Author: علیم ملک

  • گرمی کی شدت میں اضافہ ،  بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 160 میگاواٹ تک پہنچ گیا

    گرمی کی شدت میں اضافہ ، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 160 میگاواٹ تک پہنچ گیا

    اسلام آباد : ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 160 میگاواٹ تک پہنچ گیا، شارٹ فال کے باعث ملک بھر میں دس گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ساتھ بجلی کا شارٹ فال بھی بڑھنے لگا اور ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 160 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی مجموعی طلب 26 ہزار 700 میگاواٹ تک ہے جبکہ مختلف ذرائع سے بجلی کی کل پیداوار 20 ہزار 540 میگاواٹ ہے۔

    نجی شعبے کے بجلی گھروں سے بجلی کی مجموعی پیداوار 7 ہزار 300 میگاواٹ تک ہے، پن بجلی کی پیداوار8ہزار میگاواٹ اور نیوکلیئر پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 3200 میگاواٹ ہے۔

    ذرائع کے مطابق سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 570 میگاواٹ ، ونڈ پاور پلانٹس سے 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

    شارٹفال کے باعث ملک بھر میں دس گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے اوردیہات اور نقصانات والے علاقوں میں یہ دورانیہ زیادہ ہے۔

  • تیل و گیس تلاش کرنے کی حکومتی کاوشوں کو بڑا دھچکا

    تیل و گیس تلاش کرنے کی حکومتی کاوشوں کو بڑا دھچکا

    اسلام آباد : ایل این جی کے بعد تیل و گیس کی تلاش کیلئے بھی کوئی عالمی بولی موصول نہ ہوسکی، ایل این جی سپلائر نے ٹینڈر کا جواب بھی نہیں دیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل و گیس کے نئے ذخائر تلاش کرنے کیلئے حکومت کی کاوشوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کو تیل و گیس کے18بلاکس کیلئے کوئی عالمی بولی نہ مل سکی، صرف 2 مقامی کمپنیوں نے 3 بلاکس کیلئے بولیاں جمع کرائی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو15بلاکس کیلئے تاحال کوئی عالمی یا مقامی بولی موصول نہیں ہوسکی ہے، عالمی مارکیٹ سے بھی ایل این جی خریدنے کیلئے بھی بولی موصول نہیں ہوئی۔

    وفاقی حکومت کو ایل این جی خریدنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اکتوبر سے دسمبر کے6 ایل این جی کارگوز کیلئے کوئی بولی موصول نہیں ہوسکی۔ کسی بھی ایل این جی سپلائر نے پاکستانی ٹینڈر کا جواب نہیں دیا۔

  • پاکستان میں عید الاضحٰی پر ملازمین کو کتنی چھٹیاں ملیں گی ؟ اعلان  ہوگیا

    پاکستان میں عید الاضحٰی پر ملازمین کو کتنی چھٹیاں ملیں گی ؟ اعلان ہوگیا

    اسلام آباد : وفاقی حکومت کی جانب سے عیدالاضحیٰ پر 3 چھٹیوں کا اعلان کردیا، 29جون سے یکم جولائی تک عید الاضحیٰ کی تعطیلات ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحٰی کے موقع پر3 سرکاری تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ، وزیراعظم کی منظوری کے بعد عید کی تعطیلات سےمتعلق کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ 29جون سے یکم جولائی تک عید الاضحیٰ کی تعطیلات ہوں گی ، ہفتے میں 5 روز کام کرنے والے سرکاری ملازمین کیلئے 29 اور 30 جون کی چھٹی اور ہفتے میں 6 روز کام کرنے والے سرکاری ملازمین کیلئے 29 جون سے یکم جولائی تک چھٹی ہوگی۔

    یاد رہے گذشتہ روز پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آیا تھا، جس کے تحت یکم ذوالحجہ آج 20 جون بروز منگل اور عیدالاضحیٰ29جون جمعرات کو ہوگی۔

    خیال رہے ذی الحج کا شمار اسلام کے آخری اور اہم ترین مہینے میں ہوتا ہے، اس ماہ دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان حج کی سعادت کے لیے سعودی عرب پہنچتے ہیں، میدان عرفان میں جمع ہوتے ہیں، جہاں نبی کریم نے تاریخی خطبہ دیا تھا، جسے خطبہ حجۃ الوداع کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

    ارکان حج کی ادائیگی کے بعد مسلمان حضرت ابراہیم اور ان کے بیٹے حضرت اسماعیل کی روایات کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرتے ہیں۔

  • ملک بھر کے بجلی صارفین کے لئے بُری خبر

    ملک بھر کے بجلی صارفین کے لئے بُری خبر

    اسلام آباد: سرکاری بجلی کمپنیوں اور کے الیکڑک صارفین کے لئے بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی پی پی اے اور کے الیکڑک نے نیپرا میں الگ الگ درخواستیں دائر کردیں، سرکاری بجلی کمپنیوں کے صارفین کے لئے بجلی 2 روپے 5 پیسے جبکہ کے الیکڑک صارفین کے لئے بجلی 1 روپے 49 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

    سی پی پی اے اور کے الیکڑک نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہیں، نیپرا اتھارٹی پانچ جولائی کو درخواستوں پر سماعت کرے گی۔

     سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کا کہنا ہے کہ مئی میں 11 ارب 95 کروڑ 43 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جس میں پانی سے 26.96 فیصد، کوئلے سے 1.96 فیصد اور گیس سے 10.35 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

    سی پی پی اے نے بتایا کہ فرنس آئل سے 1.96فیصد، درآمدی ایل این جی سے 24.33 فیصد اور جوہری ایندھن سے 12.56 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے۔

  • حکومت نے بجلی کمپنیوں کو نئے کنکشنز کے لیے اہداف دے دیے

    حکومت نے بجلی کمپنیوں کو نئے کنکشنز کے لیے اہداف دے دیے

    اسلام آباد: حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کمپنیوں کو نئے کنکشنز کے لیے اہداف دے دیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے نجلی کمپنیوں کو نئے بجلی کنکشنز کے لیے اہداف دے دیے، ایک سال میں 14 لاکھ 3 ہزار 592 نئے بجلی کنکشن فراہم کیے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    سرکاری دستاویز کے مطابق ایک سال میں 6 ہزار 985 دیہات کو بجلی کی سہولت فراہم کی جائے گی، میپکو میں آئندہ مالی سال میں 3 لاکھ 96 ہزار نئے بجلی کنکشن فراہم کرنے کا پلان مرتب کیا گیا ہے۔

    ایک سال میں لیسکو میں 3 لاکھ 30 ہزار 256 بجلی کنکشنز، فیسکو میں 2 لاکھ 27 ہزار 340 نئے بجلی کنکشنز، گیپکو میں 2 لاکھ نئے بجلی کنکشنز، اور ایک سال میں حیسکو میں 23 ہزار41 نئے بجلی کنکشن فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    اس عرصے میں آئیسکو میں ایک لاکھ 94 ہزار بجلی کنکشن فراہم کیے جائیں گے، کیسکو میں 14 ہزار، سیپکو میں 18 ہزار 591 نئے بجلی کنکشن فراہم کیے جائیں گے، جب کہ ٹیسکو میں 355 بجلی کے نئے کنکشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

  • کراچی کے بجلی صارفین کیلئے قیمت میں معمولی کمی

    کراچی کے بجلی صارفین کیلئے قیمت میں معمولی کمی

    اسلام آباد : کراچی کے بجلی صارفین کیلئے قیمت میں معمولی کمی ‌کردی گئی ، ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد 5 پیسے فی یونٹ کمی کی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی والوں کے لئے بجلی 5 پیسے فی یونٹ سستی کردی۔

    نیپرا نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ مد میں بجلی سستی کرنے کی منظوری دے دی اور بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لئے ہوگا تاہم لائف لائن صارفین اور 300 یونٹس تک گھریلوصارفین پر اطلاق نہیں ہوگا۔

    نیپرا کے مطابق زرعی صارفین اورالیکٹرک وہیکل چار جنگ اسٹیشنز پر بھی اطلاق نہیں ہوگا، کے الیکٹرک نے49پیسےفی یونٹ اضافےکی درخواست کی تھی۔

  • وفاقی بجٹ کے پہلے ہفتے ہی مہنگائی بڑھ  گئی

    وفاقی بجٹ کے پہلے ہفتے ہی مہنگائی بڑھ گئی

    اسلام آباد : وفاقی بجٹ کے پہلے ہفتے مہنگائی بڑھ گئی اور مجموعی شرح 34.96 فیصد تک جا پہنچی، ایک ہفتے میں 19 اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 12 میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیے، وفاقی بجٹ کے پہلےہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.20 اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مجموعی شرح 34.96 فیصد ہوگئی۔

    ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں 19 اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے چینی 5 روپے 6 پیسے فی کلو مہنگی اور بیس کلو آٹے کا تھیلا 44 روپے 34 پیسے مہنگا ہوا۔

    اعداد و شمار میں کہا گیا کہ دہی میں 3 روپے 16 پیسے فی کلو اور دودھ ایک روپے 87 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا جبکہ ایک ہفتے میں دال ماش 5 روپے 62 پیسے فی کلومہنگی اور لہسن ایک ہفتےمیں 3 روپے 83پیسےفی کلو مہنگا ہوا۔

    حالیہ ہفتے بیف 3 روپے 14 پیسے، مٹن 4 روپے 87 پیسے مہنگا ہوا، اس کے علاوہ آلو، چاول نمک سمیت دیگراشیابھی مہنگی ہوئیں۔

    ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی، پیاز5 روپے 5 پیسے، انڈے 12 روپے 71 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔

    اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے ایل پی جی کا گھریلوسلنڈر 115 روپے 61 پیسے فی کلو، دال مونگ 5 روپے 54 پیسے، دال چنا3  روپے 59 پیسے فی کلو اور زندہ مرغی5 روپے 14 پیسے فی کلوسستی ہوئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

  • بڑی صنعتوں کی پیداوار میں9.39  فیصد کمی

    بڑی صنعتوں کی پیداوار میں9.39 فیصد کمی

    رواں مالی سال کے دس ماہ میں میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں نو اعشاریہ تین نو فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ سال اپریل کی نسبت بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اکیس اعشاریہ صفر سات فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

    ادارہ شماریات نے بڑی صنعتوں کی پیداوار کے اعداد و شمارجاری کردئیے ہیں۔ ادارہ شماریات کےمطابق جولائی تا اپریل آٹوموبیل شعبے کی پیداوار میں 58۔45 فیصد کم ہوئی ہے۔

    اس عرصے میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوارمیں 86۔17 فیصد، فارماسوٹیکلز 26۔24فیصد اورتمباکوکے شعبے کی پیداوار 45۔27 فیصد مزید گرگئی ہے۔

    ادارہ شماریات کے مطابق دس ماہ میں فوڈ کے شعبے کی صنعتوں کی پیداوارمیں 52۔8فیصد کمی ہوئی ہے، جولائی تااپریل لکڑی کی صنعتوں کی پیداوارمیں 64 فیصد، کوک اور پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار 24۔11 فیصد کم ہوئی ہے۔

    کمپیوٹرز، الیکڑانکس اورآپٹیکل پراڈکٹس کی پیداوار میں 65۔27 فیصد اور الیکٹریکل ایکوئپمنٹ کی پیداوار05۔13فیصد کم ہوگئِی ہے۔

    ادارہ شماریات کے مطابق مشینری اور ایکوئپمنٹ 48۔45 فیصد جبکہ فرٹیلائزرسیکٹر کے شعبے کی پیداوار 80۔8فیصد مزید کم ہو گئی۔

  • بجٹ میں سپریم کے لیے 50 کروڑ کا اضافہ

    بجٹ میں سپریم کے لیے 50 کروڑ کا اضافہ

    وفاقی حکومت نے بجٹ برائے سال 24-2023 میں سپریم کورٹ کے لیے مختص رقم میں 50 کروڑ سے زائد کا اضافہ کیا ہے.

    آئندہ مالی سال کے لیے سپریم کورٹ کا بجٹ 3 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ روپے تجویز کیا گیا ہے، جبکہ گذشتہ مالی سال میں عدالت عظمیٰ کے لیے 3 ارب 5 کروڑ 40 لاکھ 56 ہزار روپے رکھے گئے تھے۔

    بجٹ میں سپریم کورٹ کے ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں 2 ارب 84 کروڑ روپے جبکہ آپریٹنگ اخراجات کے لیے 40 کروڑ 59 لاکھ 64 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔

    ملازمین کی پینشن کے لیے 17 کروڑ 90 لاکھ 26 ہزار روپے اور گرانٹس اور سبسڈیز کی مد میں ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کیے گئےہیں،تفصیلات کے مطابق سامان کی خریداری کے لیے7 کروڑ 65 لاکھ 10 ہزار روپے اور مرمت اور دیگر امور کی مد میں 3 کروڑ20 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

  • عام انتخابات کیلئے بجٹ میں رقم مختص

    عام انتخابات کیلئے بجٹ میں رقم مختص

    وفاقی حکومت نے آئندہ عام انتخابات کیلئے بجٹ میں رقم مختص کردی۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کیلئے بجٹ میں 42 ارب 41کروڑ روپے سے زائدرقم مختص کی گئی ہے۔ انتخابات کی سیکیورٹی کیلئے 15ارب روپےمختص کیے گئے ہیں۔

    پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ,ووٹنگ کیلئے 5ارب 60کروڑ روپےسےزائد اور بیلٹ پیپرزکی چھپائی کیلئے 4ارب 83کروڑروپےسےزائد رقم رکھی گئی ہے۔

    انتخابی فہرستوں کی چھپائی کیلئے 27کروڑ روپے اور ٹریننگ ونگ کیلئے ایک ارب 79کروڑ روپےکی رقم مختص کی گئی ہے۔ میڈیا کوآرڈینیشن کیلئے 50کروڑ روپے سےزائد اور انتخابی تیاریوں کیلئےبجٹ میں ایک ارب 2کروڑ روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔

    پنجاب میں انتخابات کیلئے بجٹ میں 9ارب 65کروڑ روپے سےزائد، سندھ میں انتخابات کیلئے 3ارب 65کروڑ روپے سے زائد، خیبرپختونخوا انتخابات کیلئے بجٹ میں 3ارب 95کروڑ روپے سے زائد اور بلوچستان انتخابات کیلئے ایک ارب 11کروڑ روپےسےزائدکی رقم بجٹ میں مختص کی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کیجانب سے انتخابات کیلئے 54ارب روپےمختص کرنےکی تجویز کی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے انتخابات کیلئے 47ارب روپےکی یقین دہانی کرائی گئی۔ وفاقی حکومت انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو 5 ارب روپے پہلے ہی دےچکی ہے۔