کراچی: پولیس نے لائنز ایریا سے 13 سالہ لڑکی دانیہ شعیب کی گم شدگی کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وہ علاقے میں لوڈ شیڈنگ کے دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر گھر سے بھاگی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تفتیشی پولیس حکام نے لائنز ایریا جیکب لائن سے گم شدہ لڑکی دانیہ شعیب کے حوالے سے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی کو اغوا نہیں کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق بریگیڈ تھانے میں مقدمہ درج ہونے کے بعد انوسٹی گیشن پولیس نے کام شروع کر دیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ لڑکی علاقے میں لوڈ شیڈنگ کے دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر گھر سے گئی، لڑکی اپنی والدہ کے موبائل فون سے کسی کے ساتھ رابطے میں تھی۔
پولیس حکام کے مطابق لڑکی نے گھر چھوڑنے سے قبل والدہ کے موبائل فون سے کالز ریکارڈ اور چیٹنگ کا ریکارڈ بھی ڈلیٹ کیا، پولیس ٹیکنالوجی کی مدد سے کیس کو حل کرنے کے لیے کوشش کر رہی ہے۔
کراچی کے علاقے لائنز ایریا سے 13 سالہ لڑکی لاپتا ہوگئی جس کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
لاپتا ہونے والی لڑکی کی شناخت 13 سالہ دانیہ شعیب کے نام سے ہوئی ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دانیہ بدھ کی شام سے لاپتا ہے، دانیہ آٹھویں جماعت کی طالبا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ بریگیڈ میں درج کرلیا گیا ہے۔
کراچی میں لڑکیوں کے لاپتا ہونے کے واقعات میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ 16 مئی کو 15سالہ لڑکی لاپتا ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ صدر دھماکے کے واقعے میں لڑکی لاپتا ہوئی اور واقعے کا مقدمہ والد کی مدعیت میں پریڈی تھانے میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق سلیم خان اپنی 15سالہ بیٹی سویرا اور بیوی کے ساتھ پیدل جا رہے تھے کہ ڈاکٹر داؤد پوتا روڈ پر دھماکا ہوا تو بچی کی والدہ موقع پر بے ہوش ہوگئی۔ جب انہیں ہوش آیا تو بیٹی موقع سے غائب تھی۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد تمام اسپتالوں اور مردہ خانوں میں ڈھونڈا لیکن بچی کا کچھ پتہ نہیں چلا۔
کراچی: شہر قائد میں ڈاکو راج، دن دیہاڑے موبائل فون کمپنی کی فرنچائز لوٹ لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق صدر میں واقع موبائل فون کمپنی کی فرنچائز میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جہاں دو مسلح ملزمان اسلحے کی نوک پر کمپنی میں داخل ہوئے اور اسٹاف کو یرغمال بنالیا۔
مسلح ملزمان فرنچائز سے دو لاکھ روپے کیش، دو قیمتی موبائل سمیت دو لیپ ٹاپ لیکر باآسانی فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد جمع کئے، ابتدائی تحقیق کے دوران انکشاف ہوا کہ فرنچائز کا سی سی ٹی وی کیمرا خراب تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے کارروائی انتہائی باریک بینی سے کی اور دفتر کی بالائی منزل پر نہیں گئے جہاں کیمرے نصب تھے، اطراف کے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جارہی ہے،کوشش کررہے ہیں کہ ملزمان تک پہنچ جائیں۔
دوسری جانب کراچی کے پوش علاقے پی ای سی ایچ سوسائٹی میں ڈاکوؤں نے غریب شہری سے 10 ہزار روپے چھین لئے، نادر نامی شہری نے اے ٹی ایم مشین کا دروازہ لاک کرکے رقم نکلوا نکلوائی تھی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رقم نکلوانے کے دوران مسلح ملزم کو بینک کے باہر شہری کا انتظار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ شہری جیسے ہی اے ٹی ایم سے باہر آیا، ملزم نے اسلحہ دکھا کر شہری سے رقم لی اور فرار ہوگیا۔
کراچی : شہر قائد میں 11 سالہ بچی سے زیادتی کے بعد قتل کرنے کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں 11 سالہ بچی سے زیادتی کے بعد قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس نے بچی کےوالدکی مدعیت میں مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا ، مقدمے میں قتل اور زیادتی کی دفعات شامل کی گئی ہے۔
والد نے بیان میں کہا کہ صبح مزدوری پر گیا شام 4 بجے آیا تو گھر کا دروازہ بند تھا، میری بڑی بیٹی بچے کو لیکر ٹیوشن والی باجی کے پاس گئی ہوئی تھی۔
مدعی مقدمے نے کہا کہ بیٹےنےگھرکےاوپروالی منزل سےمیرےگھرمیں کودکردروازہ کھولا، دروازہ کھلنے پر دیکھا تو میری بیٹی چھت کے ساتھ دوپٹے سے لٹک رہی تھی۔
بچی کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹی کواسپتال لیکرگئے جہاں پر اس کی موت کی تصدیق ہوئی، پوسٹ مارٹم پرپتہ چلا بیٹی کے ساتھ کافی عرصے سے زیادتی اورغیرفطری عمل ہوتا رہا ہے۔
گذشتہ روز کراچی کےعلاقے کورنگی سو کواٹر کے قریب گھر سے بارہ سالہ بچی کی پھندا لگی لاش ملی تھی، جس کے بعد پتہ چلا تھا کہ سفاک درندوں نے بارہ سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا۔
پولیس نے دوافراد کو حراست میں لےکرتفتیش شروع کردی تھی۔
کراچی: شہر قائد میں چائے کے ہوٹل سے اوورسیز کو لوٹنے والے 3 ہیکرز گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جوہر آباد انویسٹگیشن پولیس نے اورسیز پاکستانیوں سے ہزاروں ڈالر کا فراڈ کرنے والے 3 بین الاقوامی ہیکرز کو گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب ایف آئی اے کی ٹیم نے 2 غیر قانونی منی ایکسچینجرز کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہلا قریشی نے بتایا کہ جوہر آباد انویسٹگیشن پولیس کی ٹیم نے ایک کارروائی کے دوران اوور سیز پاکستانیوں کے اکاؤنٹ ہیک کر کے ہزاروں ڈالر لوٹنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
ملزمان آئی ٹی ایکسپرٹ اور ہیکنگ کے ماہر ہیں، جن کے قبضے سے 3 لیپ ٹاپ، 4 یو ایس بی، ایک چیک بک، 2 پاکستانی پاسپورٹس برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان سے ایک پاؤچ بھی برآمد ہوا جس میں آئس نشے کے استعمال کا سامان موجود تھا۔
غیر قانونی منی ایکسچینج چلانے والے ملزمان
ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کے بعض ساتھی دبئی میں موجود ہیں، یہ ملزمان بینک افسر بن کر اوورسیز پاکستانیوں کو فون کر کے ان کے اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کرتے تھے، اور پھر ان کے اکاؤنٹس کو ہیک کر کے اس میں سے رقم کی غیر قانونی ٹرانزکشن کرتے تھے۔
پریس کانفرنس میں ایس ایس پی شہلا قریشی نے بتایا کہ ملزمان بینک اکاؤنٹس ہیک کر کے ہزاروں ڈالر کی لوٹ مار کر چکے ہیں، اس گروپ کا ماسٹر مائنڈ انعام اللہ ولد یوسف خان ہے۔
گرفتار ملزمان میں انعام اللہ ولد یوسف خان، محمد عرفان ولد دلنواز، اور فلپس عنصر ولد عنصر مسیح شامل ہیں۔
دوسری کارروائی میں ایف آئی اے نے حیدر آباد سے غیر قانونی منی ایکسچینج چلانے والے دو ملزمان طالب اور رمیز کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان نے جیولر شاپ میں منی ایکسچینج قائم کر رکھا تھا جہاں سے 12 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے اور 25 سو سعودی ریال برآمد ہوئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر یہ کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے حیدر آباد کی زیر نگرانی ایک چھاپا مار ٹیم نے صرافہ بازار میرپور خاص میں کی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، ملزمان بلاخوف و خطر کسی کی بھی موٹر سائیکل لے کر فرار ہوجاتے ہیں۔
کراچی کے علاقے صدر سی آئی اے سینٹر کے قریب دن دہاڑے موٹرسائیکل چوری کی واردات سامنے آئی ہے، مذکورہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹرسائیکل سوار2ملزمان کو واضح طورپردیکھا جاسکتا ہے، ملزمان نے گلی میں شہریوں کی غیرموجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واردات انجام دی۔
ملزمان چند منٹوں میں موٹرسائیکل چوری کرکے فرارہوگئے، ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے کیپ اور ہیلمنٹ پہن رکھے تھے۔
یاد رہے کہ سی پی ایل سی نے شہر قائد میں گزشتہ ماہ اگست میں ہونے والی وارداتوں کی رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق 263شہری روزانی کی بنیاد پر ڈاکووں کی وارداتوں کا نشانہ بنے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں ماہ اگست میں اسٹریٹ کرائم کی 8 ہزار 163 واردتیں رپورٹ ہوئیں، ریکارڈ کا حصہ بننے والی وارداتوں میں صرف گاڑیاں، موٹرسائیکل چوری اور چھیننے کے علاوہ موبائل فون چھیننے کی وارداتیں بھی شامل ہیں، موٹرسائیکل لفٹنگ کی وارداتیں یومیہ 171 سے تجاوز کرگئیں۔
کراچی پولیس نے اعلیٰ حکام کو خط کے ذریعے شہر قائد میں مقیم غیر قانونی افغانیوں سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے انہیں ڈی پورٹ کرنے کی سفارش کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ سہیل فیض نے ایس ایس پی شرقی کو خط تحریر کیا ہے جس میں افغان شہریوں کے ملک مخالف سرگرمیوں، زمینوں پر قبضے، قتل، منشیات فروشی، اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے انہیں ڈی پورٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
خط میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں سہراب گوٹھ فیکٹری ایریا، سبزی منڈی اور اطراف میں روزانہ کی بنیاد پر افغان شہری بڑی تعادد میں آ رہے ہیں، ان لوگوں نے گزشتہ دنوں سپر ہائی وے بلاک کرکے امن وامان کی سنگین صورتحال پیدا کی تھی، شر پسندوں کے خلاف سہراب گوٹھ سمیت ضلع شرقی میں پانچ مقدمات بھی درج ہیں۔
خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ تین روز قبل پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے دو درجن سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کر کے انکے خلاف فارن ایکٹ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھی غیر قانونی مقیم اور پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث افغانیوں کو ڈی پورٹ کیا جاتا رہا ہے اب دوبارہ ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سہراب گوٹھ کے قریب پولیس کی بھاری نفری نے مخصوص علاقے کو گھیرے میں لے کر غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا۔
ڈی ایس پی چوہدری سہیل فیض نے بتایا تھا کہ سہراب گوٹھ کے مخصوص علاقوں میں کومبنگ آپریشن آئی جی اور ڈی آئی جی کے احکامات پر ہو رہا ہے، گزشتہ رات 26 گرفتاریاں ہوئیں، اور آج مزید 15 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کراچی: شہر قائد میں سابق سیکریٹری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون ظہور احمد کو ان کے گھر میں اہلیہ سمیت قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسکیم 33 زہرا نگر میں گھر سے سابق سیکریٹری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون ظہور احمد اور ان کی اہلیہ نگہت سلطانہ کی خون میں لت پت لاشیں ملی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا ہے، تاہم یہ واقعہ قتل ہے یا خود کشی، اس سلسلے میں باریک بینی سے تحقیقات کی جا رہی ہے، مقتولین کے جوان سال بیٹے کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ظہور احمد کی لاش کچن جب کہ ان کی اہلیہ کی لاش بیڈ روم سے ملی، جائے وقوعہ سے مقتولین کی مزاحمت کے شواہد نہیں ملے۔
پولیس نے آلہ قتل اور دیگر شواہد تحویل میں لے لیے ہیں، گھر میں موجود تیسرا شخص مقتولین کا نوجوان بیٹا مصطفیٰ احمد تھا جس نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ رات دیر سے گھر آ کر اپنے کمرے میں سو گیا تھا، صبح والدین کی موت کا علم ہوا۔
اہل محلہ کا کہنا ہے کہ مرنے والے میاں بیوی بہت ملنسار اور دوسروں کی مدد کرنے والے تھے، اچانک موت کی خبر سے صدمہ ہوا۔
ایس ایچ او کے مطابق کرائم سین یونٹ اور دیگر تفتیشی ادارے باریک بینی سے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
کراچی: شہر قائد میں ہونے والے اچانک بارش شہریوں کے لئے موت کا سامان بن گئی، ملیر کالا بورڈ پر کرنٹ لگنے سے ایک شخص جان
کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ ملیر کے علاقے کالا بورڈ پر پیش آیا، جہاں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جس کی شناخت منیر کے نام سے ہوئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی بارش کے پانی سے بچنے کے لئے فٹ پاتھ پر لگے کھمبے کا سہارا لیا تو اس کرنٹ نے جکڑ لیا، موقع پر موجود افراد نے شہری کو بچانے کی بہت کوشش کی مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔
واقعے کے بعد متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ چند ہفتوں کے وقفے کے بعد کراچی میں باران رحمت پھر برس پڑی، کئی روز سے جاری شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوا۔
ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے جنوب مشرق میں بھارتی گجرات میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے باعث شہر میں آج اور کل کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
کراچی : پولیس نے شاہ فیصل میں مسجد کی چھت پر رکھے فرج سے جدید اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل نمبر 2میں پولیس نے ایک ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران جدید اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کرلی۔
اس حوالے سے پولیس حکام بتایا کہ کورنگی پولیس، تھانہ الفلاح اور شاہ فیصل کالونی پولیس نے انٹیلجنس انفارمیشن پر مشترکہ پولیس کاروائی کی۔
کارروائی میں شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں واقع مسجد کی چھت پر رکھے فرج سے جدید اسلحہ برآمد کیا۔
جدید اسلحہ میں ایک لانگ مشین گن ،ایل ایم جی،تین کلاشن کوف، 2 شارٹ گن، 3 پسٹل 30 بور، ایک 12 بور رائفل، 500 سے زائد مختلف اقسام کی گولیاں، 4 لوڈڈ چرخیاں اور 20 سے زائد لوڈڈ میگزین برآمد ہوئے۔
حکام نے بتایا کہ برآمد اسلحہ فارینسک کیلئے بھیجا جارہا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ تھانہ شاہ فیصل کالونی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جارہی ہے، ملوث ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔