Author: علیم ملک

  • نئے مالی سال کے پہلے ہفتے مہنگائی مزید بڑھ گئی

    نئے مالی سال کے پہلے ہفتے مہنگائی مزید بڑھ گئی

    اسلام آبا : نئے مالی سال کے پہلے ہفتے مہنگائی مزید بڑھ گئی، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ سات صفر فیصد اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.70 فیص اضافہ ہوا۔

    ایک ہفتے میں 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 106 روپے 85 پیسے، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 23 توپے 15 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    حالیہ ہفتے پیاز 5 روپے 16 پیسے،آلو 4 روپے 16 پیسے اورچینی کی قیمت میں 4 روپے 44 پیسے فی کلو مہنگی ہوئِی۔

    اس کے علاوہ لہسن 6 روپے 48 پیسے فی کلو، دال ماش 5 روپے 95 پیسے اوربکرے کا گوشت بھی 6 روپے 54 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مرغی 12 روپے 86 پیسے، ایل پی جی کا گھریلو سلینڈر 24 روپے 55 پیسے سستا ہوا جبکہ اس عرصے میں دال مسور 1 روپے 29 پیسے اور دال مونگ 82 پیسے سستی ہوئی۔

    ادارہ شماریات نے اعدادو شمار میں بتایا کہ ایک ہفتے میں سترہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

  • پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کردی

    پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کردی

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف شرائط کے تحت 79 بجلی گھروں کو 142 ارب روپے جاری کر دیئے، آئی پی پیز کو رقم بقایاجات کی مد میں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے 79 بجلی گھروں کو 142 ارب روپے جاری کر دیئے ، دستاویز میں بتایا گیا کہ حبکو کو 2 ارب اچ ٹو پاور کمپنی کو 7 ارب روپے، اٹلس پاور کو 2 ارب 70 کروڑ، اٹک جین پاور کو 2 ارب 75 کروڑ روپے ادا کئے گئے۔

    دستاویز میں کہا گیا کہ اینگرو پاور جین تھر کو 4 ارب 31 کروڑ روپے ، کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 2 کو 8 ارب 75 کروڑ روپے ، کیپکو کو 4 ارب 25 کروڑ، لعل پیر پاور پلانٹ کو 2 ارب روپے کی ادائیگی کی۔

    اس کے علاوہ نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کو 22 ارب روپے ، جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کے پلانٹس کو 9 کروڑروپے، نشاط چونیاں پاورکو 1 ارب 60 کروڑ، نشاط پاور کو 2 ارب روپے اور قائد اعظم تھرمل پاور پلانٹ کو 7 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔

    آئی پی پیز کو رقم بقایاجات کی مد میں آئی ایم ایف شرائط کے تحت ادا کی گئی، آئی ایم ایف گردشی قرض کو کم کرنے کیلئے بروقت ادائیگیوں کی شرط عائد ہے۔

  • لوڈشیڈنگ کے ستائے بجلی صارفین تیار ہوجائیں! اگلے ماہ اضافی بل ادا کرنا پڑے گا

    لوڈشیڈنگ کے ستائے بجلی صارفین تیار ہوجائیں! اگلے ماہ اضافی بل ادا کرنا پڑے گا

    اسلام آباد : نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کیلئے بجلی ایک روپے چوالیس پیسے مہنگی کردی ، بجلی صارفین کو آئندہ ماہ ادائیگیاں کرنا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک اور سی پی پی اے کی بجلی مہنگی کرنے کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

    سماعت کے بعد نیپرا نے کراچی کیلئے بجلی ایک روپے چوالیس پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی جبکہ کے الیکٹرک نے ایک روپے انچاس پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا۔

    اضافے کا کے الیکٹرک صارفین پر دو ارب انہتر کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا اور کراچی کے بجلی صارفین کو آئندہ ماہ ادائیگیاں کرنا ہوں۔

    نیپرا نے کراچی کے سوا باقی ملک کیلئے بجلی ایک روپے نوے پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی، اضافے کا بجلی صارفین پر بائیس ارب ساٹھ کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

    سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں دو روپے پانچ پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا تاہم نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں اضافے کا الگ الگ فیصلہ اور نوٹفیکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا اور صارفین سے اضافی وصولیاں جولائی کے بجلی بلوں میں کی جائیں گی۔

  • اربوں روپے مالیت کی اشیا کی غیر قانونی کلئیرنس کا انکشاف

    اربوں روپے مالیت کی اشیا کی غیر قانونی کلئیرنس کا انکشاف

    اسلام آباد: درآمدی پابندیوں کے باوجود اربوں روپے مالیت کی اشیا امپورٹرز اور کسٹمز حکام کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر کلئیر کروانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پاکستان سنگل ونڈو کے فنانشل انسٹرومنٹس کو نظر انداز کرنے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، تحقیقات کیلیے ڈی جی ریفارمز اینڈ آٹومیشن کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق امپورٹرز کی جانب سے الیکٹرانک امپورٹ فارم کی ٹیگنگ کے بغیر اشیا کلیئر کروائی گئیں، سنگل ونڈو فنانشل انسٹرومنٹ کے بغیر ایک سال میں اربوں روپے کی اشیا کلیئر کروائی گئیں، گڈز ڈیکلریشن کیلیے بینکوں سے فنانشل انسٹرومنٹ کا حصول ضروری ہوتا ہے۔

    ڈائریکٹر ریفارمز اینڈ آٹومیشن کسٹمز ہاؤس کراچی کو تحقیقاتی کمیٹی کو ریکارڈ فراہم کرنے اور سی ای او پاکستان سنگل ونڈو کو بھی تحقیقاتی کمیٹی کو مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ تحقیقاتی کمیٹی کو چار ہفتوں میں اپنی رپورٹ بورڈ کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • حکومت مالی سال 2022-23 کا مہنگائی ہدف حاصل کرنے میں ناکام

    حکومت مالی سال 2022-23 کا مہنگائی ہدف حاصل کرنے میں ناکام

    اسلام آباد :حکومت مالی سال 2022-23 کا مہنگائی ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، مالی سال2022-23 میں اوسط مہنگائی ریکارڈ 29.18 فیصد پر پہنچ گئی جبکہ مہنگائی کا ہدف 11.5 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ماہانہ رپورٹ جاری کردی، جس میں بتایا گیا کہ جون2023 میں مہنگائی 29.40فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، جون میں شہری علاقوں میں مہنگائی میں0.10 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی 0.76 فیصد کم ہوئی۔

    مالی سال2022-23 میں اوسط مہنگائی ریکارڈ 29.18 فیصد پر پہنچ گئی جبکہ مہنگائی کا ہدف 11.5 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔

    شہروں میں ایک سال میں سگریٹ 129.20 چائے 113.09 فیصد، آٹا 89.89فیصد چاول 72.83فیصد آلو 64.69 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ اس عرصے میں گندم 62.27 فیصد، چکن 57.72 فیصد گندم سے بنی مصنوعات56.81 فیصد دال مونگ 50.50 دال ماش 49.92 فیصد مہنگی ہوئِی۔

    چینی ایک سال میں 41.44فیصد تازہ پھل 40.31 مشروبات 38.17 فیصد، انڈے 36.96 دال چنا 24.14فیصد اور تازہ دودھ 32.80 فیصد مہنگا ہوا جبکہ شہروں میں ٹماٹر 29.57 اور پیاز 16.53 فیصد سستے ہوئے۔

    ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں دیہات میں سگریٹ 115.68 فیصد چائے 110.79 فیصد، آٹا 87.15فیصد چاول 77.65 فیصد آلو 75.66 فیصد، گندم سے بنی مصنوعات 71.76 چکن 63.53 فیصد،گندم 63.11 دال ماش 58.01فیصد دال مونگ 50.41 فیصد مہنگی ہوئی ۔

    رپورٹ کے مطابق ایک سال میں دیہات میں تازہ پھل 41.96فیصد انڈے 40.38 فیصد مہنگے ہوئے چنے 31.57 فیصد دال چنا 29.72 فیصد چینی 39.60 فیصد مہنگی ہوئی دیہات میں ایک سال میں ٹماٹر 35.07 اور پیاز 22.76 فیصد سستے ہوئے ۔

    جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہروں میں ایک ماہ میں ٹماٹر 32۔28،پیاز 58۔13، چکن 75۔6 فیصد مہنگا ہوا ایک ماہ میں شہروں میں انڈے64۔13، تازہ سبزیاں 38۔8 فیصد،آٹا 17۔8 فیصد سستا ہوا۔

    اس کے ساتھ دیہات میں ایک ماہ میں ٹماٹر 37.32 چکن 5.35 فیصد چاول 4.63فیصد دودھ سے بنی مصنوعات 4.22 فیصد مہنگی ہوئیں جبکہ دیہات میں ایک ماہ میں انڈے 10.57 فیصد آٹا اور تازہ پھل 10.40 فیصدتازہ سبزیاں 7.74 فیصد گندم 7.40 فیصد کوکنگ آئل 5.59 فیصد سستا ہوا۔

  • انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار

    انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار

    اسلام آباد: انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے انٹرنیٹ سروسز کے لیے تھرڈ پارٹی فائبر آپٹکس کا استعمال غیر محفوظ قرار دے دیا ہے، اور تمام حکومتی اداروں کو ڈیٹا کے تحفظ کے لیے ڈارک فائبر استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں تمام صوبوں، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ایک مراسلہ بھجوایا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بیش تر حکومتی ادارے انٹرنیٹ سروسز کے لیے نجی فائبر آپٹکس پر انحصار کر رہے ہیں، جس سے سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آپٹیکل فائبر سے مخصوص طریقہ کار سے ڈیٹا چوری ہونے کا خدشہ ہے، اور ڈارک فائبر کے ذریعے ڈیٹا چوری کے امکانات انتہائی محدود ہیں، اس لیے اہم معلومات کی بذریعہ انٹرنیٹ ترسیل کے لیے ڈارک فائبر استعمال کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔

  • آئی ایم ایف شرائط پر عوام پر مزید اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں

    آئی ایم ایف شرائط پر عوام پر مزید اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں

    پاکستان کا آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے تاہم عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط پر حکومت نے عوام پر مزید اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کرلی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کا آئی ایم ایف سے 3 ارب مالیت کا اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے تاہم عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط پر حکومت نے عوام پر مزید اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کرلی ہیں۔ بجلی اور گیس مزید مہنگی جب کہ پٹرولیم لیوی میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 سے 5 روپے فی یونٹ تک مزید اضافے کا امکان ہے تاہم بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق گیس مزید مہنگی کرنے سے متعلق فیصلہ بھی جلد متوقع اور اوگرا نے گیس اوسط 50 فیصد تک مہنگی کرنے کی تجویز حکومت کو بھجوا رکھی ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حکومت کے پاس پٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کی گنجائش ہے، اس وقت پٹرول اور ڈیزل پر لیوی 50 روپے ہے اور حکومت کو 60 روپے فی لیٹر تک لگانے کا اختیار ہے۔

    واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی موجودہ حکومت پہلے ہی بجلی اور گیس صارفین پر 1300 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈال چکی ہے۔ اتحادی حکومت نے بجلی صارفین پر ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالا جب کہ گیس صارفین پر 310 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔

    موجودہ حکومت اب تک بجلی کی قیمت 11 روپے 30 پیسے فی یونٹ مہنگی کرچکی ہے اور بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ صارفین پر 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ بجلی کا اضافی سر چارج بھی عائد کیا گیا تھا جب کہ صارفین نے سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا بوجھ الگ برداشت کیا۔

    اتحادی حکومت اب تک گیس کے نرخوں میں 112 فیصد تک اضافہ کر چکی ہے۔

  • چین کو گدھوں کی کھالیں برآمد کرنے کے سلسلے میں اہم پیش رفت

    چین کو گدھوں کی کھالیں برآمد کرنے کے سلسلے میں اہم پیش رفت

    اسلام آباد: چین کو گدھوں کی کھالیں برآمد کرنے کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان نے چین کو گدھوں کی کھال سمیت مختلف اشیا کی برآمدات کی منظوری دے دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان سے گدھوں کی کھال، گائے کے گوشت، ڈیری آئٹمز اور خشک مرچوں کی برآمد کے لیے چین کے ساتھ چار پروٹوکول پر دستخط کرنے کی منظوری وفاقی کابینہ نے ایک سرکولیشن سمری کے ذریعے دیدی ہے

    ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لے لی گئی، پاکستان اور چین کے درمیان 4 مختلف پروٹوکولز پر دستخط کئے گئے ہیں۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ پروٹوکولز کا مقصد چین کیلئے گدھوں کی کھالیں ایکسپورٹ کرنے کو ریگولیٹ کرنا ہے، جس میں خشک مرچیں، بیف، ڈیری مصنوعات کی چین کیلئے برآمدات بھی ریگولیٹ ہوں گی۔

    پاکستان چین کو گدھوں کی کھالیں برآمد کرے گا

    پروٹوکولز کے تحت چین کے سائٹو سینٹری قوانین اور ریگولیشنز کی تعمیل ہوگی، اس کے تحت صحت، حفاظتی معیارات اور کورنٹائن ضروریات پر عملدر آمد ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ پروٹوکولز کی وزارت قانون و انصاف سے پہلے ہی توثیق کرائی جاچکی، وزارت خارجہ نے بھی پروٹوکولز  پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔

  • پابندی ختم، ہزاروں جانور برآمد کرنے کا فیصلہ

    پابندی ختم، ہزاروں جانور برآمد کرنے کا فیصلہ

    قطر، یو اے ای، کویت، بحرین کی اہم شخصیات کیلئے ہزاروں زندہ جانور برآمد کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے زندہ جانوروں کی برآمد پر عائد پابندی میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ خلیجی ممالک کی اہم شخصیات کی درخواست پر فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ قطرکے شیخ عبد اللہ بن خالد بن حماد التھانی کیلئے 4 ہزارجانور برآمد کئے جائیں گے۔

    قطر کے شیخ محمد بن فیصل التھانی کیلئے3ہزار 500جانور برآمد کئے جائیں گے جب کہ قطر کے شیخ فیصل بن نصر الثانی کیلئے 2 ہزار 300 جانور اور قطر کے شیخ علی بن عبداللہ الثانی کیلئے 3ہزار جانور برآمد کئے جائیں گے۔

    یو اے ای کے شیخ احمد بن خالد القاسمی کیلئے 2ہزار 500 جانور، بحرین کے شیخ محمد بن عیسٰی بن سلمان الخلیفہ کیلئے ایک ہزار جانور اور کویت کے شیخ عبدالعزیزجبرالحامد الصباح کیلئے450جانور برآمد کئے جائیں گے۔

    جانوروں میں بکریاں، بھیڑیں، اونٹ، گائے، بھینسیں اور بیل برآمد کئے جائیں گے۔

  • لوڈ شیڈنگ کا کالا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا! شارٹ فال ساڑھے چھ ہزار میگا واٹ

    لوڈ شیڈنگ کا کالا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا! شارٹ فال ساڑھے چھ ہزار میگا واٹ

    ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار598 میگاواٹ تک پہنچ گیا، لوڈ شیڈنگ کا کالا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا ہے، ملک بھر میں لوگ بلبلا اٹھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال شدید ہوگیا ہے جو کہ 6 ہزار598 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے اور لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی طلب 27 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی کی پیداوار اس وقت محض 20 ہزار402 میگاواٹ تک ہے۔

    ملک میں پن بجلی کی پیداوار6 ہزار 200 میگاواٹ ہے، آئی پی پیز کے ذریعے بجلی کی پیداوار 9 ہزار میگاواٹ تک ہے، اس کے علاوہ سرکاری تھرمل پاورپلانٹس سے صرف 563 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

    نیو کلیئر پاور پلانٹس سے 3 ہزار 164 میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے، ونڈ پاور پلانٹس سے 1245 جبکہ سولر پاور پلانٹس کی پیداوار کے ذریعے 100 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو رہی ہے، گنے کے پھوک سے چلنے والے پلانٹس سے 130 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ملک بھر میں 6 سے 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، ایسے ایریاز جو لائن لاسز والے علاقوں کے زمرے میں آتے ہیں وہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ معمول سے زائد ہے۔