Author: افضل خان

  • کراچی  : پہلی بار کینٹ اسٹیشن میں موٹر سائیکل اسکواڈ پیٹرولنگ کروانے کا فیصلہ

    کراچی : پہلی بار کینٹ اسٹیشن میں موٹر سائیکل اسکواڈ پیٹرولنگ کروانے کا فیصلہ

    کراچی : شہر قائد میں پہلی بار کینٹ اسٹیشن میں موٹر سائیکل اسکواڈ پیٹرولنگ کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا، پٹرولنگ اسکوڈ دو شفٹوں میں کام کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس حملے کےبعد سے ریلوے اسٹیشنز کی سیکورٹی بہتر کرنے کا ایک اور اقدام سامنے آیا، پہلی بار کینٹ اسٹیشن میں موٹر سائیکل اسکواڈ پیٹرولنگ کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی ریلوے شوکت کھتیان نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اسٹیشن کے اطراف میں پیٹرولنگ کے لئے آٹھ رکنی اسکواڈ بنادیا گیا ہے۔.

    شوکت کھتیان نے کہا کہ پیٹررولنگ کے لئے نئی آٹھ موٹر سائیکلیں بھی خریدی گئی ہے ،پٹرولنگ اسکوڈ دو شفٹوں میں کام کرے گا۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پیٹرولنگ اسکاڈ اسٹیشن پر مشکوک افراد ،بیگ اور چوریوں پر بھی نظر رکھے گا۔

    اس سلسلے میں سٹی اور کینٹ پولیس کے اہکاروں کے لئے نئی وردیاں بھی بنوالی گئیں ہیں اور ریلوے پولیس کے آٹھ سو اہکاروں کو نئے جوتے وردیاں اور موزے بھی دیے جائیں گے، بوٹ سے لیکر موزے تک اعلی کوالٹی کا خیال رکھا گیا ہے۔

  • ویڈیو: لٹیرے نے دن دہاڑے دکاندار کو ہپناٹائز کر کے لوٹ لیا

    ویڈیو: لٹیرے نے دن دہاڑے دکاندار کو ہپناٹائز کر کے لوٹ لیا

    کراچی: برنس روڈ پر ایک لٹیرے نے دکان دار کو ہپناٹائز کر کے لوٹ لیا، پولیس نے خفیہ اطلاع پر ملزم عبدالشہاب کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے آرام باغ کی پولیس نے ایک کارروائی میں ہپناٹائز کر کے لوٹ مار کرنے والے ملزم عبدالشہاب کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی۔

    گرفتار نوسرباز نے برنس روڈ پر ایک دکان میں واردات کی تھی، اس واردات کی ویڈیو میں ملزم کو نظر بندی یا ہپناٹائز کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم نوسر بازی کر کے کاؤنٹر پر کھڑے شخص سے پیسے لے کر چلا گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو دکان دار سے بات چیت کرتے دیکھا جا سکتا ہے، بات چیت کے دوران ملزم نے دکان دار کو ہپناٹائز کیا اور رقم لے کر فرار ہو گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی تھی، آرام باغ پولیس نے 24 گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اس سے قبل بھی لوگوں کو ہپناٹائز کر کے فراڈ کر چکا ہے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ گرفتار ملزم عبدالشہاب کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، اس کا کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر آٹوکیڈ انجینئر کا لیپ ٹاپ چھیننے کے دوران قتل

    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر آٹوکیڈ انجینئر کا لیپ ٹاپ چھیننے کے دوران قتل

    کراچی میں احسن آباد مشرق سوسائٹی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر آٹوکیڈ انجینئر عبدالباسط قتل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق احسن آباد مشرق سوسائٹی کے قریب ڈاکو نے  آفس کے لیے گھر سے نکلنے والے آٹو کیڈ انجینئر کو لیپ ٹاپ چھیننے کے دروان گولی مار کر قتل کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت عبدالباسط کے نام سے ہوئی ہے، مقتول آٹو کیڈ انجینئر تھا اور دفتر جانے کےلئے نکلا تھا، مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دو ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی اور لیپ ٹاپ چھینے کی کوشش کی، مزاحمت کرنے پر ڈاکوں نے ایک گولی مقتول کو ماری اور فرار ہوگے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود میں منظم جرائم اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، پولیس اسنیپ چیکنگ کے نام پر علاقہ مکینوں کو تنگ کرنے اور رشوت بٹورنے میں لگی رہتی ہے۔

    واضح رہے کہ  چوبیس گھنٹوں کے دوران دوسری اور رواں برس ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے افراد کی تعداد 56 ہوگئی۔

  • ویڈیو: سپر ہائی وے پر خونی ریس لگانے والے ہوائی فائرنگ بھی کرنے لگے

    ویڈیو: سپر ہائی وے پر خونی ریس لگانے والے ہوائی فائرنگ بھی کرنے لگے

    کراچی: سپر ہائی وے پر موٹر سائیکل پر خونی ریس لگانے والے کھلے عام ہوائی فائرنگ بھی کرنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز کراچی میں سپر ہائی وے، ناردرن بائی پاس پل کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی کھلے عام خطرناک موٹر سائیکل ریس کا سلسلہ جاری ہے۔

    ریس کے ساتھ ساتھ اب شہریوں کی جانب سے کھلے عام فائرنگ کرنے کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ریسرز نے ریس کے دوران سپر ہائی وے کو جام کر دیا ہے۔

    ریس جیتنے والے کے لیے 50 ہزار روپے انعام مقرر کیا گیا تھا، موٹر سائیکل ریسرز کے علاوہ ان کے حامی بھی بڑی تعداد میں سپر ہائی وے پر موجود تھے، اور ریسرز بے خوف ہو کر خطرناک طریقے سے موٹر سائیکل چلاتے رہے۔

    ریس کے دوران ریس میں حصہ لینے والے اور وہاں موجود ان کے حامیوں نے ہوائی فائرنگ بھی کی، تاہم فائرنگ کے باوجود پولیس سمیت کوئی بھی ادارہ ملزمان کو گرفتار کرنے یا روکنے نہیں آیا۔

    اس واقعے سے متعلق پولیس محکمے نے روایتی لا علمی کا اظہار کر دیا ہے۔

  • ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر ڈیڑھ کروڑ سے زائد نشہ آور گولیاں پکڑی گئیں

    ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر ڈیڑھ کروڑ سے زائد نشہ آور گولیاں پکڑی گئیں

    کراچی: ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر ڈیڑھ کروڑ سے زائد نشہ آور گولیاں پکڑی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی میں ایک اہم اور بڑی کارروائی میں ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل میں کنٹینر سے بھاری مقدار میں مختلف اقسام کی نشہ آور گولیاں برآمد کی ہیں۔

    خفیہ اطلاع کے بعد ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر کنٹینر کو روک لیا گیا تھا، یہ کنٹینر لاگوس (نائجیریا) کے لیے بُک کروایا گیا تھا، جس سے تلاشی کے دوران 1 کروڑ 82 لاکھ 57 ہزار 700 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔

    تحقیقات کے بعد لیاری کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، اور اس کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، کیس کے سلسلے میں مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے، ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

  • کراچی: ایس ایچ او کی شرمناک حرکت، متاثرہ خاتون کی ویڈیو وائرل کر دی

    کراچی: ایس ایچ او کی شرمناک حرکت، متاثرہ خاتون کی ویڈیو وائرل کر دی

    کراچی: ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے فیصل جعفری عرف کنگ نے شرمناک حرکت کرتے ہوئے زیادتی کی شکار متاثرہ خاتون کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سائٹ سپر ہائی کے ایس ایچ او فیصل جعفری عرف کنگ نے جبری زیادتی کا شکار ہونے والی فریادی خاتون کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

    خاتون اپنے ساتھ ہونے والی درندگی کا واقعہ بتاتی رہی، اور ایس ایچ او ویڈیو بناتا رہا، خاتون رو رو کر مختلف زاویوں سے زیادتی کی تفصیلات بتاتی رہی، اور ایس ایچ او سوال کرتا رہا۔

    ایس ایچ او فیصل جعفری عرف کنگ نے زیادتی کرنے والے ملزم سے بھی سوالات کیے، ایس ایچ او ہر جملے کے بعد گالی دیتے ہوئے ملزم کو برا بھلا کہتا رہا۔

    ایس ایچ او نے ملزم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ’’تو دیکھ اب تیرے ساتھ کیا ہوتا ہے۔‘‘

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایچ او فیصل جعفری کے خلاف بالا افسران کو متعدد شکایات موصول ہو چکی ہیں، سائٹ سپر ہائی وے پر ایرانی ڈیزل کے کئی ڈپو موجود ہیں، خود کو کنگ کہلانے والا ایس ایچ او مبینہ طور پر جوا خانہ چلانے میں بھی ملوث ہے۔

  • کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن میں عملے پر فائرنگ سے مشین آپریٹر جاں بحق

    کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن میں عملے پر فائرنگ سے مشین آپریٹر جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں عملے پر فائرنگ سے مشین آپریٹر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی سیکٹر 8 میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران نامعلوم افراد کی عملے پر فائرنگ سے مشین آپریٹر جاں بحق ہو گیا، صورت حال کو قابو کرنے کے لیے پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرجانی میں انڈسٹری کے پلاٹس پر قبضہ ختم کرانے کے لیے انکروچمنٹ ٹیم آپریشن کے لیے پہنچی تھی، آپریشن کے آغاز سے قبل بھی پولیس موقع پر موجود تھی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ لینڈ گریبرز کی جانب سے کے ڈی اے انکروچمنٹ ٹیم پر پتھراؤ اور فائرنگ کی گئی، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، فائرنگ کے حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ محکمہ کے ڈی اے کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا شخص شاول لوڈر ہے۔

    سرجانی میں آپریشن کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی، مسلح ملزمان اور اینٹی انکروچمنٹ پولیس میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، پولیس کی جانب سے مشتعل افراد کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی جاتی رہی۔

    دریں اثنا، آپریشن کے دوران انسداد تجاوزات کی ٹیم نے کئی پلاٹوں پر قائم تجاوزات کو مسمار کر دیا، پولیس نے مزاحمت کرنے والوں پر لاٹھی چارج کیا اور مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ صورت حال کو کنٹرول کر لیا گیا ہے، فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • ضمنی بلدیاتی الیکشن: جماعت اسلامی کا انتخابی عملے اور پولیس پر جانب داری کا الزام

    ضمنی بلدیاتی الیکشن: جماعت اسلامی کا انتخابی عملے اور پولیس پر جانب داری کا الزام

    کراچی: ضمنی بلدیاتی الیکشن کے دوران جماعت اسلامی نے انتخابی عملے اور پولیس پر جانب داری کا الزام لگا دیا ہے، دو علاقوں میں پولنگ اسٹیشنز کے باہر جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے انتخابی حلقے یو سی 13 نیو کراچی میں ٹاؤن وارڈ 1 میں کشیدگی پھیل گئی ہے، جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹس نے احتجاج کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگا دیا ہے۔

    ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ الیکشن عملے نے بیلٹ باکس 8 بجے سے پہلے ہی سیل کر دیے تھے، اور پولنگ اسٹیشن کے اندر پہلے سے پیپلز پارٹی کے لوگ موجود تھے، ترجمان نے کہا کہ بیلٹ باکس جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹس کے بغیر ہی سیل کر دیے گئے۔

    بیلٹ باکس سیل کیے جانے کے معاملے پر یو سی 13 رشید آباد میں پولنگ اسٹیشن کے باہر پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے حامیوں میں جھگڑا ہو گیا، جس میں ایک شخص زخمی ہو گیا، جے آئی امیدوار نے کہا ’’پیپلز پارٹی دھاندلی کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔‘‘

    نیو کراچی ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس پہلے ہی بند کرنے پر تلخ کلامی، ایک شخص زخمی

    جماعت اسلامی نے انتخابی عملے اور پولیس پر جانب داری کا الزام لگاتے ہوئے کہا ’’ہمارے کارکنوں کو پولیس کی موجودگی میں مارا گیا‘‘ تاہم پی پی امیدوار شاہ زیب ستی نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی کارکن تشدد میں ملوث نہیں ہے۔

    ادھر ضمنی بلدیاتی الیکشن کے دوران لیاری بہار کالونی یو سی 2 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 5 میں بھی کشیدگی پیدا ہو گئی ہے، اور پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے، جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ان کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا، کشیدگی پھیلنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔

  • نیو کراچی ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس پہلے ہی بند کرنے پر تلخ کلامی، ایک شخص زخمی

    نیو کراچی ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس پہلے ہی بند کرنے پر تلخ کلامی، ایک شخص زخمی

    کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس پہلے ہی بند کرنے پر پولنگ ایجنٹوں نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہو گیا ہے، تاہم یو سی 13 نیو کراچی ٹاؤن نیو رشید آباد میں پولنگ عملے اور ایجنٹس میں تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    الیکشن عملے نے بیلٹ باکس 8 بجے سے پہلے ہی بند کر دیے، ڈبے دکھائے بغیر بند کرنے پر سیاسی جماعتوں کی خواتین پولنگ ایجنٹس نے احتجاج کیا، اور اس دوران پولنگ عملے کے ساتھ ان کی شدید تلخ کلامی ہوئی، بعد ازاں‌ ہاتھا پائی میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔

    پولنگ عملے کی جانب سے ایجنٹوں کو ڈبے نہ دکھانے پر پولنگ اسٹیشن کے باہر صورت حال کشیدہ ہو گئی، سیاسی جماعتوں کے کارکنان بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشن کے باہر پہنچ کر جمع ہو گئے۔

    کراچی کا میئر کون؟ فیصلہ 11 یوسیز کریں گی، ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ شروع

    پولنگ ایجنٹوں نے الزام لگایا ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ سندھ کی مخصوص سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچا رہا ہے، کشیدہ صورت حال کو قابو کرنے کے لیے پولیس بھی پہنچ گئی۔

  • سندھ پولیس میں بھرتیوں کے حوالے سے خوش خبری

    سندھ پولیس میں بھرتیوں کے حوالے سے خوش خبری

    کراچی: سندھ پولیس میں 2 ہزار اے ایس آئی انویسٹیگیشن بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں اے ایس آئی انویسٹیگیشن بھرتی کیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اے ایس آئی انویسٹیگیشن کی خصوصی پوسٹیں پیدا کرنے کی منظوری دے دی۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو خط لکھ دیا، سندھ پولیس میں 50 فی صد بھرتیاں سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جائیں گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 50 فی صد پوسٹیں ڈپارٹمنٹ میں موجود افسران کو ترقی دے کر پوری کی جائیں گی۔