Author: افضل خان

  • کراچی: تین ٹیکنیکل پولیس اسٹیشنز پر افسران غیر قانونی طور پر قابض

    کراچی: تین ٹیکنیکل پولیس اسٹیشنز پر افسران غیر قانونی طور پر قابض

    کراچی: شہر قائد کے تین ایس ایچ اوز نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، عہدے چھوڑنے کے احکامات کے باوجود تینوں افسران عہدوں پر بدستور قابض ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد میں 3 ٹیکنیکل پولیس اسٹیشنز پر افسران غیر قانونی طور پر ایس ایچ او شپ کے عہدوں پر قابض ہیں، جب کہ ایڈیشنل آئی جی نے مذکورہ ایس ایچ اوز کو عہدہ چھوڑ کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکٹر کنبھو خان مری ایس ایچ او مائنز اینڈ منرلز کے عہدے پر تعینات ہیں، انسپکٹر سرفراز علی ککیانی ایس ایچ او سوئی سدرن گیس کمپنی کے عہدے پر براجمان، جب کہ سب انسپکٹر اقبال احمد خان ایس ایچ او سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے عہدے پر موجود ہیں۔

    اقبال احمد، کنبھو خان، سرفراز ککیانی

    ذرائع کے مطابق تینوں ایس ایچ اوز عہدے کے لیے دیے گئے انٹرویو اور تحریری امتحان میں نااہل ثابت ہوئے تھے، ایڈیشنل آئی جی نے تینوں ایس ایچ اوز کو عہدہ چھوڑ کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    تینوں ایس ایچ اوز انتہائی با اثر بتائے جاتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ کنبھو خان مری 10 سال سے ایس ایچ او مائنز اینڈ منرلز کے عہدے پر قابض ہے۔

  • کراچی سے لاپتہ ہونے والی تیسری لڑکی  کے اغوا کا ڈراپ سین، دینار کا نکاح نامہ بھی سامنے آگیا

    کراچی سے لاپتہ ہونے والی تیسری لڑکی کے اغوا کا ڈراپ سین، دینار کا نکاح نامہ بھی سامنے آگیا

    کراچی: سولجر بازار سے لاپتہ پچیس سالہ دینار کا نکاح نامہ بھی سامنے آگیا، لڑکی نے وہاڑی میں نکاح کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار سے پچیس سالہ دینار نامی لڑکی کے اغوا کا بھی ڈراپ سین ہوگیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دینار نامی لڑکی کو ڈھونڈ لیا۔

    کراچی سےلاپتہ ہونے والی تیسری لڑکی کا نکاح نامہ بھی سامنے آگیا، لڑکی نے نکاح ضلع وہاڑی میں کیا۔

    اہلخانہ نےاغوا کاشبہ ظاہرکیاتھا، قانون نافذ کرنے والے ادارے لڑکی کی تلاش میں تھے کہ لڑکی کیسے گئی جبکہ والد کا کہنا تھا کہ لڑکی بائیس تاریخ کو ٹیوشن پڑھانے نکلی تھی۔

    اےآروائی نیوز نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی، ویڈیو میں لڑکی کو تیزی سے گھر سے نکل کر اکیلے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • دعا کے بعد کراچی سے ایک اور لڑکی نمرہ لاپتا، اغوا کا شبہ

    دعا کے بعد کراچی سے ایک اور لڑکی نمرہ لاپتا، اغوا کا شبہ

    کراچی: شہر قائد سے دعا زہرہ کے بعد ایک اور لڑکی نمرہ کاظمی لاپتا ہو گئی ہے، کئی دن گزرنے کے بعد بھی اس کا کچھ پتا نہ چل سکا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر، سعود آباد ایس وَن ایریا سے 16 سالہ طالبہ نمرہ کاظمی لا پتا ہو گئی ہے، والدہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی 20 اپریل کو گھر سے لا پتا ہوئی۔

    والدہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ میں بیس اپریل کو گھر سے صبح 9 بجے کام سے گئی، جب واپس آئی تو میری بچی غائب تھی، خدارا مدد کریں، میری بچی کو ڈھونڈیں ڈر ہے اسے اغوا کر لیا گیا ہے۔

    والدہ کے مطابق جب وہ گھر واپس آئیں تو گھر پر نمرہ موجود نہیں تھی، نمرہ کے پاس موبائل فون بھی تھا لیکن نمبر ملانے پر اس نے کال ریسیو نہیں کی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نمرہ کاظمی شاہ رخ نامی ایک لڑکے کے ساتھ گزشتہ ایک ماہ سے رابطے میں تھی، اور شاہ رخ کی لوکیشن لاہور کی آ رہی ہے۔

    پولیس کو تاحال دعا زہرہ کو زبردستی لے جانے کے شواہد نہ مل سکے، پولیس کا کلیو ہونے کا انکشاف

    پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لڑکی ٹریس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی۔

    لڑکی کی والدہ نے آئی جی سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ ان کی بیٹی کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔

  • پولیس کو تاحال دعا زہرہ کو زبردستی لے جانے کے شواہد نہ مل سکے، پولیس کا کلیو ہونے کا انکشاف

    پولیس کو تاحال دعا زہرہ کو زبردستی لے جانے کے شواہد نہ مل سکے، پولیس کا کلیو ہونے کا انکشاف

    کراچی: پولیس کو تاحال دعا زہرہ کو زبردستی لے جانے کے شواہد نہ مل سکے، تاہم اے آئی جی کراچی نے کلیو ہونے کا انکشاف بھی کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں الفلاح کے علاقے گولڈن ٹاؤن سے 8 روز سے لاپتا لڑکی دعا زہرہ سے متعلق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے فون پر بتایا کہ ان کی بازیابی کے لیے کراچی پولیس اپنی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

    غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ ہر زاویے سے تفتیش کی جا رہی ہے کہ اگر کوئی مسنگ لنک ہے تو اسے بھی تلاش کیا جا سکے، انھوں نے انکشاف کیا کہ پولیس اس معاملے میں کلیو لیس نہیں ہے۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم ٹیم کا دعا زہرہ کے گھر کا جائزہ ، اہلخانہ سے سوالات

    اے آئی جی نے کہا کہ پولیس دعا زہرہ کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش اور تمام جدید ذرائع استعمال کر رہی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حساس معاملے کو زیادہ اٹھانے سے تفتیش پر اثر پڑ جاتا ہے۔

    غلام نبی میمن نے یہ بھی کہا کہ بچی کو زبردستی لے جانے کو نظر انداز نہیں کر سکتے لیکن اب تک ایسا کچھ پتا نہیں چل سکا ہے، تاہم پولیس کلیو لیس بھی نہیں ہے۔

    کراچی سے اغوا ہونے والی دعا زہرہ سے منسوب ویڈیو غلط نکلی، ایس ایچ او معطل

    انھوں نے کہا بچی کا لا پتا ہو جانا انتہائی تکلیف دہ بات ہے، ہماری ہر مکمن کوشش ہے کہ جلد بازیاب ہو۔

  • کراچی، شادی کی تقریب میں اسٹیج گر گیا، محنت کش کا کمسن بیٹا جاں بحق

    کراچی، شادی کی تقریب میں اسٹیج گر گیا، محنت کش کا کمسن بیٹا جاں بحق

    کراچی میں شادی کی تقریب کے دوران اسٹیج گرنے سے غریب محنت کش کا 11 سالہ بیٹا جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر الیون بی میں شادی کی تقریب میں اسٹیج گرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

    حادثے میں محنت کش کا 11 سالہ بیٹا محمد یوسف جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

    شادی کی تقریب میں ہزاروں روپے لٹائے گئے رقم لوٹنے کی لالچ میں بڑی تعداد اسٹیج پر جمع ہوگئی جس کی وجہ سے اسٹیج ٹوٹ گیا۔

    حادثے میں شادی ہال کے قریب کیبن لگانے والی زہرہ بی بی کا بیٹا محمد یوسف زندگی کی بازی ہار گیا۔

    یوسف کی والدہ کا کہنا ہے کہ پولیس تعاون نہیں کررہی میرا بچہ مجھے زندہ سلامت چاہیے، انہوں نے واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ شب ہونے والے واقعے کا پولیس نے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

  • رکشہ ڈرائیور کو بہانے سے کہیں اور لے جا کر نوسرباز رکشہ لے اڑے (فوٹیج)

    رکشہ ڈرائیور کو بہانے سے کہیں اور لے جا کر نوسرباز رکشہ لے اڑے (فوٹیج)

    کراچی: شہر قائد میں‌ نوسرباز لٹیروں نے غریب رکشہ ڈرائیور کو بھی نہ چھوڑا، اور دھوکا دے کر اس سے رکشہ لے اڑے، رکشہ چوری کرنے والوں اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں یومیہ اجرت کمانے والے رکشہ ڈرائیورز بھی اسٹریٹ کرمنلز کے نشانے پر آ گئے ہیں، کراچی کے علاقے کیماڑی گیٹ نمبر1 سے رکشہ چوری کی واردات ہوئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے رکشہ چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیجز میں نوسربازوں کو رکشہ چوری کر کے لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے، چور نے تاروں کو ملا کر رکشے کو اسٹارٹ کیا تھا۔ علاقے میں چور کے آنے جانے کی نقل و حرکت سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھی جا سکتی ہے۔

    ایف آئی آر رکشے کے مالک رضوان خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس کے مطابق یہ واقعہ 8 مارچ کو رکشہ ڈرائیور شاہد کے ساتھ پیش آیا۔

    ڈرائیور کا کہنا تھا کہ اس نے ٹاور سے ایک سواری کو بٹھایا جو اسے کیماڑی نمبر ایک لے آیا، پھر وہ وہاں سے اترا اور کہا کہ میں ابھی آتا ہوں، کچھ دیر بعد وہ موٹر سائیکل پر آیا اور اس کے ساتھ ایک بچہ بھی تھا۔

    وزیرستان کے شہری کا قتل، فوٹیج سامنے آ گئی (بچے ویڈیو نہ دیکھیں)

    ڈرائیور کے مطابق سواری نے بچے کو رکشہ میں بٹھا کر کہا کہ میں اس کے ساتھ کچھ دیر آئل ایریا میں جاؤں، میں اس کے ساتھ موٹر سائیکل پر گیا تو وہاں وہ دھوکے سے مجھے چھوڑ کر غائب ہو گیا۔

    ڈرائیور کا کہنا تھا کہ کچھ دیر بعد جب وہ رکشے کے پاس آیا تو وہ غائب تھا، جس پر اس نے مالک کو فون کر دیا۔

  • وزیرستان کے شہری کا قتل، فوٹیج سامنے آ گئی (بچے ویڈیو نہ دیکھیں)

    وزیرستان کے شہری کا قتل، فوٹیج سامنے آ گئی (بچے ویڈیو نہ دیکھیں)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ میں وزیرستان سے تعلق رکھنے والے شہری شیر محمد کے افسوس ناک قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے قتل کے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت سہراب گوٹھ تھانے میں درج کر دیا ہے، سرکار کی مدعیت میں اس لیے مقدمہ درج کیا گیا کیوں کہ مقتول کے اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق مقتول کا تعلق وزیرستان سے ہے، ابتدائی طور جو معاملہ سامنے آیا ہے وہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے، اہل کاروں کو موقع واردات سے 9 ایم ایم کے دو خول ملے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شیر محمد کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، فوٹیج کے مطابق شیر محمد کو موٹر سائیکل سوار 2 افراد نے قتل کیا تھا۔

    مقتول الاصف اسکوائر کباڑ مارکیٹ میں لوڈنگ گاڑی چلاتا تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مقتول کباڑ مارکیٹ میں سوزوکی کے قریب آیا، اور گاڑی کے پاس کھڑا ہو گیا، اسی دوران موٹر سائیکل سوار قاتل موقع پر پہنچ گئے۔

    مقتول پر موٹر سائیکل پر سوار دونوں قاتلوں نے فائرنگ کی، ایک قاتل نے ہیلمٹ جب کہ دوسرے نے منہ پر کپڑا لپیٹ رکھا تھا۔

  • کراچی: 3 کروڑ کی واردات کرنے والے گرفتار، 46 لاکھ برآمد

    کراچی: 3 کروڑ کی واردات کرنے والے گرفتار، 46 لاکھ برآمد

    کراچی: شہر قائد میں‌ لاہور سے آئے سونے کے ایک تاجر سے 3 کروڑ لوٹنے والے ڈاکو گرفتار ہو گئے، جن سے 46 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لاہور سے آئے ہوئے سنار کو لوٹنے والے 4 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ 2 فروری کو ہونے والی وارادت میں اسلحے کے زور پر تقریباً ساڑھے 3 کروڑ روپے چھینے گئے تھے، متاثرہ تاجر طلائی زیورات فروخت کرنے کے بعد رقم بیگ میں لے کر رکشے میں کینٹ ریلوے اسٹیشن کی طرف جا رہے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق داؤد پوتا روڈ مہران ہوٹل کے قریب چار لٹیروں نے تاجر سے واردات کی تھی، جو 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔

    شرجیل کھرل کے مطابق واقعے کے بعد تفتیش کے لیے دو ٹیمیں بنائی گئی تھیں، ٹیموں نے جیو فینسنگ اور ٹیکنیکل ڈیٹا اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کا ریکارڈ حاصل کیا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ 21 فروری کو واردات میں ملوٹ ملزم محمد ظاہر کو گرفتار کیا گیا، جس نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کیا، گرفتار ملزم نے وارادت میں ملوث دیگر ساتھیوں کے نام بھی بتائے، جنھیں بعد ازاں انفارمیشن اور ٹیکنیکل ٹیم کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

    گرفتار ملزمان میں سلمان، ظفر اور محسن شامل ہیں، جن سے 46 لاکھ کی رقم برآمد کر لی گئی ہے، ملزمان سے 4 عدد پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان پیشہ ور ڈکیت ہیں، اور متعد بار جیل جا چکے ہیں، کیس میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ملزمان مقامی ہیں، اور کیس کے مختلف پہلوؤں پر کام جاری ہے۔

  • کراچی: لیاری کی رہائشی عمارت میں سلنڈر دھماکا

    کراچی: لیاری کی رہائشی عمارت میں سلنڈر دھماکا

    کراچی: شہر قائد کے قدیم علاقے لیاری میں سلنڈر دھماکا ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دھماکا لیاری کے علاقے بہار کالونی کی رہائشی عمارت میں ہوا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق فلیٹ میں سلنڈر دھماکا ہوا، دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچے سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس نفری جائے حادثے پر پہنچی اور جھلسے افراد کو عمارت سے نکال کر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    سلنڈر دھماکے کے باعث علاقے میں شدید خوف ہراس پھیل گیا، پولیس نے متاثرہ عمارت کو گھیرے میں لیتے ہوئے رہائشیوں کو فوری طور پر عمارت خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔

    واقعےکے2گھنٹےبعد کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچا جبکہ علاقہ مکین اور مقامی پولیس واقعےکو سلنڈر بلاسٹ قرار دےچکے ہیں۔

    علاقہ مکینوں نے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ علاقےمیں 5 ماہ سے گیس کی فراہمی بندہے جس کے باعث علاقہ مکین گیس سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں، :گیس سلنڈر کے استعمال سےحادثات کاسامنا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت علاقے میں گیس کی فراہمی یقینی بنائے۔

    شہر قائد میں آئے روز سلنڈر دھماکوں کی خبریں موصول ہوتی رہتی ہیں، گذشتہ ماہ بھی کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں قالین بنانے کے کارخانے اور گودام میں سلنڈر دھماکا ہوا تھا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

  • چکن سینٹر میں ڈکیتی، ڈاکو نے بغدا بھی استعمال کیا، فوٹیج سامنے آ گئی

    چکن سینٹر میں ڈکیتی، ڈاکو نے بغدا بھی استعمال کیا، فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی واردتوں میں کمی نہ آ سکی، انتہائی بے خوفی سے کی گئی ایک اور واردات کی فوٹیجز سامنے آ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری کھڈا مارکیٹ میں واقع ایک چکن سینٹر میں 15 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، 4 روز قبل ہونے والی اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی ہیں۔

    اس واردات کے دوران 6 مسلح ڈاکوؤں نے دکان کا تسلی سے صفایا کیا، فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو کس بے خوفی سے واردات کر رہے ہیں، اور انھیں سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی سے بھی کوئی پریشانی نہ ہوئی، جن کی فوٹیجز میں لٹیروں کے چہرے واضح نظر آتے ہیں۔

    ایک ڈاکو نے دکان کے اوپری کے حصے میں میز کی دراز کھولنے کے لیے بغدے کا بھی استعمال کیا، اور کئی ضربوں سے لاک توڑ کر اس کے اندر سے لاکھوں روپے نکال کر تھیلیوں میں بھر لیے۔

    واردات کے دوران 3 ڈاکو دکان کے اندر گئے تھے، جب کہ دیگر 3 دکان کے باہر پہرا دیتے رہے، مختلف فوٹیجز میں ڈاکوؤں کو دکان میں موجود افراد کی تسلی سے تلاشی لیتے جا سکتا ہے، ان سے بھی موبائل فونز اور کیش چھینا گیا۔

    ڈاکوؤں نے دکان کے اوپری حصے میں جا کر وہاں موجود ایک اور ملازم کی تلاشی لی، لٹیروں نے دکان میں موجود تینوں افراد کو واش روم میں بند کیا اور واردات مکمل کی، لٹیرے تقریباً ڈھائی منٹ تک واردات کرنے کے بعد آسانی سے فرار ہوگئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزمان کے چہرے واضح ہیں، دکان دار کا کہنا ہے کہ واردات کے فوری بعد 15 پر اطلاع دی گئی تھی، لیکن بغدادی تھانے کی پولیس ایک گھنٹے تک جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی، پولیس نے مقدمہ درج کرنے میں بھی تاخیر کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چار روز قبل ہونے والی اس واردات پر پولیس کارروائی کرنے میں تاحال ناکام ہے۔