Author: علی حسن

  • کراچی کنگزٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، نوابشاہ سے کھلاڑیوں کا انتخاب

    کراچی کنگزٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، نوابشاہ سے کھلاڑیوں کا انتخاب

    نواب شاہ : کراچی کنگز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے چوتھے مرحلے میں نواب شاہ سے کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا گیا، کوچز نے بہترین کھلاڑی منتخب کرلیے، اگلا مرحلہ سکھر میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق برائٹو پینٹس کراچی کنگز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سلسلے میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز جاری ہیں، اس سلسلے میں سندھ کا چوتھا فیز نواب شاہ میں مکمل ہوگیا۔ جس میں کوچز نے بہترین کھلاڑی منتخب کیے۔

    حیدرآباد اور میر پور خاص اورعمر کوٹ کے بعد نواب شاہ میں برائٹو پینٹس کراچی کنگز کی ٹیم باصلاحیت کھلاڑی کی کھوج کیلئے نواب شاہ پہنچی۔

    صبح سویرے سے ہی نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نواب شاہ کے بلاول اسٹیڈیم میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر  دکھانے کے لئے پہنچ گئی۔

    ٹرائلز کے دوران باصلاحیت کھلاڑیوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا، کھلاڑیوں نے کراچی کنگز کے ٹرائلز کو بے حد سراہا، اس موقع پر سلیکٹرز نے متعدد باصلاحیت کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ بھی کیا۔

    منتخب ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز نے ٹیلنٹ دکھانے کیلئے ہمیں بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔


    مزید پڑھیں: نئے ٹیلنٹ کی تلاش کراچی کنگز میرپورخاص پہنچ گئی


    واضح رہے کہ نواب شاہ کے بعد پانچویں مرحلے میں ٹرائلز چار دسمبر کو سکھر میں کے جنرل پی سی بی کرکٹ گراونڈ میں ہوں گے، جبکہ فائنل ٹرائل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 10 سے 13 دسمبر تک منعقد ہوں گے۔

  • برائیٹو کھلاڑی کی کھوج، کراچی کنگز کو طویل القامت باصلاحیت فاسٹ باؤلر مل گیا

    برائیٹو کھلاڑی کی کھوج، کراچی کنگز کو طویل القامت باصلاحیت فاسٹ باؤلر مل گیا

    میرپورخاص: کراچی کنگز نے برائیٹو پینٹس کھلاڑی کی کھوج کے تحت 6 فٹ چار انچ طویل القامت باؤلر تلاش کیا جو 80 کی اسپیڈ سے باؤلنگ کروانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برائٹو پینٹس کراچی کنگز کھلاڑی کی کھوج کا دوسرا ٹرائل کیمپ میرپور خاص میں لگایا گیا جس میں علاقے کے باصلاحیت کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

    کیمپ میں سولہ سے 23 سال کی عمر کے نوجوان کرکٹرز نے بیٹنگ اور بولنگ کا ٹیلنٹ دکھایا۔

    میرپور خاص میں لگائے جانے والے کیمپ میں کراچی کنگز نے 6 فٹ چار انچ طویل عاصم نامی ایسا باصلاحیت باؤلر تلاش کیا جو لمبے قد کے باوجود 80 میل فی گھنٹہ کی اسپیڈ سے گیند کروانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے منتخب ہونے والے کھلاڑی عاصم کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے انکل کے ساتھ بچپن سے ہی باؤلنگ کروانے کی پریکٹس کررہا ہوں تاکہ اچھا فاسٹ باؤلر بن سکوں‘۔

    عاصم کا کہنا ہے کہ وہ فاسٹ باؤلر محمد آصف کی طرح سے باصلاحیت باؤلر بن کر ٹیم کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔

    سلیکٹرز کا ماننا ہے کہ عاصم کا لمبا قد اُس کی باؤلنگ کے لیے کافی مددگار ہے اور یہ نوجوان محمد عرفان کے بعد دوسرا فاسٹ باؤلر بن کر ابھر سکتا ہے۔

    واضح ہے کہ کراچی کنگز کے بینر تلے برائیٹو پینٹس کے تحت کھلاڑیوں کی کھوج کے لیے مختلف علاقوں میں ٹرائل کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے، پہلے مرحلے میں کیمپ حیدرآباد اور پھر میرپور خاص میں لگایا گیا بعد ازاں یہ سندھ کے دیگر علاقوں عمر کوٹ، نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ، دادو میں بھی لگایا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی کنگز: حیدرآباد میں کھلاڑی کی کھوج کا پہلا مرحلہ مکمل

    کراچی کنگز: حیدرآباد میں کھلاڑی کی کھوج کا پہلا مرحلہ مکمل

    حیدرآباد : کراچی کنگز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سلسلے میں سندھ کا پہلا فیز حیدرآباد میں مکمل ہوگیا۔ کوچز نے بہترین کھلاڑی منتخب کرلیے،اگلا مرحلہ میرپورخاص میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کی سب سے مہنگی ٹیم کو کھلاڑیوں کی کھوج ہے، پاکستان کو مستقبل کے اسٹارز دینے کیلئے کراچی کنگز کی کوششیں جاری ہیں۔

    اس حوالے سے کراچی کنگز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت حیدر آباد میں کھلاڑی کی کھوج کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، حیدرآباد سے بہترین کرکٹرز کا انتخاب کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ علی حسن کے مطابق نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں ہونے والے ٹرائلز کے دوسرے روز بھی باصلاحیت کھلاڑیوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا، کوچز نے بھی کراچی کنگز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو اہم پلیٹ فارم قرار دے دیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ نیاز اسٹیڈیم کی رونقیں کراچی کنگز نے بحال کردیں، ایونٹ کے موقع پر کوچز فیصل اطہر اقبال امام شاہد قمبرانی کراچی کنگز کے آفیشلز نے اسٹریٹ کرکٹ کھیلتے ہوئے ہر طرف مسکراہٹیں بکھیر دیں۔


    مزید پڑھیں: کراچی کنگز کیلئے نیشنل اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز


    ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اگلا مرحلہ میرپورخاص میں منعقد ہوگا، مستقبل کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز نے ہمیں آگے بڑھنے کیلئے جو بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کوشش کریں گے۔

  • فیفا کی پاکستان پر پابندی  خوش آئند ہے، کپتان قومی فٹبال ٹیم

    فیفا کی پاکستان پر پابندی خوش آئند ہے، کپتان قومی فٹبال ٹیم

    لاہور: قومی فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ نے کہا ہے کہ فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر عائد کی جانے والی پابندی خوش آئند ہے کیونکہ اس سے بورڈ میں بہتری آسکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے اعلامیہ سامنے آیا جس میں انتظامیہ نے فٹبال میں حکومتی مداخلت کو دیکھتے ہوئے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر دو سال کی پابندی عائد کی۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں فٹبال کا کنٹرول تسلیم شدہ باڈی کے پاس نہیں ہے اور جب تک فٹبال کے تمام معاملات متعلقہ ادارے کو نہیں دیے جائیں گے تب تک فٹبال فیڈریشن کی رکنیت بحال نہیں کی جائے گی۔

    قومی فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ جو اس وقت لندن میں مقیم ہیں انہوں نے اے آر وائی کو ایک ویڈیو پیغام ارسال کیا جس میں انہوں نے فیفا کی پابندی کے اقدام کو سراہا اور حکومتی پالیسی پر تنقید کی۔

    پڑھیں: فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی

    کلیم اللہ نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے مین اور ویمن فٹبال ٹیمز نے عالمی سطح پر کوئی میچ نہیں کھیلا، فیفا کی پابندی کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن کی دوبارہ تشکیل ہوگی جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

    صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن

    فیفا کی جانب سے پابندی کا اعلان سامنے آنے کے بعد صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فٹبال کے کھیل کی بربادی کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ رکنیت معطل ہونے پر دکھ ہوا۔

    فٹبال کی بربادی میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کا ہاتھ ہے، فیصل صالح حیات

    علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے رہنماء فیصل صالح حیات نے پاکستانی فیڈریشن کی معطلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فٹبال کی بربادی پر مریم نواز اور کپیٹن صفدر کو مبارک باد دیتا ہوں کیونکہ ان دونوں شخصیات کی ایما پر فیڈریشن کے دفتر پر قبضہ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز بھی فٹبال کی بربادی کے ذمہ دار ہیں، حکومت پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی کے بعد اپنے مشن میں کامیاب ہوگئی۔ فیصل صالح حیات نے طنزیہ انداز میں مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ  اگر کیپٹن صفدر کو پی ایف ایف سی کا صدر بنا دیا جائے تو معاملات بہتر ہوجائیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • شاہد آفریدی کا افغان کرکٹ لیگ کھیلنے کا فیصلہ

    شاہد آفریدی کا افغان کرکٹ لیگ کھیلنے کا فیصلہ

    کراچی: معروف کرکٹر شاہد آفریدی نے افغانستان کرکٹ لیگ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا، وہ جلد افغانستان روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز آل راونڈر شاہد خان آفریدی انگلش ٹی ٹوئنٹی سیزن سے فراغت کے بعد افغانستان کی ’’اسپاغیزا کرکٹ لیگ ‘‘میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق بوم بوم آفریدی نے اس ضمن میں سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔

    خیال رہے کہ 11 ستمبر سے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شروع ہونے والی اسپاغیزا کرکٹ لیگ میں 6 فرنچائز کی ٹیموں کے مابین مقابلے ہوں گے ، ہر ٹیم نے افغان کرکٹرز سمیت بین الاقوامی کرکٹرز کی بھی خدمات حاصل کی ہیں اور اسپنگار ٹائیگرز نے بطور بین الاقوامی کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔

    دوسری جانب یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی بھی شاہد آفریدی کے مداحوں میں شامل ہیں اور انھوں نے پسندیدہ کھلاڑی سے ملنے کے لیے رابطہ کیا ہے، اگر ممکنہ ملاقات ہوئی تو شاہد آفریدی دو طرفہ کرکٹ کی بحالی پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے بھی دو روز قبل شاہد آفریدی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور گفتگو کے دوران نجم سیٹھی نے 14 ستمبر کے پروگرام کے لیے آفریدی کو مدعو کیا ہے لیکن افغانستان لیگ میں ممکنہ شرکت کے باعث عارضی طور پر انھوں نے معذرت کرلی ہے۔

    یہ بات بھی پیش نظر رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان انگلش سیزن میں ہمشائر کاونٹی کلب کی نمائندگی کررہے ہیں اور ان کی ٹیم مایہ ناز آل راؤنڈر کی شاندار سنچری کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے۔

    شاہد آفریدی کچھ روز کراچی میں اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد دوبارہ برطانیہ روانہ ہوجائیں گے او ر اس مرتبہ عیدقرباں وہیں گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

  • غیرملکی ٹیموں کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، راشد لطیف

    غیرملکی ٹیموں کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، راشد لطیف

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر راشد لطیف نے ورلڈ الیون سمیت سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے دورے پاکستان خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تین ماہ قبل غیر ملکی ٹیموں کی پیش گوئی کرچکا تھا۔

     اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ میں تین ماہ قبل غیر ملکی ٹیموں کی آمد کے حوالے سے پیش گوئی کرچکا تھا، دو ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں تاہم ایک اور بڑی ٹیم کا اعلان ابھی باقی ہے۔

    ورلڈ الیون کی پاکستان آمد سے متعلق راشد لطیف نے کہا کہ انٹرنیشنل کھلاڑوں پر مشتمل ٹیم عالمی سطح پر کرکٹ کونسل کی نمائندگی کرتی ہے، ورلڈ الیون میں جو بھی کرکٹر ٹیم کا حصہ بنے گا اُس پر تنقید کے بجائے حوصلہ افزائی کرنا چاہے کیونکہ ماضی پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر غیر ملکی کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    سابق کپتان نے کہا کہ ٹیسٹ پلینگ نیشنز پر مشتمل ورلڈ الیون میں بدقسمتی سے کوئی بھی بھارتی کھلاڑی شامل نہیں ہوگا کیونکہ ممکن ہے مصروفیات کے باعث بھارتی کھلاڑی پاکستان آنے سے معذرت یا پھر عدم شرکت پر کوئی اور عذر پیش کردیں تاہم اگر بھارتی کھلاڑی پاکستان آئے تو بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کے دلدادہ اس بات کا ضرور نوٹس لیں گے۔

    پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچز کی تاریخیں جاری

    سری لنکن ٹیم پر حملے کے حوالے سے راشد لطیف کا کہنا تھا کہ 2009 کے بعد یہ سنہرا موقع ہے کہ تمام حالات اور واقعات کو بھلا کر سری لنکا کی ٹیم دوبارہ پاکستان آنے کو تیار ہے، اس ساری کاوش کے پیچھے پی سی بی کے موجودہ اور سابقہ چیئرمین کی محنت ہے۔

    سابق وکٹ کپیر نے کہا کہ اگر غیرملکی ٹیموں کا پاکستان میں قدم رکھنا پالیسی ہے تو یہ اقدام ملک و قوم کے لیے اچھا ثابت ہوگا، ٹی وی پر بیٹھ کر باتیں کرنے والوں سے صرف اتنا کہنا چاہوں گا کہ ماضی میں پی سی بی کی سربراہی کے لیے ایک کرکٹر کو منتخب کیا گیا مگر وہ اچھے چیئرمین ثابت نہیں ہوسکے۔

    راشد لطیف نے اپیل کی کہ کرکٹ کی واپسی کے معاملے میں ذاتی اختلافات کو بھول کر پی ایس ایل سمیت تمام ایونٹس کا کھل کر استقبال کیا جائے اور ہرقدم پر غیر ملکی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے۔

    ویڈیو دیکھیں


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • بال بوائے سے بین الاقوامی کھلاڑی کا سفر

    بال بوائے سے بین الاقوامی کھلاڑی کا سفر

    سرزمین پاکستان کئی نامور کھلاڑیوں کو جنم دے چکی ہے،باصلاحیت کھلاڑیوں میں ٹینس کے ریکارڈ ساز قومی چیمپیئن عقیل خان کا نام بھی شامل ہےجو سنگلز اور ڈبلز ایونٹ میں کئی میڈلز اور ٹرافیاں قومی اور بین الاقوامی سطح پر جیت چکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں عقیل خان نے بتایا کہ انھوں نے کیرئر کا آغاز بال بوائے بن کر کیا اور پھر اپنے والد کی کوچنگ میں زیرِ تربیت رہتے ہوئے آگے بڑھتے چلے گئے۔ ان کی بھی یہی خواہش رہی ہے کہ وہ دنیائے ٹینس کے گرینڈ سلم ایونٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں،لیکن مالی حالات مضبوط نہ ہونے کے باعث اور اسپانسر نہ ملنے کے سبب ان کا یہ خواب ابھی تک ادھورا ہے۔

    عقیل خان کہتے ہیں کہ اور دوسری فیلڈز کی طرح ٹینس کا بھی بے پناہ ٹیلنٹ پاکستان میں موجود ہے جو کہ حکومت کی بے توجہی کے باعث آگے بڑھ نہیں پارہا‘ ریٹائرمنٹ میں دو یا تین سال باقی ہیں دعا یہی ہے کہ گرینڈ سلم کھیلنے کا سنہرا موقع مل جائے۔

    عقیل خان نے انٹریو کے دوران اپنی زندگی کا یادگار واقعہ بتایا کہ نوے کی دہائی میں اسلام آباد سے کراچی آتے وقت ایک میجک بک جس کو کھولتے ہی کرنٹ لگتا ہے،سامان کی تلاشی کے دوران ایئرپورٹ پر کسٹم والوں نے پکڑ لی اور پھر ایک بڑا ایشو بنا دیا گیا، نوبت حوالات کی سیر کرنا پڑی۔ جب بھی واقعہ یاد آتا ہے تو ہنسی آجاتی ہے۔


    اژدھے کے پیٹ میں‌ پھنسی ٹینس بال منہ کے ذریعے باہر نکال لی گئی


     کئی ممالک سے عقیل خان کو کوچنگ کی آفرز بھی آچکی ہیں لیکن انھوں نے سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگا رکھا ہے کہ جینا مرنا اسی ملک کے لیے ہے اور اگر دوبارہ زندگی ملی تو ٹینس کھیلنے کو ہی ترجیح دیں گے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کراچی میں کوچنگ اکیڈمی قائم کرنے کے خواہشمند ہیں جہاں سے نکلا ٹیلنٹ دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم کو بلند کرسکے۔

    عقیل خان اب ڈیوس کپ گروپ ٹو کے فائنل کی تیاریاں میں مصروف ہوجائیں گے، پندرہ سے سترہ ستمبر تک تھائی لینڈ کے خلاف اہم مقابلے اسلام آباد میں شیڈول ہیں، ان کی دعا ہے کہ کیریئرکے اختتام سے قبل پاکستان ڈیوس کپ گروپ میں جگہ بنائے اور پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہ دیکھے۔

    گورنر سندھ سے پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ لیتے ہوئے

    ٹینس میں گراں قدر خدمات پر عقیل خان کو متعد د دیگر ایوارڈز کے ساتھ پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے ‘ تاہم ٹینس کے کھیل کو سپورٹ کرنے میں حکومتی سطح پر تاحال کوئی سنجیدگی نظر نہیں آرہی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • بلاول کاجونیئر ورلڈ اسنوکر چیمپیئن کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان

    بلاول کاجونیئر ورلڈ اسنوکر چیمپیئن کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوجوان کیوئسٹ نسیم اختر کو اعلی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔نسیم اختر کچھ دن قبل جونیئر ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر وطن لوٹے تھے۔

    نسیم اخترنےبیجنگ میں ہونے والی جونیئر ورلڈ اسنوکر چیمپیئن شپ جیتنے کے وطن واپسی پر وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے ایوارڈ میں تعلیمی اخراجات کیلئے اسکالر شپ کا مطالبہ کیا تھا۔

    پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر جاوید کریم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تعلیمی اخراجات کے طور پر اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا ہے، وہ بہت جلد جونیئر ورلڈ چیمپیئن سے ملاقات کریں گے۔

    جاوید کریم کے مطابق کھیل کے کے ساتھ علم سے آگاہی ہر کھلاڑی کے لیے ضروری ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر یہ بات ثابت کی جائے کہ عمدہ کھیل کے جوہر دکھانے والے کیوئسٹ اعلی تعلیم یافتہ بھی ہیں۔

    نسیم اختر کا تعلق ساہیوال کے محنت کش گھرانے سے ہے۔ اس خاندان کے باصلاحیت فرزند نے کبھی بھی محنت سے جی نہیں چرایا اور رواں سال کے آغاز میں بھارتی شہر چندی گڑھ میں ہونے والی ایشین جونیئر چیمپیئن شپ میں برانز میڈل جیتا اور اب وہ واحد پاکستانی کیوئسٹ ہیں جنھوں نے ورلڈ جونیئر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

    نسیم اختر کا کہنا ہے کہ وہ آبائی شہر میں اسنوکر کی عدم سہولیات کے باعث لاہور جا کر تیاری کرتے تھے جس کا صلہ مل رہا ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • پروفیشنل باکسنگ میں نمبر ون محمد وسیم کی ایک اور کامیابی

    پروفیشنل باکسنگ میں نمبر ون محمد وسیم کی ایک اور کامیابی

    پاناما: پاکستان کے پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے ایک اور کامیابی حاصل کرلی۔ محمد وسیم نے وسطی امریکی ملک پاناما کے باکسر کو دوسرے راﺅنڈ میں ناک آؤٹ کر کے عالمی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی باکسر محمد وسیم کا پاناما میں میزبان باکسر ایلیسر ویلڈیز سے ڈبلیو بی سی رینکنگ کے لیے مقابلہ ہوا۔

    فلائی ویٹ کیٹگری کے 8 راﺅنڈز پر مشتمل مقابلے کے آغاز سے ہی محمد وسیم نے مخالف کھلاڑی پر بھر پور وار کیے جس سے ان کے مقابل ایلیسر ویلڈیز دفاع کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔

    مزید پڑھیں: محمد وسیم کی رواں سال باکسنگ کے اہم معرکوں میں کامیابی

    محمد وسیم کے مسلسل اور بھرپور حملوں سے مخالف باکسر دوسرے ہی راﺅنڈ میں ناک آﺅٹ ہوگیا۔

    نوجوان قومی باکسر محمد وسیم پروفیشنل مقابلوں میں اب تک ناقابل شکست ہیں اور یہ ان کی مسلسل چھٹی کامیابی ہے۔

    گزشتہ ماہ ورلڈ باکسنگ کونسل کی فلائی ویٹ کیٹیگری کی عالمی رینکنگ میں محمد وسیم کو پہلے نمبر پر رکھا گیا تھا۔

    اس مقابلے میں فتح کے بعد محمد وسیم کی ڈبلیو بی سی رینکنگ مزید مستحکم ہوگئی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستانی باکسر ورلڈ ٹائٹل فائٹ کی تیاریوں میں مصروف

    پاکستانی باکسر ورلڈ ٹائٹل فائٹ کی تیاریوں میں مصروف

    پاناما: پاکستانی باکسر محمد وسیم پاناما میں ہونے والی ورلڈ ٹائٹل فائٹ کے لیے تیاریوں میں مشغول ہیں‘ بدھ کو پہلی وارم اپ فائٹ لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈبلیو بی سی سلور فلائی ویٹ کیٹیگری کے چیمپئین اور دنیائے باکسنگ میں فالکن کے نام سے مشہور پاکستان کے محمد وسیم پاناما میں ورلڈ ٹائٹل فائٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

    سابق امریکی باکسر اور کوچ جیف مے ویدر کی زیر نگرانی پاکستانی باکسر سخت محنت کررہےہیں۔ اس سلسلے میں وہ پہلی وارم اپ فائٹ بدھ کو پاناما کے ایلیشر والڈیز نامی باکسر سے لڑیں گے، والڈیز کو تیرہ باؤٹس کا تجربہ ہے۔ محمد وسیم کی دوسری فائٹ انتیس جولائی کو شیڈول کےمطابق ہوگی۔


    پاکستانی باکسر نے ڈبلیو بی سی سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیت لیا


     

    اے آر وائی نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو میں محمد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈ ٹائٹل فائٹ کی تیاریاں بھرپور انداز سے کررہے ہیں، اس دوران مقابلوں کے ذریعے خامیوں پر کام کرنے کا موقع ملے گا۔ محمد وسیم نے پروفیشنل باکسنگ میں قدم رکھتے ہی جنوبی کوریا کے بانٹم ویٹ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

    اب تک پانچ مقابلوں میں وہ ناقابل شکست ہیں اور حالیہ فائٹ میں انھوں نے فلپائن کے گیمل میگرامو کو زیر کرکے ڈبلیو بی سی سلور فلائٹ ویٹ بیلٹ کا دفاع کیا ہے۔

    ورلڈ باکسنگ کونسل کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق فلائی ویٹ کیٹیگری میں محمد وسیم نمبر ون باکسر بن چکے ہیں جس کے بعد ورلڈ ٹائٹل فائٹ کیلئے اُن کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ اب محمد وسیم جاپان کے ڈیاگو ہیگا سے مقابلہ کرسکیں گے۔

    واضح رہے پاکستانی باکسر محمد وسیم گزشتہ سال جولائی میں انٹرنیشنل پروفیشل سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیتا تھا۔ پاکستان کے مایہ ناز باکسر محمد وسیم نے فلپائن کےجیتھر اولیوا کو شکست دے کر انٹرنیشنل پروفیشنل سلور فلائی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

    فائٹ میں محمد وسیم اورفلپائنی باکسرمیں زوردار مکوں کاتبادلہ ہوا۔ بارہ راؤنڈز پر مشتمل مقابلےکےبعد محمد وسیم متفقہ طور پر کامیاب قرار پائے تھے۔ اس جیت کے ساتھ ہی محمد وسیم عالمی پروفیشنل باکسنگ کی رینکنگ میں چوتھے نمبر تھے تاہم اب وہ پہلے نمبر پر ہیں۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔