Author: علیم ملک

  • پٹرولیم ڈویژن کی غیرقانونی طور پر اپنے افسران پر نوازشات

    پٹرولیم ڈویژن کی غیرقانونی طور پر اپنے افسران پر نوازشات

    اسلام آباد : پٹرولیم ڈویژن کی غیرقانونی طور پر اپنے افسران پر نوازشات کا انکشاف سامنے آیا ، کمپنیوں کے بورڈز میں بیک وقت ایک سے زائد افسران کی بطور ایکس آفیشو ممبر تعیناتی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ایس او ای ایکٹ اور پالیسی کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے تحت افسران کو کمپنیوں کے بورڈز میں غیرقانونی طور پر نوازا گیا۔

    دستاویزات میں بتایا گیا انٹرسٹیٹ گیس سسٹم، پی ایم ڈی سی اور جی ایچ پی ایل کے بورڈز میں ایک سے زائد افسران کو بیک وقت ایکس آفیشو ممبر تعینات کیا گیا۔ اسی طرح سوئی نادرن اور پی ایس او کے بورڈز میں بھی وزارتِ پٹرولیم کی نمائندگی ایک سے زیادہ افسران کے ذریعے کی جاتی رہی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پٹرولیم ڈویژن ایس او ای پالیسی کے بعد بھی اپنے افسران کی تعداد کم کرنے میں ناکام رہا، اور خلاف ورزی کے باعث افسران اجلاسوں میں شرکت کر کے فیسیں وصول کرتے رہے۔

    آڈٹ حکام نے انکشاف کیا کہ بورڈ نامزدگی کمیٹی نے مخصوص پوزیشنز کے بجائے محض تعداد کی بنیاد پر ممبران کی سفارش کی جبکہ سیکرٹری پٹرولیم نے بغیر تجربے اور سکلز کے افسران کو یکطرفہ طور پر ایکس آفیشو پوزیشنز پر تعینات کیا۔

    آڈیٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں ایس او ای ایکٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی سفارش کر دی ہے۔

    پٹرولیم ڈویژن کے مؤقف کے مطابق کمپنیوں کے بورڈز ایس او ای پالیسی سے قبل بنائے گئے تھے، تاہم مستقبل میں بورڈ نامزدگی کمیٹی کے اجلاس میں اس نکتے کو زیرِ غور لایا جائے گا۔

    وزارت نے مؤقف اختیار کیا کہ افسران کو سکلز اور تجربے کی بنیاد پر نامزد کیا گیا تھا۔

  • پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق اعلان کردیا گیا

    پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق اعلان کردیا گیا

    اسلام آباد : حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا جس کے تحت پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت264.61روپے برقرار جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں3روپے فی لیٹر کمی کردی گئی۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت269.99روپے ہوگئی، مٹی کا تیل 1.46روپے سستا ہونے کے بعد نئی قیمت176.81روپے فی لیٹر ہوگئی۔

    قیمتوں میں ردوبدل کے نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل2.40روپے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے جس کی نئی قیمت159.76روپے ہوگئی

    وزارتِ خزانہ کےجاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ پندرہ روز کے لیے نئی قیمتوں کا اطلاق آج (یکم ستمبر) سے فوری طور پر کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں کتنی کمی آئی؟

    واضح رہے کہ اس سے قبل اوگرا نے بھی ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ستمبر کے لیے فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 1 روپے 17 پیسے کمی کی گئی ہے۔

    گھریلو استعمال کے لیے 11.8 کلو گرام والے سلنڈر کی قیمت میں 13 روپے 89 پیسے کمی آئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 2527 روپے 47 پیسے ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔

  • این سی سی آئی اے کو اینٹی منی لانڈرنگ کے اختیارات بھی مل گئے

    این سی سی آئی اے کو اینٹی منی لانڈرنگ کے اختیارات بھی مل گئے

    وفاقی حکومت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے اختیارات میں توسیع کردی۔

    سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو اینٹی منی لانڈرنگ کے اختیارات بھی مل گئے، این سی سی آئی اے کو تحقیقاتی و پراسیکیوٹنگ ایجنسی قرار دے دیا گیا ہے۔

    اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے شیڈول ون میں مزید ترمیم کرکے شق 15 شامل کردی گئی ہے جس میں مختلف جرائم سے متعلقہ شقیں شامل ہیں۔

    یہ پڑھیں: سوشل میڈیا پر جرائم، ایف آئی اے سائبر کرائم کو کارروائی کا اختیارمل گیا

    سائبر ٹیرارزم، الیکٹرانک فراڈ، شناختی معلومات کا غیر قانونی استعمال کی شقیں شامل ہیں۔ سم کارڈز کا غیرقانونی اجرا، چائلڈ پورنوگرافی سے متعلق شقیں ایکٹ میں شامل ہیں۔

    بچوں کی ہراسکگی کو کمرشلائز کرنا، انفارمیشن سسٹم کو بچوں کے اغوا میں استعمال کی شق شامل ہیں، جھوٹی اور فیک معلومات پر سزا کی شق بھی شامل کردی گئی ہے۔

  • پاکستان کا قطر سے درآمدی ایل این جی کی فراہمی مؤخر کروانے کا فیصلہ

    پاکستان کا قطر سے درآمدی ایل این جی کی فراہمی مؤخر کروانے کا فیصلہ

    اسلام آباد (26 اگست 2025): حکومت پاکستان نے قطر سے درآمدی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی فراہمی مؤخر کروانے کا فیصلہ کر لیا۔

    پاور سیکٹر اور انڈسٹری کی جانب سے کھپت میں نمایاں کمی کے بعد وفاقی حکومت نے قطر سے درآمدی ایل این جی کی فراہمی مؤخر کروانے کا فیصلہ کیا۔

    پیٹرولیم ڈویژن سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی سربراہی میں وفد جلد قطر کا دورہ کرے گا، دورے میں ایل این جی کارگوز مؤخر کروانے کیلیے تجاویز دی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں: قطر نے پاکستان کو اضافی ایل این جی کارگو دینے سے انکار کر دیا

    ذرائع کے مطابق پاکستان 5 سال تک 177 ایل این جی کارگوز مؤخر کرنے کی درخواست کرے گا، 5 سال تک مؤخر سے ایک ایل این جی معاہدے کی مدت بھی ختم ہو جائے گی، جنوری 2026 سے 2 ایل این جی کارگوز عالمی مارکیٹ میں فروخت کرنے کی بھی تجویز ہے۔

    ذرائع پیٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ ایل این جی کارگوز مؤخر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ قطر کا ہی ہوگا، درآمدی مائع قدرتی گیس کے سوا مقامی گیس کی پیداوار بھی کم کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاور سیکٹر مقررہ کوٹے سے 300 ایم ایم سی ایف ڈی تک کم گیس لے رہا ہے، برآمدی شعبہ بھی مقررہ کوٹے سے کم ایل این جی لے رہا ہے جس سے لائن پیک کا مسئلہ ہے۔

  • وزیراعظم نے تجارتی تنازعات کے حل کے کمیشن میں تعیناتیوں کی منظوری دیدی

    وزیراعظم نے تجارتی تنازعات کے حل کے کمیشن میں تعیناتیوں کی منظوری دیدی

    وزیراعظم شہبازشریف نے تجارتی تنازعات کے حل کے کمیشن میں تعیناتیوں کی منظوری دے دی۔

    پانچ افسران کی کنٹریکٹ پر ایم پی ون سکیل میں تعیناتی کی گئی ہے جب کہ پانچ افسران کی تین سال کے لئے کنٹریکٹ پر تعیناتی کی گئی ہے۔

    عمرداد آفریدی، جاوید اقبال خان، محمد حمود الروف کی ٹی ڈی آر او میں محمد روف خان رفعت انعام بٹ کی کمیشن میں تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

    وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

     پولیس سروس کے محمد فخر سلطان کی خدمات وزارت مواصلات کے سپرد کی گئی ہے۔ فخر سلطان کو نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس میں تعینات کیا جائے گا۔

    سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان کے ایم ڈی پی ٹی وی کے اضافی چارج میں توسیع کردی گئی۔ ایم ڈی پی ٹی وی کے اضافی چارج میں 22 اکتوبر تک توسیع کی منظوری دی۔

    چیف سائنٹیفک آفیسر ڈاکٹر مرتضی حسن کو چئیرمین پی اے آر سی کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی راشد جاوید رانا کی خدمات ایف بی آر کو واپس بھیج دی گئی ہیں۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تقررو تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

  • ملک بھر کیلئے بجلی سستی ہونے کا امکان

    ملک بھر کیلئے بجلی سستی ہونے کا امکان

    اسلام آباد(22 اگست 2025): کراچی سمیت ملک بھر کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی ہونےکا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ بجلی ایک روپے69 پیسےفی یونٹ سستی کرنےکی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں دائر کی گئی ہے۔

    سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو جمع کرادی ہے، جس کی 28 اگست کو عوامی سماعت ہوگی۔

    درخواست کے مطابق جولائی میں مجموعی طور پر 14.123 بلین یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ اس میں سے 13.666 بلین یونٹ تقسیم کار کمپنیوں کو فراہم کیے گئے، بجلی کی پیداواری لاگت 8 روپے 18 پیسے فی یونٹ رہی۔

    جولائی میں پانی سے 40.13 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.64 فیصد بجلی پیدا کی گئی، درآمدی کوئلے سے 8.07 فیصد، گیس سے 7.74 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ درآمدی ایل این جی 17.26 فیصد جوہری ایندھن سے 9.95 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ یکساں ٹیرف سےمتعلق ای سی سی کی پالیسی گائیڈ لائنز کا بھی نیپرا جائزہ لے گی، نیپرا اتھارٹی سماعت کے بعد کمی کا فیصلہ کرے گی۔

    واضح رہے کہ ای سی سی نے ملک بھر کے لیے یکساں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ لاگو کرنے کی منظوری دی تھی، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 19 اگست کو پاور ڈویژن کی سمری منظور کی تھی۔

    ای سی سی فیصلے کے تحت بجلی کی قیمت میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ ملک بھر کے لیے یکساں ہوگی، ای سی سی پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکڑک پر بھی ہوگا۔

  • بجلی کمپنیاں حکومت سے اپنی ہی مختص کردہ رقم وصول کرنے میں ناکام

    بجلی کمپنیاں حکومت سے اپنی ہی مختص کردہ رقم وصول کرنے میں ناکام

    بجلی کمپنیاں وفاقی حکومت سے اپنی ہی مختص کردہ رقم وصول کرنے میں ناکام ہو گئیں۔

    دستاویز کے مطابق ڈسکوز کا سبسڈی کی رقم کی عدم وصولی سے سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہوا، ڈسکوز نے ٹیرف ڈفرنشل سبسڈی،زرعی سبسڈی، صنعتی سبسڈی کی رقم وصول ہی نہیں کی۔

     کمپنیوں نے گزشتہ دو مالی سالوں کی 189 ارب روپے سے زائد کی رقم وصول ہی نہیں کی جب کہ حیسکو نے 17 ارب 58 کروڑ، آئیسکو نے 50 ارب 14 کروڑ روپے کی سسبڈی وصول نہیں کی۔

     لیسکو نے 22 ارب 81 کروڑاور کیسکو نے 88 ارب 57 کروڑ روپے وصول ہی نہیں کئے۔ سیپکو نے اپنے حصے کی 9 ارب 95 کروڑ روپے وصول ہی نہیں کئے۔

    لیسکو نے جواب دیا ہے کہ 22 ارب 81 کروڑ روپے کی سبسڈی ایڈجسٹ کرلی ہے۔

    سیپکو کا موقف ہے کہ سبسڈی کی رقم وصول کرنے کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔ کیسکو نے جواب دیا کہ رقم کی وصولی کے معاملے کو بلوچستان کے ہر فورم پراٹھا چکے ہیں۔

    آئیسکو حکام کے مطابق مناسب وقت میں سبسڈی کی رقم وصول کرلیں گے۔ حیسکو کا کہنا ہے کہ واجبات کی وصولی کے لیے وزارت توانائی سے رابطے میں ہے۔

  • حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کردیا

    حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کردیا

    حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی موجودہ قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔

    ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 84 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 99 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    پیٹرول کی موجودہ قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر پر برقرار رہے۔

    مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 19 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 178 روپے 27 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی۔

    لائٹ دیزل کی قیمت 8 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 162 روپے 37 پیسے ہوگئی۔

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ہر پندرہ روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جاتا ہے۔

  • سائبر حملوں میں اضافہ، نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم نے خبردار کردیا

    سائبر حملوں میں اضافہ، نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم نے خبردار کردیا

    اسلام آباد(10 اگست 2025): پاکستان کی نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (این سی ای آر ٹی) نے ملک بھر میں سائبر حملوں اضافے پر ایڈوائزری جاری کی ہے۔

    نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز ان حملوں کو انجام دینے کے لیے غیر تصدیق شدہ پلیٹ فارمز اور متاثرہ فائلوں کا استمال کر رہے ہیں۔

    ایڈوائزری کے مطابق بلیو لاکر وائرس خاص طور پر سسٹم میں دراندازی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جس سے سائبر کرائم متاثرہ سے تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز غیر تصدیق شدہ پلیٹ فارمز، وائرس زدہ فائلز کے ذریعے حملے کررہے ہیں، ہیکرز بلیو لاکر وائرس کے ذریعے حملہ کرکے اداروں سے تاوان مانگتے ہیں، سائبر حملوں سے کاروباری سرگرمیاں معطل، فائل مکمل ضائع ہوسکتی ہیں۔

    سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے 39 وزارتوں، اداروں کو خط لکھ کر خبردار کر دیا، جس میں اداروں کو سائبر حملے سے بچاؤ کیلئے ملٹی فیکٹر تصدیقی نظام رائج کرنےکی سفارش کی گئی ہے۔

    سائبر ایمرجنسی ٹیم نے لنکس اور اٹیچمنٹس کے لئے ای میل فلٹرنگ نظام اپنانے، سائبر حملے کی صورت میں شیئر ڈرائیوز بیک اپس الگ کرنے اور اداروں کو حملےکی صورت میں تحقیقات کیلئے فارنزک ثبوت محفوظ رکھنےکی سفارش کی ہے۔

    خط میں سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خارجہ، ڈی جی نیکٹا، ڈی جی، ایف آئی اے، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، الیکشن کمیشن، قومی اسمبلی، پیمرا سمیت دیگراداروں کو تاوان کے لئے سائبر حملوں کا پیشگی نظام بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-petroleum-limited-cyber-attack-on-it-system-8-august-2025/

  • پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے آئی ٹی سسٹم پر سائبر اٹیک

    پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے آئی ٹی سسٹم پر سائبر اٹیک

    اسلام آباد(8 اگست 2025): پاکستان پٹرولیم لمٹیڈ کے آئی ٹی انفراسٹرکچر پر سائبر اٹیک کیا گیا۔

    پاکستان پٹرولیم لمٹیڈ (پی پی ایل) کے مطابق پی پی ایل کے آئی ٹی انفراسٹرکچر پر تاوان کی غرض سے سائبر اٹیک کیا گیا، پی پی ایل کو تاوان دینے کا ایک نوٹ موصول ہوا تھا۔

    پی پی ایل کے مطابق ریگولیٹری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سائبر اٹیک رپورٹ کردیا گیا، تاوان کی غرض سے کئے جانے والے سائبر اٹیک کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ کمپنی کی جانب سے اب تک ہیکرز سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔

    پی پی ایل ترجمان کا کہنا ہے کہ سائبر اٹیک سے کمپنی کا حساس ڈیٹا محفوظ رہا ہے تاہم اس اٹیک کے باعث آئی ٹی انفراسٹرکچر کا کچھ حصہ عارضی طور پر معطل کیا گیا۔

    یہ اقدام سائبر اٹیک سے بچاؤ کے اقدام کے طور پر کیا گیا ہے، پی پی ایل کے سائبر سیکیورٹی پروٹو کولز کے باعث بروقت اقدامات کئے گئے، پی پی ایل سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے جامع فرانزک تجزیہ کررہی ہے۔