Author: علی حسن

  • ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

    ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ کیلیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

    ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ یکم مئی سے 8 مئی 2024 تک ابوظہبی میں منعقد ہوگی۔ چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی سرفہرست پاکستانی کھلاڑی کریں گے۔

    پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ 2024 کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں ٹیم کے سینئر کیٹیگری محمد عمار، اسرا وسیم اور کائنات عارف کے علاوہ جونیئر اتھلیٹس انڈر 18 محمد یوسف علی اور عمر یاسین جبکہ حماد بلوشی انڈر 16 کی کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    اس کے علاوہ دلاور خان سنان اور ابوہریرہ ایشین ریفری سیمینار اور امتحان میں شرکت کریں گے۔ پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری طارق علی قومی ٹیم کے سربراہ ہوں گے اور جوجٹسو ایشین یونین کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے صدر نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، جیساکہ تھائی لینڈ میں ہونے والی 2023 ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے جونیئر کھلاڑیوں کے لیے بھرپور مواقع فراہم کرنے اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے بہترین ممکنہ تیاری کو یقینی بنانے کے لیے فیڈریشن کے عزم پر بھی زور دیا۔

  • بسمہ معروف کا انٹرنیشنل کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان

    بسمہ معروف کا انٹرنیشنل کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ میں نے اس کھیل سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے جس سے مجھے سب سے زیادہ پیار ہے۔ یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے، جو چیلنجوں، فتوحات اور ناقابل فراموش یادوں سے بھرا ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جنہوں نے شروع سے لے کر اب تک میرے پورے کرکٹ سفر میں میرا ساتھ دیا، میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا۔

    ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان ویمنز ٹیم کی مایوس کن کارکردگی، چیئرمین پی سی بی کا سخت فیصلہ

    انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی طرف سے تعاون انمول رہا ہے خاص طور پر میرے لیے پہلی بار پیرنٹل پالیسی کو نافذ کرنے میں، جس نے مجھے ماں ہوتے ہوئے اپنے ملک کی اعلیٰ سطح پر نمائندگی کرنے کے قابل بنایا۔

    بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ میں ان مداحوں کی تہہ دل سے مشکور ہوں جن کی غیر متزلزل حمایت میرے پورے کیریئر میں حاصل رہی۔ جہاں بھی اور جب بھی میں نے اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے انہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ آخر میں، میں اپنی ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جو میرے لیے خاندان کی طرح بن گئے ہیں، ہم نے میدان کے اندر اور باہر جس دوستی کا مظاہرہ کیا ہے وہ ایسی چیز ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گی۔

    خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ ہم سب پاکستان خواتین کرکٹ میں بسمہ کی بے پناہ خدمات کے معترف ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہم بسمہ کے عزم اور ٹیم اور ملک کے لیے گراں قدر خدمات کے لیے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، میں بسمہ کی مستقبل کی کوششوں میں نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں اور دعا ہے کہ ان کا آگے کا سفر اتنا ہی فائدہ مند اور بھرپور ہو جتنا ان کا کرکٹ کریئر رہا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی بائیں ہاتھ کی بیٹر بسمہ معروف نے اپنا ون ڈے ڈیبیو 2006 میں انڈیا کے خلاف کیا تھا اور 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے 276 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جو کسی بھی پاکستانی خاتون کرکٹر کی جانب سے سب سے زیادہ میچز ہیں۔

    بسمہ معروف نے 6ہزار 226 بین الاقوامی رنز بنائے ہیں جن میں 33 نصف سنچریاں شامل ہیں اور دائیں ہاتھ کی لیگ اسپن سے 80 بین الاقوامی وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

    اپنے شاندار کریئر کے دوران، بسمہ خواتین کی اس ٹیم کا حصہ تھیں جس نے 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں دو بار گولڈ میڈل جیتا تھا۔

    بسمہ معروف نے 96 بین الاقوامی میچوں میں ٹیم کی کپتانی بھی کی، انہوں نے آئی سی سی ویمنز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے چار ایڈیشنز (2009، 2013، 2017 اور 2022) میں پاکستان کی نمائندگی کی، نیوزی لینڈ میں 2022 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے ٹیم کی قیادت بھی کی۔

    ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بسمہ معروف نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آٹھ ایڈیشنز (2009, 2010, 2012, 2014, 2016, 2018, 2020, اور 2023) میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 2020 اور 2023 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے عالمی مقابلوں میں وہ ٹیم کی کپتان تھیں۔

  • انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    کراچی: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان میں متوازی ہاکی فیڈریشن کے معاملے کا نوٹس لے لیا، اور دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے انٹرنیشنل باڈی کے صدر کو پاکستان میں ہاکی سے متعلق تشویش ناک حالات سے آگاہی کا خط لکھا تھا۔

    خط پر ایف آئی ایچ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں دھڑوں کو 25 اپریل تک اپنا مؤقف اور ثبوت جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے، سینئر ڈائریکٹر جان ویٹ نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام کو پاکستان سے تعلق ہونے کی بنیاد پر اس معاملے میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی ایچ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر احسن حل نکالنے کی بھی درخواست کرے گی، کیوں کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرتے رہیں۔‘‘

    قبل ازیں، سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے خط میں انٹرنیشنل باڈی سے درخواست کی تھی کہ وہ آئی او سی اسپورٹس گورننس چارٹر پر عمل پیرا ہو کر پی ایچ ایف کا ساتھ دے، آئی او سی، ایف آئی ایچ اور پی ایچ ایف کے آئین میں متوازی تنظیم کی گنجائش نہیں ہے۔

    خط میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی ایچ کو اس معاملے پر با رہا مطلع کیا گیا کہ کچھ عناصر متوازی تنظیم سازی میں ملوث ہیں، جب کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اسپورٹس فیڈریشنز کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا لیٹر بھی ریکارڈ پر موجود ہے، اور انٹر پراونشل کوآرڈینیشن (آئی پی سی) کی وزارت نے آئی او سی کو اسپورٹس فیڈریشنز معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لکھا کہ نا مناسب حالات کے باوجود انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کو یقینی بنایا گیا، 2018 پرو لیگ میں شرکت نہ کرنے کا خمیازہ پاکستان ہاکی کو تنزلی کی صورت میں بھگتنا پڑا تھا، پی ایچ ایف کی بھرپور کوشش ہے کہ انٹرنیشنل رینکنگ کو بہتر بنایا جائے۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایف آئی ایچ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ یکجہتی کرے۔

  • ماہ رمضان : کراچی کی لڑکیوں میں نائٹ کرکٹ کھیلنے کا جنون

    ماہ رمضان : کراچی کی لڑکیوں میں نائٹ کرکٹ کھیلنے کا جنون

    کراچی : ماہ رمضان میں شہر قائد کی سڑکوں اور محلّوں میں اکثر رات کے اوقات میں نوجوانوں کی ٹولیاں کرکٹ کھیلتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں۔

    وقت گزرنے کے سارتھ ساتھ نائٹ کرکٹ کا جنون صرف میں ہی نہیں لڑکیوں میں بھی پایا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اب لڑکیوں نے بھی ماہ رمضان میں مکمل تیاری کے ساتھ نائٹ کرکٹ کھیلنا شروع کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی حسن کی رپورٹ کے مطابق مقامی تنظیم کی جانب سے کراچی میں رمضان ویمنز نائٹ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں لڑکیوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔

    تنظیم کی عہدیدار حدیل عبید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس ایونٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور فیملیز لڑکیوں کو بہت سپورٹ کررہی ہیں۔

    اے آر وائےی نیوز سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تو ٹیپ بال سے آغاز کیا ہے امید ہے ہارڈ بال سے بھی رمضان کے ایونٹ کرائیں گے۔

  • پاک آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے شیڈول کا اعلان

    پاک آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے شیڈول کا اعلان

    کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف اپنی سر زمین پر کھیلی جانے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم رواں سال آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں تین ایک روزہ اور اتنے ہی میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔

    کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے مجوزہ دورے کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق پہلے ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔

    جاری شیڈول کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 4 نومبر کو میلبرن  میں ہوگا۔ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ اور 10 نومبر کو پرتھ میں دونوں ٹیمیں ٹکرائیں گی۔

    ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 14 نومبر سے ہوگا اور پہلا میچ گابا میں کھیلا جائے گا۔ 16 نومبر کو دوسرے میچ کی میزبانی سڈنی کرے گا جب کہ 18 نومبر کو ہوبارٹ میں تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں کینگروز اور شاہین ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔

    اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہاکلے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں زبردست مقابلے ہونے جا رہے ہیں۔ ورلڈ چیمپئنز کیخلاف پاکستان کا ٹکراؤ شائقین کیلیے ایک یادگار ایونٹ رہے گا

    قومی کرکٹرز آج سے کاکول میں فزیکل ٹریننگ کا آغاز کریں گے

    ان کا کہنا تھا کہ وائٹ بال کرکٹ سیریز کے ٹکٹ 4 جون سے آن لائن دستیاب ہوں گے۔

  • ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا اعلان

    ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا اعلان

    ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 25-2022 کے سلسلے میں پاکستان میں آخری سیریز ہوگی۔

    دورے میں پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے شامل ہے، ون ڈے میچز 18، 21 اور 23 اپریل کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔

    ٹی ٹوئنٹی میچز 26، 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کو شیڈول ہیں، ون ڈے انٹرنیشنل میچ شام ساڑھے تین بجے شروع ہونگے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچ کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا۔

    پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر ہے، پاکستان نے 18 میچوں میں 16 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا  2021 کے بعد  دوسرا دورۂ پاکستان ہوگا۔

  • میری پرفارمنس جب آئے گی تو ٹیم کو اور فائدہ ہوگا: شان مسعود

    میری پرفارمنس جب آئے گی تو ٹیم کو اور فائدہ ہوگا: شان مسعود

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ جب میری پرفارمنس آئے گی تو ٹیم کو اور فائدہ ہوگا۔

    کراچی کنگزکے کپتان شان مسعود نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی میں کھیلنے کے لیے کافی پرجوش ہیں، اچھی ٹیم وہ ہوتی ہے جو اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہے اور ہماری ٹیم نے بہت کچھ سیکھا ہے اور سب نے پرفارم کیا ہے۔

    کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ مجھے اچھا آغاز مل رہا ہے لیکن میں اس کو آگے نہیں بڑھا پارہا، جب میری پرفارمنس آئے گی تو ٹیم کو اور بھی فائدہ ہوگا۔

    شان مسعود نے کہا کہ نواز کی جتنی صلاحیت ہے اس نے ویسا پرفارم نہیں کیا،عرفات منہاس اچھا کھلاڑی ہے جہاں ان کی ضرورت ہوگی ہم کھلائیں گے۔

    شان مسعود نے مزید کہا کہ ٹکٹ کا اپنی فیملی کو بھی منع کردیا ہے، پی ایس ایل میں سب کھلاڑی ٹکٹ کی وجہ سے پریشان ہوتے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کنگز پی ایس ایل سیزن 9 کی پوائنٹس ٹیبل میں تین میچوں میں دو فتوحات کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ کل بدھ کو کراچی کی نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

  • پی ایس ایل سیزن 9 میں امتیاز سپر مارکیٹ کراچی کنگز کی پلاٹینیم پارٹنر برقرار

    پی ایس ایل سیزن 9 میں امتیاز سپر مارکیٹ کراچی کنگز کی پلاٹینیم پارٹنر برقرار

    کراچی: پی ایس ایل سیزن 9 کے لیے امتیاز سپر مارکیٹ کراچی کنگز کی پلاٹینیم پارٹنر برقرار ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل سیزن 9 میں بھی امتیاز سپر مارکیٹ نے پلاٹینیم پارٹنر اسپانسر شپ کو برقرار رکھتے ہوئے کراچی کنگز کا حوصلہ بڑھا دیا ہے۔

    معاہدے کی تقریب میں امتیاز سپر مارکیٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاشف امتیاز نے شرکت کی۔

    اے آر وائی گروپ ڈائریکٹر محبوب عبدالرؤف اور کاشف امتیاز نے معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے سات سالہ شراکت داری کو اٹوٹ بندھن میں باندھ دیا ہے۔

    اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاشف امتیاز نے کہا کہ کراچی کنگز کو وہ رواں سیزن میں کامیاب ہوتا دیکھ رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری سے ہوگا اور 17 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

    پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں میچ لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کے میچز کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے۔

    افتتاحی میچ قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہو گا جبکہ ایونٹ کا فائنل کراچی میں ہوگا۔

  • کراچی میراتھن ریس کا آغاز ہوگیا

    کراچی میراتھن ریس کا آغاز ہوگیا

    کراچی: شہر قائد کی تاریخ کی پہلی میراتھن کا آغاز ہوگیا ہے جس میں پہلی بار بین الاقوامی معیار کی 42.2 کلو میٹر دوڑ شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن سے منظور شدہ پہلی کراچی میراتھن ریس کا انعقاد ہوگیا، میراتھن کا سی ویو کلفٹن کے ساحل پر نشان پاکستان سے آغاز اور اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگی۔

    میراتھن کے 3 ایونٹس میں ہاف میراتھن، 4 رکنی ٹیم مقابلہ اور 5 کلو میٹر کی دوڑ شامل ہے، میراتھن ریس کے شرکا میں کامیاب ہونے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔

    اس دورانن کراچی میراتھن آرگنائزر شعیب نظامی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میراتھن ریس پہلی بار کراچی میں اتنی بڑی سطح پر کروائی جارہی ہے، سیکیورٹی اداروں اور سندھ حکومت کے مشکور ہیں۔

    شعیب نظامی کا کہنا تھا کہ ریس میں شریک ایتھلیٹس کے پاس چپ موجود ہیں جو ان کی پوزیشن بتائیں گے، 42 اور 21 کلو میٹر کی ریس کا انعقاد کیا ہے، دوسری ریس میں گروپس کی شکل میں ریس لگے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فیملیز کو بھی ریس میں دعوت دی ہے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو، اس ریس کی بدولت بین الاقوامی سطح پر رجسٹرڈ ہوجائیں گے جس کے بعد اگلے سال کراچی میں انٹرنیشنل سطح پر ریس کرواسکیں گے۔

  • کراچی سے تھر تک پہلی آف روڈ بائیک ریلی

    کراچی سے تھر تک پہلی آف روڈ بائیک ریلی

    کراچی: پاک فوج کے تعاون سے پہلی تھر آف روڈ بائیک ریلی یکم سے پانچ فروری تک منعقد کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق تھر آف روڈ بائیک ریلی میں بائیکرز کراچی سے تھر تک کا طویل سفر طے کریں گے، اس میگا ایونٹ کا مقصد صوبہ سندھ میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

    تھر آف روڈ بائیک ریلی کے انعقاد کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس میں نگراں صوبائی وزیر برائے سیاحت ارشد ولی محمد کا کہنا تھا کہ پہلی بار صوبہ سندھ میں بائیک ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے، یہ بائیک ریلی محکمہ سیاحت اور پاک فوج کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا ریلی میں تین ایونٹس ہوں گے، پہلی کلاس میں ہارلے ڈیوڈسن بائیکس کا گروپ حصہ لے گا، بقیہ دو گروپس میں مختلف پاور کی سی سی بائیکس کو رکھا گیا ہے۔

    ریلی کے لیے 55 کلومیٹر کا ٹریک تیار کیا گیا ہے، فاتح بائیکر کو ایک لاکھ 75 ہزار روپے کا انعام دیا جائے گا، صوبائی وزیر نے بتایا کہ اس وقت سندھ میں 200 سے زائد سیاحت کے مقامات ہیں، جن کو فروغ دینے کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا پورے پاکستان کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر کام کریں، سندھ میں سیاح بے خوف آ سکتے ہیں، نگراں وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوٹیوبرز اور وی لاگرز پاکستانی تہذیب و ثقافت میں بھی کافی دل چسپی رکھتے ہیں، یہ ان کے لیے بھی اچھا موقع ہے۔