Author: علی حسن

  • اولمپئن ایتھلیٹ محمد خان انتقال کرگئے

    اولمپئن ایتھلیٹ محمد خان انتقال کرگئے

    اولمپئن ایتھلیٹ محمد خان رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایتھلیٹ محمد خان نے 1960 کے روم اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی اور وہ ٹرپل جمپ کے قومی چیمپئن بھی رہے۔

    اولمپئن محمد خان کی نماز جنازہ ان کے آبائی شہر چکوال میں ادا کی جائے گی۔

    ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا جارہا ہے۔

  • سرفراز احمد کی وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ارباب لطف اللہ سے ملاقات

    سرفراز احمد کی وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ارباب لطف اللہ سے ملاقات

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ سے ان کے کیمپ آفس میں ملاقات کی۔

     اس موقع پر ارباب لطف اللہ نے کہا قومی ٹیم کو دیکھ کر لگتا ہے سندھ میں کرکٹ کا کوئی وجود نہیں، ملک کی سب کرکٹ نرسری ہونے کے باوجود ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے ٹیم میں سندھ کی نمائندگی نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کو لکھے گئے خط میں پوچھا ہے کہ بتایا جائے سندھ کا قصور کیا ہے، کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا پیمانہ کیا ہے۔ چیئرمین سے سوال کیا ہے کہ کیا سندھ کا کوئی کھلاڑی ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں ملک کی نمائندگی کی اہلیت نہیں رکھتا؟

    ارباب لطف اللہ نے کہا سابق کپتان سرفراز احمد قومی ہیرو ہیں چیمپئن ٹرافی جیتنا اور ٹی ٹوئینٹی میں قومی ٹیم کو نمبر ون بنانا سرفراز احمد کا ناقابل فراموش کارنامہ ہے، اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو سرفراز احمد اکیڈمی کو جدید سہولت فراہم کرنے کے ساتھ فلٹ لائٹ کی تنصیب کے لئے ہدایت جاری کیں۔

    انہوں نے سیکریٹری اسپورٹس حافظ عبدالہادی بلو کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور آئی جی سندھ کے ساتھ مل کر سرفراز اکیڈمی کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    سابق کپتان سرفراز احمد نے اکیڈمی کے لئے اقدامات کرنے پر ارباب لطف اللہ کا شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی سہولت فراہم کرنے میں سندھ حکومت کا کردار نمایاں ہے۔

    سابق کپتان سرفراز نے کہا کہ جناح کالج کے جس میدان میں ہم کرکٹ کھیلا کرتے تھے اب محکمہ کھیل اور ارباب لطف اللہ صاحب کی خصوصی توجہ کے باعث جدید سہولت سے آراستہ ہوگیا ہے جس سے کالج کے طلباء کو معیاری کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔

     سرفراز احمد نے مزید کہا کہ سندھ پریمئر لیگ اور صوبے بھر میں اکیڈمیز کے قیام کا منصوبہ بہت زبردست ہے، ایس پی ایل اور اکیڈمیز سے قومی سطح پر نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

    ملاقات کے دوران صوبے میں کرکٹ کے فروغ، اکیڈمیز کے قیام اور سندھ پریمئر لیگ کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • ’بھارت پاکستان نہیں آتا تو ہمیں بھی بھارت نہیں جانا چاہیے‘

    ’بھارت پاکستان نہیں آتا تو ہمیں بھی بھارت نہیں جانا چاہیے‘

    قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ بھارت ایشیاکپ کھیلنے پاکستان نہیں آتا تو پاکستان کو بھی نہیں جانا چاہیے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معین خان نے کہا کہ ایشیاکپ پاکستان میں نہ ہوا تو ورلڈکپ بھی نیوٹرل مقام پر کرایا جائے بھارت پیسےکی دھونس سے دوسرےکرکٹ بورڈز پر مرضی نہیں تھونپ سکتا بھارت ایشیاکپ نیوٹرل مقام پرکھیلےتوپاکستان کےمیچزبھی نیوٹرل مقام پرہوں۔

    معین خان نے کہا کہ کرکٹ ہونی چاہیے اس کیلئے پاک بھارت بورڈز میں بات چیت ہونی چاہیے بھارت کیوں پاکستان آنے سے کتراتا یا گھبراتا ہے؟ وجوہات معلوم ہونی چاہیے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ ڈپلومیسی ہونی چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کیخلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا خوش آئند ہے پاکستان ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کابیک اپ انتہائی ضروری ہے قومی کرکٹ ٹیم کاہیڈکوچ پاکستانی ہوناچاہیے۔

    سابق کپتان نے کہا کہ فاسٹ بولر محمدعامر بہترین کھلاڑی ہیں محمدعامر کی پرفارمنس اچھی ہےتوٹیم میں ضرور شامل کریں شاداب خان کو بطور کپتان صرف ایک سیریزملی شاداب خان کو نائب کپتانی سے فوری طور پر ہٹانا مناسب نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نےپاکستان سپرلیگ میں بہترین کپتانی کی انہوں نے مسلسل 2سال لاہور قلندرز کو فاتح بنایا شاہین شاہ آفریدی کے پوٹینشل کو نظرانداز نہیں کیاجا سکتا مستقبل میں شاہین آفریدی قومی ٹیم کےکپتان کیلئےبہترین انتخاب ہوسکتےہیں۔

  • پاک افغان سیریز: پی سی بی کا بابر اعظم سے متعلق اہم فیصلہ

    پاک افغان سیریز: پی سی بی کا بابر اعظم سے متعلق اہم فیصلہ

    رواں ماہ پاکستان اور افغانستان کے مابین شارجہ میں 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، اس سیریز میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق افغانستان کے خلاف سیریز میں پی سی بی نے کپتان بابر اعظم کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ٹیم کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی کو دیئے جانے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں پاکستان اسکواڈ میں تین وکٹ کیپرز حسیب اللہ (پشاور زلمی )، اعظم خان ( اسلام آباد یونائیٹیڈ ) اور محمد حارث ( پشاور زلمی ) کو شامل کئے جانے کا بھی امکان ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے بعد افغانستان سےسیریز شارجہ میں ہوگی، افغانستان کےخلاف 3 ٹی 20 میچز کی سیریز شارجہ میں 24 ، 26 اور 27 مارچ کو کھیلی جائے گی۔

    پاک افغان سیریز کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید آئندہ چند روز میں اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔

  • لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

    لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ولیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کی طبیت اچانک ناساز ہوگئی جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ولیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد جنہیں کچھ دیر بعد موٹر وے کے پروگرام میں شرکت کرنا تھا ان کی طبیت اچانک ناساز ہوگئی جس کے باعث انہیں موٹر وے پولیس نے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

     ڈاکٹر جاوید میانداد کا طبی معائنہ اور ٹیسٹ کر رہے ہیں جب کہ بیماری کی اطلاع ملتے ہیں سابق کپتان کے اہل خانہ اور مداحوں کی بڑی تعداد بھی اسپتال پہنچ گئی ہے۔

    اسپتال میں موٹر وے پولیس کی ٹیم بھی جاوید میانداد کے ہمراہ موجود ہے۔

  • پی ایس ایل کے مہنگے ٹکٹس پر نجم سیٹھی کا اہم اعلان

    پی ایس ایل کے مہنگے ٹکٹس پر نجم سیٹھی کا اہم اعلان

    پی ایس ایل کے مہنگے ٹکٹس پر چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے بچوں کی فریاد سن لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے طالب علموں کے لیے ٹکٹوں کی قیمت آدھی کردی ہے۔

    بچوں نے نجم سیٹھی کو اسٹیڈیم میں روک کر فریاد کی تھی جس پر نجم سیٹھی نے کہا کہ 16 سال سے کم عمر کے طالب علم آدھی قیمت پر ٹکٹس خرید سکتے ہیں۔

    نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ طالب علموں کو آدھی قیمت پر ٹکٹس ملیں گے ساتھ آنے والوں کو پوری قیمت پر ٹکٹس خریدنے ہوں گے۔

    چیئرمین پی سی بی کے ٹکٹس کی قیمت کم کرنے پر بچوں نے ان کا شکریہ ادا کیا، تاہم نجم سیٹھی نے یہ بھی کہا کہ یہ پیشکش ابھی صرف کراچی کے میچز کے لیے ہے۔

  • انٹرنیشنل شیف مقابلوں میں پاکستانی شیف کا بڑا اعزاز

    انٹرنیشنل شیف مقابلوں میں پاکستانی شیف کا بڑا اعزاز

    جدہ: سعودی ہُوریکا کے پلیٹ فارم سے منعقدہ انٹرنیشنل شیف مقابلوں میں پاکستانی شیف حنا شعیب نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں منعقدہ ہُوریکا انٹرنیشنل شیف مقابلوں میں 30 سے زائد مختلف ممالک کے شیفز نے حصہ لیا، پاکستان کی جانب سے واحد شیف حنا شعیب منتخب ہوئیں۔

    حنا شعیب نے تیسری پوزیشن لے کر 2 میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

    انھوں نے 2 مختلف کٹیگریوں کے مقابلوں میں گولا کباب اور پوریاں، اور ہنٹر بیف سینڈوچ بنا کر تیسری پوزیشن حاصل کر کے کانسی کے 2 تمغے اپنے نام کیے۔

    اس سے قبل بھی شیف حنا شعیب سعودی فوڈ ایکس کوکنگ مقابلوں میں اپنی محنت اور لگن سے 2 تمغے جیت چکی ہیں۔

    شیف حنا شعیب کا کہنا تھا کہ ان میڈلز کو جیتنے کے لیے میری فیملی نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا اور میں یہ میڈلز اپنے ملک پاکستان کے نام کرتی ہوں۔

    انھوں نے کہا میرے پاس پروفیشنل شیف ڈگری تو نہیں ہے لیکن میری محنت اور جذبہ اتنا ہے کہ میں نے سعودی عرب میں بین الاقوامی سطح پر دوسری بار یہ میڈلز جیتے ہیں۔

  • 25 بائیکرز نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی

    کراچی: موٹر سائیکل سواروں کے ایک گروپ نے 6 ممالک سے گزرتے ہوئے حرمین شریفین پہنچ کر عمرے کی سعادت حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی موٹر سائیکلسٹس کے ایک گروپ کا سفر آخرکار حرمین شریفین میں عمرے کی سعادت کے حصول پر ختم ہو گیا۔

    بائیکرز نے 14 ہزار کلو میٹر سے زائد سفر طے کیا ہے، دوران سفر بائیکرز نے پاکستان کی طرف سے امن، دوستی اور بھائی چارے کا پیغام پہنچایا۔

    چیئرمین اور گروپ لیڈر مکرم خان ترین نے بتایا کہ خانہ کعبہ میں حاضری دینے کا انھیں بے صبری سے انتطار تھا۔ انھوں نے اس سفر میں پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔

    مکرم خان نے کہا ’’ہم نے مشکل صورت حال دیکھی مگر ہمت نہیں ہارے، ہمارا سفر جاری رہا، سفر کے دوران حادثے بھی رونما ہوئے اور کچھ دوستوں کو چوٹیں بھی آئیں۔‘‘

    انھوں نے عمرے کی ادائیگی پر اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ ’’اس سفر میں پاکستانی اور سعودی حکومت نے تعاون کیا جس کے لیے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘‘

  • دفاعی چیمپیئن وحید بلوچ نے گالف ٹورنامنٹ جیت لیا

    کراچی: دفاعی چیمپیئن وحید بلوچ نے 12 واں رشید ڈی حبیب قومی رینکنگ گالف ٹورنامنٹ جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے وحید بلوچ نے 11 انڈر پار کے ساتھ 12 واں رشید ڈی حبیب قومی رینکنگ گالف ٹورنامنٹ جیت لیا، محمد شہزاد نے دوسری اور شبیر اقبال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    کراچی گالف کلب میں بینک الحبیب کے تعاون سے ہونے والا 4 روزہ رشید ڈی حبیب گالف ٹورنامنٹ دفاعی چیمپیئن وحید بلوچ کی جیت پر اختتام پذیر ہوا۔

    ایونٹ کے آخری روز کراچی گالف کلب کے وحید بلوچ چھائے رہے، وحید بلوچ نے 72 ہولز کے بعد 11 انڈر پار کے ساتھ مسلسل دوسری مرتبہ اعزاز حاصل کیا۔

    کراچی کے محمد شہزاد 10 انڈر پار کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد کے شبیر اقبال 8 انڈر پار کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

    ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ روپے رکھی گئی تھی، فاتح گالفر وحید بلوچ کو ٹرافی اور 9 لاکھ 28 ہزار روپے دیے گئے، جب کہ ہول اِن وَن کرنے پر 14 سالہ اشعث امجد کو کار کی چابی دی گئی۔

    مہمانِ خصوصی سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے بینک الحبیب کے چیئرمین عباس ڈی حبیب کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔

    ایڈمرل امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ بہت شان دار رہا، گالف کے فروغ میں بینک الحبیب کا کردار نمایاں ہے، پاکستان نیوی ایسی کاوش کو سراہتا ہے۔

    ایڈمرل امجد خان نیازی اور چیئرمین بینک الحبیب عباس ڈی حبیب نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ہفتے کے دن 14 سالہ اشعث امجد نے بلیو کورس کے 13 ویں ہول میں ’ہول اِن ون‘ کر کے بہترین کامیابی حاصل کی تھی۔ اشعث امجد جونیئر کیٹگری لیڈر بورڈ میں 9 اوور پار کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔ بینک الحبیب کی جانب سے اشعث کو نئی ٹویوٹا کار انعام میں دی گئی ہے۔

  • قومی مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کی تشکیل کے لیے اہم قدم

    لاہور: قومی مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کی تشکیل کے لیے کمیٹیاں بنا لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو پاکستان اولمپک ہاؤس لاہور میں مکسڈ مارشل آرٹس کی انتظامی کمیٹی کا پہلا اجلاس چیئرمین سید وسیم الدین ہاشمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔

    اجلاس میں قومی مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کی تشکیل سمیت مختلف امور کی انجام دہی پر تفصیل سے غور کیا گیا۔

    اجلاس میں مکسڈ مارشل آرٹس سے متعلق تمام معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل اور ان کے ارکان کے ناموں کی منظوری دی گئی۔

    آئینی کمیٹی کے کنوینئیر سید وسیم الدین ہاشمی اور سیکریٹری محمد خالد محمود ہوں گے، لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد ناصر اعجاز ٹنگ کو بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

    قومی سلیکشن کمیٹی کے لیے محمد جہانگیر چیئرمین اور لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد ناصر اعجاز ٹنگ کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے، جب کہ دیگر ممبران کے نام صوبوں کے نمائندوں سے مشاورت اور وسیم الدین ہاشمی سے منظوری کے بعد شامل کیے جائیں گے۔

    دریں اثنا، اجلاس میں کرنل (ر) محمد ناصر اعجاز ٹنگ کو ایشین مکسڈ مارشل آرٹس ایسوسی ایشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ممبر منتخب ہونے پر مبارک باد بھی پیش کی گئی۔