Author: علی حسن

  • ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رشتہ ازدواج میں منسلک

    ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رشتہ ازدواج میں منسلک

    لندن: سیف گیمز دوہزارسولہ میں پاکستان کا سر فخر سے گزرنے والے گولڈ میڈلسٹ ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عرفان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ہاکی لیگ کھیلنے کے لیے موجود اولمپیئن محمد عرفان نے برمنگھم میں نکاح کیا ہے، دلہن کا نام عائشہ شفیق ہے جو چارٹرڈ اکاؤنٹ کی تعلیم مکمل کررہی ہیں۔

    نکاح کی رسم کے موقع پر دلہا نے تھری پیس سوٹ پہنا ہوا ہے جبکہ گلابی رنگ کے لباس میں ملبوس دلہنانتہائی خوبصورت دکھائی دے رہی ہیں ۔

    محمد عرفان کا کہنا ہے وہ شادی کی دیگر رسومات رواں سال کے آخر میں پاکستان آکر ادا کرنے کے خواشمند ہیں‘ تاکہ دوست احباب اور رشتہ دار بھرپور طریقے سے شرکت کرسکیں۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگریہ خبر آپ کو پسند آئی ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • پاکستانی باکسرمحمد وسیم دنیا کے نمبرون باکسرزمیں شامل

    پاکستانی باکسرمحمد وسیم دنیا کے نمبرون باکسرزمیں شامل

    کراچی : پاکستان کے باکسر محمد وسیم دنیا کے نمبر ون باکسرز کی فہرست میں شامل ہوگئے، انہیں عالمی باکسنگ کونسل نے فلائی ویٹ کیٹیگری میں شامل کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ باکسنگ کونسل نے فلائی ویٹ کیٹیگری کی عالمی رینکنگ جاری کردی۔ رینکنگ کے مطابق پاکستان کے پروفیشنل باکسر محمد وسیم نمبر ون باکسرز میں شامل ہوگئے۔

    اس کے علاوہ محمد وسیم اب ورلڈ ٹاٹئل فائٹ کھیلنے کیلئے بھی اہل ہوگئے ہیں۔ پاکستانی باکسر ستمبر میں جاپان کے ڈائیگو ہیگا سے ورلڈ ٹائٹل فائٹ لڑیں گے۔

    عید الفطر کے بعد پانامہ میں محمد وسیم کی ٹریننگ کے ساتھ دو فائٹس بھی ہوں گی، پاکستانی پروفیشنل باکسر محمد وسیم ڈبلیو بی سی سلور فلائٹ ویٹ چیمپئین ہیں۔

    محمد وسیم کے کورین پروموٹر اینڈی کم کا کہنا ہے کہ محمد وسیم کافی محنتی اور نڈر باکسر ہے جو کسی کا سامنا کر نے سے کبھی گھبراتا نہیں ہے، واضح رہے کہ محمد وسیم اب تک ہونے والی پانچ فائٹس میں ناقابل شکست ہیں۔

  • چیمپئنز ٹرافی 2017: تیاریاں حتمی مراحل میں داخل

    چیمپئنز ٹرافی 2017: تیاریاں حتمی مراحل میں داخل

    لندن: اوول، برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراونڈ اور کارڈف کے صوفیا گارڈنز میں چیمپیئنز ٹرافی کے سلسلے میں تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔

    آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے آغاز میں وقت قریب تر ہے، یکم سے 18 جون تک  انگلینڈ میں ہونے والے میگا ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کی 8 بہترین ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی جبکہ دیگر ٹیمیں موجودہ چیمپیئن سے ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔

    ایونٹ کے گزشتہ ایڈیشن کے گزرے چار سال بیت چکے ہیں، اس دوران کئی نامور کرکٹرز ون ڈے فارمیٹ کو خیرباد کہہ چکےہیں اور اب ان کی جگہ کئی نئے اور نوجوان کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دینے لگے۔

    سری لنکا کے کمار سنگاکارا،مہیلا جے وردھنے، آسٹریلیا کے شین واٹسن اور پاکستان کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان، مصباح الحق اور آل راونڈر شاہد آفریدی کی میگا ایونٹ میں کمی کو پورا کرنا آسان نہیں ہوگا۔

    باوؤلرز کے لیے خطرے کی علامت سمجھے جانے والے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی جن کا نام سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں سرفہرست ہے تاہم بدقسمتی سے آئی سی سی رینکنگ کی ٹاپ آٹھ ٹیموں میں ویسٹ انڈیز کا نام کہیں شامل نہیں۔

    کامیاب باؤلرز کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے کائل ملز کا نام ضرور شامل ہے لیکن اب وہ اپنی ٹیم کا حصہ نہیں ان کی غیر موجودگی میں سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ مالنگا وکٹوں کی تعداد بڑھاتے ہوئے چیمپیئنز ٹرافی کے کامیاب ترین باؤلربن سکتے ہیں کیونکہ چیمپئن ٹرافی میں ملز نے اب تک سب سے زیادہ 28 وکٹیں لے رکھی ہیں اور مالنگا کو اعزاز حاصل کرنے میں صرف 7 وکٹیں درکار ہیں۔

    اب کچھ بات کرلیتےہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی جو اب وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی قیادت میں بلند حوصلے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

    اگرچہ گرین شرٹس کے پاس زیادہ تر ایسے کھلاڑی ہیں جو چیمپیئنز ٹرافی کو بطور ڈیبیو ایونٹ کھیلیں گے تاہم شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، عمر اکمل اور محمد عامر تجربہ کار کھلاڑی بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

    کرکٹ شائقین کو انتظار کرنے پڑے گا کہ ایونٹ میں کون سا باؤلر کامیاب رہے گا اور کس کا کڑا امتحان ہوگا کیونکہ اس بار چیمپئنز ٹرافی کے لیے باؤنسی اور تیز وکٹیں بنائی جارہی ہیں۔

  • کراچی : نیشنل اسٹیڈیم کا اسکور بورڈ تزئین و آرائش کا منتظر

    کراچی : نیشنل اسٹیڈیم کا اسکور بورڈ تزئین و آرائش کا منتظر

    کراچی: موسمی حالات کا سامنا کرتے کرتے نیشنل اسٹیڈیم کے اسکورنگ بورڈ کی شکل و صورت بھی بدل گئی اور بورڈ کے کنارے ٹوٹ گئے جبکہ زنگ کے داغوں سے مزین اسکور کے ہندسے ابھی بھی سجتے چلے آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ ٹیموں کی آمد کا سلسلہ بند ہوتے ہی ملک کے اسٹیڈیم بھی اجڑنے لگے، کراچی میں واقع نیشنل اسٹیڈیم کا اسکور بورڈ کے کارڈز پر زنگ لگ گیا جبکہ بورڈ کے کنارے بھی ٹوٹنے لگے۔

    انتظامیہ کے مطابق اسٹیڈیم میں مرمت اور خستہ حال چیزوں کی تبدیلی کا کام بہت جلد شروع ہونے والا ہے تاہم کچھ چیزیں ایسی بھی ہیں کہ جنہیں توجہ کی فوری ضروت ہے۔

    بین الاقوامی سطح پر ہونے والے کرکٹ کے مقابلے ہوں یا پھر ڈومیسٹک سیزن کے مقابلے، لوہے سے تیارہ کردہ یہ اسکورنگ بورڈ گزشتہ پندرہ سالوں سے کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کیلئے زیراستعمال ہیں تاہم ڈومیسٹک کے بڑے ٹورنامنٹس کی وجہ سے سے کبھی کبھار ان کی مرمت کی جاتی ہے جس سے ان کو نئی زندگی مل جاتی ہے۔

     واضح رہے سال دوہزار نو میں آخری مرتبہ بین الاقوامی کرکٹ میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا تھا، دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلے میچ ڈرا رہا جبکہ ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو کامیابی ملی تھی، تمام میچز میں اس اسکورنگ بورڈ کا بھی کردار رہا تھا۔

    نیشنل اسٹیڈیم میں نصب اسکورنگ بورڈ کو بھی اپنی مرمت کا بے صبری سے انتظار ہے کہ کب کوئی بڑا مقابلہ ہو اور اس کی بگڑی ہوئی شکل و صورت  کو دوبارہ سنوارا جا سکے ساتھ ہی بورڈ اس بات کا بھی منتظر ہے کہ کوئی غیر ملکی ٹیم نیشنل اسٹیڈیم میں قدم رکھے اور اس مینوئل بورڈ پر ہندسے دوبارہ سجائے جاسکیں۔

  • آرنلڈ کلاسک چیمپیئن عاطف انور کا آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان

    آرنلڈ کلاسک چیمپیئن عاطف انور کا آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان

    میلبورن: آرنلڈ کلاسک چیمپیئن شپ کے فاتح عاطف انور نے بعد از مرگ اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان کردیا‘ یہ اعلان انہوں کراچی آمد کے موقعہ پر کیا۔

    عاطف آسٹریلیا کے شہری ضرور ہوگئے ہیں لیکن پاکستان سے ان کی محبت کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔ چند روز قبل عاطف انوراپنے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی آئے تھے اسی دوران انہوں نے اے آر وائی نیوزسے خصوصی بات چیت کی۔


    کون ہیں یہ عاطف انور؟

    آسٹریلیا کی سرزمین پر پہلی مرتبہ آرنلڈ کلاسک چیمپئین شپ کا انعقاد ہوا جس میں باڈی بلڈنگ سمیت مختلف کیٹگری میں کانٹے کے مقابلے ہوئے۔

    18 مارچ 2015ء  میلبرن کا مقامی ایرینا حاضرین اور ایتھلیٹس سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، 28 ممالک کے بہترین تن سازوں کے درمیان 100 کلوگرام سے زائد کیٹیگری میں ایک تن ساز اکیلا کھڑا تھا جس کی پہچان پاکستان اور نام عاطف انور ہے۔

    مضبوط مسل کے حامل پاکستانی باڈی بلڈر کا ہمیشہ سے خواب تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن ہوجائے، ساتھ ہی اپنے آئیڈئیل آرنلڈ شوارزنیگر سے ملنا بھی تھا کہ جس کی تصاویراورباڈی بلڈنگ کی ویڈیوز دیکھ کرحوصلہ اورجوش بڑھ جاتا تھا۔

    تالیوں کا جب شور تھما تو عاطف انور میلبرن کے مقامی ایرینا میں نم آنکھوں اورگلے میں چیمپیئن میڈل پہنے ہوئے تھے۔ یہ ناقابل یقین منظر تھا جب دنیائے باڈی بلڈنگ کے نامور باڈی بلڈر اور 7 مرتبہ کے مسٹر اولمپیا آرنلڈ شوارزنگر نے عاطف انور کا ہاتھ تھام کر انھیں خراج تحسین پیش کیا۔

    وہ لمحہ عاطف انور کے لیے کسی خواب کی تعبیر سے کم نہیں تھا،خوشی کا ٹھکانہ اس وقت اورعروج پر پہنچ گیا جب آرنلڈ کلاسک کے بانی آرنلڈ شوارزینگر نے اسٹیج پر آکرعاطف انورکو چیمپیئن کے اعزازسے نوازا۔

    سابق مسٹر پاکستان اورمسٹریونیورس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے واحد باڈی بلڈر عاطف انور 2011ء میں آسٹریلیا چلے گئے تھے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے ڈَروِن شہر میں میونسپل کونسل کے لیے پارکنگ انسپکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں اور رات کے وقت نائٹ کلب میں باؤنسر بن کر کام کرتے رہے۔

    18 گھنٹے مسلسل دو نوکریاں کرنے کے باوجود عاطف انور نے بھاری وزن اٹھاتے ہوئے انتھک محنت کو جاری رکھا اورخواب کو حقیقت کا روپ دے دیا۔

    آف سیزن میں عاطف انور د بھر میں آٹھ مرتبہ کھانے کے ساتھ فوڈ سپلیمنٹ استعمال کرتے اور مقابلے کی تیاری کے دوران ان کی مزید ڈائٹ بڑھ جاتی تھی۔

    آرنلڈ کلاسک آسٹریلیا جیتنے کے بعد اب وہ دہری شہریت کے حامل ہیں، 36 سال کے عاطف انورکو انٹرنیشنل فیڈریشن آف باڈی بلڈنگ کا پرو کارڈ بھی مل چکا ہے۔ وہ اب کوالیفائیڈ ٹرینر بھی بن چکے ہیں اور ان کا اگلا ہدف مسٹر اولمپیا کا ٹائٹل جیتنا ہے جو کہ ہر تن ساز کےلیے کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

    پارکنگ انسپکٹر اور باڈی بلڈنگ کی وجہ سے انھیں ’’دی پارکینیٹر‘‘ کا خطاب دیا گیا ہے ۔


    کراچی پہنچنے کے بعد اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ بعد از مرگ اپنی آنکھیں کسی ضرورت مند کوعطیہ کردیں گے۔

    چیمپئن شپ جیتنے پر حکومت نے کوئی حوصلہ افزائی نہ کی

    ساتھ ہی عاطف نے مایوسی کا اظہارکیا اور کہا کہ آرنلڈ کلاسک چیمپین شپ جیتنے کے بعد انھیں حکومت کی  جانب سے نہ حوصلہ افزائی دی گئی اور نہ مبارک باد کے لیے کسی حکومتی شخصیت کا فون آیا۔

  • مسٹر پاکستان کا ٹائٹل کراچی کے شکیب علی نے جیت لیا

    مسٹر پاکستان کا ٹائٹل کراچی کے شکیب علی نے جیت لیا

    کراچی : مسل مینیا مسٹر پاکستان چیمپیئن شپ کراچی کے شکیب علی نے جیت لی ہے۔ جونیئر ٹائٹل سرفراز خان کے نام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان بھر کے بہترین تن سازوں کے درمیان مسل مینیا مسٹر پاکستان کا مقابلہ منعقد ہوا، اس موقع پر تن سازوں نے اپنے مضبوط مسل دکھائے، تو کوئی اپنے سکس پیکس دکھاتا دکھائی دیا۔ ہر تن ساز کی خواہش تھی کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرے اور ٹائٹل جیتے۔

    مقابلے میں مسٹر یونیورس سلمان احمد نے بھی پوزنگ کے جوہر دکھائے، کانٹے دار مقابلے کے بعد کراچی کے شکیب علی مسل مینیا مسٹر پاکستان کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔

    اس موقع پر اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شکیب علی نے کہا کہ میری کامیابی میں میرے ٹرینر اور میرے گھر والوں کا کا اہم کردار ہے، جنہوں نے میری بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

    انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں بھی لوگوں میں بہت آگاہی آتی جارہی ہے جو بہت خوش آئند بات ہے اور اسی وجہ سے کراچی اور دیگر شہروں میں باڈی بلڈنگ کے بڑے مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں۔

    مقابلے میں کامیاب ہونے والے دیگر باڈی بلڈرز کی یہی خواہش ہے کہ اب وہ عالمی سطح پر اپنے ملک کانام روشن کریں گے۔

  • بھارتی ہٹ دھرمی، پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے دینے سے انکار

    بھارتی ہٹ دھرمی، پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے دینے سے انکار

    چنئی :  ایشین اسکواش چیمپیئن شپ کے لیے پاکستان ٹیم کو بھارت کا ویزہ نہ مل سکا جس کے باعث میگا ایونٹ سے قومی ٹیم باہر ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسکواش ٹیم کے چار کھلاڑیوں فرحان محبوب، فرحان زمان، طیب اسلم اور وقار محبوب نے آج صبح اسلام آباد سے چنئی کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن بھارتی ویزہ نہ ملنے کے سبب ٹیم اب شرکت سے محروم ہوگئی ہے۔

    پاکستان اسکواش فیڈریشن کے آفیشل کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن نے سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے کا بہانا بنا کر ویزہ جاری کرنے سے معذرت ظاہر کردی ہے جب کہ آج پاکستانی ٹیم کو چنئی پہنچنا ضروری تھا لیکن بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    پاکستان اسکواش فیڈریشن ک اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزہ فراہم کرنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کرنے کے معاملے کو ورلڈ اسکواش فیڈریشن  اور ساتھ ہی ایشیائی سطح پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔

    واضح رہے بھارتی شہر چنئی میں چھبیس اپریل سے ایشین اسکواش چیمپیئن شپ شروع ہورہی ہے جس میں تمام ایشیائی ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور صرف پاکستان کو اس ایونٹ سے دور رکھا گیا ہے۔

  • کراچی کنگز پی ایس ایل کی مضبوط ٹیم ہے، بابر اعظم

    کراچی کنگز پی ایس ایل کی مضبوط ٹیم ہے، بابر اعظم

    کراچی: کراچی کنگز کے بیٹسمین بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم پی ایس ایل کی سب سے مضبوط ٹیم ہے کیونکہ اس میں تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، دوسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز نے موقع دیا ہے تو میں بھی مداحوں کی امید پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ائیرپورٹ پر دبئی راونگی سے قبل نمائندہ اے آر وائی علی حسن کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ بابر اعظم نے کراچی کنگز کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ایڈیشن میں ان فٹ ہونے کے باعث اچھی کارکردگی نہیں رہی مگر کراچی کنگز نے موقع دیا تو اپنی پرفارمنس سے اچھے نتائج دینے کی کوشش کروں گا۔

    ’’ کراچی کنگز کا حصہ بننے پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے بہت کافی خوشی ہے کیونکہ اس ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں جن کے ساتھ کھیلنے میں نہ صرف مزہ آئے گا بلکہ بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملے گا‘‘۔

    baber-2

    پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی پوزیشن پر بابر اعظم نے کہا کہ ہماری ٹیم دیگر کے مقابلے میں بہت مضبوط ہے کیونکہ ایسے سنیئر کھلاڑی ہماری ٹیم کا حصہ ہیں جنہوں نے کرکٹ کی تاریخ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہماری ٹیم نہ صرف فائنل تک پہنچے گی بلکہ ہم ٹرافی بھی جیتیں گے۔

    baber-3

    یاد رہے کہ بابراعظم پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے لیکن ان فٹ ہونے کی وجہ سے زیادہ میچز کھیلنے سے محروم رہے تاہم دوسرے ایڈیشن میں وہ کراچی کنگز کے اہم رکن بن کر سامنے آرہے ہیں۔

    baber-1

    واضح رہے بابر اعظم نے سال دوہزار  پندرہ سے ون ڈے ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 23 میچز میں برق رفتاری سے ایک ہزار ایک سو اڑسٹھ رنز بنائے جن میں چار سنچریاں اور چھ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

    baber-4

    کراچی کنگز کا حصہ بننے والے کھلاڑی بابر اعظم نے یواے ای سیریز میں ویسٹ انڈیز کیخلاف لگاتار تین سنچریاں اسکور کی تھیں اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بابر اعظم کی کارکردگی قوم کی توجہ کا مرکز  رہی تھی علاوہ ازیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں وہ چار میچز کھیلتے ہوئے ایک نصف سنچری کیساتھ کُل ایک سو سولہ رنز بناچکے ہیں۔