Author: افضل خان

  • مصطفی عامر کے قتل  کی ایک اور  اہم سی سی ٹی وی سامنے آگئی

    مصطفی عامر کے قتل کی ایک اور اہم سی سی ٹی وی سامنے آگئی

    کراچی : مصطفی عامر قتل کیس سے متعلق ایک اور سی سی ٹی وی سامنے آگئی ، جس میں گرفتار ملزمان ارمغان اور شیراز کی موقع واردات سے واپسی کو دیکھا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مصطفی عامر قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ، گرفتارملزمان ارمغان اور شیراز کی موقع واردات سے واپسی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    دونوں ملزمان نے مصطفی عامر کو دریجی کے مقام پر قتل کیا تھا، تفتیشی حکام کو ملنے والی نئی سی سی ٹی وی میں ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے کہ قتل کے بعد دونوں کئی گھنٹے پیدل چلے اور ایک مقام پر سوزوکی میں سوار ہوئے اور کھلی سوزوکی میں بیٹھ کر کراچی واپس آئے۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ارمغان اور شیراز کو ہمدرد چوکی روڈ سے گاڑی میں بیٹھ کر گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ملزمان ارمغان اور شیراز کی گاڑی ہمدرد چوکی سے فور کے چورنگی کی جانب روانہ ہوئی۔

    یاد رہے کہ کراچی کے رہائشی 23 سالہ مصطفیٰ عامر رواں برس چھ جنوری کو کراچی کے علاقے ڈیفنس سے لاپتہ ہوئے تھے اور پولیس کے مطابق اُن کی جھلسی ہوئی لاش بلوچستان میں حب کے علاقے دہریجی سے ملی تھی۔ مصطفی کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

    اس واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان ارمغان اور شیراز کو گرفتار کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اس کیس میں مرکزی ملزم ہیں۔

    شیراز نے عدالت کو بتایا تھا کہ ‘وہ اس کیس میں واحد چشم دید گواہ ہیں۔ ملزم ارمغان نے ان کی موجودگی میں مصطفی کو قتل کیا لیکن وہ اس وقت بے یار و مددگار تھے۔

    شیراز نے دعویٰ کیا تھا کہ ارمغان نے مصطفیٰ کو لوہے کے ڈنڈے سے مارا اور مجھے زبردستی گن پوائنٹ پر بلوچستان لے گئے جہاں مصطفیٰ کی گاڑی کو نذرِ آتش کیا گیا۔

  • ایمپریس مارکیٹ کے قریب دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں کی چوری کی فوٹیج، پولیس نے شک ظاہر کر دیا

    ایمپریس مارکیٹ کے قریب دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں کی چوری کی فوٹیج، پولیس نے شک ظاہر کر دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں کی چوری کی واردات ہوئی ہے، جس پر پولیس نے شک ظاہر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ایمپریس مارکیٹ کے قریب دکانوں میں نقب زنی کی واردات ہوئی ہے، جس میں نامعلوم ملزمان 3 دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں روپے کا سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    معلوم ہوا کہ رات گئے پولیس کی جانب سے دکانوں کو سیل کیا گیا تھا، وہ تالے توڑ کر چوری کی گئی، جب کہ ایمپریس مارکیٹ یوم علی کے مرکزی جلوس کی گزر گاہ بھی ہے۔

    متاثرہ دکان دار امان اللہ نے بتایا کہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہونے کے باوجود دکانوں کے تالے توڑے گئے جو تشویش ناک بات ہے، پولیس نے گزشتہ رات 10 بجے دکانیں سیل کرنے کے لیے مارکیٹ بند کرا دی تھی۔ متاثرہ دکان دار نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی دکان سے 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل فون چوری ہوئے ہیں۔

    ایمپریس مارکیٹ دکانوں

    پولیس کا ابتدائی مؤقف تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واردات مشکوک ہے، دکان دار کی جانب سے 50 لاکھ روپے مالیت کے سامان کی چوری کے شواہد نہیں مل رہے۔


    کراچی : نجی کلینک میں غلط انجکشن لگنے سے 15 سالہ لڑکی جاں بحق


    پولیس کے مطابق ملزمان کے 3 دکانوں کے تالے کاٹنے کی اطلاع ملی لیکن ملزمان نے صرف ایک دکان کو لوٹا ہے، جس دکان کو لوٹا گیا وہ اتنی بڑی نہیں ہے کہ اس کے اندر 50 لاکھ روپے کا سامان موجود ہو، اس لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد دیکھ کر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ صدر تھانے میں درج ہوگا۔ دکانوں میں نقب زنی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو موصول ہو گئی ہے، رات 4 بجکر 30 منٹ کے قریب چوری کی واردات ہوئی، فوٹیج میں 4 چوروں کو دکان کے تالے کاٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • کراچی :  نجی کلینک میں غلط انجکشن لگنے سے 15 سالہ لڑکی جاں بحق

    کراچی : نجی کلینک میں غلط انجکشن لگنے سے 15 سالہ لڑکی جاں بحق

    کراچی:ملیرچمن کالونی میں نجی کلینک میں مبینہ غلط انجکشن سے 15سال کی لڑکی جاں بحق ہوگئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا تاکہ اصل حقیقت سامنے آسکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقہ ملیرچمن کالونی میں مبینہ غلط انجکشن سے پندرہ سال کی لڑکی چل بسی، اہل خانہ نے بتایا کہ 15 سالہ لڑکی کی طبیعت افطار کے بعدخراب ہوئی تھی ، قریبی اسپتال لےکرگئےجہاں انہوں نے ڈرپ لگائی۔

    اہلخانہ کا کہنا تھا کہ اسپتال سے ڈسچارج ہونے پر لڑکی کو گھر لے آئے، کمرے میں لٹایا، جس کے بعد ہم کاموں میں مصروف ہوگئے، کمرے میں دیکھا تو لڑکی مردہ حالت میں تھی۔

    اہل خانہ نے کہا کہ لڑکی کی موت کلینک کی غفلت کا نتیجہ ہے ، لڑکی کا پوسٹ مارٹم کروا کر تحقیقات کی جائے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ لڑکی کےگھروالے اسپتال انتظامیہ کی غفلت بتا رہے ہیں، لڑکی بیمار تھی والدین علاقے کے نجی کلینک لے کر گئے تھے، نجی کلینک میں دیئے گئے انجکشن سے لڑکی کی طبیعت مزید بگڑی اور کلینک میں غلط انجکشن لگنے کی وجہ سے لڑکی دم توڑگئی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا تاکہ اصل حقیقت سامنے آسکے گی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد گرفتار

    مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد گرفتار

    کراچی: اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی اے وی سی سی انیل حیدر کے مطابق اے وی سی سی پولیس نے خفیہ اطلاع پر بمقام اسٹریٹ 7، بنگلہ نمبر 35، خیابان مومن فیز 5، گزری کراچی میں کاروائی کرکے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔

    ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت کامران اصغر قریشی کے نام سے ہوئی جو مصطفی قتل کیس کا مرکزی ملزم ارمغان کے والد ہیں، گرفتار ملزم کے قبضہ سے 200 گرام آئس اور ایک 9MM  پسٹل بمعہ 2 میگزین 10 گولیاں برآمد ہوئیں۔

    انیل حیدر نے کہا کہ گرفتار ملزم کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹیکس سبسٹینس ایکٹ اور بلا لائسنس اسلحہ رکھنے کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : ملزم ارمغان کا مصطفیٰ عامر کے قتل کا اعتراف

    یاد رہے کہ مصطفیٰ عامر کو 6 جنوری کو اغوا کیا گیا تھا اور پھر ایک ماہ بعد 8 فروری کو پولیس نے مصطفیٰ عامر کی بازیابی کیلئے کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان مومن میں ایک بنگلے پر چھاپہ مارا تھا جس دوران پولیس پر فائرنگ بھی کی گئی تھی اور مقابلے میں ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

    پولیس نے ملزم ارمغان کو حراست میں لیا جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے شیراز کے ساتھ مل کر مصطفیٰ کو اسی کی گاڑی کی ڈگی میں ڈال کر حب لیجا کر جلا دیا تھا۔

  • پاکستان کوسٹ گارڈز نے غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا

    پاکستان کوسٹ گارڈز نے غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا

    پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنے فرائض منصبی کی ادا ئیگی کرتے ہو ئے گزشتہ یکم فروری سے 18 مارچ کے دوران بلوچستا ن کے بارڈر سے 132 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کر لیا۔

      ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق یہ تمام افراد بغیر کسی قانونی دستاویزات اور راہ داری کے غیر قانونی طریقہ سے ایران سے پاکستان اور پاکستان سے ایران سفر کر رہے تھے۔

    ابتدائی تفتیش کے بعدان تمام افراد کو مزید تفتیش اور دیگر قانونی کاروائیوں کے لیے ایف آئی اے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری  رکھے گی تا کہ وطنِ عزیز کو انسانی اسمگلنگ جیسی لعنت سے نجات دلائی جا سکے۔ اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔

  • بیوی پر تشدد کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگانے والا ظالم شوہر وقاص گرفتار

    بیوی پر تشدد کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگانے والا ظالم شوہر وقاص گرفتار

    کراچی: کورنگی مہران ٹاؤن میں ظالم شوہر نے بیوی پر تشدد کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، پولیس نے خاتون کے شوہر وقاص کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق 2 سال قبل پسند کی شادی کرنے والی رابعہ کو اس کے شوہر نے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی ہے، افسوس ناک واقعے میں رابعہ کا چہرہ اور جسم بری طرح جھلس گیا ہے۔

    ورثا کا کہنا تھا کہ سسرالیوں نے واقعے کو خود سوزی کا رنگ دیا، تاہم رابعہ کے بیان سے حقیقت واضح ہوئی۔ کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے رابعہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تو ملزم وقاص کے اہل خانہ نے مقدمہ واپس لینے کے لیے متاثرہ خاندان پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے، اور دھمکیاں دینے لگے ہیں۔

    تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد اپنی بیوی کو جلانے میں ملوث ملزم وقاص کو عظیم پورہ کے علاقے سے گرفتار کر لیا ہے، پولیس حکام کے مطابق ملزم وقاص فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے، وہ اپنی بیوی پر تشدد کرتا تھا۔ پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم وقاص کی دوسری خواتین سے دوستی تھی، منع کرنے پر ملزم وقاص نے اپنی بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

    شوہر وقاص، جس نے بیوی رابعہ کو مبینہ طور پر آگ لگائی

    گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے، جلائے جانے کی وجہ سے رابعہ خاتون 60 سے 70 فی صد جھلس گئی ہے، جو اس وقت سول اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج ہے۔


    زیادتی یا شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کی کفالت کون کرے گا؟ عدالت نے فیصلہ سنا دیا


    متاثرہ خاتون رابعہ نے اپنے بیان میں کہا ’’شادی کے بعد سے ہی وقاص کا رویہ ٹھیک نہیں تھا، میری کوئی اولاد نہیں، وقاص مار پیٹ اور تشدد کا نشانہ بناتا تھا، وقاص کے دوسری خواتین سے تعلقات تھے، 14 مارچ کو وقاص رات دیر تک گھر نہیں آیا، تو آمنہ نامی لڑکی کے نمبر پر کال کی، فون وقاص نے اٹھایا اور طیش میں آکر مغلظات بکیں۔‘‘

    رابعہ کے مطابق ’’ وقاص رات 11 بج کر 45 پر گھر آیا تو مجھ پر تشدد کرنے لگا اور پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔‘‘ رابعہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ ملزم وقاص کے خلاف شاہ لطیف ٹاوٴن میں پہلے بھی تشدد اور مارپیٹ کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 14 مارچ کو پیش آیا، جب کہ مقدمہ 16 مارچ کو درج کیا گیا ہے۔

  • وائرل ویڈیو میں ڈاکوؤں کو فائر کر کے بھگانے والے شہری نے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا

    وائرل ویڈیو میں ڈاکوؤں کو فائر کر کے بھگانے والے شہری نے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا

    کراچی: نارتھ کراچی سیکٹر 5C3 میں ایک بزرگ شہری کا ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا تھا، جس میں انھوں نے فائرنگ کر کے ڈاکوؤں کو بھگا دیا تھا، اس واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے، اور اطراف میں لگے مزید سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں، تاہم شہری خرم پرویز نے قانونی کارروائی سے منع کر دیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اس واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر کل سے وائرل تھی، جس پر پولیس اور اسپیشل برانچ کی جانب سے علاقے کی تصدیق کی گئی، کیوں کہ اعلیٰ افسران کی جانب سے وائرل کلپ سے متعلق رپورٹ طلب کی گئی تھی، پولیس کی جانب سے تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ واقعہ نارتھ کراچی سیکٹر5C3 میں پیش آیا۔

    پولیس حکام کے مطابق خرم پرویز نامی شہری اپنے گھر سے نکل کر موٹر سائیکل پر سوار ہوئے تو اس دوران پیچھے سے ایک موٹر سائیکل پر 2 ڈاکوں آ گئے، ڈاکو اسلحے کے زور پر شہری کو لوٹنے لگے تو خرم پرویز نے اپنے لائسنس یافتہ اسلحہ سے ملزمان پر فائرنگ کر دی، شہری کی فائرنگ کے بعد ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔


    ننھی بچی سہمی نظروں سے پولیس کے ہاتھوں پھل فروش باپ کو پٹتا دیکھتی رہی، ویڈیو


    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری خرم پرویز کی جانب سے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی، پولیس کی جانب سے متاثرہ شہری سے رابطہ کیا گیا تاہم وہ کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتا، تاہم پولیس واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

  • ایس ایس پی نے اہلکار کی بدتمیزی کا شکار ہونیوالے پھل فروش کو دفتر بلالیا

    ایس ایس پی نے اہلکار کی بدتمیزی کا شکار ہونیوالے پھل فروش کو دفتر بلالیا

    ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے شاہراہِ نور جہاں پر اہلکار کی بدتمیزی کا شکار ہونیوالے پھل فروش کو دفتر بلالیا۔

    گزشتہ روز شارع نور جہاں پر پولیس اہلکاروں کی قلندریہ چوک کے قریب ٹھیلے سے مفت خربوزہ لینے اور ٹھیلے والے کو مغلظات اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

    واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے شارع نور جہاں تھانے کی پولیس موبائل میں سوار چاروں اہلکاروں کو معطل کردیا تھا۔

    تاہم اب ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے پھل فروش کو دفتر بلالیا، ایس ایس پی سینٹرل نے پھل فروش کو گلدستہ بھی دیا اور واقعے کی مکمل تفصیلات معلوم کیں۔

    ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی سے متعلق پھل فروش کو آگاہ کیا، اچھے برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں، یہ اہلکاروں کا انفرادی عمل تھا۔

    ذیشان شفیق نے فل فروش کو یقین دہانی کرائی کے سندھ پولیس آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • بچے کی گرفتاری کی کوشش، پولیس اہلکار اور خواتین کے درمیان ہاتھا پائی کی ویڈیو کی اصل کہانی

    بچے کی گرفتاری کی کوشش، پولیس اہلکار اور خواتین کے درمیان ہاتھا پائی کی ویڈیو کی اصل کہانی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی میں پولیس ایک بچے کو منشیات کے الزام میں گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ خواتین نے جھگڑا کر کے انھیں ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی پولیس کے اہلکار اور خواتین کے درمیان ہاتھا پائی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جسے خواتین نے الگ رنگ دینے کی کوشش کی، تاہم اصل معاملہ اب سامنے آ گیا ہے۔

    علاقہ گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے ایک کم عمر منشیات فروش ملزم سعود کو ویڈیو میں نظر آنے والی ہیروئن پاؤڈر کے ساتھ گرفتار کر کے لے جانے کی کوشش کی تھی۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس دوران بچے کی والدہ اور دیگر لوگوں نے آ کر بچے کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالی، اور پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے پروپیگنڈا ویڈیو ریکارڈ کر لی۔


    سرکاری لائن سے آئل چوری کے معاملے میں بڑی پیش رفت، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا


    ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی منگھوپیر ڈویژن کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے، انکوائری افسر کی جامع رپورٹ موصول ہونے پر واقعے کے متعلق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • سرکاری لائن سے آئل چوری کے معاملے میں بڑی پیش رفت، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا

    سرکاری لائن سے آئل چوری کے معاملے میں بڑی پیش رفت، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا

    کراچی: کورنگی کے علاقے سے سرکاری لائن سے بڑی مقدار میں آئل چوری کے معاملے میں جاری تحقیقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا ہے اور چند پولیس افسران کے ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں سرکاری لائن سے آئل چوری میں ملوث 6 ملزمان کی نشان دہی پر زمان ٹاؤن سے ایک اور آئل ٹینکر پکڑا گیا ہے، پولیس نے ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا، پکڑے جانے والے ٹینکر میں 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل موجود ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے بڑے پیمانے پر آئل چوری کرنے میں ملوث 6 ملزمان گرفتار کر کے 25 ہزار کروڈ آئل سے بھرا ٹینکر پکڑا تھا، ان کی نشان دہی پر زمان ٹاؤن سے کروڈ آئل سے بھرا ایک اور ٹینکر پکڑا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے آئل چوری کرنے کے لیے ویئر ہاؤس کرائے پر لیا اور اس کے اندر سے کھدائی کر کے سرنگ بنائی، اور 150 فٹ کھدائی کر کے لائن تک پہنچے اور اس پر کلپ لگایا۔


    پٹرولیم لیوی میں 10 روپے لیٹر اضافہ کردیا گیا


    حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ویئر ہاؤس کے اندر سے سڑک کنارے گرین بیلٹ تک کھدائی کی، ملزمان رمضان المبارک کے دوران روز ہزاروں لیٹر آئل چوری کر رہے تھے، پولیس نے سرکار کی مدعیت میں 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ادھر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام کو 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل کی چوری میں چند پولیس افسران اور اہلکاروں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، اور کروڈ آئل کی چوری میں ملوث پولیس افسران کو شناخت کر لیا گیا ہے، جس پر اعلیٰ پولیس افسران نے خفیہ تحقیقات شروع کر دی ہے۔