Author: علی حسن

  • نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے آغاز سے قبل رینجنل ٹیموں کو مشکلات کا سامنا

    نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے آغاز سے قبل رینجنل ٹیموں کو مشکلات کا سامنا

    نیشنل ٹی 20 کپ کے کراچی میں آغاز سے قبل رینجنل ٹیموں کو مشکلات درپیش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے اٹھارہ ٹیموں نے کراچی میں پڑاو ڈال دیا ہے لیکن ایونٹ کے آغاز سے قبل ریجنل ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    رینجنل پلئیر کا کہنا ہے کہ کم گراونڈز کی وجہ سے ٹریننگ پلانز متاثر ہونے لگے، ریجنز کی اکثر ٹیموں  کو رات دیر تک علم نہیں ہوتا اگلے دن پریکٹس ہے یا نہیں۔

    کھلاڑی نے بتایا کہ جب سے کراچی آئے ہیں پریکٹس کا وقت تبدیل ہوتا رہتا ہے،  گراونڈز پر اسپائک شوز پہنے سے گراونڈ  انتظامیہ روک رہی ہے، جواز پوچھنے پر کہا جاتا ہے ایک دن کی ٹریننگ کیلئِے پچز خراب نہیں کراسکتے۔

    دوسری جانب گراؤنڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پچ اس کنڈیشن کی نہیں کہ اسپائیک شوز کی اجازت دے سکیں، کھلاڑیوں کو انجری سے بچانے کیلئے فیلڈنگ ڈرلز کو ترجیح دی ہے۔

    ٹیم آفیشلز کا کہنا ہے کہ انجری کے خطرات کے باوجود  کھلاڑی رسک لینے پر مجبور ہیں، واضح رہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی 24 دسمبر سے  کراچی میں شیڈول ہے۔

  • میڈیکل داخلوں کیلیے دوبارہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ

    میڈیکل داخلوں کیلیے دوبارہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ

    ایکسپو سینٹر کراچی میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دینے والے طلبا کے والدین ذہنی اذیت سے دوچار رہے۔

    والدین نے کہا کہ بچوں کے ٹیسٹ کی تیاری کےاخراجات بڑی مشکل سے برداشت کیے، ایک بار پرچہ ہو گیا اس مرتبہ پتہ نہیں کیا ہوگا؟

    ایکسپو سینٹر کراچی میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد سخت سیکورٹی میں لیا گیا جس میں قریباً پندرہ ہزار طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔

    طلبہ کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کیلئے کڑا امتحان ثابت ہوا۔ والدین اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے ذہنی اذیت سے دوچار دکھائی دیئے۔

    وزیر صحت ڈاکٹر سعید خالد کا کہنا تھا کہ جتنے زیادہ امتحانی مراکز ہوں گے اتنا ہی پرچہ آؤٹ ہونے کا امکان زیادہ ہے سندھ میں 40 ہزار بچوں میڈیکل میں داخلہ سمجھ سے باہر ہے اتنا دنیا میں کہیں نہیں ہوتا۔

    ٹیسٹ کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی سیکورٹی پر مامور تھی۔

  • جونیئر ہاکی ٹیم ہیڈ کوچ کے بغیر ملائیشیا روانہ

    جونیئر ہاکی ٹیم ہیڈ کوچ کے بغیر ملائیشیا روانہ

    قومی جونیئر ہاکی ٹیم ہیڈکوچ کے بغیر ملائیشیا روانہ ہوگئی، حنیف خان نے سلیکشن معاملات پر احتجاج کرتے ہوئے ٹیم کے ساتھ جانے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سلطان آف جوہر کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم ہیڈکوچ کے بغیر ہی ملائیشیا روانہ ہوگئی، ہیڈ کوچ اولمپیئن حنیف خان نے پاکستان جونیئر ٹیم کیساتھ ملائیشیا جانے سے انکار کردیا۔

    قومی جونیئر ہاکی ٹیم ہیڈکوچ نے کہا کہ پی ایچ ایف کے صدر کی ہدایت پر ٹیم اور مینجمنٹ کا انتخاب میں نے کیا، ٹیم کا اعلان کیا گیا تو 20 کی جگہ 21 کھلاڑی شامل تھے، متبادل کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے لئے مجھ سے مشاورت تک نہیں کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی بار قومی ٹیم میں تین گول کیپر شامل کئے گئے، پوچھنے پر کسی نے کوئی وضاحت نہیں دی، ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ٹیم کی کارکردگی کی ذمہ داری مجھ پر عائد ہوتی ہے اور میں ایسی صورت میں ٹیم کے ساتھ ملائیشیا نہیں جاسکتا۔

    واضح رہے کہ جوہر بارو ہاکی کپ 27 اکتوبر سے 4 نومبر تک ملائیشیا میں کھیلا جارہا ہے، جس کے لیے حنان شاہد کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

  • آسٹریلیا ویمن بگ بیش لیگ: پاکستانی امپائرز خدمات انجام دیں گے

    آسٹریلیا ویمن بگ بیش لیگ: پاکستانی امپائرز خدمات انجام دیں گے

    آسٹریلیا ویمنز بگ بیش لیگ کے اس سیزن میں  پاکستانی نژاد امپائرز خدمات انجام دینگے۔

    تفصیلاے کے مطابق تین پاکستانی نژاد آسٹریلوی امپائرز ویمنز بگ بیش لیگ میں امپائرنگ کریں گے، پاکستانی نژاد آسٹریلوی امپائرز احمد خان، سید ہمایوں اور محمد قریشی لیگ میں شامل ہیں۔

    تینوں امپائرز مین بگ بیش لیگ میں فورتھ امپائر کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیں گے، اس کے علاوہ یہ تینوں امپائرز ویمنز نیشنل کرکٹ لیگ، ٹویوٹا سیکنڈ الیون اور انڈر ایج نیشنل چیمپئنز لیگ میں بھی امپائرنگ کریں گے۔

  • پاکستان اوور 40 ٹیم کا اعلان

    پاکستان اوور 40 ٹیم کا اعلان

    پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے گلوبل کپ کے لیے پاکستان اوور 40 ٹیم کا اعلان کر دیا۔

    ٹیم میں شاہد آفریدی، عبدالرزاق، مصباح الحق، محمد سمیع، حسن رضا، طارق ہارون، خرم علی خان (وکٹ کیپر)، وقاص احمد، عبدالقادر، محمد رضوان اسلم، کاشف صدیق، محمد الیاس، افضل شاہ (وکٹ کیپر)، ، امجد علی ، عمران علی، تصور عباس، عدنان رئیس، جنید خلیل نینی تال والا شامل ہیں۔

    ریزرو کھلاڑی یاسر حمید، حارث ایاز، شہزاد ملک ہیں۔

    کراچی کے پانچ مختلف گراؤنڈز پر کُل 36 میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

    پاکستان اپنا پہلا میچ امریکا سے19 ستمبر کو کھیلے گی۔

  • قومی کھیل میں لڑائی جھگڑے، پاکستان سے اہم ایونٹ کی میزبانی چھن گئی

    قومی کھیل میں لڑائی جھگڑے، پاکستان سے اہم ایونٹ کی میزبانی چھن گئی

    قومی کھیل ہاکی میں جھگڑوں نے حالات اس نہج پر پہنچا دیے کہ پاکستان کو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی سے محروم کر دیا گیا ہے۔

    ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے لیکن متعلقہ حکام کی نا اہلی کے باعث یہ مسلسل تنزلی کا شکار ہے اور حالات اس حد تک خراب ہو چکے ہیں کہ اختیارات کی جنگ اور ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کے باعث پاکستان اپنے قومی کھیل کے اہم ایونٹ کی میزبانی گنوا بیٹھا ہے۔

    پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے معاملات میں مسلسل مداخلت اور سابق اولمپئنز کی پی ایچ ایف پر تنقید کے باعث انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سے اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی واپس لے لی ہے۔

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا موقف ہے کہ اس وقت پی ایچ ایف کی اندرونی اور اطراف کی صورتحال غیر یقینی ہے جس کی وجہ سے وہ پاکستان سے اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی واپس لے رہے ہیں۔

    انٹریشنل ہاکی فیڈریشن نے اپنے فیصلے سے پی ایچ ایف کو آگاہ کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہاکی فیڈریشن میں تنازع شدت اختیار کر گیا

    واضح رہے کہ پاکستان کو پہلی بار اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی ملی تھی جو 13 سے 21 جنوری تک لاہور میں منعقد ہونا تھا اور اس میں 8 غیر ملکی ٹیموں نے شرکت کرنا تھی۔

  • ذکا اشرف نے آئی سی سی فنانشل ماڈل پر ارکان کو اعتماد میں لے لیا

    ذکا اشرف نے آئی سی سی فنانشل ماڈل پر ارکان کو اعتماد میں لے لیا

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے آئی سی سی فنانشل ماڈل پر ارکان کو اعتماد میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کے دس میں سے دو ارکان مصطفی رمدے اور ذوالفقار ملک اجلاس میں آن لائن کے ذریعے شریک ہوئے۔

    ویل چیئر اور بلائنڈ کرکٹ کی 70،70 لاکھ روپے گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اجلاس میں متفقہ طور پر مالی سال 2023-24 کا بجٹ منظور کرلیا۔

    چیرمین ذکا اشرف نے ارکان کو آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں اپنی شرکت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    آئی سی سی کے فنانشل ماڈل سے متعلق ہونے والی اپنی گفتگو کے بارے میں بھی ارکان کو بتایا۔ مختلف اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں کرسیاں نصب کی جائیں گی اور ان کی مرمت کی جائے گی۔

    پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کرسیوں کی تنصیب بھی شامل ہے۔ اجلاس میں اسٹیڈیمز میں سولر پینلز کی تنصیب کی تجویز بھی منظور کرلی گئی۔

  • سمندر میں نیوی اور پی ایم ایس اے کی منفرد بوٹ ریلی، قومی ترانے گونجتے رہے

    سمندر میں نیوی اور پی ایم ایس اے کی منفرد بوٹ ریلی، قومی ترانے گونجتے رہے

    کراچی: سمندر میں نیوی کی منفرد بوٹ ریلی نے جشن آزادی کی تقریبات کو چار چاند لگا دیے، ریلی میں شریک شہریوں میں زبردست جوش و خروش دکھائی دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چودہ اگست کو پاکستان نیوی اور میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کی جانب سے سمندر میں ایک بوٹ ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں بٹ شاہ اور بابا آئلینڈ سے جڑے 60 کے لگ بھگ ماہی گیروں کی کشتیوں نے حصہ لیا۔

    یہ ریلی پی این ایس ڈاک یارڈ سے منوڑہ تک نکالی گئی، کراچی چینل میں ہر سو پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہے، اور کشتیوں پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرا کر محبت کا اظہار کیا گیا۔

    ریلی کے دوران سمندری حدود میں قومی ترانے کی آواز ہر سو گونجتی رہی اور بچے ملی نغموں پر پرجوش دکھائی دیے۔

  • پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم نے تاریخ رقم کر دی

    پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم نے تاریخ رقم کر دی

    پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم نے تاریخ رقم کر دی۔

    پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے ناروے کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھا اور فائنل میں پہنچ گئی۔

    سیمی فائنل میں قومی اسٹریٹ چائلڈ ٹیم نےناروے کے کلب بریمینس کو 0-2 سے ہرا دیا۔ سیمی فائنل میں پاکستان کی جانب سے پہلے ہاف میں عبدالوہاب نے ایک گول کیا۔

    دوسرے ہاف میں قومی اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کے عابد علی نے گول اسکور کیا۔ ٹیم کی فتح پرناروے میں مقیم پاکستانیوں کا کھلاڑیوں کے ساتھ جشن منایا۔

    اس سے قبل آج کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں پاکستان کی جانب سے دوسرے ہاف میں فیصل نے 2 گول کر کے قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ قومی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نےآخری کواٹرفائنل میں ناروے کے کلب کو 2-0سے شکست دی۔

  • ناروے کپ کیلئے پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال کے اسکواڈ کا اعلان

    ناروے کپ کیلئے پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال کے اسکواڈ کا اعلان

    اسلام آباد: ’’ناروے کپ‘‘ کیلئے پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

     ناروے کپ میں فارورڈز کھیلنے کیلئے طفیل شنواری، فیصل، شامیر علی اور سعود، مڈ فیلڈرز کے لیئے عبدالوھاب، محمد علی، علی آصف، احمد رضا جبکہ ڈیفینڈرز کیلئے محمد عدیل، عابد علی، عبید اللہ، اسد ناصر شامل ہیں۔

    گول کیپر عبداللہ اور ساحل گل  بھی ناروے کپ کیلئے اسکواڈ کا حصہ ہیں، پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم  27 جولائی کو ناروے کیلئے روانہ ہورہی ہے۔

    قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 30 جولائی کو ناروے کے کلب فریگ اوسلو  کے خلاف کھیلے گی۔

    قومی ٹیم کی کپتانی طفیل شنواری کریں گے جنہیں قطر ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ 30 ممالک سے اسٹریٹ چائلڈ ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لیں گی، ناروے کپ 29 جولائی سے اوسلو میں شروع ہوگا۔

    یاد رہے کہ قومی ٹیم نے ناروےکپ 2015 میں دوسری اور 2016 میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔