Author: افضل خان

  • شہری کو قتل کرکے بھاگنے والے ڈاکوؤں کو عوام نے پکڑ کر مار ڈالا

    شہری کو قتل کرکے بھاگنے والے ڈاکوؤں کو عوام نے پکڑ کر مار ڈالا

    کراچی میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات میں ناکامی کے بعد فائرنگ کرکے باپ کو قتل اور بیٹے سمیت دو افراد کو زخمی کیا شہریوں نے پکڑ کر دونوں ڈاکوؤں کو مار ڈالا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر سیون اے میں پیش آیا جہاں 2 ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اور دو کو زخمی کردیا اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس موقع پر شہری کی فائرنگ سے دونوں ڈاکو موٹر سائیکل سے گر گئے۔

    اس موقع پر فائرنگ کی آواز سن کر جمع ہونے والے افراد نے گرنے والے ڈٓاکوؤں پر دھاوا بول دیا اور انہیں تشدد کرکے مار ڈالا۔ واقعے کی اطلاع پر جب تک پولیس پہنچی مشتعل عوام کے تشدد سے ڈاکو ہلاک ہوچکے تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے سرجانی سیکٹر سیون اے میں باپ اور بیٹا گھر کے باہر بیٹھے تھے۔ ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی اور ناکامی پر فائرنگ کردی۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ سے باپ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ بیٹا اور ایک راہ گیر زخمی ہوئے۔ اس موقع پر ڈاکوؤں نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن ایک شہری کی فائرنگ سے دونوں ڈاکو موٹر سائیکل سے گر گئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ عوام نے ڈاکوؤں کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

  • کراچی میں  ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے والدین کے اکلوتے لخت جگر کو قتل کردیا

    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے والدین کے اکلوتے لخت جگر کو قتل کردیا

    کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے والا 19سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، حزیفہ اکلوتا بیٹا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان کا موت کی گھاٹ اتار دیا گیا۔

    لائنز ایریا کے علاقے جٹ لائن میں انیس سالہ حزیفہ کو ڈاکوں نے مزاحمت پر آنکھ پر گولی ماری، نوجوان اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔

    حزیفہ اکلوتا بیٹا تھا اور دوست سے ملنے گیا تھا، شہریوں نے تشدد کرنے کے بعد ڈاکو کو پولیس کے حوالے کیا۔

    پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ڈاکو کو گرفتارکرلیا۔

    بریگیڈ پولیس نے بتایا کہ ملزم سے اسلحہ برآمد بھی کیا اور مزیدتفتیش جاری ہے جبکہ والدین کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

    خیال رہے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں ، شہر قائد میں جنوری سے اگست تک آٹھ ماہ میں ساڑھے تین سو شہریوں کو قتل کیا گیا جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر 60 شہری اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

  • کچے کے خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن میں اعلیٰ حکام کی غیر سنجیدگی کا انکشاف

    کچے کے خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن میں اعلیٰ حکام کی غیر سنجیدگی کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے کچے کے خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے لیے ناقص حکمت عملی سامنے آئی ہے، جس میں اعلیٰ حکام کی غیر سنجیدگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے کچے میں خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف پولیس گرینڈ آپریشن کے لیے ناقص حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے، خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف ایس ایس یو کے کمانڈوز کی بجائے سندھ ریزرو پولیس کو لڑوانے کا روایتی طریقہ اپنا لیا گیا ہے۔

    ڈاکوؤں سے لڑوانے کے لیے اسپیشل ٹریننگ حاصل کرنے والے کمانڈوز کی بجائے عام جوانوں کو مقابلے کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام کی اس غیر سنجیدگی سے بڑے نقصان کا خدشہ ہے، اس سے قبل بھی پولیس کا بہت بڑا جانی نقصان ہو چکا ہے۔

    گھوٹکی میں ڈاکوؤں کا پولیس کیمپ پر حملہ، 3 افسران سمیت 7 اہلکار شہید

    ذرائع نے بتایا کہ صوبے بھر سے اضافی نفری کو سندھ کے کچے کے علاقوں میں بھیجا جائے گا، کراچی سے سندھ ریزرو کے 125 افسران اور 436 سپاہیوں کو متاثرہ اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔

    تمام افسران کا گھوٹکی، کشمور اور شکارپور باقاعدہ تبادلہ کر دیا گیا، بھیجی جانے والی نفری میں ایس آر پی کے ادھیڑ عمر انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئی شامل ہیں۔

  • کراچی: کمسن بچی کا اغوا اور قتل، تحقیقات میں اہم پیشرفت

    کراچی: کمسن بچی کا اغوا اور قتل، تحقیقات میں اہم پیشرفت

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی مسلم آباد میں کمسن بچی کے اغوا اور قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی مسلم آباد میں گزشتہ روز 7 سالہ بچی منیبہ کی لاش برآمد ہوئی تھی جسے تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

    بچی کے والد مقبول احمد کا کہنا تھا کہ دو روز تک بچی کو ڈھونڈتے رہے لیکن پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا اور ٹال مٹول کرتی رہی، بچی کی لاش بعدازاں کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ منیبہ بدھ کی دوپہر بھائی کے گھر سے لاپتا ہوئی وہ گھر سے بنا چپل پہنے نکلی تھی، بدھ کی شب تک لاش نہ ملنے پر یقین ہوگیا تھا کہ منیبہ کو اغوا کیا گیا ہے۔

    بعد ازاں ابتدائی پوسٹ مارٹم میں زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقتولہ کے جسم پرتشدد کے نشانات بھی موجود ہیں۔

     مزید پڑھیں: کراچی میں 7 سالہ معصوم بچی کا زیادتی کے بعد قتل، مقدمہ درج

    کمسن بچی کی لاش ملنے کے بعد تفتیشی ٹیم نے واقعے کا مقدمہ قائد آباد تھانے میں درج کیا اور 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تفتیش میں کسی بھی صورت لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، ایس ایس پی ملیر

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بچی کے والد کو ابتدائی تفتیش سے آگاہ کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک کرائم ٹیم نے شواہد جمع کرکے لیبارٹری روانہ کردیے ہیں۔

    عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ مقدمہ کے اندراج میں تاخیر اور غفلت برتنے پر ایس ایچ او سمیت تین افسران کو معطل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تفتیش میں کسی بھی صورت لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • کراچی: اسلامیہ کالج کے طلبا کا احتجاج، مزاحمت پر پولیس کا لاٹھی چارج

    کراچی: اسلامیہ کالج کے طلبا کا احتجاج، مزاحمت پر پولیس کا لاٹھی چارج

    کراچی: سپریم کورٹ کے حکم پر عدالتی عملہ اسلامیہ کالج کی عمارت خالی کروانے پہنچا تو طلبا نے احتجاج کیا، مزاحمت کرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعددطلبا کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں اسلامیہ کالج کے طلبا کی جانب سے کالج کی عمارت خالی کروانے کے خلاف احتجاج کیا گیا جب طلبا کی جانب سے مزاحمت کی گئی تو پولیس نے طلبا پر لاٹھی چارج کیا۔

    طلبا کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا، بعدازاں پولیس نے مزید نفری طلب کرکے طلبا کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔

    ذرائع کے مطابق پولیس نے متعدد طلبا کو حراست میں لے لیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اسلامیہ کالج پرائیویٹ پراپرٹی پر قائم ہے، ہم عدالتی بیلف کو سپورٹ کرنے کے لیے پہنچے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کالج کا قبضہ کیس جیتنے والے ٹرسٹیز کے حوالے کیا جائے گا، دو سے تین طلبا کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کے لیے عدالتی عملہ اسلامیہ کالج کراچی کی عمارت خالی کرانے پہنچ گیا۔

    دوسری جانب کالج انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ کالج خالی کرنے کے لیے لیگل نوٹس نہیں ملا ہے۔

  • کراچی: کچرا کنڈی سے کمسن بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد

    کراچی: کچرا کنڈی سے کمسن بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد

    کراچی کے علاقے لانڈھی میں کچرا کنڈی سے 7 سالہ بچی کمسن بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد کے علاقے لانڈھی مسلم آباد سے 7 سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت منیبہ عمر کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس مقدمہ درج کرنے کے بجائے ٹال مٹول کرتی رہی، والد

    بچی کے والد مقبول کا کہنا ہے کہ منیبہ بدھ کی دوپہر بھائی کے گھر سے لاپتا ہوئی وہ گھر سے بنا چپل پہنے نکلی تھی، دو روز تک پولیس ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے ٹال مٹول کرتی رہی۔

    والد نے بتایا کہ بدھ کی شب تک لاش نہ ملنے پر یقین ہوگیا تھا کہ منیبہ کو اغوا کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس نے نام نمبر لے کر تھانے سے روانہ کردیا اور کہا کہ اگر بچی مل جائے گی تو آگاہ کردیں گے، جمعرات کی شب بھی تھانے گیا تو روزنامچے پر کوئی افسر موجود نہ تھا جب جمعے کی صبح گیا تو پولیس نے ٹال دیا۔

    بچی کے والد کے مطابق بچی کی لاش کو ہم نے خود تلاش کیا، بھائی نے فون کرکے آگاہ کیا کہ علاقے سے ہی منیبہ کی لاش ملی۔

    ورثا نے قائد آباد لانڈھی اسپتال چورنگی پر احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

    ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق

    ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے، بچی کے جسم پر جگہ جگہ تشدد کے نشانات موجود تھے۔

     ایس ایس پی ملیر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ اور اطراف کی جیو فینسنگ کی جارہی ہے، مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کے لواحقین کا بیان قلمبند کرلیا گیا ہے، اغوا اور قتل سے متعلق اہم شواہد ملے ہیں، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

     

    احتجاج ختم، پولیس کے مظاہرین سے مذاکرات کامیاب

    بعدازاں مظاہرین نے پولیس سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد احتجاج ختم کردیا جبکہ کوتاہی برتنے پر دو افسران کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز چند ہزار روپے کے موبائل کی خاطر قیمتی جانیں لینے لگے

    کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز چند ہزار روپے کے موبائل کی خاطر قیمتی جانیں لینے لگے

    کراچی : اسٹریٹ کرمنلز چند ہزار روپے کے موبائل کی خاطر قیمتی جانیں لینے لگے، رواں سال کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرمنلزکو کھلی چھوٹ مل گئی اور چندہزار روپے کے موبائل کی خاطر قیمتی جانیں لینے لگے۔

    رواں سال کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 100 سے زائد افراد جان بحق ہوئے، کورنگی زمان ٹاؤن میں مسلح ملزمان نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 18 سالہ عبدالباسط گورچانی کو قتل کردیا۔

    ورثاء کا کہنا ہے کہ ڈاکو دندناتے پھررہےہیں، چند ہزار کے موبائل کےلئے قتل ہورہے، نئی فورس بھی بن گئی مگر پولیس کچھ نہیں کر رہی۔

    کورنگی زمان ٹاؤن کا رہائشی عبدالباسط گورچانی 600 روپے یومیہ اجرت پر برگر اسٹال چلاتا تھا اور خاندان کی کفالت کےلئے جیسے ہی گھر سے نکلا مسلح ملزمان نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر قتل کردیا۔

    ورثاء نے بتایا کہ عبدالباسط 4 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، پولیس ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔

  • ٹریفک پولیس اہلکار نے بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی

    ٹریفک پولیس اہلکار نے بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی

    کراچی کے علاقے صدر ریمبو سینٹر کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد کے مرکزی علاقے صدر میں ملزم بچے کو زبردستی لے کر جا رہا تھا کہ بچے نے ریمبو سینٹر کے قریب خود کو اغوا کار سے چھڑاتے ہوئے شور مچا دیا۔

    بچے کا شور سن کر قریب ہی موجود ٹریفک پولیس اہلکار نے بھاگ کر اغوا کار کو قابو کیا اور بچے کو اس سے چھڑایا جب کہ اس دوران وہاں موجود شہریوں نے بھی ملزم کو دبوچ لیا۔

     

    مبینہ اغوا کار کو پریڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے کہ وہ کس مقصد کے لیے بچے کو اغوا کرکے لے جا رہا تھا۔

  • مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

    مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ پولیس میں اصلاحات کرتے ہوئے پولیس فورس مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اہلکاروں کو اینٹی رائٹ فورس کی طرز پر ٹریننگ دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں اصلاحات کرتے ہوئے پولیس فورس مددگار 15 کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ مچھر کالونی میں ہجوم کے ہاتھوں 2 ٹیلی کام ملازمین کے قتل کے بعد کیا گیا۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مددگار 15 کے اہلکاروں کو اینٹی رائٹ فورس کی طرز پر ٹریننگ دی جائے گی، اہلکاروں کو ٹیئر گیس گن اور دیگر ساز و سامان سے لیس کیا جائے گا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مددگار 15 کو مضبوط کرنے سے مجرمانہ واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

    مددگار 15 کو شکایت پر زیادہ سے زیادہ 15 منٹ کے اندر موقع پر پہنچنا ہوتا ہے، مچھر کالونی واقعے کے وقت بھی مددگار ون فائیو، 15 منٹ میں پہنچ گئی تھی۔

  • کراچی میں اغواء کار سمجھ کر شہری پر تشدد کا ایک اور واقعہ

    کراچی میں اغواء کار سمجھ کر شہری پر تشدد کا ایک اور واقعہ

    کراچی: اغواء کار سمجھ کر شہری پر تشدد کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا.

    شہریوں نے مشتبہ شخص کو کھمبے کے ساتھ رسیوں سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔واقعہ عزیز بھٹی تھانے کی حدود ڈالمیامجید پاڑہ میں پیش آیا۔

    مشتبہ شخص محلے کے 3 بچوں کو لیکر قریبی پارک گیا تو اس دوران اہل محلہ نے پکڑ لیا۔

    مبینہ اغواء کار پر تشدد کی ویڈیوز سامنے آنے کے باوجود پولیس نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈالیما مجید پاڑہ میں اس قسم کے کسی واقعہ کے حوالے سے ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا، اہل محلہ نے کسی بھی مبینہ اغواء کار کو ہمارے حوالے نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل مچھر کالونی میں بھی ایسے ہی واقعے میں عوام نے دو افراد کو اغواء کار سمجھ کر تشدد کرکے قتل کردیا تھا۔