Author: افضل خان

  • سوزوکی لوڈر اور موٹر سائیکل میں ہولناک تصادم، غلطی کس کی تھی؟ فوٹیج

    سوزوکی لوڈر اور موٹر سائیکل میں ہولناک تصادم، غلطی کس کی تھی؟ فوٹیج

    کراچی: اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 عزیز نگر میں سوزوکی لوڈر اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں 3 بائیک سوار طلبہ زخمی ہو گئے۔

    اس ٹریفک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ واقعہ کس طرح پیش آیا، واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثہ رانگ سائڈ سے آنے والی سوزوکی لوڈر کے باعث پیش آیا۔

    حادثے میں موٹر سائیکل اور سوزوکی کے درمیان تصادم ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، حادثے کے بعد تینوں طلبہ بائیک سے گرتے ہیں، اس واقعے میں سوزوکی میں بیٹھے افراد کو بھی چوٹ لگی۔

    حادثے میں سوزوکی اور موٹر سائیکل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، دو زخمیوں کی شناخت 18 سالہ محمد اسماعیل اور 16 سالہ عبدالرحیم کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں نوجوانوں کو جسم کے مختلف حصوں میں چوٹیں آئی ہیں، جو اسکول یونیفارم میں تھے۔


    اسکول جاتے ہوئے 2 لڑکیاں لا پتا ہو گئیں


    اگرچہ فوٹیج سے واضح ہے کہ سوزوکی لوڈر غیر قانونی طور پر رانگ سائڈ سے سڑک پر آ رہا تھا، تاہم طلبہ بھی ایک ایسے مقام پر تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے آ رہے تھے جہاں انھیں رفتار ہلکی کرنی چاہیے تھی، تھوڑی سی جلد بازی بعض اوقات بڑی تکلیف کا باعث بن جاتی ہے۔

  • مصطفیٰ عامر قتل کیس: ارمغان کو منشیات فراہم کرنے والے ملزم کا دوران تفتیش اہم انکشاف

    مصطفیٰ عامر قتل کیس: ارمغان کو منشیات فراہم کرنے والے ملزم کا دوران تفتیش اہم انکشاف

    کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان قریشی کو منشیات فراہم کرنے والے ملزم نے کی تفتیش رپورٹ سامنے آگئی جس میں ملزم نے اہم انکشاف کیے۔

    تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کو منشیات فراہم کرنے والے ملزم کی تفتیشی رپورٹ جاری کردی گئی جس میں ملزم علی خان نے انکشاف کیا کہ منشیات بلوچستان سے کراچی اسمگل کی جاتی ہے۔

    ملزم علی خان نے حکام کو بتایا کہ کوکین فراہمی کی ذمہ داری شاہ فہد کی تھی، ملزم شاہ فہد اور اسکی بیوی اسلام آباد سے منشیات کا ریکٹ چلارہے ہیں، ایک کلو کوکین بلوچستان سے 85 لاکھ روپے میں ملتی ہے۔

    مصطفیٰ عامر قتل کیس : کامران قریشی نے اسلحہ کہاں سے خریدا ؟

    مصطفیٰ عامر قتل کیس کے حوالے سے اہم معلومات سامنے آگئی

    ملزم علی خان نے بتایا کہ شہر میں کوکین بلوچستان، اسلام آباد، لاہور اور پشاور سے پہنچائی جاتی ہے، ملزم نے اعتراف کیا کہ ایک گرام کوکین 16 سے 18 ہزار روپے میں فروخت کرتے ہیں، ایک کلو کوکین کی فروخت پر ایک کروڑ روپے منافع ملتا تھا۔

    ملزم علی خان نے بتایا کہ شاہ فہد کا بھائی شاہ رخ بھی شاہ فیصل میں منشیات سپلائی کرتا ہے، ملزم شاہ فہد بھی ارمغان کو بھی منشیات سپلائی میں ملوث رہا ہے۔

    دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ عامر قتل کیس کے بعد شاہ فہد، اسکے کارندے انڈر گراؤنڈ ہیں  جبکہ ملزم علی خان کو چند روز قبل اسپیشلائزد انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

  • گلستان جوہر میں کم عمر بچے نے موٹر سائیکل چوری کرلی

    گلستان جوہر میں کم عمر بچے نے موٹر سائیکل چوری کرلی

    کراچی میں کم عمر بچے بھی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے لگے، گلستان جوہر کے علاقے میں کم عمر بچے نے موٹر سائکل چوری کی واردات کر ڈالی جسکی فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں موٹر سائیکل چوری میں بچہ گینگ بھی سرگرم ہوگئے، گلستان جوہر میں کم عمر بچے کی واردات کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔

      گلستان جوہر برج المنال بلاک 11 کے باہر سے کم عمر بچہ موٹر سائیکل لے اڑا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے بچے نے موٹر سائیکل اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی۔

    موٹر سائیکل اسٹارٹ نہ ہوئی تو بچہ پیدل ہی لیکر چل دیا،کم عمر لڑکا بلا خوف و خطر موثر سائیکل چوری کرکے فرار ہوگیا۔

    واضح رہے کہ شہرِ قائد میں موٹرسائیکلوں کی چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہونے لگا ہے، گزشتہ روز ضلع کورنگی کے الفلاح تھانے میں ملاقات کے لیے آنے والا شہری اپنی قیمتی موٹر سائیکل سے محروم ہوگیا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-police-timely-action-suspects-flee/

  • کراچی : دورانِ ڈکیتی کار شو روم کے مالک کا قتل، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : دورانِ ڈکیتی کار شو روم کے مالک کا قتل، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : گلشن حدید میں دوران ڈکیتی کار شو روم کے مالک کے قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں رقم چھینے کی واردات کے دوران کار شوروم کے مالک 28 سالہ عالم خان کے قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتول عالم خان بینک سے 8لاکھ 90 ہزار روپے لیکر نکلا تھا، پولیس نے نجی بینک میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے ایک مشکوک شخص بینک میں مختصر وقت کے لیے داخل ہوا اور بینک سے باہر نکل جاتا ہے۔

    پولیس کو مشکوک شخص پر مقتول عالم خان کے پاس رقم کی موجودگی کی اطلاع اپنے ساتھی کو دینے کا شبہ ہے، مشکوک شخص نجی بینک کے باہر نکلنے کے بعد ایک گاڑی میں بیٹھ جاتا ہے، گاڑی میں اس کے دیگر ساتھی بھی موجود ہیں۔

    فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مشکوک افراد گاڑی میں اپنی پوزیشن بھی تبدیل کرتے ہیں، ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا مشکوک شخص گاڑی سے اتر دوسری جانب گاڑی میں بیٹھ جاتا ہے اور دوسری جانب گاڑی میں بیٹھا مشکوک شخص گاڑی کی ڈرائیونگ سینٹ پر بیٹھ جاتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شک ہے کہ ملزمان کے کچھ سامنے موٹر سائیکل پر بھی تھے، گاڑی میں سوار مشکوک ملزمان گاڑی سے اتر کر موٹر سائیکل پر سوار ہوئے اور واردات انجام دی۔

    ایک اورسی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر گاڑی کو روکا، دو ملزمان نے دونوں افراد کو گاڑی سے اتار کرتلاشی لی، ملزمان نے واردات کے بعد جاتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے باعث زخمی عالم خان دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔

  • سیلفیوں کے شوقین رجب علی کو کس نے بہیمانہ طریقے سے قتل کیا؟ ویڈیو رپورٹ

    سیلفیوں کے شوقین رجب علی کو کس نے بہیمانہ طریقے سے قتل کیا؟ ویڈیو رپورٹ

    15 سالہ رجب علی کم عمری سے گزر بسر کے لیے گھروں میں رنگ و روغن کا کام کرتا تھا۔ 14 اپریل کو مچھر کالونی میں اپنے گھر سے سودا سلف لینے نکلا اور پھر واپس نہیں لوٹا۔ بوڑھی والدہ اور بہنوں نے بہت تلاش کیا۔ 2 روز بعد ماڑی پور کے علاقے سے رجب علی کی لاش مل گئی۔

    رجب علی 4 بہنوں اور بیوہ ماں کا واحد کفیل تھا، گھر میں سب سے چھوٹا اور بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، کم عمری میں مزدوری کر کے گھر چلا رہا تھا۔ خوش شکل رجب کو سیلفیاں بنانے کا بہت شوق تھا، بہن کہتی ہے لاش آئی تو یقین ہی نہیں آیا کہ بھائی چلا گیا، روتے ہوئے بتایا اس کا ایک بازو بھی نہیں تھا۔

    رجب کو 5 گولیاں ماری گئیں، بازو بھی غائب تھا، اسے بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا تھا، بیوہ ماں اور بہنوں نے حکمرانوں سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رجب علی کے قتل سے جڑے اہم شواہد ملے ہیں۔


    غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں اضافہ کیوں؟ ویڈیو رپورٹ


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • تھانیدار گروہ کی ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی

    تھانیدار گروہ کی ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں جعلی تھانیدار گروہ کی ٹول پلازہ آفس پر ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کے مطابق تھانیدار گروہ کے 9 کارندوں نے چند روز قبل لنک روڈ کے ٹول آفس سے رقم لوٹی اور فرار ہو گئے تھے، ملزمان نے ٹول آفس پر ٹریلر ڈرائیور کو بھی لوٹا، اور مزاحمت پر شہری کو بٹ بھی مارا تھا۔تھانیدار گروہ جعلی پولیس کراچی

    فوٹیج میں 4 موٹر سائیکلوں پر آنے والے 9 ملزمان کے پاس اسلحہ بھی دیکھا جا سکتا ہے، پولیس حکام کے مطابق جعلی تھانیدار گروہ کے کارندے کئی مقامات پر پولیس وردی پہن کر وارداتیں کر چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایسٹ، تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے ایک کارروائی میں لنک روڈ ٹول پلازہ پر وارداتیں کرنے والے جعلی تھانیدار گروہ کے اہم ساتھی نور الدین ولد جلال خان کو گرفتار کر لیا تھا۔


    چوری کی موٹر سائیکل لے آؤ بدلے میں منشیات لے جاؤ، کراچی میں نیا دھندہ بے نقاب


    ملزم اپنے ساتھیوں (جعلی تھانیدار) کے ہمراہ لنک روڈ ٹول پلازہ اور اطراف کے علاقوں میں لوٹ مار کیا کرتا تھا۔ پولیس نے تکنیکی بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کر کے ملزم نور الدین کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مفرور کارندوں کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

  • چوری کی موٹر سائیکل لے آؤ بدلے میں منشیات لے جاؤ، کراچی میں نیا دھندہ بے نقاب

    چوری کی موٹر سائیکل لے آؤ بدلے میں منشیات لے جاؤ، کراچی میں نیا دھندہ بے نقاب

    کراچی: شہر قائد میں گینگ وار کے ملزمان کا نیا دھندہ بے نقاب ہوا ہے، اگر منشیات خریدنے کے پیسے نہیں تو کوئی بھی قیمتی چیز دے کر منشیات لی جا سکتی ہیں، ضلع کیماڑی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے رات گئے جہان آباد میں گینگ وار ارشد پپو گروپ کے اڈے پر چھاپا مار کر 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی، کراچی فیضان علی نے بتایا ارشد پپو گروپ کے اڈے پر کارروائی کر کے گینگ وار کے نو ملزمان کو دھر لیا گیا ہے، ملزمان سے چوری کی 20 موٹر سائیکلیں، 50 کلو منشیات، 20 موبائل فون، 4 عدد پستولیں، ایک لاکھ روپے اور رکشہ برآمد کیا گیا ہے، یہ ملزمان دیگر جرائم میں بھی مطلوب تھے۔

    کراچی موٹر سائیکل منشیات گینگ وار

    چھاپا گزشتہ رات مخبر کی اطلاع پر مارا گیا، اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گینگ وار ارشد پپو گروپ کے متعدد کارندے جہان آباد لاشاری محلے میں واقع اڈے پر موجود ہیں، چھاپے کے دوران ایک ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    گرفتار ملزمان کی شناخت بلال عرف بلا ولد محمد اقبال، محمد مبارک ولد طفیل، سمیر ولد عبدالرحمان، سید مرین شاہ ولد میاں جان شاہ، عامر سواتی ولد صلاح الدین، علی یاسر ولد حاجی عبدالرحمان، ماجد ولد اسلام الدین، شعیب ولد فاروق، جہانزیب ولد رفیق کے ناموں سے ہوئی، جب کہ فرار ملزم کی شناخت اکرم ولد نامعلوم کے نام سے ہوئی ہے۔


    کراچی : جعلی پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار


    ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نشے کے عادی افراد کو چوری شدہ موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کے عوض نشہ فراہم کرتے ہیں، جب کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد رکشہ منشیات سپلائی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمدہ موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

    گرفتار ملزمان پیشہ ور عادی جرائم پیشہ ہیں، جو اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

  • کورنگی جام صادق پل کب سے کب تک بند رہے گا؟ شہریوں کے لیے اہم خبر

    کورنگی جام صادق پل کب سے کب تک بند رہے گا؟ شہریوں کے لیے اہم خبر

    کراچی: کورنگی جام صادق برج آج رات 12 بجے سے 20 اپریل دن 3 بجے تک بند رہے گا۔

    ڈی آئی جی پی ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق 19 سے 20 اپریل 2025 کو رات 12 بجے سے دن 3 بجے تک جام صادق برج کورنگی پر ترقیاتی کام کیا جائے گا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل رہے گی۔

    ترقیاتی کام کے دوران جام صادق برج کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بند کیا جائے گا اور ٹریفک کو متبادل راستے کی جانب بھیجا جائے گا۔

    شہریوں سے متبادل راستے اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے، ٹریفک پولیس کے مطابق اختر کالونی سے ہینو چورنگی کے راستے سے کورنگی انڈسٹریل ایریا کی جانب جانے والی ٹریفک کو، کورنگی ندی پل (کورنگی کراسنگ روڈ)، اٹک پیٹرول پمپ کے بائیں جانب ایس ایم منیر روڈ سے بروکس چورنگی کی جانب بھیجا جائے گا۔

    کورنگی انڈسٹریل ایریا سے محمود آباد جانے والی ٹریفک کو بروکس چورنگی سے دائیں جانب سرجن فیض محمد خان روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔

    ترجمان ٹریفک پولیس نے عوام الناس سے گزارش کی ہے کہ وہ زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل/ دیگر راستہ اختیار کریں، اور دوران سفر کسی بھی قسم کی زحمت اور پریشانی کی صورت میں رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن راہنما 1915 پر کال کریں۔

  • کیا 6 ماہ سے یرغمال بنے سکندر کو ماموں نے قتل کیا؟ دل دہلا دینے والی ویڈیو رپورٹ

    کیا 6 ماہ سے یرغمال بنے سکندر کو ماموں نے قتل کیا؟ دل دہلا دینے والی ویڈیو رپورٹ

    کراچی میں 20 سال کا لڑکا اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا، باپ نے الزام لگایا کہ پہلی بیوی کے بھائیوں نے ان کے بیٹے کو قتل کیا ہے۔

    خاندانی تنازعے پر 6 ماہ سے ڈیرہ مراد جمالی میں یرغمال 20 سالہ سکندر علی کی لاش اس کے باپ کو کورنگی مہران ٹاون میں اپنے گھر کے باہر سے ملی۔

    بیٹے کی موت پر غم زدہ نور محمد نے اپنی پہلی بیوی کے بھائیوں پر قتل کا الزام عائد کیا ہے، لواحقین کو ڈیرہ مراد جمالی سے سکندر کی ویڈیو بھی موصول ہوئی تھی، جس میں اس کے منہ سے خون نکلتا دکھائی دے رہا تھا۔ سکندر کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے کے قتل کا مقدمہ نامزد افراد کے خلاف درج کرواؤں گا۔


    کورنگی کریک میں لگی آگ بجھنے پر ماہرین نے آگ دوبارہ کیوں لگائی؟ ویڈیو رپورٹ


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • کورنگی کریک میں لگی آگ بجھنے پر ماہرین نے آگ دوبارہ کیوں لگائی؟ ویڈیو رپورٹ

    کورنگی کریک میں لگی آگ بجھنے پر ماہرین نے آگ دوبارہ کیوں لگائی؟ ویڈیو رپورٹ

    کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں گیس کے محدود ذخیرے میں ماہرین کی جانب سے لگائی گئی آگ کی شدت تاحال برقرار ہے۔

    امریکی کمپنی ہیلی برٹن کے ماہرین نے بھی آگ کے مقام کا دورہ کیا اور گیس کے ذخیرے سے متعلق اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ منگل کے روز کورنگی کریک کے مقام پر لگی آگ کچھ گھنٹوں کے لیے بجھی تو زمین سے خارج ہونے والی گیس کے منفی اثرات علاقے میں پھیل گئے، جسے روکنے کے لیے ماہرین نے آگ کو دوبارہ لگایا۔

    بدھ کے روز بھی ملکی اور غیر ملکی ماہرین نے آگ کے مقام کا دورہ کیا اور علاقے کی ایئر کوالٹی کو جانچا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی غیر متعلقہ شخص کو آگ کے مقام کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہے۔ پولیس اور کنٹونمنٹ بورڈ کے سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں، اور آگ کے مقام کے ارد گرد 500 میٹر تک علاقہ کورڈن آف کیا گیا ہے۔


    حادثات میں واٹر ٹینکر کے سائز کا کیا کردار ہے؟ ویڈیو رپورٹ میں دیکھیں


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں