Author: علی حسن

  • شعیب اختر تنقید سے پہلے میرا ریکارڈ چیک کریں، اسد شفیق

    شعیب اختر تنقید سے پہلے میرا ریکارڈ چیک کریں، اسد شفیق

    کراچی : قومی ٹیسٹ ٹیم کے بلے باز اسد شفیق نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ختم ہوجائے تو کھلاڑیوں کو ڈبل محنت کرنا پڑے گی، شعیب اختر کا میرے لیے دلیر نہ ہونے کا الزام لگانا درست نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے ویڈیو کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کیریئر میں اپنے مکمل اہداف حاصل نہیں کرسکا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ تر چھٹی پوزیشن پر کھیلنے کا موقع ملا، ایسی پوزیشن پر کھیلنے سے بڑی اننگز بنانا مشکل ہوجاتا ہے۔

    اسد شفیق کا کہنا تھا کہ ابتدائی پوزیشن پر کھیلنے سے پرفارمنس اچھی رہی، مانتا ہوں نصف سنچری کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کرسکا ہوں، مصباح اور یونس بھائی کی وجہ سے انڈو شیڈو نہیں رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میرے لیے دلیر نہ ہونے کا الزام لگانا درست نہیں، شعیب اختر کئی مرتبہ میرے لیے ایسے الفاظ استعمال کرچکے ہیں، انہیں چاہئے کہ میرے کرکٹ ریکارڈ ضرور دیکھیں، اگر دلیر کھلاڑی نہ ہوتا تو آسٹریلیا، انگلیںڈ اور جنوبی افریقہ میں سنچری اسکور نہ کرپاتا۔

    اسد شفیق کا کہنا تھا کہ چھوٹے قد کی وجہ سے مشکلات ہوتی تو ٹنڈولکر زائد سنچریاں نہ بناتے، سچن ٹنڈولکر اور محمد یوسف میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں خاموشی سے مدد کررہا ہوں، ایسے کئی امپائرز اور اسکورر ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کماتے ہیں، رمضان کرکٹ کو اس مرتبہ کافی حد تک مس کیا جائے گا۔

  • خواہش ہے کہ فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے، سلمان اقبال

    خواہش ہے کہ فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے، سلمان اقبال

    کراچی : اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے، شاہد آفریدی کو مس کرتا ہوں۔

    یہ بات انہوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو کامیابی سے ہوا ہے، بدقسمتی سے کرونا وائرس کی وجہ سے چیمپیئن کا فیصلہ نہ ہوسکا، تاہم رواں سال ورلڈ ٹی20 کپ کے بعد ونڈو نکلتی دکھائی دیتی ہے۔

    سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ ایلکس ہیلز نے برطانیہ جاتے ہی طبعیت کی خرابی کا میسج کیا، بعد ازاں ٹیم میٹنگ میں فیصلہ ہوا کہ تمام لوگوں کے ٹیسٹ کرائے جائیں، ڈین جونز نے ٹیسٹ مکمل ہونے تک ٹیم میدان میں اترانے سے انکار کردیا تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں  سلمان اقبال نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا فائنل ضرور ہونا چاہیئے تاکہ نیا چیمپیئن آسکے، اگر نمبر ون ٹیم کو ٹرافی مل جائے تو اسپورٹس مین شپ کا مزہ نہیں رہتا۔

    انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے، رمیز راجہ کو الیکس ہیلس کا نام نہیں لینا چاہیے تھا، اس وجہ سے  میرے اپنے دوست کرونا وائرس کے خوف میں مجھ سے مل نہیں رہے تھے۔

    سلمان اقبال نے کہا کہ میرا پلیئنگ الیون کے انتخاب میں عمل دخل نہیں ہوتا ہے، چیڈوک والٹن اور محمد رضوان کا موازنہ نہیں کرسکتے، رضوان اوپر کے نمبر کے بہترین کھلاڑی ہیں، میرے خیال میں کپتان کو جلد تبدیل کرنا درست نہیں، عماد وسیم کو جب کپتان بنایا تو مسلسل ہم چار میچز جیتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ شرجیل خان کو پاکستان ٹیم میں واپسی کا موقع ملنا چاہیئے، بابراعظم اور فخر زمان کی اوپنگ جوڑی مضبوط دکھائی نہیں دیتی، شرجیل خان کو اپنی فٹنس پر توجہ دینی چاہیئے، ڈین جونز جیسا بہترین کوچ ہر ٹیم کی ضرورت ہے، ڈین جونز پاکستانی کھلاڑیوں کو اچھے انداز سے جانتے ہیں۔

    شاہد آفریدی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کو بہت مس کرتا ہوں، وہ جب ریٹائر ہونگے تو انہیں کراچی کنگز کی کوچنگ کیلئے کہو‌ں گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ نے کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کردیا ہے، پاکستان میں کرکٹ کو ختم ہونے نہیں دینگے، ملک میں کرکٹ کی بحالی کیلئے کافی محنت کی گئی ہے، کھلاڑی کی کھوج (ٹیلنٹ ہنٹ) گزشتہ سال منعقد نہیں ہوسکی تھی، میری راشد لطیف سے کوئی ناراضگی نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام راشد لطیف کے بغیر کرانا ناممکن ہے۔

    سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بریوو  مکسڈ مارشل آرٹس متعارف کروا چکے ہیں، رواں سال اکتوبر اور نومبر کے درمیان کراچی میں اگلا ایڈیشن منعقد کرائیں گے، اس کے علاوہ تیرہ مختلف شہروں میں ٹریننگ جم کھولنے کا بھی ارادہ ہے۔

  • کرونا ریلیف فنڈز، سمندر پار پاکستانی وزیراعظم کا ساتھ دیں، باکسر عامر خان

    کرونا ریلیف فنڈز، سمندر پار پاکستانی وزیراعظم کا ساتھ دیں، باکسر عامر خان

    لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بہترین اقدامات کررہے ہیں، سمندر پار پاکستانی وزیراعظم کا ساتھ دیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ویڈیو کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کرونا کی وجہ سے پوری دنیا پریشان ہے اور غریب اس وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے میں پاکستان نہیں پہنچ پار رہا، ہم نے ملک بھر میں اب تک دس ہزار خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے، آئندہ چند روز میں کراچی میں بھی کام کریں گے۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بہترین اقدامات کررہے ہیں، اوورسیز پاکستانی کرونا کے خلاف مہم میں وزیراعظم کا بھرپور ساتھ دیں اور دل کھول کر کرونا ریلیف فنڈز میں عطیات جمع کروائیں، میں خود عمران خان کی مہم کیلئے فنڈز کروں گا۔

    مزید پڑھیں: حکومت پاکستان باکسر عامر خان کے اقدام پر ان کی شکر گزار ہے، زلفی بخاری

    پاکستانی نژاد باکسر نے کہا کہ وزیر برائے کھیل فہیمدہ مرزا اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا مگر ڈیرہ غازی خان پاکستان اسپورٹس بورڈ کام سے روک رہا ہے، ڈی جی نے راشن کی تقسیم سے روک دیا۔ عامر خان نے بتایا کہ ہم راشن تقسیم کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو اجازت کے بعد استعمال کررہے تھے۔

    انہوں نے پیش کش کی کہ ’حکومت تعاون کرے تو میں پاکستان کے ہر شہر میں باکسنگ اکیڈمی کھولنے کے لیے تیار ہوں، پروفیشنل باکسنگ کو فروغ دینے کے لیے اب تک ایک لاکھ ڈالرز اکیڈمی پر خرچ کرچکا ہوں‘۔

    عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ ’ارادہ ہے اگلے سال پروفیشنل باکسنگ کو خیرباد کہہ دوں،  میں اپنے بیٹے کو باکسنگ کے کھیل سے دور رکھنے کا خواہش مند ہوں کیونکہ اس کھیل میں چوٹیں بہت لگتی ہیں۔

  • فٹنس مسائل سے دوچار نہیں، ٹیم میں جلد کم بیک کروں گا، محمد عرفان

    فٹنس مسائل سے دوچار نہیں، ٹیم میں جلد کم بیک کروں گا، محمد عرفان

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عرفان نے کہا ہے کہ لمبے قد کی وجہ سے فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں، کوشش یہی ہے کہ جو خامیاں ہیں انہیں دور کروں، ٹیم میں جلد کم بیک کروں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، دنیائے کرکٹ کے طویل و القامت فاسٹ بولر محمد عرفان کا کہنا تھا کہ وہ خراب پرفارمنس کی وجہ سے پاکستان ٹیم سے ڈراپ نہیں ہوئے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے علاوہ پی ایس ایل اور سی پی ایل کی پرفارمنس گرین ٹیم کا حصہ بننے میں فائدہ مند ثابت ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں محمد عرفان نے کہا کہ اگر طویل القامت ہونے کی وجہ سے میرے گرنے یا جھکنے سے فٹ یا ان فٹ کا فیصلہ کوئی کرتا ہے تو درست نہیں ہوگا۔

    میرا مقابلہ کسی سے نہیں دنیا میں واحد بولر ہوں جس کا قد سات فٹ دو انچ ہے، کوشش یہی ہے کہ جو خامیاں ہیں انہیں دور کروں، میں اپنے قد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے باؤنسر مار سکتا ہوں۔

    واضح رہے کہ فاسٹ بولر محمد عرفان کو اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے لیکن دکھ اس بات کا ہے کہ وہ سری لنکا کیخلاف ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی سیریز نہیں کھیل سکے، وہ دعاگو ہیں کہ مستقبل میں ٹیسٹ کرکٹ بھی پاکستان میں شروع ہوجائے۔

    دریں اثناء فٹنس کے حوالے سے کیے جانے والے سوال پر محمد عرفان نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں وہ فٹنس مسائل سے دوچار رہ چکے ہیں لیکن امریکا کے باسکٹ بال کھلاڑی سے ملنے والی ٹریننگ اب تک فائدہ پہنچا رہی ہے جس کی وجہ سے وہ خود کو کافی بہتر محسوس کرتے ہیں۔

    ڈائٹ پلان کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ دوسروں کے برعکس میں زیادہ کھانا کھاتا ہوں کیونکہ بلند قامت ہونے کی وجہ سے بھوک زیادہ لگتی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں فاسٹ بالر نے بتایا کہ پروٹین اور کیلشیئم کا لیول برقرار رکھنے کیلئے دن بھر میں چار  کلو دودھ پیتا ہوں، ہر دو گھنٹے بعد پھل بھی کھاتاہوں۔

  • پیشکش کے باوجود مجھے پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ہے انگلینڈ کیلئے نہیں، جنید خان

    پیشکش کے باوجود مجھے پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ہے انگلینڈ کیلئے نہیں، جنید خان

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان نے کہا ہے کہ برطانوی شہریت رکھنے کے باوجود میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے، برطانوی پیشکش کے باوجود مجھے پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ہے انگلینڈ کیلئے نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی حسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ٹیسٹ کرکٹر جنید خان کا کہنا تھا کہ مجھے کاؤنٹی سے چار سال کے معاہدے کی پیشکش ہوئی تھی اگر معاہدہ کرلیتا تو پاکستان کا سیزن اوورسیز کھلاڑی بن کر کھیلنا پڑتا۔

    انہوں نے کہا کہ کاؤنٹی کھیلنے کا مطلب انگلینڈ ٹیم میں شمولیت کا راستہ بننا ہے، ابھی میرا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر پاکستانی ٹیم میں کم بیک کرنا ہے کیونکہ مجھے صرف پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ہے انگلینڈ کیلئے نہیں۔

    برطانوی شہریت رکھنے کے باوجود میرے لیے پاکستان پہلے ہے، پاکستان میں جو عزت ملتی ہے وہ انگلش کرکٹر بن کر بھی نہیں مل سکتی۔

    جنید خان کا مزید کہنا تھا کہ صوابی کے چھوٹے سے گاؤں سے آیا ہوں، میری پرفارمنس کیا رہی سب لوگ جانتے ہیں، امید یہی ہے کہ میرا ڈومیسٹک سیزن اچھا گزرے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں جنید خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ2019سے باہر ہونے پر مجھے کافی مایوسی ہوئی تھی، منہ پر ٹیپ لگا کر تصویر پوسٹ کرنا میرا کچھ زیادہ ہی ردعمل تھا تاہم ان دنوں میں بہت اپ سیٹ بھی تھا۔

    جب شائقین نےمجھ سےکہا کہ میری اس پوسٹ سے پاکستان کرکٹ کا نام خراب ہورہا ہے تومیں نے پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

    میں ایسا کام کبھی نہیں کروں گا جس سے ملک کا نام خراب ہو، میں نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفاد سے پہلے ملک کو مقدم رکھا ہے۔

  • کوالالمپور : دو پاکستانی باڈی بلڈر بھائیوں نے مسل مینیا ملائیشیا میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا

    کوالالمپور : دو پاکستانی باڈی بلڈر بھائیوں نے مسل مینیا ملائیشیا میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا

    کوالالمپور : پاکستانی باڈی بلڈر بھائیوں نے بین الاقوامی مقابلے میں کامیابی حاصل کرلی، مسل مینیا ملائیشیا میں دانش علی اور رضاباقری اپنی کیٹیگری میں گولڈ میڈل لےاڑے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی تن ساز بھائیوں دانش علی اور رضا باقری نے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کردیا، دانش علی نے70کلوگرام کیٹیگری میں بھارت کے انیش توشار کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    کراچی سے تعلق رکھنے والےدانش علی نے گولڈ میڈل جیتنے کی ہیٹ ٹرک کرلی، دانش علی دبئی اور سنگاپورمیں ہونے والے مقابلے بھی جیت چکے ہیں۔

    اس کے علاوہ دانش کے چھوٹے بھائی رضا باقری نے74کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا، اس کامیابی کے بعد دونوں پاکستانی باڈی بلڈر بھائی اب مسل مینیا پرو میں شرکت کے اہل ہوگئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے باڈی بلڈردانش علی کا کہنا تھا کہ میں اپنی فتح کو افواج پاکستان کے نام کرتا ہوں، رضا باقری نے کہا کہ ہم دونوں شکاگو میں ہونے والی پرو چیمپئن شپ جیتنا چاہتے ہیں۔

    دونوں باڈی بلڈر بھائیوں نے ہمیں عالمی سطح پر مزید مقابلوں کیلئے مالی تعاون کی شدید ضروت ہے، اپنے شوق کی تکمیل اور پاکستان کی سربلندی کیلیے ہم اپنی جمع پونجی اور قرضہ لے کر جاتے ہیں، انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ پاکستان میں باڈی بلڈنگ کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کیلئے مالی تعاون کیا جائے۔

  • پاکستان میں کراٹے کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں، جاپانی قونصل جنرل

    پاکستان میں کراٹے کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں، جاپانی قونصل جنرل

    کراچی : جاپانی قونصل جنرل توشی کازو ایسا مورا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کراٹے کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں، ہماری دعا ہے کہ سعدی عباس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتے۔

    یہ بات انہوں نے پاکستانی ایتھلیٹ سعدی عباس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس 2020 کراٹے کوالیفائر راؤنڈ کے موقع پر پاکستانی ایتھلیٹ سعدی عباس کی جاپان کے قونصل جنرل سے ملاقات کی۔

    قونصل جنرل توشی کازو ایسا مورا نے سعدی عباس کی کاوشوں کو سراہا، ملاقات میں سعدی عباس نے قونصلیٹ جنرل کو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی تفصیلات سے آگاہی دی۔

    اس موقع پر توشی کازو ایسامورا کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں تھا کہ پاکستان میں کراٹے کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں، جن حالات میں سعدی عباس ٹریننگ کررہا ہے وہ قابل ستائش بات ہے،جاپانی قونصلیٹ جنرل کا مزید کہنا تھا کہ دعا یہی ہے کہ سعدی عباس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتے۔

    سعدی عباس نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی،اگلے ماہ جاپان میں ہونے والا کوالیفائر راؤنڈ بہت اہمیت رکھتا ہے۔

    پاکستانی کراٹے کاز رینکنگ میں بہتری لانے کیلئے کئی ایونٹ کھیل چکا ہوں، سعدی عباس نے مزید کہا کہ اولمپکس کھیلنے کیلئے کوچ کی بہت ضروت ہے۔

  • لاہور میں ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز، 26 کھلاڑیوں نے رپورٹ کی

    لاہور میں ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز، 26 کھلاڑیوں نے رپورٹ کی

    لاہور : پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا، چند کھلاڑی نجی مصروفیات کے باعث شرکت نہ کرسکے، گول کیپر اور کیمپ سے غیر حاضر رہنے والے وقار یونس کو قواعد و ضوابط سے ہٹ کے پھر منتخب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا، ٹریننگ کے پہلے سیشن میں26کھلاڑیوں نے رپورٹ کی۔

    ذرائع کے مطابق کیمپ کے پہلے سیشن میں فزیکل ٹریننگ پر زور دیا گیا جبکہ شام کے سیشن میں ہاکی اسکیل پر توجہ دی جائے گی، دو کھلاڑی علی اور گول کیپر وقار یونس ڈار اکیڈمی کے ساتھ ہالینڈ میں موجود ہیں۔

    دونوں کھلاڑی ایک دو روز میں کیمپ جوائن کریں گے جبکہ توثیق احمد والدہ کی بیماری کے سبب تاخیر سے کیمپ جوائن کریں گے۔

    اس کے علاوہ عماد، شکیل بٹ، سمیع اللہ جونئیر، علی شان ابوبکر اور فیصل قادر بھی مختلف وجوہات کی بنا پر چند روز میں کیمپ جوائن کریں گے۔ غیر حاضر کھلاڑیوں نے پی ایچ ایف کو اپنی مصروفیات کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق گول کیپر کیمپ سے تین گول کیپرز کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں امجد علی، اکمل اور وقار یونس شامل ہیں، چوتھے گول کیپرکا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کا صاف شفاف سلیکشن کا نعرہ ہوا میں اڑ گیا، ہاکی ٹیم کے گول کیپر اور کیمپ سے غیر حاضر رہنے والے وقار یونس پھر منتخب ہوگئے۔

    گول کیپر وقار یونس ان دنوں ایک اکیڈمی کے ساتھ ہالینڈ میں موجود ہیں، وقار یونس نے گول کیپر کیمپ میں شرکت ہی نہیں کی، جبکہ تجربہ کار گول کیپر مظہر عباس کیمپ میں ٹریننگ کے باوجود منتخب نہ ہوسکے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گول کیپر وقار یونس کو واٹس ایپ پیغام پر منتخب کیا گیا، چیف سلیکٹر منظور جونیئر نے واٹس اپ سلیکشن کیخلاف آواز اٹھائی تھی، جس کے بعد من پسند گول کیپرز کی سلیکشن پر سوالات اٹھنے لگے۔

    مختلف حلقوں کی جانب سے پوچھا جا رہا ہے کہ موجودہ دور کے گول کیپر سلمان اکبر اور عمران بٹ کی خدمات کیوں حاصل نہ کی گئیں ؟ جدید سائنسی تکنیک سکھانے کیلئے نوے کی دہائی کا طریقہ کار اپنایا گیا۔

  • سیف گیمز 2019 میں سے ہاکی کو نکال دیا گیا

    سیف گیمز 2019 میں سے ہاکی کو نکال دیا گیا

    کھٹمنڈو: سیف گیمز 2019 میں سے پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو نکال دیا گیا ہے ، اس کا سبب نیپال میں ہاکی اسٹیڈیم کا تیار نہ ہونا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیف گیمز کا 13 واں ایڈیشن یکم تا دس دسمبر نیپال کے شہر کھٹمنڈو اور پوکھارا میں ہونا ہے ، نیپالی حکومت ڈیڈ لائن ختم ہونے تک ہاکی اسٹیڈیم تیار کرنے میں ناکا م رہی ہے۔

    اس موقع پرپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ایشین اولمپکس کمیٹی سے درخواست کی ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں ہاکی کو بہر صورت شامل کیا جائے۔

    اس صورتحال پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے خالد محمود کا کہنا تھا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی سیف گیمز میں سے ہاکی نکالے جانے پر نالاں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا اس حوالے ہونے والی تمام تر قیاس آرائیاں فضول ہیں اور ہاکی کو نکالے جانے کا واحدسبب نیپال میں اس کے لیے اسٹیڈیم نا ہونا ہے۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ کہ یہ حالات ہمارے دائرہ اختیار سے باہر ہیں اورایسو سی ایشن تمام معاملات کو دیکھ رہی ہے۔امید ہے کہ ایشین اولمکپس کمیٹی کی جانب سے اچھی خبر ملے گی۔

    یاد رہے کہ سیف گیمز کا انعقاد گزشتہ برس مارچ میں نیپال میں ہونا تھا ، تاہم نیپال کی حکومت کا کہنا تھا کہ سنہ 2015 کے تباہ کن زلزلے نے انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا ہے، سیف گیمز کی جانب سے بار بار تاریخ میں توسیع کی جاتی رہی پر تاحال نیپال میں تمام تر انتظامات مکمل نہیں ہوسکے ہیں۔

  • سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی گاڑی گھر کے باہر سے چوری

    سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی گاڑی گھر کے باہر سے چوری

    کراچی : شہر قائد میں موٹر سائیکل اور کار چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد بھی اپنی گاڑی سے محروم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی گاڑی گلستان جوہر بلاک 18 میں گھر کے باہر سے چوری ہوگئی، اس حوالے سے توصیف احمد نے اے آر وائی نیوز کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میری سوزوکی کلٹس زیڈ -5404 شام پانچ بجے گھر کے باہر سے چوری ہوئی، گاڑی کی چوری کی رپورٹ تھانہ شارع فیصل میں درج کرادی ہے۔

    سابق ٹیسٹ کرکٹر نے بتایا کہ دو گاڑیوں میں مسلح افراد آئے اور تالا توڑ کر گاڑی لے گئے، کئی مرتبہ کالونی کی یونین کو مشکوک سرگرمیوں سے آگاہ کرچکے ہیں، تمام حالات اور صورتحال جاننے کے باوجود سیکورٹی کے مناسب انتظامات نہیں ہیں۔

    توصیف احمد نے کہا کہ رات دیر تک کالونی کے اندر اور اطراف مشکوک لوگوں کی آمد و رفت رہتی ہے، آج میرے ساتھ یہ واقعہ ہوا ہے کل کسی اور کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، پولیس والوں نے کچا پرچا کاٹا ہے لیکن کوئی پیش رفت دکھائی نہیں دیتی۔

    اس حوالے سے اہل علاقہ نے کہا کہ یہ کالونی اب لوگوں کیلئے رہنے کے قابل دکھائی نہیں دیتی، یونین کو 54 گھروں سے مینٹیننس کیلئے دو ہزار روپے فی گھر ادائیگی کی جاتی ہے، یہاں آس پاس سی سی ٹی وی کیمرہ بھی نہیں جس سے ملزمان پکڑے جاسکیں۔