لاہور : نویں جماعت کی طالبہ کو اسکول جاتے ہوئے اغوا کرلیا گیا، مغویہ طالبہ صبح سوا سات بجے گھر سے نکلی تھی، بعد ازاں پولیس نے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کروالیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں نویں جماعت کی ایک طالبہ کے اغواء کا واقعہ پیش آیا ہے۔
مغویہ طالبہ اسکول جانے کے لئے صبح سوا سات بجے گھر سے نکلی تھی، بچی کے گھر سےباہرجانے اوراسکول کے گردونواح کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آ گئی۔
اغواء کا مقدمہ مغویہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے اور انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کیا ہے۔
لاہور پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طالبہ برقعہ پہنے اسکول کے قریب اکیلی جاتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ہربنس پورہ کے علاقے سے اغوا ہونے والی نویں جماعت کی طالبہ کو بازیاب کرالیا گیا۔
بچی کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی کو صبح گھر سے اسکول جاتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا تاہم اس کو اب پولیس نے بازیاب کرا لیا ہے۔