Author: افضل خان

  • لٹیرے نے موبائل کے لیے شہری کو گولی مار دی (ویڈیو بچے نہ دیکھیں)

    لٹیرے نے موبائل کے لیے شہری کو گولی مار دی (ویڈیو بچے نہ دیکھیں)

    کراچی: شہر قائد میں ایک موبائل فون کے لیے ایک اور سفاکانہ قتل کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں ناصر کالونی کے قریب ایک شہری کو موبائل چھیننے کی واردات کے دوران لٹیرے نے گولی مار دی۔

    کورنگی پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ موبائل فون چھینے جانے کے دوران مزاحمت پر لٹیرے کی گولی سے ایک شہری جاں بحق ہو گیا ہے، شہری کی شناخت محمد صالح کے نام سے ہوئی ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موبائل فون اسنیچنگ کے دوران شہری نے مزاحمت کی، جس پر لٹیرے نے بے جھجھک گولی چلا دی۔

    فوٹیج میں موٹر سائیکل پر سوار 2 لٹیروں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، لٹیروں نے گھر کے باہر کھڑے شہری محمد صالح سے موبائل فون چھینے کی کوشش کی، اور پھر مزاحمت پر اسے زندگی سے محروم کر دیا۔

    فائرنگ سے شہری کے زمین پر گرنے کے بعد گولی چلانے والے لٹیرے نے زمین پر گرے موبائل کو اٹھایا اور فرار ہو گیا۔

    دوسری طرف پولیس حکام کے مطابق نارتھ کراچی رشید آباد میں دوران ڈکیتی شہری کی فائرنگ سے ڈاکو زخمی ہو گیا ہے۔

  • کراچی : قبرستان میں گزشتہ روز دفنائی گئی نومولود بچی کی لاش قبر سےغائب

    کراچی : قبرستان میں گزشتہ روز دفنائی گئی نومولود بچی کی لاش قبر سےغائب

    کراچی : محمد شاہ قبرستان میں گزشتہ روز دفنائی گئی نومولود بچی کی لاش قبر سےغائب ہوگئی ، پولیس گورکن کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی محمد شاہ قبرستان سے گزشتہ روز دفنائی گئی بچی کی قبر سے لاش غائب ہوگئی۔

    غم و غصہ میں مبتلا ورثاء کی بڑی تعداد قبرستان پہنچ گئے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گورکن کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ دو دن کی بچی تھی جس کا نام عائشہ بتایا جاتا ہے، کچی قبر تھی جس کے ایک کونے سے لاش نکالی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ قبر کے قریب سے کفن بھی مل گیا ہے، ممکنہ طور پر کسی جانور نے نکالی ہو یا کوئی اور معاملہ بھی ہوسکتاہے، مزید تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔

  • ملیر ندی سے ایک اور بچی کی لاش نکال لی گئی

    ملیر ندی سے ایک اور بچی کی لاش نکال لی گئی

    کراچی کے علاقے ملیر ندی میں ڈوبنے والی مزید ایک بچی کی لاش نکال لی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملیر ندی میں ڈوبنے والی مزید ایک بچی کی لاش نکال لی گئی ہے ریسکیو ٹیم نے اب تک بھائی اور بہن کی لاشیں نکالیں۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں ڈوبنے والے 7 افراد میں سے 2 بچوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

    ایدھی ٹیم اور پولیس کی جانب سے مزید 5 افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

  • ملیر ندی میں گاڑی بہنے سے لاپتہ ہونے والے خاندان میں سے ایک بچے کی لاش مل گئی

    ملیر ندی میں گاڑی بہنے سے لاپتہ ہونے والے خاندان میں سے ایک بچے کی لاش مل گئی

    کراچی : ملیر ندی میں گاڑی بہنے سے لاپتہ ہونے والے خاندان میں سے ایک بچے کی لاش مل گئی اوردیگر کی تلاش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی ملیرندی میں گاڑی بہنے سے لاپتہ ہونے والے خاندان کی تلاش جاری ہے۔

    امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ سے 3 کلومیٹر دور ندی سے ایک بچےکی لاش مل گئی جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

    ڈی ایس پی گڈاپ اعظم بلوچ نے بتایا کہ بچے کی شناخت نہیں ہوسکی، صبح گاڑی مل گئی تھی۔

    اعظم بلوچ کا کہنا تھا کہ خاندان حیدر آباد کا رہائشی تھا اور گزشتہ شام کاٹھور پل سے براستہ سپر ہائی وے حیدرآباد واپس جانا چاہتے تھے۔

    ڈی ایس پی نے کہا میاں بیوی اور چار بچے شادی میں شرکت کے بعد کراچی سے واپس حیدر آباد جارہے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کاٹھورپل زیرآب ہونے کے باعث پولیس نے ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا، جس کے بعد ڈرائیور نے برساتی ریلے سے گاڑی کراس کرنے کی کوشش کی جس سے حادثہ ہوا۔

    ڈوبنے والی فیملی کے رشتے دار محمد دانش کا کہنا ہے پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے گاڑی ڈوب گئی، جس میں ڈرائیور کے علاوہ ماموں، ممانی اور 4 بچے سوار تھے۔

    کار کے ڈرائیورکے بھائی حافظ عبدالحئی نے کہا میرا بھائی حیدرآباد آ رہا تھا کہ ایک فیملی نے کہا ہمیں بھی لے جائیں، قائد آباد سے خاندان کو لے کر بھائی حیدرآباد آرہا تھا، شام 6 بجے کے بعد دوبارہ رابطہ نہیں ہوا۔

    یاد رہے گزشتہ رات ایک گاڑی بپھری ہوئی ملیر ندی کے بہاؤ کی زد میں آگئی تھی ، جس میں 7 افراد سوار تھے۔

    جس کے بعد ریسکیو اداروں نے ندی میں ڈوبنے والی سفید کار تلاش کر لی تھی تاہم گاڑی میں کسی شخص کی لاش موجود نہیں تھی۔

  • بیکری میں ڈکیتی، ڈاکو نے کسی خاص مزاحمت کے بغیر گولی چلا دی (ویڈیو)

    بیکری میں ڈکیتی، ڈاکو نے کسی خاص مزاحمت کے بغیر گولی چلا دی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ واردات کے دوران بنا کسی خاص مزاحمت کے بھی گولی چلانے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے منظور کالونی میں ایک بیکری میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو نے ملازم کو ڈرانے کے لیے اس کے پیروں کے پاس بے خطر گولی داغ دی۔

    منظور کالونی کی ڈیسنٹ بیکری میں لوٹ مار کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں ڈاکو کو گولی چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یہ واردات گزشتہ روز ہوئی تھی، جس میں ڈاکو 70 ہزار سے زائد نقدی اور 4 موبائل فون لوٹ کر لے گئے تھے، فوٹیج میں 3 ڈاکوؤں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    کیش کاؤنٹر کی طرف آنے والے ڈاکو نے معمولی مزاحمت پر ملازم پر گولی چلا دی تھی، تاہم ملازم خوش قسمتی سے گولی لگنے سے محفوظ رہا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈاکو لوٹ مار کرتا رہا، دیگر دو نگرانی کرتے رہے، لوٹ مار کرنے والے نے کیش کاؤنٹر سے نقدی اور ملازمین سے موبائل فون چھینے۔

    رپورٹ کے مطابق واردات کے بعد تینوں ڈاکو بہ آسانی فرار ہو گئے تھے۔

  • اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف بغیر وارنٹ ڈیفنس، کراچی سے گرفتار

    اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف بغیر وارنٹ ڈیفنس، کراچی سے گرفتار

    کراچی: اے آر وائی نیوز کے خلاف حکومت نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کو ڈیفنس سے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کو کراچی میں ڈیفنس کے علاقے سے بغیر وارنٹ گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس اہل کار اور سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد عماد یوسف کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے، گھر کے اندورنی دروازے کو توڑا اور گھر کے اندر بھی توڑ پھوڑ کی۔

    نشریات کی بندش کے باعث اے آر وائی نیوز کی لائیو ٹرانسمیشن یہاں دیکھیں

    ذرائع کے مطابق 15 سے زائد افراد نے رات گئے عماد یوسف کے گھر پر چھاپا مارا، سادہ لباس افراد کے علاوہ پولیس وردی میں بھی اہل کار تھے، چھاپا مار ٹیم کے ہمراہ خواتین اہل کار بھی موجود نہیں تھیں۔

    چھاپا مار ٹیم نے عماد یوسف کے گھر کی سی سی ٹی وی کیمروں کے رخ تبدیل کیے، اور اہل کار عماد یوسف کے گھر کے مرکزی دروازے کے اوپر سے گھر میں کودے۔

    پولیس اہل کار لائسنس یافتہ اسلحہ اور گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کا ڈی وی آر بھی اتار کر لے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی جانب سے سندھ حکومت سے رابطہ کرنے کی کوششیں کی گئیں لیکن عماد یوسف کی کراچی میں گرفتاری کے باوجود سندھ حکومت چین کی نیند سوتی رہی، سندھ حکومت سے مسلسل رابطوں کے باوجود کوئی بات کرنے کو تیار نہیں۔

    عماد یوسف کی گرفتاری کی ملک بھر کی صحافتی تنظیموں اور پریس کلبز نے شدید مذمت کی ہے، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے اپنے بیان میں کہا آزادی اظہار پر قدغن کسی طور پر برداشت نہیں، صحافیوں کے ساتھ ہر دم کھڑے ہیں، حکومت صحافیوں کا احترام کرے۔

    پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کو ہوش کے ناخن لینا چاہیئں، اے ایچ خانزادہ کا کہنا تھا کہ اے آر وائی کے خلاف انتقامی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں، حکومت نے انتقامی کارروائی بند نہ کی تو ملک بھر میں احتجاج ہو سکتا ہے۔

  • محرم: تین دن نکالے جانے والے مرکزی ماتمی جلوسوں پر ٹریفک پلان

    محرم: تین دن نکالے جانے والے مرکزی ماتمی جلوسوں پر ٹریفک پلان

    کراچی: 8،9 اور 10 محرم کو نکالے جانے والے مرکزی ماتمی جلوسوں پر ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک پولیس نے محرم کے تین دنوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، تینوں جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر کھارادر حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوں گے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق 8 محرم الحرام کا جلوس دوپہر ڈیڑھ بجے برآمد ہوگا، یہ جلوس نمائش، ایم اے جناح روڈ، صدر، اور پھر دوبارہ ایم اے جناح روڈ پر آئے گا، پھر یہ جلوس بابائے اردو روڈ سے بارہ امام، پھر ایم اے جناح روڈ سے حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔

    9 محرم کو مارٹن روڈ کی جامع مسجد و امام بارگاہ شاہ نجف سے صبح 9 بجے جلوس برآمد ہوگا، 9 محرم کا جلوس نشتر پارک پہنچے گا، دن 12 بجے کل مرکزی مجلس منعقد ہوگی، جس کے بعد ماتمی جلوس برآمد ہوگا۔

    یہ جلوس نشتر پارک سے نمائش، ایم اے جناح روڈ سے صدر، ریگل سے دوبارہ ایم اے جناح روڈ بولٹن مارکیٹ سے کھارادر پہنچے گا۔

    یوم عاشور کو صبح 8 بجے مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہوگی، جس کے بعد ماتمی جلوس برآمد ہوگا، جلوس نمائش ایم اے جناح روڈ سے صدر، ریگل سے ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتا م پذیر ہوگا۔

    8،9 اور 10 محرم کو جلوس کی گزرگاہوں پر عام ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا، شہری متبادل راستہ اختیار کریں، عوام کی رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس ڈائیورژن پر موجود ہوگی۔

  • موٹر سائیکل سے کیا برآمد ہوا؟

    موٹر سائیکل سے کیا برآمد ہوا؟

    کراچی: حب سے کراچی منشیات لانے کا ایک انوکھا طریقہ سامنے آیا ہے، منشیات فروش موٹر سائیکل سیٹ میں چھپا کر اسمگلنگ کرنے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں بن قاسم پولیس نے 2 منشیات فروشوں کو 5 کلو منشیات سمیت گرفتار کیا ہے، یہ ملزمان موٹر سائیکل کی سیٹ کے اندر منشیات چھپا کر کراچی لا رہے تھے۔

    معلوم ہوا ہے کہ ملزمان منشیات کی موٹر سائیکل سمیت ڈیلوری دیتے ہیں، ساکران چیکو باغ سے منشیات لاکر کراچی شہر میں فروخت کر دیتے ہیں۔

    بن قاسم پولیس نے شک کے تحت ایک موٹر سائیکل کو روکا تو تلاشی کے دوران اس کی سیٹ کے نیچے سے چرس برآمد ہو گئی، جس کا وزن 5600 گرام تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت شاہد عرف شدو اور عارف کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان بلوچستان کے علاقے ساکران سے چرس لا کر کراچی میں فروخت کرتے ہیں۔

    پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • کراچی والوں کے لیے ہاکس بے کا ساحل بند کردیا گیا

    کراچی والوں کے لیے ہاکس بے کا ساحل بند کردیا گیا

    کراچی: ساحلی مقام ہاکس بے پر شہریوں کے ڈوبنے کے واقعات پر انتظامیہ حرکت میں آگئی اور سخت اقدامات اٹھالئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہاکس بے اور ٹرٹل بیچ پر چھ نوجوانوں کے ڈوبنے کے بعد پولیس نے ہاکس بے اور دیگرساحلی مقامات کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردئیے ہیں۔

    پولیس حکام کا موقف ہے کہ کمشنرکےاحکامات پردفعہ ایک سو چوالیس کےتحت سمندرمیں نہانے پرپابندی ہے، فیملیز کو ہاکس بے کی جانب جانے کی اجازت نہیں دےسکتے۔

    پولیس حکام نے کہا کہ ملازمت کے لئےجانے والے افراد کوان کا کارڈچیک کرکےجانےدیں گے، پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں اورہاکس بےکےسمندرپرآنے سے گریزکریں۔

    انتظامیہ کے اس اقدام پر پکنک پر جانے والے شہریوں کی پولیس کیساتھ تلخ کلامی ہوئی، راستے بند ہونے کے باعث ساحل کی جانب جانے والی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

    پکنک پر جانے والے شہریوں کا الزام ہے کہ پولیس پانچ سو روپے فی گاڑی لیکر ہاکس بے کی جانب جانے کی اجازت دے رہی ہے۔

  • سینڈز پٹ پر ڈوبے 2 نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئیں، ٹرٹل بیچ پر 4 مزید ڈوب گئے

    سینڈز پٹ پر ڈوبے 2 نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئیں، ٹرٹل بیچ پر 4 مزید ڈوب گئے

    کراچی: ہاکس بے سینڈز پٹ پر ڈوبے 2 نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئیں، ٹرٹل بیچ پر 4 مزید نوجوان ڈوب گئے، جن میں سے دو کو بچا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاکس بے سینڈز پٹ کے قریب ڈوبے 2 نوجونواں کی لاشیں نکال لی گئیں، جن کی شناخت 15 سالہ معمون، 16 سالہ محسن کے نام سے ہوئی، نوجوان نارتھ کراچی کے رہائشی تھے۔

    نوجوان گزشتہ روز دوستوں کے ہمراہ پکنک منانے ہاکس بے گئے اور وہاں سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے تھے، ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد دونوں نوجوانوں کی لاشیں نکالیں، لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

    ترجمان ایدھی بحری خدمات ٹیم کے مطابق ہاکس بے ٹرٹل بیچ ہٹ نمبر 109 کے قریب بھی سمندر میں نہاتے ہوئے 4 نوجوان ڈوب گئے، جن میں سے 2 نوجوانوں کو بچا لیا گیا۔

    ڈوبنے والے افراد لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، جو پکنک منانے کے لیے دوستوں کے ہمراہ ہاکس بے آئے تھے۔

    ریسکیو ٹیم نے ایک شخص کی لاش نکال کر سول اسپتال منتقل کر دی ہے، جس کی شناخت نہال کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔