Author: علی حسن

  • پاکستانی مارشل آرٹسٹ نے بھارت سے مزید تین عالمی ریکارڈ چھین لیے

    پاکستانی مارشل آرٹسٹ نے بھارت سے مزید تین عالمی ریکارڈ چھین لیے

    کراچی:  گنیز بک ریکارڈ کے حامل ممتاز مارشل آرٹ آرٹسٹ راشد نسیم نے ایک بار پھربھارت سے بیک وقت تین گنیز بک ریکارڈ چھین لیے، اس سے قبل بھی وہ تین عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راشد نسیم نے ایک منٹ میں ماتھے سے زیادہ سے زیادہ اخروٹ توڑنے ، ایک منٹ اورتین منٹ میں کہنی کے زیادہ وارکرکے تین نئے عالمی ریکارڈ بنا دیے ہیں۔

     راشد نسیم نےایک منٹ میں ماتھےسے241اخروٹ توڑنےکاریکارڈ قائم کیا ہے ، اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت  کے نوین کمار کے پاس تھا، جنہوں نے ایک منٹ میں ماتھے 217 اخروٹ توڑے تھے ۔

      راشد نسیم نے اس کے ساتھ ہی  دو او ر ریکارڈ بھی قائم کیے ہیں۔ ایک ریکارڈٹارگٹ پرایک منٹ میں کہنی کے350وارکرکےقائم کیا گیا ہے  اس سے قبل بھارت کےپراباکھرریڈی نے330مرتبہ کہنی کےوارکیےتھے۔ اسی ریکارڈ کو آگے بڑھاتے ہوئے راشد نے 3 منٹ میں 919 وار کرنے کا حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا ہے ۔ اس سے قبل بھارت کے این نارائن نے 3 منٹ میں 490 وار کرکے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنی جگہ بنائی تھی۔گنیزبک آف ورلڈریکارڈکوبھجوائی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹسٹ نے ایک منٹ میں 251 اخروٹ ہاتھ کی ضرب سے توڑ کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنی جگہ بنائی تھی لیکن پاکستانی مارشل آرٹسٹ محمد راشد نے زیادہ عرصے یہ ریکارڈ ان کے پاس نہیں رہنے دیا اور رواں سال جولائی میں ہاتھ 284 اخروٹ توڑ کر یہ ریکارڈ بھی ان سے چھین لیا تھا ۔ گنیز بک کی جانب سے اس ریکارڈ کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

    اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کا راشد نسیم  نے کا کہنا تھا کے بھارت سے ریکارڈ واپس لینا اک مشکل مرحلہ تھا۔ پریکٹس کے لئے وسائل اور سپانسر نا ہونے کے باوجود ہمت نئی  ہاری اور پاکستان کے نام اونچاکیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  میرا ہدف پاکستان کے لئے 100 عالمی ریکارڈ بنانا ہے اور اس کے لیے دن رات سخت محنت کر رہا ہوں۔

     اگر حکومت ساتھ دے تو 100ریکارڈ  پاکستان کے  نام کر سکتا ہوں۔ انہوں نے نئی  حکومت سے بھی اپیل ہے کہ  وہ میری خدمات کو سراہے اور تعاون کرے، میں  پاکستان کا نام مزید اونچا کرنا چاہتا ہوں۔

  • حبیب گرلز اسکول نے کراچی نیٹ بال کپ کے دونوں ٹائٹل انڈر 15 اور 17 اپنے نام کرلیے

    حبیب گرلز اسکول نے کراچی نیٹ بال کپ کے دونوں ٹائٹل انڈر 15 اور 17 اپنے نام کرلیے

    کراچی: حبیب گرلز اسکول نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی نیٹ بال کپ کے دونوں ٹائٹل انڈر 15 اور 17 اپنے نام کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق انڈر 15 ایونٹ کے فائنل میچ حبیب گرلز اسکول اور سٹی اسکول پی اے ایف کے مابین کھیلا گیا جسے حبیب گرلز اسکول نے سخت مقابلے کے بعد ایکسٹرا ٹائم میں 6 کے مقابلے 7 گولوں سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

    تیسری پوزیشن کا میچ سٹی اسکول گلشن اور کراچی گرامر اسکول کے مابین کھیلا گیا، جسے سٹی اسکول گلشن نے 4 کے مقابلے 15 گولوں سے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

    انڈر 17 ایونٹ کے فائنل بھی میچ حبیب گرلز اسکول اور سٹی اسکول پی اے ایف کے مابین کھیلا گیا جسے حبیب گرلز اسکول نے 7 کے مقابلے 9 گولوں سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا، تیسری پوزیشن سینٹ جوزف اسکول نے حاصل کی۔

    اس ایونٹ میں بہترین ڈسیپلین کی ٹرافی سٹی اسکول یونیورسٹی روڈ نے جیتی، جبکہ ایمرجنگ ٹیم کی ٹرافی کراچی گرامر اسکول اور کونونٹ جیسس میری اسکول نے اپنے نام کی۔

    انڈر 15 کیٹگری میں آل اسٹار پلیئر کے سات کھلاڑیوں کو ایوارڈ دیئے گئے جن میں رمشا، شیزین فاطمہ، علیشاہ بشیر، زہرہ عسکری، عبیہ، مومل اور ردا شامل ہیں۔

    انڈر17 کیٹگری میں آل اسٹار پلیئر کے سات کھلاڑیوں کو ایوارڈ دیئے گئے جن میں حفہ، حمنہ، رقیہ مودی، مریم رحمن، ہایا زوبیر اور حمنہ کاشف شامل ہیں۔

    ان میچوں کو خالد پرویز، شازیہ یوسف، عدنان غوری، قرتہ العین، صمد مسعود، نایاب رضیہ، سکینہ شبیر، فہد علی پیرزادہ اور عریب حسین نے سپروائز کیا۔

    اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی اسامہ قادری، ممبر قومی اسمبلی اور نائب صدر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے, اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن صدر مدثر آرائیں، سیکرٹری محمدریاض، سندہ نیٹ بال کے سیکرٹری اعجازالحق اور سٹی اسکول کے ریجنل اسپورٹس کوڈینٹر انتظار حیدر بھی موجود تھے۔

  • نیول چیف اسٹاف ایشین ٹوراوپن گالف چیمپئن شپ، وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے انعامات تقسیم کیے

    نیول چیف اسٹاف ایشین ٹوراوپن گالف چیمپئن شپ، وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے انعامات تقسیم کیے

    کراچی : یو ایم اے چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ شبیر اقبال نے جیت لی، ویمنز کیٹیگری میں آنیا فاروق فاتح رہیں، وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کامیاب گالفرز میں انعامات تقسیم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی گالف کلب میں نیول چیف اسٹاف ایشین ٹوراوپن گالف چیمپئن شپ کاپہلامرحلہ اختتام پذیر ہوگیا، چار روزہ چیمپیئن شپ میں میں ملک بھر سے چھ سو سے زائد بہترین گالفرز نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔

    نیشنل چیپٹر کی تقسیم انعامات کی تقریب کراچی گالف کلب میں ہوئی، وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت مہمان خصوصی تھے۔

    ویمنز گراس ایونٹ میں آنیا فاروق80اسکور پوائنٹس کے ساتھ کامیاب رہیں۔ حمیرہ خالد دوسرے نمبر پر رہیں۔ ایمچر کیٹیگری میں عاشق حسین نے بازی مارلی۔

    پروفیشنل ایونٹ میں ملک کے معروف گالفر شبیر اقبال نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئےسولہ انڈر پار کے ساتھ 272اسکور سے ٹائٹل جیت لیا۔ ہول ان ون کا اعزاز عنصر محمود کے نام رہا۔

    اختتامی تقریب میں وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کامیاب گالفرز میں انعامات تقسیم کیے۔ چار روزہ چیمپئن شپ کا پہلا مرحلہ27 تا 30 ستمبرتک کراچی گالف کلب میں کھیلا گیا، اگلے مرحلے میں11سے14اکتوبر تک میچز کراچی گالف کلب ہوں گے۔

  • پاکستانی مارشل آرٹسٹ نے بھارت سے عالمی ریکارڈ چھین کراپنے نام کرلیا

    پاکستانی مارشل آرٹسٹ نے بھارت سے عالمی ریکارڈ چھین کراپنے نام کرلیا

    کراچی: پاکستان کے مارشل آرٹسٹ محمد راشد نے بھارت سے عالمی ریکارڈ چھین کر اپنے نام کرلیا، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے تصدیق کردی۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستانی مارشل آرٹسٹ محمد راشد نے ہاتھ سے ایک منٹ میں 284 اخروٹ توڑنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے پرابھاکر ریڈی کے پاس تھا۔

    بھارت سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹسٹ نے ایک منٹ میں 251 اخروٹ ہاتھ کی ضرب سے توڑ کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنی جگہ بنائی تھی لیکن پاکستانی مارشل آرٹسٹ محمد راشد نے زیادہ عرصے یہ ریکارڈ ان کے پاس نہیں رہنے دیا۔

    محمد راشد نےمجموعی طور 3نئے ورلڈ ریکارڈ بنائے ہیں ، ہاتھ سے اخروٹ توڑنے کے علاوہ انہوں نے ہاتھ میں ایک کلوگرام وزن اُٹھاکر621مکےمارنےکا نیاریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے ۔ یہ ریکارڈ اس سے قبل پاکستان سے ہی تعلق رکھنے والے مارشل آرٹسٹ احمد کے پاس تھا جنہوں نے ایک کلو گرام وزن اٹھا کر 561 مکے مارنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

    یہی نہیں بلکہ محمد راشد نےایک منٹ میں کہنی کی مدد سے195اخروٹ توڑنےکا نیا ورلڈ ریکارڈ بھی بنا لیا۔ پاکستانی مارشل آرٹسٹ راشد نسیم مجموعی طور پر 31 ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ بھارت سے ریکارڈ چھین کر نیا ریکارڈ بنانا مشکل مرحلہ تھا ۔ وسائل نہ ہونے کے باوجود ملک و قوم کا نام روشن کرسکتا ہوں۔ محمد راشد نے اپیل کی کہ اگر حکومت ان سے تعاون کرے تو وہ ملک کے لیے کم از کم سو عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

    محمد راشد نے یہ ریکارڈ رواں سال جولائی میں قائم کیے تھے اور اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے باقاعدہ انہیں عالمی ریکارڈ تسلیم کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

  • قومی سائیکلسٹ کاشف بشیر ٹریفک حادثے میں زخمی

    قومی سائیکلسٹ کاشف بشیر ٹریفک حادثے میں زخمی

    کراچی : قومی سائیکلسٹ کاشف بشیر ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئے ہیں ، ٹانگ میں فریکچر کے سبب ان کا بڑا آپریشن کیا گیا ہے جس کے سبب انہیں آئندہ چھ ماہ بستر پر گزارنے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ماڈل کالونی ملیر کے رہائشی 32 سالہ نیشنل سائیکلسٹ کاشف بشیر کو گزشتہ ماہ ناتھا خان پل کے قریب ایک تیز رفتار بس نے پیچھے سے ٹکر مار کر زخمی کردیا تھا، وہ کراچی میں سندھ سائیکلنگ کی جانب سے منعقد کی گئی سائیکل ریس میں شرکت کے بعد اپنے گھر واپس جارہے تھے کہ بس نے ان کو ٹکر ماردی ۔

    بس ڈرائیور کی اس لاپروائی کے نتیجے میں ملک و قوم کا نام سربلند کرنے والے کاشف بشیر کی ٹانگ میں فریکچر ہوگیا اور وہ وہ چھ ماہ کے لئے ان فٹ ہوگئے ہیں، اس کے ساتھ ہی اس حادثے میں تقریباً3500 ہزار یورو( لگ بھگ ساڑھے چار لاکھ روپے) میں خرید ی گئی اسپورٹس سائیکل بھی تباہ ہوگئی جوانہوں نے اپنی پندرہ سالہ سائیکلنگ کیریئر میں بڑی مشکل سے اپنی جمع پونجی سے رقم اکٹھا کرکے خریدی تھی۔

    سائیکلنگ

    عالمی ریکارڈ ہولڈر سائیکلسٹ کاشف بشیر نے اپنی سائیکلنگ کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے ٹورڈی گوادر سائیکل ریس میں اوتھل سے اورماڑہ کا مشکل ترین 246کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے دوسری پوزیشن حاصل کرکے عالمی ریکارڈ بنایا تھا، اس قبل فرانس میں ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں231 کلومیٹر کا مشکل راستہ طے کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا جسے پاکستانی سائیکلسٹ نے توڑ دیا تھا۔

    کاشف بشیر نے بتایا کہ انہوں نے2005 میں انٹرنیشنل ٹورڈی پاکستان سائیکل ریس میں شرکت کی تھی جس میں چار ممالک ایران ، جرمنی، بنگلہ دیش اور افغانستان کے سائیکلسٹ بھی شریک ہوئے تھے اس میں ان کی 15پوزیشن حاصل کی تھی ، اس کے علاوہ ملک میں قومی سطح کے سائیکلنگ مقابلوں میں حصہ لیتے رہے ہیں ،ان میں ٹورڈی گوادر، ٹورڈی پنجاب، ٹور ڈی سندھ سائیکل ریس شامل ہیں۔ٹورڈی سندھ سائیکل ریس میں اس نے مکمل تیاری کے بغیر شرکت کی تھی جس میں اس کی کوئی اچھی پرفارمنس نہیں تھی ،اس کے ساتھ کاشف بشیر نے کراچی میں ہونے والی سائیکل ریسوں میں تین مرتبہ پہلی ، تین بار دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہیں۔

    کاشف کا کہنا ہے کہ سائیکلسٹ کے لیے کوئی حکومتی سطح پر کوئی
    حوصلہ افزائی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی روزگار کی سہولت ہے ،ان سہولیات کے فقدان کی وجہ سے ملک میں کوئی سائیکلنگ اوپر نہیں آرہا ہے۔ سا ئیکلنگ کا کھیل، کرکٹ سے زیادہ مہنگا شوق ہےایک سائیکل کی قیمت لاکھوں میں ہے۔

  • پاکستانی شوٹرعالمی مقابلے میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب

    پاکستانی شوٹرعالمی مقابلے میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب

    واشنگٹن: امریکی ریاست الابامہ میں ہونے والے شوٹنگ کے عالمی مقابلے میں پاکستانی نوجوان پانچویں پوزیشن پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا، ایونٹ میں دنیا بھر سے ساڑھے تین سو سے زائد شوٹر شرکت کررہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں ہونے والی آئی ڈی پی اے نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے حمزہ زاہد پانچویں نمبر پر آئے ہیں ، انہوں نے ای ایس پی ایکسپرٹ راؤنڈ میں کل ساٹھ شوٹرز کے درمیان پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

    امریکی ریاست الابامہ میں ہونے والے اس ایونٹ کی مختلف کیٹیگریز میں دنیا بھر سے آئے 377 شوٹرز حصہ لے رہے ہیں ، ایکسپرٹ کیٹیگری میں دنیا کے مختلف ممالک کے ساٹھ بہترین شوٹرز موجود تھے ، جن میں حمزہ زاہد پانچویں پوزیشن پر جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

    IDPA

    مقابلے میں کھلاڑیوں کو نائن ایم ایم پستول سے مختلف اہداف کو برق رفتاری سے نشانہ بنانا تھا، مقابلے میں سرعت کے ساتھ اپنی جگہ تبدیل کرتے ہوئے بھی نشانہ بازی میں مہارت کا مظاہرہ کرنا تھا۔

    پانچویں پوزیشن پر آنے والے حمزہ نہ صرف ایکسپرٹ کیٹیگری کے پانچ بہترین شوٹرز میں جگہ بنانے والے واحد پاکستانی بنے بلکہ انہوں نے آئی ڈی پی اے ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی بھی کرلیا۔

    اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ زاہد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت امریکا آئے ہیں ، اگر انہیں حکومت کی جانب سے مشق کے لیے ایمونیشن ( گولیاں ) فراہم کی جائیں تو وہ اور زیادہ اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں ، حمزہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گولیا ں بہت مہنگی ہیں اور مشق کے لیے وافر مقدار میں درکار ہوتی ہیں۔

    فی الحال وہ اپنی مدد آپ کے تحت مشق جاری رکھے ہوئے ہیں اور امریکا میں ہونے والی چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے بھی از خود آئے ہیں۔

  • میری کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی ، کامران اکمل

    میری کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی ، کامران اکمل

    کراچی: قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کوچ اور کپتان کے خلاف پھٹ پڑے ، کہتے ہیں کہ میری کرکٹ ختم نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوچ اور کپتان سلیکشن کمیٹی سے زیادہ بااختیار ہیں ،ا نہی کی مرضی سے کھلاڑیوں کا چناؤ ہوتا ہے۔

    کامران اکمل کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کو جو فٹنس اور پرفارمنس کھلاڑیوں سے درکار ہوتی ہے وہ ہم نے دی ہے ، کرکٹ کھیل رہے ہیں اب کیا خود کو بیٹ ماردوں یا سامان جلادوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوچ اور کپتان کی چل رہی ہے۔

    وکٹ کیپر بیٹس مین نے یہ بھی کہا کہ اتنی ہمت نہیں کہ حق کے لیے لڑائی کرسکوں اور لڑائی کروں گا تو فوراً نوٹس آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میری کرکٹ چل رہی ہے ابھی ختم نہیں ہوئی ، جہاں موقع ملتا ہے کھیلتے ہیں اور خوب کھیل رہے ہیں ، مزہ آرہا ہے۔

    یاد رہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے جوپلان تیار کیا ہے، احمد شہزاد، عمر اکمل اور کامران اکمل اس پلان کا حصہ نہیں ہیں۔

  • ایشین گیمز: پاکستان نے کراٹے کے مقابلوں‌ میں‌ کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا

    ایشین گیمز: پاکستان نے کراٹے کے مقابلوں‌ میں‌ کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا

    جکارتہ:  انڈونیشیا میں‌ جاری 18ویں ایشین گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ نے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔

    پاکستان سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ نرگس نے یہ اعزاز کراٹے کے مقابلوں میں‌ حاصل کیا، انھوں نے یہ تمغہ 68 کلوگرام سے زاید کی کیٹیگری میں‌ جیتا.

    یاد رہے کہ یہ رواں‌ ایشین گیمز میں پاکستان کا دوسرا کانسی کا تمغہ ہے، پاکستانی کبڈی ٹیم بھی کانسی کا تمغہ جیت چکی ہے.

    نرگس نے نیپال سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی کو 3-1 سے شکست دی، انھیں سیمی فائنل میں چین سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ نے شکست دی تھی.

    19 سالہ نرگس گذشتہ برس کولمبو میں ہونے والے ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ میں بھی طلائی تمغہ جیت چکی ہیں.

    اس کیٹیگری میں‌ سونے کا تمغہ جاپان اور چاندی کا تمغہ ایران کے حصے میں آیا.

    اس موقع پر نرگس نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں اور مستقبل میں اس کانسی کے تمغے کو سونے کے تمغے میں‌ بدل کر پاکستان کا نام روشن کریں گی.

  • سپر باکسنگ لیگ کے ٹرائلز جاری، کراچی میں نئے باکسرز کی کھوج مکمل

    سپر باکسنگ لیگ کے ٹرائلز جاری، کراچی میں نئے باکسرز کی کھوج مکمل

    کراچی : ملک بھر میں پاکستان کی پہلی سپر باکسنگ لیگ کے ٹرائلز جاری ہیں، کراچی میں دو روزہ ٹرائلز مکمل ہوگئے، یہ ٹرائلز 20جولائی سے جاری ہیں جو11اگست تک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سپر باکسنگ لیگ پاکستان کے روڈ ٹو دا رنگ کے ٹرائلز کے ذریعے ملک بھر سے بہترین باکسرز کی تلاش ملک بھر میں جاری ہے، پاکستان کی پہلی پروفیشنل سپر باکسنگ لیگ کیلئے شہر قائد میں ہونے والے دو روزہ ٹرائلز مکمل ہوگئے۔

    شہر کراچی میں نئے باکسرز کی کھوج مکمل ہوگئی، دو روزہ ٹرائلز میں کانٹے کے مقابلے دیکھنے کو ملے، کے سیون اکیڈمی میں فیدر ویٹ سے ہیوی ویٹ کیٹیگری تک تابڑ توڑ مکوں کی برسات ہوئی، کچھ باکسرز چاروں شانے چت بھی ہوئے۔

    اس کے علاوہ ٹرائلز کے دوسرے روز صوبہ بلوچستان کے باکسرز نے خوب جوہر دکھائے، باکسر ایس بی ایل کے چیف ٹکینکل آفیسر انوار احمد نے بتایا کہ بڑی تعداد میں بے خوف و نڈر باکسرز ملنا شروع ہوگئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کی پہلی سپر باکسنگ لیگ کے ٹرائلز شروع

    سپر باکسنگ لیگ کا اگلے مرحلہ دس اگست فیصل آباد میں ہوگا اور گیارہ اگست کو ملتان میں باکسنگ ٹرائلز منعقد ہوں گے۔

  • بیڈمنٹن کی قومی چیمپین مہور شہزاد نے اناپورنا انٹرنیشنل بیڈمنٹن چیمپین شپ جیت لی

    بیڈمنٹن کی قومی چیمپین مہور شہزاد نے اناپورنا انٹرنیشنل بیڈمنٹن چیمپین شپ جیت لی

    کھٹمنڈو: بیڈمنٹن میں قومی چیمپین مہور شہزاد نے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلی جانی والی اناپورنا انٹرنیشنل بیڈمنٹن چیمپین شپ 2018 جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق اناپورنا کارپوریٹ انویٹیشنل انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ چیمپین شپ 2018 کٹھمنڈو میں 23 سے 28 جولائی کھیلی گئی جسے پاکستانی اسٹار بیڈمنٹن پلیئر مہور شہزاد نے جیت لیا۔

    بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا، پاکستانی کھلاڑی مہور شہزاد نے نیپال کی کھلاڑی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

    نیپال سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی راشیلا مہا رجن کو مہور شہزاد نے فائنلز میں 15-21 اور 10-12 سے شکست دے کر انٹرنیشنل ٹورنامنٹ جیتا۔

    مہور شہزاد کی بہترین کارکردگی کے باعث بیڈمنٹن ایشیا فیڈریشن نے انھیں آئندہ اولمپکس گیمز کی تیاری کے لیے ایشیا اولمپک پروجیکٹ (AOP) پروگرام کے لیے بھی چُن لیا ہے۔

    خلا میں بیڈ منٹن میچ


    واضح رہے کہ مہور شہزاد 9 تا 12 نومبر 2017 کو اسلام آباد میں کھیلی جانے والی پاکستان انٹرنیشنل سیریز 2017 کا وومن سنگل ٹائٹل بھی جیت چکی ہیں۔

    کٹھمنڈو میں ہونے والے بیڈمنٹن مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل تعریف رہی، اس سے قبل مین ڈبلز اور سنگل میں بھی پاکستان نے کام یابیاں سمیٹیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔