Author: افضل خان

  • کراچی میں ڈاکوؤں نے موبائل کی خاطر حافظ قرآن کی جان لے لی

    کراچی میں ڈاکوؤں نے موبائل کی خاطر حافظ قرآن کی جان لے لی

    کراچی میں حافظ قرآن نوجوان اسامہ کو موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت کرنے پر قتل کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں موبائل فون چھیننے کی وارداتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہی آئے روز ڈکیتوں کی جانب سے شہریوں کو مزاحمت کرنے پر ابدی نیند سلا دیا جاتا ہے۔

    کراچی کے علاقے پاور ہاؤس کے قریب نوجوان اسامہ کو موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت کرنے پر سر میں گولی ماری گئی۔

    نوجوان کو طبی امداد کے لیے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا تو ادھر کہا گیا کہ دوسرے اسپتال لے جائیں، ورثا شدید زخمی حالت میں اسامہ کو دوسرے اسپتال لے کر گئے۔

    مقتول اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسامہ کے سر میں گولی لگی جو اس کی موت کی وجہ بنی۔

    اسامہ کے بھائی نے بتایا کہ ’اسامہ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور سب کا لاڈلہ تھا، وہ دن میں معذور والد کی خدمت کرتا تھا اور رات میں نوکری کرتا تھا۔

    مقتول کے بڑے بھائی کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز اسامہ کی چھٹی تھی اور وہ دوستوں کے ساتھ چپلی کباب کھانے گیا تھا اس نے کسی کو کال کرنے کے لیے فون نکالا تو ڈکیت آگئے اور انہوں نے مزاحمت پر اس کے سر میں گولی ماری۔

    واقعے سے متعلق پولیس کا کوئی موقف سامنے نہیں آسکا ہے۔

  • کراچی: تولیہ فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی

    کراچی: تولیہ فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی

    کراچی: نارتھ کراچی کے صنعتی علاقے میں واقع فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام کے مطابق نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا 16بی میں تولیہ بنانےکی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعے کی اطلاع موصول ہونے پر 8 فائر ٹینڈرز کو جائے حادثے پر روانہ کیا گیا۔

    ریسکیوحکام کے مطابق آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث ایک اسنارکل اور 2واٹرباؤزر کو بھی روانہ کیا گیا۔

    تولیہ فیکٹری میں آتشزدگی کی رپورٹ پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے سخی حسن ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور تمام کمرشل گاڑیوں کو پانی بھرنے سے روکنے کی ہدایت کی ہیں۔

    ادھر واقعے کی رپورٹ ملتے ہی رینجرز کے جوان موقع پر پہنچے اور جائے حادثے کو گھیرے میں لیتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق جوان ریسکیو ٹیموں کیساتھ ملکر آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہیں۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری کےاندرون حصوں کےمختلف مقامات پر آگ لگی ہے، مگر کوئی ایمرجنسی ایگزیٹ گیٹ نہیں ہے، جس کے باعث فائرفائٹرز کو امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ فیکٹری تین منزلوں پر مشتمل ہے، ہنگامی حالات میں فیکٹری میں داخل ہونےکے راستےنہیں بنائے گئے اور نہ ہی فیکٹری میں آگ بجھانے کے آلات بھی موجود ہیں، جس جگہ پر فیکٹری قائم ہے وہ جگہ بھی تنگ ہے۔

  • کراچی:ملیر میمن گوٹھ کے قریب گاڑی نے بچوں کو روند ڈالا

    کراچی:ملیر میمن گوٹھ کے قریب گاڑی نے بچوں کو روند ڈالا

    کراچی: شہر قائد میں دلخراش حادثہ رونما ہوا ہے، جہاں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 6 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 4 بچے زخمی ہوگئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ ملیر میمن گوٹھ میں اس وقت پیش آیا جب بچے گلی میں کھیل رہے تھے کہ تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر دے ماری، دلخراش حادثے میں چھ سالہ بچی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چار بچے زخمی ہوئے، واقعے کے بعد زخمی بچے لہولہان مدد کے لئے پکارتے رہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ڈرائیور کار کو موقع واردات پر چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے، جس کی تلاش شروع کردی گئی ہے، حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس جائے حادثے پر پہنچی اور جاں بحق بچی و زخمی بچوں کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق ٹریفک حادثے میں زخمی 4بچےجناح اسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر جاں بحق بچی اور زخمی بچوں کے اہل خانہ سمیت علاقہ مکین بڑی تعداد میں جناح اسپتال پہنچ گئے، واقعے پر لوگوں میں سخت اشتعال پایاجاتا ہے۔

  • شاہ رخ ، بلال  کے بعد  ایک اور نوجوان ڈاکوؤں کی گولی کا نشانہ بن گیا

    شاہ رخ ، بلال کے بعد ایک اور نوجوان ڈاکوؤں کی گولی کا نشانہ بن گیا

    کراچی : اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی نوجوان دم توڑگیا،زخمی نوجوان 22سالہ سیف الرحمان عباسی شہید اسپتال میں زیر علاج تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی جرائم کا جنگل بن چکا ہے، ایک مہینے میں ڈاکووں نے تین نوجوانوں کی جان لے لی مگر انتظامیہ پر کوئی اثر ہوا نہ ہی پولیس ایکشن لینے کے لئے تیار ہے۔

    شاہ رخ ، بلال کئے بعد سیف الرحمان ڈاکووں کی گولی کا نشانہ بن گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سولہ جنوری کی شب دکان میں ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان زخمی ہوا تھا لیکن آج زخمی22سالہ سیف الرحمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    دکان میں ڈکیتی واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے ، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار2 ملزمان کودکان میں داخل ہوتے ہیں ۔

    فوٹیج کے مطابق مسلح ملزمان دکان میں 6افراد کو یرغمال بنانے کے بعد لوٹ مار کرتے ہیں لوٹ مار کے دوران مسلح ملزمان دکان میں موجود افراد کو پتھر بھی مارتے ہیں، اس دوران سیف الرحمن مزاحمت کرتا اور ملزم کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے۔

    جس کے بعد مسلح ملزمان فائرنگ کر کے نوجوان سیف الرحمن کو زخمی کرکے فرار ہو جاتےہیں، مسلح ملزمان نے شناخت چھپانے کیلئے کیپ اور چہرے پر ماسک پہنے ہوئے تھے۔

  • کراچی: لاپتہ کمسن بچے کی لاش ندی سے برآمد، علاقہ میں اشتعال

    کراچی: لاپتہ کمسن بچے کی لاش ندی سے برآمد، علاقہ میں اشتعال

    کراچی: چند روز قبل اغوا ہونے والے 4 سالہ حسبان کی لاش ندی سے مل گئی ہے، کمسن بچے کی اندوہناک موت پر لواحقین غم سے نڈھال اور اہل علاقے میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بارہ جنوری کو سرجانی ٹاؤن میں ایک گھر پر اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب ان کا چار سالہ حسبان لاپتہ ہوگیا، گھر والوں نے پہلے پہل علاقے میں تلاش کیا اور چپہ چپہ چھان مارا تاہم کوئی سراغ نہ ملا تو مقامی پولیس کو اطلاع دی۔

    پولیس نے ابتدائی تفتیش کی اور سی پی ایل سی کو آگاہ کیا، جہاں سی پی ایل سی نے زینب الرٹ بل کے تحت ننھے حسبان کی گمشدگی کا اشتہار جاری کیا، تاہم کوئی شنوائی نہ ہوسکی، اہل خانہ اپنے چار سالہ بچے کو کھونے پر غم سے نڈھال تھے اور ان میں شدید اضطراب تھا۔

    آج اہل خانہ پر قیامت ٹوٹی جب پولیس کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ سرجانی ٹاؤن کے قریب ندی سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے جوکہ چار سالہ حسبان کی ہے، علاقے میں خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی گئی، پولیس نے ریسکیو ٹیموں کی مدد سے بچے کی لاش کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں منشیات بیچنے سے منع کرنے پر نوجوان قتل

    چار سالہ حسبان کی لاش ملنے پر غمزدہ خاندان پر گویا پہاڑ ٹوٹ پڑا ماں پر سکتہ طاری ہوا تو والد اندوہناک خبر سن کر دل لے کر بیٹھ گیا، چار سالے بچے کی لاش ندی سے ملنے پر اہل علاقہ میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے اور انہوں نے پولیس نے تمام واقعے کی فوری جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا ہے۔

    ادھر پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بچے کو کیوں اور کس نے قتل کیا پولیس کی تحقیقات جاری ہیں؟ جلد تفصیلات منظر عام پر آجائیں گی۔

    ادھر سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچہ نالے میں حادثاتی طور پر گرا یا قتل کیا گیا؟ پولیس تمام پہلوؤں سے شفاف تحقیقات کرے اور لواحقین کو جلد آگاہ کرے۔

  • ’گزشتہ ہفتے شاہ رخ دلہا بنا آج کفن پہنا دیا گیا‘

    ’گزشتہ ہفتے شاہ رخ دلہا بنا آج کفن پہنا دیا گیا‘

    کراچی کے علاقے کشمیر روڈ پر گزشتہ روز شاہ رخ نامی نوجوان کو ڈکیتی مزاحمت پر ماں اور بہن کے سامنے قتل کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کشمیر روڈ میں گزشتہ روز شاہ رخ نے گھر کی دہلیز پر ڈاکو کو ماں کے زیورات چھینتے دیکھا تو وہ ڈاکو پر لپکا جس پر ڈاکو نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔

    مقتول کی ایک ہفتے قبل ہی شادی ہوئی تھی، شاہ رخ ایک ہفتے قبل دلہا بنا اور ڈاکو نے اسے کفن پہنا دیا، شاہ رخ کو طارق روڈ سے متصل قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    شاہ رخ کے بھائی نے بتایا کہ فائرنگ سے شاہ رخ زخمی ہوا تو کسی نے اسپتال پہنچانے میں مدد نہیں کی۔

    بھائی نے بتایا کہ شاہ رخ کی کسی سے دشمنی نہیں تھی ہنستا کھیلتا میرا بھائی دنیا سے چلا گیا، گارڈ بھی یہاں بیٹھا لیکن تماشہ دیکھتا رہا۔

    https://urdu.arynews.tv/604419-1/

    اہلخانہ نے بتایا کہ شاہ رخ 7 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور گھر والوں کا لاڈلہ تھا، کزن نے بتایا کہ وہ دوستوں کا دوست اور ملنسار تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سے اب تک کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 5 نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس نے ٹیمیں تشکیل دے دیں لیکن کسی بھی ڈاکو کو گرفتار نہ کیا جاسکا۔

  • کورنگی میں ڈاکو مارنے کا دعویٰ جھوٹا نکلا، پولیس نے شہری کو گولی مار دی

    کورنگی میں ڈاکو مارنے کا دعویٰ جھوٹا نکلا، پولیس نے شہری کو گولی مار دی

    کراچی : کورنگی مہران ٹاؤن میں پولیس کا اسٹریٹ کرمنل کو مارنے کا دعویٰ جھوٹا نکلا، جاں بحق شخص کے لواحقین نے احتجاج شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے کورنگی میں پولیس نے مہران ٹاؤن میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا جو جھوٹا نکلا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈاکو نہیں بلکہ شہری کو گولی مار کر جاں بحق کیا، جعلی مقابلے میں ملوث اینٹی اسٹریٹ سیل کے چار اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہران ٹاؤن کی عوام بڑی تعداد میں کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے باہر جمع ہوگئی ہے تاہم اہلکاروں نے تھانے کے دروازے بند کرکے تمام افراد کو آمد و رفت سے روک دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو اسپتال منتقل نہیں کیا گیا، جاں بحق شخص کے لواحقین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے احتجاج شروع کردیا۔

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل پولیس نے شہری کو لوٹنے والے دو ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران ایک ملزم کو ہلاک اور ایک کو زخمی کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    پولیس نے اپنے مؤقف میں کہا تھا کہ ڈکیت عوام سے لوٹ مار کر رہے تھے جیسے ہی ملزمان نے پولیس کو دیکھا تو فائرنگ کردی۔

  • بینک کی خاتون کیشیئر کو ہپناٹائز کر کے ڈیڑھ لاکھ روپے لوٹنے والا گرفتار (ویڈیو)

    بینک کی خاتون کیشیئر کو ہپناٹائز کر کے ڈیڑھ لاکھ روپے لوٹنے والا گرفتار (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں ایک بینک کی خاتون کیشیئر کو ہپناٹائز کر کے ڈیڑھ لاکھ کے قریب روپے لوٹنے والا گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے ایک بینک کے مسلم ٹاؤن برانچ میں خاتون کیشیئر سے رقم لے کر فرار ہونے والا ولید نامی نوسر باز گرفتار ہو گیا، نوسرباز رقم لوٹ کر بھاگ رہا تھا کہ لوگوں کے تعاقب کے بعد ایک برساتی نالے میں جا گرا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق بھاگتے نوسرباز کا لوگوں نے تعاقب کیا تھا، نالے میں گرنے کے بعد پکڑ میں آ گیا، یہ واقعہ نیو کراچی تھانے کی حدود میں 17 نومبر کو پیش آیا تھا، پکڑے گئے نوسرباز کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے 1 لاکھ 40 ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں، اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملزم نے بینک کے کیش کاؤنٹر پر 50 کے نوٹوں کی ایک گڈی کے بدلے 5 ہزار کا نوٹ مانگا تھا، اس دوران جب کیشیئر نے پانچ ہزار کے نوٹ کے لیے گڈی اٹھائی، تو ملزم نے انھیں ہپناٹائز کر دیا۔

    مقدمے کے مطابق خاتون کیشیئر کو اس لمحے پتا نہیں چلا کہ ملزم نے 5 ہزار کی گڈی سے خود 28 نوٹ نکالے اور فرار ہو گیا۔

    تاہم جیسے ہی کیشیئر کو گڑ بڑ سمجھ آئی، انھوں نے بھاگتے نوسرباز کو پکڑوانے کے لیے بینک میں دیگر ساتھیوں کو خبردار کر دیا، جس پر بینک سے کئی افراد  نوسرباز کے پیچھےگئے، اور وہ خود کو بچانے کے چکر میں برساتی نالے میں جا گرا، جہاں سے اس کے فرار کا امکان ختم ہو گیا۔

  • کراچی: پولیس مقابلے میں‌ گرفتار 5 ملزمان میں سے ایک ہلاک

    کراچی: پولیس مقابلے میں‌ گرفتار 5 ملزمان میں سے ایک ہلاک

    کراچی: شہر قائد کے علاقے الفلاح میں پولیس مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والے 5 ملزمان میں سے ایک زخمی ملزم دم توڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الفلاح کے علاقے میں پولیس مقابلہ ہوا تھا، جس میں ایک ملزم ہلاک جب کہ ایک زخمی ملزم سمیت 4 گرفتار ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے الفلاح میں لوٹ مار کے بعد فرار ہوتے ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔

    پولیس اہل کاروں نے 2 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن میں‌ سے ایک ملزم نے بعد میں دم توڑ دیا، ہلاک ملزم کی شناخت اللہ ڈنو کے نام سے ہوئی ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی شاہ جہان خان کے مطابق دیگر ملزمان میں انور، علی محمد، گلزارِ اور بشیر شامل ہیں، ملزم انور بھی زخمی ہے، جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    ملزمان شرافی گوٹھ، ملیر سمیت مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کا مختلف تھانوں میں کریمنل ریکارڈ بھی پڑا ہے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج ہیں۔

    پولیس اہل کاروں نے ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • مفتی تقی عثمانی پر مبینہ حملے کی اطلاع، پولیس کا اہم بیان جاری

    مفتی تقی عثمانی پر مبینہ حملے کی اطلاع، پولیس کا اہم بیان جاری

    کراچی: ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی پر حملے سے متعلق سوشل میڈیا زیر گردش خبروں پر پولیس نے اہم بیان جاری کردیا ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی شاہ جہاں خان نے میڈیا کو بتایا کہ مفتی تقی عثمانی پر حملہ نہیں ہوا، ملاقات کےلیےآئے ایک شخص سے چاقو برآمد ہوا ہے۔

    ضلع کورنگی کے ایس ایس پی نے واقعے سے متعلق بتایا کہ مفتی تقی عثمانی سے فجر کی نماز میں ایک شخص ملنے آیا اور مفتی تقی عثمانی سےدعا کی درخواست کی اور اکیلے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔

    شاہ جہاں خان نے بتایا کہ اس دوران مفتی تقی عثمانی کے گارڈ نے تلاشی لی تو مشتبہ شخص سے چاقو برآمد ہوا، مشتبہ شخص کو فوری طور پر تحویل میں لیکر پولیس کے حوالے کیا گیا۔ایس ایس پی کے مطابق مشتبہ شخص کی دو بیویاں تھیں جو گھر چھوڑ کر جاچکی ہیں، خاندانی معاملات کی درستگی کے لئے مشتبہ شخص مفتی تقی عثمانی سے خصوصی دعا کرانا چاہتا تھا۔

    زیر حراست شخص کی شناخت عاصم لیئق کے نام سے ہوئی ہے، کورنگی پولیس نے ملزم کا ابتدائی بیان قلمبند کرلیا ہے، جس میں ملزم نے بتایا کہ گھریلو پریشانی کاشکار ہوں دعا کرانا چاہتا تھا،میں نے چاقو نہیں نکالا، دوران تلاشی گارڈ نےنکالا، چاقو روز مرہ کے استعمال کیلئےرکھا تھا۔قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار زیر حراست شخص سے مزید پوچھ گچھ میں مصروف ہیں۔

    یاد رہے کہ دو سال قبل مارچ میں کراچی کی نیپا چورنگی پر دارالعلوم کراچی کی دو گاڑیوں پر موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کی تھی، اس واقعے میں بھی مفتی تقی عثمانی بال بال بچے تھے، گاڑی میں ان کے ہمراہ اہلیہ اور دو پوتے بھی تھے۔

    فائرنگ کے واقعے میں ان کےدو سیکیورٹی گارڈ شہید جبکہ بيت المکرم مسجد کے خطيب مولانا عامر شہاب اور مفتی تقی عثمانی کا ڈرائيور زخمی ہوا تھا۔