Author: علیم ملک

  • صنعتی صارفین کیلئے بجلی کا رعایتی پیکج تیار

    صنعتی صارفین کیلئے بجلی کا رعایتی پیکج تیار

    کراچی سمیت ملک بھر کے صنعتی صارفین کیلئے بجلی کا رعایتی پیکج تیار کر لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق بجلی کے فی یونٹ ٹیرف پر 3.32 روپے سے 17.84 روپے تک ریلیف دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ ٹیرف کم کر کے 26.29 روپے تک لانے کی تجویز ہے۔

    بجلی ٹیرف میں ریلیف کا پیکچ منظوری کیلئے آج کابینہ توانائی کمیٹی میں پیش ہوگا۔ مجوزہ صنعتی پیکج نومبر 2023 سے فروری 2024کیلئے ہو گا۔ پیکج کا اطلاق کےالیکڑک سمیت تمام بجلی کمپنیوں کے صنعتی صارفین پر ہو گا۔

    بجلی ٹیرف میں رعایت گزشتہ سال کی کھپت کے مقابلے زائد استعمال پر ملے گی۔ صنعتی پیکج میں بجلی ٹیرف میں ریلیف کیلئے 3 تجاویز دی گئی ہیں۔

    پہلی تجویز کے تحت 3روپے 32 پیسے سے 7 روپے 86 پیسے فی یونٹ تک رعایت، دوسری تجویز کے تحت 8روپے 57 سے 14روپے 13 پیسے فی یونٹ تک رعایت اور تیسری تجویز کے تحت 12روپے 28 پیسے سے 17روپے 84 پیسے فی یونٹ تک کی تجویز ہے۔

    پہلی تجویز کے تحت ٹیرف کم کرکے 36 روپے 54 پیسے فی یونٹ کرنے، دوسری تجویز کے تحت ٹیرف 30 روپے فی یونٹ کرنے اور تیسری تجویز کے تحت 26 روپے 29 پیسے فی یونٹ کرنے کی تجویز ہے۔

  • افسران کو مفت بجلی یونٹس کے بجائے رقم دینے کی تیاری ، کتنی  رقم ملے گی؟

    افسران کو مفت بجلی یونٹس کے بجائے رقم دینے کی تیاری ، کتنی رقم ملے گی؟

    اسلام آباد : ڈسکوز اور جنکوز افسران کو مفت یونٹس کی بجائے رقم دینے کی منظوری آج دئیے جانے کا امکان ہے، افسر کو ماہانہ مفت یونٹس کی بجائے ہزاروں روپے دینے کی تجویز دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسکوز اور جنکوز افسران کومفت بجلی کے بجائے رقم دینے کی تیاریاں کرلی گئیں، اس سلسلے میں کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اہم اجلاس آج شام کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    اجلاس میں پاور ڈویژن گریڈ 17 سے 22 کےافسران کو مفت یونٹس کےبجائے رقم دینےکی سمری پیش کرے گا ، جس کے بعد مفت یونٹس کی بجائے رقم دینے کی منظوری دئیے جانے کا امکان ہے۔

    تقسیم کار کمپنیوں کے گریڈ 17کے افسر کو 450 ماہانہ مفت یونٹس کی بجائے 15 ہزار858روپے ، گریڈ18 کے افسر کو مفت یونٹس کی بجائے 21ہزار996 روپے ، گریڈ 19کے افسر کو ماہانہ 37ہزار594 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

    گریڈ20 کےافسرکو1100یونٹس کی بجائے 46ہزار992روپے ، گریڈ21 کےآفیسرکو مفت یونٹس کےبجائے ماہانہ 55 ہزار536 روپے دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

    اسی طرح جنکوز کے گریڈ 17کے افسر کو ماہانہ 24ہزار570 روپے، گریڈ 18کےافسر کو ماہانہ 700 یونٹس کی بجائے 26ہزار460 روپے ، گریڈ 19کے افسر کو ماہانہ مفت یونٹس کی بجائے42ہزار720 روپے دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

    جنکوز کے گریڈ 20کے افسر کو ماہانہ یونٹس کی بجائے 46ہزار 992روپے اور گریڈ 21کے افسر کو ماہانہ 55ہزارروپے536 دینے کی سفارش کی ہے۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ساتھ  لیوی کا ریکارڈ بوجھ بھی عوام پر

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ساتھ لیوی کا ریکارڈ بوجھ بھی عوام پر

    اسلام آباد : ملکی تاریخ میں پہلی بار مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سب سےزیادہ لیوی وصول کی گئی، لیوی کی مد میں222ارب روپے وصول کئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ساتھ پیٹرولیم لیوی کا ریکارڈ بوجھ بھی عوام پر ڈال دیا گیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں سب سے زیادہ لیوی کی وصولی کی گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ جولائی تاستمبر2023سالانہ بنیاد پر پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں368فیصد کااضافہ ہوا اور وفاق نےرواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی لیوی کی مد میں222ارب روپے وصول کئے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال جولائی تاستمبر لیوی کی مد میں وصولی47 ارب48 کروڑ روپے تھی اور رواں مالی سال کیلئے پیٹرولیم لیوی کی وصولی کاہدف869 ارب روپےمقرر ہے۔

    گذشتہ سال پیٹرولیم لیوی کی مد میں580ارب روپےوصول کئے گئےتھے، اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر60 روپےلیوی وصول کی جارہی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کےفی لیٹر پر 55روپے کے حساب سے لیوی عائد ہے۔

  • نگراں حکومت عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کو تیار؟

    نگراں حکومت عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کو تیار؟

    اسلام آباد: نگراں حکومت عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کی تیاری کررہی ہے،گیس کی قیمتیں بڑھانےکی سمری کل اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈویژن کی سمری میں گیس کا ٹیرف 200 فیصد تک بڑھانے اور گھریلو صارفین کیلئے گیس 172 فیصد تک مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق دیگر گیٹیگریز کیلئے گیس کی قیمت میں تقریباً 200 فیصد تک اضافہ تجویز کیا گیا ہے اور سب سےکم گیس استعمال کرنیوالوں کیلئے فکسڈچارجز میں 3900 فیصد اضافہ تجویز کی گئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پروٹیکڈ صارفین کیلئے فکسڈ ماہانہ چارجز 10سے بڑھا کر 400 روپے کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔

    آئی ایم ایف کا مطالبہ ، صارفین کے لئے گیس کی قیمت میں 100 فیصد سے زائد اضافے کا امکان

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ 0.25 کیوبک میٹر تک نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے 100 روپے، ماہانہ0.60 کیوبک میٹر والے صارفین کیلئے قیمت میں 300  روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ 100 اور 150 کیوبک میٹر نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کی تجویز کی گئی ہے، اس کے علاوہ ماہانہ 200 کیوبک میٹر والے صارفین کےٹیرف میں 800 روپے، ماہانہ 300 کیوبک میٹر والے صارفین کیلئے 1900 روپے اور ماہانہ 400کیوبک میٹر والے صارفین کے ٹیرف میں 1500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہےکہ برآمدی انڈسٹریز کے ٹیرف میں 950 روپے، ایکسپورٹ انڈسٹریز کا ٹیرف 2050 روپے، غیربرآمدی صنعتوں کے ٹیرف میں 1400 روپے، غیربرآمدی صنعتوں کا ٹیرف 2600 روپے اور سی این جی کیلئے گیس کی قیمت 2 ہزار 595 روپے فی ایم ایم بی ٹی یوبڑھانے کی تجویز کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سیمنٹ سیکٹر کےگیس ٹیرف میں2900 روپے، ایکسپورٹ انڈسٹریز کے ٹیرف میں 2050 روپے، سی این جی سیکٹر کیلئے گیس کا ٹیرف 4400 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جب کہ بجلی کارخانوں اور تندوروں کیلئے گیس قیمت برقرار رکھنے کی تجویز کی گئی ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نگران وزیر خزانہ نے ای سی سی کا اجلاس کل شام 4 بجے طلب کیا ہے،  قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اکتوبر سے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  • بجلی چوروں سے  اب تک  20 ارب 47 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکوری کا  دعویٰ

    بجلی چوروں سے اب تک 20 ارب 47 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکوری کا دعویٰ

    اسلام آباد : پاور ڈویژن نے بجلی چوروں سے 20 ارب 47 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکوری کا دعویٰ کردیا ،لیسکو میں سب سے زیادہ ریکوری ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے ، بجلی چوروں سے اب تک20 ارب 47 کروڑ 70 لاکھ روپے ریکور کئے گئے۔

    پاور ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 15 ہزار 165بجلی چور پکڑے گئے، لیسکو میں سب سے زیادہ 5 ارب 34 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی اور 5 ہزار 58 بجلی چور گرفتار کئے گئے۔

    پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ حیسکو نے اب تک سے 3 ارب 98 کروڑ 80 لاکھ روپے ، پیسکو ریجن نے3 ارب 94 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد کی اور میپکو نے 2 ارب 5 کروڑ سے زائد کی ریکوری کی ہے۔

    کارروائیوں میں اب تک 4 ہزار 944 بجلی چوروں کو پکڑا گیا، سیپکو نے اب تک 2 ارب 43 کروڑ 10 لاکھ روپے، کیسکو نے 90 کروڑ 20 لاکھ، فیسکو نے 77 کروڑ 10 لاکھ روپے ، گیپکو نے 54 کروڑ 30 لاکھ، آئیسکو نے 42 کروڑ40 لاکھ روپے کی ریکوری کی ہے۔

  • بجلی چوروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے حکومتی منصوبہ سامنے آگیا

    بجلی چوروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے حکومتی منصوبہ سامنے آگیا

    اسلام آباد : پاور ڈویژن نے بجلی چوری میں ملوث ملازمین اور بجلی چوروں کا گٹھ جوڑ ختم کرنے کے لئے ایف آئی اے سے مدد مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی چوری میں ملوث ملازمین اور بجلی چوروں کا گٹھ جوڑ ختم کرنے کے لیے حکومتی منصوبہ سامنے آگیا۔

    ذرائع پاور ڈویژن نے بتایا کہ پاور ڈویژن نے بجلی چوروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے ایف آئی اے سے مدد مانگ لی ہے، حیسکو، سیپکو اور پیسکو میں ملازمین بجلی چوری میں ملوث ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی فیلڈ فورس کے ساتھ ٹیم فراہم کی جائے، بجلی چوری کے خاتمے کی مہم کی روزانہ کی بنیادپر مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق بجلی چوری میں مددفراہم کرنے والے ملازمین کی نشاندہی ضروری ہے، بجلی چوروں کی نشاندہی کیلئے کمپنیوں کی انتظامیہ کی معاونت ضروری ہے۔

  • جیکب آباد، سجاول اورلاڑکانہ بجلی چوری میں سب سے آگے

    جیکب آباد، سجاول اورلاڑکانہ بجلی چوری میں سب سے آگے

    اسلام آباد : سندھ میں جیکب آباد، سجاول اورلاڑکانہ بجلی چوری میں سب سے آگے ہے، جیکب آباد میں بجلی چوری کی شرح 59 فیصد، سجاول میں 58 فیصد اور لاڑکانہ میں 57 فیصد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے سندھ میں بجلی چوری کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کردیئے ، جس میں کہا ہے کہ سندھ کے 8 اضلاع میں 50 فیصد بجلی چوری ہورہی ہے۔

    پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ پندرہ اضلاع میں بجلی چوری کی شرح 40 فیصد اور سندھ کے 19 اضلاع میں 30 فیصد تک بجلی چوری ہورہی ہے جبکہ صرف دو اضلاع میں بجلی چوری کی شرح 20 فیصد سے کم ہے۔

    پاور ڈویژن نے بتایا کہ سندھ کے 6 اضلاع میں بجلی چوری کی شرح20 سے40 فیصد تک ہے ، جیکب آباد میں 59 فیصد، سجاول میں بجلی چوری کی شرح 58فیصد اور لاڑکانہ میں بجلی چوری کی شرح 57 فیصد ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق کشمور میں بجلی چوری کی شرح 56فیصد، شکار پور، نوشہروفیروز، دادو اور قمبر میں بجلی چوری شرح 52فیصد ، مٹیاری میں بجلی چوری 49 فیصد، خیرپور میں 48 فیصد جبکہ شہید بینظیر آباد میں بجلی چوری کی شرح 43 فیصد ہے۔

    تھرپارکرمیں بجلی چوری کی شرح 11 فیصد اور جامشورو میں شرح 15 فیصد تک ہے۔

  • تیل و گیس کی تلاش ، پاکستان نے ایک اور بڑی  کامیابی حاصل کرلی

    تیل و گیس کی تلاش ، پاکستان نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی

    اسلام آباد : سندھ میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلئے گئے، تیل و گیس کی تلاش کیلئے 1016 میٹر گہرا کنواں کھودا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق تیل و گیس کے شعبے میں پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری آگئی، ماڑی پیٹرولیم نے سندھ سے گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلئے۔

    سندھ میں غازیج ون کنویں سے ون 11 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دریافت کی گئی ، ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے تیل وگیس کی تلاش کیلئے1016میٹر گہرا کنواں کھودا گیا تھا۔

    یاد رہے رواں سال جون میں خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کی بڑی فیلڈ کو قبل از وقت آپریشنل کردیا گیا تھا اور ضلع لکی مروت میں ولی فیلڈ سے یومیہ 1 ہزار بیرل تیل اور 10 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار شروع کر دی تھی۔

    او جی ڈی سی کا کہنا تھا کہ تیل و گیس کی فیلڈ کو 24 گھنٹے میں قومی پیداوار سے جوڑ دیا جائے گا، ولی فیلڈ کے دو مزید کنووں سے سے پیداوار جلد شروع ہونے والی ہے۔

    او جی ڈی سی کے مطابق دونوں کنووں سے گیس سسٹم میں آنے سے گیس کی یومیہ پیداوار 50 ایم ایم سی ایف ڈی ہوجائے گی۔

  • سوشل میڈیا پر مختلف حربوں سے مالی فراڈ، حکومت نے عوام کو خبردار کردیا

    سوشل میڈیا پر مختلف حربوں سے مالی فراڈ، حکومت نے عوام کو خبردار کردیا

    اسلام آباد : حکومت نے عوام کو سوشل میڈیا پر خود کو سرکاری ملازمین ظاہر کرکے لوٹنے والوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا اپنے اکاؤنٹس کی حساس معلومات شیئر نہ کریں اور جعلی میسجز سے الرٹ رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر مختلف حربوں سے شہریوں سے مالی فراڈ کرنے کے معاملے پر پیشہ ور عناصر خود کو سرکاری ملازمین ظاہر کرنے کی آڑ میں شہریوں کو لوٹنے لگے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تمام وفاقی وزارتوں ، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ بھیج دیا ہے ،جس میں بتایا ہے کہ پیشہ ور عناصر کلوننگ، ایپلی کیشنز اور فیک ویب سائٹس کا استعمال کررہے ہیں اور خود کوبینک ملازم ظاہر کرکے شہریوں سے او ٹی پی اور دیگر معلومات لے رہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مراسلے میں اسٹیٹ بینک کی جعلی ویب سائٹ کو فوری بلاک کرنے کی سفارش کرتے ہوئے صارفین کو بینک ہیلپ لائنز کی طرز پر مشکوک کال کی فوری تصدیق کا مشورہ دیا ہے۔

    مراسلے میں صارفین کو اپنے اکاؤنٹس کی حساس معلومات شیئر نہ کرنے ، لاٹری اسکیموں اورانعامی اسکیموں کے جعلی میسجز سے الرٹ رہنے کی سفارش کی ہے۔

    انٹرنیٹ بنکنگ ایپلی کیشنز، واٹس ایپ اور جی میل اکاونٹس کیلئے دوہرا تصدیقی نظام اپنانے اور ایپلی کیشنز ڈاون لوڈ کرنے سے پہلے ان کی تفصیلات چیک کرنے کی سفارش کی ہے۔

  • بجلی صارفین کیلیے ایک اور بری خبر

    بجلی صارفین کیلیے ایک اور بری خبر

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی قیمت میں اضافے کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی، اضافہ اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق اکتوبر کے بلز میں ہوگا، اطلاق لائف لائن اور کے-الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

    نیپرا نے پیر کے روز سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق بجلی 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔

    بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کیلیے کیا گیا جس سے صارفین پر تقریباً 160 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔

    نیپرا نے بتایا تھا کہ بجلی صارفین سے چھ ماہ میں اضافی وصولیاں کی جائیں گی جبکہ صارفین سے رواں ماہ سے وصولیاں شروع ہوں گی۔