Author: علی حسن

  • شوگر میں مبتلا افراد کیلئے خوشخبری، ویڈیو دیکھیں

    شوگر میں مبتلا افراد کیلئے خوشخبری، ویڈیو دیکھیں

    ذیابیطس زندگی بھر ساتھ رہنے والے ایسی طبی حالت ہے جو ہر سال لاکھوں افراد کو موت کے منہ میں دھکیل دیتی ہے اور یہ کسی کو بھی شخص کو لاحق ہوسکتی ہے۔

    یہ بیماری اس وقت پیدا ہوتی ہے جب جسم اپنے اندر موجود شکر (گلوکوز) کو حل کرکے خون میں شامل نہیں کر پاتا اس کی پیچیدگی کی وجہ سے دل کے دورے، فالج، نابینا پن، گردے ناکارہ ہونے اور پاؤں اور ٹانگیں کٹنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔

    اس سلسلے میں ٹی ایچ بی گلوبل نے شوگر کے مریضوں کیلیے نہایت آسانی پیدا کردی ہے اب مریض اپنی شوگر گھر بیٹھے بہت سہل انداز میں اپن چیک اپ کرسکتے ہیں۔

    کراچی میں ہونے والی دو روزہ ڈائبٹیز کانفرنس میں دی ہیلتھ بینک گلوبل کا اسٹال توجہ کا مرکز بنا رہا، ملک میں پہلی بار جدید ڈیوائس کے ذریعے گھر بیٹھے شوگر کے مسائل اور اس کے علاج کے معاملات باآسانی حل کیے جاسکتے ہیں۔

    ٹی ایچ بی گلوبل ہوم کیئر سروسز کے ساتھ ساتھ ریموٹ مانیٹرنگ اور ڈیلی سپورٹ کی فراہمی کے ذریعے پاکستان میں معیاری ہیلتھ کیئر فراہم کرکے ملک میں ہیلتھ کیئر کے معیارکو یکسر تبدیل کرنے کا ذاتی نظام رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹی ایچ بی گلوبل دبئی اور کویت میں بھی سروس کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

    بہت سے لوگ اگر شوگر ہو جائے تو انجیکشن لگوانے سے گھبراتے ہیں اور ڈاکٹر سے اصرار کرتے ہیں کہ وہ انھیں گولیاں دے۔ گولیاں ٹھیک ہیں لیکن وہ انسولین کا ڈائریکٹ بدل نہیں ہیں۔

    انسولین کا انجیکشن آپ کو وہ فوری انسولین مہیا کر دیتا ہے جو خوراک کو توڑنے کے لیے کافی ہے، بصورتِ دیگر شوگر آپ کے خون میں شامل ہو کر جسم کے دوسرے اعضا مثلاً دل، گردوں اور آنکھوں وغیرہ کو متاثر کرتی ہے۔ انسولین ذیابیطس کو صحیح نہیں کرتی لیکن اس کو ‘مینیج’ کرسکتی ہے۔

    اگر آپ کو ڈاکٹر نے واقعی منع نہیں کیا تو جو چاہے کھائیں لیکن اس بات کا احتیاط کریں کہ وہ زیادہ نہ ہو، آپ انجیکشن لے رہے ہوں اور آپ کوئی ایسی ایکٹیویٹی یا ورزش ضرور کریں کہ جو آپ نے کھایا ہے وہ ٹوٹ جائے۔

    یعنی توانائی گلوکوز وغیرہ علیحدہ ہو جو جسم کے پٹھوں اور دوسرے اعضا کو چاہیئے اور فضلہ علیحدہ۔ شوگر کو ہر حالت میں ٹوٹنا چاہیئے اگر ایسا نہ ہو تو یہ جسم کے حصوں میں اسی طرح شامل ہوتی ہے اور انھیں تباہ کرتی ہے۔

    شوگر مانیٹر کرتے رہیں تاکہ پتہ چلے کہ دن کے کس وقت وہ بڑھتی ہے یا کم ہوتی ہے۔ اس سے آپ اپنی روٹین بنا سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ کھانے کے فوراً بعد ہی مانیٹر کرنے نہ بیٹھ جائیں کیونکہ گلوکوز کے ٹوٹنے اور خون کے ذریعے جسم کے خلیوں میں توانائی پہنچانے میں دو گھنٹے تک لگ سکتے ہیں۔

    اچھی خبر یہ ہے کہ اگر صحت مند کاربو ہائیڈریٹس اور فائبر والی غذا کھائیں تو آپ کی بلڈ شوگر خود بخود ہی کم ہو جاتی ہے۔ ورزش سے جسم کی انسولین کے متعلق حساسیت بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے وہ زیادہ بلڈ شوگر جذب کر سکتا ہے۔

  • بھارت سے مقابلہ؛ جاوید میانداد کا قومی ٹیم کو اہم مشورہ

    بھارت سے مقابلہ؛ جاوید میانداد کا قومی ٹیم کو اہم مشورہ

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کامیابی کے لئے لیجنڈری بیٹسمین جاوید میانداد نے ‏قومی ٹیم کو اہم مشورہ دیا ہے۔

    جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا ضروری نہیں ‏پرفارمنس دینے والا ہی اچھا کھیلے لیکن جیت کے لئے ایک ٹیم کی حیثیت سے کھیلنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جیت کے لئے مستقل مزاجی ضروری ہے جب دو ٹیمیں امنے سنے ہوتی ہیں ‏کسی ایک کی جیت ہوتی ہے کرکٹ اور پیسے دو الگ بات ہے پاکستان سب سے پہلے اور کرکٹ ترجیحات میں ‏شامل ہونی چاہیے۔ ‏

    لیجنڈری بیٹسمین کا کہنا تھا کہ کھیلنے والے چیئرمین پی سی بی نہیں کھلاڑی ہیں جب اچھی کرکٹ کھیلیں گے ‏تو پیسہ بھی آئے گا۔

    یاد رہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے عمان اور یو اے ای میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 24 ‏اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
    واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوتے ہی پاکستان اور ‏بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے ٹکٹ ابتدائی چند منٹوں میں ہی فروخت ہو گئے تھے۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹ فروخت ہونے اور ٹکٹوں کے حصول میں کامیاب ہونے والوں نے اپنی خوشی ‏کے اظہار کے لیے سوشل ٹائم لائنز کا رخ کیا تو بھرپور طریقے سے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا تھا۔

  • آئی سی سی پر بھروسہ نہیں کر سکتے ، پی سی بی کو مالی طور پر مضبوط بنائیں گے، رمیز راجہ

    آئی سی سی پر بھروسہ نہیں کر سکتے ، پی سی بی کو مالی طور پر مضبوط بنائیں گے، رمیز راجہ

    کراچی : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا کے کہ آئی سی سی پر بھروسہ نہیں کر سکتے ، پی سی بی کو مالی طور پر مضبوط بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا، ایم ڈی اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج شمشاد اختر بھی موجود تھے۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج آنا بالکل ایک نیا تجربہ ہے، یہاں آنے کا مقصد کرکٹ کی ایکانومی کو مضبوط کرنا ہے ، ہم اس وقت آئی سی سی پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔

    رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آئی سی سی پر بھروسہ نہیں کر سکتے ، پی سی بی کو مالی طور پر مضبوط بنائیں گے ، اچھی کرکٹ کے لیے مضبوط فنانشل سسٹم ضروری ہے، دیگرممالک کے کرکٹ بورڈ زمیں بہت سرمایہ کاری ہوتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم اپنےگراؤنڈز کو بنانے کے لیے پیسہ خرچ کریں گے، ہماری ورلڈ کپ کی تیاری جاری ہے ، کوشش ہے کہ ورلڈ کپ میں اچھی ٹیم لائیں۔

    چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ گراس روٹ پرجوکام ہوناچاہیےتھاوہ نہیں ہوا، کلب کرکٹ ہماری بہت پیچھےرہ گئی ہے، میری کوشش ہےکہ کرکٹ پربات ہو۔

    رمیز راجہ نے مزید کہا کہ کارکردگی اچھی ہوگی توہی اسپانسرکہ توجہ مبذول ہوگی، کاروباری افرادچاہیں توکرکٹ اکانومی بہترہوسکتی ہے، قومی کرکٹ ٹیم کونمبرون بنانے کے لیے کام کرتےرہیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مقامی کاروباری افرادکی کرکٹ سے متعلق معاونت زیادہ نہیں، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے جانے سے دو باتوں کا اندازہ ہوا، اگر ٹیم بہترین ہوگی تو کوئی ٹیم واپس نہیں جائےگی۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں بزنس کمیونٹی بتائےہم کس طرح اوپر جاسکتے ہیں ، جب تک میں ہوں صرف کرکٹ پر بات ہوگی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ملک کےدوردراز علاقوں میں ٹیلنٹ ڈھونڈنےکی ضرورت ہے، ہمیں لاڑکانہ سےداہانی جیساسپراسٹارملاہے، اسکول کرکٹ پرخاص توجہ دےجارہی ہے، اسکول کرکٹ سے متعلق کچھ دنوں میں اچھی خبر ملے گی۔

  • نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں: عقیل کریم ڈھیڈی

    نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں: عقیل کریم ڈھیڈی

    کراچی: شہر قائد کی معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا ہے کہ وہ نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پہلے دورے پر کراچی آئے اور عقیل کریم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ اراضی میں ہوٹل کا ہونا بہت اہمیت کا حامل معاملہ ہے، وہ یہ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں۔

    انھوں نے عندیہ دیتے ہوئے کہا ہوٹل میں سرمایہ کاری شاید میں اکیلا کروں گا یا پھر اور لوگ بھی ہوں گے، تاہم آٹھ نو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا آنے والے برس اسپورٹس کے لیے اچھے سال ہوں گے، کرونا کی وجہ سے جو نقصان ہوا اب وہ ختم ہو جائے گا، رمیز راجہ نے تاجروں سے ملاقات کر کے ان کی اہمیت کو سمجھا ہے۔

    عقیل کریم نے کہا ہم پاکستان میں کھیل کو فروغ دینا چاہتے ہیں، صرف کرکٹ نہیں ہر کھیل کی ترقی چاہتے ہیں، اور جو کام کل کرنا ہے وہ آج کر نا چاہتے ہیں، آنے والے وقتوں میں سرمایہ کار پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہوں گے۔

    کاروباری شخصیت کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ معاشی طور پر مقابلے کے لیے ہم تیار ہیں، پی ایس ایل نہیں بلکہ ہر ٹورنامنٹ کو اسپانسر کر سکتے ہیں۔

    کرکٹ کی بہتری کے لیے کراچی میں رمیز راجہ کا بڑا قدم

    واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ ایک اہم دورے پر کراچی آئے ہیں، کچھ دیر بعد رمیز راجہ اور کاروباری شخصیات کی ایک اہم میٹنگ ہوگی، جس میں کراچی کنگز کے صدر سلمان اقبال بھی موجود ہوں گے۔

    چیئرمین پی سی بی اور بزنس مینز کی میٹنگ کے نکات میں انٹر اسکول اور کلب کرکٹ کو بحال کرنا، اسٹیڈیم کو ملٹی مقاصد کے لیے استعمال کرنا، نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر شامل ہیں۔

    ہوٹل میں جدید سہولیات اور 200 کمرے ہوں گے، اسکول، کالج اور انڈر 19 کرکٹ بحال کی جائے گی، بزنس کمیونٹی کو کرکٹ میں لایا جائے گا، اور اس سب سرگرمی کا مقصد کرکٹ ٹورنامنٹس کو بڑھانا ہے۔

  • سابق مشہور برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر نامزد

    سابق مشہور برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر نامزد

    کراچی: سابق برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر نامزد کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکل اوون پاکستان فٹ بال لیگ کے لیے خدمات فراہم کریں گے، مائیکل اوون نے پی ایف ایل کے ساتھ 3 سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے۔

    41 سالہ مائیکل اوون انگلش پریمیئر لیگ، ریئل میڈرڈ، لیورپول ایف سی کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ انگلش پریمیئر لیگ کے کم عمر ترین 100 گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز رکھتے ہیں۔

    مائیکل اوون نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے بھی خدمات انجام دیں، اور انگلش پریمیئر لیگ کے 10 سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شمار ہوئے۔

    مائیکل اوون اب پی ایف ایل کے لیے کام کریں گے، انھوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال کے با صلاحیت کھلاڑیوں کی جنت ہے، میں پاکستان فٹ بال لیگ کے لیے کام کرنا اعزاز سمجھتا ہوں۔

    سابق انگلش فٹبال پلیئر نے کہا پاکستان میں فٹ بال کو جدید خطوط پر استوار کرنا میرا مشن ہوگا۔

    سی ای او گلوبل سوکر وینچرز زیب خان نے کہا کہ مائیکل اوون کا پاکستان آنا قوم کے لیے ایک اعزاز ہے، مائیکل فٹ بالرز کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں موڑنے کا ہنر جانتے ہیں۔

    انھوں نے کہا بہت جلد پاکستان فٹ بال لیگ کی فرنچائز کی تقریب رونمائی ہوگی، اور فرنچائز مالکان کا بھی بہت جلد اعلان ہوگا۔

  • انتظار ختم! گرین لائن بسوں کو لانے والا جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز

    انتظار ختم! گرین لائن بسوں کو لانے والا جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز

    کراچی: شہرقائد کے لوگوں کیلئے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، گرین لائن بسوں کو لانے والا جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جہاز شیڈول سے ایک دن تاخیر سے کراچی پورٹ پہنچا۔ فین شن نامی جہاز میں40 بسیں ہیں، اس ضمن میں آج ساڑھے تین بجے اسٹیٹ آف آرٹ بسوں کی نقاب کشائی کی جائے گی۔

    گرین لائن منصوبے کی بسوں کی آمد کی خوشی میں ریڈ کارپٹ ویلکم جیسے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ بسوں کی آمد سے قبل ہی گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ 42 گرین لائن بسوں کی پہلی کھیپ لانے والا جہاز عنقریب کراچی پورٹ پہنچ رہا ہے۔

    ذرایع کا کہنا تھا کہ پہلے فیز میں گرین لائن سرجانی سے نمائش تک چلائی جائے گی، بسیں مکمل ایئرکنڈیشنڈ ہوں گی جن میں 200 سے 250 افراد کی گنجائش ہے، بس میں خواتین اور معذور افراد کے لیے بھی نشستیں مختص ہیں۔

    گرین لائن منصوبے کے پہلے فیز کی بحالی کے لیے 80 بسیں مختص ہوں گی۔

  • ورلڈ بیچ ریسلنگ:‌ انعام بٹ کی لگاتار دو فتوحات

    ورلڈ بیچ ریسلنگ:‌ انعام بٹ کی لگاتار دو فتوحات

    روم: اٹلی میں جاری ورلڈ بیچ ریسلنگ کے مقابلے میں پاکستانی ریسلر انعام بٹ نے دوسری فتح بھی حاصل کرلی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ورلڈ بیچ ریسلنگ کے مقابلے اٹلی میں جاری ہیں، جہاں ا پاکستانی ریسلر انعام بٹ کا پہلا مقابلہ یوکرائنی ریسلر کے ساتھ ہوا۔

    انعام بٹ نے مخالف کھلاڑی کو باآسانی زیر کر کے ایونٹ کی فتح اپنے نام کی۔

    ایک گھنٹے بعد انعام بٹ کی دوسری فائٹ یونانی ریسلر کے ساتھ ہوئی، اس مقابلے میں بھی انہوں نے فتح اپنے نام کی۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی ریسلر انعام بٹ ٹوکیو اولمپکس میں کوالیفائی کیوں نہ کرسکے؟

    یونانی ریسلر جورجز سکناکس کو شکست دے کر انعام بٹ نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے، کل وہ کوارٹر فائنل کے لیے ترکی کے ریسلر کے مدمقابل ہوں گے۔

    کوارٹر فائنل میں فتح حاصل کرنے والے کھلاڑی کو کل ہی سیمی فائنل کھیلنا ہوگا، جس کے بعد ورلڈ بیچ ریسلنگ کا فائنل کل ہی کھیلا جائے گا۔

  • شاہدآفریدی کا طالبان سے متعلق اہم بیان

    شاہدآفریدی کا طالبان سے متعلق اہم بیان

    سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کے معاملات پہلے سے مختلف ہیں اس بار ‏طالبان کافی مثبت ہیں، کرکٹ کوسپورٹ کرتے ہیں۔

    کراچی میں میمن سپر لیگ کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے شاہدآفریدی نے کہا کہ میمن کمیونٹی نے ‏کراچی میں بہت کام کیا ہے اسٹیک ہولڈرز کو چاہیے کراچی میں کرکٹ اکیڈمیز بنائیں اگر اکیڈمیز ہوں گی تو ‏ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

    شاہدآفریدی نے کہا کہ آج کل زیادہ ٹیلنٹ کےپی سے آرہا ہے میمن کمیونٹی کو چاہیے کرکٹ اکیڈمی بنائیں میں ‏انکا ساتھ دوں گا سسٹم تبدیل کرنا ہےتوصرف چہرے تبدیل نہ ہوں تبدیلی کا نعرہ گراس روٹ لیول سے ہونا ‏چاہئے میں ابتک مداحوں کی وجہ سے کرکٹ کھیل رہا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بایو سیکیور ببل کی وجہ سےکرکٹ کھیلنا بند کر دی ہے پلیئزکیلئےبائیو سیکیورببل بہت مشکل ‏ہو جاتا ہے۔ انہوں نے پی ایس ایل کو خیرباد کہنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ شایداگلا پی ایس ایل میرا آخری ‏ایونٹ ثابت ہو خواہش ہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکیجانب سےآخری سیزن کھیلوں۔

  • شعیب ملک کا مظفر آباد پہنچ کر انوکھی خواہش کا اظہار

    شعیب ملک کا مظفر آباد پہنچ کر انوکھی خواہش کا اظہار

    مظفرآباد: کے پی ایل کی ٹیم میرپور رائلز کے کپتان شعیب ملک نے مظفر آباد پہنچ کر انوکھی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک مظفر آباد کے موسم اور نظاروں کے گرویدہ ہو گئے ہیں، وہ کشمیر پریمیئر لیگ کے میچز میں حصہ لینے کے لیے آزاد کشمیر پہنچے ہیں، اور جاتے ہی کشمیر کی بلند و بالا پہاڑوں کے نظاروں کے گرویدہ ہو گئے۔

    آل راؤنڈر نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں مظفر آباد آزاد کشمیر آنے کا کافی وقت سے انتظار تھا، مظفر آباد کے بارے میں جتنا سنا تھا اسے ویسا ہی پایا، انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ ان دل کش پہاڑوں پر جانا چاہتے ہیں۔ویڈیو میں شعیب ملک دھند میں لپٹے سحر طاری کر دینے والے بلند و بالا پہاڑوں کی طرف اشارہ بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
    کے پی ایل کی ٹیم میرپور رائلز کی کپتانی کرنے والے کھلاڑی نے کہا کہ انھوں نے مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم کی بھی بہت تعریف سنی ہے، یہاں کے نظارے بہت خوب صورت ہیں، میں خود بھی ان دل کش پہاڑوں پر جانا چاہتا ہوں۔

    انھوں نے کہا کشمیر پریمیئر لیگ میں کشمیری کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کا بڑا موقع ہے، امید ہے کشمیر پریمیئر لیگ بہت کامیاب ہوگی، اور میں شائقین سے کہوں گا اسٹیڈیم آ کر میچ دیکھیں۔

  • پاکستان نیوی اور پی ایم ایس اے نے گہرے سمندر میں‌ ڈوبنے والے 15 شامی باشندوں کو بچا لیا

    پاکستان نیوی اور پی ایم ایس اے نے گہرے سمندر میں‌ ڈوبنے والے 15 شامی باشندوں کو بچا لیا

    پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم ایجنسی نے کھلے سمندر میں ریسکیو آپریشن کر کے شام سے تعلق رکھنے والے 15 شامیوں کو بچا لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاک نیوی اور پی ایم ایس اے نے کراچی کے جنوبی سمندر میں ایم وی سوواری ایچ کے 15 عملے کو بچانے کے لیے سرچ آپریشن کیا اور پی ایم ایس ایس کشمیر عملے باحفاظت کراچی پورٹ پر پہنچا دیا۔

    پی این ایس کا جہاز اسلط بھی دیگر عملے کو لے کر پورٹ پر  پہنچے گا۔ نیوی ترجمان کے مطابق ڈوبنے والے جہاز میں چینی اور چاول کے کنٹینر تھے، جس پر ملک شام سے تعلق رکھنے والا عملہ سوار تھا۔

    پاکستان میری ٹائم ایجنسی کے ڈائریکٹر آپریشنز کمانڈر احسان نے شامی ملازمین کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے اعزاز ہے کہ ہم نے کامیاب سرچ اور ریسکیو آپریشن کیا‘۔

    انہوں نے بتایا کہ ’دو روز پہلے ہماری سمندری حدود میں بھارت سے صومالیہ جانے والا مرچنٹ شپ ڈوب گیا تھا، جس کے قریب سے گزرنے والے جہاز کو ایمرجنسی سگنل ملے اور پھر پاکستان نیوی کے ہوائی جہاز کو سگنل بھیجے گئے، جس کے بعد پی ایم ایس اے اور پاک نیوی کے ہوائی جہازوں نے عملے کی نشاندہی کی‘۔

    کمانڈر احسان نے بتایا کہ قریب سے گزرنے والے بحری جہاز نے عملے کے کچھ ارکان کو بچا لیا تھا، بقیہ کو پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نے بچایا البتہ 3 لاپتہ افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزرتے وقت کیساتھ گمشدہ عملے کے بچنے کی امید کم ہورہی ہے۔

    پی ایم ایس اے کمانڈر کے مطابق ایم وی سوواری ایچ نامی جہاز بھارت سے صومالیہ کی طرف جارہا تھا، جسے پاکستان کی سمندری حدود میں حادثہ پیش آیا۔

    سی او پی ایم ایس ایس کشمیر کیپٹن محمد ارسلان خان نے بتایا کہ جہاز کا انجن خراب ہوگیا تھا، جسے عملے نے ٹھیک کرنے کی بھی کوشش کی مگر سمندر میں طغیانی کے باعث جہاز ڈوب رہا تھا، اسی وجہ سے عملہ کھلے سمندر میں گر گیا تھا۔