Author: افضل خان

  • سرکاری ایجنسی کے اہل کار بن کر ویگو میں بہنوئی کو اغوا کر کے قتل کر دیا

    سرکاری ایجنسی کے اہل کار بن کر ویگو میں بہنوئی کو اغوا کر کے قتل کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں ملزمان نے سرکاری ایجنسی کے جعلی اہل کار بن کر ویگو میں حمیداللہ نامی شہری کو اغوا کر کے قتل کر دیا، سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے ایک کارروائی میں اغوا کے بعد قتل میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان نے 3 اکتوبر کو سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں گھر سے حمید اللہ نامی شخص کو اغوا کیا۔

    رپورٹ کے مطابق ملزمان نے اغوا کے کچھ دیر بعد مغوی کو نادرن بائی پاس پر گولیاں مار کر لاش پل کے نیچے پھینک دی تھی۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ جب مقدمے کی تفتیش انھیں ملی تو انھوں نے شواہد کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کر لی، گرفتار ملزمان محمد نسیم اور نور آغا کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

    سی ٹی ڈی سندھ کا کہنا ہے کہ حمید اللہ کے سالے ولی خان نے داؤد، قیوم، ماما فوجی اور دیگر ملزمان کے ہمراہ مقتول کو سفید رنگ کے ویگو اور ایک ٹیوٹا کرولا میں گھر سے خود کو سرکاری ایجنسی کے اہل کار ظاہر کر کے اٹھا لیا تھا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ولی خان نے اس کام کے لیے ساتھیوں کو بھاری رقم بھی دی تھی۔

    انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشہوانی کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں کوئٹہ اور حیدر آباد روانہ کر دی گئی ہیں۔

  • کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور گھر اجاڑ دیا

    کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور گھر اجاڑ دیا

    کراچی : ڈاکوؤں نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے امان نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکو معصوم شہریوں کی زندگیاں چھیننے لگے، رات نیو کراچی اللہ والا اسٹاپ پر ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتول امان چپل کا کاروبار کرتا تھا، اس کے 4 بچے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ امان کے والد اور چچا شادی میں شرکت کیلیے حیدرآباد گئے تھے، شادی سے واپس نیوکراچی میں 2 منٹ چورنگی میں واقع آبائی گھر پہنچے تو والد اور چچا نے امان کو فون کیا کے ہمیں آکر لے جاؤ۔

    امان اپنے والد اور چچا کو موٹر سائیکل پر گھر لے جارہا تھا کہ اللہ والا اسٹاپ پر ڈاکووں نے امان کو روکنے کی کوشش کی۔

    مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے امان پر فائر کردیا، جس کے نتیجے میں امان سینے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا، مقتول امان 6 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔

    جان بحق امان کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔

  • کراچی میں شہری نے واردات کے دوران لٹیروں کے اوسان خطا کر دیے (ویڈیو)

    کراچی میں شہری نے واردات کے دوران لٹیروں کے اوسان خطا کر دیے (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں ایک شہری نے دوران واردات لٹیروں کے اوسان خطا کر دیے، بڑا اسلحہ دیکھ کر سر پر پیر رکھ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے قریب 2 لٹیروں نے اپنی گاڑی کے پاس کھڑے دو شہریوں کو لوٹنے کی کوشش کی لیکن یہ واردات ان کے لیے خوفناک ثابت ہو گئی۔

    اس واردات میں دو موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے ایک سرکاری افسر کو لوٹنے کی کوشش کی تھی، واقعے کی سی سی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 2 لٹیرے گاڑی کے قریب آ کر رکے، ایک لٹیرے نے سرکاری افسر سے لوٹ مار شروع کر دی، اور ان کے کوٹ کی جیبوں میں ہاتھ ڈال کر موبائل فون اور رقم تلاش کرنے لگا۔

    عین اسی دوران سرکاری آفسر کے گن مین نے گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر رکھا اسلحہ نکالا، جسے دیکھ کر لوٹ مار کرنے والا ڈر گیا، جب کہ موٹر سائیکل پر بیٹھا لٹیرا بھی گھبرا گیا۔

    گن میں کو اسلحہ نکالتے دیکھ کر دونوں لٹیرے گھبراہٹ میں سر پر پیر رکھ کر بھاگ کھڑے ہوئے، موٹر سائیکل سوار کا ہیلمٹ بھی اس افراتفری میں وہیں پر گر گیا۔

    بھاگتے لٹیروں کو دیکھ کر گن مین نے گاڑی سے نکل کر ان پر فائر بھی مارا، لیکن لٹیرے بھاگ چکے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ آج صبح سویرے پیش آیا ہے، فوٹیج کی مدد سے لٹیروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • کراچی سے لاپتہ ہونے والی 13 سالہ دانیہ شعیب کہاں ہے ؟ پولیس اب تک  پتہ نہ لگاسکی

    کراچی سے لاپتہ ہونے والی 13 سالہ دانیہ شعیب کہاں ہے ؟ پولیس اب تک پتہ نہ لگاسکی

    کراچی : پولیس 5 دن گزرنے کے باوجود لاپتہ ہونے والی 13 سالہ دانیہ شعیب کو بازیاب نہ کراسکی، والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس جلد بیٹی کو بازیاب کرے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جیکب لائن سے لاپتہ تیرہ سال کی دانیہ شعیب کے اغوا کو پانچ دن گزر گئے لیکن پولیس اب تک بچی کاپتہ نہ لگا سکی۔

    بیٹی کی یاد میں سارا خاندان شدت غم سے نڈھال ہے اور دانیہ کا خاندان مسلسل ذہنی کرب سے گزر رہا ہے۔

    والدین نے دعویٰ کیا ہے کہ بچی کو اغواء کیا گیا ہے پولیس جلد بازیاب کرے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ جدید انداز سے مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔

    سی پی ایل سی اور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے دانیہ شعیب سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو انہیں آگاہ کریں۔

    یاد رہے دانیہ شعیب 5 اکتوبر کو لاپتہ ہوئی تھی ، جس کے بعد والدین نے پولیس اور متعلقہ حکام سے رابطہ کیا اور زینب الرٹ جاری کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دانیہ شعیب کے والدین نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنی مرضی سے گھر سے باہر نہیں نکل سکتیں ، انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں کراچی سے لڑکیوں کو اغوا کرنے والے گروہ نے اغوا کیا ہے۔

    دانیہ شعیب کے والد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کے لاپتہ بچے کی بازیابی میں ان کی مدد کریں۔

    پولیس افسر کا کہنا ہے کہ کہ وہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں اور امید ظاہر کی کہ پولیس پارٹی کو لاپتہ لڑکی کی بازیابی میں کامیابی ملے گی۔

    ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ لڑکی اپنی ماں کے سیل فون کے ذریعے کسی سے رابطے میں تھی اور لائنز ایریا کے گھر سے فرار ہونے سے پہلے اس نے اپنی والدہ کے فون سے کال لاگ اور پیغامات کو ڈیلیٹ کر دیا تھا۔

  • کراچی میں پولیس اسنیپ چیکنگ میں تیزی

    کراچی میں پولیس اسنیپ چیکنگ میں تیزی

    کراچی بھر میں پولیس اسنیپ چیکنگ میں معمول سے زیادہ تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ شہر کے 300 سے زائد مقامات پر اسنیپ چیکنگ جاری ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز اپنی ساری نفری اور افسران سمیت سڑکوں پر موجود ہیں جب کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور اسنیپ چیکنگ میں مصروف افسران کو حوالے ہدایات دیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسنیپ چیکنگ سے ہر قسم کے کرائم کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے پولیس افسران اور نفری کی سڑکوں پر موجودگی سے عوام میں احساس تحفظ بڑھے گا ان کے پولیس پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مربوط انداز میں اسنیپ چیکنگ کو مستقبل میں بھی اسی طرح جاری رکھا جائے گا امن وامان قائم رکھنے کےلئے مسلسل کام کررہے ہیں حالیہ دنوں میں کرائم مزید کم ہوا ہے اسنیپ چیکنگ سے غیر قانونی اسلحہ لے کر چلنے والوں کے گرد گھیرا طے ہوگا۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا بھی جمع کررہے ہیں مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے محرم چپ تازیہ اور ربیع الاول کے جلوسوں اور مجالس کو بہترین سیکورٹی دی، اب پولیس کی ساری نفری کو شہر بھر میں کرائم کنٹرول کرنے کےلئے متحرک کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انٹیلجنس بیسڈ کاروائیاں اور راتوں میں کومبنگ آپریشن جاری رکھیں گے کراچی پولیس کی حالیہ حکمت عملی سے بہترین نتائج مل رہے ہیں۔

  • کراچی : جرائم کی وارداتوں میں اضافے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    کراچی : جرائم کی وارداتوں میں اضافے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    کراچی : شہر قائد میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں میں اضافے کی بڑی وجہ کوئی اور نہیں پولیس کا اپنا محکمہ ہے جہاں اہم تعیناتیاں التواء کا شکار ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پیز) کی 26 آسامیاں تاحال خالی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق شہر قائد میں روز بروز بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باوجود ایس پیز کی نشستوں کو دانستہ طور پر خالی رکھا جا رہا ہے۔

    آئی جی کی گڈ پولیسنگ کے دعوے بھی ایس پیز رینک کی خالی سیٹوں تلے دبے دکھائی دے رہے ہیں، ایس پیز کی سیٹ خالی ہونے سے اثر و رسوخ رکھنے والے ایس ایس پیز ضلع کے بے تاج بادشاہ بنے ہوئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ افسران اپنے من پسند ماتحت افسران کی تعیناتیوں میں الجھے ہوئے ہیں، شہر کے کچھ اضلاع میں جونیئر رینک کے افسران کو ایس ایس پی کے عہدے پر بھی تعینات کیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق جونیئر رینک ایس ایس پیز کے ساتھ زیادہ تر افسران ایس پی کی حیثیت سے کام کرنے کے لئے بھی تیار نہیں ہیں۔

    علاوہ ازیں ماہ ستمبر کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں رواں سال اسٹریٹ کرائمز کی 56 ہزار 500 سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں، ان وارداتوں میں مزاحمت پر 58 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں 269 افراد زخمی ہوئے۔

    کراچی شہر میں رواں برس اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے ذریعے 19 ہزار موبائل فون چھینے گئے اور گھروں میں ڈکیتی کی 303 وارداتوں میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان لوٹا گیا۔

    شہر میں چھینی گئی گاڑیوں کی تعداد 104 ہے جبکہ 35 ہزار شہریوں کو موٹرسائیکلوں سے محروم کردیا گیا جبکہ 1383 گاڑیاں چوری کی گئیں۔

  • اردو بازار میں 15 سالہ حافظ قران پر فائرنگ کا واقعہ معمہ بن گیا

    اردو بازار میں 15 سالہ حافظ قران پر فائرنگ کا واقعہ معمہ بن گیا

    کراچی کے علاقے اردو بازار میں فائرنگ سے 16 سالہ حافظ قرآن نوجوان کے شدید زخمی ہونے کا معاملہ الجھ گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اردوبازار میں فائرنگ سے16 سالہ نوجوان عبد الصمد کے زخمی ہونے کے معاملے پر پولیس ابہام کا شکار ہے، حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت ہے یا ذاتی رنجش کا پیش خیمہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

    پریڈی پولیس کے مطابق یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ گولی جان بوجھ کر ماری گئی یا نامعلوم سمت سے آکر لگی، مزید تحقیقات کے لئے کرائم سین یونٹ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات میں تضاد پایا جارہا ہے فوری طور پر معاملہ کلیئر نہیں ہوسکا, واقعے میں ایک ہی فائر ہوا جس سے عبد الصمد کے سر اور گردن پر زخم آئے زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔

    ایک اور عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ذاتی رنجش پر عبد الصمد کو معیز نام کے ایک لڑکے نے فائرنگ کرکے زخمی کیا ہے معیز اور صمد ایک ہی دوکان پر کام کرتے ہیں۔

    اس کے علاوہ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ ایک نامعلوم لمبے بال والے شخص نے فائرنگ کی، واقعاتی شواہد اور دیگر ذرائع سے معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔

    زخمی نوجوان عبد الصمد ریلوے کالونی کا رہائشی اور حافظ قران ہے ڈیڑھ ماہ سے لیتھ مشین کی دوکان پر کام کررہا ہے، واقعے کے وقت عبد الصمد اپنی دوکان سے کچھ فاصلے پر کچھ خریداری کرنے گیا تھا۔

  • کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، مبینہ دہشتگرد گرفتار

    کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، مبینہ دہشتگرد گرفتار

    کراچی میں سی ٹی ڈی نے ماڑی پور آگرہ تاج کے قریب کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کا مبینہ دہشت گرد گورنر کولاچی کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان کاونٹر ٹیرراز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزم کا تعلق قوم پرست علیحدگی پسند تنظیم سے ہے اور اس کے قبضے سے اسلحہ دستی بم اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔

    ملزم کا بھائی ذوالفقار گولاچی 2011 میں اپنے ساتھِیوں کے ساتھ ابراھیم حیدری کے ایک گھر میں بم بناتے ہوئے بم پھٹ جانے سے ہلاک ہوا تھا۔ملزم کے دیگر ساتھیوں کو تھانہ ابراھیم حیدری نے گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید انٹروگیشن جاری ہے جس مین اہم انکشافات کی توقع ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہسی ٹی ڈی کراچی میں کالعدم تنظیم کی جانب سے کی جانے والی کاروائیوں کی روک تھام کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

  • ’بیٹی کو اغوا کیا گیا، مرضی سے نہیں گئی‘ دانیہ شعیب کے والدین کا مؤقف

    ’بیٹی کو اغوا کیا گیا، مرضی سے نہیں گئی‘ دانیہ شعیب کے والدین کا مؤقف

    کراچی: لائنز ایریا جیکب لائن سے 13 سالہ دانیہ شعیب کے مبینہ اغوا کے معاملے میں 5 روز گزر گئے ہیں لیکن تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔

    دانیہ شعیب کے والدین نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی یاد میں سارا خاندان شدت غم سے نڈھال ہے، ہماری بیٹی کو اغوا کیا گیا ہے پولیس بازیابی کے لیے کوششیں تیز کرے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سی سی ٹی وی فوٹیجز، عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر شواہد سے بھی مدد مل رہی ہے، جلد کامیابی حاصل ہوگی۔

    والدین نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری بیٹی اپنی مرضی سے کسی کے ساتھ نہیں جا سکتی، گھر میں بڑی انڈر اسٹینڈنگ والا ماحول ہے۔

    دانیہ شعیب لوڈ شیڈنگ کے دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر گھر سے گئی، پولیس کا دعویٰ

    ان کا کہنا تھا کہ 5 روز سے سارا خاندان پریشان ہے، ہم خود بھی مسلسل بچی کو ڈھونڈ رہے ہیں، ہماری وزیراعلی سندھ اور آئی جی سندھ سمیت تمام اداروں سے گزارش ہے بیٹی کو ڈھونڈنے میں کردار ادا کریں۔

    والدین نے اپیل کی کہ عوام الناس میں کسی کو بھی دانیہ شعیب کے متعلق علم ہوتو آگاہ کریں۔

    دوسری طرف پولیس نے ٹیکنیکل انداز میں کیس پر کام شروع کر دیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد سے لڑکی کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

    پولیس حکام کے نے کہا کہ آپریشن اور انویسٹگیشن پولیس دیگر اداروں کی مدد سے دانیہ شعیب کو تلاش کر رہے ہیں، پولیس ٹیکنیکل سپورٹ کی مدد سے لڑکی کی بازیابی کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق علاقے میں سی سی ٹی وی فوٹیجز، عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر شواہد سے بھی مدد مل رہی ہے، جلد کامیابی حاصل ہوگی۔

  • الخدمت کے آر او پلانٹ میں چوری کی واردات، چور مشینری لے اڑے

    الخدمت کے آر او پلانٹ میں چوری کی واردات، چور مشینری لے اڑے

    کراچی: فلاحی ادارے الخدمت کے آر او پلانٹ میں چوری کی واردات ہوئی ہے، چور پلانٹ کی مشینری لے اڑے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لٹیروں نے فلاحی ادارے کو بھی نہ بخشا، لیاری، بہار کالونی میں الخدمت کے تحت لگائے گئے آر او پلانٹ میں بھی چوری کی واردات ہو گئی۔

    پلانٹ انتظامیہ کے مطابق چور آر او پلانٹ کی مشینری چوری کر کے لے گئے ہیں، چوروں نے رات گئے تالے کاٹے اور الخدمت کے دفتر میں واردات کی۔

    دفتر کے عملے کا کہنا تھا کہ چور واٹر پلانٹ کی مشینری اور امدادی سامان بھی ساتھ لے گئے، علاقہ مکینوں نے اس واردات کو افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ سندھ پولیس کی کارکردگی مایوس کن ہے، لیاری کے عوام کے لیے لگائے گئے پلانٹ کا چوری ہونا پولیس کی نا اہلی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، چوروں کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے، لگتا ہے کوئی نشے کا عادی شخص پانی کی موٹر اور دیگر اشیا لے کر گیا ہے۔