Author: افضل خان

  • لٹیروں کے ہاتھوں ایک اور نوجوان جان سے گزر گیا، افسوس ناک ویڈیو

    کراچی: شہر قائد میں لٹیروں کے ہاتھوں ایک اور نوجوان قیمتی جان سے محروم ہو گیا، جس کی افسوس ناک ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سچل کے علاقے بلاول شاہ نورانی گوٹھ میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے،

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 مسلح ملزمان ایک دکان میں داخل ہو رہے ہیں، ایک ملزم کیش کاؤنٹر پر چلا گیا اور وہاں موجود نوجوان کو اسلحہ دکھا کر رقم لوٹ لی۔

    سنگین جرائم میں ملوث ڈاکو عبدالرسول بھٹو مارا گیا، سر کی قیمت ایک کروڑ

    واردات کے بعد جب ملزمان دکان سے باہر نکلے تو ان کے ہاتھوں میں اسلحہ بدستور موجود تھا، اس دوران دکان دار کا بھائی رزاق وہاں آ گیا، اس نے جب مسلح لٹیروں کو دیکھا، تو ایک مسلح شخص پر اچانک جھپٹ پڑا، تاہم ڈاکو نے اسے گولی ماری اور فرار ہو گئے۔

    واردات کرنے والے ایک ملزم کے چہرے پر لگا ماسک بھی ہاتھا پائی کے دوران گر گیا جس سے ملزم کا چہرہ واضح ہو گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے نوجوان رزاق کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن جاں بر نہ ہو سکا اور دوران علاج دم توڑ گیا۔

  • نیو کراچی میں ڈاکوؤں نے خاتون کو گولی ماردی

    کراچی کے علاقے نیو کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز نے خاتون کو ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 11 اے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر معمر خاتون کو گولی مار دی گئی، خاتون کے ساتھ موجود نوجوان کی جانب سے مزاحمت کی گئی تھی۔

    عمر رسیدہ خاتون نوجوان کے ساتھ موٹر سائیکل پر بینک سے تین لاکھ روپے لے کر گھر پہنچی تھیں مسلح ملزمان تعاقب کرتے ہوئے پہنچ گئے۔

    خاتون ہاتھ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئیں انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مسلح ملزمان رقم لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 17 میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی تھی۔

    یہ پڑھیں: کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے خاتون جاں بحق

    مقتولہ کی شناخت ثنا زوجہ طارق کے نام سے ہوئی تھی، ایس ایس پی ایسٹ کا بتانا تھا کہ کار میں خاتون، ان کا بھائی اور ایک بچہ میڈیکل اسٹور پر آئے تھے، مقتولہ کو ایک گولی کندھے پر لگی تھی۔

  • شہری اسٹریٹ کرمنلز کے حوالے، پولیس بااثر افراد کی شادیوں کے پروٹوکول میں مصروف

    کراچی: شہر قائد میں شہری اسٹریٹ کرمنلز کے حوالے کر دیے گئے ہیں، اور پولیس بااثر افراد کی شادیوں کے پروٹوکول میں مصروف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد سے سرجانی ٹاؤن جانے والی بارات میں فائرنگ کی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں، جن میں پولیس کی سیکیورٹی میں شادی میں خودکار ہتھیاروں کے آزادانہ استعمال کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق بارات میں مسلح افراد نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا، بلڈر کی شادی کی تقریب میں علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا، اور لیاقت آباد اور سرجانی ٹاؤن پولیس ’سب اچھا ہے‘ کا راگ الاپتی رہی۔

    ذرائع کے مطابق شادی میں مقیم نامی شخص بڑے ہتھیار سے ہوائی فائرنگ کرتا رہا، جب کہ پولیس نے شادی کی تقریب کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی۔

    پولیس موبائل کو سادہ لباس اہل کاروں کے علاوہ پرائیویٹ افراد بھی استعمال کرتے رہے، اس سلسلے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پولیس موبائل کس تھانے یا افسر کی ہے، اس کے بارے میں علم نہیں ہے۔

  • گرین لائن بس گزرنے کے دوران گیس سلنڈر کی دکان میں ہولناک دھماکا، ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ایک پل کے نیچے واقع گیس سلنڈر کی دکان میں اچانک ہول ناک دھماکا ہو گیا، جس کے شعلے بلند ہو کر پل تک پہنچ گئے، جہاں عین دھماکے کے وقت ایک گرین لائن بس گزر رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن فور کے چورنگی کے قریب واقع گیس سلنڈر شاپ میں زبردست دھماکا ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں سلنڈر نہیں بلکہ کمپریسر دھماکے سے پھٹا تھا، اس واقعے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، جس میں ہولناک دھماکے کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو میں ایک آگ پکڑے سلنڈر کو بھی سڑک پر کسی میزائل کی طرح حرکت کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے دو شہری بال بال بچ گئے، ایک شہری کی موٹر سائیکل بھگانے کے دوران گر گئی۔

    ویڈیو کے مطابق دھماکے سے فضا میں شعلے اتنے بلند ہوئے کہ پل سے بھی اوپر چلے گئے، دھماکے کے وقت گرین لائن بس بالائی گزر گاہ سے گزر رہی تھی اور بال بال بچ گئی، وہ شعلوں کے بالکل قریب سے گزری، خوش قسمتی سے بس محفوظ رہی۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق دھماکے بعد دکان میں آگ بھڑک اٹھی، آگ نے سلنڈر شاپ سے متصل پنکچر شاپ کو بھی لپیٹ میں لے لیا، دھماکے کے باعث کچھ سلنڈر دکان سے دور جا کر گرے اور ان میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔

    آگ لگنے کے باعث سلنڈر شاپ کے باہر کھڑے رکشے اور دو موٹر سائیکل کو بھی آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

    سلنڈر شاپ میں دھماکے کے باعث دکان دار آصف اور رکشہ ڈرائیور علی گوہر جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں۔

  • ’ڈاکٹر سارہ ملک کو زیادتی کے بعد قتل کیا‘ ڈاکٹر شان سلیم کا اعتراف جرم

    کراچی: شہر قائد میں ایک اور قتل کا ڈراپ سین ہو گیا، سی ویو میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق خود کشی کرنے والی نوجوان فزیوتھراپسٹ سارہ ملک کیس میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کو اسپتال کے ڈاکٹر شان سلیم نے زیادتی کے بعد قتل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح سی ویو سے دو دن کی تلاش کے بعد ریسکیو ٹیموں کو ڈاکٹر سارہ ملک کی لاش مل گئی ہے، ساتھ ہی یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ انھوں نے خود کشی نہیں کی، بلکہ انھیں قتل کیا گیا، اور پھر ان کی لاش سمندر میں پھینکی گئی۔

    تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران واقعہ خود کشی نہیں بلکہ قتل کا نکلا ہے، اور قتل کے الزام میں ڈیفنس نشاط کمرشل میں واقع جانوروں کے اسپتال کے ڈاکٹر شان سلیم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے بیان کے مطابق ملزم شان سلیم نے دوران تفتیش لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق سارہ ملک ڈیفنس میں واقع جانوروں کے اسپتال میں ملازمت کرتی تھی، اس کیس میں ڈاکٹر شان سلیم کے علاوہ بسمہ نامی خاتون کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    لڑکی سے جنسی زیادتی ہوئی، سی ویو میں خاتون ڈاکٹر کی خود کشی سے متعلق ایف آئی آر درج

    تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ سارہ ملک نے اپنی موت سے قبل اپنی ماں کو ٹیلی فون کر کے آگاہ کر دیا تھا کہ انھیں ڈاکٹر شان سلیم نے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔

    تفتیشی پولیس کے مطابق شام کے وقت شان سلیم نے سارہ کی والدہ کو فون کر کے بتایا کہ سارہ لا پتا ہے، اور اس کا پرس اور جوتے ساحل سمندر سے ملے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں ڈاکٹر سارہ ملک کی نعش کا پوسٹ مارٹم جاری ہے جس میں حتمی طور پر صورت حال واضح ہوگی۔

  • ویڈیو: کم عمر لڑکوں نے سیلون میں بیٹھے شہریوں کو لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد لٹیروں کے نرغے میں آ گیا ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس کا شہر سے وجود مٹ چکا ہے، ایک اور واقعے میں کم عمر لڑکوں نے سیلون سے ایک لاکھ کے قریب رقم لوٹ لی اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن، قذافی چوک پر واقع سیلون میں لوٹ مار کی واردات ہوئی ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، جس میں کم عمر لڑکوں کو سیلون میں بیٹھے شہریوں کو لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق یہ واردات 3 کم عمر مسلح لڑکوں نے کی، لٹیروں کا ایک ساتھی سیلون کے باہر دوسرا دروازے پر اسلحہ تانے کھڑا رہا، اور ایک مسلح لڑکے نے دکان کی تمام درازوں سے نقدی اور قیمتی اشیا نکالیں۔

    مسلح لڑکے نے دکان میں موجود کسٹمرز اور دیگر افراد کی جیبوں سے بھی قیمتی اشیا نکالیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق لٹیرے شہریوں سے 10 موبائل فونز اور 90 ہزار سے زائد رقم چھین کر فرار ہو گئے۔

  • لڑکی سے جنسی زیادتی ہوئی، سی ویو میں خاتون ڈاکٹر کی خود کشی سے متعلق ایف آئی آر درج

    کراچی: سی ویو کے قریب سمندر میں کود کر خود کشی کرنے والی نوجوان ڈاکٹر سارہ ملک کی موت کے واقعے کی ایف آئی آر لڑکی کے والد ابرار احمد کی مدعیت میں درج کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ویو کے قریب دو دریا کے مقام پر سارہ ملک نامی نوجوان فزیوتھراپسٹ نے دو دن قبل خود کشی کر لی تھی، جن کی لاش آج صبح ریسکیو ٹیم کو ملی۔

    ساحل تھانے کی پولیس کے مطابق لڑکی کی خود کشی کیس میں ڈیفنس میں قائم جانوروں کے اسپتال کے مالک اور ایک خاتون ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    اس واقعے کا مقدمہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں ساحل تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لڑکی سے مبینہ جنسی زیادتی ہوئی ہے۔

    سی ویو کے قریب سمندر سے 2 روز تلاش کے بعد خاتون ڈاکٹر کی لاش مل گئی

    ایف آئی آر کے مطابق سارہ ملک جمعے کی دوپہر گھر سے ڈیوٹی کے لیے نکلی تھی، وہ ڈیفنس نشاط کمرشل میں قائم جانوروں کے اسپتال میں ڈاکٹر تھی، اور اسپتال کے مالک سے خاتون کا کافی عرصے سے تعلق تھا۔

    مقدمے میں لکھا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ سارہ ملک نے ذہنی دباؤ میں آ کر خود کشی کی۔ پولیس حکام کے مطابق لڑکی کا پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں کیا جائے گا، اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

  • سی ویو کے قریب سمندر سے 2 روز تلاش کے بعد خاتون ڈاکٹر کی لاش مل گئی

    کراچی: شہر قائد میں سی ویو کے قریب سمندر سے 2 روز تلاش کے بعد خاتون ڈاکٹر سارہ ملک کی لاش مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ویو پر دو دریا کے مقام پر ایک نوجوان لیڈی ڈاکٹر سارہ ملک نے سمندر میں نامعلوم وجوہ پر چھلانگ لگا دی تھی، ریسکیو ٹیموں نے دوسرے روز تلاش کے بعد لاش ڈھونڈ لی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کو پہلے روز ہی لڑکی کا ہینڈ بیگ ساحل سے مل گیا تھا، بیگ سے لڑکی کا موبائل بھی ملا، جس کی مدد سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق دو روز مسلسل تلاش کے بعد آج صبح لڑکی کی لاش سمندر سے نکال لی گئی، لڑکی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی ہے، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    پولیس حکام کے مطابق لڑکی جمعے کی دوپہر گھر سے اسپتال جانے کا کہہ کر نکلی تھی، سائرہ ملک ڈیفنس نشاط کمرشل پر قائم جانوروں کے اسپتال میں ملازمت کرتی تھی۔ لڑکی کی موت کی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ ہی سے ہو سکے گا۔

    اہل خانہ کا اصرار ہے کہ سارہ ملک خود کشی نہیں کر سکتی، جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعاتی شواہد سے لگتا ہے کہ لڑکی نے خود کشی کی ہے۔

    بیگ میں موجود شناختی کارڈ سے لڑکی کی شناخت سارہ ملک دختر ابرار احمد کے نام سے ہوئی تھی، جو اعظم بستی محمود آباد کی رہائشی تھی، لڑکی کے والد ابرار احمد ریٹائرڈ پولیس ہیڈ کانسٹیبل ہیں، والد کے بیان کے مطابق ان کی بیٹی ہاؤس جاب مکمل کر چکی تھی، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ سارہ ملک فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر ہے۔

    اہل خانہ کی جانب سے تاحال واقعے کے حوالے سے کسی پر شک کا اظہار نہیں کیا ہے۔

  • کراچی سی ویو پر سمندر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے والی لڑکی کا موبائل فون مل گیا

    کراچی : سی ویو دو دریا پر سمندر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے والی لڑکی کا موبائل مل گیا ، جس کی مدد سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سی ویو دو دریا کے قریب ڈوبنے والی لڑکی کی تلاش کے لئے دوسرے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعاتی شواہد کے مطابق لڑکی نے خودکشی کی ہے ، لڑکی کا بیگ ملا ہے، جس میں لڑکی کا موبائل فون موجود تھا، جس کی مدد سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز کراچی میں سی ویو پر دو دریا پر نوجوان لیڈی ڈاکٹر نے سمندر میں چھلانگ لگا دی تھی، لڑکی کا شناخت سارہ ملک دختر ابرار احمد کے نام سے ہوئی تھی۔

    تاہم لڑکی نے سمندر میں چھلانگ کیوں لگائی اسکی وجہ سامنے نہ آسکی، لڑکی اعظم بستی محمود آباد کی رہائشی تھی۔

    لڑکی کے والد ابرار احمد ریٹائرڈ پولیس ہیڈ کانسٹیبل ہے ، والد نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ میری بیٹی ہاوس جاب مکمل کرچکی تھی ، بیٹی نے ایسا کیوں کیا معلوم نہیں۔

  • کینیڈین شہری کو لوٹنے والا گرفتار، ساتھی پہلے ہی مارا جا چکا

    کراچی: شاہراہ فیصل پر غیر ملکیوں کو لوٹنے والا ملزم آصف عرف باس ٹیپو سلطان پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں ایک کینیڈین شہری اور ان کے ساتھیوں کو لوٹنے والا لٹیرا گرفتار ہو گیا، جب کہ اس کا ساتھی پہلے ہی پولیس کے ہاتھوں مارا جا چکا ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق 2 ملزمان نے 18 نومبر کو کینیڈین شہری کیون رچرڈ ملر اور ساتھیوں سے لوٹ مار کی تھی۔

    غیر ملکی شہری منی چینجر سے کرنسی تبدیل کر کے نکلے تھے، جن سے لٹیروں نے 22 لاکھ 80 ہزار روپے لوٹے، پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں ہوئی اس لوٹ مار میں رقم آصف عرف باس نے لوٹی تھی۔

    ایس ایس پی کے مطابق واردات کے وقت موٹر سائیکل چلانے والا ملزم سلمان شاہراہ فیصل پر مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے۔

    گرفتار ملزم آصف عرف باس کے قبضے سے واردات میں لوٹا گیا کینیڈین پاسپورٹ، اور کریڈٹ کارڈز برآمد ہو گئے، غیر ملکی مدعی کیون رچرڈ ملر کا رقم کا بیگ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

    گرفتار ملزم آصف عرف باس بینک سے رقوم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے میں بھی ملوث رہا، آصف عرف باس عادی جرائم پیشہ ہے، پہلے بھی متعدد بار گرفتار ہو چکا ہے۔