Author: افضل خان

  • کراچی میں 3 بین الصوبائی اغوا کار ہلاک

    کراچی میں 3 بین الصوبائی اغوا کار ہلاک

    کراچی: شہر قائد کے علاقے منگھوپیر میں اے وی سی سی اور سی پی ایل سی کی ایک مشترکہ کارروائی میں 3 بین الصوبائی اغوا کار ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اے وی سی سی (اینٹی وائلنٹ کرائم سیل) اور سی پی ایل سی نے منگھوپیر کراچی، لاڑو گوٹھ میں ایک مشترکہ کارروائی کی، مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک ہو گئے جب کہ 2 مغویوں کو بازیاب کر لیا گیا۔

    اے وی سی سی کے ایس ایس پی عبداللہ احمد نے بتایا کہ منگھوپیر میں مقابلے کے بعد تین اغوا کار مارے گئے ہیں، جن کا تعلق بین الصوبائی اغوا برائے تاوان گروہ سے تھا، ہلاک ملزمان کی شناخت علی گوہر، نوکاف اور شفیع اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران دو مغوی بھی بازیاب کرا لیے گئے، محسن مری اور ذوالفقار وسان کو سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے سے 23 اپریل کو اغوا کیا گیا تھا، اور اغوا کاروں نے مغویوں کی رہائی کے لیے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

    بازیاب کرائے گئے مغوی

    ایس ایس پی عبداللہ احمد کے مطابق اغوا کے اس واقعے کا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں درج ہے، ہلاک اغوا کاروں نے 2020 میں بھی عبدالجبار نامی شخص کو اغوا کر کے تاوان لیا تھا، جس کا مقدمہ سرجانی تھانے میں درج ہے، اس وقت ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

    ادھر ٹنڈو محمد خان کے علاقے ٹنڈو غلام حیدر کے قریب بھی پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ہوا، ایس ایس پی ٹندو محمد خان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 ڈاکو مدد ملاح اور محمد موسیٰ زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، جن سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

  • کراچی میں افسوسناک واقعہ؛ ڈلیوری بوائے لفٹ میں پھنس کر جاں بحق

    کراچی میں افسوسناک واقعہ؛ ڈلیوری بوائے لفٹ میں پھنس کر جاں بحق

    کراچی میں آن لائن ڈلیوری بوائے لفٹ میں پھنس کر جاں بحق ہو گیا۔

    افسوس ناک واقعہ شہر کے پوش علاقے کلفٹن تین تلوار میں پیش آیا جہاں افطار کے وقت پارسل ‏پہنچانے کے لیے آنے والا ڈلیوری بوائے رہائشی عمارت کی لفٹ میں پھنس کر جاں بحق ہوگیا۔

    لاش کافی دیر تک لفٹ میں پھنسی رہی اور رابطہ نہ ہونے پر فون ٹریس کیا گیا تو لوکیشن عمارت ‏آئی۔ جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی اور صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

    آن لائن فوڈڈیلوری کمپنی کے دیگر ملازمین نےاپنی مدد آپ کے تحت لاش کو نکلا، اسی اثناء میں ‏پولیس بھی پہنچ گئی۔

    متوفی کی شناخت نوید سعید کےنام سےہوئی ہے اور لاش جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ ‏متوفی افطارکےوقت رہائشی عمارت میں ڈیلوری دینےآیاتھا۔

  • ایک ہی مارکیٹ میں لگاتار وارادتیں کرنے والا لٹیرا تاجروں کے لیے خوف کی علامت بن گیا (ویڈیوز)

    ایک ہی مارکیٹ میں لگاتار وارادتیں کرنے والا لٹیرا تاجروں کے لیے خوف کی علامت بن گیا (ویڈیوز)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے موسمیات میں ایک لٹیرا تاجروں کے لیے خوف کی علامت بن گیا، پولیس تاحال واقعاتی شواہد جمع کرنے کے علاوہ کچھ نہ کر سکی۔

    تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹاؤن کے علاقے موسمیات میں لگاتار وارداتیں کرنے والا تاحال پولیس کی گرفت میں نہ آ سکا، چند روز میں ایک ہی ملزم نے ایک ہی علاقے کی کئی دکانیں لوٹ لیں، جس سے تاجر خوف کا شکار ہو گئے ہیں۔

    اے آ ر وائی نیوز کے مطابق اس لٹیرے کے ہاتھوں کی گئی مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں، مگر پولیس ملزم تک نہیں پہنچ سکی ہے۔

    فوٹیجز کے مطابق اسلحہ بردار ملزم مختلف وارداتوں کے دوران ایک جیسے حلیے میں نظر آیا، ملزم نے ایک ہفتے میں ایک ہی مارکیٹ کی 6 دکانوں میں وارداتیں کیں، اس دوران اس نے حلیہ بھی بدلنے کی کوشش نہیں کی۔

    اس ملزم کی دیدہ دلیری کا یہ عالم ہے کہ اس نے ایک ہی دن میں ایک ہی دکان کو دن میں 2 بار بھی لوٹنے کی واردات کی۔ کچھ وارداتوں میں ملزم اکیلا نظر آیا اور کچھ میں ساتھی کے ساتھ بھی، جب کہ ملزم کو مارکیٹ میں دیدہ دلیری کے ساتھ گھومتے بھی دیکھا گیا۔

    ایک فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزم کی موٹر سائیکل پر پولیس نمبر پلیٹ لگی تھی، اور ملزم نے پولیس وردی کی پینٹ پہنی ہوئی تھی۔

    ادھر تاجروں کا کہنا ہے کہ پولیس تمام وارداتوں سے آگاہ ہو چکی ہے، لیکن وہ واقعاتی شواہد جمع کرنے کے سوا کچھ نہیں کر رہی، متاثرہ دکان داروں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وارداتوں میں ملوث ملزم کوگرفتار کر کے تحفظ فراہم کیا جائے۔

  • کراچی، رہائشی فلیٹ میں سلنڈر دھماکا، 5 افراد زخمی

    کراچی، رہائشی فلیٹ میں سلنڈر دھماکا، 5 افراد زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے محکمہ موسمیات کے قریب سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے صفورا چورنگی اور محکمہ موسمیات کے قریب رہائشی فلیٹ میں سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود 5 افراد زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں نے آ گ پر قابو پالیا، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈاؤ اور سول برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گیس لائنوں میں دھماکے سے آگ لگنے کے باعث پیش آیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ پولیس نے بی ڈی ایس کو طلب کرلیا ہے ، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے فلیٹ میں رہائش پذیر خاندان کے 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال اور سول برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

  • خاتون ایس ایچ او کی حاضر دماغی، دوستی کے بہانے بلاکرملزم کو گرفتار کرلیا

    خاتون ایس ایچ او کی حاضر دماغی، دوستی کے بہانے بلاکرملزم کو گرفتار کرلیا

    کراچی : خاتون ایس ایچ او نے موبائل پر دوستی کے بہانے ڈکیتی میں ملوث مطلوب ملزم گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تھانہ ٹیپو سلطان میں تعینات خاتون ایس ایچ او نے اپنی حاضر دماغی سے ڈکیٹ کو دوستی کا بہانے بلاکر گرفتار کرلیا۔

    خاتون ایس ایچ او کو ملزم کا نمبر ملا تو اس سے فون پر بات چیت کرکے ملاقات کےلیے جگہ کا تعین کیا گیا اور جب ملزم ملنے آیا تو خاتون ایس ایچ او نے سادہ لباس میں موجود اہلکاروں کی ہمراہ اسے دھر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ایس ایچ او نے گرفتار ملزم کے قبضے سے لوٹے گئے زیورات، نقدی، موبائل فون برآمد ہوئے ہیں جبکہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے پندرہ روز قبل شہری کے گھر چوری کرکے لاکھوں مالیت کا سامان لوٹا تھا۔

  • ڈیفنس: ڈکیت گروپ کا عبرت ناک انجام

    ڈیفنس: ڈکیت گروپ کا عبرت ناک انجام

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 4 میں ایک گھر میں پولیس مقابلے میں 5 ڈاکو اپنے انجام کو پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزری پولیس نے حساس ادارے کی اطلاع پر ڈیفنس فیز 4 کمرشل ایونیو یثرب امام بارگاہ کے سامنے آج (جمعہ) صبح مبینہ مقابلے میں 5 ملزمان کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے ملزمان سے ایک ڈبل کیبن گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے، مارے جانے والے ملزمان کا گروپ سرائیکی گینگ کے نام سے جانا جاتا تھا جو کافی عرصے سے ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے میں وارداتیں کر رہا تھا۔

    سرائیکی گینگ کو پولیس اور دیگر قانون نافز کرنے والے ادارے کافی عرصے سے تلاش کر رہے تھے، جس بنگلے میں مقابلہ ہوا ہے وہ بنگلہ بند تھا جب کہ ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ملزمان اسی بند بنگلے میں رہائش پذیر تھے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے بتایا کہ ہلاک 3 ملزمان پہلے بھی گرفتار ہو چکے ہیں، اس سے قبل ساؤتھ زون پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جیل سے آنے کے بعد ملزمان نے دوبارہ سے گروپ منظم کیا، 10روز پہلے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

    ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشیں چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئیں، مارے جانے والے 3 ڈاکوؤں کی شناخت محمد ریاض ولد اللہ بخش، محمد عابد ولد عبد الرحمٰن اور غلام مصطفیٰ ولد محمد صادق کے نام سے ہوئی۔

    ملزمان کی شناخت ان کے پاس سے ملنے والے نادرا کے شناختی کارڈ اور پنجاب ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس کی مدد سے کی گئی، شناخت کیے جانے والے ڈاکوؤں کا آبائی تعلق جنوبی پنجاب کے علاقے بہاولپور سے تھا۔

    3 ملزمان کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی، مارے جانے والے ملزمان کا کرائم ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جب کہ 2 ملزمان کی شناخت کے لیے نادرا کی مدد حاصل کی جائے گی۔

    پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد مارے جانے والے پانچوں ملزمان کی لاشیں چھیپا سرد خانے منتقل کر دیں۔

  • کراچی: سفاک ڈاکوؤں نے یونیورسٹی کے طالبعلم کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    کراچی: سفاک ڈاکوؤں نے یونیورسٹی کے طالبعلم کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    کراچی: شہرقائد میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر درندہ صفت ڈاکوؤں نے افتخار نامی یونیورسٹی کے طالب علم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون میں ڈکیتی مزاحمت پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے طالب علم افتخار کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، مقتول افتخار شادی شدہ اور 2 بیٹیوں کا باپ تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کاواقعہ گزشتہ روز سرجانی سیکٹرڈی فورمیں پیش آیا، افتخار وفاقی اردو یونیورسٹی میں شعبہ ابلاغ عامہ(ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن) کا طالب علم تھا۔

    اس حوالے سے پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ کے اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، جلد ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

    اس افسوس ناک واقعے نے مقتول کے خاندان کو غم سے نڈھال کردیا ہے۔

  • کراچی میں ہیروئن کی فروخت کے حوالے سے سنسنی خیز انٹیلی جنس رپورٹ

    کراچی میں ہیروئن کی فروخت کے حوالے سے سنسنی خیز انٹیلی جنس رپورٹ

    کراچی: شہر قائد میں ہیروئن کی فروخت کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ ہیروئن اسمگلرز کے گینگ وار اور بلوچستان کالعدم جماعت سے بھی رابطے ہیں، جب کہ کراچی میں سفید زہر فروخت کرنے والے کارندوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چھوٹی پڑیا میں بڑے زہر کی فروخت کے حوالے سے ملیر سٹی پولیس نے ایک اہم کارروائی کی ہے، معلوم ہوا ہے کہ ایک نہیں دو نہیں پورا خاندان ہیروئن کی فروخت میں ملوث ہے۔

    نوجوان نسل میں زہر گھولنے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ملیر سٹی پولیس نے ہیروئن اسمگلر اور ڈیلر کی تصاویر اور کریمنل ریکارڈ جاری کر دیا، انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سفید زہر فروخت کرنے والے کارندوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سفید پاوڈر کے کالے دھندے کو امیر بخش آپریٹ کرتا ہے، امیر بخش، یار محمد اور اپنی بیوی آمنہ کو ہیروئن سپلائی کرتا ہے، یہ دونوں سعود آباد میں ہیروئن سپلائی کرتے ہیں، ملیر سعود آباد تھانے کی حدود میں منشیات کے بے شمار اڈے قائم ہیں، آمنہ کے علاقوں میں کوثر ٹاؤن، انڈس مہران، لاسی پاڑہ اور لیاقت مارکیٹ شامل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پولیس کی پکڑ سے بچنے کے لیے خواتین کا سہارا لے کر ہیروئن سپلائی کرتے ہیں۔

    انٹیلی جنس رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ امیر بخش ہیروئن کے پیسوں سے گینگ وار اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو فنڈنگ کرتا ہے، امیر بخش گینگ وار کے فیصل پٹھان اور سلیم چاکلیٹی سے رابطے میں رہتا ہے۔

    رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ آمنہ کی تین بہنیں اور دو بھائی بھی اس دھندے میں ملوث ہیں، یہی نہیں بلکہ اس کی بہنوں کے شوہروں کے علاوہ دیور اور ان کی بیویاں، آمنہ کے کزنز بھی سفید زہر پھیلانے میں ملوث ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سفید زہر بیچنے والے ملزمان پر تھانے میں مقدمات درج ہیں، چند کو ماضی میں گرفتار بھی کیا گیا تاہم بعد میں ضمانت پر رہا ہوئے،۔

  • کراچی میں شوہر نے بیوی اور بیٹے کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    کراچی میں شوہر نے بیوی اور بیٹے کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں شوہر نے بیوی اور بیٹے کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لانڈھی کے علاقے قذافی ٹاؤن میں گھریلو تنازع پر شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی اور بیٹے کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شوہر نے اپنی 40 سالہ بیوی اور 18 سالہ بیٹے کو قتل کیا، ملزم نے بیوی اور بیٹے کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 50 سالہ رضوان، 40 سالہ فاطمہ بیوی اور 18 سالہ وقاص کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ ہے، آلہ قتل برآمد کرلیا گیا، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے جارہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ادھر ماڑی پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری و نقب زنی میں سرگرم ملزمان کو گرفتار کرلیا، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ رقم ایک لاکھ 75 ہزار روپے برآمد کرلی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں نور محمد، امیر عبداللہ، عبدالوصی شامل ہیں، ملزمان سے اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

  • کراچی: سرجانی میں پیٹرول پمپ لوٹنے والے 3 ڈاکو آخرکار پکڑے گئے

    کراچی: سرجانی میں پیٹرول پمپ لوٹنے والے 3 ڈاکو آخرکار پکڑے گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن ڈی سیکٹر میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 مبینہ ڈاکو گرفتار کر لیے گئے جب کہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج سرجانی ٹاؤن کے ایک پیٹرول پمپ پر 5 ملزمان ڈکیتی کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس سے مڈبھیڑ ہو گئی، ملزمان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 ڈکیت گرفتار ہو گئے جب کہ دو فرار ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل بھی برآمد ہو ئی ہے، یہ سرجانی ٹاؤن میں پیٹرول پمپ پر ایک ماہ میں چوتھی واردات تھی۔

    واضح رہے کہ سرجانی کے پیٹرول پمپس کو ایک ماہ کے دوران مسلسل نشانہ بنایا گیا ہے، گزشتہ روز ڈاکوؤں نے تیسری کامیاب واردات کی تھی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی تھی۔

    پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں نے تجوری توڑ کر رقم لوٹ لی (ویڈیو)

    ڈاکو صبح 5 بجے ایک منی ٹرک میں سوار ہو کر آئے اور پمپ کے عملے کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا اور ہتھوڑی اور دیگر اوزاروں کی مدد سے تجوری توڑ کر 2 لاکھ سے زائد کی رقم لوٹ لی۔

    ڈاکوؤں کی یہ واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گئی، فوٹیج میں ڈاکوؤں کو تجوری توڑتے دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ ڈاکو کتنے اطمینان سے واردات کر جاتے ہیں۔