Author: علیم ملک

  • نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا معاملہ: پی ٹی اے کا اہم بیان آگیا

    نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا معاملہ: پی ٹی اے کا اہم بیان آگیا

    اسلام آباد: 5 لاکھ نان فائلرز کی سم بلاک کرنے کے معاملے پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کا ردعمل آگیا ہے۔

    پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 5 لاکھ سے زائد نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کی مخالفت کردی، ساتھ ہی ایف بی آر کو خط بھی ارسال کردیا۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نان فائلرز کی سمزبلاک کرنے کا عمل ہمارے نظام سے مطابقت نہیں رکھتا کیوںکہ ملک میں بڑی تعداد میں خواتین مرد حضرات کے نام پر سمز استعمال کرتی ہیں۔

    پی ٹی اے نے ایف بی آر کو خط میں لکھا کہ نان فائلرز کو نئی سمز کے اجرا پر بھی کوئی پابندی نہیں لگائی جارہی ہے، اگر نان فائلرز کی سم ہم بلاک بھی کردیں تو صارف دوسری سم نکلوا لیں گے۔

    پی ٹی اے نے ایف بی آر کو کہا کہ قانونی طور پر پی ٹی اے سمز بلاک کرنے کا پابند نہیں، سمز بلاک کرنے سے ڈیجیٹلائزیشن کو نقصان پہنچے گا اس کے علاوہ بڑی تعداد میں سمز بلاک کرنے سے ٹیلی کام معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا۔

    پی ٹی اے نے ایف بی آر کو مشورہ دیا کہ سمزبلاک کرنے کے علاوہ دیگر قانونی آپشنز پر غور کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جاسکے۔

    نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کے احکامات

    واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے نان ٹیکس فائلرز کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی سم بلاک کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    ایف بی آر نے بیان میں کہا تھا انکم ٹیکس کا اہل ہونے کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کی سم بلاک کردی جائے گی اور اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 5 لاکھ 6 ہزار 671 نان ٹیکس فائلرز کا ڈیٹا جاری بھی کیا تھا۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

    وزیراعظم شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی۔

    مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے اچھی خبر ہے کہ وزیراعظم نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 42 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے۔

    لائٹ ڈیزل 5 روپے 63 پیسے اور مٹی کا تیل 8 روپے 74 پیسے فی لیٹر سستا کرنےکی منظوری دی گئی ہے۔

    وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا نفاذ یکم مئی رات بجے سے ہو گا۔

  • 190ملین پاؤنڈ کیس سے منسلک 8 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیے گئے

    190ملین پاؤنڈ کیس سے منسلک 8 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیے گئے

    اسلام آباد : 190ملین پاؤنڈ کیس سے منسلک 8 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 190ملین پاؤنڈ کیس میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ، وفاقی حکومت نے 190ملین پاؤنڈ کیس میں 8 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی سفارش پر 8 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی۔

    تاہم پی ٹی آئی کے بانی عمران خان، بشریٰ بی بی، فرح خان اور زلفی بخاری کے نام ای سی ایل میں رہیں گے۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا ہے۔

    فہرست سے جن افراد کے نام نکالے گئے ہیں ان میں وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ، راجہ منظور کیانی، عارف رحیم، نوید اکبر، سکندر حیات، نثار محمد، غلام حیدر اور عارف نذیر بٹ شامل ہیں۔ ان افراد کے نام ای سی ایل میں 190 ملین پاؤنڈز کیس میں شامل کیے گئے تھے۔

    یاد رہے 22 اپریل کو وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کی سفارش پر مراد سعید اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دیگر رہنماؤں کے نام نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیئے تھے۔

    ای سی ایل سے نکالے گئے ناموں میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، غلام سرور، پرویز خٹک، شفقت محمود، اعجاز شاہ، علی زیدی، خسرو بختیار، اعظم سواتی، اسد عمر، عمر ایوب، محبوب سلطان ، فواد چوہدری، فروغ نسیم اور شیریں مزاری اور دیگر شامل تھے۔

    یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور دیگر نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کے گواہوں میں شامل ہیں۔

    سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے اس سے قبل این سی اے 190 ملین پاونڈ سکینڈل میں نیب کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا.

    190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیا ہے؟

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ اور دیگر کے خلاف القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کے نام پر سیکڑوں کنال اراضی مبینہ طور پر حاصل کرنے کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا، جس سے مبینہ طور پر قومی خزانے کو 190 ملین پاؤنڈ کا نقصان پہنچا۔

    الزامات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور دیگر ملزمان نے مبینہ طور پر 50 بلین روپے ایڈجسٹ کیے، اس وقت 190 ملین پاؤنڈ جو کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) نے حکومت کو بھیجے تھے۔

    پی ٹی آئی کے سربراہ نے 26 دسمبر 2019 کو القادر یونیورسٹی پروجیکٹ کے لیے ٹرسٹ رجسٹر کیا۔

  • سولر بجلی پر فکسڈ ٹیکس کی خبریں، پاور ڈویژن کا بڑا بیان سامنے آ گیا

    سولر بجلی پر فکسڈ ٹیکس کی خبریں، پاور ڈویژن کا بڑا بیان سامنے آ گیا

    اسلام آباد: پاور ڈویژن نے سولر بجلی پر فکسڈ ٹیکس لگانے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سولر پاور پر فکسڈ ٹیکس لگانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    اعلامیے کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی یا پاور ڈویژن نے ایسی کوئی سمری نہیں بھیجی، ایسی تجاویز اور ترامیم پر غور کر رہے جن سے غریب کو مزید بوجھ سے بچایا جا سکے۔

    پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ صاحبِ ثروت لوگ بے تحاشا سولر پینل لگا رہے ہیں، گھریلو اور صنعتی صارفین سمیت حکومت کو بھی سبسڈی پر 1 روپے 90 پیسے کا بوجھ برادشت کرنا پڑ رہا ہے، اس کے نتیجے میں تقریباً ڈھائی سے 3 کروڑ غریب صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔

    پاور ڈویژن کے مطابق یہ 1.90 روپے غریبوں کی جیب سے نکل کر متوسط اور امیر طبقے کی جیبوں میں جا رہے ہیں، یہی سلسلہ رہا تو غریب صارفین کے بلوں میں کم از کم 3.35 روپے فی یونٹ کا مزید اضافہ ہو جائے گا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2017 کی نیٹ میٹرنگ پالیسی کا مقصد سسٹم میں متبادل توانائی کو فروغ دینا تھا، اس کے بعد اب ایک ایسا مر حلہ آیا ہے کہ سولرائزیشن میں تیزی سے اضافہ ہوا، اب نئے نرخ دینے کی ضرورت ہے، اور ہم پورے نظام کو اسٹڈی کر رہے ہیں، اور ایسی تجاویز اور ترامیم پر غور کر رہے جن سے غریب کو مزید بوجھ سے بچایا جا سکے۔

    پاور ڈویژن نے اعلامیے میں کہا ہے کہ ڈیڑھ سے 2 لاکھ نیٹ میٹرنگ والے صارفین کی سرمایہ کاری کو تحفظ دیا جائے گا۔

  • ایران سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں بڑا اضافہ

    ایران سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں بڑا اضافہ

    شہباز شریف کی موجودہ نئی حکومت کے پہلے ماہ میں ایران سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں 25 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ذرائع وزارت تجارت کے مطابق نئی حکومت کے پہلے ماہ برادر اسلامی ملک ایران سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں 25 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ایران سے درآمدات 16 فیصد بڑھ گئیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ مارچ 2024 میں ایران سے درآمدات کا حجم 9 کروڑ 56 لاکھ ڈالرز رہا جب کہ گزشتہ سال مارچ 2023 میں یہ  درآمدات 7 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز تھیں۔

    فروری 2024 میں ایران سے درآمدات کا حجم 8 کروڑ 61 لاکھ ڈالرز رہا تھا۔ جولائی سے مارچ ایران سے درآمدات 77 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں جب  کہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران ایران سے درآمدات کا حجم 66 کروڑ 91 لاکھ ڈالرز تھا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی ایران سے درآمدات مزید بڑھ گئیں تھیں تاہم گزشتہ 3 مالی سال کے دوران ایران کیلیے پاکستانی برآمدات صفر رہیں اور امریکی پابندیوں کے باعث بینکنگ چینلز کا نہ ہونا برآمدات صفر رہنےکی بڑی وجہ ہے۔

  • پی ٹی آئی دورِحکومت کی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے خارج

    پی ٹی آئی دورِحکومت کی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے خارج

    وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی دورِحکومت کی وفاقی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے نکال دیے گئے۔

    شہباز حکومت نے سابقہ حکومتی کابینہ ارکان سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف حکومت کے کابینہ ارکان پر بیرون ملک جانے کی عائد پابندی ختم ہو گئی۔

    پی ٹی آئی دورِحکومت کی وفاقی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے نکال دیے گئے البتہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، فرح خان، زلفی بخاری کے نام ای سی ایل میں برقرار ہیں۔

    موجودہ وفاقی کابینہ نے پی ٹی آئی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے نکالنےکی منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا بھی نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا ہے۔

    سابق وفاقی وزراٗ غلام سرور، مرادسعید، پرویزخٹک، شفقت محمود، اعجازشاہ، علی زیدی، خسروبختیار، اعظم سواتی، اسدعمر، عمرایوب، محبوب سلطان، فواد چوہدری، فروغ نسیم اور شیریں مزاری و دیگر ارکان کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے ہیں۔

    وفاقی حکومت نے نیب کی سفارش پر نام ای سی ایل سے نکالنےکی منظوری دی ہے۔

  • وفاقی کابینہ نے ایران کے ساتھ مزید 2 ایم اویوز کی منظوری دیدی

    وفاقی کابینہ نے ایران کے ساتھ مزید 2 ایم اویوز کی منظوری دیدی

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ایران کے ساتھ مزید 2 ایم اویوز کی منظوری دیدی۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایران نے ورک فورس اور فلم و سنیما میں تعاون کے لیے ایم اویوز کا فیصلہ کیاہے، وفاقی کابینہ سے سرکولیشن پر الگ الگ سمریوں کی منظوری لے لی گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں متوقع ہے، دونوں ممالک میں ہنر مند افرادی قوت کے تبادلے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

    ایم او یوز کے تحت ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا، ایم او یوز کے تحت ورکرز ویلفیئر فنڈ کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا، ایک دوسرے کے ممالک میں ماہر و فود کی سطح پر دورے کیے جائیں گے۔

    دونوں ممالک میں فلم کے تبادلے اور سنیما کو آپریشن کا ایم ایو یو بھی ہوگا، ایم او یو کے تحت فلم کے لیے جوائنٹ پروڈکشن پراجیکٹس کیے جائیں گے، ایک دوسرے کی فلم انڈسٹری کو سمجھنے کے لیے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا۔

    ایم او یوز کے تحت پاکستان اور ایران میں فلم ویکس اور دیگر ثقافتی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔

  • پاکستان میں تیل کے ذخائر دریافت ہو گئے

    پاکستان میں تیل کے ذخائر دریافت ہو گئے

    اسلام آباد: ماری پیٹرولیم نے ماری فیلڈ کے کنویں شوال 1 سے تیل کے ذخائر دریافت کر لیے۔

    ایم ڈی ایم پی سی ایل کے مطابق کنویں شوال 1 پر کام کا آغاز 27 جنوری 2024 سے شروع کیا گیا تھا، کنویں کو 1136 میٹر کی گہرائی تک کامیابی سے کھودا گیا۔

    ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ تیل کی یہ دریافت جیو سائنس دانوں اور انجینئرز کے لیے قابل ذکر کامیابی ہے، کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تیل اور گیس کی یہ دریافت سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈھرکی سے ہوئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق ابتدائی طور پر نئی دریافت سے یومیہ 25 لاکھ مکعب فٹ گیس ملے گی، اور یومیہ 1040 بیرل خام تیل حاصل ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیٹرولیم کمپنی کے سندھ بلوچستان کے متعدد گیس اور خام تیل کے کنوؤں سے پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ مختلف تکنیکوں کے ذریعے تیل و گیس کے کنوؤں سے پیداوار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پی پی ایل کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2023 سے مارچ 2024 کے دوران تکنیکی مہارتوں اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے گیس کی یومیہ پیداوار میں 17 ایم ایم سی ایف ڈی، جب کہ خام تیل کی یومیہ پیداوار میں 530 ایم ایم سی ایف ڈی اضافہ ہوا۔

    پی پی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو لکھے مراسلے میں کہا کہ دھی فیلڈ سے خام تیل کی پیداوار میں 450 بیرل یومیہ، ہالا بلاک ادھی فیلڈ سے 5 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کا اضافہ، سوئی گیس فیلڈ سے گیس کی پیداوار میں 7 ایم ایم سی ایف ڈی اضافہ، اور گمبٹ ساؤتھ فیلڈ سے گیس کی پیداوار میں 5، خام تیل کی پیداوار میں 80 بیرل یومیہ اضافہ ہوا۔

  • ملازمین کے لئے خوشخبری: حکومت نے بڑی مشکل آسان کردی

    ملازمین کے لئے خوشخبری: حکومت نے بڑی مشکل آسان کردی

    اسلام آباد: حکومت نے اہم تعیناتیوں کی پالیسی میں ترامیم کرتے ہوئے  ملازمین کی بڑی مشکل آسان کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے اہم تعیناتیوں میں 65 سال تک عمرکی حد ختم کردی، ذرائع نے بتایا کہ نئے ٹیلنٹ کےفروغ کیلئے 2019کی پالیسی میں ترامیم ضروری تھیں، اس لئے پی ٹی آئی دورحکومت میں کی گئی  پالیسی میں ترامیم کردی گئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نےاسپیشل پروفیشنل پے اسکیلز پالیسی2019 میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے، ترامیم کیلئےوفاقی کابینہ سے سرکولیشن کےذریعے سمری کی منظوری لی گئی۔

    مزید پڑھیں : سرکاری ملازمین کے لئے عمر کی شرط ، حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا

    حکومتی ذرائع نے مزید کہا کہا اسپیشل پروفیشنل پے اسکیلز کےتحت تعیناتیوں کیلئےعمر کی بالائی حد نہیں ہوگی اور 65 سال تک عمر کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی نےترامیم تجویز کی تھیں، وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔

    وفاقی حکومت نے وفاقی وزارتوں اورڈویژنزکی استعداد کاربڑھانے کا فیصلہ کیا، باصلاحیت پیشہ ورافراد،تکنیکی ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

  • کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی مزید مہنگی

    کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی مزید مہنگی

    مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے برُی خبر ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی مزید مہنگی کر دی گئی۔

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگیلوٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 2 روپے75 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ منظوری رواں سال کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے مد میں دی گئی۔

    نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ صارفین سے اضافی وصولیاں اپریل، مئی اور جون میں کی جائیں گی۔

    بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کےالیکٹرک صارفین پر بھی ہو گا۔ اضافے سے صارفین پر85 ارب 20 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑےگا۔