Author: علی حسن

  • کورنگی کاز وے : لوگوں کو ڈوبنے سے بچانے والے نوجوان خود پانی میں بہہ گئے

    کورنگی کاز وے : لوگوں کو ڈوبنے سے بچانے والے نوجوان خود پانی میں بہہ گئے

    کراچی : کورنگی کاز وے پر لوگوں کی مدد کرتے ہوئے ڈوبنے والے دو نوجوان تاحال لاپتہ ہیں، ریسکیو ٹیمیں ان کی تلاش میں ہیں لیکن اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ اور کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے بعد ندی نالوں میں بھی شدید طغیانی آگئی ہے، جس کے باعث ندی سے گزرنے والی سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے کراچی کی ملیر ندی میں کورنگی کے مقام پر کاز وے بھی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی جس کے سبب وہاں سے گزرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    گزشتہ روز کورنگی کاز وے پر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت وہاں گزر رہے تھے کہ اس دوران پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور ندی میں بہہ گئے۔

    اس دوران وہاں موجود کچھ نوجوانوں نے ان کی مدد کرنے کی کوشش کی اور لوگوں کی مدد کرتے ہوئے یہ نوجوان خود بھی تیز بہاؤ کا شکار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی حسن کے مطابق ڈوبنے والے دونوں نوجوان اب تک لاپتہ ہیں، کورنگی کاز وے میں لاپتہ افراد ہونے والے افراد کی تلاش جاری ہے، اور ان کے اہل خانہ شدید ذہنی اذیت سے دو چار ہیں۔

    خیال رہے کہ کراچی میں اگست کے مہینے میں مون سون بارشوں کا 36 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اس سے قبل فیصل بیس میں سب سے زیادہ بارش 1984 میں 298.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ اگست میں اب تک فیصل بیس میں 345 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق مسرور بیس میں سب سے زیادہ بارش 2007 میں 272 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی تھی جبکہ رواں ماہ اب تک مسرور بیس میں 228.5 ملی میٹر ریکارڈ ریکارڈ ہوئی۔

  • گرانٹ فلاور نے یونس خان سے معافی مانگ لی

    گرانٹ فلاور نے یونس خان سے معافی مانگ لی

    کراچی: سابق پاکستانی بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان سے معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے یونس خان سے رابطہ کر کے معافی مانگ لی۔انہوں نے دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان سے میسج پر معافی مانگی۔

    گرانٹ فلاور کا کہنا تھا کہ میرے انٹرویو کو بڑھا چڑھا کر پیش کیاگیا،اصل حقائق کے بجائے میرے انٹرویو کو دوسرا رخ دیاگیا ہے۔

    ’’یونس خان نے میری گردن پر چھری رکھی تھی‘‘

    اس سے قبل 2 جولائی کو سابق زمبابوین کرکٹر اور پاکستانی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے سابق کپتان یونس خان پر گردن پر چھری رکھنے کا الزام لگایا تھا۔

    گرانٹ فلاور کا کہنا تھا کہ 2016 میں دورہ آسٹریلیا میں سیریز کے دوران یونس خان کو ٹپس دے رہا تھا کہ اس دوران وہ آپے سے باہر ہوگئے اور میری گردن پر چھری رکھ دی۔سابق بیٹنگ کوچ کا کہنا تھا کہ یونس خان کی اس حرکت پر اس وقت کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بیچ بچاؤ کرایا تھا۔

    واضح رہے کہ 49 سالہ گرانٹ فلاور نے 2014 سے 2019 کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دیے تھے۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کا سیاست میں آنے کا اعلان

    قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کا سیاست میں آنے کا اعلان

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں آنے کا اعلان کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ میرا خاندان سیاست سے جڑا ہوا ہے، میں بھی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست شروع کروں گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ جسامت کے لحاظ سے ٹرینر فٹنس ٹریننگ کراتے ہیں، کچھ کھلاڑی فٹنس سے زیادہ سکس پیکس پر توجہ دیتے ہیں ، مخصوص نوجوان کھلاڑی ڈولے اور سکس پیکس بنانا پسند کرتے ہیں۔

    جنید خان کا کہنا تھا کہ دستیاب فاسٹ باؤلرز میں انگلینڈ میں کھیلنے کا میرا تجربہ زیاد ہے کیونکہ میں نے کافی عرصے کاونٹی کرکٹ کھیلی ہے،محمد عباس کے بعد میری پر فارمنس بھی سب کے سامنے ہے۔

    مزید پڑھیں: دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم میں عدم شمولیت پر جنید خان افسردہ ہوگئے

    اُن کا کہنا تھا کہ ’دورۂ انگلینڈ کے لیے نامزد ہونے والے 29 کھلاڑیوں میں میرا نام شامل نہیں، اس پر مایوسی ہوئی، اکثر دوروں میں مجھے آخری میچز کھیلنے کو ملے، مسلسل نظر انداز اور موقع نہ ملنے کی وجہ سے پرفارمنس خراب ہوئی ہے‘۔

    جنید خان کا کہنا تھا کہ ’نامورباؤلرز کی غیر موجودگی میں سعید اجمل اور میری جورڑی کامیاب رہی، انجری کے بعد مجھے کم کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا، ایسےوقت پر موقع دیا گیا جب ہم کسی ایونٹ سے باہر ہوجاتے تھے‘۔

    فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ انگلش بلے بازوں کو باونسر کرائی جائیں تو وہ پھنس سکتے ہیں، محمد عباس،نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی تیز شاٹ پچ کرانے کا گر بخوبی جانتے ہیں۔

  • ’’مردوں کی ٹیم کی نمائندگی کروں تو بابر اعظم کو آؤٹ کرنا چاہوں گی‘‘

    ’’مردوں کی ٹیم کی نمائندگی کروں تو بابر اعظم کو آؤٹ کرنا چاہوں گی‘‘

    کراچی: پاکستان ویمنز کرکٹڑ ناہیدہ خان نے بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ویمنز ٹیم کی بولر ناہیدہ خان کا کہناہے کہ اگر میں مردوں کی نمائندگی کروں تو بابر اعظمکو آؤٹ کرنے کی خواہش ہوگی۔

    قومی ویمنز ٹیم کی فاسٹ بولر ناہیدہ خان نے بابر اعظم کی بیٹنگ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کے کور ڈرائیور اور پل شاٹس بھی بہت پسند ہیں۔

    ناہیدہ خان نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے کرکٹ اب کافی بدل چکی ہے، خواتین کھلاڑیوں میں کائنات امتیاز میچ کے لیے میک اپ کرتی ہیں۔

    واضح رہے کہ کرونا کے باعث قومی ویمنز کرکٹر بھی گھر کے اندر ہی پریکٹس کرنے پر مجبور ہیں حال ہی میں قومی ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل ویمنز ٹیم کا اشیا کپ بھی کرونا کے باعث آئندہ سال تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا، ایشیا کپ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ویمنز ایشیا کپ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

  • پاکستان میں ہاکی کب بحال ہوگی؟ ہیڈکوچ نے بتادیا

    پاکستان میں ہاکی کب بحال ہوگی؟ ہیڈکوچ نے بتادیا

    لاہور: ہیڈکوچ پاکستان ہاکی ٹیم خواجہ جنید نے کہا ہے کہ موجوہ صورت حال میں ہاکی کی بحالی میں وقت لگ سکتاہے، ایف آئی ایچ نے حالات دیکھتے ہوئے ٹریننگ کی اجازت دی۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ہیڈکوچ ہاکی ٹیم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن فائیو اے سائیڈ ایونٹ کا پلان کررہی ہے، فائیواےسائیڈ کے انعقاد کے لیے ہمیں اسٹیڈیم کھلنے کا انتظار ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم نے لاک ڈاؤن کے دوران فٹنس اور مینٹل اسٹرینتھ پر کام کرایا، ہاکی لیجنڈز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے لیکچر کا انعقاد کیا گیا، اس دوران اہم پہلوؤں پر تبادلہ بھی خیال ہوا۔

    خواجہ جنید کا مزید کہنا تھا کہ سیشن میں اولمپیئن سمیع اللہ نے کھلاڑیوں سے تجربات شیئر کیے اور ٹپس دیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ کو بھی فائیو اے سائیڈ ایونٹ شروع کرانے کی تجویز دی ہے تاکہ عالمی سطح پر بھی ہاکی دوبارہ شروع ہوسکے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں ہاکی کے علاوہ کھیلوں کی سرگرمیاں آہستہ آہستہ بحالی کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ کرکٹ کے میچز بغیر تماشائیوں کے ہوں گے جبکہ مذکورہ حکمت عملی دیگر کھیلوں سے متعلق بھی اپنائی گئی ہے۔

  • فکسرز سرگرم، پاکستانی کرکٹرز کو سوشل میڈیا احتیاط سے استعمال کرنے کا مشورہ

    فکسرز سرگرم، پاکستانی کرکٹرز کو سوشل میڈیا احتیاط سے استعمال کرنے کا مشورہ

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر سہیل تنویر نے ساتھی کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا احتیاط سے استعمال کریں کیونکہ بکی سماجی رابطے کی ویب سائٹس سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز سے  بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر سہیل تنویر نے ساتھی کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ ’موجودہ حالات میں کھلاڑی احتیاط سے سوشل میڈیا استعمال کریں، سوشل میڈیا کے ذریعے کھلاڑیوں کو فکسنگ کی آفر آسکتی ہے، مجھے آفر اس لیے نہیں آئی کیونکہ میں بہت سنبھل کے انٹرنیٹ استعمال کرتا ہوں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ٹیم میں اگر سینئر موجود نہیں ہوں گے تو جونیئر کو سیکھنے کا موقع نہیں ملے گا،  دورۂ انگلینڈ کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں شامل نہ ہونے پر افسوس ہے مگر مطمئن ہوں کہ سلیکٹرز نے میرے نام پر غور کیا،  سیلکشن پالیسی میں اب جونیئرز کو زیادہ موقع دیا جارہا ہے‘۔

    آئی سی سی کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی پر سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ ’بال جب تک شائن ہے فاسٹ بولرز کو سپورٹ کرے گی مگر اب تھوک سے اسے چمکانے پر پابندی عائد کردی گئی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کوئی متبادل طریقہ متعارف کرائے وگرنہ فاسٹ باؤلرز کو ریورس سوئنگ کرانے میں مشکل پیش آئے گی‘۔

    مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی کا شیڈول تیار

    یہ بھی پڑھیں: سہیل تنویر کا ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کرنے کا اعلان

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ویسے تو تین سال ہوگئے پاکستان کی جرسی زیب تن نہیں کی مگر ابھی ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے، میں ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیل رہا شاید اسی وجہ سے سلیکٹ نہیں ہوا، میری تمام توجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہے‘۔

    سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ ’ اگر کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک پرفارمنس کو عزت نہیں دیں گے تو فائدہ نہیں ہے، ڈھلتی عمر میں بھی کھلاڑیوں نے سری لنکن سیریز میں کم بیک کیا، جو کھلاڑی ٹیم کو جیتوا سکتے ہیں وہ اپنے وطن کے لیے کھیل بھی سکتے ہیں،  ہمارے یہاں کم بیک کسی بھی عمر میں بھی ہوسکتا ہے’۔

  • کراچی کے گالف کلبز کھولنے کی اجازت دی جائے، سندھ گالف ایسوسی ایشن

    کراچی کے گالف کلبز کھولنے کی اجازت دی جائے، سندھ گالف ایسوسی ایشن

    کراچی : سندھ گالف ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ کراچی کے گالف کلبز کھولنے کی اجازت دی جائے، ملک کے دیگر شہروں کے گالف کلبز کھل چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ گالف ایسوسی ایشن کے صدر اسد آئی اے خان نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے گالف کلبز کھولنے کی اجازت دی جائے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں گالف کلبز کھل گئے تو کراچی میں گالف کلبز کھولنے پر اب تک پابندی کیوں لگی ہوئی ہے؟ اس کے علاوہ وزیر بلدیات اور کشمنر کراچی کی جانب سے بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جس سے تنگ آکر سندھ گالف ایسوسی ایشن نے تنگ آکر وزیر اعلیٰ سے التجا کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجے گئے لیٹر کی کاپی اے آر وائی نے حاصل کرلی۔

    صدر اسد آئی اے خان  نے کہا کہ گالف میں سماجی فاصلہ قوانین کے مطابق کھیل کا حصہ ہے، اسلام آباد، لاہور اور  پشاور میں گالف کلبز کھل گئے، دنیا بھر میں بھی گالف کی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہرعمر کے گالفر اس کھیل کو کھلی فضا میں کھیلتے ہیں، کراچی کے گالف کلبز کھولنے کی اجازت دی جائے، کلبز بند ہونے سے گراونڈ اسٹاف اور کیڈیز پریشان ہیں۔

    اسد خان نے کہا کہ پاکستان گالف فیڈریشن ملک بھر میں کلبز کھولنے کا حکم دے چکی، لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزانہ کی اجرت کمانے والوں کے روزگار داو پر نہیں لگا سکتے۔

  • بسمہ معروف نے بھارتی کھلاڑی کو رول ماڈل قرار دے دیا

    بسمہ معروف نے بھارتی کھلاڑی کو رول ماڈل قرار دے دیا

    کراچی : پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے کہا ہے کہ میرے پسندیدہ کھلاڑی بھارت کے ویرات کوہلی ہیں وہ نوجوان کرکٹرز کے لیے رول ماڈل ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، کپتان بسمعہ معروف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مقابلے کا سبھی کو انتظار رہتا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان پوائنٹس کو یکساں طور پر تقسیم کا فیصلہ مایوس کن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف ہمارا مقابلہ ہمیشہ اچھا رہا ہے، بغیر میچز کھیلے بھارت کو پوائنٹس ملے ہیں مقابلے کے بعد اگر پوائنٹس مس کرتے تو مایوس نہیں ہوتے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی لیگل ٹیم اس معاملہ کو دیکھ رہی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں کپتان ویمنز ٹیم کا کہنا تھا کہ ثنا میر کی پاکستان کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں، ثنا میر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیئر ویل دینا چاہیئے، اگر میں انٹرنینشل پلینگ الیون بناؤں تو  ثنامیر اس ٹیم کی کپتان ہوں گی اور  بھارت کی میتھالی راج اور ہرمن پریت کور کو بھی ٹیم میں شامل کروں گی۔

    انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا سے ایلس پیری، میگ لیننگ اور ایلسا ہیلی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گی اپنے پسندیدہ کرکٹرز  سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میرے پسندیدہ کھلاڑی بھارت کے ویرات کوہلی ہیں، ویرات کوہلی نوجوان کرکٹرز کے رول ماڈل ہیں۔

    بسمعہ معروف نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن میں رہتے ہوئے ہمیں ذہنی طور پر مضبوط ہونا پڑے گا، مردوں کے برعکس ہمیں گھر میں رہ کر والدہ کا ہاتھ بٹانا پڑتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی ویمنز کرکٹ کا گراس روٹ پاکستان سے زیادہ مضبوط ہے پاکستان میں اس پر کام دیر سے شروع کیا گیا، ویمنز کرکٹرز کو موقع دیا جائے تو وہ بھی اسٹارز بن سکتی ہیں۔

  • لاک ڈاؤن : ہاکی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ویڈیو لنک کے ذریعے لیے جا رہے ہیں

    لاک ڈاؤن : ہاکی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ویڈیو لنک کے ذریعے لیے جا رہے ہیں

    لاہور : پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لاک ڈاؤن کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس برقرار رکھنے کیلئے کام شروع کردیا ہے، تین ہفتوں کے فزیکل ٹریننگ پلان کے بعد اب ممکنہ اڑتالیس کھلاڑیوں کے ٹیسٹ ویڈیو کے ذریعے لیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق  پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا سلسلہ جاری ہے، تین روزہ ٹیسٹ کے پہلے دن ہی پندرہ کھلاڑیوں نے فٹنس ٹیسٹ دیئے جن میں سے چار کھلاڑیوں نے بیرون ملک رہتے ہوئے ویڈیوز ریکارڈ کرکے بھیج دی ہیں۔

    پی ایچ ایف نے ہدایت کی ہے کہ کھلاڑیوں کو پلان کے مطابق پانچ مختلف ورزش کو چالیس سیکنڈ فی ورزش کرتے ہوئے ویڈیو بنانی پڑیں گی،گزشتہ ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارڈیو ویسکولر اینڈورنس اور مسل اسٹرینتھ کو مانیٹر کیا جائے گا۔

    پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کے مطابق فٹنس ٹیسٹ کیلئے ان کھلاڑیوں کو پلان جاری کیا گیا ہے جو اذالان شاہ کپ کے تربیتی کیمپ میں شامل تھے۔ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں جب کوئی گھر سے باہر نہیں نکل سکتا۔

    ایسے وقت میں کھلاڑیوں کو کمزور پڑنے نہیں دیا جائے گا۔ اس دوران فٹنس کی بہتری کیلئے کھلاڑیوں کو جنک فوڑ کھانے کی اجازت نہیں ہوگی اگر کوئی چیٹنگ بھی کرے گا تو اس کا وزن ویڈیو لنک کے ذریعے جانچا جائے گا، کھلاڑی گھر میں رہتے ہوئے ڈرلز سمیت دیگر اسکلز ٹریننگ کرسکتے ہیں۔

  • ویمنز ٹیم کے فٹنس ٹرینر جمال حسین عہدے سے مستعفی

    ویمنز ٹیم کے فٹنس ٹرینر جمال حسین عہدے سے مستعفی

    لاہور : قومی ویمنز ٹیم کے فٹنس ٹرینر جمال حسین ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، ان کی جگہ سندھ ٹیم کے ٹرینر عمران خلیل کا خاموشی سے تقرر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے فٹنس ٹرینر جمال حسین مستعفی ہوگئے، جمال حسین کا معاہدہ مئی میں ختم ہونا تھا، ذرائع کے مطابق انہوں نے ویمنز ورلڈ کپ کے دوران ہی مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

    پاکستان ویمنز ونگ نے اس حوالے سے نوٹی فیکشن جاری نہیں کیا۔ اس حوالے سے جمال حسین کا کہنا ہے کہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار رہا ہوں، پی سی بی کو مستعفی ہونے کے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو بہت مس کروں گا، دوسری جانب سندھ ٹیم کے ٹرینر عمران خلیل خاموشی سے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے فٹنس ٹرینر مقرر کردیئے گئے ہیں، ٹیم کی کئی کھلاڑی نئے فٹنس ٹریننر کی تقرری سے لاعلم ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خلیل کی خدمات عارضی طور پر حاصل کی گئی ہیں، ایک دو روز میں وہ ویمنز ٹیم کو فٹنس پلان جاری کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے متعلق سے بھی پی سی بی نے کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عمران خلیل کو ای میل کے ذریعے ذمہ داریاں سوپنی گئی ہیں، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان سے کیا اور کتنے عرصے کا معاہدہ کیا گیا ہے اور اس حوالے کوئی کاغذی کارروائی بھی نہیں کی گئی۔

    واضح رہے کہ عمران خلیل نے 2007میں پی سی بی جوائن کیا تھا، سال 2017میں پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے ٹرینر تھے، سال2015میں انہوں نے پاکستان اے ٹیم میں اپنی خدمات انجام دیں، اس وقت وہ سندھ کی ٹیم کے ٹرینر کے فرائض بھی نبھا رہے ہیں۔