Author: علیم ملک

  • آئی ایم ایف کی شرط: نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی عوام پر نئے ٹیکس عائد

    آئی ایم ایف کی شرط: نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی عوام پر نئے ٹیکس عائد

    اسلام آباد: آئی ایم ایف کی شرط پر وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی عوام پر نئے ٹیکس کا نفاذ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف شرائط پر ایندھن کی قیمتوں میں پٹرولیم کلائمیٹ سپورٹ لیوی عائد کر دی گئی، پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل پر اڑھائی روپے فی لیٹر نیا کلائمیٹ لیوی ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

    پٹرول اور ڈیزل پر پہلے سے عائد پٹرولیم لیوی کم کر کے نیا ٹیکس ایڈجسٹ کیا گیا، مٹی کے تیل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں 2 روپے 50 پیسے عائد کی گئی، پٹرول پر کاربن لیوی ایڈجسٹمنٹ کے لیے پٹرولیم لیوی کم کر کے 75 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی، اس سے قبل پٹرول پر فی لیٹر 78 روپے پی ڈی لیوی وصول کی جا رہی تھی۔


    سب سے زیادہ ٹیکس جمع کرنے کا ریکارڈ کس شہر کا ہے؟


    ہائی اسپیڈ ڈیزل پر کلائمیٹ لیوی ایڈجسٹمنٹ کے لیے لیوی 74 روپے 51 پیسے مقرر کی گئی، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر اس سے قبل پی ڈی لیوی 78 روپے فی لیٹر وصول کی جا رہی تھی۔ مٹی کے تیل پر 18 روپے 95 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی عائد ہے، لائٹ ڈیزل 15 روپے 37 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی عائد ہے۔

    حکومت نے آئی ایم ایف سے کلائمیٹ فناننسگ شرائط کے تحت نئی کلائمیٹ سپورٹ لیوی کا نفاذ کیا۔

  • وفاقی حکومت نے بجلی سستی کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا

    وفاقی حکومت نے بجلی سستی کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا

    وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمت میں کمی کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا ہے اور صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری متعدد بار عوام کو بجلی کی قیمت میں جلد کمی کی خوشخبری سنا چکے ہیں۔ تاہم اب اس حوالے سے وفاقی حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا ہے اور بجلی کی قیمت میں کمی کے لیے صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خطوط لکھے ہیں اور صوبائی حکومتوں سے الیکٹریسٹی ڈیوٹی کے خاتمے کے لیے تعاون کی درخواست کی ہے۔

    وفاقی وزیر نے اپنے خط میں کہا ہے کہ بجلی کے زائد نرخ پہلے ہی عوام کے لیے بوجھ بنے ہوئے ہیں۔ اس لیے بجلی کے بلوں کو آسان اور شفاف بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور غیر متعلقہ چارجز کو بجلی بلوں سے نکالنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں وفاقی حکومت نے جولائی 2025 سے بجلی کے بلوں میں سے الیکٹرک ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وفاقی وزیر نے اپنے خطوط میں وزرائے اعلیٰ کو متبادل ریونیو کلیکشن کا نظام وضع کرنے کی تجویز دی ہے۔

    اویس لغاری نے کہا کہ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ صارفین کو صرف بجلی کے اصل نرخ ادا کرنے چاہئیں۔ اسی لیے بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔

    سستی بجلی کیسے بنائی جا سکتی ہے؟ جاننے کے لیے کلک کریں

    واضح رہے کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں بجلی کا ٹیرف سب سے مہنگا ہے۔ وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمت کم کرنے کے لیے گزشتہ سال آئی پی پیز سے بات چیت کا سلسلہ شروع کیا، جس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہوئے اور کئی آئی پی پیز بجلی کی قیمت کم کرنے پر آمادہ ہوئیں۔

    وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی ایک تقریب میں جلد بجلی سستی ہونے اور آئی پی پیز سے معاملات خوش اسلوبی سے طے ہونے کی نوید سنائی تھی۔

    وفاقی حکومت نے بجٹ سے قبل مذاکرات میں بجلی سستی کرنےکا پلان آئی ایم ایف سے شیئر کیا تھا اور بتایا تھا کہ حکومت کیپٹو پاور لیوی سے بجلی سستی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/federal-govt-shares-plan-to-make-electricity-cheaper-with-imf/

  • ملک بھر کے لئے بجلی مہنگی کراچی کے لئے سستی ہونے کا امکان

    ملک بھر کے لئے بجلی مہنگی کراچی کے لئے سستی ہونے کا امکان

    کراچی : مہنگائی کی چکی میں پسے شہر قائد کے باسیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے لئے بجلی مہنگی کراچی کے لئے سستی ہونے کا امکان ہے، کراچی والوں کے لئے بجلی 4 روپے 69 پسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، کمی اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی جائے گی۔

    نیپرا اتھارٹی کے الیکٹرک کی درخواست پر آج سماعت کرے گی۔منظوری کی صورت میں کے الیکڑک صارفین کو 7 ارب 17 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔

    کے الیکٹرک کے علاوہ بجلی 10 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست پر آج سماعت ہوگی۔

    گیس فکسڈ چارجز میں بڑا اضافہ، عوام پر کتنا بوجھ پڑے گا؟

    سی پی پی اے کے مطابق مئی میں 12 ارب 75 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی پیدا کی گئی بجلی کی لاگت 7 روپے 49 پیسے فی یونٹ رہی ۔ مئی کے لئے ریفرنس لاگت7 روپے 39 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔

  • گیس فکسڈ چارجز میں بڑا اضافہ، عوام پر کتنا بوجھ پڑے گا؟

    گیس فکسڈ چارجز میں بڑا اضافہ، عوام پر کتنا بوجھ پڑے گا؟

    گیس صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ گیس کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے تاہم فکسڈ چارجز میں 100 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بجٹ کے بعد عوام پر گیس کا بم پھوڑ دیا گیا ہے۔ اوگرا نے صارفین کے لیے گیس کی قیمت تو برقرار رکھی ہے، تاہم فکسڈ چارجز میں 50 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اوگرا نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

    اوگرا نوٹيفکیشن کے مطابق نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 500 روپے بڑھا دیے گئے ہیں جب کہ 1.5 کیوبک میٹر کھپت والے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 1500 روپے کر دیے گئے ہیں۔

    اوگرا نے 1.5 کیوبک میٹر سے زائد والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز میں سو فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے اور ایسے صارفین کے فکسڈ چارجز میں ایک ہزار روپے اضافہ کر کے فکسڈ چارجز 2 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں۔

    پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے فکسڈ چارجز میں 200 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب ان صارفین کو فکسڈ چارجز کی مد میں 400 روپے کے بجائے 600 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

    گیس کے بلوں میں فکسڈ چارجز کے اضافے سے عوام بالخصوص غریب طبقہ کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ اوگرا نے آج گیس کے بلک صارفین، پاور سیکٹر اور انڈسٹری کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گیس کی قیمتوں میں یکم جولائی سے اضافہ ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس اور صنعتی صارفین کے لیے قیمتوں میں دس فیصد اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔

  • عوام کیلیے خوشخبری، کراچی سمیت ملک بھر کیلیے بجلی سستی ہونے کا امکان

    عوام کیلیے خوشخبری، کراچی سمیت ملک بھر کیلیے بجلی سستی ہونے کا امکان

    غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں ستائے عوام کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاور ڈویژن نے ملک بھر میں یکساں ٹیرف کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 16 پیسے کمی کا امکان ہے۔ نیپرا پاور ڈویژن کی اس درخواست پر یکم جولائی کو سماعت کرے گا۔

    پاور ڈویژن کی جانب سے آئندہ مالی سال کیلیے بنیادی ٹیرف میں کمی کی جو تجاویز تیار کی گئی ہیں۔ ان میں گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیرف 48.84 سے کم ہو کر 47.69 روپے ہو جائے گا۔

    ان تجاویز میں 50 یونٹ تک کے گھریلو لائف لائن صارفین کیلیے 3.95 روپے فی یونٹ ٹیرف برقرار رکھنے اور 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلیے ٹیرف 7.74 روپے فی یونٹ برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔

    اس کے علاوہ 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 10.54 روپے فی یونٹ کرنے، 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 13 روپے ایک پیسے جب کہ 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 22 روپے 44 پیسے کرنے کی تجویز ہے۔

    101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف ایک روپے 16 پیسے کمی سے 28.91 روپے فی یونٹ کرنے، 201 سے 300 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 33.10 روپے فی یونٹ، 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 37.99 روپے فی یونٹ کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 1.14 روپے کمی سے 40.22 روپے فی یونٹ، 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 41.62 روپے فی یونٹ، 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپےکمی سے 42.76 اور 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 1.05 روپے کمی سے 47.69 کرنے کی تجویز ہے۔

    واضح رہے کہ نیپرا نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ڈیڑھ روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی اور اس نے یکساں ٹیرف کے تعین کے لیے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/electricity-prices-nepra-karachi/

  • پاکستان کے کن شہروں کے سیکڑوں دیہات اب فور جی سروسز سے منسلک ہوں گے؟

    پاکستان کے کن شہروں کے سیکڑوں دیہات اب فور جی سروسز سے منسلک ہوں گے؟

    اسلام آباد: پس ماندہ علاقوں کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کے لیے یونیورسل سروس فنڈز بورڈ نے 7 منصوبوں کی منظوری دے دی۔

    سیکریٹری آئی ٹی و چیئرمین یو ایس ایف بورڈ ضرار خان نے کہا ہے کہ ملک بھر کے 12 اضلاع میں براڈ بینڈ سروسز و فائبر کیبل منصوبوں پر 7 ارب 49 کروڑ خرچ ہوں گے۔

    انھوں نے کہا براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے 5 اور 940 کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 2 منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، منصوبوں سے 347 گاؤں دیہات اور 113 ٹاؤنز و یونین کونسلوں کو ڈیجیٹل کنکٹیویٹی سے منسلک کیا جاسکے گا۔

    چیئرمین یو ایس ایف بورڈ کے مطابق 940 کلو میٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل سے 28 لاکھ لاکھ رہائشی مستفید ہو سکیں گے، براڈ بینڈ سروسز کے 5 منصوبوں سے 9 لاکھ 65 ہزار رہائشیوں کو ڈیجیٹل کنکٹیویٹی میسر آئے گی۔ انھوں نے کہا وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ کی ہدایت پر پس ماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ سروسزکا عمل تیز کیا گیا۔

    ضرار خان کا کہنا ہے کہ یو ایس ایف منصوبوں سے اب تک 3 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد کو براڈ بینڈ سروسز فراہم کی جا چکی ہے، بڑی تعداد میں پس ماندہ علاقوں کے باصلاحیت نوجوان و خواتین فری لانسرز و اسٹارٹ اپس ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہو رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ یو ایس ایف پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ اورآئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے پس ماندہ علاقوں میں ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی کے لیے یو ایس ایف کے کردار پر خراج تحسین پیش کیا گیا، چیف ایگزیکزیکٹیو یو ایس ایف مدثر نوید نے بتایا کہ سانگھڑ میں 3 ارب 27 کروڑ روپے لاگت سے 415 کلو میٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی جائے گی۔

    مدثر نوید کے مطابق جھنگ کی اطراف کی آبادی کے لیے 2 ارب 38 کروڑ روپے سے زائد مالیت سے 525 کلو میٹر طویل کیبل بچھائی جائے گی، اٹک، خوشاب، سرگودھا، بہاولپور، فیصل آباد، حافظ آباد، شیخوپورہ، چنیوٹ، بدین اور ایبٹ آباد اکے 347 پس ماندہ گاؤں دیہات فورجی سروسز سے منسلک ہوں گے۔

  • پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں مواقع سے استفادے کا یہ صحیح وقت ہے، امریکی ناظم الامور

    پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں مواقع سے استفادے کا یہ صحیح وقت ہے، امریکی ناظم الامور

    اسلام آباد: معدنیات کے شعبے میں پاکستان امریکا شراکت داری میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کان کنی کے شعبے میں آگاہی کے لیے ویبنار کا انعقاد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پٹرولیم ڈویژن نے امریکی سفارت خانے کے تعاون سے ایک اہم ویبنار کا انعقاد کیا، جس میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور امریکی ناظم الامور نتالی بیکر نے ویبنار کی مشترکہ میزبانی کی، اس میں امریکی سفارتکاروں، پاکستانی منرل کمپنیوں سمیت متعدد امریکی کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔

    وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل خود پاکستان میں کان کنی کے شعبے کی ترقی کی قیادت کر رہے ہیں۔ وزیر پٹرولیم نے امریکی کمپنیوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

    امریکی ناظم الامور نتالی بیکر نے پاک امریکا طویل المدتی معاشی شراکت داری کا اعادہ کیا، انھوں نے کہا امریکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں مواقع سے استفادہ کرنے کا یہ صحیح وقت ہے، امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے منرل شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سفارت خانہ سپورٹ فراہم کرے گا۔


    پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، بڑی خبر آ گئی


    نتالی بیکر نے کہا امریکی سرمایہ کاروں نے طویل عرصے سے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، منرلز کے شعبے میں شراکت داری کی بڑی امیدیں نظر آ رہی ہیں۔

    وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر کان کنی کو سپورٹ کر کے اور کاروبار میں آسانی کو ممکن بنا کر صاف توانائی پر منتقلی کو فروغ دیا جا رہا ہے، پاکستان سونا، تانبا، کوئلہ، کریٹیکل منرلز اور قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز سے مالا مال ہے۔ انھوں نے کہا حکومت پاکستان اور ایس آئی ایف سی بین الاقوامی کمپنیوں کو مکمل سہولت فراہم کر رہی ہے۔

    دریں اثنا، ویبنار کے شرکا کو منرلز کے شعبے میں جاری ریگولیٹری اصلاحات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

  • نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو خوشخبری سنا دی

    نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو خوشخبری سنا دی

    اسلام آباد: بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نیپرا نے بجلی کے بنیادی اوسط ٹیرف میں ڈیڑھ روپے فی یونٹ کمی منظور کر لی ہے۔

    نیپرا کے فیصلے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا ملٹی ایئر ٹیرف 34 روپے فی یونٹ ہوگا، نیپرا نے باضابطہ اعلان کے لیے فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔


    بل دینے والے صارفین کو طویل لوڈشیڈنک کی سزا، کے الیکٹرک کا موقف سامنے آگیا


    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسط ایک روپے 50 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی۔ وفاقی حکومت سبسڈی کے فیصلے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

    یاد رہے کہ نیپرا نے گزشتہ روز آئندہ مالی سال 26-2025 کے لیے پاور پرچیز پرائس کا فیصلہ جاری کیا تھا۔ نیپرا نے نیشنل اوسط پاور پرچیز پرائس میں ایک روپے 2 پیسے فی یونٹ کی کمی کی منظوری دی تھی۔

    دوسری طرف ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 10 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، سی پی پی اے نے مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کر دی ہے، نیپرا اتھارٹی 30 جون کو درخواست پر سماعت کرے گا، سی پی پی اے کے مطابق مئی میں 12 ارب 75 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی پیدا کی گئی، بجلی کی لاگت 7 روپے 49 پیسے فی یونٹ رہی، جب کہ مئی کے لیے ریفرنس لاگت 7 روپے 39 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔

  • محرم الحرام کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو کی پیشگوئی بھی سامنے آگئی

    محرم الحرام کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو کی پیشگوئی بھی سامنے آگئی

    کراچی : پاکستان کے قومی خلائی ادارے (سپارکو) کی محرم الحرام کے چاند کے حوالے سے اہم پیشگوئی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو نے محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند کی پیشگوئی جاری کردی۔

    ترجمان نے بتایا کہ ہلال کی پیدائش 25 جون 2025 کو سہ پہر 3:32 (پاکستان کے معیاری وقت) پر متوقع ہے اور 26 جون 2025 کو غروب آفتاب کے وقت، ہلال کی عمر تقریباً 28 گھنٹے اور 15 منٹ ہوگی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب (چاند ڈوبنے) کے درمیان متوقع مدت 75 منٹ ہوگی اور یہ مدت ہلال کی رویت کے لیے موافق ترین حالات فراہم کرے گی۔

    ترجمان نے کہا کہ فلکیاتی عوامل کی بنیاد پر، 26 جون 2025 کی شام صاف موسم کی صورت میں *محرم کا نیا چاند نظر آنے کے امکانات بہترین ہیں ، جس کے تحت یکم محرم الحرام 1447 ہجری 27 جون 2025 کو متوقع ہے۔

    مزید پڑھیں : محرم 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس طلب

    یاد رہے محرم 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس 26 جون کی شام کوئٹہ میں طلب کرلیا گیا ہے۔

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ڈی سی کوئٹہ کےآفس میں ہوگا ، چیئرمین مرکز رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد صدارت کریں گے۔

    زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے ، یکم محرم کےچاند کی رویت کا حتمی اعلان مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

    پاکستان میں محرم کا چاند 27 جون 2025 کو نظر آنے کا امکان ہے، جس کے تحت 10 محرم (یوم عاشور) 7 جولائی کے آس پاس متوقع ہے۔

    خیال رہے نئے اسلامی سال کا آغازمحرم الحرام سے ہوتا ہے، اس دوران ملک بھر میں شہدا کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جاتے ہیں جبکہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے گا۔

  • بل ادا کرنے والے صارفین کیلئے طویل لوڈشیڈنگ ، کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری

    بل ادا کرنے والے صارفین کیلئے طویل لوڈشیڈنگ ، کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری

    اسلام آباد : نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے بل اداکرنے والے صارفین کیلئے طویل لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بل ادا کرنے والے صارفین کیلئے بھی طویل لوڈشیڈنگ کے معاملے پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک ٹرانسفارمر کی بجائے فیڈرلیول پر لوڈشیڈنگ کررہی ہے، کے ای نے ایک دن میں کئی گھنٹے فیڈرز لیول پرلوڈشیڈنگ کی اور ڈیفالٹرز کی وجہ سے بل ادا کرنے والے صارفین کو بھی سزادی گئی۔

    شوکاز نوٹس میں کہنا تھا کہ نیپرا اس معاملے پر 2022 تا 2024 کے ای کو متعدد خطوط لکھے، کے ای بدستور ٹرانسفارمر لیول پر لوڈشیڈنگ نہیں کررہی، کے ای کے اقدامات کےباعث بل اداکرنیوالے صارفین لوڈشیڈنگ برداشت کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : نیپرا دستاویز نے کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا کہ کے ای جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کررہی ہے۔

    کے ای کو فیڈر کی بجائے پی ٹرانسفارمرلیول پر لوڈشیڈنگ کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ عدم عملدرآمد پر قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی تھی۔

    نوٹس کے مطابق کے ای ایک سال میں ٹھوس پلان کی بجائے معمول کے جوابات دیتی رہی ہے، کے ای کو عدم مطابقت کی بنا پر شوکاز نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔