Author: افضل خان

  • پسند کی شادی پر بیان ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت آنے والی لڑکی کو والد نے گولی مار دی

    کراچی: سٹی کورٹ کے احاطے میں فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی جانبحق جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق سٹی کورٹ کے احاطے  میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں پسند کی شادی پر بیان ریکارڈکرانے کیلئے آنیوالی لڑکی جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس نے بتایا کہ کورٹ میرج کے بعد لڑکی اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے سٹی کورٹ آئی تھی والد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

    مزید تفصیلات میں ایس ایس پی شبیر سیٹھار نے بتایا کہ مقتولہ کا آبائی تعلق وزیرستان سے تھا، لڑکی نے گاؤں میں  ڈاکٹر سے پسند کی شادی کی تھی۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ خاتون  پیر آباد  سے عدالت میں 164 کا بیان ریکارڈ کرانے آئی تھی، لڑکی کے باپ نے 3 فائر کیے، 2 گولیاں خاتون کو لگیں، جس کے باعث موقع  پر لڑکی کی موت واقع ہوگئی۔

    سٹی پولیس کا کہنا تھا کہ ایک گولی پولیس اہلکار کو کمر پر لگی، زخمی  اہلکار کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم پولیس اہلکاروں کو جھانسہ دیکر عدالتی احاطے میں آیا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • لیاری ندی سے 2 روز بعد 8 سالہ نبیل کی لاش مل گئی، کھیلتے ہوئے ڈوب گیا تھا

    کراچی: لیاری ندی سے 2 روز بعد 8 سالہ نبیل کی لاش مل گئی، بچہ اپنے دوستوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ڈوب گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال، راجپوت کالونی کے قریب لیاری ندی میں آٹھ سالہ بچہ نبیل کھیلتے ہوئے گر گیا تھا، نبیل کی لاش آج لیاقت آباد بلوچ ہوٹل کے قریب ندی سے مل گئی۔

    ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے 2 روز سے بچے کی تلاش جاری رکھی ہوئی تھی، ورثا نے سندھ حکومت سے اپیل کی تھی کہ ہیوی مشینری بھیج کر بچے کو تلاش کیا جائے۔

    نبیل ہفتے کی شام دوستوں کے ساتھ لیاری ندی پر گیا تھا اور زندہ نہ لوٹ سکا، پہلے دن امدادی ٹیمیں نبیل کو تلاش کرنے میں ناکام رہی تھیں۔

    بچے کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کئی ماؤں کے جگر گوشے مین ہول یا نکاسی آب کے نالوں میں ڈ وب کر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

  • گٹکا ماوا کے خلاف پولیس پارٹی میں مجرمانہ ریکارڈ کے حامل افسران و اہل کار شامل

    کراچی: شہر قائد میں گٹکا ماوا کی فروخت کے خلاف بنائے جانے والی پولیس پارٹی میں مجرمانہ ریکارڈ کے حامل افسران و اہل کار شامل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں گٹکا اور ماوا کی فروخت میں سہولت کاری کی تحقیقات کے کیس میں انکشاف ہوا ہے کہ اس سلسلے میں کریمنل ریکارڈ والے پولیس افسران اور اہل کاروں کو پھر تعینات کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس پارٹی میں کریمنل ریکارڈ کے حامل افسران، اہل کار اور جعلی صحافی شامل کیے گئے ہیں۔

    2 ہفتے قبل تشکیل دی جانے والی ٹیم میں سب انسپکٹر جمال شیخ بھی شامل ہے، جمال شیخ ماضی میں متعدد بار محکمانہ کارروائیوں کی زد میں آ چکا ہے۔

    پولیس پارٹی میں معطل اے ایس آئی ارشد عرف گھوڑا بھی شامل ہے، ارشد عرف گھوڑا کو ماضی میں افسران نے سروس سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔

    کانسٹیبل صادق موٹا، پی سی نعمان، پی سی وقار، ہیڈ کانسٹیبل منور شاہ کے نام بھی شامل ہیں، پولیس پارٹی کے ساتھ کام کرنے والے افراد کا نام پولیس آئی آر میں بھی موجود ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس پارٹی میں موجود افراد گٹکے ماوے کی سپلائی میں سہولت کاری کر رہے ہیں، ٹیم میں شامل اہل کار شہریوں کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور تاوان وصولی میں بھی ملوث ہیں۔

  • پارکو پائپ لائن سے تیل چوری میں ملوث مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بن قاسم میں پارکو پائپ لائن سے تیل چوری میں ملوث مطلوب ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بن قاسم میں پارکو پائپ لائن سے تیل چوری میں ملوث ملزم پکڑا گیا، ملزم کی شناخت محمد اشرف کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس کو مطلوب تھا۔

    پولیس حکام نے کہا ہے کہ ولی ٹاؤن میں پولیس اہل کاروں اور ملزمان کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے بعد محمد اشرف زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم اشرف تیل چوری گروہ کا ماسٹر مائنڈ ہے، مقابلے کے دوران اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے کلپ کی مدد سے پارکو کی پائپ لائن کو کئی بار نقصان پہنچایا، اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

  • کراچی : گرفتار کالعدم تنظیم کے 5 مبینہ دہشت گردوں نے اہم حقائق سے پردہ اٹھادیا

    کراچی : گرفتار کالعدم تنظیم کے پانچ مبینہ دہشت گردوں نے اہم حقائق سے پردہ اٹھادیا اور بتایا غیر ملکیوں اور حساس ادارے کے افسران کی ریکی کی اور کراچی سے حب کو بجلی سپلائی کرنیوالی ہائی ٹینشن لائن اڑانا چاہتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کالعدم تنظیم کے5مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے معاملے پر دوران تفتیش گرفتار مبینہ دہشتگردوں نے اہم حقائق سے پردہ اٹھادیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نے لسانی بنیاد پر مکلی ٹھٹھہ میں تاجرپرقاتلانہ حملےاعتراف کیا ، ملزمان کی واردات کی ویڈیوز بھی حاصل کرلی گئیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ گروہ کو معشوق کمرانی اوراصغرشاہ بیرون ملک سے فنڈنگ کرتےہیں جبکہ ملزموں نے غیرملکیوں ،حساس ادارے کے افسران کی ریکی کرنے کا بھی اعتراف کیا۔

    تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد کراچی سے حب کو بجلی سپلائی کرنیوالی ہائی ٹینشن لائن اڑانا چاہتے تھے، جس کی تصاویرسامنےآگئیں ہیں ، تصاویرمیں ہائی ٹینشن پول کےاطراف نصب بارودی موادواضح دیکھاجاسکتاہے۔

    ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے گزشتہ دنوں 3 دہشت گردوں کو مواچھ گوٹھ اور 2 کو ایمپریس مارکیٹ سے گرفتار کیا تھا۔

  • کراچی میں ہوئی چوری کی انوکھی واردات، چور نے اپنایا نیا انداز

    کراچی میں روزانہ متعدد چوری کی وارداتیں ہوتی رہتی ہیں تاہم چوری کی ہوئی ہے ایسی انوکھی واردات جس میں چور نے اپنایا نیا انداز جس کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    چوری کی یہ واردات شہر قائد کے مصروف علاقے عزیز آباد میں ہوئی ہے اور یہ واردات رات گئے انجام پائی ہے تاہم رات کی تاریکی میں کی گئی یہ چوری کیمرے کی آنکھ سے نہ بچ سکی اور سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک پر ایک موٹر سائیکل لاوارت حالت میں کھڑی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید یہ موٹر سائیکل چلتے چلتے خراب ہوگئی اور اس کا مالک مکینک ڈھونڈنے گیا ہے۔

    اسی اثنا میں کیمرے میں ایک رکشا نمودار ہوتا ہے جس کا ڈرائیور کھڑی موٹر سائیکل دیکھ کر رکشا روک لیتا ہے۔ پہلے وہ سڑک کے اطراف دیکھتا ہے کہ کوئی اسے دیکھ تو نہیں رہا پھر اس کے بعد اپنے رکشے کو کچھ آگے لے جا کر تاریکی میں کھڑا کر دیتا ہے۔

     

    رکشا ڈرائیور واپس آتا ہے اور موٹر سائیکل کو گھسیٹ کر رکشے کے پاس لے جاتا ہے اور پھر اسے رکشے میں ڈال کر رفوچکر ہوجاتا ہے۔

  • ویڈیو: لٹیروں نے ہوٹل پر بیٹھے شہریوں کو لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد میں لٹیروں نے چائے کے ہوٹلوں کو لوٹ مار کے لیے آسان ہدف بنا لیا ہے، ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابو الحسن اصفہانی روڈ پر اسٹریٹ کرائم کی واردات کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 3 لٹیروں نے چائے کے ہوٹل پر بیٹھے ہوئے 7 شہریوں سے لوٹ مار کی۔

    فوٹیج کے مطابق لٹیروں نے اطمینان کے ساتھ شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھینی، 2 خوف زدہ شہریوں نے خود والٹ سے نقدی نکال کر لٹیروں کے حوالے کر دی۔

    لٹیروں نے واردات کے دوران چہرے چھپانے کے لیے ماسک پہنے ہوئے تھے، 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تین لٹیرے واردات کر کے بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی بہادر آباد میں چائے کے ایک ہوٹل کے باہر بیٹھے شہریوں کو لوٹ لیا گیا تھا۔

  • ویڈیو: کراچی لٹیروں کی جنت بن گیا، دن دہاڑے ایک اور واردات

    کراچی: شہر قائد لٹیروں کی جنت بن گیا ہے، لٹیرے دن دہاڑے ایک اور واردات کر کے چلتے بنے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لوٹ مار کی ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، یہ واردات کورنگی کے علاقے سیکٹر 32 اے میں 3 لٹیروں نے کی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ کراچی میں پولیس نامی کوئی ادارہ موجود نہیں، اور لٹیرے دن دہاڑے بے خوفی اور آرام سے وارداتیں کر کے نکل جاتے ہیں۔

    جمعرات کو کی گئی واردات میں تین لٹیروں نے علاقے میں مال سپلائی کرنے والی گاڑی سمیت کئی دکانوں کو لوٹا، دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین لٹیرے اسلحے کے زور پر اطمینان سے لوٹ مار کرتے رہے۔

    فوٹیج: کراچی میں ایک بار پھر بچوں کا موٹر سائیکل لفٹر گینگ سرگرم

    واردات کے بعد ملزمان بہ آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

  • سی ویو کراچی سے خاتون ڈاکٹر کی لاش ملنے کی تحقیقات میں پیشرفت

    کراچی : پولیس نے سی ویو سے خاتون ڈاکٹرکی لاش ملنے کے کیس کے مرکزی ملزم کے ساتھی اور سہولت کار کو گرفتار کرلیا جبکہ عینی شاہد کے بیان میں تضاد سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ویو کراچی سے خاتون ڈاکٹرکی لاش ملنے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی۔

    پولیس نے عینی شاہد کی بنائی گئی ویڈیو جاری کردی ، پولیس نے بتایا کہ عینی شاہدجمال کوشامل تفتیش کیا ہے ، عینی شاہد کے بیان میں تضاد سامنےآیاہے۔

    حکام نے کہا کہ جمال نے پہلے بتایا کہ لڑکی گاڑی سےاتری اور بعد میں موقف اپنایا کہ گاڑی کا ٹھیک سے معلوم نہیں، اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرسارہ گاڑی سے اتری تھی یا نہیں تحقیقات جاری ہے۔

    دوسری جانب سارہ قتل کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم شان سلیم کا ساتھی اور سہولتکار بھی گرفتارکر لیا گیا ہے۔

    گرفتار وقاص کے ذمہ جانوروں کی فیڈ اور دیگر کام تھے ،شان سلیم نے تفتیش کے دوران دیگر اہم انکشافات بھی کیے ، جانوروں کے اسپتال کے اندر عیش و عشرت کا ماحول بنایا ہوا تھا۔

    شایان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں کھلا ڈھلا ماحول تھا ،اسپتال میں ہر لڑکا لڑکی کی آپس میں دوستی تھی۔

    ایس ایس پی انوسٹی گیشن ساؤتھ زاہدہ پروین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق لاش ڈوبی ہوئی نہیں تھی،جو لاش پر نشانات تھے وہ بھی موت سے پہلے کے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ شان سلیم نے اسپتال کا ڈیٹا ضائع کیا، کچھ سی سی ٹی وی بھی ضائع کیں، سارہ ملک کا موبائل فون بھی چھپا دیا گیا تھا،

    ایس ایس پی انوسٹی گیشن ساؤتھ نے کہا کہ شان سلیم سے سارہ کے تعلق تھے، جس سے سارہ کو پیسے بھی دہیے اور عہدہ بھی دیا گیا، بسمہ کو اسپتال میں رکھا اور اس سے بھی شان کے تعلق قائم ہو گئے۔

    زاہدہ پروین کا کہنا تھا کہ بسمہ اور شان کو کمرے میں دیکھ کر سارہ دل بردشتہ ہوئی، ان ملزموں نے اسپتال میں ایک عجیب ماحول بنایا ہو اتھا ، مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل ہے ، بسمہ فرار ہوگئی ہے اسے تلاش کیا جارہا ہے ۔

    ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے کہا کہ لڑکی کو کہاں مارا گیا اس سے پردہ اٹھنا باقی ہے ،لڑکی کی لاش پر زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

  • 3100 پولیس اہلکار کراچی میں اسٹریٹ کریمنلز سے نمٹنے کے لیے تیار

    کراچی : پولیس ٹریننگ سینٹرز سے 3100 پولیس اہلکار شہر میں اسٹریٹ کرائم کریمنلز کیخلاف کارروائی کیلئے بھیج دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ کی ہدایات پر اسٹریٹ کرائم کے سدباب کیلئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے حکمت عملی تیار کر لی ۔

    کراچی کے پولیس ٹریننگ سینٹرز سے 3100 پولیس اہلکار شہر کے تینوں زونز میں اسٹریٹ کرائم کریمنلز کیخلاف کارروائی کیلئے بھیج دیے گئے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شاہد حیات پولیس ٹریننگ سینٹر سے 1 ہزار اہلکاروں کو ساوٴتھ زون اور شاہد حیات پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد سے نو سو اہلکاروں کو ویسٹ زون بھیجا گیا ہے۔

    حکم نامے میں بتایا گیا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد سے 1200 پولیس اہلکاروں کو ایسٹ زون بھیجا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریننگ سینٹرز سے فیلڈ میں آنیوالے اہلکاروں کو تھانیداروں کی نگرانی میں رش آوورزمیں اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے ہاٹ اسپاٹ پرتھانہ پولیس کیساتھ تعینات کیا جائے گا۔

    اہلکاروں کی مدد سے پولیس اسنیپ چیکنگ اور گشت میں بھی بہتری آئے گی ، اسٹریٹ کرائم کے سدباب کیلئے اہلکار تین شفٹوں میں سڑکوں پر تعینات کئے جائیں گے۔