Author: علی حسن

  • ویڈیو: محمد رضوان نے مداح کی خواہش پوری کردی

    قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے مداح کی خواہش پوری کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم سے ملنے کے لیے مداح اوکاڑہ سے موٹرسائیکل پر کراچی پہنچ گیا۔

    محمد رضوان نے بھی اعجاز نامی مداح کی خواہش پوری کرتے انہیں ٹی شرٹ پر آٹو گراف بھی دیا۔

    وکٹ کیپر نے محبت دینے پر مداح کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • حکومت اجازت دے گی تو ٹیم بھارت جائے گی، نجم سیٹھی

    حکومت اجازت دے گی تو ٹیم بھارت جائے گی، نجم سیٹھی

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کا ورلڈ کپ کیلیے بھارت جانا حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔

    چیئرمین پی سی بی عبوری کمیٹی نجم سیٹھی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو  بھارت جانا چاہیے یا نہیں یہ حکومت کا فیصلہ ہوتا ہے اگر حکومت کہے گی بھارت جائیں تو ہماری ٹیم جائیگی۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ میرے آنے سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کا نام تبدیلی کا فیصلہ ہوا تھا، ماضی میں قذافی اسٹیڈیم کا نام بدلنے کیلئے کہا گیا تھا پرانی سڑکیں اور بلڈنگ کے پرانے نام بدلنے نہیں چاہیئے۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یہ بھی تجویز آئی کہ قذافی اسٹیڈیم کا نام ایدھی اسٹیڈیم رکھنا چاہیے، لیکن میرے خیال سے نیشنل اسٹیڈیم کا نام بدلنا نہیں چاہیئے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ پی سی بی کی موجودہ کمیٹی کے پاس فل پاور ہے، مکی آرتھر کو میں لایا تھا اور ایک ٹیم بنائی تھی، مکی آرتھر کے دور میں ٹیم کی کارکردگی اچھی تھی،۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی بھی مکی آرتھر کے دور میں جیتے تھے، بابر اعظم کو پہچان دینے والا بھی مکی آرتھر ہے، مکی آرتھر پاکستان ٹیم کواچھا سمجھتا ہے۔

  • ’اب بابر اعظم کو بہترین کپتان بنانا ہے‘

    ’اب بابر اعظم کو بہترین کپتان بنانا ہے‘

    چیئرمین عبوری سلیکشن کمیٹی شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بابر اعظم ایک بہترین بیٹسمین ہے، لیکن اب ان کو بہترین کپتان بنانا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ پاکستانی کپتان بابر اعظم سے اپنے تجربات شیئر کرنے آئے ہیں، انھوں نے کہا کہ بابر اعظم کی کپتانی میں مزید بہتری لائیں گے۔

    شاہد آفریدی نے کہا اب جدید طرز کی کرکٹ کھیلنا ہوگی، ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہے، جب تک ہم سلیکٹرز ہیں انصاف سے فیصلے ہوں گے۔

    انھوں نے کہا عبدالرزق کا آئیڈیا ہے کہ صرف ٹرننگ وکٹ ہی کیوں ہو، ہم آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی وکٹیں بھی بنا سکتے ہیں۔

    بابر اعظم نے کھلاڑیوں کی سلیکشن کے حوالے سے کیا کہا؟

    شاہد آفریدی نے بتایا کہ نسیم شاہ مکمل فٹ نہیں ہے، اور ہم نے 2 مزید فاسٹ بولرز اسکواڈ میں شامل کیے ہیں۔ شاہنواز ڈھانی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ وہ دو سال سے موجود ہیں لیکن انھیں ٹھیک سے موقع ہی نہیں ملا، جب موقع ہی نہیں ملے گا تو فاسٹ بولر کیسے بن پائے گا۔

  • بابر اعظم نے کھلاڑیوں کی سلیکشن کے حوالے سے کیا کہا؟

    بابر اعظم نے کھلاڑیوں کی سلیکشن کے حوالے سے کیا کہا؟

    کپتان پاکستان ٹیم بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف اسکواڈ میں کھلاڑی صورت حال کا جائزہ لے کر شامل کیے گئے ہیں، تاہم پلیئنگ الیون کا فی الحال حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد آفریدی سے کھلاڑیوں کی سلیکشن پر ان کی گفتگو ہوئی تھی، تاہم سلیکٹرز سے ایک اور میٹنگ کرنی ہے جس کے بعد پلیئنگ الیون سلیکٹ کریں گے۔

    انھوں نے کہا ہماری بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے، لیکن بدقسمتی سے بولنگ لائن میں انجری کا سامنا ہے، بہت جلد ہماری بولنگ لائن بھی مضبوط ہو جائے گی۔

    بابر اعظم نے کہا ’میں کسی بھی قسم کے دباؤ کا شکار نہیں ہوں، میں مانتا ہوں کہ ہم اچھی کرکٹ نہیں کھیلے ہیں لیکن پریشر لیں گے تو پرفارمنس بھی خراب ہوتی ہے۔‘

    انھوں نے کہا تین سے چار دن میں کافی چیزیں بدل گئی ہیں، ہمارا کام گراؤنڈ میں پرفارم کرنا ہے، تمام تر توجہ گراونڈ پر مرکوز ہے، انگلینڈ کے خلاف اچھی کرکٹ کھیل نہیں سکے تھے، بابر اعظم نے کہا پچ کافی اچھی دکھائی دے رہی ہے، اب ہمارا کام اچھی کرکٹ کھیلنا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں کپتان نے کہا کھلاڑی اگر ایک دوسرے کو سپورٹ کر رہے ہیں تو اس میں برا کیا ہے، صرف مجھے نہیں پوری ٹیم ایک دوسرے کا ساتھ دیتی ہے۔

    انھوں نے کہا میں مانتا ہوں ہم انگلینڈ سے ہارے ہیں لیکن ہم کم بیک کریں گے، کھیل کا انداز گراؤنڈ کی صورت حال دیکھ کر ہی بدلا جاتا ہے۔

  • پاکستان، نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پریکٹس  کیلئے اسٹیڈیم پہنچ گئیں

    کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کی ٹیمیں پریکٹس کیلئے اسٹیڈیم پہنچ گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں موجود قومی ٹیم کے کچھ کھلاڑی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم اسٹیڈیم پریکٹس پہنچ گئی ہے، کپتان بابراعظم پریکٹس  کیلئے آج لاہور سےکراچی پہنچیں گے۔

    دونوں ٹیمیں 3 گھنٹے طویل سیشن میں حصہ لیں گی، ساجد خان بطور نیٹ بولر قومی ٹیم کے ہمراہ ٹریننگ کریں گے۔

    یاد رہے کہ ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی اتوار کو ہوگی، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر کو کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا اور دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری کو ملتان میں شیڈول ہے تاہم اسے بھی کراچی منتقل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

    پاکستان اور کیوی ٹیم کے درمیان 10،12،14 جنوری کو ون ڈے میچز کھیلےجائیں گے۔

  • سرفراز احمد کا قومی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ، مداحوں کا ہجوم گھر کے باہر اُمڈ آیا

    سرفراز احمد کا قومی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ، مداحوں کا ہجوم گھر کے باہر اُمڈ آیا

    کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے ساتھی کھلاڑیوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، اظہر علی، محمد رضوان، حسن علی سمیت دیگر کرکٹرز ان کے گھر پہنچے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے اختتام کے بعد سابق کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا، عشائیے میں کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ نے اُن کی دعوت پر شرکت کی۔

    عشائیے میں اظہر علی نے فیملی کے ساتھ شرکت کی جبکہ محمد رضوان، حسن علی، فہیم اشرف، فاسٹ بولر وسیم جونیئر اور دگیر کھلاڑی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    سرفراز احمد کے گھر کھلاڑیوں کی آمد کی خبر کا سن کر مداحوں کا ہجوم پسندیدہ اسٹارز سے ملنے کے لیے ان کے گھر کے باہر امڈ آیا اور مداحوں نے پسندیدہ کھلاڑیوں کے ساتھ سیلیفاں بنوائیں۔

    واضح  رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو پہلی بار ہوم سیریز میں کلین سویپ کیا تھا، بابر اعظم الیون تینوں ٹیسٹ میچز میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔

    یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے کہ جس میں سرفراز احمد بھی شامل ہیں جبکہ حسن علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

  • پاک انگلینڈ سیریز: کراچی والوں نے کمال کردیا

    پاک انگلینڈ سیریز: کراچی والوں نے کمال کردیا

    کراچی: چھٹی ہے تو میچ انجوائے کرینگے، شہریوں نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ کے تمام ٹکٹس خرید لئے۔

    شہر قائد میں میچز ہوں اور شہری انجوائے نہ کریں ایسا کھبی نہیں ہوا، کراچی والوں نے اپنی اس روایات کو برقرار رکھا اور چھٹی کے روز ہونے والے پاک انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھوتے میچ کے تمام ٹکٹس خرید ڈالے۔

    میچ کے ڈھائی سو سے پندرہ سو روپے والے تمام ٹکٹس نایاب ہوگئے جبکہ وی آئی پی انکلوژر کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے، قائد انکلوژر، عمران خان، ماجد خان اور وسیم اکرم انکلوژر کےسات سو پچاس روپےوالے بھی مکمل فروخت ہوچکے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف انگلینڈ کو بڑا دھچکا

    آن لائن ٹکٹوں کی ویب سائٹ پر چھٹی کے روز کے تمام ٹکٹس سولڈ آؤٹ بتائے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ دورہ پاکستان میں سات میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے پاکستان میں موجود ہے، سیریز کے ابتدائی چار میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری تینوں میچز بالترتیب 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں طے ہیں۔

  • گوگل کی جانب سے پاکستانی خواتین کے لیے بڑا قدم

    گوگل کی جانب سے پاکستانی خواتین کے لیے بڑا قدم

    کراچی: گوگل کی جانب سے پاکستانی خواتین کے لیے بڑا قدم اٹھایا گیا، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سیکڑوں خواتین کو ٹیکنالوجی سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گوگل کی ویمن ٹیک میکرز ایونٹس کے تحت اس سال 800 سے زائد پاکستانی خواتین ڈویلپرز کو تربیت فراہم کی گئی، ویمن ٹیک میکرز سیشنز میں آن لائن سیفٹی، کوڈنگ اور پریزینٹیشن اسکلز جیسے موضوعات شامل تھے۔

    گوگل کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی خواتین کی ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا کیرئیر بنانے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

    ویمن ٹیک میکرز ایمبیسیڈرز نے اس سال خواتین ڈیویلپرز کی کمیونٹی کے لیے بامقصد اور مددگار پروگرام منعقد کر کے زبردست کام کیا۔ توقع ہے کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید خواتین سامنے آئیں جو دیگر خواتین کے لیے رول ماڈل بن سکیں۔

    واضح رہے کہ گوگل 2013 سے عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے 75 سے زائد ممالک میں ویمن ٹیک میکرز کے ہزاروں ایونٹس منعقد کرچکا ہے۔

  • 11 سالہ عائشہ کا بڑا کارنامہ، گولڈ اور سلور میڈل پاکستان کے نام

    11 سالہ عائشہ کا بڑا کارنامہ، گولڈ اور سلور میڈل پاکستان کے نام

    سوات سے تعلق رکھنے والی تائیکوانڈو کی ننھی کھلاڑی عائشہ ایاز نے ایک بار پھر کارنامہ انجام دیتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ اور سلور میڈلز حاصل کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق 11 سالہ عائشہ ایاز نے تھائی لینڈ میں ہونے والی انٹرنیشنل تائیکوانڈو چمپیئن شپ میں گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل جیت لیا ہے۔

    عائشہ ایاز 2 گولڈ، ایک سلور اور ایک برونز میڈل جیتنے والی پہلی فی میل پاکستانی بن گئی ہیں۔

    عائشہ ایاز نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی خبر سن کر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ اس مصیبت کے وقت کھڑی ہوں، اور پچاس ہزار روپے ریلیف فنڈ میں عطیہ کرتی ہوں۔

    عائشہ ایاز نے اپنا گولڈ میڈل ڈی سی سوات جنید خان کے نام، اور سلور میڈل وزیر کھیل عاطف خان کے نام کر دیا۔

    عائشہ ایاز پاکستان کے ہونہار کھلاڑی اور کوچ ایاز نائک کی بیٹی ہے، جو پاکستان میں کسی بھی انٹرنیشنل کھیل میں گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی بچی ہے۔

    تائیکوانڈو فیملی کی طرف سے پریزیڈنٹ کرنل وسیم جنجوعہ اور سیکریٹری جنرل مرتضیٰ حسن بنگش نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عائشہ ایاز ہمارے ملک کا اثاثہ ہے، جو مستقبل میں بھی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتی رہیں گی۔

    کوچ اور والد ایاز نائک نے تمام دوستوں، احباب اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون کے بغیر عائشہ کی ٹریننگ اور چیمپیئن شپ شمولیت ممکن نہ تھی۔

    انھوں نے کہا کہ اگر عائشہ خان جیسے بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں کو اسی عمر میں سپورٹ کیا جائے تو ملک میں کھیلوں میں کئی اور مقابلوں میں بین الاقوامی سطح پر نام روشن کیا جا سکتا ہے۔

  • میچ سے حاصل آمدنی سیلاب زدگان کیلیے عطیہ کرنے کا اعلان

    میچ سے حاصل آمدنی سیلاب زدگان کیلیے عطیہ کرنے کا اعلان

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف کراچی میں شیڈول پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈریلیف فنڈ 2022 میں جمع کروائی جائے گی۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ 20 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

    پی سی بی کراچی میں موجود شائقین کرکٹ سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اس میچ کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں تاکہ سیلاب زدگان کی امداد کی جاسکے۔ اس سیریز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آئندہ ہفتے سے شروع ہوگی۔

    رمیز راجہ، چیئرمین پی سی بی :

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے مون سون کی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پیداشدہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں کو تباہی کا سامنا ہے۔

    انہوں نےکہا کہ کرکٹ پاکستان کی عوام کو متحد کرتی ہے، لہٰذا، ہر مشکل اور آزمائشی وقت کی طرح پی سی بی اس مرتبہ بھی شائقین کرکٹ اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ سے حاصل ہونے والی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈریلیف فنڈ میں عطیہ کی جائے گی۔

    چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کو بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنا چاہیے تاکہ وہ سب ایک کرکٹ فیملی کی حیثیت سے سیلاب سےمتاثرہ افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کرسکیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی سی بی پہلے ہی سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے خوراک ، ادویات اور دیگر ظروری اشیاء کے ٹرک بھجوا چکا ہے۔وہ اپنے لوگوں اور ریسکیو آپریشنل ٹیموں کی ہر طرح سے مدد کرتے رہیں گے۔ ان کے احساسات اور دعائیں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔