Author: علیم ملک

  • نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کو بڑے ریلیف سے محروم کردیا

    نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کو بڑے ریلیف سے محروم کردیا

    اسلام آباد : نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے فی یونٹ 4 روپے 69 پیسے کا بڑا ریلیف مؤخر کردیا، کے ای نے اپریل کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی مانگی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی اپریل کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست پر سماعت ہوئی، کے الیکٹرک نے ایک ماہ کیلئے 4 روپے 69 پیسے کی کمی مانگی ہے۔

    سماعت کے آغاز میں پاور ڈویژن نے درخواست پر سماعت کو مؤخر کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک بارے میں ایک نظرثانی درخواست دائر کی ہوئی، ایف سی اے کی درخواست میں ریلیف سے یونیفارم ٹیرف نہیں رہے گا، اس وقت تک وفاقی حکومت ایف سی اے کی مد میں 21 ارب کی سبسڈی دے چکا۔

    پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں اس طرح کے اقدامات مشکلات پیدا کریں گے، ایڈجسٹمنٹ کیلئے مالی گنجائش نکالنے کی کوشش ہوگی، جس پر چئیرمین نیپرا نے جواب دیا ایف سی اے کی سماعت عوامی ہوتی ہے ، آپ کی درخواست کا وقت انتہائی نا مناسب ہے، ایف سی اے کا سبسڈی کے ساتھ کیا تعلق ہے ؟ سبسڈی ایف سی اے کی بیچ میں کہاں سے آگئی ؟

    پاور ڈویژن نے کہا کہ ہم معزرت خواہ ہیں تجزیہ کرنے میں وقت لگ گیا تو چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ یہ کونسا طریقہ ہے کہ سماعت کے دوران درخواست آئے ، جس پر پاور ڈویژن نے بتایا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اصل ریفرنس سے ہٹ کر فیصلہ بھی آتا ہے۔

    چئیر مین نیپرا نے سوال کیا سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا آپس میں تعلق کیا ہے یہ بتائیں ؟ ساری تکنیکی بحث ہے ہم اس پر یہاں نہیں بات کر سکتے تو پاور ڈویژن نے کہا کہ ریگولیٹر کا کوئی فیصلہ بھی آتا ہے تو ٹیرف کیلئے رکھی گئی رقم کا تعین ہوتا ہے، یونیفارم ٹیرف کیلئے ایف سی اے کو بھی شامل کرنے سمری تیار کی ہے۔

    حکام نے کہا کہ سمری کابینہ میں جائے گی منظور ہو جاتی ہے تو آج کی سماعت غیر مؤثر ہو سکتی ، ابھی بھی اسطرح کے اقدامات کیلئے 125 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

    جس پر چئیرمین نیپرا نے سوال کیا کتنا عرصہ آپ یہ ریلیف روک سکتے ہیں دو چارہ چھ ماہ بعد کیا کریں گے ، سماعت کیلئے ریگولیٹر نے ایک طریقہ کار طے کر رکھا ہے، اخبارات میں اشتہار ہوتا ہے سماعت میں شہری شریک ہوتے ہیں، عوامی سماعت کا تاثر انتہائی غیر مؤثر کرنے کی کوشش کی جارہی۔

    پاور ڈویژن کی درخواست مؤخر کرنے کی استدعا پر سی ای او کے الیکٹرک نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کے الیکٹرک وہی پاس آن کرے گی جو نیپرا اتھارٹی دے گا، کے الیکٹرک کا گزشتہ سالوں ایف سی اے پازیٹو ہوتا تھا، باقی ڈسکوز کا تب ایف سی اے نیگیٹو ہوتا تھا ، جب کے الیکٹرک کے صارفین کو مہنگی بجلی ملتی تھی تب ٹیرف پر اثر کیوں نہیں پڑتا تھا، انصاف کے تقاضوں کو برقرار رکھ کر ریگولیٹر جو فیصلہ کرے ہمیں قبول ہے۔

    کے الیکٹرک صارفین کے لئے 4 روپے 69 پیسے کا بڑا ریلیف موخر کر دیا گیا ، پاور ڈویژن کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی نے سماعت مؤخر کر دی گئی۔

    کے الیکٹرک کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق ریلیف کی درخواست ایک ہفتے کیلئے مؤخر کی گئی، وفاقی حکومت نے سماعت موخر کرنے کہ درخواست کی تھی۔

    نیپرا نے وفاقی حکومت کا خط عوامی آراء کیلئے نیپرا ویب سائٹ پر جاری کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا سماعت آئندہ ہفتے رکھی جائے گی تمام شراکت دار اپنی آراء جمع کروایں۔

  • محرم میں ہیٹ ویو کے امکانات، وزیر توانائی نے ڈسکوز کو اہم ہدایات پر مبنی خط لکھ دیا

    محرم میں ہیٹ ویو کے امکانات، وزیر توانائی نے ڈسکوز کو اہم ہدایات پر مبنی خط لکھ دیا

    اسلام آباد: محرم الحرام میں ہیٹ ویو کے پیش نظر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے سلسلے میں وزیر توانائی اویس لغاری نے ڈسکوز کے چیئرمین/ سی ای اوز کو ایک خط لکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ڈسکوز کو لکھے گئے خط میں محرم الحرام کے تناظر میں فوری اقدامات کرنے، اور مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر پیشگی مرمت کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    اویس لغاری نے کہا محرم الحرام کا مقدس مہینہ قریب آ رہا ہے، جس میں ملک بھر میں لاکھوں عزاداران مجالس اور جلوسوں میں شرکت کریں گے، تاہم رواں سال محرم میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں اس لیے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

    وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ مذہبی تقریبات کے دوران عوام کو ہر قسم کی تکلیف سے بچایا جائے، تمام ڈسکوز میں خراب سامان کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے، اویس لغاری نے ڈسکوز کو ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دینے کے بھی احکامات دیے، اور کہا یوم عاشور پر ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ پر تعینات کیا جائے اور مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔


    کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان، موسمیات کی پیشگوئی


    انھوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، صارفین، خصوصاً امام بارگاہوں اور مساجد کو کسی بھی شیڈولڈ مرمت یا ممکنہ لوڈ مینجمنٹ کے بارے میں پیشگی آگاہ کریں، حساس مقامات پر اسٹینڈ بائی جنریٹرز اور یو پی ایس سسٹمز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

    اویس لغاری کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیر متوقع گرڈ مسئلے کی صورت میں بیک اپ بجلی فراہم کی جائے، محرم کے دوران تکنیکی اور آپریشنل عملے کی 24/7 دستیابی کو یقینی بنایا جائے، تمام سطحوں پر مخصوص کنٹرول سینٹرز قائم کیے جائیں، اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے۔

  • صارفین ہوشیار !  لاکھوں  موبائل سمیں بلاک کر دی گئیں

    صارفین ہوشیار ! لاکھوں موبائل سمیں بلاک کر دی گئیں

    اسلام آباد: پی ٹی اے نے 1 لاکھ 63 ہزار 200 غیر قانونی موبائل سمز بلاک کر دیں، جس میں کون کونسے صارفین شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق غیرقانونی اور جعلی سمز کیخلاف پی ٹی اے کا کریک ڈاؤن جاری ہے، دستاویز میں بتایا گیا کہ پی ٹی اے نے اب تک 1 لاکھ 63 ہزار 200 غیر قانونی موبائل سمز بلاک کر دیں جبکہ 64 لاکھ 30 ہزار غیر فعال سمز مستقل طور پر بند کر دی گئیں۔

    دستاویز میں کہنا تھا کہ فوت شدگان کے شناختی کارڈ پر چلنے والی 29 لاکھ 89 ہزار 925 سمز، نئے اضلاع میں غیر متعلقہ خواتین کے نام پر رجسٹرڈ 1 لاکھ 71 سمز اور منسوخ ہونیوالے شناختی کارڈز پر 69 ہزار 246 سمز بلاک کی گئیں ہیں۔

    پی ٹی اے دستاویز میں کہا گیا کہ 3 لاکھ 60 ہزار زائد المیعاد شناختی کارڈز پر 7 لاکھ 83 ہزار سمز بلاک ہوئیں۔

    پی ٹی اے نے جعلی سمز کے خلاف سخت نگرانی اور کارروائی تیز کر دی اور ملک بھر میں 62 چھاپوں میں غیرقانونی سم کی فروخت میں ملوث 72 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی اے کا لاکھوں موبائل سمز بند کرنیکا فیصلہ، کونسے لوگ زد میں آئیں گے؟

    چھاپوں میں193غیرقانونی بائیومیٹرک ڈیوائسز اور 11 ہزار 470 سمز برآمد ہوئیں جبکہ جعلی بائیومیٹرک ڈیٹا کے 2 لاکھ 96 ہزار سے زائد ڈیجیٹل فنگرپرنٹس ضبط کرلیں۔

    پی ٹی اے نے نیا ملٹی فنگر بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم متعارف کرا دیا، ملک بھر میں 1 لاکھ 85 ہزار سے زائد لائیو فنگر ڈیوائسز نصب کردی گئیں۔

    غیر مجاز ریٹیلرز پر پابندی، صرف مستند سروس سینٹرز کو سم فروخت کی اجازت ہے تاہم دھوکہ دہی سے بچنے کیلئے نئی سم فروخت میں وقفے کا دورانیہ بڑھا دیا گیاہے۔

  • خزانے پر بوجھ، بجلی کی بند پیداواری کمپنیوں کے ملازمین کو ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ

    خزانے پر بوجھ، بجلی کی بند پیداواری کمپنیوں کے ملازمین کو ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: خزانے پر بوجھ بنے ہوئے بجلی کی بند پیداواری کمپنیوں کے ملازمین کو ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق بجلی پیداواری کمپنیوں کے 1775 ملازمین کو مختلف ڈسکوز میں ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بند پیداواری کمپنیوں کے ملازمین سے سرکاری خزانے پر سالانہ اربوں کا بوجھ پڑ رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جنکوز ملازمین کے ذریعے ڈسکوز میں خالی اسامیاں پُر کی جائیں گی، گڈو اور نندی پور پاور پلانٹ مکمل نان آپریشنل ہے اور نجکاری فہرست میں شامل ہے، جنکوز ملازمین کو ریلیو کرنے کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    جنکو ون کے 352، ٹو کے 486 اور تھری کے 911 ملازمین کو ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جنکو 4 کے 26 ملازمین کو بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں تعینات کیا جائے گا، حیسکو میں جنکوز کے 348، سیپکو میں 314 ملازمین کو ایڈجسٹ کیا جائے گا۔


    تیل و گیس کی تلاش : پاکستان نے ایک اور بڑی کامیابی مل گئی


    میپکو میں 676، لیسکو میں 85، فیسکو میں 185 ملازمین کی ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی، گیپکو میں جنکوز کے 50، کیسکو میں 23 ملازمین کو ایڈجسٹ کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، آئیسکو میں 97، پیسکو میں 35، ہیزکو میں 12 ملازمین کی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جنکوز ملازمین کی جانب سے ڈسکوز میں تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے، ملازمین کا کہنا ہے کہ جنکوز اسٹاف کو زبردستی کم اسکیل پر ڈسکوز میں تعینات کیا جا رہا ہے۔

  • صارفین کو نئے گیس کنکشن دینے کا منصوبہ تیار

    صارفین کو نئے گیس کنکشن دینے کا منصوبہ تیار

    اسلام آباد : صارفین کو نئے گیس کنکشن دینے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا، آئندہ مالی سال ایک لاکھ سے زائد کنکشنز دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں گیس کی قلت کے باوجود 1 لاکھ 16 ہزار سے زائد نئے گیس کنکشن دینے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔

    دستاویز میں کہا گیا کہ آئندہ مالی سال ایک لاکھ 15 ہزار 530 نئے گھریلو گیس کنکشنز دیے جائیں گے۔

    نئے مالی سال میں 550نئے کمرشل اور 350 صنعتی صارفین کوگیس کنکشن دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    بجٹ دستاویز میں کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں آئندہ مالی سال 85 ہزار 740 جبکہ پنجاب ،اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں 30 ہزار 530 نئے گیس کنکشنز دیئے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : نئے گیس کنکشنز کے حوالے سے اہم خبر

    دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال سوئی ناردرن کے ایریا میں 30 ہزار 530 نئے گیس کنکشنز دیے جائیں گے۔

    بجٹ دستاویز میں بتایا گیا کہ سوئی سدرن کےسسٹم پر 85 ہزار 740 نئے گیس کنکشن دینے کا ہدف ہے، رواں مالی سال کا نئے گیس کنکشنز کا نظر ثانی شدہ ہدف 20 ہزار 61 ہے۔

  • حکومت کا 15 ہزار 352 دیہات کو بجلی فراہم کرنے کا ہدف مقرر

    حکومت کا 15 ہزار 352 دیہات کو بجلی فراہم کرنے کا ہدف مقرر

    اسلام آباد: حکومت نے آئندہ مالی سال 15 ہزار 352 دیہات کو بجلی فراہم کرنے کا ہدف مقرر کردیا ہے۔

    بجٹ دستاویز کے مطابق میپکو کے 2 ہزار 605 دیہات، گیپکو کے 8 ہزار707 دیہات کو بجلی فراہم کی جائے گی، کیسکو کے 1080، پیسکو میں 1641 دیہات کو بجلی فراہمی کا تخمینہ دیا گیا ہے۔

    آئیسکو میں 200، لیسکو199، فیسکو میں 800 دیہات کو بجلی فراہم کرنے کا تخمینہ جبکہ آئندہ مالی سال 18 لاکھ 61 ہزار 320 نئے بجلی کنکشن دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    میپکو میں 4 لاکھ 83 ہزار347 اور فیسکو میں 3 لاکھ 46 ہزار 126 نئے بجلی کنکشن دئیے جائیں گے، لیسکو میں 3 لاکھ 87 ہزار 377، گیپکو میں 2 لاکھ 80 ہزار 111  نئے صارفین شامل کئے جانے کا تخمینہ دیا گیا ہے۔

    جبکہ پیسکو میں ایک لاکھ 20 ہزار اور آئیسکو میں ایک لاکھ 95 نئے صارفین شامل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، کیسکو میں 22 ہزار 538 حیسکو 20 ہزار 481 اور سیپکو میں 5440 نئے کنکشن دیئے جائیں گے۔

  • کراچی کے بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر

    کراچی کے بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد: شہر قائد کے بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر ہے، کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4.69 روپے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4.69 روپے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت 19 جون کو کرے گی۔

    بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، اس کمی سے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 17 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔

    یاد رہے کہ عید سے دو روز قبل بھی نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی 2 روپے 99 پیسے فی یونٹ سستی کی تھی، یہ کمی مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی تھی، جس کا ریلیف کے الیکٹرک صارفین کو جون کے بجلی کے بلوں میں ملے گا۔


    کراچی والوں کیلیے عید کا تحفہ، بجلی سستی کر دی گئی


    کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ بجلی واقعی مہنگی ہے تاہم اس سے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے انھوں نے حکومت پر ذمہ داری عائد کر دی تھی۔

    دوسری طرف یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ یکم جولائی سے بجلی کے بنیادی نرخ میں 25 فی صد اضافے کی تجویز ہے، جس کے تحت یکم جولائی سے بجلی 7 روپے 12 پیسے فی یونٹ مہنگی ہو جائے گی، تاہم ترجمان پاورڈویژن نے اس خبر کو غلط قرار دے دیا ہے۔

  • وزیر خزانہ کی پوسٹ بجٹ کانفرنس سے صحافیوں کا واک آؤٹ

    وزیر خزانہ کی پوسٹ بجٹ کانفرنس سے صحافیوں کا واک آؤٹ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پوسٹ بجٹ کانفرنس شروع ہونے سے قبل صحافی واک آؤٹ کر گئے۔

    صحافیوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے فنانس بل (بجٹ 26-2025) پر بریفنگ نہ دینے پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پوسٹ بجٹ کانفرنس سے واک آؤٹ کیا۔

    بعدازاں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کانفرنس میں پہنچے اور صحافیوں کو بتایا کہ آپ بالکل درست ہیں میں آپ کے احتجاج میں شامل ہونے آیا ہوں۔

    عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میں ان سے بات کروں گا ٹیکنیکل بریفنگ ضرور ہونی چاہیے، ایف بی آر بریفنگ کے حوالے سے صحافیوں کے تحفظات درست ہیں۔

    بعدازاں چیئرمین ایف بی آر نے صحافیوں کو ٹیکنیکل بریفنگ کی یقین دہانی کروائی، عطا اللہ تارڑ کی معذرت کے بعد صحافیوں نے کانفرنس کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔

    پوسٹ بجٹ کانفرنس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 26-2025 میں تنخواہ دار طبقے کو جتنا ریلیف دے سکتے تھے ہم نے دیا ہے، ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں ہر سال اضافہ ہونا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ تنخواہوں اور پنشن کا براہ راست تعلق مہنگائی سے ہوتا ہے، ہم مالی گنجائش کے مطابق ہی ریلیف دے سکتے ہیں، حکومت کی پوری کوشش ہے جتنا ہو سکے ریلیف دیا جائے، پنشن کے حوالے سے بھی اصلاحات کی ہیں۔

  • بجٹ 2025-26 : سوشل میڈیا کی آمدنی پر کتنا ٹیکس دینا ہوگا؟

    بجٹ 2025-26 : سوشل میڈیا کی آمدنی پر کتنا ٹیکس دینا ہوگا؟

    حکومت کی جانب سے بجٹ 2025-26 میں یو ٹیوب اور سوشل میڈیا سے ہونے والی آمدنی پر بھی ٹیکس ادا کرنا ہوگا، نیا قانون آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 26-2025 کے لیے بجٹ پیش کر دیا ہے۔ اگلے مالی سال کے اس وفاقی بجٹ میں نیا قانون نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت سوشل میڈیا اور یوٹیوب سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ٹیکس دینا ہوگا۔

    نئے قانون کے تحت آڈیو، ویڈیو اور میوزک اسٹریمنگ سروسز سے ہونے والی کمائی شامل ہے،
    مذکورہ قانون ٹیلی میڈیسن، ای لرننگ، کلاؤڈ سروسز، آن لائن بینکنگ سروسز پر بھی لاگو ہوگا۔

    اس کے علاوہ ای کامرس، ای سٹور اور آن لائن مارکیٹ بھی ٹیکس ایکٹ کی زد میں آئیں گے
    غیر ملکی کمپنیوں سے اشیا یا خدمات کے بدلے رقوم پربینک، ایکسچینج کمپنیاں5فیصد ٹیکس دینگی۔

    ٹیکس ہرماہ کی7تاریخ سے پہلےحکومت پاکستان کے خزانےمیں جمع کرانا ہونگے، ٹیکس کاٹنے اور جمع کرانے میں ناکامی پر متعلقہ بینک یا ایکسچینج کمپنی کیخلاف کارروائی ہوگی۔

    پاکستان میں موجود والا ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم حکومت کو 3ماہ کی رپورٹ فراہم کرنے کا پابند ہوگا
    بیرون ملک سے خریداری میں ادائیگی کا ذمہ دارادارہ بھی سہ ماہی رپورٹ جمع کرائے گا۔

    رپورٹ میں خریدار کا نام، شناختی کارڈ نمبر ،ادائیگی کی تاریخ اور رقم درج ہوگی، سہ ماہی رپورٹ جمع نہ کرانے پر10لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوگا، 3ماہ تک غیرملکی کمپنی ٹیکس دینے سےاجتناب کرے تو بینک سے رقوم کا بھیجنا معطل ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں : مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش، تنخواہ داروں کیلیے ریلیف کا اعلان

    واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے نئے مالی سال 2025- 26 کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا ہے۔

    وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے 17 ہزار 5 سو 73 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کیا جس میں 600 سے 700ارب کے نئے ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔

  • حکومت کا آئندہ مالی سال پاور سیکٹر میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہ کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا آئندہ مالی سال پاور سیکٹر میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہ کرنے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا آئندہ مالی سال پاور سیکٹر میں کوئی نیا ترقیاتی منصوبہ شروع نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاور سیکٹر کے 47 منصوبوں کے لیے آئندہ مالی سال 104 ارب سے زائد بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کے لیے 15 ارب 97 کروڑ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی پر 600 میگا واٹ بجلی فراہمی کے لیے 11 ارب 62 کروڑ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    بجلی کی ترسیل بہتر بنانے کے لیے این ٹی ڈی سی کو 5 ارب روپے مختص کرنے اور جامشورو کول پاور پلانٹ 1320 میگا واٹ منصوبے کے لیے 5 ارب 25 کروڑ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    سکی کناری منصوبے سے بجلی کے اخراج کے لیے ساڑھے تین ارب روپے مختص کرنے اور آئسکو میں ایڈوانس میٹرنگ منصوبے کے لیے 2 ارب 94 کروڑ روپے کی تجویز ہے۔

    مٹیاری مورو سے رحیم یار خان 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے لیے ایک ارب 30 کروڑ اور مہمند ڈیم سے بجلی کی ترسیلی نظام کے لیے دو ارب روپے رقم رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    کے وی لاہور نارتھ منصوبہ کے لیے آئندہ مالی سال ایک ارب روپے رکھنے اور کاسا ایک ہزار منصوبہ کے لیے آئندہ مالی سال تین ارب روپے کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز ہے۔