Author: افضل خان

  • کراچی کی ایک سڑک جو ڈکیتوں کے لیے جنت بن گئی، فوٹیج

    کراچی کی ایک سڑک جو ڈکیتوں کے لیے جنت بن گئی، فوٹیج

    کراچی: سچل کے علاقے اسکیم 33 میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافے سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گوالیمار سوسائٹی اور کراچی یونیورسٹی ایمپلائز سوسائٹی کی درمیانی سڑک ڈکیتوں کے لیے جنت بن گئی ہے، سڑک پر اسٹریٹ کرائمز کی وجہ سے شہریوں کے لیے سفر کرنا محال ہو گیا ہے۔

    لٹیرے مذکورہ سڑک پر سیکنڈوں میں شہریوں کے جیبوں کا صفایا کرتے ہیں اور سپر ہائی وے کی جانب فرار ہو جاتے ہیں، مذکورہ سڑک پر موٹر سائیکل سوار شہری سے لوٹ کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈکیتوں کو شہری کا تعاقب اور لوٹ مار کر کے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کا علم ہونے کے باوجود سچل پولیس نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اور شہریوں کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔


    ڈیفینس کے سپر اسٹور میں ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آگئی


    اسکیم تینتیس کے شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے اسٹریٹ کرمنلز سے نجات دلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

  • صندوق سے ملنے والی لاش کس کی تھی؟ زیورات اور 50 ہزار کی رقم کہاں گئی؟ ویڈیو رپورٹ

    صندوق سے ملنے والی لاش کس کی تھی؟ زیورات اور 50 ہزار کی رقم کہاں گئی؟ ویڈیو رپورٹ

    کراچی کے علاقے ملیر غازی گوٹھ میں 29 اپریل کو صندوق سے 60 سالہ خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی تھی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    لاش کچھ روز قبل لیاری گل محمد لین سے لاپتا 60 سالہ صفیہ خاتون کی نکلی ہے، جسے ورثا نے سرد خانے میں شناخت کر لیا، لواحقین کا کہنا ہے کہ صفیہ کو تشدد کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے، پولیس ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے قاتلوں کو گرفتار کرے۔


    کراچی : صندوق سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد


    لواحقین کا کہنا ہے کہ صفیہ نے طلائی زیورات پہن رکھے تھے اور وہ 28 اپریل کو لیاری میں اپنے گھر سے 50 ہزار کی رقم لے کر نکلی، لیکن 2 روز بعد لاش ملی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر 2 سے زائد ملزمان نے صفیہ خاتون کو کسی نامعلوم مقام پر قتل کیا اور لاش غازی گوٹھ کے ویران علاقے میں پھینک دی تھی۔


    جانوروں کے بیوپاریوں کو لوٹنے والے مبینہ پولیس اہلکاروں کی ٹول سے فرار ہوتے فوٹیج سامنے آ گئی


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • جانوروں کے بیوپاریوں کو لوٹنے والے مبینہ پولیس اہلکاروں کی ٹول سے فرار ہوتے فوٹیج سامنے آ گئی

    جانوروں کے بیوپاریوں کو لوٹنے والے مبینہ پولیس اہلکاروں کی ٹول سے فرار ہوتے فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: اورنگی ٹاؤن سے جانوروں کی خریداری کے لیے مویشی منڈی میرپور خاص جانے والے بیوپاریوں سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹنے کی واردات ہوئی ہے، ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ لٹیروں کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سے بیوپاری مویشی خریداری کے لیے میرپورخاص منڈی جا رہے تھے کہ سپر ہائی وے پر پولیس وردی اور کیپ پہنے لٹیروں نے ان سے خریداری کی رقم لوٹ لی، سفید ویگو ڈالے میں سوار مبینہ ملزمان ٹول پلازہ کا بیریئر توڑتے ہوئے فرار ہوئے۔

    واقعے کا مقدمہ متاثرہ بیوپاری کی مدعیت میں گڈاپ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ ملزمان کی ویگو گاڑی میں نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں ہے۔

    مقدمے کے متن میں بیوپاری فرحان نے کہا عید الاضحیٰ کے جانور لینے کے لیے جا رہے تھے، ہمارے پاس تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے تھے، ہماری گاڑی جب سپر ہائی وے پر پہنچی تو ایک ویگو گاڑی پیچھے لگ گئی، سفید ویگو گاڑی میں پولیس کی وردی اور کیپ لگائے مسلح افراد بھی موجود تھے۔

    مدعی فرحان نے بتایا بحریہ ٹاؤن کے قریب ویگو ڈالے میں سوار مبینہ ملزمان نے انھیں روک لیا اور اسلحے کے زور پر تمام بیوپاریوں سے نقد رقم تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے چھین لی اور فرار ہو گئے۔


    بکرے کی فروخت، بیوی نے شوہر کے سر پر ڈنڈے کا مہلک وار کر دیا


    مدعی نے اپیل کی کہ تمام بیوپاریوں کی پولیس کے اعلیٰ حکام سے درخواست ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے رقم ڈیڑھ کروڑ برآمد کر کے واپس دلوائی جائے، مدعی کے مطابق لوٹ مار کا یہ واقعہ 30 اپریل کو پیش آیا تھا، پولیس تاحال کوئی پیش رفت نہیں کر سکی ہے۔

  • نوشکی آئل ٹینکر حادثے کے جھلسنے والے مزید 5 افراد کراچی میں دم توڑ گئے

    نوشکی آئل ٹینکر حادثے کے جھلسنے والے مزید 5 افراد کراچی میں دم توڑ گئے

    کراچی: نوشکی آئل ٹینکر حادثے کے جھلسنے والے مزید 5 افراد کراچی میں دم توڑ گئے ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق بلوچستان کے علاقے نوشکی میں آئل ٹینکر میں دھماکے سے جھلسنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا، جس میں جھلسنے والے مزید پانچ زخمی کراچی کے اسپتال میں رات گئے دوران علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد علاج کے لیے کراچی منتقل کیے گئے زخمیوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گئی۔

    پانچوں جاں بحق افراد کی میتیں سہراب گوٹھ سرد خانے منتقل کر دی گئی ہیں، ایدھی حکام کے مطابق جن کی شناخت 18 سالہ سلمان، 17 سالہ وزیر، 26 سالہ درمحمد، 25 سالہ عبدالباسط اور مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔


    نوشکی آئل ٹینکر دھماکے کے کتنے زخمی کراچی لائے گئے؟ ویڈیو رپورٹ


    دو روز قبل بھی طیب شاہ اور جہاں زیب دوران علاج جان بحق ہوئے تھے، شدید زخمی 24 افراد کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی ایئر بیس منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے زخمیوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے 16 زخمی کراچی کے 2 مختلف نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    زخمیوں کی کراچی منتقلی کے دوران ایک زخمی دم توڑ گیا تھا، زخمیوں کے علاج معالجے کے اخراجات بلوچستان حکومت ادا کرے گی۔

  • موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار کر فرار ہونے والا واٹر ٹینکر ڈرائیور گرفتار، حادثے کا ذمہ دار کون؟

    موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار کر فرار ہونے والا واٹر ٹینکر ڈرائیور گرفتار، حادثے کا ذمہ دار کون؟

    کراچی: اورنگی ٹاؤن میں موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار کر فرار ہونے والا واٹر ٹینکر ڈرائیور گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں واٹر ٹینکر کی زد میں آ کر بائیک سوار نوجوانوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعے میں پولیس نے حادثے کے مقام سے فرار ہو جانے والے ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔

    غلطی کس کی تھی؟


    دریں اثنا، گزشتہ روز پیش آئے حادثے سے متعلق ٹریفک پولیس ٹیم (کے راٹ یونٹ) نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی مرتب کر لی ہے، یہ حادثہ موٹر سائیکل سواروں کی غلطی سے تنگ سڑک پر اوورٹیک کرنے کی کوشش کے دوران پیش آیا تھا۔

    واٹر ٹینکر موٹر سائیکل اورنگی ٹاؤن

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کے پاس لائسنس موجود نہ تھے، انھوں نے ہیلمٹ بھی نہیں پہن رکھے تھے، متاثرہ نوجوانوں نے تیز رفتاری سے واٹر ٹینکر کو اوور ٹیک کیا، اور دوسری موٹر سائیکل سے ٹکرا کر ٹائر کے نیچے آ گئے۔

    ٹریفک پولیس ٹیم کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گرفتار واٹر ٹینکر ڈرائیور کے پاس درست لائسنس اور فٹنس سرٹیفیکٹ بھی موجود پایا گیا۔


    رئیس گوٹھ حادثہ کیسے پیش آیا؟ ٹریفک پولیس کی تجزیاتی ٹیم نے معلوم کر لیا


    خیال رہے کہ ناردن بائی پاس، بلدیہ رئیس گوٹھ میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سواروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں بھی ٹریفک پولیس کی خصوصی تجزیاتی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کر کے رپورٹ مرتب کی ہے، خصوصی ٹیم نے حادثے سے متعلق اہم شواہد اور معلومات حاصل کیں، ٹریفک پولیس ٹیم کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹرک ڈرائیور کی غفلت اور غلط سمت پر ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آیا۔

  • نوشکی آئل ٹینکر دھماکے کے کتنے زخمی کراچی لائے گئے؟ ویڈیو رپورٹ

    نوشکی آئل ٹینکر دھماکے کے کتنے زخمی کراچی لائے گئے؟ ویڈیو رپورٹ

    نوشکی میں گزشتہ روز آئل ٹینکر کے اندر دھماکے سے متعدد افراد جھلس گئے تھے، زخمیوں کی کراچی منتقلی کے دوران ایک زخمی دم توڑ گیا ہے، جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔


    وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر 24 شدید زخمی افراد کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی کے نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ نوشکی میں آئل ٹینکر دھماکے کے شدید زخمیوں کو سی 130 کے ذریعے فیصل ایئربیس لایا گیا تھا، جہاں سے ایدھی ایمبولنسوں کے ذریعے زخمیوں کو نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔


    رئیس گوٹھ حادثہ کیسے پیش آیا؟ ٹریفک پولیس کی تجزیاتی ٹیم نے معلوم کر لیا


    ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطا بق 16 زخمی لیاقت نیشنل اسپتال اور 7 زخمیوں کو پٹیل اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں کے علاج معالجے کے اخراجات بلوچستان حکومت ادا کرے گی۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • رئیس گوٹھ حادثہ کیسے پیش آیا؟ ٹریفک پولیس کی تجزیاتی ٹیم نے معلوم کر لیا

    رئیس گوٹھ حادثہ کیسے پیش آیا؟ ٹریفک پولیس کی تجزیاتی ٹیم نے معلوم کر لیا

    کراچی: ناردن بائی پاس، بلدیہ رئیس گوٹھ میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سواروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں ٹریفک پولیس کی خصوصی تجزیاتی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔

    خصوصی ٹیم نے حادثے سے متعلق اہم شواہد اور معلومات حاصل کر لی ہیں، ٹریفک پولیس ٹیم کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹرک ڈرائیور کی غفلت اور غلط سمت پر ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آیا۔

    ٹریفک ٹیم کے مطابق جس مقام پر حادثہ ہوا وہ موٹر وے کی حدود میں آتا ہے، حادثے کے مقام پر سڑکیں بھی خستہ حالی کا شکار ہیں، موٹر سائیکل سوار افراد ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے اور ان کے پاس لائسنس بھی موجود تھے۔رئیس گوٹھ حادثہ

    موچکو پولیس نے فرار ٹرک ڈرائیور کی گاڑی کو تحویل میں لے کر حادثے کا مقدمہ درج کر لیا ہے، مقدمہ جاں بحق سرکاری ملازم اشفاق کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل خطا اور غفلت سے ڈرائیونگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔


    کراچی کی سڑکوں پر دندناتی ہیوی گاڑیوں نے مزید 2 افراد کو کچل ڈالا


    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • کراچی کی 11 مرکزی سڑکوں پر پابندی کے باوجود رکشے کیوں رواں دواں ہیں؟ ویڈیو رپورٹ

    کراچی کی 11 مرکزی سڑکوں پر پابندی کے باوجود رکشے کیوں رواں دواں ہیں؟ ویڈیو رپورٹ

    پابندی کے باوجود شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر رکشے چل رہے ہیں، آئی آئی چندریگر روڈ پر سٹی ریلوے اسٹیشن کے قریب عارضی رکشہ اسٹینڈ بھی قائم ہو گئے۔

    ٹریفک پولیس شہر قائد میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کروانے میں ناکام نظر آتی ہے، اہم شاہراہوں پر غلط سمت سے ڈرائیونگ اور تیز رفتاری ٹریفک حادثات کا سبب بن رہی ہے۔ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف ایم آر کیانی روڈ اور شاہراہ کمال اتاترک پر بے ہنگم ٹریفک اور غلط سمت میں سفر بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔


    کراچی کی کن سڑکوں پر رکشوں کی آمدورفت پرپابندی ہوگی؟


    ٹریفک پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کم نفری کی وجہ سے رکشوں کو روکنا ممکن نہیں، رکشہ ڈرائیوروں نے الزام لگایا ہے کہ رشوت نہ دینے کی صورت میں ہزاروں روپے جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • کراچی : ڈیفنس میں آن لائن بائیک رائیڈر کو قتل کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج  سامنے آگئی

    کراچی : ڈیفنس میں آن لائن بائیک رائیڈر کو قتل کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : ڈڈیفنس فیز 7 میں آن لائن بائیک رائیڈر کے قتل کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، ممکنہ طور پر بائیک رائیڈر سے اسٹریٹ کرمنلز نے واردات کی کوشش اور قتل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز7 میں 2 روز قبل آن لائن بائیک رائیڈر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    بائیک رائیڈر کے قتل میں ملوث ملزمان کے فرار کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی ، پولیس نے بتایا کہ ممکنہ طور پر بائیک رائیڈر مدثر سے اسٹریٹ کرمنلز نے واردات کی کوشش اور قتل کیا۔

    سی سی ٹی وی میں ایک بائیک پر پینٹ شرٹ پہلے 2 ملزمان کوفرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ مقتول مدثر سرکاری ادارے کاملازم بھی تھا ،پارٹ ٹائم آن لائن بائیک چلاتا تھا، تحقیقات کے مطابق مقتول کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔

    قتل کا مقدمہ ماموں کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقتول جھنگ کارہائشی تھا اور نجی یونیورسٹی کے طالبعلم کی رائیڈ لے کر ڈیفنس آیا تھا۔

    مقتول مدثر کو کمر میں گولی لگی تھی ،ممکنہ طور پر اسٹریٹ کرمنلز نے نہ رکنے پر فائر کیا تاہم قتل کے مقام پرکوئی سی سی ٹی وی نصب نہیں ، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • ڈیفنس میں ہوٹل ملازمین نے پولیس اہلکار اور شہری کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنا دیا

    ڈیفنس میں ہوٹل ملازمین نے پولیس اہلکار اور شہری کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنا دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں ہوٹل ملازمین کے تشدد سے پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہو گیا، تشدد میں ہوٹل عملے سمیت درجنوں افراد شامل تھے، جن کے خلاف متاثرہ شہری شوکت کی مدعیت میں تھانہ درخشاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیفنس میں ہوٹل کے عملے سمیت درجنوں افراد کی جانب سے پولیس اہلکار اور شہری کو تشدد کا نشانہ بنائے جائے جانے کے واقعے میں متاثرہ شہری شوکت حسین شاہ کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    مقدمہ ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، مغلظات بکنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، مقدمے میں ہوٹل کے مالک سمیت 10 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔


    اسکیم 33 موسمیات پر احتجاج کی آڑ میں دکانوں میں لوٹ مار اور شہریوں پر تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی


    پولیس نے مقدمے میں نامزد 7 ملزمان عبدالعزیز، سمیع اللہ، عرض محمد، بشیر احمد، محمد اسلام، شاہد، زین العین کو موقع پر سے گرفتار کر لیا ہے، جب کہ مقدمے میں نامزد ہوٹل مالکان محمد علی، وحید اللہ، نواب سمیت دیگر افراد فرار ہیں، جن کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ہوٹل کے عملے اور اہل محلہ میں 2 روز پہلے بھی جھگڑا ہوا تھا، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر صلح صفائی کرا دی تھی، تاہم گزشتہ رات ہوٹل کے عملے نے اہل محلہ اور پولیس اہلکار عدنان رفیق کو تشدد کا بنایا۔


    پاپا کی ڈاکو کی گولی سے معذوری کے بعد میرا اسکول بھی چھوٹ گیا ہے، دردناک ویڈیو رپورٹ


    پولیس حکام کے مطابق ڈیفنس فیز 5 میں اہلکار سے ہوٹل کے عملے نے گالم گلوچ اور بدکلامی کی، جس پر پولیس اہلکار کا ہوٹل عملے سے جھگڑا ہوا، عدنان گھر سے نکلا تو اس پر ہوٹل ملازمین نے حملہ کیا، اہلکار کو بچانے کی کوشش کرنے والے شہری پر بھی تشدد کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہوٹل مالک اور عملے کے خلاف بدتمیزی کی متعدد شکایات مل چکی ہیں۔