Author: علی حسن

  • ہاکی پرو لیگ کے جونیئر کھلاڑی ڈھنگ کے بستر سے بھی محروم

    ہاکی پرو لیگ کے جونیئر کھلاڑی ڈھنگ کے بستر سے بھی محروم

    کراچی : پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر کھلاڑیوں کےلیے ہوسٹل یا رہائش کا انتظام کرنے کے بجائے شدید سردی میں چینجنگ روم کو رہائش گاہ بنا دیا جہاں سونے کےلیے بیڈ بھی موجود نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ہاکی کی قومی ٹیم کے ساتھ کی جانے والی زیاتیوں کی تاریخ بہت پرانی ہے لیکن پی ایچ ایف کے عہدیدارن مرحلے وار اقتدار میں آکر بلند بانگ دعوے کرتے رہے اور نقصان کھلاڑیوں کا ہوتا رہا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئرز کے بغیر پرو لیگ کی تیاریوں کیلئے جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل تربیتی کیمپ لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں لگا دیا گیا۔

    پنجاب میں ٹھنڈا موسم ہے کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے سردھڑ کی بازی لگانے کو تیار ہیں لیکن سہولیات کا فقدان بھی برقرار ہے، پی ایچ ایف کی جانب سے کھلاڑیوں کےلیے ہاسٹل یا رہائش کا انتظام کرنے کے بجائے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے چینجنگ روم کو کھلاڑیوں کی رہائشگاہ میں تبدیل کردیا گیا۔

    اڑتالیس کے قریب کھلاڑی موجود ہیں اور انہیں فی کمرہ تیرہ سے پندرہ کی تعداد میں رہنے پر مجبور کیا جارہا ہے، حکام کی جانب سے مناسب بستر فراہم کرنے کے بجائے ٹھنڈے فرش پر سونے کےلیے محض گدے بچھا دیئے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے ناروا سلوک کے بعد کیسے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم تشکیل پائے گی جو پرو لیگ میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے اولمپکس 2020 کےلئے کوالیفائی کرسکے۔

    کھلاڑیوں کی بے سروسامانی کا منظر

    نام شائع نہ کرنے کی شرط پر ایک کھلاڑی نے بتایا کہ موجودہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ایسی ہی سہولیات سینیئر کھلاڑیوں کو بھی دیتی رہی تھی، لیکن ہم لڑ جھگڑ کر سونے کےلئے بیڈ کا انتظام کروالیتے تھے، کبھی کبھار حق کی آوازبلند کرنے پر اچھے ہوٹل میں بھی رہائش مل جایا کرتی تھی۔

    سینیئر کھلاڑی کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان ہاکی فیڈریشن حالات میں بہتری نہیں لائے گی قومی کھیل ہاکی دوبارہ قدموں پر اٹھ نہیں سکتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی نیت پر شک نہیں کیا جاسکتا، سبز رنگ کی جرسی پہننے والوں کےلئے ملک و قوم کی عزت ترجیحات میں شامل ہے لیکن پی ایچ ایف کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تب ہی نتائج مثبت آسکتے ہیں۔

  • اولمپکس کی تیاریاں : سال بدل گیا لیکن قومی کھیل ہاکی کا برا حال برقرار ہے

    اولمپکس کی تیاریاں : سال بدل گیا لیکن قومی کھیل ہاکی کا برا حال برقرار ہے

    پرولیگ۔۔ یعنی اولمپکس2020کے کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ممکنہ گول کیپرز کا تربیتی کیمپ کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں لگایا ہے۔

    کیمپ کے پہلے روز گیارہ کھلاڑیوں نے رپورٹ کیا، مظہر عباس غیر ملکی دورے سے واپسی پر جلد کیمپ جوائن کرلیں گے۔ بدقسمتی سے قومی کھیل ہاکی کے حالات نئے سال میں بھی بدل نہ سکے، فنڈز کہاں خرچ کیے گئے اس کا اندازہ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی حالت زار دیکھ کر ہوجاتا ہے۔

    گول کیپرز جس انداز سے ٹریننگ کررہے ہیں وہ بھی حیران کن ہے، گول پوسٹ کے پولز زنگ آلود ہوچکے ہیں جگہ جگہ سے لکڑی کے پٹرے جھڑنے لگے جس کی وجہ سے باریک ٹکڑے کھلاڑیوں کی آنکھوں میں جانے کا خطرہ منڈلا رہا ہے، ٹرف پر بھی کائی جمنے لگی ہے، گول پوسٹ کا نیٹ خستہ حال جبکہ کپڑے کے ٹکڑوں سے نیٹ کسا گیا ہے۔

    اس نازک صورتحال پر جب کیمپ کمانڈنٹ اولمپیئن شاہد علی خان سے گفتگو ہوئی تو ان کا یہی کہنا تھا کہ پہلے تو وہ اس بات پر حیران ہیں کہ پرو لیگ کیلئے گول کیپرز کا انتخاب کون سے طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے کیا گیا ہے؟

    دوسری بات یہ کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن جب بھاری اخراجات کرسکتی ہے تو مہنگے گول پوسٹ کیوں نہیں خرید سکتی؟ اس کے علاوہ گیند پھینکنے والی مشین جو کہ لاہور سے منگوائی گئی وہ بھی ناکارہ نکلی، کھلاڑیوں کو کوچ گیند پھینک کر ٹریننگ کروا رہے ہیں۔

    اس کے علاوہ ایک اور اہم مناظر یہ دیکھنے کو ملے کہ گول کیپرز کو ٹریننگ دینے والوں میں ایک ایسا آفیشل بھی شامل ہے جو خود بھاری جسامت کا مالک ہے، کیا اب بھی اپنے لوگوں کو نوازنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے یا پھر اور وجوہات ہیں۔

    واضح رہے کہ پروہاکی لیگ میں پاکستان نے کوالیفائنگ راؤنڈز یورپین سرکٹ میں کھیلنا ہے اگر کھلاڑیوں کی ٹریننگ اسی انداز کی ہوگی تو اس کے نتائج کیا ہوں گے؟

  • بسمہ معروف پیا گھر سدھار گئیں

    بسمہ معروف پیا گھر سدھار گئیں

    لاہور: قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق کپتان کی مہندی کی تقریب گزشتہ روز لاہور میں منعقد کی گئی جس میں ساتھی کرکٹرز اور اہل خانہ نے شرکت کی۔

    اطلاعات کے مطابق بسمہ معروف آج شب انجینئر ابرار کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں۔ نمائندہ اے آر وائی کے مطابق کپتان کے ہونے والے شوہر سافٹ ویئر انجیئنر ہیں۔

    گزشتہ روز ہونے والی مہندی کی تقریب میں ساتھی کھلاڑیوں اور عزیز و اقارب نے شرکت کی اور انہوں نے خوب ہلا گلا بھی کیا، تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    واضح رہے کہ 5 جون 2016 کو بسمہ معروف کو پاکستان ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقررکیا گیا تھا، بعد ازاں انہیں 30 ستمبر کو پی سی بی نے ایک بار پھر ٹیم کی قیادت سونپی تھی۔

    بسمہ معروف 98 ایک روزہ اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں، ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لینے کے بعد سابق کپتان حال ہی میں وطن پہنچیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال بسمہ معروف انجری کا شکار ہوگئیں تھیں جس کے بعد اُن کا کیریئر  خطرات سے دوچار ہوگیا تھا تاہم کامیاب آپریشن کے بعد انہوں نے جرات مندی کا مظاہرہ کیا اور سخت ٹریننگ کے بعد وہ ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں۔

  • اپنی مدد آپ کے تحت سفر شروع کرنے والی پاکستانی ایتھلیٹ رابعہ کی عالمی مقابلے میں‌ دوسری کامیابی

    اپنی مدد آپ کے تحت سفر شروع کرنے والی پاکستانی ایتھلیٹ رابعہ کی عالمی مقابلے میں‌ دوسری کامیابی

    سڈنی: پاکستان کی بیٹی رابعہ شہزاد نے رواں سال دوسرے غیر ملکی ایونٹ میں کامیابی حاصل کر کے ملک کا نام روشن کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبے سندھ کے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والی رابعہ شہزاد نے آسٹریلیا میں ہونے والی رالف کیش ویمن اوپن ویٹ لفٹننگ چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی۔

    رابعہ نے 55 کلوگرام کیٹیگری کے مقابلے میں حصہ لیا اور کامیابی اپنے نام کی، علاوہ ازیں غیر ملکی کھلاڑی اسنیچ اور کلین اینڈ جرک نے 90 کلوگرام وزن اٹھا کر دوسری اور تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ ایونٹ میں 15 ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔

    رابعہ شہزاد نے رواں سال دوسرے غیرملکی ایونٹ میں کامیابی حاصل کی۔

    قبل ازیں  انہوں نے 22 ستمبر کو دبئی میں ہونے والی ایشین چیمپئن شب میں رابعہ نے 52 کلوگرام کیٹگری مقابلے میں حصہ لے کر دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پاور لفٹ ایشین چیمپئن شپ، پاکستانی خاتون کھلاڑی نے اعزاز اپنے نام کرلیا

    پاکستان کی بیٹی نے 2 ویٹ لفٹرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے قوم کا سرفخر سے بلند کردیا تھا۔

    رابعہ کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ میں اپنی مدد آپ کے تحت شرکت کی، مناسب سہولیات فراہم کی جائیں تو گولڈ میڈل جیت سکتی ہوں۔ اُن کا کہنا تھا کہ گھر کا ڈرائنگ روم ہی میری تربیت گاہ ہے، ہمیشہ ملک کا نام روشن کرنے کا خواب آنکھوں میں سجائے رکھا جو سچ ثابت ہوا۔

  • ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل قومی ہاکی ٹیم کو دھچکا

    ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل قومی ہاکی ٹیم کو دھچکا

    مسقط: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے پینلٹی کارنر ماہر عرفان سینئر انجری کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے خلاف ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے اہم کھلاڑی عرفان سینئر انجری کا شکار ہوگئے، انجری کے باعث عرفان سینئر فائنل میچ سے باہر ہوگئے۔

    گزشتہ روز ملائیشیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں عرفان کے ٹخنے میں چوٹ لگی تھی۔

    مزید پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی فائنل : پاکستان اوربھارت آج آمنے سامنے ہوں گے

    سلطان قابوس اسپورٹس کمپلکس میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا تھا اور مقررہ وقت میں میچ 4-4 گول سے برابر رہا تھا۔

    میچ کا فیصلہ پینلٹی اسٹوکس پرہوا تھا جس میں پاکستان نے ملائیشیا کو ایک کے مقابلے تین گول سے شکست دی تھی۔

    دوسری جانب بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں جاپان کو 2-3 سے شکست دے کرفائنل میں جگہ بنائی تھی۔

    روایتی حریف پاک بھارت کا فائنل ٹاکرا آج ہونا ہے، بھارت نے گرین شرٹس کو گروپ میچ میں شکست دی تھی جبکہ قومی ٹیم ایونٹ میں صرف ایک بھارت سے ہی ہاری ہے جاپان سے کھیلے جانے کا میچ برابر ہوگیا تھا۔

  • ہمارے معاشرے میں بڑھتی عمر پر تنقید کی جاتی ہے، ثنا میر

    ہمارے معاشرے میں بڑھتی عمر پر تنقید کی جاتی ہے، ثنا میر

    کراچی: پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان اور باؤلر ثنا میر نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بڑھتی عمر پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، عالمی ریکنگ میں نمبر ون آنے پر اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔

    اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ثنا میر کا کہنا تھا کہ ہمارے ماحول میں بڑھتی عمر کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ایسی صورتحال میں کارکردگی خاصی مشکل ہوتی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مارک کولز کی کوچنگ سے کافی فائدہ ملا، میری فٹنس اور فارم میں رہنے کی وجہ اسکلز میں بہتری ہے جس کا سہرا ساتھی کھلاڑیوں کو بھی جاتا ہے۔

    ثنا میر کا کہنا تھا کہ ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد اگلے ماہ ویسٹ انڈیز میں ہوگا، ہماری ٹیم میں بہترین اسپنرز شامل ہیں، کوشش ہوگی کہ حریف ٹیموں کو اسی کے ذریعے دباؤ میں رکھیں، ہمیں بیٹنگ میں وہی پرفارمنس دکھانی ہوگی جیسے آسٹریلیا کے خلاف دکھائی۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ’جب ہماری پرفارمنس ٹیم کے کام آئے تب ہی ہم اچھے باؤلر بن سکتے ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ: ثنا میر صف اول کی خاتون بولر بن گئیں

    یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے خواتین کھلاڑیوں کی ون ڈے رینکنگ جاری کی، فہرست میں پاکستان کی دو خواتین کھلاڑی ابتدائی تین میں سے دو پوزیشنز حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

    ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر 663 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کی پہلی باؤلر بنیں، انہوں نے 108 ون ڈے میچز میں 1 ہزار 4 سو 91 رنز بنا بنائے اور 127 وکٹیں حاصل کیں۔

    دوسری جانب دوسری طرف ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں پاکستان ویمن ٹیم کی ایک اور کھلاڑی انعم امین بھی شامل ہیں جو تیسرے پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

    واضح رہے کہ سنہ 2005 میں سری لنکا کے خلاف اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کرنے والی ثنا اب تک 108 ون ڈے میچز کھیل چکی ہیں۔

  • پاکستان میں ریسلنگ کا عالمی مقابلہ دسمبر میں ہوگا، نامور ریسلرز کی آمد

    پاکستان میں ریسلنگ کا عالمی مقابلہ دسمبر میں ہوگا، نامور ریسلرز کی آمد

    کراچی : پاکستان میں ریسلنگ کے دلچسپ مقابلوں کی تیاریاں تیز ہوگئیں، رنگ آف پاکستان کے زیر اہتمام ایکشن سے بھرپور ریسلنگ کے مقابلے دسمبر میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مین ریسلنگ کے چاہنے والوں کیلئے ایک اچھی خبر آگئی اب انٹرنیشنل ریسلنگ کے مقابلے رواں سال دسمبر میں منعقد ہوں گے۔

    دنیا کے متعدد ممالک کے ریسلر مقابلوں میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے، رواں سال دسمبر میں غیر ملکی ریسلز کو پاکستان لانے والا گروپ رنگ آف پاکستان کے تحت کینیڈا ،امریکا، انگلینڈ، فرانس سمیت کئی ممالک کے بیس سے زائد بین الاقوامی ریسلرز کنگ آف دی رنگ بننے کیلئے بے تاب ہوں گے۔

    رنگ آف پاکستان کی انتظامیہ نے بھرپور تعاون کرنے پر آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز کراچی سمیت دیگر شہروں کو ملے گا۔ یہ مقابلے کراچی،لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں منعقد کئے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں پہلا عالمی ریسلنگ کا دنگل سج گیا

    معروف ریسلر بادشاہ پہلوان خان انٹرنیشنل ریسلنگ میں پاکستان کی پہچان ہیں، ان مقابلوں کے انعقاد سے پاکستان کا امیج کھیلوں کی دنیا میں مزید بہتر ہوگا، پی ایس ایل کے بعد سے پاکستان میں کھیلوں کو فروغ مل رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

  • ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کا فیصلہ، سینکڑوں افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ

    ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کا فیصلہ، سینکڑوں افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سیزن سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے سے سینکڑوں افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی حکام نے آئندہ آنے والے سیزن میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے کا فیصلہ کرلیا ہے اسی سلسلے میں ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے ٹاسک فورس کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی تشکیل کردہ ٹاسک فورس کمیٹی کے پہلے اجلاس میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کا معاملہ زیر بحث لایا گیا تھا جس میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    آئندہ سال سے مختلف حکومتی ڈپارٹمنٹس ہر قسم کی کرکٹ سے دور ہو جائیں گے۔ ڈپارٹمنس کو کہا جائے گا کہ اگر وہ کھیل کے فروغ میں کوئی کردر ادا کرنا چاہتے ہیں تو ملک کے کسی بھی ریجن کو اسپانسر کرلیں۔ پی سی بی گورننگ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔

    دوسری جانب پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کے مخالف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند ہونے سے کھیل سے منسلک سینکڑوں افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

    ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنے کیلئے ایک بار پھر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن ان اقدامات سے اس پیشے منسلک ہزاروں افراد کے گھر کو چولہے ٹھنڈے ہوجائیں گے، ان لوگوں میں کرکٹرز،گراؤنڈز مین، آفیشلز، فزیو تھراپسٹ اور دیگر شامل ہیں۔

  • پاکستانی نژاد ریسلر بادشاہ خان زخمی ہوگئے

    پاکستانی نژاد ریسلر بادشاہ خان زخمی ہوگئے

    پاکستانی نژاد فرانسیسی ریسلر بادشاہ خان گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں ، انجری کے سبب وہ دو مہینے تک بستر پر آرام کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بادشاہ خان الجیریا کے ایڈم بین سیبا سے فائٹ کے دوران زخمی ہوئے، لڑتے ہوئے وہ رنگ سے باہر جا گرے جس کے سبب انکا گھٹنا متاثر ہوا۔

    بادشاہ خان پاکستان میں ہونے والے پروفیشنل ریسلنگ انٹرٹینمنٹ کے سیزن ون کے چیمپئن بھی ہیں اور دنیا بھر میں کئی ٹورنامنٹ کھیل چکے ہیں۔

    کچھ ماہ قبل بادشاہ خان ’ رنگ آف پاکستان‘ کے نام سے ایک آئیڈیا لے کر منظرِ عام پر آئے تھےجس کا مقصد پاکستان میں پروفیشنل ریسلنگ کا فروغ تھا۔ انہوں نے کچھ پیشہ ور ریسلرز کے ساتھ مل کر پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا تھا۔

    بادشاہ خان ، پاکستان کے مختلف شہروں میں ریسلنگ کی تربیت کے ادارے قائم کرنے کاارادہ رکھتے ہیں ، وہ انڈرگراؤنڈ ریسلنگ کے شدید مخالفین میں سے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ایسے کسی ٹورنامنٹ میں کوئی مرجائے تو اس کی ذمہ داری کس کے سر عائد ہوگی۔

  • پاکستان ہاکی ٹیم میں کپتان کی تقرری کا معاملہ، ٹیم مینجمنٹ اختلافات کا شکار

    پاکستان ہاکی ٹیم میں کپتان کی تقرری کا معاملہ، ٹیم مینجمنٹ اختلافات کا شکار

    کراچی: پاکستان ہاکی ٹیم کا کپتان کس کو بنایا جائے؟ اس معاملے نے ٹیم مینجمنٹ کو مشکل میں ڈال دیا، کوچ اور ہیڈ کوچ میں شدید اختلافات پیدا ہوگئے، دونوں اپنی مرضی کا کپتان لانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں کپتان کے معاملے پر ٹیم منجمنٹ اختلافات کا شکار ہوگئی، ہیڈ کوچ حسن سردار اور ریحان بٹ گول کیپر عمران بٹ کو کپتان بنانا چاہتے ہیں جبکہ کوچ محمد ثقلین عرفان سینئر کو کپتان بنانے کے خواہشمند ہیں۔

    شدید اختلافات کی بناء پر کوچ محمد ثقلین عہدے سے استعفی دینے پر غور کررپے ہیں۔ دوسری جانب کپتان رضوان سینئر بیرون ملک لیگ ہاکی کھیلنے کی وجہ سے کیمپ میں شرکت نہیں کرسکے۔

    غالب امکان ہے کہ گول کیپر عمران بٹ کو کپتانی کی ذمہ داری سونپ دی جائے گی، ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں جاری ہے، چیمپئنز ٹرافی18اکتوبر سے مسقط میں شروع ہوگی۔

    علاوہ ازیں کپتان رضوان سینئر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لاعلم ہوں کہ مجھے پاکستان ہاکی ٹیم کی کپتانی سے ہٹایا جارہا ہے، ٹیم آفیشل کے مطابق تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

    رضوان سینئر نے کہا کہ مجھے جواز بتایا جائے اگر کپتانی سے ہٹایا جارہا ہے تو کیوں؟ میں مینجمنٹ سے این او سی لے کر ہالینڈ لیگ کھیلنے آیا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کپتان کی تبدیلی ٹیم میں گروپ بندی کا سبب بنے گی، قیادت برقرار رہی تو ہالینڈ سے عمان ٹیم کو جوائن کروں گا۔ بہت سے ایسے فیصلے ہوئے جو قومی ہاکی ٹیم کے حق میں نہیں، ورلڈ ہاکی لیگ والا ماحول دوبارہ بنتا نظر آرہا ہے۔