Author: علی حسن

  • پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی مقروض

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی مقروض

    قومی کھیل ہاکی افق کو چھو کر اب تنزلی کی جانب بڑھتاجارہا ہے۔ کیا اسکی وجہ ٹیلنٹ کی کمی ہے ؟، سہولیات کا فقدان؟ یا پھر کچھ اور۔ اصل مسئلہ کھلاڑیوں کو معاوضوں کی عدم ادائیگی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ ہو یا ماضی کے عہدیداران ، شاہ خرچیوں کے لیے فنڈز کی کمی دیکھنے میں نہ آئی۔ لیکن جب بات کھلاڑیوں کے حقوق پرآکر رکی تو جیبیں خالی ہونے کا راگ الاپ دیا جاتا ہے۔

    ایسی صورتحال میں کھلاڑی کیا دل و جان سے ملک کی کے لیے کھیل سکیں گے۔ ۔ ۔ بالکل نہیں؟ ذہنی اذیت کے شکار ہونا ایک فطری عمل بن جاتا ہے۔ کھلاڑی کو یہی فکر لاحق رہتی ہے کہ گھریلو اخرجات کیسے برداشت کیے جائیں۔ گھر کا چولہا بجھنے کی نوبت آجاتی ہے ملک کے لیے فتح حاصل کرنے کا حوصلہ پست اور جذبہ بھی ٹھنڈا پڑنا شروع ہوجاتا ہے۔

    Pakistan Hockey Federationموجودہ پی ایچ ایف انتظامیہ کھلاڑیوں کی مقروض دکھائی دیتی ہے۔ عہدیداروں کے چہرے اور نام بدل گئے لیکن ریت وہی برقرار ہے۔ خود کھاؤ اور دوسروں کو ٹھینگا دکھاؤ۔ چیمپیئنز ٹرافی دوہزار اٹھارہ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ مرحلہ وار ایبٹ آباد سے ہوکر کراچی اور پھر ہالینڈ تک جاری رہا۔ روزانہ کی بنیاد پر فی کھلاڑی ایک ہزارروپے ڈیلی الاؤنس ملنا تھے جو نہ مل سکے۔ حتی کہ میگا ایونٹ کے لیے منتخب اسکواڈ بھی پندرہ ہزار روپے کے ڈیلی الاونس سے محروم ہے۔ تخمینہ لگایا جائے تو تربیتی کیمپ سے لے کر چیمپیئنز ٹرافی کے اختتام تک فی کھلاڑی تقریبا تین لاکھ روپے تک کی رقم بن جاتی ہے، جس کا کھلاڑیوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔

    فنڈزکی کمی؟


    ناقص کارکردگی پر حکومت کی جانب سے گرانٹ روک دینا ایک نیا بہانا سامنے آیا ہے۔ پیسوں کی کمی کے باعث انٹرنیشنل معیار کا عبدالستارایدھی ہاکی اسٹیڈیم اس مرتبہ ایشین گیمز کی تیاری کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کا میزبان نہیں ہے بلکہ چیف سلیکٹر اصلاح الدین کی زیر نگرانی چلنے والی اصلاح الدین اکیڈمی اب رہائش سمیت تربیتی کیمپ کے لیے منتخب کی گئی ہے۔

    مالی مشکلات سے دوچار کھلاڑیوں کی جانب سے اب ایشین گیمز کے بائیکاٹ کا امکان بڑھ گیا ہے۔ سینئر اور جونیئر کھلاڑی مستقبل کی حکمت عملی بنارہے ہیں۔ آئندہ ماہ اگست میں ایشین گیمز انڈونیشیا میں شیڈول ہیں۔ کھلاڑی اسی سوچ میں مبتلا ہیں کہ اس مرتبہ بھی ڈیلی الاؤنس ملے گا یا پھر سے جھوٹے وعدوں اور دلاسوں پر انتظامیہ کے سامنے سرتسلیم خم کرکے کسمپرسی کے عالم میں ملک کی نمائندگی کرنا پڑے گی۔

    سنہ 2012میں جب سیکریٹری پی ایچ ایف کی کرسی آصف باجوہ کے پاس تھی ، اس وقت کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو پچاس ہزار روپے، بی کیٹیگری کے لیے چالیس ہزار روپے اور سی کیٹیگری کے لیے تیس ہزار روپے کا اعلان ہوا تھا۔ جونیئر کھلاڑیوں کو پندرہ ہزار روپے کا وظیفہ ملنا تھے۔ آصف باجوہ کا دور گزر گیا، پھر رانا مجاہد آئے۔۔ وعدوں اور دلاسوں کا سلسلہ چلتا رہا، پاکستان کی عزت کا نعرہ لگتا رہا، لیکن کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ مل نہ سکا۔ شہباز سینئر کے دور میں بھی ایسے دعوؤں کی صدائیں گونجتی رہیں۔ چھ سال بیت گئے لیکن ہر حال میں ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی آج بھی اپنے حقوق کے منتظر ہیں۔

    اس دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن ان چیف کی جانب سے فنڈز کا اجرا بھی ہوا مگر انتظامیہ فنڈز کی کمی کا آنسو بہاتی رہی ہے۔ اگر واقعی مالی مشکلات کا سامنا ہے تو غیر ملکی کوچز کے اخراجات کیسے برداشت کیے جارہے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ کس بنیاد پر کھلاڑیوں کے فنڈز کو شاہ خرچیاں بنا کر اڑا رہی ہے۔ اس کا جواب کون دے گا۔ ۔ چھ سال کے لحاظ سے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم کا تخمینہ لگایا جائے تو فی کھلاڑی تقریبا پچیس سے تیس لاکھ روپے بن جاتے ہیں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن ، روکھی سوکھی کھا کر وطن کی نمائندگی کرنے والے ان محبِ وطن کھلاڑیوں کی مقروض ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پاکستانی باکسر محمد وسیم ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم

    پاکستانی باکسر محمد وسیم ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم

    کوالالمپور: پاکستانی باکسر محمد وسیم ورلڈ ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں جس کے لیے انہوں نے تیاری شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی باکسر نے ملائشیا سے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں وہ ورلڈ ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے پرجوش نظر آئے۔ محمد وسیم کا کہنا تھا 15 جولائی کو ہونے والے مقابلے کےلیے بالکل تیار ہوں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ امید ہے ٹائٹل جیت کر پاکستان لاؤں گا، قوم میری جیت کے لیے دعا کرے‘۔

    واضح رہے کہ ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں 15 جولائی کو عالمی مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں پاکستانی باکسر محمد وسیم کا فلائی ویٹ کیٹگری میں جنوبی افریقا کے باکسر موروثی متھالین سے مقابلہ ہوگا۔

    پاکستانی باکسر محمد وسیم 8 انٹرنیشنل ناقابلِ شکست فائٹ کرچکے جبکہ افریقا کے موروثی متھالین اب تک کے کیرئیر میں 37 مقابلے کرچکے جن میں سے انہوں نے 35 میں فتح حاصل کی ۔

    محمد وسیم گزشتہ برس ڈبلیو بی سی رینکنگ میں فلائی ویٹ کیٹگری کے نمبر ون باکسر قرار پائے تھے۔

    خیال رہے کہ محمد وسیم کی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کوریا کے ایک شخص نے باکسنگ کی دنیا میں مزید آگے لے جانے کے لیے اُن کا ہاتھ پکڑا تھا مگر پھر اُس نے مزید مدد کرنے سے صاف معذرت کرلی تھی۔

    کورین پروموٹر کی جانب سے انکار کے بعد محمد وسیم نے عالمی فہرست میں جو مقام حاصل کیا وہ چھن جانے کا خدشہ تھا تاہم انہیں نیا پروموٹر اور کوچ مل گیا جس کے بعد وہ اب ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    واضح رہے کہ باکسر محمد وسیم نے 8 پروفیشنلز فائٹ کھیلیں اور سب مقابلوں میں کامیابی حاصل کی مگر انہیں ڈبلیو بی سی فلائی ویٹ کی ورلڈ رینکنگ میں پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے امریکا  میں منعقد ہونے والے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • غیرملکی ریسلر کراچی میں گھر خریدنے اور رہائش کے خواہش مند

    غیرملکی ریسلر کراچی میں گھر خریدنے اور رہائش کے خواہش مند

    کراچی: معروف انٹرنیشنل ریسلر ٹائنی آئرن نے شہر قائد میں مکان خریدنے کی خواہش کا اظہار کردیا، غیر ملکی ریسلرز نے پان کھا کر عوام سے محبت کا ثبوت بھی دیا۔

    تفصیلات کے مطابق رنگ آف پاکستان کا دوسرا ایڈیشن آئندہ ماہ کراچی اور اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا جس میں بین الاقوامی خواتین اور مرد ریسلرز اپنے کھیل کا مظاہرہ پیش کریں گے۔

    غیرملکی پروفیشنل ریسلرز اور خصوصاً خواتین کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے ملک کا مثبت امیج دنیا کے سامنے جاریا ہے، پہلے ایڈیشن میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے دوبارہ پاکستان آمد پر مسرت کا اظہار کیا۔

    رنگ آف پاکستان کی لانچنگ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں انٹرنیشنل ریسلرز کا تعارف کروا گیا، برطانوی ریسلر بریم جو ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ ڈبلیو ڈبلیو ای نیکسٹ میں بطور ٹیگ ٹیم صلاحیتوں کے جوہر دکھاچکے ہیں وہ اب پاکستان اوربالخصوص کراچی آنے پر کافی خوش ہیں۔

    اس موقع پر امریکی ریسلر ٹائنی آئرن نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی میں پانچ کمروں کا گھر خریدنے کے خواہش مند ہیں اور اُن کی دلی خواہش یہ کہ اُن کے ہمسائے ملنسار ہوں تاکہ وہ لسی پی سکیں اور بچوں کو ریسلنگ کے گُر بھی سکھائیں۔

    بریم (تھامس ریمنڈ لاٹیمر) کا کہنا تھا کہ میرے لیے پاکستان اور بالخصوص کراچی آنا اعزاز کی بات ہے کیونکہ سیکیورٹی رسک کے حوالے سے بہت سی باتیں سُنی تھیں جو بالکل غلط ثابت ہوئیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی بہت محبت کرنے والے لوگ ہیں،یہاں ریسلنگ کے چاہنے والوں کی کمی نہیں جو خوشی کی بات ہے۔ بریم نے بتایا کہ انھیں آم بہت پسند ہے جبکہ پان کھانے کا تجربہ ان کے لیے منفرد ثابت ہوا۔ بین الاقوامی ریسلر کا کہنا تھا کہ پان کا ذائقہ تھوڑا تیز تھا مگر آئندہ جب بھی موقع ملا وہ اسے دوبارہ ضرور کھائیں گے۔

    برطانوی ریسلر کا کہنا تھا کہ رنگ آف پاکستان نے پروفیشنل ریسلرز کو شائقین کے سامنے لانے کا بہترین موقع فراہم کیا، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ  ہماری حوصلہ افزائی کے لیے بڑی تعداد میں لوگ آئیں اور میگا ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔

    برطانوی ریسلر ٹائنی آئرن جو مسلسل پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے بے تاب رہتے ہیں اور اب انہیں پاکستانیوں سے کافی محبت ہوگئی ہے، گزشتہ برس جب وہ پاکستان آئے تو ہر محفل میں انھوں نے قیمہ اور لسی کا ذکر تھا چھیڑا تھا۔

    کراچی میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران ٹائنی آئرن نے حاضرین کے سامنے میٹھا پان کھایا اور ثابت کیا کہ وہ پاکستانیوں جیسا ذوق بھی رکھتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ٹائنی آئرن کا کہنا تھا کہ انھوں نے کافی سارے پان پیک کروا لیے ہیں جو وہ برطانیہ میں اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو کھلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹائنی آئرن کو برطانیہ میں جسامت کے لحاظ سے انکریڈیبل ہلک کا لقب مل چکا ہے۔

    پاکستانی نژاد فرانسیسی ریسلر بادشاہ پہلوان خان ایڈیشن ون کے چیمپیئن رہے انہوں نے اے آر وائی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میرے دورے کا مقصد پاکستان میں پروفیشنل ریسلنگ اکیڈمی کا قیام ہے ۔

    انھوں نے بتایا کہ کراچی میں غیر معیاری ریسلنگ کے مقابلوں کی ہوا چل پڑی ہے جس میں شامل ہونے والے ریسلرز غیر تربیتی یافتہ ہیں، اس کی وجہ سے آرگنائزرز نوجوانوں کی جانوں سے بھی کھیل رہے ہیں۔

    بادشاہ پہلوا ن کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص ٹی وی میں مقابلے دیکھ کر ریسلر نہیں بن سکتا بلکہ اس کے لیے پروفیشنل ٹرینر (استاد) سے تربیت حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔

    خیال رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تعاون سے پروفیشنل ریسلنگ کا میلہ اگلے ماہ اگست میں کراچی اور اسلام آباد میں سجے گا جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ریسلرز کنگ آف دی رنگ بنے کے لیے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • لاہور : لیژر لیگس فٹبال قومی چیمپئن شپ آئی سی اے ڈبلیو نے جیت لی

    لاہور : لیژر لیگس فٹبال قومی چیمپئن شپ آئی سی اے ڈبلیو نے جیت لی

    لاہور : لیژر لیگس فٹبال قومی چیمپئن شپ میں کامیابی کے بعد لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو کو آئی ایس ایف ورلڈ کپ پُرتگال کا ٹکٹ مل گیا، فائنل میں آئی سی اے ڈبلیو نے پشاور کی شنواری ایف سی کو شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو ایف سی (آئی کین اینڈ ول) نے آئی ایس ایف ورلڈ کپ پُرتگال کا ٹکٹ حاصل کرلیا، جب انہوں نے پشاور کی شنواری ایف سی کو فائنل میں سڈن ڈیتھ پنالٹی کک پر 3-2کی شکست سے دوچار کرکے لیثررلیگس نیشنل چیمپئن شپ کی فاتح ٹرافی پنے نام کی۔

    فاتح ٹیم پرتگال کے شہر لسبن میں 5اکتوبر سے شروع ہونے والے سکس اے سائیڈآئی ا یس یف ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی, بلوچ مجاہد فٹبال اسٹیڈیم پر فلڈ لٹ میں کھیلا جانے والا فائنل انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوا۔

    لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو اورپشاور کی شنواری ایف سی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، دونوں ٹیموں کے گول کیپرز نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے تابڑ توڑ حملوں کو ناکام بنائے رکھا، مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔

    ٹائی بریکر پر بھی میچ کا فیصلہ نہ ہوسکا، سڈن ڈیتھ پنالٹی کک پر لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو ایف سی نے 3-2کی فیصلہ کن کامیابی کے ساتھ میدان مار لیا۔

    سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد سومرو، نگراں صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ، سابق ڈی جی رینجرز کراچی لیفٹیننٹ جنرل جاوید ضیاءنے بحیثیت مہمان خصوصی ٹیموں میں ٹرافی اور کھلاڑیوں میں دیگر انعامات تقسیم کیے۔

    سندھ کے اسپورٹس منسٹر ڈاکٹرسید جنیدعلی شاہ نے لیثرر لیگس کی ملک میں فٹبال کی ترقی کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوان کھلاڑی صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب ہونگے جو ایک مثبت سائن ہے۔

    لیژر لیگس نیشنل چیمپئن شپ میں پاکستان کے 8شہروں کراچی، حیدرآباد، قلعہ سیف اﷲ، کوئٹہ، مردان، پشاور ، اسلام آباد اور لاہور کی ٹیموں نے شرکت کی۔ جنہیں 4,4کے 2گروپ میں تقسیم کیا گیاتھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • چیمئنز ٹرافی: فیس نہیں ملے گی تو  کھیل پر توجہ نہیں دے سکتے، کھلاڑی

    چیمئنز ٹرافی: فیس نہیں ملے گی تو کھیل پر توجہ نہیں دے سکتے، کھلاڑی

    ایمسٹرڈیم: ہالینڈ میں موجود قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کی وجہ پی ایچ ایف کی جانب سے ڈیلی الاؤنس اور فیس نہ ملنے کو قرار دے دیا، کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جیبیں خالی ہوں گی تو کارکردگی پر توجہ نہیں دے سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم اس وقت چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے ہالینڈ میں موجود ہے، اب تک ہونے والے میچز میں کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا جس کے باعث ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا گراف نیچے کی طرف جارہا ہے۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ نے دورہ ہالینڈ میں شاہ خرچیوں کے لیے اکاؤنٹس کے منہ کھول دیے، سیر و تفریح کے لیے تو فنڈز موجود ہیں مگر کھلاڑیوں کی فیس دینے سے پی ایچ ایف نے معذرت کرلی۔

    مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 2-1 سے ہرادیا

    گرین شرٹس کی چیمپئنز ٹرافی میں شکست کی وجوہات سامنے آگئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی تاحال ڈیلی الاونس سے محروم ہیں، آسٹریا کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز کے الاونس بھی تاحال جاری نہیں کیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں لگنے والے کیمپس کے ڈیلی الاونس بھی کھلاڑیوں کو نہیں دیے گئے،  جیبیں خالی ہوں تو کھلاڑی کا ذہنی دباؤ قدرتی امر ہے۔

    پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کو فی کس روزانہ ایک سو بچاس امریکی ڈالر الاؤنس ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا، ایمسٹرڈیم میں لگنے والے کیمپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو  یومیہ دس ڈالر کی قلیل رقم بھی نہ مل سکی ۔

    یہ بھی پڑھیں: ہاکی چیمپئنز ٹرافی: کھلاڑی سڑک پر لگے نل سے پانی بھرنے پر مجبور

    کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال کا سامنا پہلے بھی کرتے رہے ہیں، کئی سال بیت گئے سابقہ مینجمنٹ سے لے کر اب تک ہمارا سینٹرل کنٹریکٹ فعال نہ ہوسکا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اطلاع سامنے آئی تھی کہ  پی ایچ ایف کی نااہلی کے باعث ہالینڈ میں موجود کھلاڑیوں کو پینے کا صاف پانی مہیا نہیں کیا جارہا اور وہ سڑک پر لگے نل سے پانی پینے پر مجبور ہیں۔

    قومی ٹیم کی طرف سے چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ہالینڈ میں قدرتی طور پر صاف پانی کی سہولت میسر ہے اور ایونٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے کھلاڑی بھی گراؤنڈ کے اطراف سے عام پانی استعمال کررہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسپورٹس کو برباد کرنے والوں کے خلاف بھی جے آئی ٹی بنائی جائے:‌ ظفراللہ جمالی کا مطالبہ

    اسپورٹس کو برباد کرنے والوں کے خلاف بھی جے آئی ٹی بنائی جائے:‌ ظفراللہ جمالی کا مطالبہ

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی نے اسپورٹس کو برباد کرنے والوں کے خلاف بھی جے آئی ٹی بنا کر تحقیقات کروانے کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ظفراللہ جمالی نے پاکستانی ہاکی ٹیم کی بھارت سے شکست پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی کرپشن کے لئے جے آئی ٹی بن سکتی ہے، تو کھیلوں کو برباد کرنےوالوں کے خلاف کیوں نہیں بن سکتی.

    یاد رہے کہ میر ظفر اللہ جمالی ماضی میں‌ پی ایچ ایف کے صدر کی حیثیت سے خدمت انجام دے چکے ہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کی تنزلی افسوس ناک ہے، چیف جسٹس پاکستان نوٹس لیں، چیف جسٹس شعبہ کھیل میں عہدوں کی بندر بانٹ کی تحقیقات کا حکم دیں.

    انھوں نے کہا کہ 10 برس میں کھیلوں کے لئے فنڈز کے استعمال کا آڈٹ کرایا جائے، جے آئی ٹی بنا کر نوٹس لیا جائے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی بنیادوں پر نامزدگیوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے، اسپورٹس کے دیانت داراور پرفیشنل ماہرین کا تقرر کیا جائے.

    یاد رہے کہ اس وقت جاری آخری چیمپینز ٹرافی میں پاکستان کی اب تک کی کارکردگی مایوس کن ہے، پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 4-0 سے شکست ہوئی تھی، بعد میں آسٹریلیا کے ہاتھوں میں‌ گرین شرٹس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا.


    چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 2-1 سے ہرادیا


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تھائی لینڈ:کراٹے کا عالمی مقابلہ، پاکستانی نوجوانوں نے چاندی کا تمغہ جیت لیا

    تھائی لینڈ:کراٹے کا عالمی مقابلہ، پاکستانی نوجوانوں نے چاندی کا تمغہ جیت لیا

    بینکاک : تھائی لینڈ میں منعقدہ کراٹے کے عامی مقابلوں میں حصّہ لینے والے پاکستانی کھلاڑیوں نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے چاندی کے تمغے جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں 8 جون کو منعقد ہونے والے کراٹے کے عالمی مقابلوں میں پاکستانی نوجوانوں نے سلور میڈل حاصل کرکے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کردیا ہے۔

    تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک منعقد ہونے والے کراٹے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں محمد علی رشید اور دلاور خان نے ڈبل کلاسک پروگرام میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پہلی بار پاکستانی ٹیم کراٹے کے کسی عالمی مقابلے میں شریک ہوئی ہے، لیکن قومی فیڈریشن میں فنڈز کی کمی کے باعث پاکستانی ٹیم مکمل قوت کے ساتھ مقابلوں میں شریک نہیں ہوسکی ہے۔

    پی جے جے ایف کے صدر خلیل خان کی جانب سےتھائی لینڈ میں فتح کے جھنڈے گاڑنے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے نوجوانوں پر فخر ہے۔

    خلیل خان کا کہنا تھا کہ پی جے جے ایف نے کامیاب ہونے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جس مقابلے میں بھی سرکت کی کامیابی حاصل کی اور بہترین کارکردگی دیکھا کر وطن واپس پہنچے ہیں،

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں جو جیٹسو کمیونیٹی نے پی جے جے ایف کے نوجوانوں کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • تائی کوانڈو چیمپیئن شپ : کراچی کے معذور کھلاڑی 7 گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب

    تائی کوانڈو چیمپیئن شپ : کراچی کے معذور کھلاڑی 7 گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب

    کراچی : قومی پیرا تائی کوانڈو چیمپیئن شپ میں کراچی کے معذور کھلاڑی سات گولڈ میڈل سینے پر سجانے میں کامیاب ہوگئے۔

    پاکستان میں تمام تر مشکلات کے باوجود معذور افراد عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں، کراچی کے معذور کھلاڑیوں کو مشکلات تو ضرور درپیش ہیں لیکن وہ مجبور نہیں۔

    تمام تر مشکلات کے باوجود معذور افراد عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ کراچی سے علی حسن کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے یونیورسل تائی کوانڈو کلب نے ایسے ہی باصلاحیت افراد کو حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا سکھا دیا ہے۔

    قومی پیرا تائی کوانڈو چیمپیئن شپ میں کراچی کے معذور کھلاڑی سات گولڈ میڈل سینے پر سجانے میں کامیاب رہے۔ چیمپئن علی زرکو ویتنام میں ہونیوالی چیمپیئن شپ کی انٹری مل گئی۔

    خصوصی افراد کو باصلاحیت بنانے والے ماسٹر صدیق کو یقین ہے کہ ایشیئن پیرا چیمپیئن شپ میں پاکستان ضرور میڈلز جیتے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کک باکسنگ: ’اگر کوئی حملہ کرے تو آپ بھرپور جواب دے سکتے ہیں‘

    کک باکسنگ: ’اگر کوئی حملہ کرے تو آپ بھرپور جواب دے سکتے ہیں‘

    کراچی: کک باکسنگ ویسے تو سخت جان لوگوں کا کھیل ہے مگر پاکستان میں یہ تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے، لڑکوں کے ساتھ لڑکیاں بھی میدان میں اتر کر اپنے آپ کو دفاع کے لیے مضبوط بنا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی مارشل آرٹ کک باکسنگ گزشتہ کچھ برسوں سے ملک میں پذیرائی حاصل کررہا ہے، رنگ میں اترنے والے کھلاڑی حریف کو سبقت دینے کے لیے برق رفتاری سے مکوں اور لاتوں کی برسات کرتے ہیں تاکہ فتح حاصل کرسکیں۔

    میمونہ علیزے محمد کک باکسنگ کی تربیت حاصل کررہی ہیں وہ اب اس مرحلے پر پہنچ گئیں کہ چوٹ لگنے سے انہیں کوئی مسئلہ درپیش نہیں آتا اور ٹریننگ نے انہیں مزید سخت جان بنا دیا۔

    اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان خاتون کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ’کک باکسنگ ایسا کھیل ہے جس میں جنرل فٹنس اور ذاتی دفاع کی صلاحیت بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے، اگر کوئی آپ پر حملہ کرے تو آپ بھرپور جواب دے سکتے ہیں‘۔

    کے  7 فٹنس اینڈ کک باکسنگ بے خوف لوگوں کی درسگاہ ہے جہاں پر تیار ہونے والے باکسرز نے عالمی سطح پر مقابلے کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔

    نوجوان کھلاڑی نے اے آر وائی سےگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ’میں 7 فائٹ کرچکا ہوں اور کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ مقابلوں میں حصہ لے کر پاکستان کے نام کو روشن کروں‘۔

    تربیت حاصل کرنے والے ایک اور نوجوان کا کہنا تھا کہ ’ہم سو فیصد نہیں بلکہ 110 فیصد ٹریننگ حاصل کرتے ہیں تاکہ کسی کمزوری کی وجہ سے ہم مقابلے میں شکست کا سامنا نہ کریں‘۔

    واضح رہے کہ باکسنگ میں فائٹر صرف مکے استعمال کرنے کا پابند ہوتا ہے جبکہ کک باکسنگ میں کھلاڑی حریف کو زیر کرنے کے لیے مکوں کے ساتھ لاتوں کا بھی آزادانہ استعمال کرسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ماسٹر راشد نسیم نے بھارت سے گنیز بک کا ایک اورعالمی ریکارڈ چھین لیا

    ماسٹر راشد نسیم نے بھارت سے گنیز بک کا ایک اورعالمی ریکارڈ چھین لیا

    کراچی : ایک منٹ میں ہتھیلی سے 278اخروٹ توڑ کر پاکستانی مارشل آرٹ کے ماہر نے بھارت اور جرمنی سے عالمی ریکارڈ چھین کر اپنے نام کر لیا، ویڈیو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کیلئے بھجی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق مارشل آرٹس کے پاکستانی ماہر راشد نسیم نے بھارت سے ایک اور عالمی ریکارڈ چھین لیا, ایک منٹ میں ہتھیلی سے دو سو اٹہھتر آخروٹ توڑ ڈالے۔

    کراچی سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی حسن نے بتایا ہے کہ کراچی کے راشد نسیم نے بھارت کے ساتھ جرمنی کو بھی عالمی اعزاز سے محروم کرنے کا دعوی کردیا ہے۔

     اس سے قبل پراباکر ریڈی کے پاس دوسو اکیاون کا ریکارڈ تھا، برق رفتاری سے ماسٹر راشد نسیم نے ماتھے سے اکیاون تربوز  پھوڑنے کا ریکارڈ بھی اپنے اکاؤنٹ میں شامل کرلیا ہے.

    سابقہ ریکارڈ جرمنی کے تافزی احمد نے تینالیس تربوز پھوڑ کر سال دوہزار گیارہ میں بنایا تھا، اب یہ دونوں ویڈیوز سڈنی بھجی جائیں گی جہاں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم ان کا جائزہ لے گی، جس کے بعد یہ ریکارڈ بک کے اگلے ایڈیشن میں شامل کرلیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔