Author: علی حسن

  • پاک بھارت ٹاکرا، ٹیم سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے گی

    پاک بھارت ٹاکرا، ٹیم سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے گی

    دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم آج ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے گی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایشیا کپ 2022 میں آج پاکستان اور بھارت ٹکرائیں گے، پاکستان ٹیم سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے گی۔

    سیاہ پٹیاں باندھنے کا مقصد پاکستان میں سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنا ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی گزشتہ روز پریس کانفرنس میں سیلاب متاثرین کی امداد کا اعلان کیا تھا۔

    بابر اعظم نے تمام افراد سے متاثرین کی مدد کی اپیل بھی کی تھی، ایشیا کپ کے پہلے میچ میں کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کا سیاہ پٹیاں باندھنا بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔

    ایشیا کپ میں افغانستان کا فاتحانہ آغاز

    ٹیم منیجر منصور رانا نے اپیل کی ہے کہ مخیر حضرات سے درخواست ہے کہ وہ پرائم منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کروائیں۔

    پی سی بی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے میدان میں آگیا

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کا کل سے آغاز ہو چکا ہے، پہلے میں افغانستان نے سری لنکا کی ٹیم کا بہادری سے سامنا کیا، اور بولنگ اور بلے بازی میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہ آسانی میچ جیت لیا۔ افغان ٹیم نے سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 105 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

  • ہتھنیوں کے روٹ کینال میں تاخیر، آپریشن کیسے کیا جائے گا؟ ڈاکٹر نے بتا دیا

    ہتھنیوں کے روٹ کینال میں تاخیر، آپریشن کیسے کیا جائے گا؟ ڈاکٹر نے بتا دیا

    کراچی: بیرون ملک سے دانتوں کی تکلیف میں مبتلا کراچی چڑیا گھر کی دو ہتھنیوں کے آپریشن کے لیے آنے والے ماہرین کے پاکستان پہنچنے میں تاخیر ہو گئی ہے، جو آج رات ترکی کے شہر استنبول سے کراچی پہنچیں گے۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بین الاقوامی تنظیم فور پاز کی 4 ڈاکٹروں کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر امیر خلیل نے کہا ہے کہ ہمارے 2 سرجنز پاکستان کی تاریخ کے پہلے اور انوکھے روٹ کینال کے لیے آپریشن کا سامان لے کر آج رات استنبول سے کراچی پہنچیں گے۔

    غیر ملکی ڈاکٹرز کی ٹیم نے دونوں ہتھنیوں کا معائنہ کر لیا ہے، ڈاکٹر امیر خلیل کا کہنا ہے کہ آپریشن کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، یہ اپنی نوعیت کا انوکھا روٹ کینال ثابت ہوگا، جس میں ہتنھی کے بیک وقت دونوں طرف کے دانت نکالے جائیں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ ہتھنی کو لٹا کر روٹ کینال نہیں کر سکتے، لیکن اسے بے ہوش کرنے کے بعد روٹ کینال کریں گے، اور اس لیے ہتھنی کے سر کو دونوں طرف سے سہارا دیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ یہ آپریشن ہتھنیوں کے لیے نقصان دہ نہیں ہے، اور آپریشن میں مزید دیر نہیں لگا سکتے۔

    ڈاکٹر امیر خلیل کے مطابق ہاتھی کے دانتوں کے مسائل کے علاج کا ایسا طریقہ پہلے کبھی استعمال نہیں کیا گیا، ماہر ویٹرنریرین ایک جدید طریقہ استعمال کریں گے جو روایتی طریقہ سے بہت کم نقصان والا ہے، کیوں کہ روایتی سرجری صرف رسکی اینستھیزیا کے تحت ہی ممکن ہے اور اس کے نتیجے میں سرجری کے بعد طویل علاج بھی ضروری ہوگا، جس میں پیچیدگیوں کا خطرہ زیادہ ہوگا۔

    طریقہ کار

    انھوں نے کہا ہم ‘اسٹینڈنگ’ مسکن دوا کے تحت سرجری کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، یعنی ہتھنی کو کھڑے حالت میں بے ہوشی کی دوا دی جائے گی، اور یہ علاج اتنا منفرد ہے کہ اس کے لیے خصوصی آلات بھی تیار کرنے پڑے ہیں۔

    یہ سرجری برلن کے لیبنز انسٹی ٹیوٹ فار زو اینڈ وائلڈ لائف ریسرچ (پروفیسر تھامس ہلڈیبرانڈ اور ڈاکٹر فرینک گورٹز) کے 2 ماہر ویٹرنرینز کریں گے، جو ڈاکٹر امیر خلیل کی قیادت میں فور PAWS ٹیم کا حصہ ہیں۔

    کراچی زو کی ہتھنیاں دانتوں کی تکلیف میں مبتلا، روٹ کینال آپریشن ہوگا

    ڈاکٹروں کی ٹیم پروسیجر کے دوران ہتھنی کی دانتوں سے مردہ بافتوں کو ہٹائے گی، جڑ کی نالی کو صاف کرے گی، اور مقامی ٹیم کو سکھائے گی کہ کس طرح سوزش کو روکنے اور زخموں کی حفظان صحت کو برقرار رکھنے کے لیے علاج کے بعد باقاعدگی سے صفائی کرنی ہے۔

    یہ طریقہ دوسرے قسم کے جانوروں جیسا کہ گھوڑوں کے علاج کے لیے استعمال کیا گیا ہے، لیکن پہلے کبھی ہاتھی پر استعمال نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ ہتھنیوں کے روٹ کینال اور علاج پر آنے والی لاگت بین الاقوامی تنظیم فور پاز برداشت کر رہی ہے، جو لوگوں کے عطیات کے ذریعے اسے پورا کرتی ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی چڑیا گھر کی 16 سالہ مدھو بالا اور 17 سالہ نور جہاں دونوں ہتھنیوں کا روٹ کینال ہوگا۔

  • کراچی زو کی ہتھنیاں دانتوں کی تکلیف میں مبتلا، روٹ کینال آپریشن ہوگا

    کراچی زو کی ہتھنیاں دانتوں کی تکلیف میں مبتلا، روٹ کینال آپریشن ہوگا

    کراچی: شہر قائد کے چڑیا گھر کی ہتھنیاں دانتوں کی تکلیف میں مبتلا ہو گئی ہیں، جنھیں اس تکلیف سے نجات دلانے کے لیے روٹ کینال کیا جائے گا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں ایک انوکھا روٹ کینال آپریشن ہونے جا رہا ہے، کراچی زو کی 16 سالہ مدھو بالا اور 17 سالہ نور جہاں نامی ہتھنیوں کا روٹ کینال ہوگا۔

    دونوں ہتھنیاں دانتوں کی تکلیف میں مبتلا ہیں، آسٹریا سے آنے والے انٹرنیشنل فور پاز نامی تنظیم کے ڈاکٹرز روٹ کینال آپریشن کریں گے۔

    مدھو بالا کا دانت گل چکا ہے، جس کا آپریشن کل کیا جائے گا، غیر ملکی ڈاکٹرز کی ٹیم نے دونوں ہتھنیوں کا معائنہ کر لیا ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دونوں ہتھنیوں کے دانتوں کا انفیکشن خطرناک مرحلے تک پہنچ گیا ہے اور وہ مسلسل درد میں مبتلا ہیں۔

    روٹ کینال پروسیجر کے لیے طبی آلات خاص طور پر ڈیزائن کیے گئے ہیں، جن میں بڑے سائز کے ایکسکویٹرز، ڈرلز، انڈوڈونٹک برس اور دیگر آلات شامل ہیں۔

    تنظیم فور پاز کی ٹیم ڈاکٹر مرینا ایوانووا، ڈاکٹر فرینک گورتز، ڈاکٹر تھامس ہلڈربرانت، سی ای او جوزف فابیگان، ڈائریکٹر عامر خلیل، ہاتھی ٹرینر میتھیئس اوٹو اور ان کے اسسٹنٹ ایگنیزکا پر مشتمل ہے۔

  • انگلش بورڈ کا سیکیورٹی وفد آج نیشنل اسٹیڈیم کا جائزہ لے گا

    انگلش بورڈ کا سیکیورٹی وفد آج نیشنل اسٹیڈیم کا جائزہ لے گا

    کراچی: انگلش بورڈ کا سیکیورٹی وفد آج نیشنل اسٹیڈیم کا جائزہ لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کا سیکیورٹی وفد آج دوپہر نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا، 4 رکنی وفد میں رچرڈ اسنوبال، رابرٹ لنچ، جان کار اور ریج ڈکاسن شامل ہیں۔

    سیکیورٹی وفد اسٹیڈیم کے مختلف مقامات کا جائزہ لے گا، اس موقع پر پی سی بی سیکیورٹی آفیشل اور اسٹیڈیم کی انتظامیہ انتظامات پر بریفنگ دے گی۔

    ایئر پورٹ سے ہوٹل تک اور ہوٹل سے اسٹیڈیم کے روٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اسٹیڈیم میں سیکیورٹی وفد کی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے میٹنگ بھی شیڈول ہے۔

    کراچی کے بعد سیکیورٹی وفد لاہور اور ملتان میں بھی انتظامات کا جائزہ لے گا۔

    انگلش بورڈ کے سیکیورٹی وفد کی پاکستان آمد

    واضح رہے کہ انگلش ٹیم رواں سال 7 ٹی ٹوئنٹی میچز اور 3 ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستان آئے گی، تاہم حتمی شیڈول کا فیصلہ سیکیورٹی وفد کی رپورٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

    آسٹریلیا کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد غیر ملکی ٹیموں کے سیکیورٹی خدشات ختم ہو چکے ہیں، اور بین الاقوامی ٹیمیں اب پاکستان کا دورہ کرنے میں دل چسپی رکھتی ہیں۔

  • ‘شہباز شریف اعتماد کھوچکے بتائیں استعفیٰ کب دیں گے؟’

    ‘شہباز شریف اعتماد کھوچکے بتائیں استعفیٰ کب دیں گے؟’

    کراچی : تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اعتماد کھوچکے بتائیں استعفیٰ کب دیں گے، امپورٹڈ حکومت کے پاس فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قوم کوکل کےضمنی الیکشن پربہت بہت مبارک ہو، پاکستان کے سارے چورایک طرف تھے، فارن فنڈنگ امپورٹڈ حکومت رجیم چینج کے ذریعے آکر بیٹھ گئی اور 3 ماہ میں ہر قسم کی تباہی کردی۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانیوں کے ووٹ کا حق واپس کردیا، اپنی کرپشن کے تمام کیسز ختم کروالیے، وفاقی حکومت کا کام پالیسی میکنگ ہے، ان کو تو یہ ہی نہیں پتا تھا کہ ایک یا 6 ماہ رکیں گے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم کومبارک ہوعمران خان اورپی ٹی آئی نےبتادیا، قوم کوغلط راستے پر چلا کر بیوقوف بنایا گیا اب یہ قوم بیوقوف نہیں بنے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب کراچی کی باری ہے،8سال بعدبلدیاتی الیکشن کافیزٹوہورہاہے، فیز ون میں انھوں نے ہزار امیدوار بلامقابلہ منتخب کرا لئےتھے، الیکشن کمیشن فارم لینے جائیں تووہ پوچھتے تھے کس جماعت سے ہیں،اگر آپ نے بتا دیا تو گھر پہنچنے سے پہلے پولیس پہنچ جاتی تھی۔

    علی زیدی نے بتایا کہ کسی پر بکری چوری توکسی پرکچھ الزام لگاکراٹھالیا جاتاتھا، انھوں نے تو ہمیں دہشت گرد قرار دے دیا ، بابرغوری دہشت گرد نہیں ہے اور عمران ریاض کو دہشت گرد بنا دیا۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ 246میں سے 241 یو سی میں تحریک انصاف کا پینل ہے، پنجاب میں کامیابی کی وجہ تھی کہ سب ووٹ دینے نکلےتھے، ضمنی الیکشن میں کل تاریخی ٹرن آؤٹ رہا ہے۔

    سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چاہے بارش ہو یا دھوپ 24جولائی کوشہریوں نے صبح جلدی نکلناہے، ہم آپ کو اس شہر کا نقشہ بدل کردیں گے، میری آپ سےدرخواست ہے24جولائی کوبڑی تعدادمیں نکلیں، جہاں بھی بلے کا امیدوار کھڑا ہو ، وہاں تو 100 فیصد کھڑے رہنا ہے۔

    علی زیدی نے کہا کہ جماعت اسلامی بھی الیکشن لڑرہی ہے ان سےبھی درخواست ہے اپنے لوگوں کو کھڑا رکھیں، بلدیاتی الیکشن میں بے ایمانی نہ ہم کریں گے اور نہ ہی کرنےدیں گے۔

    ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اب آپ کی تیاری نہیں ہےآپ کواپنی شکست نظرآرہی ہے، انہیں امیدوارنہیں مل رہےتوایم کیوایم چاہتی ہے الیکشن مؤخر ہوجائیں۔

    انھوں نے کہا کہ خدشہ ہے اب ان بڑے بڑے لیڈروں کی کمر درد اور انہیں کورونا ہوجائے گا۔ شہباز شریف اعتماد کھوچکے بتائیں استعفیٰ کب دیں گے، مپورٹڈ حکومت کے پاس فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں۔

    پیپلز پارٹی کے حوالے سے علی زیدی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے جو صوبے کے ساتھ کیا میں اسکے پیچھے آرہا ہوں، عمران خان سے سیکھا ہے ڈرتا نہیں ہوں۔

    عمران خان کے دورہ سندھ کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما نے بتایا کہ عمران خان کراچی آرہے ہیں، 21جولائی کو عمران خان کاحیدرآباد میں اور 22جولائی کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کے پاس فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں ، یہ لوگ آج تک سندھ کا گورنر اور نیب کا چیئرمین نہیں لگا سکے، صرف آئی ایم ایف سےمعاہدےکیلئےمہنگائی سےلوگوں کی کمر توڑدی۔

  • پاکستانی باڈی بلڈر نے بھارت کو گولڈ میڈل سے محروم کر دیا

    پاکستانی باڈی بلڈر نے بھارت کو گولڈ میڈل سے محروم کر دیا

    کراچی: پاکستانی باڈی بلڈرز نے مالدیپ میں گولڈ میڈل سمیت 3 میڈلز جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 54 ویں ایشیئن باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ میں پاکستانی تن سازوں نے بڑی کامیابیاں حاصل کر لیں، مالدیپ کے آئی لینڈ مافوشی میں قومی ترانے کی گونج نے دلوں کو گرما دیا۔

    چیمپیئن شپ میں پاکستانی باڈی بلڈرز نے 3 میڈلز جیتے، اور مجموعی طور پر 6 پوزیشنز اپنے نام کیں۔

    قومی تن ساز شہزاد قریشی نے بھارتی حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا، شہزاد قریشی نے ماسٹر کلاس 80 کلو گرام پلس کیٹیگری میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا، ازبکستان کے عمر زاکوپاول دوسرے ، اور بھارت کے ناریش نگدیو تیسرے نمبر پر رہے۔

    عمر شہزاد جونیئر باڈی بلڈنگ 70 کلو گرام پلس کیٹیگری میں سلور میڈل لینے میں کامیاب رہے، بھارت کے سریش بالا کمار نے پہلی، چن کھینگ گھابا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    قومی تن ساز ارسلان بیگ نے ماڈل فزیک کیٹیگری میں برونز میڈل حاصل کر لیا، مالدیپ کے اظنین راشد پہلے اور بھارت کے یوراج آدھو تیسرے نمبر پر رہے۔

    مدثر خان نے ماڈل فزیک کیٹیگری میں پانچویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ قومی تن ساز فضل الہٰی نے ماسٹر کلاس 80 کلو گرام پلس کیٹیگری میں چھٹی پوزیشن اپنے نام کی، محمد عظیم بھی ماسٹر کلاس 70 کلو گرام پلس کیٹیگری میں چھٹی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

    واضح رہے کہ 54 ویں ایشیئن باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ مالدیپ میں کھیلی جا رہی ہے، سیکریٹری پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن سہیل انور نے قومی تن سازوں کو شان دار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔

    سہیل انور کا کہنا تھا کہ پاکستانی باڈی بلڈرز نے اپنی محنت سے ملک کا نام روشن کیا، پاکستان میں باڈی بلڈنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، انھوں نے کہا کہ ایشیئن چیمپیئن شپ میں میڈلز پاکستانی قوم کے لیے تحفہ ہے، پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن اپنے ایتھلیٹس کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • دودھ، ڈبل روٹی، انڈے، بن، پاپے سب اچانک مہنگے ہوگئے

    دودھ، ڈبل روٹی، انڈے، بن، پاپے سب اچانک مہنگے ہوگئے

    بجٹ میں حکومت کی جانب سے اشیا خوردونوش کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا پھر بھی دکانداروں نے ناشے کے سامان کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں ناشتے کے سامان کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا، دودھ، ڈبل روٹی، انڈے، بن، پاپے سب اچانک مہنگے کردیے گئے۔

    دودھ اور دہی کی قیمت میں فی لیٹر اور کلو 20 روپے اضافہ کیا گیا ہے جو دودھ 150 روپے میں دستیاب تھا وہ اب 170 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جارہا ہے۔

    بن کی قیمتیں بھی بڑھادی گئی ہیں چھوٹے بن کی قیمت میں 5 اور بڑے بن کی قیمت میں 15 سے 20 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

    شہری کا کہنا تھا کہ ایکدم دکانداروں نے 20 روپے کا اضافہ کیا ہے جو ڈبل روٹی 50 روپے کی تھی وہ اب 70 روپے میں مل رہی ہے، چھوٹے مکھن کی تکیہ پہلے 50 روپے کا مل رہا تھا وہ اب 60 کا مل رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی ابھی چھٹیاں ہیں لیکن جب وہ اسکول جانا شروع کریں گے تو والدین کس طرح ناشتے کا سامان خریدیں گے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کا اثر اشیا ضروریہ کی قیمتوں پر بھی ہوتا ہے حکومت کو چاہیے کہ پیٹرول کی قیمت پر نظرثانی کرے تاکہ اشیا ضروریہ عوام کو مناسب قیمتوں میں دستیاب ہوسکیں۔

  • ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ کا اعلان، کتنے فاسٹ بولرز شامل کرلئے گئے؟

    ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ کا اعلان، کتنے فاسٹ بولرز شامل کرلئے گئے؟

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لئے سولہ رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکواڈ میں تین اوپنرز، تین مڈل آرڈر بیٹرز،دو وکٹ کیپرز،تین اسپنرز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ پانچ فاسٹ بولرز کو بھی قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    کالی آندھی سے میچز آٹھ، دس اور بارہ جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےجائیں گے، سیریز ون ڈے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کاحصہ ہیں، تربیتی کیمپ کے لیےقومی اسکواڈ یکم جون کو راولپنڈی میں رپورٹ کرےگا۔

    قومی اسکواڈ

    بابراعظم(کپتان) ، نائب کپتان شاداب خان ، محمدرضوان، عبداللہ شفیق،فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد اور امام الحق، خوشدل شاہ، محمدحارث ،محمد نواز،محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز ڈاہانی اور زاہدمحمود بھی اسکواڈ میں شامل کئے گئے ہیں۔

  • ‘اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں عمران خان حکومت کے خلاف ہوں’

    ‘اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں عمران خان حکومت کے خلاف ہوں’

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ تیل، ٹماٹر اور آٹا ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، پیٹرول ابھی سستا ہے لیکن ہو سکتا ہے پھر قیمت بڑھ جائے، پر اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں عمران خان حکومت کے خلاف ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے تحت ‘شہر قائد میں کھیلوں کو درپیش مسائل اور ان کا حل’ کے عنوان سے کراچی ری بِلڈ سیمینار میں کرکٹ لیجنڈ یونس خان نے خصوصی شرکت کی، سیمینار کی صدارت جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کر رہے تھے، تقریب میں سابق اولمپک باکسنگ ریفری علی اکبر شاہ اور ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین نے بھی شرکت کی۔

    کرکٹ لیجنڈ یونس خان نے کہا ماضی میں گراؤنڈز بہت تھے اور بلڈنگز کم ہوا کرتی تھیں، اب نرسریاں اور گراؤنڈز کم ہو گئے، گراونڈ کی فیس بڑھا دی گئی، کرکٹ کا سامان بھی مہنگا ہوگیا ہے، تیس ہزار روپے کی صرف ہیلمٹ ہے تو یہ کہاں سے خریدیں لوگ۔

    انھوں نے کہا پیٹرول سستا ہوگیا لیکن شاید دوبارہ قیمت بڑھ جائے، اب تو ٹماٹر، آٹا ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، میں عمران خان کی حکومت کے خلاف نہیں ہوں، جب چیزیں مہنگی ہونے لگی تو چھوڑ دیں۔

    یونس خان نے کہا مجھے جگہ دیں میں اکیڈمی بناؤں گا، جو پیسے دے سکتا ہے ان ہی سے مانگیں گے ہر کسی سے نہیں،میرے اپنے بچے فٹبال کھیلتے ہیں، میں ایک آرم ریسلر کے لیے بھی اسپانسر ڈھونڈ رہا ہوں، اگر کھلاڑی کو اسپانسر نہ ملا تو میں خود پیسے خرچ کروں گا، پہلے زمانے میں محلے کے چاچے مامے خالی جیب کے باوجود کرکٹ کو سپورٹ کرتے تھے۔

    سابق اولمپک باکسنگ ریفری علی اکبر شاہ نے کہا کھیلوں کو گزرتے وقت کے ساتھ جھٹکے لگ رہے ہیں، جتنے بھی لوگ اسپورٹس منسٹری میں موجود ہیں وہ ایک لفظ بھی نہیں جانتے، کراچی نے کھیلوں کے نامور کھلاڑیوں کو جنم دیا ہے، جھنڈے کے لیے اب کم کھلاڑی کھیلتے ہیں، اصل مقصد پیسہ کمانا ہوگیا ہے۔

    ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین نے کہا حقدار کو حق دلانا ہوگا، یونس خان جیسے محنتی کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا، کھیلوں کا انفرا اسٹرکچر درست کرنے کی ضرورت ہے، گراؤنڈ آباد کرنے کے لیے بچوں کا حوصلہ بڑھانا ضروری ہے۔ انھوں نے شکوہ کیا کہ کرکٹ نے تمام کھیلوں کو دبا دیا ہے، اس کھیل میں ٹیلنٹ سمیت پیسہ بہت ہے، لیکن دیگر کھیلوں میں اگر اسپانسرشپ لائی جائے تو ٹیلنٹ اجاگر کیا جا سکتا ہے۔

    اسپورٹس آرگنائزر مبشر مختار نے کہا اسپورٹس کوٹے پر ہونے والے داخلے اور نوکریاں ختم کر دی گئیں، سہولیات کا فقدان بھی کھیلوں کو تباہ کر رہا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ممکن ہے کہ سیاسی جماعتوں کے منشور میں چند نکات کھیلوں پر شامل ہوں، تاہم کھیلوں کے شعبے کافی حد تک نظر انداز کیے گئے، جب کہ پاکستان کے ستارے دنیا بھر میں جگمگا چکے ہیں مگر کمرشلائز ہونے کی وجہ سے اب نتائج سوچ کے برعکس آ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا اسکول لیول پر ٹورنامنٹ ہوا کرتے تھے جو اب ختم ہوگئے ہیں، کالج اور یونیورسٹی لیول پر بھی ایونٹ ہوتے تھے، جامعات میں 10 سے بارہ کھیلوں کو لازمی ہونا چاہیے، اگر ایسا مکمن نہیں ہو سکتا تو یونیورسٹی کو چارٹر نہیں کیا جائے۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ چائنا کٹنگ گراؤنڈز کو کون چھٹکارا دلائے گا، کرکٹ سے پاکستانیوں کو عشق ہے جو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

  • آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کےلیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کےلیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کےلیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، سیریز کےلیے 5 ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

    پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے بعد حارث رؤف اور شان مسعود کی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، دونوں کھلاڑیوں کو بلال آصف اور عابد علی کی جگہ شامل کیا گیا جب کہ یاسر شاہ کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

    ٹیسٹ اسکواڈ کے کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، اظہرعلی، فہیم اشرف، فوادعالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمدنواز، نعمان علی اور ساجدخان اسکواڈ شامل ہیں۔

    قومی اسکواڈ میں سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، زاہد محمود جب کہ ریزرو کھلاڑیوں میں کامران غلام، محمد عباس اور نسیم شاہ، سرفراز احمد اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے ثقلین مشتاق کو مزید ایک سال کیلئے قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ 12 ماہ کےلیے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے جب کہ محمد یوسف آسٹریلیا سیریز کےلیے بیٹنگ کوچ ہوں گے۔

    اسٹاف کے دیگر ارکان میں منیجر منصور رانا، فیلڈنگ کوچ عبدالمجید، شاہد اسلم اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ اور ڈریکس سائمن اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ہیں۔