولیس حکام نے نئی مالی سال بجٹ کے لیے پولیس ملازمین کے میڈیکل بلز کی ادائیگی کیلئے 1 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

  • کراچی : رکشہ سوار نے چکر دلانے کے بہانے  ڈیڑھ سالہ بچے  کو  اغوا کرلیا

    کراچی : رکشہ سوار نے چکر دلانے کے بہانے ڈیڑھ سالہ بچے کو اغوا کرلیا

    کراچی : شہر قائد میں رکشہ سوار چکر دلانے کے بہانے بچے کو اغوا کرکے فرار ہوگیا ، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لائنز ایریا سے ڈیڑھ سالہ بچے کو اغوا کرلیا گیا ، پولیس نے بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا۔

    مقدمہ اغوا کی دفعات کے تحت بریگیڈ تھانےمیں درج کیاگیا، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ بچےکورکشہ سوار چکر دلانے کے بہانے سے لے کر فرار ہوا۔

    واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آروائی نیوزنے حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں بچے کی بہن کو رکشے کے پیچھے بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    والد نے بتایا کہ بچہ اپنی بہن کے ساتھ درخت کے نیچے بیٹھا تھا ، بچی نے بتایا رکشے سوار نے کہا چلو رکشے کاچکر دلاکر لاتا ہوں، جس کے بعد رکشہ سوار نے چکر لگا کر بچی کو اتارا اور بچے کو لیکر فرار ہوگیا۔

    والد نے مزید کہا کہ واقعہ کو 5 روز گزر گئے بچے کا سراغ نہیں مل سکا۔

  • کراچی پولیس مقابلے میں زخمی 5 ملزمان انتہائی مطلوب ڈاکو نکلے

    کراچی پولیس مقابلے میں زخمی 5 ملزمان انتہائی مطلوب ڈاکو نکلے

    کراچی: گزشتہ روز کراچی کے علاقوں گلبرگ اور عزیز آباد میں پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والے 5 ملزمان انتہائی مطلوب ڈاکو نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ روز پولیس مقابلے میں گرفتار ہونے والے زخمی ڈاکو انتہائی مطلوب ملزمان نکلے ہیں، ڈاکوؤں کا یہ گروہ بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کو راستے میں لوٹ لیتا تھا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 5 ماہ قبل عزیز آباد کے علاقے میں بینک سے رقم نکلوانے والے شہری سے 5 لاکھ 60 ہزار رو پے چھینے تھے۔

    گرفتار زخمی ڈاکوؤں نے دوسری واردات 3 ماہ قبل فیڈرل بی ایریا کے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری سے 13 لاکھ رو پے چھین کر کی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں نے گارڈن اور گارڈن ایسٹ میں بھی بینک سے رقم لے کر نکلنے والے درجنوں شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔

    گینگ کا ایک رکن شاہزیب پہلے ہی گرفتار ہو چکا ہے، جس کی لوٹ مار کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔

  • وفاقی اردو یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں تصادم، 2 پروفیسر زخمی

    وفاقی اردو یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں تصادم، 2 پروفیسر زخمی

    کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو پروفیسر زخمی ہوگئے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی جس پر طلبا نے ایک دوسرے پر حملہ کردیا، جھگڑے میں آہنی راڈ، ڈنڈوں اور کرسیوں کا آذادانہ استعمال کیا گیا۔

    تصادم کے دوران دو پروفیسرز بھی زخمی ہوئے، زخمیوں میں پروفیسر رانی ارم اور شعبہ اردو کے پروفیسر حیدرعباس زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    ڈاکٹرز کے مطابق پروفیسر عباس کے سر میں زخم آئے جبکہ پروفیسر رانی ارم کا ہاتھ زخمی ہوا، تصادم کے بعد دونوں جانب سے طلبا شدید مشتعل ہوئے اور ایک دوسرے کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

    پولیس نے مشتعل طلبا کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 22 سے زائد طلبا کو حراست میں لے لیا ہے، جامعہ اردو سول اسپتال کیمپس کی صورت حال قابو میں ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر یونیورسٹی کو دو دن کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

  • 9 مئی جیسے واقعات پر قابو پانے کے لئے سندھ پولیس کا ایک اور اقدام

    9 مئی جیسے واقعات پر قابو پانے کے لئے سندھ پولیس کا ایک اور اقدام

    کراچی:9 مئی جیسے واقعات پر قابو پانے کے لئے سندھ پولیس نے سندھ ریزور فورس کی جگہ ایک نیا یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے بین الاقوامی طرز کی اینٹی رائٹ فورس کے قیام کی منظوری دے دی گئی، کراوڈ مینجمنٹ یونٹ 3 ہزار اہلکاروں پر مشتمل ہوگا۔

    حکام کے مطابق 4 یونٹ پر مشتمل فورس کراچی میں 2 ہزار اور سکھر حیدرآباد میں 500 اہلکار تعینات ہونگے جسے 19گریڈکا ایس ایس پی یونٹ کمانڈ کرےگا۔

    حکام کا بتایا ہے کہ سکھر میں محمد ریاض، حیدر آباد میں خالد مصطفی کورائی، قیوم آباد میں رانا عارف اور بلدیہ میں محمد علی رضا ایس پی تعینات ہیں۔

    اہلکاروں کی تربیت بین الاقوامی تربیت یافتہ ٹرینرز سےکروائی جائےگی، اہلکاروں کو لاٹھی چارج،کراوڈ مینجمنٹ اور مشتعل مظاہرین سے مذاکرت کرنےکی تربیت دی جائےگی۔

    3 ہزار اہلکاروں کے لیے اینٹی رائٹ کٹس بھی خرید لی گئی ہیں، کراچی میں قیوم آباد ایس آر پی کے دفتر اور بلدیہ میں سی ایم یوکے ہیڈ کوارٹر قائم ہونگے۔

  • گلستان جوہر میں نجی یونیورسٹی کی وین کو لوٹ لیا گیا

    گلستان جوہر میں نجی یونیورسٹی کی وین کو لوٹ لیا گیا

    کراچی: شہر  قائد کے علاقے گلستان جوہر میں موٹر سائیکل سوار  2 ملزمان نے نجی یونیورسٹی کی وین کو لوٹ لیا۔

    ارآر وائی نیوز کے مطابق گلستان جوہر کامران چورنگی کی طرف جانے والی سڑک پر نجی یونیورسٹی کی وین کو لوٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے، 2 ملزمان طالبات کے پرس سے موبائل فون، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے واردات کی، یونیورسٹی کی وین میں 4 طالبات سمیت ایک استاد بھی سوار تھے۔

    ملزمان نے تسلی سے واردات کی طالبات کے پرس سے پیسے بھی نکالے اور جاتے ہوئے گاڑی کی چابی نکال کر دور پھینک دی۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی اطلاع ملنے کے بعد کارروائی شروع کردی ہے۔

  • انٹیلیجنس کی بنیاد پر رینجرز اور پولیس نے فرنٹیئر کالونی سے 2 مفرور ڈکیت گرفتار کر لیے

    انٹیلیجنس کی بنیاد پر رینجرز اور پولیس نے فرنٹیئر کالونی سے 2 مفرور ڈکیت گرفتار کر لیے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں فرنٹیئر کالونی سے انٹیلیجنس کی بنیاد پر سندھ رینجرز نے 2 مفرور ڈکیت گرفتار کر لیے، یہ ملزمان مختلف علاقوں میں منظم گروہ چلا رہے تھے۔

    ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اوربلدیہ ٹاؤن کے علاقے فرنٹیئر کالونی سے منشیات فروشی، ڈکیتی، راہزنی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 2 ملزمان مصدق عرف مزمل عرف باچا اور ثنا اللہ عرف پہلوان عرف موٹا کو گرفتار کر لیا۔

    ملزمان کے قبضے سے ایک عدد پستول، ایک عدد موٹر سائیکل اور شہریوں سے چھینے گئے موٹرسائیکلوں کے پرزے برآمد کیے گئے ہیں۔

    ڈاکو اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں اورنگی ٹاؤن، سائٹ ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن میں منظم ڈکیت گروہ چلا رہے تھے، اور منشیات فروشی، اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مصدق عرف مزمل عرف باچا اورنگی ٹاؤن، سائٹ ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن کے ڈکیت گروہوں کے ساتھ رابطے میں تھا، ان سے ڈکیتی میں چھینے ہوئے موبائل فونز خرید کر ان کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کر کے افغانستان فروخت کے لیے بھیجتا تھا۔ مصدق باچا مختلف جرائم میں ملوث ہونے کی بنا پر متعدد بار پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے اور تھانہ رضویہ سوسائٹی کی ایک ایف آئی آر میں مفرور ہے۔

    لٹیروں کا برا انجام، پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ڈمپر سے ٹکرا گئے

    گرفتار ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے منشیات فروشی، ڈکیتی، راہزنی اور اسٹریٹ کرائمزکے علاوہ موٹر سائیکل چوری میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے، ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    گرفتار ڈاکوؤں کو مع اسلحہ و ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • لٹیروں کا برا انجام، پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ڈمپر سے ٹکرا گئے

    لٹیروں کا برا انجام، پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ڈمپر سے ٹکرا گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے میں 2 لٹیرے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ایک ڈمپر سے ٹکرا کر شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کی صبح کو تھانہ سائٹ سپر ہائی وے ایسٹ کراچی کی حدود میں 3 موٹر سائیکل سوار لٹیرے شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، کہ اس دوران پولیس پارٹی کو آتے دیکھ کر فرار ہونے لگے۔

    ایس ایچ او انسپکٹر اورنگزیب خٹک کے مطابق تین مسلح لٹیرے تھانہ سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے میں فرمان، ثاقب احمد اور احمد ولد سلیم سے موبائل فونز اور نقدی چھین رہے تھے، کہ اس دوران گشت کرنے والی پولیس پارٹی آ گئی۔

    لٹیرے پولیس پارٹی کو دیکھ کر موٹر سائیکلوں پر سڑک کے رانگ سائیڈ سے فرار ہونے لگے، لیکن سامنے سے آنے والے ڈمپر سے بری طرح ٹکرا گئے۔

    ڈمپر سے ٹکر کے نتیجے میں سیاہ رنگ کی 125 موٹر سائیکل پر سوار 20 سے 25 سال کے دو مسلح لٹیرے ریئس اللہ ولد نصیب اللہ اور شرافت ولد سید اللہ شدید زخمی ہو گئے، جب کہ ان کا تیسرا ساتھی مانی موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمی لٹیروں کی تلاشی لی گئی تو ان سے ایک ایک پستول، لوڈ میگزین، چھینے ہوئے موبائل اور نقدی برآمد ہوئی، لٹیروں کو طبی امداد دے کر مقدمات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔